حکومت پنجاب نے شعبہ کان کنی کو فروغ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور محفوظ جنگلات و پروٹیکٹڈ ایریاز میں بھی کان کنی کی اجازت دینے کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی میں ایک ہی نوعیت کے تین مختلف مسودہ قوانین پیش کر دیے گئے ہیں۔ مسودہ قانون کے متن کے مطابق صوبے میں معدنی وسائل کے حصول کی راہ ہموار کرنے اور کان کنی کی سرگرمیوں کی اجازت دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ قانون سازی کا مقصد معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور وسائل کے استعمال کو بڑھانا ہے، تاہم ماحولیاتی تحفظ سے متعلق خدشات پر بھی بحث متوقع ہے۔
Author: Aqsa Younas Rana
-

حکومتِ پنجاب کا کان کنی کے فروغ کا فیصلہ
-

وادی تیراہ میں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا، ہوگا تو اعلانیہ ہوگا، طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ امور طلال چوہدری نے واضح کیا ہے کہ وادی تیراہ میں اس وقت کوئی آپریشن نہیں ہو رہا اور جب بھی کوئی کارروائی کی گئی تو اس کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی وادی تیراہ کے معاملے پر منفی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ کوہستان اسکینڈل سب کے سامنے ہے اور پی ٹی آئی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ایسے بیانات دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے حقائق کو سامنے رکھا جانا چاہیے۔ -

نئے مالی سال 27-2026 کے لیے میکرو اکنامک فریم ورک تیار
نئے مالی سال 2026-27 کے لیے میکرو اکنامک فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے رواں مالی سال کے معاشی ترقی کے ہدف پر نظرثانی بھی کر دی ہے۔
دستاویز کے مطابق موجودہ مالی سال میں معاشی شرح نمو 4.2 فیصد کے بجائے 4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ مالی سال 2026-27 کے لیے جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 5.1 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال معاشی ترقی 3.75 سے 4.75 فیصد کے درمیان رہ سکتی ہے۔ مہنگائی رواں مالی سال کے لیے مقررہ 7.5 فیصد ہدف کے مقابلے میں 6.1 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ آئندہ مالی سال مہنگائی بڑھ کر 6.5 فیصد تک جا سکتی ہے۔ -

سعدیہ عرفان جلد پی آئی اے کی چیف ہیومن ریسورس آفسر کا عہدہ سنبھالیں گی
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کے نجکاری کے بعد ایک اہم قیادت کا فیصلہ سامنے آیا ہے، جس کے تحت سعدیہ عرفان آئندہ چند ہفتوں میں ایئرلائن میں چیف ہیومن ریسورس افسر کے عہدے سنبھالیں گی۔
سعدیہ عرفان انسانی وسائل کے شعبے کی تجربہ کار پیشہ ور ہیں اور ان کے پاس 30 سال سے زائد کا وسیع تجربہ ہے۔ اس وقت وہ فاطمہ گروپ میں گروپ ہیومن ریسورسز ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، جو فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کی مرکزی کمپنی ہے۔ ان کا تقریباً آٹھ سالہ دورانیہ فاطمہ گروپ میں تبدیلی اور ترقی کے اقدامات کے لیے جانا جاتا ہے، جن میں 91 فیصد ریکارڈ ایمپلائی انگیجمنٹ انڈیکس حاصل کرنا، خواتین کے لیے قیادت اور نمائندگی بڑھانے کے پروگرام، اور ہیومن ریسورس کے عمل کو ڈیجیٹلائز کر کے ڈیٹا پر مبنی اور کاغذ سے پاک نظام بنانا شامل ہیں۔
سعدیہ عرفان نے فاطمہ گروپ سے قبل عالمی سطح کی کمپنیوں پپسی کو اور نیسلے میں سینئر ایچ آر عہدوں پر خدمات انجام دیں، جہاں انہوں نے مڈل ایسٹ، ویسٹ ایشیا، افریقہ، پاکستان اور افغانستان میں اہم انسانی وسائل کے اقدامات کی قیادت کی۔ پپسی کو میں ان کی قیادت میں ڈائیورسٹی اینڈ انکلوجن کے لیے ہروی رسل ایوارڈ، متعدد "بہترین کام کرنے کی جگہ” کے اعزازات، اور خطے میں سب سے زیادہ خواتین کی بورڈ نمائندگی اور ایمپلائی انگیجمنٹ اسکور حاصل ہوئے۔
سعدیہ عرفان کی شمولیت PIA میں انسانی وسائل اور قیادت کے نظام کو مضبوط بنانے اور جدید انتظامی ماڈلز متعارف کرانے میں ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ -

ایران کی اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی
ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں بدھ کو حامد رضا ثابت نامی شخص کی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا۔ ایرانی عدلیہ کے میڈیا ادارے میزان کے مطابق ملزم کو پھانسی دی گئی۔
حامد رضا ثابت کو اپریل 2025 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ میزان کے مطابق اسے موساد کے لیے جاسوسی اور خفیہ دستاویزات و معلومات فراہم کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی گئی تھی۔ پھانسی دینے سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔
ایران نے ماضی میں بھی کئی افراد کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزامات پر سزائے موت دی ہے، تاہم جون میں اسرائیل کے حملے کے بعد اس قسم کے اقدامات میں تیزی دیکھی گئی ہے۔ -

فچ کی پاکستان کی بی مائنس ریٹنگ برقرار، آؤٹ لک مستحکم قرار
عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی طویل مدتی قرض ریٹنگ بی مائنس پر برقرار رکھتے ہوئے ملک کا ریٹنگ آؤٹ لک مستحکم قرار دے دیا ہے۔
فچ کے مطابق پاکستان کے قرضوں کے استحکام میں بہتری کے اشارے ملے ہیں اور ملک کے لیے ’آر آر فور‘ (RR4) ریکوری ریٹنگ بھی مقرر کر دی گئی ہے۔ ایجنسی نے پہلی بار پاکستان کی ریٹنگز کو انڈر کرائیٹیریا آبزرویشن سے ہٹا دیا، جس کا مطلب ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال میں نسبتاً بہتری آئی ہے۔
ریٹنگ کے مستحکم رہنے کی وجوہات میں بہتر مالی نظم و نسق، آئی ایم ایف اصلاحات اور مستحکم زرمبادلہ کے ذخائر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2025 میں فچ نے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس (CCC+) سے بڑھا کر بی مائنس (B-) کی تھی، جس کے بعد ملک ہائی رسک قرض گیر ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ فچ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو کریڈٹ خدشات بدستور لاحق ہیں، تاہم حالیہ توثیق معاشی استحکام کے لیے مثبت اشارے فراہم کرتی ہے۔ -

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی پاسکو کی 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم نیلام کرنے کی منظوری
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاسکو کی 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم نیلام کرنے کی منظوری دے دی ہے جبکہ پنجاب میں آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم دینے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں متعدد اہم معاشی فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں درآمدی یوریا پر وفاق اور صوبوں کے درمیان 50، 50 فیصد سبسڈی کی منظوری بھی دی گئی۔
ای سی سی نے خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1.9 ارب روپے جاری کرنے کی اجازت دی۔ اس کے علاوہ پاکستان پوسٹ کے ذمے یوٹیلیٹی کمپنیوں کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے 10.98 ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اجلاس میں حفاظتی ٹیکہ جات کے قومی پروگرام کے لیے 29.6 ارب روپے کے اضافی فنڈز کی بھی منظوری دے دی گئی۔ -

حج 2025, 75 فیصد حجاج کو ساڑھے تین ارب روپے کی واپسی
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے بدھ کو بتایا کہ حج 2025 کے اخراجات میں بچت کے باعث 75 فیصد حجاج کو ساڑھے تین ارب روپے واپس کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہر حاجی کو 12 ہزار سے 1 لاکھ 10 ہزار روپے تک کی رقم واپس کی گئی۔ سعودی عرب نے 2025 کے لیے پاکستان کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کا کوٹہ دیا تھا، جسے سرکاری اور نجی سکیموں کے درمیان برابر تقسیم کیا گیا۔
سردار یوسف نے بتایا کہ حج کے طویل اور مختصر دورانیے کے پیکجز کی قیمت میں بھی کمی کی گئی، طویل دورانیے کا پیکج 10 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ مختصر دورانیے کا 11 لاکھ روپے مقرر کیا گیا۔
وزیر نے بتایا کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے پاکستان کو حج 2025 کے شاندار انتظامات پر ایکسی لینس ایوارڈ بھی دیا۔ حج کے دوران پاکستان حج مشن نے 1 لاکھ 19 ہزار سرکاری اور 60 ہزار نجی عازمین کی رجسٹریشن مکمل کی اور خوراک، ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی۔
سردار یوسف کے مطابق ڈیجیٹل سہولیات متعارف کرائی گئیں، جن میں ’پاک حج موبائل ایپ‘ کے ذریعے رہنمائی، تربیت، رہائش، پروازیں، خیمے اور مناسک حج کی مکمل معلومات فراہم کی گئیں۔ نجی حج سکیم میں اصلاحات کے بعد شکایات میں واضح کمی آئی۔
انہوں نے بتایا کہ روٹ ٹو مکہ منصوبے میں اسلام آباد کے بعد کراچی ایئرپورٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے اور لاہور ایئرپورٹ کی شمولیت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ حج پالیسی 2026 پچھلی اصلاحات کی بنیاد پر ترتیب دی گئی ہے تاکہ لاگت کم اور سہولیات بڑھائی جا سکیں۔ -

نوجوانوں کو ہنر مند اور بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔
اپنے حالیہ خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور گلف میں سب سے مشکل ملازمت پاکستانی کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں خواتین کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیے گئے ہیں اور اسکلز پروگرام کے تحت 2 لاکھ سے زائد بچوں کو تربیت دی گئی ہے، جبکہ پرواز کارڈ کے ذریعے 3 لاکھ بچوں نے ٹریننگ حاصل کی۔
مریم نواز نے کہا کہ کئی بچے ای بزنس شروع کر کے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ شیخوپورہ میں گارمنٹس سٹی قائم کی گئی ہے جہاں ایک ہزار بچوں کو تربیت دی گئی ہے، جبکہ سعودی عرب سے 45 ہزار ملازمتوں کی ڈیمانڈ موصول ہوئی ہے اور تربیت یافتہ نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجا جا رہا ہے۔ -

لاہور پولیس ،بسنت سے قبل 1078 مقدمات درج کر کے 1015افراد گرفتار
لاہور پولیس نے بسنت سے پہلے غیر قانونی پتنگ بازی پر 1078 مقدمات درج کر کے 1015 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ 40 ہزار سے زائد غیر قانونی پتنگیں اور 926 چرخیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور عوام کے تحفظ کے لیے بسنت سیفٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی پتنگ بازی پر والدین اور سرپرست کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بسنت کے موقع پر 10 لاکھ بائیکس پر مفت سیفٹی راڈز نصب کیے جا رہے ہیں اور سیفٹی راڈ کے بغیر بائیک چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیفٹی راڈ کے بغیر بائیک چلانے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔