Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشن، 18 مشکوک افراد تھانے منتقل

    اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ آپریشن، 18 مشکوک افراد تھانے منتقل

    ‎اسلام آباد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا۔ آپریشن زونل ایس پیز کی نگرانی میں کیا گیا، جس میں لیڈیز پولیس اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔
    ‎کارروائی کے دوران 409 افراد اور 309 گھروں کی جانچ پڑتال کی گئی، جبکہ 126 موٹر سائیکلوں اور 56 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔
    ‎پولیس کے مطابق ایک افغان شہری سمیت 18 مشکوک افراد اور 14 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں منتقل کیا گیا۔
    ‎حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد جرائم کی روک تھام اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں ایسے گرینڈ سرچ آپریشنز جاری رکھنے کے احکامات دیے ہیں۔
    ‎پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چیکنگ کے دوران تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں، کیونکہ شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

  • ایلون مسک کا چاند پر اے آئی سیٹلائٹ فیکٹری قائم کرنے کا منصوبہ

    ایلون مسک کا چاند پر اے آئی سیٹلائٹ فیکٹری قائم کرنے کا منصوبہ

    ‎دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل اور ٹیسلا، اسپیس ایکس سمیت متعدد کمپنیوں کے مالک ایلون مسک چاند پر مصنوعی ذہانت سے متعلق سیٹلائٹ فیکٹری قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
    ‎نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی اے آئی کمپنی ایکس اے آئی کے ملازمین سے ملاقات کے دوران اس منصوبے کا ذکر کیا۔ بتایا گیا ہے کہ مسک چاند پر ایسی تنصیب چاہتے ہیں جہاں سیٹلائٹس تیار کیے جائیں اور انہیں خلا میں بھیجنے کے لیے ایک بڑی غلیل نما ڈیوائس استعمال کی جائے، جو لانچنگ کے عمل کو تیز اور کم خرچ بنا سکے۔
    ‎ایکس اے آئی کی جانب سے اس رپورٹ پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
    ‎یہ پہلا موقع نہیں جب ایلون مسک نے خلا میں صنعتی تنصیبات کے قیام کی بات کی ہو۔ چند روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی بڑے ڈیٹا سینٹرز کی مرہون منت ہے، جنہیں بھاری مقدار میں بجلی اور جدید کولنگ سسٹمز درکار ہوتے ہیں۔ ان کے بقول زمین پر توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر طویل مدت میں اے آئی مراکز کو خلا میں منتقل کرنا ناگزیر ہو سکتا ہے۔
    ‎ایک پوڈ کاسٹ گفتگو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ 36 ماہ یا اس سے بھی پہلے اے آئی انفرااسٹرکچر کو خلا میں منتقل کرنے کی پیش رفت دیکھنے میں آ سکتی ہے۔
    ‎مبصرین کے مطابق اگر چاند پر فیکٹری کے قیام کا منصوبہ عملی شکل اختیار کر لیتا ہے تو مستقبل میں وہاں انسانی موجودگی بڑھانے کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔ ایلون مسک طویل عرصے سے یہ مؤقف دہراتے آئے ہیں کہ انسانیت کے مستقبل کے تحفظ کے لیے زمین سے باہر مستقل بستیوں کا قیام ضروری ہے، خاص طور پر مریخ پر انسانی شہر بسانا ان کے طویل المدتی وژن کا حصہ ہے۔

  • ایران کا جوہری مقام کے قریب زیر زمین سرنگوں کا کمپلیکس مضبوط کر نے کا انکشاف

    ایران کا جوہری مقام کے قریب زیر زمین سرنگوں کا کمپلیکس مضبوط کر نے کا انکشاف

    سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے نطنز جوہری تنصیب کے جنوب میں تقریباً ایک میل کے فاصلے پر زیر زمین کمپلیکس کے داخلی راستوں کو مضبوط کیا ہے۔
    انسٹیٹیوٹ فار سائنس اینڈ انٹرنیشنل سکیورٹی (آئی ایس آئی ایس) کے تجزیہ کے مطابق، ماؤنٹ کولنگ گاز لا میں واقع کمپلیکس میں ایک سرنگ کے دروازے پر نیا کنکریٹ نظر آ رہا ہے۔ 10 فروری 2026 کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک اور سرنگ میں بھی کنکریٹ سے مضبوط ڈھانچہ شامل کیا گیا ہے۔
    ‎کمپلیکس کے ارد گرد بھاری تعمیراتی مشینری اور مواد کی موجودگی بتاتی ہے کہ یہ ابھی مکمل آپریشن کے لیے تیار نہیں ہوا۔
    ‎گذشتہ برس امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملے کیے، لیکن نطنز جوہری پلانٹ کو براہِ راست نشانہ نہیں بنایا گیا، اور آئی ایس آئی ایس نے اصفہان میں ایک جوہری مقام کے سرنگوں کو مٹی ڈال کر بند کرنے کی تصاویر کا بھی تجزیہ کیا۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

    ‎پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روز مندی کا رجحان رہا اور کاروبار کے دوران 4,000 پوائنٹس کی کمی کے بعد کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 78 ہزار 725 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
    ‎مارکیٹ کا آغاز منفی زون میں ہوا اور دن بھر مسلسل کمی دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق اس کی بنیادی وجہ بینکوں کے مالیاتی نتائج کا توقعات سے کم ہونا اور فرٹیلائزرز کی ایک بڑی کمپنی کی جانب سے کم منافع کی تقسیم ہے۔
    تجزیہ کار شہر یار بٹ نے بتایا کہ بینکوں اور فرٹیلائزرز کی مالی کارکردگی نے مارکیٹ میں منفی رجحان کو فروغ دیا۔ اس کے علاوہ نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلی نے بھی لسٹڈ کمپنیوں پر منفی اثر ڈال کر اسٹاک ایکسچینج میں کمی کو مزید بڑھا دیا۔

  • اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ طبعی دہشت گردی کی گئی, سہیل آفریدی

    اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ طبعی دہشت گردی کی گئی, سہیل آفریدی

    ‎وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں پنجاب حکومت کی سرپرستی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ جان بوجھ کر تشویشناک سلوک کیا گیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علاج کے باوجود عمران خان کی بینائی صرف 10 سے 15 فیصد رہ گئی ہے اور ان کے ذاتی معالج کو مکمل معائنہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
    ‎سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کے ساتھ “طبعی دہشت گردی” کی گئی اور ان کی آنکھ کے مسئلے کو سنگین حد تک پہنچایا گیا۔ انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے مطالبہ کیا کہ کیس کی جلد سماعت کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔
    ‎وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، لیکن حکومت کی توجہ عمران خان کو قید میں رکھنے اور انہیں جھکانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے معاشی صورتحال پر بھی تنقید کی اور کہا کہ تجارتی خسارہ بڑھ رہا ہے اور ڈالر کو مصنوعی طور پر روکا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈالر اپنی اصل سطح پر آ گیا تو ملک کے قرضے 36 ہزار ارب سے بڑھ کر 55 ہزار ارب تک پہنچ سکتے ہیں۔
    ‎سہیل آفریدی نے خبردار کیا کہ اگر حالات یوں ہی رہے تو عوام احتجاج کا راستہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف جرم سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کیا, اکرم راجہ

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف جرم سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے کیا, اکرم راجہ

    ‎پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ جرم کیا گیا اور یہ جرم سابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمہ عبدالغفور انجم کے خلاف دائر کیا جائے گا۔
    ‎اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہو چکی ہے اور صرف روشنی دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا علاج اُن ڈاکٹرز سے ہونا چاہیے جن پر بانی اور ان کے اہل خانہ کو اعتماد ہو۔
    ‎بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ کئی ہفتوں تک یہ اطلاع نہیں دی گئی کہ عمران خان کی آنکھ خراب ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاج شفاء اسپتال میں ہوگا اور ذاتی معالج کی موجودگی میں ہوگا۔
    ‎علیمہ خان نے بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم کو تین ماہ سے آگاہ کیا جا رہا تھا کہ عمران خان کی آنکھ میں تکلیف ہے، مگر کوئی فوری اقدام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں کیمروں سے بھی یہ دیکھا جا رہا تھا کہ بانی کی بینائی متاثر ہو رہی ہے، اور تین ماہ میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
    ‎علیمہ خان نے کہا کہ اگر انصاف مل رہا ہوتا تو بانی جیل میں نہ ہوتے، اور اب فوری طور پر ان کا علاج ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

  • معروف نعت خواں تابندہ لاری انتقال کر گئیں

    معروف نعت خواں تابندہ لاری انتقال کر گئیں

    ‎پاکستان کی معروف نعت خواں تابندہ لاری انتقال کر گئیں۔ وہ کراچی کے قومی ادارہ امراضِ قلب میں زیرِ علاج تھیں۔
    ‎اسپتال حکام کے مطابق تابندہ لاری گزشتہ چند دنوں سے عارضۂ قلب میں مبتلا تھیں۔ ان کے انتقال کی تصدیق بھی ادارے کی جانب سے کی گئی ہے۔
    ‎تابندہ لاری اپنی پرسوز آواز اور عقیدت بھری نعتوں کے باعث ملک بھر میں پہچانی جاتی تھیں، اور مذہبی محافل میں ان کی شرکت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

  • میانوالی کی محبت کا جواب خدمت سے دوں گی، مریم نواز

    میانوالی کی محبت کا جواب خدمت سے دوں گی، مریم نواز

    ‎وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میانوالی کے عوام کی محبت، شفقت اور عزت کا جواب وہ خدمت کے ذریعے دیں گی۔
    ‎میانوالی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برسوں میں پنجاب پر حکومت کرنے والوں نے اس ضلع میں کوئی نمایاں ترقیاتی منصوبہ نہیں دیا۔ ان کے بقول، میانوالی میں ترقی کا کوئی واضح نشان دکھائی نہیں دیتا۔
    ‎مریم نواز نے اعلان کیا کہ وہ میانوالی کے لیے میڈیکل کالج کا تحفہ لے کر آئی ہیں تاکہ علاقے کے طلبہ کو طبی تعلیم کے بہتر مواقع میسر آ سکیں اور صحت کی سہولیات میں بہتری آئے۔
    ‎انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

  • اٹلی کی ٹی 20 ورلڈکپ میں نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست

    اٹلی کی ٹی 20 ورلڈکپ میں نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست

    اٹلی نے ٹی 20 ورلڈکپ 2026 میں نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کر لی
    ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں اٹلی نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں اٹلی نے 124 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کیا۔
    ‎اٹلی کی جانب سے انتھونی موسکا نے 62 اور جسٹن موسکا نے 60 رنز بنائے، جس سے ٹیم کو فتح دلائی گئی۔

  • پاکستان انڈیا میچ ، تمام ٹکٹس فروخت, ائیر لائنز کے ٹکٹ مہنگے

    پاکستان انڈیا میچ ، تمام ٹکٹس فروخت, ائیر لائنز کے ٹکٹ مہنگے

    ‎پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ ٹیمیں 15 فروری کو کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ میں مدِمقابل ہوں گی، اور ہمیشہ کی طرح اس میچ میں شائقین کی بے پناہ دلچسپی دیکھی جا رہی ہے۔
    ‎گراؤنڈ کی تمام 28 ہزار نشستیں پہلے ہی فروخت ہو چکی ہیں اور ایئرلائنز نے بھی ٹکٹس کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ شائقین اس میچ کے لیے دوستوں اور دیگر ذرائع سے بھی ٹکٹس حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
    ‎یہ میچ ابتدا سے بین الاقوامی خبروں میں رہا، خاص طور پر بنگلہ دیش کے معاملے پر پاکستان کے انڈیا سے میچ کھیلنے سے انکار کے بعد۔ بعد میں سری لنکا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کو میچ کھیلنے کے لیے قائل کیا۔
    ‎بی بی سی نیوز سنہالا سے بات کرتے ہوئے ایک شائق، درشنا چمندا نے کہا کہ وہ اور ان کے دوست اتوار کے اس میچ کا ٹکٹ خریدنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، اور انڈیا پاکستان کے میچ کا سٹیڈیم میں دیکھنا ان کے لیے ہمیشہ یادگار لمحہ ہوتا ہے۔