تونسہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگار) چشمہ رائٹ بنک کینال کے سیلاب سے متاثرہ حصے مرمت کر کے 30 میں سے 25 ڈسٹری بیوٹری بھی بحال کردی گئی ہیں۔باقی پانچ ڈسٹری بیوٹری کیلئے 15 روز کا وقت دیا گیا ہے۔سی آر بی سی کی مستقل بحالی کیلئے بھی 90 کروڑ روپے کا پی سی ون جمع کرادیا گیا۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن خالد منظور نے ڈپٹی کمشنر تونسہ محمد انور بریار کے ہمراہ سی آر بی سی کا دورہ کیا اور افسران سے بریفنگ لی۔کمشنرنے ضلع تونسہ کا دورہ کیا ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا عبید الرشید،ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم اختر جتوئی،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت غلام محمد بزدار اور دیگر افسران ہمراہ تھے۔ایکسئین سی آر بی سی محسن شبیر نے بریفنگ دی۔حالیہ سیلاب سے چشمہ رائٹ بنک کو شدید نقصان پہنچا۔پنجاب حکومت نے اپنے زیر کنٹرول علاقہ میں سی آر بی سی کو بحال کرنے کا 90 فیصد کام مکمل کرلیا۔خیبر پختونخوا میں واپڈا کی طرف سے ابھی تک متاثرہ حصوں کی مرمت نہیں ہوسکی جس کی وجہ سے چشمہ رائٹ بنک کینال میں پانی نہیں چھوڑا جاسکا۔کمشنر نے کہا کہ صوبائی حکومت اور واپڈا کے ساتھ معاملہ اعلی سطح پر اٹھایا جائیگا۔سی آر بی سی سے خطہ میں دو لاکھ 75 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوتی ہے۔پانی نہ ملنے سے کاشتکار پریشان ہیں۔کمشنر کو بتایا گیا کہ سی آر بی سی کی مستقل بحالی کیلئے 90 کروڑ روپے کا پی سی ون تیار کرکے بھیج دیا گیا ہے۔صوبہ خیبر پختونخوا میں سی آر بی سی کا 106 میل اور پنجاب میں 64 میل حصہ ہے۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے معائنہ کے دوران سی آر بی سی میں نہری پانی کی جلد فراہمی کیلئے ہرممکن اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
-

تونسہ : کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کے ہمراہ کھلی کچہری
تونسہ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارعمران لنڈ)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن خالد منظور نے ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کے ہمراہ ضلع تونسہ میں ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری لگائی۔سیلاب کے نقصانات اور دیگر معاملات پر مسائل سنے،اے سی تونسہ سید جمیل حیدر شاہ،اے سی آر محمد عامر جلبانی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا عبید الرشید،ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم اختر جتوئی،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر ذکاء الدین بزدار،ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر افسران موجود تھے کمشنرنے ضلع تونسہ میں کھلی کچہری کے دوران سائلین کے مسائل سنے۔تحریری اور زبانی درخواستوں پر احکامات جاری کئے گئے۔کمشنر خالد منظور نے درستگی ریکارڈ، فرد،انتقالات ،رجسٹری ، انکم سر ٹیفکیٹ و ڈومیسائل کے اجراء کے ساتھ رقبہ پر قبضہ،وراثتی جائیداد کی تقسیم،انتقالات کے اندارج اور ریونیو کے دیگر معاملات پر سائلین کے مسائل تفصیل سے سنے اور داد رسی کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر درخواست پر پیشرفت کا فیڈ بیک لیا جائیگا۔درخواست پر درج نمبر پر سائل سے رابطہ کرکے پیشرفت سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔کمشنر خالد منظور نے کہا کہ حکومت پنجاب کا یہ اہم اقدام ہے۔ افسران ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹر کے ساتھ قصبات میں بھی جائیں گے۔ریونیو کھلی کچہری میں ایک ہی چھت کے نیچے پٹواری سے لیکر ایڈیشنل کمشنر تک تمام ملازمین ریکارڈ سمیت موجود رہتے ہیں تاکہ موقع پر سائلین کی داد رسی کی جاسکے .

-

ضلع تونسہ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے تین گنا فنڈز مختص کردئیے گئے ہیں-کمشنرڈیرہ
تونسہ شریف(نامہ نگارعمران لنڈ):ضلع تونسہ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے تین گنا فنڈز مختص کردئیے گئے ہیں رواں مالی سال کیلئے ساڑھے چار ارب روپے جاری کردئیے گئے۔80 منصوبوں کو دی گئی مدت کے اندرمکمل کرایا جائیگاکمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن خالد منظور نے ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار کے ہمراہ تونسہ کے ترقیاتی منصوبوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔پبلک پارک،پناہ گاہ،ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کی مجوزہ جگہ،سنگھڑ پل، درویشی روڈ،ٹیوٹا سنٹر،سرکٹ ہاؤس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا اورافسران سے بریفنگ لی۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن خالد منظور اور ڈپٹی کمشنر محمد انور نے کہا کہ ضلع تونسہ میں سانگھڑ پل، چوکی والا تا اٹامک انرجی روڈ،سوکڑ روڈ سمیت تمام شعبوں کو فوکس کیا گیا ہے۔ٹیوٹا سنٹر کیلئے مکمل فنڈز جاری کردئیے گئے۔سرکٹ ہاؤس کو بھی جلد فنکشنل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔فوجی پڑاؤ والے 26 کنال رقبہ پر جاذب نظر پارک بنایا جارہا ہے جس پر پانچ کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔پارک میں فوڈ کارنر بھی بنایا جائیگا جس کیلئے ریلوے سے 70 فٹ کی بوگی لے لی گئی ہے۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ ترقیاتی منصوبوں کو مانیٹر کر کے دی گئی مدت کے اندر مکمل کرائیں تاہم میٹریل کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا عبید الرشید،ڈپٹی ڈائریکٹر وسیم اختر جتوئی،اے سی تونسہ سید جمیل حیدر شاہ،اے سی آر محمد عامر جلبانی،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذکاء الدین بزدار اور دیگر افسران ہمراہ تھے. ترقیاتی منصوبوں کے معائنہ کے دوران ایس ای ہائی ویز محمد نواز،ایکسیئن محمد شاہد اور دیگر نے بریفننگ دی
-

ٹھٹھہ :سندھ حکومت مچھر کالونی کے شہداء کے ورثاء کواعلان کردہ50،50 لاکھ روپے معاوضہ فوری ادا کرے۔سید جلال شاہ
ٹھٹھہ باغی ٹی وی (نامہ نگار راجہ قریشی ) سندھ حکومت مچھر کالونی کے شہداء کے ورثاء کواعلان کردہ50،50 لاکھ روپے معاوضہ فوری ادا کرے۔سید جلال شاہ
تفصیل کے مطابق سندھ ترقی پسند پارٹی ٹھٹھہ کے چئیرمین سید جلال شاہ نے حکومت سندھ سی کہا ہے کہ اس نے مچھر کالونی کے شہدا ایمن سعید اور اسحاق پنھور کے لئے جو پچاس پچاس لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا تھا وہ فوری ادا کرے جھوٹے وعدے کرکے غریب والدین کوصرف دلاسے دئیے جارہے ییں انہوں نے مزید کہا کہ وہ شہدا ء کی فیملی کے ساتھ ہیں اور ان کو۔ انصاف دلا کررہیں گے.یادرہے کہ ٹیلی کام کمپنی میں کام کرنے دونوجوانوں ایمن سعید اور اسحاق پنھور کومچھر کالونی کراچی میں ہجوم نے بہیمانہ تشدد کرکے شہید کردیا تھا- -

ڈیرہ غازیخان : حادثات 2 جاں بحق ،درجن سے زائد زخمی
ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(جواداکبرسٹی رپورٹر )تونسہ روڈ کٹانے والی ہٹی پر رکشے کو بچاتے ہوئے ہائی ایس ویگن بجلی کے کھبے سے ٹکرا گئی متعدد مسافر زخمی 9 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ،ٹکرلگنے سے بجلی کا کھمبا ہائی ایس پر گرگیا،ایک اور واقعہ میں ریسکیو 1122 کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کو کال موصول ہوئی کہ ایک ہائی ایس اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا جس کی وجہ سے ایک بندہ شدید زخمی ہے۔ آپ جلدی سے ایمبولینس روانہ کریں۔ کنٹرول روم نے فوراً ایک ایمبولینسز اور ایک موٹر بائیک موقع کی طرف روانہ کر دی۔ریسکیو 1122 سٹاف نے پروقت ریسپانس کرنے کے بعد جائے حادثہ پر پہنچے توموقع پر1مریض تھا جو کےموقع پر ہی جاں بحق ہوچکا تھاجس کی پہچان فہیم ولد محمدرضاکے نام سے ہوئی جو معموری کارہائشی تھا ،حادثہ دستی پل کے قریب ہوا،. ڈیڈ باڈی کو اس کے گھر میں شفٹ کیا گیا۔ نیز ریسکیورز نے مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے روڈ بھی کلیر کروا کر آپریشن مکمل کر دیا.ایک اور حادثہ پل غازیگھاٹ کے قریب رونماہوا ریسکیو1122 کے مطابق ایک بس، کار اور موٹر سائیکل رکشہ کے درمیان تصادم ہوا جس کی وجہ سے4افراد زخمی ہوئے ان زخمیوں میں سے ایک کی موقع پر وفات ہوگئی،ریسکیو 1122 سٹاف نے پروقت ریسپانس کرنے کے بعد پیشہ ورانہ انداز سے مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینا شروع کر دی. تمام مریض ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان شفٹ کر دیے گئے. جاں بحق ہونے والے کی پہچان ریاض ولدنذر جوکہ غازیگھاٹ کا رہائشی تھا ،باقی تینوں زخمیوں کاتعلق بھی غازیگھاٹ سے تھا.
-

جعلسازی سے سندھیوں کی زمین، سمندری بیلٹ، کوہستانی پٹی لاکھوں ایکڑ اراضی ملٹی نیشنل کمپنیوں اور بحریہ ٹاؤن کے حوالے کردی گئی
ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی) پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے سندھیوں کی زمینیں، سمندری بیلٹ، کوہستانی پٹی، تیل، گیس، کوہستان کی لاکھوں ایکڑ اراضی ملٹی نیشنل کمپنیوں اور بحریہ ٹاؤن کو جعلسازی کے ذریعے سندھ میں کشمیریوں سمیت مختلف قابضین کے حوالے کر دی گئی۔ عوامی تحریک کی جانب سے ضلع ٹھٹھہ اور سجاول میں نئی صوبائی کمیٹی کی تشکیل اور سندھ سے افغان باشندوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی بے دخلی کے خلاف ضلع ٹھٹھہ اور سجاول میں تین روز تک مارچ کا اعلان پہلے روز ضلع ٹھٹھہ میں ایک اسٹاپ سے دوسرے اسٹاپ تک مختصر مارچ کیا گیا۔ بڑے دیہاتوں اور شہروں میں۔ مارچ کے موقع پر مقامی دیہاتیوں اور شہریوں نے قائدین کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ مارچ کے کارواں میں عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار، مرکزی جنرل سیکرٹری نور احمد کاتیار، سندھی طلبہ تحریک کے مرکزی صدر عاطف ملّاح، سندھی مزدور تحریک کے مرکزی صدر حاجی خان سائمن، عوامی تحریک ضلع ٹھٹھہ کے رہنما مٹھا خان لاشاری، شاہ محمد چانگ اور دیگر نے شرکت کی۔ محمد چانگ، انور پالاری، رحمن چانگ، سراج پالاری، صدام چانگ، امان اللہ بروہی اور دیگر نے جھمپیر سے شروع کیا اور ساپا موری، سندھ، چھٹو چند اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، جہاں پر انہوں نے جلسہ عام کیا۔ جلسہ عام میں تبدیل ہو گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی صدر لال جروار نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاقی حکومت نے وفاقی کابینہ اور وفاقی اسمبلی کو سندھ اور بلوچستان کے وسائل کی نیلامی کی منڈی بنا رکھا ہے، گندم چوری کرکے یہ رقم استعمال کی جارہی ہے۔ پنجاب حکومت بنانے اور تباہ کرنے کے لیے پارلیمنٹیرینز کو بھی بیچ دیا گیا ہے۔ ملک میں احتساب نہیں، اسی لیے ملک دشمن قوتیں ملک توڑنے کی سازش کر رہی ہیں، نئی صوبائی کمیٹی بھی ملک توڑنے کی خطرناک سازش ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے وسائل اور زمینیں صوبائی اسمبلیوں کے ذریعے وفاق کے حوالے کر دی گئی ہیں، جب کہ یہ وسائل اور زمینیں اسمبلیوں میں بیٹھے وڈیروں کے آباؤ اجداد کی ملکیت نہیں، سندھ کے وسائل اور زمینیں اجتماعی ملکیت ہیں۔ سندھی عوام، بلوچستان کے وسائل اور زمینیں بلوچ عوام کی ملکیت ہیں، سندھ کے جاگیرداروں کو سندھ کی زمینیں اور وسائل بیچنے کا کوئی حق نہیں، سندھ سے غیروں کو نکالنے اور اس کے خلاف ہماری جدوجہد کا دائرہ کار وسائل کی نیلامی اور بھی وسیع ہوگی۔ 12 فروری کو کراچی میں عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ اس حوالے سے ہم بلوچ قوم پرستوں سے رابطے میں ہیں، سندھ اور بلوچستان کے وسائل کی نیلامی کے لیے اسلام آباد کا بازار بند ہونے تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے۔ عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکرٹری نور احمد کٹیار نے کہا کہ سندھ حکومت نے سندھ اسمبلی سے قرارداد منظور کرکے سندھ کی زمینیں، تیل، کوئلہ، گیس اور تمام وسائل وفاق کے حوالے کرکے سندھی قوم سے تاریخی غداری کی ہے۔ . زرداری مافیا نے ایک طرف سندھ کا بیڑہ غرق کیا، اب انہوں نے مہنگائی کا طوفان لا کر عوام کی زندگی کو متنازعہ بنا دیا ہے اور دوسری طرف غیروں کی یلغار کر کے سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کر رہے ہیں۔سندھی اسٹوڈنٹ موومنٹ کے مرکزی صدر عاطف ملاح نے کہا کہ سندھ حکومت ونڈ پاور پراجیکٹ کے نام پر جھمپیر کوہستان کی لاکھوں ایکڑ زمین ملٹی نیشنل کمپنیوں کو دے کر جھمپیر کوہستان کی زمینوں پر قابض غیر ملکی ایجنٹوں کے دلال کا کردار ادا کر رہی ہے۔ علاقے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں مقامی لوگوں سمیت اس ضلع کے لوگوں کو روزگار فراہم نہیں کیا جاتا۔ سی ایس آر فنڈز بھی مقامی آبادی پر خرچ نہیں ہوتے۔ کوہستان تعلقہ تھانہ بولا خان ضلع جامشورو کی لاکھوں ایکڑ اراضی سندھ دشمن رہائشی پراجیکٹس بحریہ ٹاؤن، ڈی ایچ اے سٹی، اے ایس ایف سٹی صائمہ سٹی، سیون ونڈر سٹی اور درجنوں دیگر رہائشی سکیموں کے نام پر غیر ملکیوں کے حوالے کی جا رہی ہے۔ عوامی تحریک کے رہنما شاہ محمد چانگ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے نئے صوبے بنانے کے لیے جو پارلیمانی کمیٹی بنائی ہے وہ ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ سندھی عوام نئی صوبائی کمیٹی کو مسترد کرتے ہیں۔ انور پالاری نے کہا کہ سندھ میں کشمیری حقوق کی وزارت قائم کرکے سندھ میں غیر ملکیوں کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے، جس کے خلاف سندھی عوام پرامن سیاسی جدوجہد کریں گے۔
-

موٹر سائیکل رکشوں کے شور، دھوئیں اور فحش گانوں سے شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہوگئی
موٹر سائیکل رکشوں کے شور، دھویں اور فحاش گانوں سے شہریوں کی زندگیاں اجیرن بن گئیں.ٹریفک پولیس،محکمہ ماحولیات ودیگر متعلقہ ادارے کاروائی کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں،اعلیٰ افسران سے نوٹس کا مطالبہ
باغی ٹی وی:شیخوپورہ (محمد طلال سے) چنگ چی رکشوں،آٹو رکشوں لوڈر رکشوں کے شورودھویں، اورفحاش قسم کے گانوں سے شہری انتہائی پریشان ہوگئے،کم عمر چنگ چی رکشہ ڈرائیورز بغیرروٹ پرمٹ اور بغیر لائسنس کے خطرناک طریقے سے رکشے چلاتے نظر آتے ہیں اور حادثات کے باعث انسانی زندگیوں کا ضیاع ہو رہا ہے۔شہر کے اندرونی علاقوں لاری اڈا،مین بازار ، ڈاکٹر رفیق انجم چوک، پر ہمہ وقت درجنوں موٹرسائیکلیں، چنگ چی رکشے کے اڈے نظر آتے ہیں۔سڑکوں کے کناروں پر جگہ جگہ چنگ چی رکشے کھڑے کرکے ٹریفک کے بہاؤ میں مسائل پیدا کئے جارہے ہیں، بازار میں خریداری کے لیے آنے والی خواتین کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، رکشوں کے شور و دھوئیں سے شہری بہرے پن ،دمے ،ٹی بی کے مرض اور آنکھوں کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں،ٹریفک پولیس رکشہ ڈرائیوروں کیخلاف کارروائیاں کرنے کی بجائے ان سے معاملات طے کرکے ان کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔شہریوں نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، آر پی او شیخوپورہ ڈی پی او شیخوپورہ ،ڈی ایس پی ٹریفک پولیس،ڈی سی شیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں چلنے والے غیر قانونی رکشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے جبکہ غفلت کے مرتکب ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہر میں نافذ جنگل کے قانون کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔ -

گیمبرپریس کلب اوکاڑہ کینٹ کی 19ویں تقریب حلف برداری
اوکاڑہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک ظفر)گیمبرپریس کلب اوکاڑہ کینٹ کی 19ویں تقریب حلف برداری 2023 کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی حاجی پیر سید احسان الحق ادریس چیرمین سینٹرل نیوز ساہیوال اور سابقہ چیئرمین پی ایچ اے ساہیوال تھے تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا مہمان خصوصی حاجی پیرسید احسان الحق ادریس نےنو منتخب عہدیداران و ممبران سے حلف لیا دیگر مہمانان گرامی میں روز نامہ پرماننٹ نیوز ساہیوال کے چیف ایڈیٹر میاں ممتاز احمد۔ اور سٹی 44 نیوز ایچ ڈی چینل کے سی ای او محمد آصف کھوکھر ۔۔۔جبکہ سیاسی سماجی رہنما سردار خالد محمود ڈوگر۔۔۔۔۔ ڈائریکٹر ایپکس کالج گیمبر کیمپس راؤ رشید احمد ۔۔ ڈائریکٹر ایجوکیٹر گیمبر کیمپس رائے عبدالستار کھرل۔۔۔۔ وائس پرنسپل ایپیکس کالج گیمبر کیمپس عقیل احمد ودیگران نے شرکت کی مقررین نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے انکی پریس کلب کے حوالے سے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا بعد ازاں ممبران کو پریس کلب کے کارڈ برائے 2023 بھی دیے گئے صدر گیمبر پریس کلب اوکاڑہ کینٹ خالد شاہین فریدی اور جنرل سیکرٹری عابد علی فریدی نے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
-

گھارو شہر میں نامعلوم چور مکینک کی دکان کا صفایا کر گئے
ٹھٹھہ نامہ نگار راجہ قریشیگھارو شہر میں چوری کی واردات نامعلوم چور مکینک کی دکان کا صفایا کر گئے
تفصیل کے مطابق گذشتہ رات گھارو شہرمیں نامعلوم چوروں نے رات کی تاریکی میں بھولو نامی مکینک کی دکان کے روشن دان کو توڑ ہزاروں روپے کے اوزار اور دیگر قیمتی سامان چوری کرلیا اور فرار ہوگئے دکان کے مالک بھولو کے مطابق جب وہ اپنی دکان صبح کھولنے آیا تو اس نے دیکھا کہ دکان کا صفایا ہو چکا تھا دکان کے مالک نے ڈی ایس پی میرپور ساکرو اور ایس ایچ او گھارو سے مطالبہ کیا ہے کہ چوروں کو فوری گرفتار کرکے چوری شدہ سامان برآمد کیا جائیے- -

ننکانہ : ہاؤسنگ کالونی روڈ جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار،حادثات معمول ،نئی سڑک بنانے کاعوامی مطالبہ
ننکانہ صاحب باغی ٹی وی ( نامہ نگار احسان اللہ ایاز ) ہاؤسنگ کالونی روڈ جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار،حادثات معمول ،نئی سڑک بنانے کاعوامی مطالبہ
تفصیلات کے مطابق ہاؤسنگ کالونی روڈ جو کہ مصروف ترین روڈ ہیں اس روڈ پر میونسپل کمیٹی کا مین گیٹ ہسپتال۔ ہوٹل موجود ہیں جبکہ اس روڈ سے گزر کر بچے پرائیویٹ اسکولوں اور دیگر دفاتر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بیت المال پرائیویٹ کالجز جبکہ نماز کی ادائیگی کے لئے جامع مسجد قباء کی طرف جاتے ہیں روڈ کی ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے تیز رفتار موٹر سائیکل سوار اکثر حادثات کا شکار ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے ہاؤسنگ کالونی روڈ کے مکین ودیگر راہ گیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کر ناپڑ رہا ہے شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے
