باغی ٹی وی (ویب نیوز)بھارت میں مودی حکومت نے گجرات فسادات پر تیار بی بی سی کی ڈاکیومنٹری (دستاویزی فلم) پر پابندی عائد کر دی ہے، پھر بھی کئی یونیورسٹیوں میں اس کی اسکریننگ کو لے گزشتہ کچھ دنوں سے تنازعہ جاری ہے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ یوروپی یونین نے بھی گجرات فسادات کی تحقیقات کی تھی۔ انگریزی نیوز پورٹل ’اسکرول‘ نے اس سلسلے میں ایک رپورٹ گزشتہ روز شائع کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’’دستاویز کو مکمل طور پر ظاہر کرنے سے ہندوستان کے ساتھ رشتہ ’متاثر‘ ہو سکتے ہیں‘، اسی خوف کے سبب 27 طاقتور ممالک پر مبنی بلاک یعنی یوروپی یونین نے تحقیقات کے نتائج کو جاری کرنے سے پرہیز کیا تھا۔
’اسکرول‘ کی رپورٹ نیدرلینڈ میں مقیم کارکن جیرارڈ اونک اور یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے درمیان خط و کتابت پر مبنی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یوروپی یونین کے ایک عہدیدار نے لکھا کہ ’’عوام کے سامنے اس دستاویز کا افشاء کرنے سے یورپی یونین اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچے گا اور یوروپی یونین ہندوستان پارٹنرشپ میں اعتماد کو نقصان پہنچے گا۔ یعنی اس تناظر میں اپنے مفادات کے تحفظ اور فروغ دینے کی یوروپی یونین کی صلاحیت متاثر ہوگی۔‘‘ اسکرول کا دعویٰ ہے کہ یہ جواب ڈچ کارکن جیرارڈ اونک کو دیا گیا تھا جب انھوں نے یورپی یونین کی انکوائری رپورٹ تک رسائی کی درخواست کی تھی۔ اونک کے درخواست پر یوروپی یونین کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’دو شناخت شدہ دستاویزات کا مکمل طور پر عوام کے سامنے آنا ہندوستان کے ساتھ سیاسی اور آپریشنل دونوں سطحوں پر جاری تعاون کو متاثر کرے گا۔‘‘
شائع رپورٹ کے مطابق یوروپی یونین کا کہنا ہے کہ ’’یہ مستقبل کے سفارتی مکالموں میں باہمی اعتماد کے ماحول کو برقرار رکھنے کو بھی نقصان پہنچائے گا اور پھر اس ملک کے ساتھ تعلقات میں یوروپی یونین اور اس کے رکن ممالک کے مفادات کو نقصان پہنچے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ڈچ کارکن اونک نیدرلینڈز میں انڈیا کمیٹی کے ڈائریکٹر ہیں۔ یہ کمیٹی 1980 میں ’غریبوں اور مظلوموں کے حقوق کے لیے لڑنے والی آزاد سماجی تحریکوں اور این جی اوز‘ کے ساتھ کام کرنے کے لیے بنائی گئی تھی۔ اسکرول سے بات کرتے ہوئے اونک نے دعویٰ کیا کہ ان پر 2002 میں ہندوستان میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
اونک نے اسکرول سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے یورپی یونین کی رپورٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش اس وقت کی تھی جب بی بی سی کے ایک صحافی نے ان سے اسی رپورٹ کے بارے میں رابطہ کیا تھا۔ بی بی سی کے اس صحافی نے دراصل اونک کے ذریعہ چلائی جانے والی ویب سائٹ پر شائع 2003 کا ایک مضمون پڑھا تھا۔ حالانکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی بی سی نے گجرات فسادات پر مبنی جو ڈاکیومنٹری فلم بنائی ہے، اس میں یوروپی یونین کی رپورٹ کا کوئی حوالہ نہیں دیا گیا ہے۔
Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
-

یورپی یونین نے گجرات فسادات کی تحقیقات تو کی، لیکن اس کے نتائج جاری نہیں کیے، ایک رپورٹ میں انکشاف
-

ڈیرہ غازیخان: انتظامیہ مہنگی اشیائے خوردونوش بیچنے والوں کیخلاف ایکشن میں آگئی
ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر،جواداکبر) انتظامیہ مہنگی اشیائے خوردونوش بیچنے والوں کیخلاف ان ایکشن ہے،
پرائس لسٹیں آویزاں نہ کرنے والوں کیخلاف اب سخت کارروائی اور گراں فروشوں کے خلاف فوری ایف آئی آرز درج ہونگی۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مخصوص بازاروں میں موجود رہنے کے پابند ہونگے،بازاروں،گلی،محلوں اور بلاکس میں واقع دکانوں پر بھی پرائس چیکنگ ہوگی۔ان اقدامات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کی زیرنگرانی اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماہ جنوری میں گراں فروشوں کو 19لاکھ76ہزار 500 روپے کے جرمانے کئے گئے ہیں،ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ناجائز منافع خوروں سے بچانے کیلئے مجسٹریٹس مزید محنت کریں،فوڈ آئٹمز کی قیمتوں کی ہر صورت پڑتال کی جائے،دیہی علاقوں میں قیمتیں زیادہ وصول کرنے والوں کو بھی پکڑا جائے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی گراں فروش کو نہ چھوڑا جائے،ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفائیڈ قیمتوں سے زائد کسی کو وصولیوں کی اجازت نہ دی جائے،گراں فروشوں کو کئے گئے جرمانے موقع پر وصول بھی کئے جائیں،محمد انور بریار نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے،مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر دیکھا جائے گا۔اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ -

میں ماں کا لاڈلہ ہوں، مجھے کچھ ہوا تو ماں کاکیا ہوگا؟
پشاور دھماکے میں ہر آنکھ اشکبار ہوئی۔ سانحے میں بہت سے بے گناہ پولیس افیسر اور نمازی شہید ہوگئے۔ گھر والے انتطار کرتے رہ گئے کہ وہ کب گھر پہنچیں گے مگر ان کی لاشیں گھر پہنچیں۔
ایک باہمت پولیس جوان اہلکار کے آخری الفاظ اس وقت سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہے ہیں جنہیں یہ شہادت نصیب ہوئی۔حادثے کی جگہ سے ایمبولینس کے ذریعے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والے ریسیکو 1122 کے ایک کارکن نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت انتہائی نازک تھی، دو زخمی افراد نے ان کے سامنے ایمبولینس میں ہی موقع پر دم توڑ دیا تھا۔انھوں نے بتایا کہ ایک زخمی جوان بہت حوصلے میں تھا۔ اس کے سر پر چوٹ آئی تھی۔ چوٹ والی جگہ پر کسی نے کوئی کپڑا باندھ دیا تھا مگر اس کے جسم کے دیگر حصوں سے بھی خون بہہ رہا تھا۔ میں نے خون کا بہاؤ روکنے کی کوشش شروع کی تو اس دوران وہ جوان زخموں سے کراہنے کے باوجود جرات کا مظاہرہ کر رہا تھا۔

پولیس جوان کا کہنا تھا کہ اس دوران میں نے اس کا حوصلہ بلند رکھنے کے لیے بات شروع کی تو اس نے بتایا کہ وہ مسجد کے آخر میں ایک کونے میں نماز ادا کر رہا تھا۔ ایک دم دھماکہ ہوا اور وہ نیچے گر پڑا۔اس نے مجھ سے پوچھا جسم کے مختلف حصوں میں درد ہو رہا ہے تو کیا میں بچ پاؤں گا۔ اس اہلکار نے کہا کہ اور تو کوئی غم نہیں بس میں اپنی ماں کا بہت لاڈلا ہوں اگر مجھے کچھ ہوا تو پتا نہیں میری ماں کا کیا ہو گا۔

ریسکیو اہلکار کے مطابق ابھی وہ اس پولیس اہلکار کو لے کر اسپتال کے گیٹ پر بھی نہیں پہنچے تھے کہ اس اہلکار نے دم توڑ دیا۔ -

زمان پارک میں پی ٹی آئی کارکنان بجلی چوری کرنے لگے
لاہور،باغی ٹی وی (ویب نیوز) زمان پارک لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے کیمپوں کوروشن رکھنے کیلئے بجلی چوری شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمان پارک میں کارکنوں کےکیمپوں کو روشن رکھنے کیلئے پی ٹی آئی عمران خان کے گھر کے باہر سرکاری بجلی چوری شروع کردی ہے
الیون کے وی تاروں پر کنڈا لگا کر بجلی چوری کی جا رہی ہے ۔واضح رہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی خبریں سامنے آنےکے بعد سے کارکنان نے زمان پارک کےباہر ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور اسی روز فواد چودھری کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور وہ اب جوڈیشل ریمانڈ پر راولپنڈی جیل میں ہیں ۔
عمران خان کے گھر زمان پارک کے باہر موجود کارکنوں کو رات کے اندھیر ے میں روشنی فراہم کرنے کیلئے حکومتی خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور ڈائریکٹ بجلی کی تاروں پر کنڈے ڈال کر بجلی چوری کی جا رہی ہے۔ -

اوکاڑہ :ٹریفک حادثہ 4 افراد جاں بحق
اوکاڑہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک ظفر) ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ 3افراد شدید زخمی ہیں
تفصیلات کے مطابق حادثہ فیصل آباد روڈ پر ینگ پور کے قریب جھکڑ چوک میں پیش آیا ہے،حادثہ ٹریکٹر ٹرالی ، مسافر وین اور ٹرک آپ میں ٹکرانے کی وجہ سے ہوا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ3شدید زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں 2کی حالت تشویشناک ہے۔
ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا، جاں بحق ہونیوالوں میں ایک خاتون اور 3 مرد شامل ہیں۔ -

عمران حکومت نے کرپشن کیخلاف کوئی قابل ذکرکام نہ کیا: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہےکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے کرپشن کے خلاف واضح موقف اپنایا لیکن حکومت میں رہ کر وہ بدعنوانی کے خلاف کوئی قابل ذکرکام نہ کرسکے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نےکرپشن پرسیپشن انڈیکس2022 کی سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کی حکومت کے دوران پاکستان میں کرپشن بڑھنےکے تاثر میں مزید اضافہ ہوا۔
ترجمان ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل جسٹس ریٹائرڈ شائق عثمانی کا کہنا ہےکہ چھوٹے لیول پرکرپشن ختم کرنے کے لیے پچھلی اور موجودہ حکومت نےکام نہیں کیا،کرپشن کا تعلق گورننس سے ہے۔
جسٹس ریٹائرڈ شائق عثمانی کا کہنا ہےکہ کرپشن لوگوں کو جیل میں ڈالنے سےکم نہیں ہوتی، پروسیجر بنانے سے ہوتی ہے، بڑے لیول پرکرپشن ساری دنیا میں ہوتی ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ دنیا کے 95 فیصد ممالک کرپشن میں کمی لانے میں ناکام رہے، دو تہائی ممالک میں بدعنوانی سنگین مسئلہ بن گئی ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق بھارت اور بنگلا دیش کےکرپشن انڈیکس اسکور میں کوئی فرق نہیں آیا،البتہ یہ ممالک کالے قوانین کے ذریعے آزادی اظہار رائے اور حکومت پر تنقیدکرنے والوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ -

چترال : شدید برف باری کے باعث ، بند رابطہ سڑکیں کھول دی گئیں
چترال (باغی ٹی وی ) اس سال شدید برف باری کے باعث چترال کی مختلف وادیوں کی رابطہ سڑکیں یا تو بند ہو گئی تھیں یا ان پر گاڑیاں پھسلنے کی وجہ سے مسافروں کو سفر کرنے میں نہایت مشکلات کا سامنا تھا۔ تاہم محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے ان سڑکوں سے برف ہٹاکر انہیں ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دیا جس سے عوام کی مشکلات میں کمی آگئی۔ تفصیل گل حماد فاروقی کی اس رپورٹ میں
-

ٹھٹھہ : اگرمریم نواز 27 فروری کو کراچی آئیں تو ان کا فقید المثال استقبال کریں گے -منظور خشک
ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی) مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر منظور احمد خشک نے میڈیا سے بات کرتے ہوۓ کہا کے اگر میڈم اگرمریم نواز 27 فروری کو کراچی پروگرام میں شرکت کیلئے آئیں تو ان کا فقید المثال اور پرجوش طریقے سے استقبال کریں گے
منظور احمد خشک نے مزید کہا کے نواز شریف ایک سچا لیڈر ہے،قوم نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہے ،مسلم لیگ ن اور میاں نوازشریف ہی ملک کو موجودہ بحران سے نجات دلائیں گے ،کیونکہ یہ میاں محمد نوازشریف ہی ہیں جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور اس معاشی بحران سے بھی نکالیں گے. -

اوکاڑہ :اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے-ڈپٹی کمشنر
اوکاڑہ باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ضلع میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنانا تمام متعلقہ محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی قلت کا تاثر دے کر مہنگائی کرنے والوں کے خلاف ایکشن کے لئے جو ہدایات دی ہیں اس پر سو فیصد عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر آئی پی ڈبلیو ایم خالد جاوید بھٹی نے ضلع میں اشیائے ضروریہ کے سٹاک کی پوزیشن ،گرانفروشوں کے خلاف کئے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی ۔
-

اوکاڑہ : الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ہدایات پر سو فیصد عملد رآمد کیاجائے-ڈپٹی کمشنر
اوکاڑہ باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہدایات پر سو فیصد عملد رآمد کو یقینی بنایا جائے ضلعی محکموں کے سربراہان ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی جانب سے الیکشن کروانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں بھر پور معاونت کریں انہوں نے کہا کہ الیکشن ایک آئینی ذمہ داری ہے جن کو پورا کرنے کے لئے الیکشن کمیشن اقدامات کرتاہے اور تمام سرکاری محکمے ضلع کی سطح پر اقدامات کرنے کے پابند ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہدایات پر عملد ر آمد کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہیر لیاقت بیگ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چوہدری عبد الجبار ،سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد ،سی ای او ہیلتھ سید اظہر عباس نقوی ،اسسٹنٹ الیکشن کمشنر محمد شفیق ،اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور ڈاکٹر رانا اورنگزیب سمیت متعلقہ محکموں کے ضلعی سرباہان نے شرکت کی ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ضلع میں الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق کسی سطح پر بھی پوسٹنگ ٹرانسفر نہ کی جائے اور نہ ہی نئے ترقیاتی کام کا آغاز کیا جائے تمام سرکاری محکمے پولنگ سٹاف کی فراہمی کے لئے فہر ستیں مرتب کریں پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی اور وہاں پر ضروری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ابھی سے اقدامات کئے جائیں پولنگ سسٹم کی تیاری میں تمام ضلعی محکمے اسسٹنٹ الیکشن کمشنر کی معاونت کریں ۔