پاکستان میں ایک اہم آئینی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں وفاقی آئینی عدالت نے کم عمر شادی اور مذہب کی تبدیلی سے متعلق ایک حساس کیس پر بڑا فیصلہ سنایا ہے۔
عدالت نے لاہور سے تعلق رکھنے والی مسیحی لڑکی ماریہ بی بی کے اسلام قبول کرنے اور بعد ازاں ایک مسلمان شہری شہریار سے نکاح کو قانونی طور پر درست قرار دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ماریہ بی بی نے نکاح سے پہلے باقاعدہ طور پر اسلام قبول کیا تھا، جس کی تصدیق موجود تھی، اس لیے یہ شادی قانون کے مطابق ہے۔
عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں واضح کیا کہ اگرچہ کم عمر شادی قانون کے تحت جرم ہو سکتی ہے اور اس پر سزا بھی دی جا سکتی ہے، لیکن ایسی شادی کو ختم یا کالعدم قرار نہیں دیا جا سکتا۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ چائلڈ میرج ایکٹ میں کم عمر شادی پر سزا کا ذکر تو موجود ہے، لیکن اس قانون میں ایسی شادیوں کو ختم کرنے یا منسوخ کرنے کی کوئی شق شامل نہیں ہے، اسی وجہ سے عدالت نے شادی کو برقرار رکھا۔
اس فیصلے کے بعد ملک میں کم عمر شادی اور مذہب تبدیلی سے متعلق قانونی اور سماجی بحث میں ایک نیا رخ پیدا ہو گیا ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

کم عمر شادی قابلِ سزا مگر منسوخ نہیں ہو سکتی
-

کراچی میں عید کے دنوں میں ٹریفک حادثات تباہ کن، 16 ہلاکتیں
کراچی میں عید کے تین دن ٹریفک حادثات کے باعث انتہائی افسوسناک ثابت ہوئے جہاں مختلف حادثات میں 16 شہری جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد رواں سال جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 246 تک پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا اور عید کے دنوں میں بھی سڑکیں محفوظ نہ رہ سکیں۔ گزشتہ روز ڈیفنس موڑ پر ایک تیز رفتار ٹینکر نے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہیوی ٹریفک شہریوں کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ رواں سال اب تک ٹینکرز، ٹرالرز اور ڈمپرز کی زد میں آکر 83 افراد جان سے جا چکے ہیں۔ سب سے زیادہ 37 ہلاکتیں ٹرالرز کے باعث ہوئیں جبکہ واٹر ٹینکرز نے 23 افراد کی جان لی۔
دیگر حادثات میں بسوں کی ٹکر سے 11، مزدا گاڑیوں سے 7 جبکہ ڈمپرز کی زد میں آکر 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات کی صورتحال انتہائی تشویشناک رہی ہے، اب تک 2 ہزار 500 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے کئی افراد مستقل معذوری کا شکار ہو گئے ہیں۔
شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہیوی ٹریفک کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔ -

قطر میں شکیرا کا کنسرٹ ملتوی، خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث بڑا فیصلہ
خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث قطر میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا کا کنسرٹ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
قطر کی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق یکم اپریل کو دوحہ میں ہونے والا یہ کنسرٹ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر مؤخر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث بڑے تفریحی پروگرامز کو عارضی طور پر روکنا ضروری ہو گیا ہے۔
دوسری جانب ابو ظہبی میں ہونے والا ایک میوزک فیسٹیول بھی ملتوی کر دیا گیا ہے جہاں شکیرا نے پرفارم کرنا تھا۔ منتظمین کے مطابق پہلے سے خریدے گئے ٹکٹس نئی تاریخ پر بھی قابلِ استعمال ہوں گے، جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
شکیرا، جو کولمبیا سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ اور پرفارمر ہیں، خلیج کے بڑے میوزک ایونٹس میں شرکت کیلئے شیڈول تھیں، تاہم خطے میں حالیہ کشیدگی کے باعث تفریحی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ -

ملائیشیا کا پاکستان کی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم، ایران امریکا مذاکرات کیلئے حمایت کا اعلان
کوالالمپور سے بڑی سفارتی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ایران اور امریکا کے درمیان پاکستان کی ثالثی کی پیشکش کو سراہا ہے۔
انور ابراہیم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر دوست رہنما تعمیری انداز میں آگے بڑھے ہیں، اور پاکستان کی مسلم دنیا میں ساکھ اور دونوں ممالک کے ساتھ تعلقات اسے ایک مؤثر ثالث بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سفارتکاری کیلئے ابھی بھی گنجائش موجود ہے اور واشنگٹن اور تہران کو چاہیے کہ وہ مثبت ردعمل دیں تاکہ مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکے۔
ملائیشین وزیراعظم نے ایران کے اپنی خودمختاری کے دفاع کے حق کی بھی حمایت کی، تاہم خبردار کیا کہ خلیجی خطے کے انفراسٹرکچر کو مزید اس تنازع میں گھسیٹنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی عوام کو ایسے فیصلوں کا بوجھ نہیں اٹھانا چاہیے جو کہیں اور کیے جائیں۔
انور ابراہیم کا مزید کہنا تھا کہ ملائیشیا خطے میں دیرپا امن کیلئے ہر سنجیدہ اور قابل اعتماد کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔ -

پیٹرول پمپس کی ہڑتال موخر، ڈیلرز کا عوامی سہولت کے پیش نظر بڑا فیصلہ
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں 26 تاریخ سے ہونے والی پیٹرول پمپس کی ہڑتال کا فیصلہ فی الحال موخر کر دیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان کے مطابق موجودہ ملکی صورتحال اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ابھی پیٹرول پمپس بند نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہڑتال کا اعلان واپس لے لیا گیا ہے، تاہم آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ ایسوسی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز اپنے مارجن میں اضافے کے مطالبے پر بدستور قائم ہیں کیونکہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث موجودہ مارجن پر کاروبار چلانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔
یاد رہے کہ ڈیلرز نے منافع میں اضافے کیلئے 26 تاریخ سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کے باعث ایندھن کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، تاہم اس فیصلے کو مؤخر کر کے وقتی طور پر عوام کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ -

سندھ میں جمعہ کو ورک فرام ہوم کا اعلان، اسکولوں سے متعلق فیصلہ صورتحال دیکھ کر ہوگا
صوبائی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر توانائی بچت اور ایندھن کے مؤثر استعمال کیلئے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ہر جمعہ کو ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سرکاری دفاتر بند رہیں گے اور ملازمین گھروں سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ شرجیل میمن نے نجی شعبے سے بھی اپیل کی ہے کہ جہاں ممکن ہو وہ بھی اس پالیسی کو اپنائیں تاکہ ٹریفک اور ایندھن کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے کفایت شعاری کے تحت ایک بڑی مثال قائم کرتے ہوئے تین ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سرکاری اخراجات میں کمی ہو سکے۔
اس کے علاوہ تقریباً 60 فیصد سرکاری گاڑیاں بند کر دی گئی ہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت نے توانائی بچت کیلئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا تو سندھ حکومت اس پر مکمل عمل کرے گی۔
تعلیمی اداروں کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ اسکولوں کو بند کرنے یا کھلا رکھنے کا فیصلہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا، فی الحال کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ -

مشرق وسطیٰ کشیدگی، فیڈرل بورڈ نے 4 ممالک میں میٹرک امتحانات ملتوی کر دیے
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے چار ممالک میں میٹرک (دہم جماعت) کے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کی سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ جن ممالک میں امتحانات ملتوی کیے گئے ہیں ان میں ایران، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ان ممالک میں میٹرک کے امتحانات 31 مارچ 2026 سے شروع ہونا تھے، تاہم موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث انہیں فی الحال روک دیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ کا کہنا ہے کہ نئی تاریخوں کا اعلان حالات بہتر ہونے پر کیا جائے گا اور طلبہ و والدین کو بروقت آگاہ کیا جائے گا، اس لیے کسی قسم کی پریشانی کی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے تحت میٹرک کے پہلے سالانہ امتحانات 2026 کا آغاز کل 26 مارچ سے ہوگا، جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پرائیویٹ طلبہ اپنی رول نمبر سلپس متعلقہ بورڈز کی ویب سائٹس سے حاصل کر سکتے ہیں۔ -

پاکستان انجینئرنگ کونسل کا فری لانس پروگرام، 5 ہزار انجینئرز کو عالمی مواقع دینے کا منصوبہ
پاکستان انجینئرنگ کونسل نے نوجوان انجینئرز کو خود مختار بنانے اور انہیں عالمی منڈی تک رسائی دینے کیلئے “گلوبل انجینئرنگ فری لانس انیشی ایٹو” کا آغاز کر دیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت ملک بھر سے 5 ہزار انجینئرز کو آن لائن تربیت دی جائے گی تاکہ وہ بین الاقوامی فری لانس پلیٹ فارمز پر کام حاصل کر سکیں۔ تربیت کے دوران شرکا کو نہ صرف کام کے مواقع تلاش کرنے بلکہ ایک مضبوط پورٹ فولیو بنانے اور پہلا فری لانس پروجیکٹ حاصل کرنے کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
یہ آن لائن کورس رواں سال اپریل کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوگا جس میں جدید تقاضوں کے مطابق مہارتیں سکھائی جائیں گی۔
چیئرمین پی ای سی وسیم نذیر کے مطابق انجینئرنگ کا شعبہ تیزی سے ڈیجیٹل اور ریموٹ ورک کی طرف بڑھ رہا ہے، اس لیے نوجوانوں کو اس تبدیلی کے مطابق تیار کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے شرکا کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ انہیں ان کی مہارت کے مطابق بہترین مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وسیم نذیر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف انجینئرز کو عالمی سطح پر روزگار کے مواقع ملیں گے بلکہ پاکستان کی انجینئرنگ خدمات کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا اور ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ -

علی ظفر کا ہتک عزت کیس، عدالت میں دلائل مکمل، سماعت کل تک ملتوی
لاہور کی سیشن عدالت میں گلوکار علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف دائر ہتک عزت کیس کی سماعت ہوئی جہاں فریقین نے اپنے حتمی دلائل مکمل کر لیے۔
ایڈیشنل سیشن جج آصف حیات نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد کارروائی کل تک ملتوی کر دی اور ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر دونوں فریقین تحریری دلائل بھی جمع کرا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ علی ظفر نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے جس میں ہرجانے کی درخواست بھی شامل ہے۔ -

ایران جنگ کے باعث عالمی توانائی بحران، فلپائن میں ایک سال کیلئے انرجی ایمرجنسی نافذ
ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے عالمی توانائی بحران نے دنیا بھر کے ممالک کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں فلپائن نے ملک میں ایک سال کیلئے قومی انرجی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے اعلان کیا کہ ملک کو توانائی کی فراہمی اور استحکام کے حوالے سے سنگین خطرات لاحق ہیں، جس کے پیش نظر فوری اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فلپائن نے بحران سے نمٹنے کیلئے روس سے ایک لاکھ ٹن خام تیل خریدنے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ توانائی کی قلت کو کم کیا جا سکے۔
دوسری جانب بھارت میں پٹرول اور گیس کی شدید قلت کے باعث پٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جبکہ کمبوڈیا میں بھی شہریوں کو اسی صورتحال کا سامنا ہے۔
بنگلہ دیش میں جیٹ فیول کی قیمت میں 79 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے اور مارچ کے مہینے میں دوسری مرتبہ قیمتیں بڑھائی گئی ہیں۔
ادھر جنوبی کوریا نے توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے 16 ارب ڈالر کے خصوصی بجٹ کا اعلان کیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ میں ایندھن کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر مشرق وسطیٰ کی صورتحال مزید بگڑی تو عالمی توانائی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے اثرات معیشت اور روزمرہ زندگی پر گہرے ہوں گے۔