پاکستان نے جمعرات کو افغانستان میں شدت پسند گروپوں کی سرگرم موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان طالبان سے مطالبہ کیا کہ وہ پائیدار اور قابلِ تصدیق اقدامات کے ذریعے ان عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کریں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اسلام آباد کی حمایت میں ووٹ دینے کے بعد کہا کہ 1988 میں طالبان پر پابندیوں کے نظام کی مانیٹرنگ ٹیم کی مدت میں 12 ماہ کی توسیع بروقت اور ضروری ہے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان کو افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی سرگرم موجودگی پر شدید تشویش ہے، جن میں تحریک طالبان پاکستان (FAK)، بلوچستان لبریشن آرمی (FAH)، مجید بریگیڈ، داعش خراسان اور القاعدہ شامل ہیں۔ یہ گروہ پاکستان کے خلاف کئی بڑے دہشت گرد حملوں اور یرغمال بنانے کے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔
انہوں نے فروری میں بلوچستان میں ہونے والے بی ایل اے اور اسلام آباد کی مسجد پر داعش خراسان کے حملوں میں 80 بے گناہ پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملے افغان سرزمین سے منصوبہ بند اور انجام دیے گئے۔
عاصم افتخار نے واضح کیا: ’ایک مرتبہ پھر یہ مطالبہ دہرایا جاتا ہے کہ افغان سرزمین کو ہمسایہ ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے اور بیرونی تخریب کار عناصر کو فائدہ اٹھانے سے روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔‘
Author: Aqsa Younas Rana
-

پاکستان کا افغان طالبان سے شدت پسندوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ
-

چولستان جیپ ریلی میں حادثہ، تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پولیس افسر جاں بحق
چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں ایک پولیس افسر جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد انتظامیہ نے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ ریلی ٹریک کے مڈ پوائنٹ پر اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار جیپ بے قابو ہو کر ڈیوٹی پر موجود پولیس افسر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ پری پیئرڈ کیٹیگری کے پہلے راؤنڈ کے دوران قلعہ جام گڑھ کے مقام پر پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افسر کی شناخت بشیر کرم خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کی میت کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے بعد انتظامیہ نے ریلی ٹریک پر سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے شائقین کو حفاظتی وجوہات کی بنا پر ٹریک سے دور منتقل کر دیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ -

کوئٹہ میں بھی بسنت کا آغاز، تقریبات 15 فروری تک جاری
لاہور کے بعد کوئٹہ میں بھی رنگوں اور خوشیوں کے تہوار بسنت کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جہاں تقریبات آج سے شروع ہو کر 15 فروری تک جاری رہیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق بسنت کے موقع پر شہر بھر میں پتنگ بازی کے ساتھ مختلف ثقافتی سرگرمیوں اور روایتی پروگرامز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ تہوار کے دوران موسیقی، فنکاروں کی پرفارمنسز، روایتی کھانوں کے اسٹالز اور تفریحی سرگرمیوں کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
تین روزہ میلے کے اعلان کے بعد شہریوں میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ بازاروں میں رنگ برنگی پتنگوں، مضبوط ڈور، پیلے لباس اور دیگر بسنت سے متعلق اشیاء کی خریداری عروج پر ہے، جبکہ لوگ نئی ڈیزائن کی پتنگوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کیا جائے اور حفاظتی ہدایات پر عمل یقینی بنایا جائے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بسنت کے انعقاد سے شہر کی ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور یہ تقریب سماجی اور سیاحتی حوالے سے بھی مثبت اثرات مرتب کرے گی۔ -

کولمبو: آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر
کولمبو میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، کپتان پال اسٹرلنگ انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پال اسٹرلنگ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کیچ پکڑنے کی کوشش کے دوران گرنے سے گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔ بعد ازاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ٹیکنیکل کمیٹی نے ان کے متبادل کھلاڑی کی منظوری دے دی، جس کے بعد سیم ٹاپنگ کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف اہم میچ سے قبل بھارت کو بھی فٹنس خدشات کا سامنا ہے۔ جارح مزاج اوپنر ابھیشک شرما کی شرکت غیر یقینی ہو گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وہ معدے کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں زیر علاج رہے، تاہم طبیعت بہتر ہونے پر ٹیم کو دوبارہ جوائن کر لیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے بھارتی ٹیم آج رات دہلی سے روانہ ہوگی۔ -

بنگلا دیش میں بی این پی اتحاد کی تاریخی کامیابی، دو تہائی اکثریت حاصل
بنگلا دیش کے عام انتخابات میں عوام نے فیصلہ سناتے ہوئے بنگلا دیش نیشنلِسٹ پارٹی (بی این پی) کے اتحاد کو تاریخی کامیابی دلوا دی، جہاں اتحاد نے دو تہائی اکثریت حاصل کر لی۔
رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے 299 میں سے 297 حلقوں کے نتائج جاری کر دیے ہیں جبکہ چاٹوگرام کے دو حلقوں کے نتائج مؤخر کر دیے گئے۔
حتمی نتائج کے مطابق بی این پی اتحاد نے 212 نشستیں حاصل کیں، جبکہ جماعت اسلامی اور اس کے اتحادیوں کو 77 نشستیں ملیں۔ نوجوانوں کی جماعت نیشنل سٹیزن پارٹی صرف 6 نشستیں جیت سکی۔ انفرادی طور پر بی این پی نے 209 جبکہ جماعت اسلامی نے 68 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ 60 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا، جو عوامی دلچسپی کا واضح اظہار ہے۔
عام انتخابات کے ساتھ ہونے والے ریفرنڈم میں آئینی اصلاحات کے حق میں 72 فیصد ووٹرز نے حمایت کی، جبکہ 7 کروڑ سے زائد شہریوں نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ -

بانی پی ٹی آئی کی بیماری پر تشویش، بینائی متاثر ہونے کی ذمہ دار جیل انتظامیہ : شاہ محمود قریشی
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی بیماری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خبر کو سن کر انہیں شدید دکھ ہوا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت میں عبوری ضمانت کی پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اڈیالہ جیل میں کسی قیدی کی بینائی متاثر ہوئی یا ختم ہوئی تو اس کی ذمہ داری جیل انتظامیہ اور پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ قیدی ہونے کے باوجود ہر فرد کے بنیادی حقوق ہوتے ہیں اور قانون کے مطابق انہیں طبی سہولیات سمیت تمام حقوق فراہم کیے جانے چاہئیں۔
سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ قیدیوں کے ساتھ انسانی اور قانونی تقاضوں کے مطابق سلوک کیا جانا ضروری ہے۔ -

بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطمینان تک دھرنا جاری رہے گا: اسد قیصر
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر دھرنے میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ حکومت نے خود راستے بند کر کے دھرنے کو کامیاب بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے ارکان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں گے، وہ انہی کے ساتھ دھرنے میں بیٹھ جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے مکمل اطمینان ہونے تک دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔ -

نوجوانوں میں ’ڈمب فونز‘ کی بحالی کا رجحان بڑھ گیا
سمارٹ فونز نے آج ہماری روزمرہ زندگیوں میں کئی آلات کو یکجا کر دیا ہےالارم گھڑیاں، نقشے، کیمرے، ایم پی تھری پلیئرز، ریڈیو، ٹارچ اور دیگر کئی آلات اب ایک ہی ڈیوائس میں دستیاب ہیں۔ ان کی بدولت ہم کالز، میسیجنگ، نیوی گیشن، تفریح اور کام کی ای میلز تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
تاہم جیسے ہی سمارٹ فونز روزمرہ زندگی میں مرکزی حیثیت اختیار کر رہے ہیں، نوجوان اور نو عمر افراد میں اس کے اثرات کے خلاف رجحان بھی ابھر رہا ہے۔ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ مسلسل نوٹیفکیشنز، الگورتھم کی تیار کردہ فیڈز اور متنوع فعالیت سے توجہ بھٹکتی ہے، اور اسی وجہ سے وہ محدود فعالیت والے آلات، یا ’ڈمب فونز‘، دوبارہ استعمال کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
یہ ایک ہی مقصد والے آلات جیسے اسٹینڈ الون کیمرے، ایم پی تھری پلیئرز، ای ریڈرز، فزیکل الارم گھڑیاں ڈیجیٹل تھکاوٹ کو کم کرنے اور توجہ مرکوز رکھنے کا ایک طریقہ بن چکے ہیں۔ نوجوان اس رجحان کو اپنی زندگی میں زیادہ سکون اور فوکس پیدا کرنے کے لیے اپنا رہے ہیں۔ -

ماہ رمضان سے قبل کراچی میں پانی کی شدید کمی
کراچی میں ماہِ صیام کی آمد سے قبل پانی کا بحران دوبارہ نمودار ہو گیا ہے۔ گلشنِ اقبال شانتی نگر کے قریب واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی مرکزی لائن کے لیک ہونے سے شہر کے بڑے حصے میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
واٹر کارپوریشن حکام نے بتایا کہ متاثرہ لائن کی مرمت مکمل کر دی گئی ہے اور دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔ تاہم، دھابیجی سے شہر تک پانی پہنچنے میں تقریباً 18 گھنٹے لگتے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو مکمل فراہمی کل سے متوقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رمضان سے قبل پیدا ہونے والے اس بحران سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مگر صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی۔ -

بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، فوری اسپتال منتقل کیا جائے: بیرسٹر گوہر
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت 16 فروری کا انتظار نہ کرے بلکہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر الشفا اسپتال منتقل کیا جائے اور انہیں اپنے ذاتی معالج تک مکمل رسائی فراہم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا علاج پاکستان میں ہی ممکن ہے، اس لیے انہیں ملک کے اندر ہی مناسب طبی سہولیات دی جائیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اپوزیشن کا دھرنا شروع ہو چکا ہے اور پارلیمنٹ لاجز کو سیل کرنے اور راستے بند کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔