پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کی آنکھ کی حالت میں کچھ بہتری آئی ہے۔ اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی اپنے بچوں سے بات کروائی گئی جس میں بچوں نے بھی آنکھ کی حالت میں بہتری کا ذکر کیا۔
علیمہ خان کے مطابق متاثرہ آنکھ میں تھوڑی بہت بہتری ضرور آئی ہے تاہم انہیں خدشہ ہے کہ کہیں دوسری آنکھ متاثر نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ عمران خان کا کیا علاج کیا جا رہا ہے اور حکومت اس معاملے کو واضح نہیں کر رہی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کو خفیہ طور پر اسپتال منتقل کرتی ہے جبکہ اہلخانہ کو مکمل معلومات فراہم نہیں کی جاتیں۔
دوسری جانب آج بھی علیمہ خان، دیگر بہنوں اور وکلا کو اڈیالہ جیل کے قریب گورکھ پور ناکے پر روک لیا گیا، جس کے خلاف انہوں نے احتجاج بھی کیا۔
ادھر جیل ذرائع کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی گئی جو تقریباً 25 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے عمران خان کی آنکھ کی صحت سے متعلق دریافت کیا جبکہ بچوں سے عید کے موقع پر ٹیلیفونک گفتگو پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Author: Aqsa Younas Rana

عمران خان نے اپنے بچوں کو بتایا ہے انکی آنکھ اب بہترہے: بہن علیمہ خان

اسرائیل کی مذاکرات سبوتاژ کرنے کی کوشش: ٹرمپ کے منع کرنے کےباوجود ایران میں گیس تنصیبات پر حملہ
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے جہاں اسرائیل کی جانب سے ایران میں مختلف مقامات پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق تہران اور بوشہر میں شدید دھماکے سنے گئے جبکہ توانائی کے اہم انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق خرمشہر میں گیس پائپ لائن اور اصفہان میں گیس پریشر ریڈکشن اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ تبریز میں ہونے والی بمباری کے نتیجے میں چھ شہری جاں بحق جبکہ 122 افراد زخمی ہوئے۔ ایک یونیورسٹی پر حملے میں باپ اور بیٹا بھی جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حالیہ حملوں کے دوران بڑے پیمانے پر نقصان ہوا، جس میں سینکڑوں تعلیمی ادارے اور طبی مراکز متاثر ہوئے جبکہ ہزاروں رہائشی یونٹس کو بھی نقصان پہنچا۔
دوسری جانب لبنان میں بھی کارروائیوں کی اطلاعات ہیں جہاں بیروت میں حملے کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوئے جبکہ متعدد عمارتیں متاثر ہوئیں۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث انسانی بحران کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں اور عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
عراق میں فضائی حدود بند، سینکڑوں پاکستانی زائرین پھنس گئے
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث عراق کی فضائی حدود 9 رمضان سے بند ہیں، جس کے نتیجے میں سینکڑوں پاکستانی زائرین نجف اور کربلا میں پھنس گئے ہیں اور وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ان زائرین میں خواتین، بچے اور بزرگ افراد بھی شامل ہیں، جو طویل قیام کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ زائرین کا کہنا ہے کہ ان کے مالی وسائل ختم ہو چکے ہیں اور بنیادی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ متعدد زائرین بیمار اور ضعیف ہیں، جبکہ ادویات کی کمی نے صورتحال کو مزید تشویشناک بنا دیا ہے۔
متاثرہ زائرین نے حکومت پاکستان سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی واپسی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ انہیں اس مشکل صورتحال سے نکالا جا سکے۔
ایران میں جنگ کے دوران انسانیت کی مثال، دکاندار کا مفت سامان دینے کا اعلان
جنگ زدہ ایران میں بڑھتی مشکلات کے درمیان انسانیت کی ایک خوبصورت مثال سامنے آئی ہے، جہاں ایک دکاندار نے اپنی دکان پر بغیر ادائیگی سامان لینے کی اجازت دے دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایران میں جاری جنگ چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے، جس کے باعث مختلف شہروں میں اشیائے خورونوش کی قلت اور مہنگائی میں اضافہ ہو گیا ہے، جبکہ مسلسل حملوں کے سبب عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اسی صورتحال میں ایک ایرانی دکاندار نے اپنی سپر مارکیٹ کے باہر ایک ہاتھ سے لکھا ہوا بورڈ آویزاں کیا، جس پر درج تھا کہ شہری اپنی ضرورت کے مطابق سامان لے جائیں اور ادائیگی جنگ کے بعد کر دیں۔
یہ منفرد اقدام سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا ہے اور دنیا بھر میں اس دکاندار کی انسان دوستی کو سراہا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں ایسے اقدامات نہ صرف معاشرتی یکجہتی کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ امید اور ہمدردی کا پیغام بھی دیتے ہیں۔
حزب اللہ کا دعویٰ: میزائل حملوں میں اسرائیلی فوج کو بھاری نقصان
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حالیہ میزائل حملوں میں اسرائیلی فوج کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
حزب اللہ کے بیان کے مطابق شمالی اسرائیل میں آج صبح کیے گئے دو حملوں میں اسرائیلی فوج کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ جنوبی لبنان میں ایک فوجی چوکی پر گائیڈڈ میزائل کے ذریعے حملہ کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ سرحدی قصبے کوزہ میں بھی اسرائیلی فوجیوں کو سوپ ڈاؤن میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بھاری نقصان ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔
تاہم اسرائیلی حکام کی جانب سے ان دعوؤں کی تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کے حملے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔
کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
کراچی کے شہریوں کیلئے اہم خبر سامنے آئی ہے جہاں محکمہ موسمیات نے شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات جنوبی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 25 سے 29 مارچ کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں کو متاثر کرے گا۔
ان کے مطابق کراچی سمیت صوبے کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ 25 مارچ کو شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے جبکہ 26 مارچ کو کئی مقامات پر تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے ساتھ گرج چمک اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ 27 مارچ کو بارش میں وقتی وقفہ متوقع ہے تاہم 28 اور 29 مارچ کو دوبارہ بارش ہونے کا امکان ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
عید پر پاکستان ریلوے کی بڑی کمائی، تین دن میں 48 کروڑ روپے حاصل
پاکستان ریلوے نے عیدالفطر کے تین روزہ دورانیے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے مجموعی طور پر 48 کروڑ روپے کی آمدن حاصل کی ہے۔
ذرائع کے مطابق عید کے پہلے دن 11 کروڑ روپے، دوسرے دن 17 کروڑ اور تیسرے دن 20 کروڑ روپے آمدن ہوئی، جبکہ تمام ٹرینوں کی ریزرویشن مکمل طور پر بک رہی۔
مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پاکستان ریلوے کی جانب سے چار خصوصی ٹرینیں بھی چلائی گئیں تاکہ اضافی رش کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ مدت مسافر سہولیات اور ریونیو کے حوالے سے انتہائی کامیاب رہی، اور عید کے دوران عوام نے بڑی تعداد میں ٹرین سفر کو ترجیح دی۔
اسرائیل میں زخمیوں کی تعداد میں اضافہ
اسرائیلی حکام کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے پُرعزم دکھائی دے رہے ہیں، تاہم اس بات کا امکان کم ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایران امریکی مطالبات کو قبول کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا سفارتی راستہ اختیار کرتے ہوئے تنازع کے حل کی کوشش کر رہا ہے، مگر دونوں ممالک کے مؤقف میں واضح اختلافات موجود ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر صحت کے مطابق 28 فروری سے جاری جنگ کے دوران اب تک 4 ہزار 829 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق 111 افراد اب بھی زیر علاج ہیں، جن میں سے 12 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
پاکستان امریکا اور ایران مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کیلئے تیار ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ، اسٹیو وٹکوف اور عباس عراقچی کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ میزبانی صرف اسی صورت ممکن ہوگی جب امریکا اور ایران دونوں اس پر رضامند ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں اور پاکستان ہمیشہ سے سفارتی حل کی حمایت کرتا آیا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ بات چیت کے ذریعے کشیدگی میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
ایران کی جنگ بندی کیلئے چند شرائط سامنے آگئیں
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران نے جنگ بندی کیلئے اپنی چند اہم شرائط پیش کر دی ہیں۔ ان شرائط میں سرفہرست یہ مطالبہ شامل ہے کہ ایران پر دوبارہ کسی بھی قسم کا حملہ نہ کیا جائے اور اس کی واضح ضمانت دی جائے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران نے جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے معاوضہ دینے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایران نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول کی اجازت دینے کی شرط بھی رکھی ہے۔ ایران نے اپنے میزائل پروگرام کو محدود کرنے سے بھی صاف انکار کر دیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی کا کہنا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کو جنگی تباہی کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کو ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی ضمانت دینا ہوگی، بصورت دیگر صورتحال مزید کشیدہ ہو سکتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ایران کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو اس کے اثرات امریکا تک پہنچ سکتے ہیں۔
ادھر ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ حملوں میں ملک کے 498 اسکول اور 281 طبی مراکز تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ 62 ہزار رہائشی یونٹس کو نقصان پہنچا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ 17 ریسکیو پوائنٹس اور 12 ایمبولینسز بھی متاثر ہوئی ہیں۔







