Baaghi TV

Author: Aqsa Younas Rana

  • پی ایس ایل 11: فہیم اشرف سب سے مہنگے کھلاڑی، وارنر کراچی کنگز کا حصہ

    پی ایس ایل 11: فہیم اشرف سب سے مہنگے کھلاڑی، وارنر کراچی کنگز کا حصہ

    ‎پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی آکشن جاری ہے، جہاں آٹھ فرنچائزز 16 سے 20 رکنی اسکواڈ تشکیل دے رہی ہیں۔ اس سال آکشن کے لیے 800 سے زائد ملکی و غیر ملکی کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں۔
    ‎آکشن کے ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فہیم اشرف کو 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سب سے بڑی بولی دے کر اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔ اسی مرحلے میں عماد وسیم کو کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔
    ‎کراچی کنگز نے آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کو 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ لاہور قلندرز نے حارث رؤف کو 7 کروڑ 60 لاکھ روپے میں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔
    ‎کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے رائلی روسو کو 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں خریدا، جبکہ حسین طلعت، سعود شکیل اور احسان اللہ اس مرحلے میں منتخب نہ ہو سکے۔ راولپنڈی نے نسیم شاہ کو 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔
    ‎ہر فرنچائز کو اسکواڈ مکمل کرنے کے لیے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ دیا گیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس 34 کروڑ 60 لاکھ روپے باقی ہیں، کراچی کنگز کے پاس 32 کروڑ 26 لاکھ روپے جبکہ لاہور قلندرز کے پاس 31 کروڑ 36 لاکھ روپے کا پرس موجود ہے۔
    ‎آکشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد ٹیموں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

  • جنوری 2026 میں کراچی میں گاڑی اور موبائل فون چھیننے کے واقعات میں اضافہ

    جنوری 2026 میں کراچی میں گاڑی اور موبائل فون چھیننے کے واقعات میں اضافہ

    ‎کراچی میں جنوری 2026 کے دوران شہریوں کے ساتھ زیادتی اور چوری کے کئی واقعات سامنے آئے۔ سی پی ایل سی کی رپورٹ کے مطابق اس مہینے میں شہر میں 18 گاڑیاں چھینی گئیں جبکہ 138 گاڑیاں چوری ہوئیں۔
    ‎اسی دوران 417 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں اور 3,092 موٹر سائیکلیں چوری کی گئی۔
    ‎رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہریوں سے 1,441 موبائل فون چھین لیے گئے اور بھتہ خوری کے 19 واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔

  • بابری مسجد قیامت تک دوبارہ نہیں بنے گی: یوگی آدتیہ ناتھ

    بابری مسجد قیامت تک دوبارہ نہیں بنے گی: یوگی آدتیہ ناتھ

    اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واضح طور پر کہا ہے کہ بابری مسجد کو دوبارہ تعمیر کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور یہ قیامت تک ممکن نہیں ہوگا۔
    بھارتی میڈیا ذی نیوز کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کے روز اعلان کیا کہ رام مندر کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ بابری مسجد کے دوبارہ قیام کا خواب دیکھ رہے ہیں، وہ ہمیشہ مایوس رہیں گے۔
    :بابری مسجد قیامت تک دوبارہ نہیں بنے گی

  • کراچی: ایک لمبے انتظار کے بعد جہانگیر روڈ کے تعمیراتی کام کا آغاز

    کراچی: ایک لمبے انتظار کے بعد جہانگیر روڈ کے تعمیراتی کام کا آغاز

    ‎کراچی کے شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ طویل انتظار اور روزمرہ مشکلات کے بعد جہانگیر روڈ پر باقاعدہ تعمیراتی کام شروع کر دیا گیا ہے۔
    ‎سڑک کی تعمیر کے ذمہ دار ٹھیکیدار کے مطابق تین ہٹی سے گرومندر تک جہانگیر روڈ کو روایتی طریقے سے مختلف انداز میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس بار صرف ڈامر بچھا کر سڑک تیار نہیں کی جائے گی بلکہ پہلے مضبوط کنکریٹ ڈالا جائے گا اور اس کے بعد پیورز نصب کیے جائیں گے۔
    ‎یاد رہے کہ جہانگیر روڈ کی خستہ حالی اور سیوریج کے مسائل پر مکینوں کی جانب سے کئی بار شکایات سامنے آ چکی ہیں۔ گرومندر سے تین ہٹی تک سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی جبکہ سیوریج کے پانی نے صورتحال مزید خراب کر دی تھی۔
    ‎ٹھیکیدار کے مطابق پہلے مرحلے میں گرومندر تک پیورز بچھانے کا کام ایک ہفتے میں مکمل کیا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرے مرحلے میں گرومندر سے تین ہٹی تک سڑک کی تعمیر شروع کی جائے گی۔
    ‎شہریوں کو امید ہے کہ نئی تعمیر کے بعد اس اہم شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور روزانہ کی مشکلات میں کمی آئے گی۔

  • 
راکھی ساونت کا امیتابھ بچن کو ریکھا سے دوسری شادی کا مشورہ

    
راکھی ساونت کا امیتابھ بچن کو ریکھا سے دوسری شادی کا مشورہ

    
بالی وڈ کی متنازع اداکارہ راکھی ساونت نے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو اداکارہ ریکھا کے ساتھ دوسری شادی کا مشورہ دے دیا، جس پر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
    ‎راکھی ساونت کی بھارتی میڈیا سے گفتگو کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی ازدواجی زندگی پر تبصرہ کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
    ‎ویڈیو میں راکھی ساونت کا کہنا ہے کہ وہ امیتابھ بچن کو مشورہ دیں گی کہ وہ سینئر اداکارہ ریکھا سے شادی کر لیں، کیونکہ آج کل دو شادیوں کا رجحان عام ہو چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ امیتابھ بچن نے جیا بچن کو کیوں منتخب کیا اور ریکھا کو کیوں نظر انداز کیا، یہ بات انہیں آج تک سمجھ نہیں آئی۔
    ‎راکھی ساونت نے جیا بچن کے طرزِ لباس پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کروڑوں اور اربوں کی مالکن ہونے کے باوجود اچھی شلوار قمیض تک نہیں پہنتیں۔ اس موقع پر راکھی نے طنزیہ انداز میں جیا بچن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنی سالگرہ پر انہیں مدعو کریں تو وہ انہیں اچھی شلوار قمیض تحفے میں دیں گی۔
    ‎اداکارہ نے جیا بچن کو مزید مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بالوں کو رنگیں اور چہرے پر بوٹاکس کروائیں، کیونکہ وہ امیتابھ بچن جیسی بڑی شخصیت کی اہلیہ ہیں۔ راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ اگر انہیں امیتابھ بچن کے لیے جیا بچن اور ریکھا میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو وہ بلا جھجھک ریکھا کا انتخاب کریں گی۔
    ‎راکھی ساونت کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے، جہاں کچھ لوگ اسے محض توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں جبکہ کچھ اسے نامناسب تبصرہ کہہ رہے ہیں۔

  • امن ہوگا تو ترقی آئے گی، ادارے ایک دوسرے کے کام میں مداخلت بند کریں، سہیل آفریدی

    امن ہوگا تو ترقی آئے گی، ادارے ایک دوسرے کے کام میں مداخلت بند کریں، سہیل آفریدی

    ‎
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ صوبے اور ملک کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان ہے، جب تک امن قائم نہیں ہوگا، ترقی ممکن نہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو چاہیے کہ دوسرے اداروں کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ پاکستان میں بدقسمتی سے ہر ادارہ دوسرے کے دائرہ اختیار میں دخل اندازی کرتا ہے، جس کے باعث معاشی استحکام نہیں آ پا رہا۔
    ‎سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر ملک کے بہترین دماغ بیرونِ ملک چلے گئے تو یہاں صرف پٹواری ہی رہ جائیں گے۔ ان کے مطابق 45 فیصد عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ توشہ خانہ سے گاڑیاں لینے پر کوئی مقدمات نہیں بنے۔
    ‎انہوں نے الزام عائد کیا کہ 5,300 ارب روپے کی کرپشن کی گئی جو عوام کا پیسہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آواز اٹھانا، جنازے اٹھانے سے بہتر ہے۔

  • 
سندھ کے سرکاری کالجوں میں خواتین کی غیر اجازت شدہ فوٹوگرافی پر مکمل پابندی عائد

    
سندھ کے سرکاری کالجوں میں خواتین کی غیر اجازت شدہ فوٹوگرافی پر مکمل پابندی عائد

    
محکمۂ کالج ایجوکیشن سندھ نے خواتین اساتذہ، لیکچررز اور طالبات کی غیر مجاز فوٹو گرافی اور سوشل میڈیا پر تشہیر کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبے بھر کے کالجوں میں اس عمل پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
    ڈائریکٹوریٹ آف کالج ایجوکیشن کراچی ریجن کے ڈائریکٹر پروفیسر قاضی ارشد حسین صدیقی کی جانب سے جاری ہدایت کے مطابق فیس بک، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بغیر اجازت تصاویر شیئر کرنا قابلِ تعزیر جرم تصور ہوگا۔
    ‎مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خواتین کالجوں میں پیش آنے والے ایسے واقعات ناصرف قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ سماجی اور مذہبی اقدار کے بھی منافی ہیں۔
    ‎تمام کالجوں میں بغیر اجازت فوٹوگرافی پر مکمل پابندی ہوگی اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
    ‎محکمۂ کالج ایجوکیشن نے پرنسپلز کو ہدایت کی ہے کہ ایڈوائزری پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور احکامات کی خلاف ورزی پر متعلقہ پرنسپل اور عملہ ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

  • 
حمل کے دوران ماں کے ذہنی دباؤ سے بچوں میں آٹزم کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف

    
حمل کے دوران ماں کے ذہنی دباؤ سے بچوں میں آٹزم کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف

    
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ حمل کے دوران یا بعد میں شدید ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کا شکار ماؤں کے بچوں میں آٹزم کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
    جاپان میں ہونے والی تحقیق کے دوران 23 ہزار سے زائد ماؤں اور بچوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جبکہ چوہوں پر کیے گئے تجربات سے اس حیاتی تعلق کی تصدیق ہوئی۔
    ‎تحقیقی رپورٹ کے مطابق پیرینٹل ڈپریشن کا سامنا کرنے والی خواتین کے بچوں میں آٹزم جیسی علامات زیادہ دیکھی گئیں، خاص طور پر لڑکیوں میں یہ اثر زیادہ نمایاں رہا۔ ایسی بچیاں اکثر کم وزن کے ساتھ پیدا ہوئیں اور ان کا اپنی ماؤں کے ساتھ جذباتی تعلق بھی کمزور پایا گیا۔
    ‎رپورٹ میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر لڑکوں میں آٹزم جیسی علامات لڑکیوں کے مقابلے میں زیادہ تھیں، چاہے ماں کی ذہنی حالت کچھ بھی ہو۔
    ‎مزید بتایا گیا کہ ذہنی دباؤ آکسی ٹوسن ہارمون کی سطح کو متاثر کرتا ہے، جو بچے کی جذباتی اور سماجی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
    ‎ایک علیحدہ تحقیق، جس میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد حاملہ خواتین کو شامل کیا گیا، کے مطابق حمل کی دوسری اور تیسری سہ ماہی میں ڈپریشن کے علاج کے لیے اینٹی ڈپریسنٹس استعمال کرنے سے بچوں میں آٹزم کا خطرہ تقریباً دو گنا بڑھ جاتا ہے۔
    ‎تحقیق کے نتائج نے آٹزم کی تشخیص، خصوصاً لڑکیوں میں کم تشخیص، اور حمل کے دوران ماؤں کی ذہنی صحت کی اہمیت پر نئی بحث کو جنم دیا ہے۔

  • 
راولپنڈی: ٹک ٹاک پر نازیبا مواد وائرل کرنے والا ملزم گرفتار

    
راولپنڈی: ٹک ٹاک پر نازیبا مواد وائرل کرنے والا ملزم گرفتار

    
راولپنڈی میں وقار حسن نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا جو ٹک ٹاک پر فیک آئی ڈی بنا کر خواتین کی عزت سے کھیل رہا تھا۔
    ملزم واٹس ایپ اور ٹک ٹاک کے ذریعے نازیبا ویڈیوز پھیلا کر خواتین کو بلیک میل کرنے میں ملوث پایا گیا۔
    ‎گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے، جس میں اہم ڈیٹا حاصل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

  • 
امریکا میں پرانے بجلی کے ٹرانسفارمرز کا بحران، پورے نظام کو خطرہ

    
امریکا میں پرانے بجلی کے ٹرانسفارمرز کا بحران، پورے نظام کو خطرہ

    
امریکا میں بجلی کے ٹرانسفارمرز کی خراب حالت نے حکومت کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ توانائی کی رپورٹ کے مطابق ملک میں تقریباً 8 کروڑ ٹرانسفارمرز موجود ہیں، جن میں سے 55 فیصد اپنی عمر پوری کر چکے ہیں۔ اس صورتحال میں اگر انہی پر قابلِ تجدید توانائی کا بوجھ ڈالا گیا تو پورا بجلی نظام بیٹھ سکتا ہے اور ملک بڑے پیمانے پر بلیک آؤٹ کا شکار ہو سکتا ہے۔
    زیادہ تر ٹرانسفارمرز 33 سال پرانے ہیں جبکہ ان کی زیادہ سے زیادہ عمر 35 سال مقرر کی گئی ہے، اور صرف 25 فیصد ٹرانسفارمرز اس وقت قابلِ اعتماد حالت میں ہیں۔ امریکی محکمہ توانائی نے خبردار کیا ہے کہ پرانے ٹرانسفارمر کسی بھی وقت فیل ہو سکتے ہیں، اور اس لیے روایتی بجلی پیدا کرنے والے نظام کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
    ‎مزید برآں، امریکا زیادہ تر ٹرانسفارمرز یورپ اور میکسیکو سے درآمد کرتا ہے، اور 2025 میں پاور ٹرانسفارمرز کی فراہمی میں 30 فیصد جبکہ ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز کی کمی 10 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق پاور ٹرانسفارمرز کی تیاری ایک پیچیدہ تکنیکی عمل ہے اور جدید سہولیات کی ضرورت ہوتی ہے، جس میں چین، جنوبی کوریا، ترکی اور اٹلی دنیا کی نصف سے زائد پیداوار فراہم کرتے ہیں۔