Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: محرم الحرام میں سیکیورٹی، کنٹرول رومز فعال، سیف سٹی کیمروں سے نگرانی کا عمل شروع

    ڈیرہ غازی خان: محرم الحرام میں سیکیورٹی، کنٹرول رومز فعال، سیف سٹی کیمروں سے نگرانی کا عمل شروع

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ڈیرہ غازی خان میں ضلعی کنٹرول رومز مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ڈی پی او سید علی اور دیگر افسران کے ہمراہ ضلعی کنٹرول روم اور سیف سٹی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے بتایا کہ شہر بھر میں حساس مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ہر لمحہ مجالس اور جلوسوں کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق مجالس اور جلوسوں کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کے ساتھ ساتھ دیگر ذرائع سے بھی مانیٹرنگ جاری ہے۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے شہر کی اہم شاہراہیں، داخلی و خارجی راستے اور حساس مقامات مکمل طور پر کور کر لیے گئے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام ادارے باہم مربوط انداز میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

  • اوکاڑہ: کھڑے پانی سے ماں بیٹے کی لاشیں برآمد، حادثہ یا قتل؟

    اوکاڑہ: کھڑے پانی سے ماں بیٹے کی لاشیں برآمد، حادثہ یا قتل؟

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) رینالہ خورد بائی پاس کے قریب واقع کھڑے پانی سے ماں اور بیٹے کی لاشیں ملنے پر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متوفیہ کی شناخت چک امیر سنگھ، پاکپتن کی رہائشی معافیہ بی بی اور اس کے بیٹے کے طور پر ہوئی ہے، جن کی لاشیں کھڑے پانی سے برآمد کی گئیں۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن کے بعد دونوں لاشیں نکال کر ابتدائی کارروائی مکمل کی۔ نعشیں مقامی پولیس کی موجودگی میں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور سائنسی بنیادوں پر شواہد جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ یہ حادثہ ہے یا کسی جرم کا نتیجہ۔ حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

    علاقہ مکینوں نے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اصل محرکات جلد از جلد سامنے لائے جائیں اور اگر کسی نے یہ سانحہ جان بوجھ کر کیا ہے تو اسے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

  • اوکاڑہ میں موسلادھار بارش سے حبس کا خاتمہ، عوام نے لیاسکھ کا سانس

    اوکاڑہ میں موسلادھار بارش سے حبس کا خاتمہ، عوام نے لیاسکھ کا سانس

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ شہر میں موسلادھار بارش نے حبس زدہ موسم کا خاتمہ کر دیا اور جل تھل ایک ہو گیا۔ بارش کے باعث شہریوں کو شدید گرمی اور گھٹن سے نجات ملی، جس پر عوام نے سکھ کا سانس لیا اور قدرت کے اس انعام پر شکر ادا کیا۔

    بارش سے قبل شہر میں گزشتہ دو روز سے واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ جاری تھی، جس سے عوام شدید اذیت میں مبتلا تھے۔ حبس زدہ موسم اور بجلی کی بندش نے بزرگوں، بچوں اور مریضوں کی حالت غیر کر دی تھی۔ تاہم جیسے ہی بارش کا آغاز ہوا، واپڈا نے بجلی بحال کر دی۔

    عوامی حلقوں نے واپڈا کے اس رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ برسات کے موسم میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ بارش کے بعد اکثر موسم میں نمی بڑھ جاتی ہے اور حبس کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے، ایسے میں بجلی کی بندش شہریوں کے لیے ناقابل برداشت ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واپڈا کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لے تاکہ موسم کی شدت کے دوران عوام کو بنیادی سہولیات میسر رہیں۔

  • اوکاڑہ: بارشوں کے پانی کے نکاس کیلئے نالوں کی صفائی، ڈسپوزل اسٹیشنز فعال رکھنے کی ہدایت

    اوکاڑہ: بارشوں کے پانی کے نکاس کیلئے نالوں کی صفائی، ڈسپوزل اسٹیشنز فعال رکھنے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے مون سون بارشوں کے دوران بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں نالیوں کی صفائی اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گول چوک سے ملحقہ بازاروں میں سینٹری ورکرز کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور انہیں ہدایت کی کہ نکاسی آب کے لیے تمام نالیاں مکمل طور پر صاف اور فعال رکھی جائیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے 1/4 ایل کے واٹر ڈسپوزل اسٹیشن کی مشینری اور سٹاف کی حاضری کا بھی جائزہ لیا اور واضح احکامات جاری کیے کہ بارشوں کے دوران ڈسپوزل اسٹیشنز کی مشینیں مسلسل فعال رہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈسپوزل سٹیشنز میں جنریٹرز کے لیے وافر مقدار میں ڈیزل دستیاب رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مشینری بند نہ ہو۔

    رب نواز نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران صفائی اور پانی کے نکاس کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے اور واٹر ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل طور پر فنکشنل حالت میں رکھا جائے۔ انہوں نے تحصیل روڈ اور فیصل آباد روڈ پر بھی صفائی اور پانی کے انخلاء کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو موقع پر ضروری ہدایات دیں۔

  • اوکاڑہ: سرکاری ہسپتالوں کی ابتر صورتحال برداشت نہیں کی جائے گی، چوہدری عبدالجبار گجر

    اوکاڑہ: سرکاری ہسپتالوں کی ابتر صورتحال برداشت نہیں کی جائے گی، چوہدری عبدالجبار گجر

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سٹی اوکاڑہ کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، مفت ادویات کی فراہمی اور لیبارٹری خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور دستیاب سہولیات سے متعلق اطمینان یا عدم اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں کی ابتر صورتحال کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شعبہ صحت میں معیاری سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ چوہدری عبدالجبار گجر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب، خاص طور پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف، عوام سے کیے گئے صحت سہولیات کے وعدے کو ہر صورت پورا کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور اس مقصد کے لیے مختلف شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے پر زور دیا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مریضوں کی دلجمعی سے دیکھ بھال کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو پوری دیانت داری سے سرانجام دیں تاکہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کا حقیقی فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔

  • کرم: سینئر صحافی محمد بلوچ سات ماہ بعد بھی حکومتی معاوضے سے محروم

    کرم: سینئر صحافی محمد بلوچ سات ماہ بعد بھی حکومتی معاوضے سے محروم

    کرم (باغی ٹی وی) ضلع کرم کے علاقے بگن میں 21 نومبر 2024 کی رات ہونے والے افسوسناک واقعے کو سات ماہ گزر چکے ہیں، مگر متاثرین میں شامل سینئر صحافی اور دنیا نیوز سے وابستہ محمد بلوچ تاحال حکومتی معاوضے کے منتظر ہیں۔

    واقعے کے دوران نامعلوم شرپسندوں نے بگن پر حملہ کر کے علاقے کی 1500 سے زائد دکانوں، مارکیٹوں اور رہائشی مکانات کو آگ لگا دی تھی۔ اسی آتشزدگی میں محمد بلوچ کا صحافتی دفتر بھی مکمل طور پر جل گیا، جس کے باعث وہ پیشہ ورانہ سرگرمیاں جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔

    واقعے کے بعد حکومت کی جانب سے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے کرایا گیا اور متاثرین کو مالی امداد دینے کا اعلان بھی ہوا، تاہم متعدد متاثرین بشمول محمد بلوچ اب بھی کسی قسم کی مدد سے محروم ہیں۔

    محمد بلوچ نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ وہ صحافیوں سمیت تمام متاثرہ افراد کو فوری طور پر معاوضہ فراہم کریں تاکہ وہ دوبارہ اپنے روزگار کو بحال کر سکیں۔ صحافتی حلقوں نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وعدوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

  • اوچ شریف: گٹکا فروشوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا  کریک ڈاؤن، دو ہزار ساشے تلف، دکانداروں پر جرمانے

    اوچ شریف: گٹکا فروشوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، دو ہزار ساشے تلف، دکانداروں پر جرمانے

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولپور کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے اوچ شریف میں مضر صحت اور ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دو ہزار سے زائد ساشے موقع پر ضبط کر کے تلف کر دیے۔ کارروائی کے دوران کئی دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور متعدد کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔

    ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق گٹکا محض ممنوعہ نہیں بلکہ زہریلا مواد ہے جو نوجوان نسل کو کینسر جیسی مہلک بیماریوں میں مبتلا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا: "اوچ شریف میں اب کوئی گٹکا فروش محفوظ نہیں، جہاں گٹکا ہوگا وہاں فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ ہوگا!”

    کریک ڈاؤن کے دوران صرف گٹکا ہی نہیں بلکہ ناقص صفائی، زائدالمیعاد اشیاء، ملاوٹ شدہ مصالحہ جات اور غیر معیاری خوردنی سامان کی بھی نشاندہی کی گئی، جن پر فوری جرمانے اور انتباہی نوٹس جاری کیے گئے۔

    فوڈ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ گٹکا فروخت اب "سرعام جرم” تصور کیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف FIR درج کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ یہ پیغام نہ صرف گٹکا فروشوں بلکہ ان کے سہولت کاروں اور ذخیرہ اندوزوں کے لیے بھی ہے کہ اب قانون حرکت میں آ چکا ہے۔

    پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اوچ شریف کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ممنوعہ اشیاء کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 یا فوڈ اتھارٹی کی موبائل ایپ کے ذریعے دیں، تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا سکے۔

  • سیالکوٹ: امام بارگاہوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں

    سیالکوٹ: امام بارگاہوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) محرم الحرام کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے ڈپٹی کمشنر صبا اصغر کی زیرِ سرپرستی امام بارگاہ مستری عبداللہ اور در بتول میں ریسکیو اور سیکیورٹی اداروں کی مشترکہ فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مشق سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایت پر کی گئی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی نگرانی میں منعقدہ اس مشق میں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پولیس، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔

    مشق کے دوران فرضی بم دھماکہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں "زخمی” افراد کو ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر طبی امداد فراہم کی اور قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اسی دوران آگ بجھانے کی مشق بھی کی گئی، جس میں بروقت کارروائی کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔

    اس مشق کا مقصد مختلف اداروں کے درمیان آپسی ہم آہنگی کو بہتر بنانا، تیاری کے معیار کو جانچنا، اور کسی بھی ممکنہ سانحے سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔

  • سیالکوٹ: یوسی کھروٹہ سیداں نمبر 44 میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے عہدیداران کا انتخاب

    سیالکوٹ: یوسی کھروٹہ سیداں نمبر 44 میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے عہدیداران کا انتخاب

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)یونین کونسل کھروٹہ سیداں نمبر 44 سیالکوٹ کا اہم اجلاس سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) شہزادہ سید خرم شاہ اور سید خشنود شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) یوتھ آرگنائزیشن ونگ پاکستان کے عہدیداران کا باہمی مشاورت سے انتخاب عمل میں لایا گیا۔

    منتخب ہونے والے عہدیداران کے نام درج ذیل ہیں:یو سی صدر: سید منصور شمسی،سینئر نائب صدور: چوہدری شمس لودھا، سید عابد حسین شاہ، ریٹائرڈ صوبیدار ذوالفقار علی، سید واجد تنویر، نمبردار سخاوت حسین شاہ،نائب صدور: سید نوید شاہ سیمٹ والے، سید منصور اشرف، سید فخر ذوالفقار، سید اشفاق شاہ، سید خشنود شاہ،جنرل سیکرٹری:سید عیسیٰ نور،جوائنٹ سیکرٹری: غلام حسین، نعمان اعجاز المعروف نومی کھوکھر،فنانس سیکرٹری: محمد بلال.انفارمیشن سیکرٹری:سید شاہد شاہ.

    اجلاس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ آرگنائزیشن ونگ پاکستان میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سیاسی، سماجی، مذہبی، تاجر برادری اور معززین علاقہ نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی قیادت میں یوتھ ونگ کا فعال کردار علاقے میں مثبت سیاسی اور سماجی تبدیلیوں کا پیش خیمہ بنے گا۔

  • ڈسکہ: پریس کلب ڈسکہ رجسٹرڈ کے انتخابات ، محمد افضل منشاء چیئرمین منتخب، تمام عہدیداران بلامقابلہ کامیاب

    ڈسکہ: پریس کلب ڈسکہ رجسٹرڈ کے انتخابات ، محمد افضل منشاء چیئرمین منتخب، تمام عہدیداران بلامقابلہ کامیاب

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران)پریس کلب ڈسکہ رجسٹرڈ کے انتخابات برائے سال 2025–2026 مکمل ہو گئے ہیں، جس میں تمام عہدیداران کو بلامقابلہ منتخب قرار دیا گیا ہے۔ اس موقع پر صحافتی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    نو منتخب عہدیداران کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

    چیئرمین: محمد افضل منشاء (روزنامہ اوصاف لاہور)

    سینئر وائس چیئرمین: ڈاکٹر امین رضا مغل (سنو نیوز)

    وائس چیئرمین: عدنان ناصر مغل (روزنامہ نوائے وقت لاہور)

    جنرل سیکرٹری: سید رضوان مہدی (روزنامہ دنیا لاہور)

    جوائنٹ سیکرٹری: کرن چوہدری (وش نیوز)

    سیکرٹری نشر و اشاعت: رانا محمد افضل
    (روز نیوز)

    فنانس سیکرٹری: خالد فاروق مغل (روزنامہ پاکستان لاہور)

    تمام عہدیداران کو بلامقابلہ منتخب ہونے پر باغی ٹی وی سیالکوٹ کی پوری ٹیم کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ پریس کلب کی نئی قیادت سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔