Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: سپربند آر-2 میں شگاف، انتظامیہ غائب، زمینداروں نے سیلابی تباہی روک لی

    ڈیرہ غازی خان: سپربند آر-2 میں شگاف، انتظامیہ غائب، زمینداروں نے سیلابی تباہی روک لی

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) دریائے سندھ میں طغیانی کے نتیجے میں ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے دراہمہ کے قریب واقع سپربند آر-2 شدید دباؤ برداشت نہ کرتے ہوئے شگاف کا شکار ہو گیا، جس سے سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ متاثرہ علاقوں میں کپاس، دھان، کماد اور سبزیاں پانی میں بہہ گئیں، جب کہ درجنوں مکانات میں پانی داخل ہونے سے مقامی آبادی نقل مکانی پر مجبور ہو گئی۔ انتظامیہ کی غیر موجودگی کے باعث مقامی زمینداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت شگاف پر قابو پایا۔

    عینی شاہدین کے مطابق بند پر کئی روز سے پانی کا دباؤ بڑھتا جا رہا تھا اور مقامی زمینداروں نے محکمہ انہار و ضلعی انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ بھی کیا، مگر بروقت کوئی اقدام نہ کیا گیا۔

    صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب ضلعی انتظامیہ اور محکمہ انہار کے افسران جائے وقوعہ پر نہ پہنچے۔ ذرائع کے مطابق کمشنر اشفاق چوہدری اور ڈپٹی کمشنر عثمان خالد اس دوران شہر میں نکاسی آب کی نگرانی کے نام پر فوٹو سیشنز میں مصروف رہے، جبکہ دریا کنارے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔

    دوسری جانب مقامی زمینداروں جن میں اللہ ڈتہ سکھانی، خدا بخش سکھانی، غلام عباس کارلو، طالب کارلو، منظور حسین کلر، خادم حسین کلر اور کھول برادری کے دیگر افراد شامل تھے، نے اپنے وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالیاں، مٹی، بوریاں اور انسانی قوت استعمال کر کے سپربند کے شگاف کو بھرنے کی کامیاب کوشش کی، جس سے پانی کے مزید پھیلاؤ کو روکا جا سکا۔

    مقامی افراد نے انتظامیہ کی غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر مزید تاخیر ہوئی تو نہ صرف فصلیں، بلکہ قیمتی جانیں بھی خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

    دوسری طرف بارشوں کے باعث دریائے سندھ کے مغربی کنارے واقع علاقے جن میں شاہ صدر دین، پیر عادل، جکھڑ امام شاہ، غوث آباد، دری میرو، بستی بھائی، لاڈن، سمینہ سادات اور دراہمہ سمیت کئی نشیبی علاقے زیرآب آچکے ہیں۔
    سیلابی پانی سے متاثرہ علاقوں میں فوری ریلیف، راشن، ادویات، عارضی رہائش اور طبی سہولیات کی فراہمی وقت کی اشد ضرورت ہے، تاہم اب تک نہ تو کوئی امدادی ٹیم پہنچی ہے اور نہ ہی ضلعی یا صوبائی حکومت کا کوئی نمائندہ متاثرہ دیہاتوں میں آیا ہے، جس سے مقامی افراد میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    متاثرہ علاقوں میں اب بھی پانی جمع ہے اور خدشہ ہے کہ اگر مزید بارشیں ہوئیں یا دریا میں پانی کی سطح بڑھی تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ مقامی سماجی تنظیموں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انسانی و زرعی نقصان کو مزید بڑھنے سے روکا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: دلانہ پتی زئی میں پولیس اور CCD کی ڈاکوؤں سے جھڑپ، کوہِ سلیمان میں سرچ آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان: دلانہ پتی زئی میں پولیس اور CCD کی ڈاکوؤں سے جھڑپ، کوہِ سلیمان میں سرچ آپریشن جاری

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹرجواد اکبر) ڈیرہ غازی خان پولیس اور کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (CCD) کی مشترکہ کارروائی کے دوران دلانہ پتی زئی میں ڈکیت گینگ سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اطلاعات کے مطابق ڈاکو گینگ کی موجودگی پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔

    پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت سے جواب دیتے ہوئے گینگ کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا، تاہم ڈاکو پہاڑی راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوہِ سلیمان کے دشوار گزار علاقوں کی طرف فرار ہو گئے۔ پولیس اور CCD کی ٹیموں نے فوری تعاقب کیا اور بارڈر ملٹری ایریا میرشالی میں دوبارہ آمنا سامنا ہوا، جہاں ایک اور مرحلے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    ڈاکو گینگ ایک مرتبہ پھر پہاڑوں کی اوٹ میں فرار ہو گیا، تاہم سرچ آپریشن بدستور جاری ہے اور علاقے کو مکمل طور پر محاصرے میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔

    ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اہلکاروں سے ملاقات کی، آپریشن کی بریفنگ لی اور پولیس کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے اہلِ علاقہ سے بھی ملاقات کی اور اعتماد دلایا کہ:

    "ڈیرہ پولیس عوام کے ساتھ ہے، پہاڑی و سرحدی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔”

  • ڈیرہ غازی خان: غیر قانونی سٹون کریشرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، ڈپٹی کمشنر کا ایکشن پلان طلب

    ڈیرہ غازی خان: غیر قانونی سٹون کریشرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، ڈپٹی کمشنر کا ایکشن پلان طلب

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر جواد اکبر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں غیر قانونی سٹون کریشر یونٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں سے فوری ایکشن پلان طلب کر لیا گیا ہے۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عثمان بخاری، پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ شکیب سرور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سید اشفاق بخاری، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز غلام اصغر صدیقی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بغیر تحریری اجازت کے کوئی بھی سٹون کریشر یونٹ کام نہیں کرے گا۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹون کریشرز کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی اور قدرتی وسائل کو پہنچنے والے نقصان کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی تنبیہ کی کہ اگر کسی سرکاری افسر یا ملازم نے اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی برتی تو اس کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ ماحول کے تحفظ اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: بارش کے بعد نکاسی آب تیز، کمشنر و ڈپٹی کمشنر کا ہنگامی دورہ

    ڈیرہ غازی خان: بارش کے بعد نکاسی آب تیز، کمشنر و ڈپٹی کمشنر کا ہنگامی دورہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کے ہمراہ بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ریسکیو، ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    کمشنر اشفاق چوہدری نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور بارش کے پانی کی نکاسی مکمل استعداد کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے عملے کی موجودگی اور فیلڈ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ نکاسی آب میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام ڈسپوزل ورکس اور ڈی واٹرنگ سیٹ مکمل فعال ہیں، اور شہر بھر سے جلد پانی نکال دیا جائے گا تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • سیالکوٹ: الخدمت چلڈرنز ہسپتال کی مثالی خدمات، رکن اسمبلی منشاء بٹ کا خراجِ تحسین

    سیالکوٹ: الخدمت چلڈرنز ہسپتال کی مثالی خدمات، رکن اسمبلی منشاء بٹ کا خراجِ تحسین

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)رکنِ صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے الخدمت چلڈرنز ہسپتال، خادم علی روڈ سیالکوٹ کا دورہ کیا اور ادارے کی شاندار خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے بچوں کی صحت کے شعبے میں ایک مثالی ادارہ قرار دیا۔

    منشاء بٹ نے کہا کہ الخدمت ہسپتال فلاحی جذبے کے تحت مستحق بچوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جہاں جدید مشینری، تربیت یافتہ عملہ اور صاف ستھرا ماحول موجود ہے، جو کسی بڑے نجی اسپتال سے کم نہیں۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ہسپتال کی خدمات کے اعتراف میں اس کا لائسنس 2030 تک تجدید کر دیا ہے۔

    انہوں نے ادارے کے بانیان، منتظمین اور عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت چلڈرنز ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت، خصوصاً بچوں کے علاج کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ایسے ادارے ہی معاشرے کی حقیقی ترقی کی علامت ہوتے ہیں۔

    منشاء بٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومتی سطح پر ایسے فلاحی اداروں کی سرپرستی اور سہولت کاری کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ ان کی خدمات کو مزید وسعت دی جا سکے۔

  • گوجرہ: تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق، علاقہ سوگ میں ڈوب گیا

    گوجرہ: تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے باپ بیٹا جاں بحق، علاقہ سوگ میں ڈوب گیا

    گوجرہ (باغی ٹی وی، عبد الرحمن جٹ)چک نمبر 178 گ ب کے رہائشی موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئے، حادثے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضاء سوگوار ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق 17 سالہ شہریار اپنے والد بابر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر شہر سے گاؤں واپس جا رہے تھے کہ راستے میں چک نمبر 369 ج ب، سرجا چوک کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر سے ٹکرا گئے۔ حادثے کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہو گئے۔ شہریار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بابر کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت تشویشناک ہونے پر انہیں الائیڈ اسپتال فیصل آباد ریفر کیا گیا، لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

    حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس تھانہ صدر گوجرہ نے لاشیں قبضے میں لے کر ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں، اور ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

    نعشیں گاؤں پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، اور باپ بیٹے کی اچانک موت سے گاؤں کی فضا رنج و الم میں ڈوب گئی۔ اہل علاقہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو فوری گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔

  • اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا ڈسپوزل اسٹیشنز کا معائنہ، نکاسی آب کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت

    اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا ڈسپوزل اسٹیشنز کا معائنہ، نکاسی آب کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے شہر بھر میں بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے 1/4 ایل اور 2/4 میں قائم ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا اور ان کی ورکنگ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت دی کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل طور پر آپریشنل رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی تکنیکی یا بجلی کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دی جائے۔

    رب نواز نے اس موقع پر واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے عمل میں رکاوٹ نہ آئے، اس کے لیے ڈسپوزل اسٹیشنز کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔ انہوں نے جنریٹرز کے بیک اپ سسٹم کو بھی ہر وقت تیار رکھنے کی تاکید کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہر کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کا انخلا ان کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے مسلسل نگرانی اور علاقوں کی چیکنگ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام موٹریں مکمل طور پر فعال ہونی چاہئیں تاکہ نکاسی کے عمل میں تاخیر نہ ہو۔

    مزید براں رب نواز نے 53/2 ایل کے علاقے میں سیوریج لائن کی مرمت کے کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ اس کام کو فوری طور پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

    عوامی سہولت اور شہر کو صاف و شفاف رکھنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے مؤثر اقدامات جاری ہیں، اور اسسٹنٹ کمشنر نے واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: بارش کے دوران چھتیں گرنے کے 3 واقعات، 8 سالہ بچے سمیت 8 افراد زخمی

    اوکاڑہ: بارش کے دوران چھتیں گرنے کے 3 واقعات، 8 سالہ بچے سمیت 8 افراد زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی علاقوں میں تیز بارش کے دوران چھتیں گرنے کے تین مختلف افسوسناک واقعات پیش آئے، جن میں ایک 8 سالہ بچے سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ نواحی علاقے 46 ڈی کی بستی پیپل والا کھوہ میں پیش آیا، جہاں بارش کے باعث بانسوں سے بنے ایک چھپڑ کی چھت گر گئی۔ اس حادثے میں 8 سالہ علی حسن، 18 سالہ عنزہ، 32 سالہ علی نواز اور 42 سالہ سلمان زخمی ہوئے۔

    دوسرا واقعہ غلہ منڈی دیپالپور روڈ پر ایک ڈھابہ نما ہوٹل میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت زمین بوس ہو گئی۔ ملبے تلے دب کر 42 سالہ ذوالفقار اور 40 سالہ صابر جو کہ بہاولپور کے رہائشی ہیں، زخمی ہو گئے۔

    تیسرا حادثہ جان مولا قبرستان کے قریب پیش آیا، جہاں بارش کے دوران ایک کچے مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 48 سالہ اشرف اور اس کا 9 سالہ بیٹا شدید زخمی ہو گئے۔

    حادثات کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کو ضروری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ان میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

    بارش کے باعث پیش آنے والے ان واقعات نے مقامی افراد کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کمزور و خستہ حال رہائشی ڈھانچوں کے معائنے اور حفاظتی اقدامات کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

  • تنگوانی: چولیانی اور جعفری گینگ کیخلاف مشترکہ آپریشن، 2 ڈاکو ہلاک، 5 زخمی، 3 ٹھکانے مسمار

    تنگوانی: چولیانی اور جعفری گینگ کیخلاف مشترکہ آپریشن، 2 ڈاکو ہلاک، 5 زخمی، 3 ٹھکانے مسمار

    تنگوانی/کشمور (باغی ٹی وی نامہ نگار منصور بلوچ)ضلع کشمور کی حدود تنگوانی، کرمپور اور جمال کے علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے بدنام زمانہ چولیانی اور جعفری گینگز کے خلاف مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، جو مسلسل دو روز تک جاری رہا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور رینجرز کی مشترکہ ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون حملوں کا استعمال کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو نشانہ بنایا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران دو بدنام زمانہ ڈاکو عبدالرزاق چولیانی اور فتح چولیانی ہلاک جبکہ جعفری گینگ سے تعلق رکھنے والے غلام جعفری، داڑو جعفری، انیس بنگلانی اور دیگر تین افراد زخمی ہوئے۔ ان گروہوں کے خلاف کارروائی تھانہ جمال اور کرمپور کی حدود میں کی گئی۔

    ایس ایس پی کشمور زبیر نظیر احمد شیخ کے مطابق جعفری اور چولیانی گینگ قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، بھتہ خوری اور دیگر سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ آپریشن کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے تین مورچوں اور ٹھکانوں کو نذر آتش کر کے مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا۔

    دورانِ کارروائی پولیس اور رینجرز کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور کئی مقامات پر فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، تاہم فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے علاقہ کلیئر کرایا۔

    ترجمان کے مطابق ہلاک اور زخمی ڈاکوؤں کی لاشیں اور افراد تاحال پولیس کی حراست میں نہیں آئے، تاہم مشتبہ مقامات کی نگرانی اور تلاشی کا عمل جاری ہے۔

    ایس پی انویسٹیگیشن محمد مراد گھانگھرو، سی آئی اے، تمام ایس ایچ اوز، مددگار فائیٹرز، ریپڈ ریسپانس ٹیموں اور رینجرز کی بھاری نفری اس کارروائی میں شریک تھی۔ ترجمان پولیس کے مطابق یہ آپریشن مکمل امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

  • ڈسکہ: تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع، سالکین کی کثیر تعداد میں شرکت

    ڈسکہ: تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع، سالکین کی کثیر تعداد میں شرکت

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عمران ملک)سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الااخوان ضلع سیالکوٹ کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع دارالعرفان ڈسکہ مرکز میں روحانی جذب و کیف کے ماحول میں منعقد ہوا، جس میں خواتین سمیت ضلع بھر سے سالکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اجتماع سے شیخِ سلسلہ اور تنظیم الااخوان پاکستان کے سربراہ امیر عبدالقدیر اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے سالکین کو ذکرِ قلبی کی اہمیت اور روحانی تربیت کے مراحل پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر صاحبِ مجاز عبدالحمید چھینہ ایڈووکیٹ نے نئے آنے والے سالکین کو طریقۂ ذکر سکھایا۔

    ضلعی جنرل سیکرٹری عارف رفیق نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سالانہ اجتماع دارالعرفان منارہ میں بھرپور شرکت کی اپیل کی، اور تمام ذمہ داران و سالکین کو دعوت دی کہ وہ روحانی ترقی کے اس عظیم موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔

    اجتماع کے اختتام پر ملکی سلامتی، اتحادِ امت، اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ شرکاء کی لنگر سے تواضع بھی کی گئی۔ سالکین نے اجتماع کو روحانی سکون اور تعلق باللہ کے لیے ایک نادر موقع قرار دیا۔