Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ٹھٹھہ: پولیس کا منشیات فروشوں اور گٹکا ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، 24 ملزمان گرفتار

    ٹھٹھہ: پولیس کا منشیات فروشوں اور گٹکا ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، 24 ملزمان گرفتار

    ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) ٹھٹھہ پولیس نے منشیات فروشوں اور گٹکا مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 24 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن میں 19 گٹکا فروش اور 5 منشیات فروش شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران 2850 پیکٹ گٹکا ماوا، 56 بیگز دیسی شراب، 115 گرام چرس، 1 موٹر سائیکل اور 2 موبائل فونز برآمد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی قیادت میں پولیس نے مختلف علاقوں میں منظم کریک ڈاؤن کیا۔ تھانہ ٹھٹھہ کے ایس ایچ او سب انسپیکٹر مظفر علی خالدی نے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک گٹکا ڈیلر شاھنواز ولد حاجی خان بروہی کو گرفتار کرلیا۔

    دیگر کارروائیاں ٹھٹھہ، مکلی، گھارو، ساکرو، دہابیجی، جھرک، گھوڑاباڑی اور سی آئی اے پولیس کی جانب سے عمل میں آئیں، جن میں عبدالقادر گھرانو، عبدالعزیز قمبرانی، امان اللہ سمیجو، گل حسن کلمتی، عبدالرشید ملاح، محمد ارمان انصاری، بلاول سمیجو، توقیر سومرو، عبدالستار عرف چھوٹو پٹھان، اللہ واریو میربحر، ارشد ملاح، فیصل منگنھار، مجیب شاہ، افضل شیخ، اشوک کمال، عظیم عمرانی، ذوالفقار ببر، نیاز جاکھرو سمیت دیگر کو گرفتار کیا گیا۔

    منشیات فروشوں میں فیاض چانڈیو، دلبر علی عرف ببی، گلزار علی بابلی، حسین خاصخیلی اور کرامت جھویو شامل ہیں۔ پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف گٹکا ایکٹ، منشیات آرڈیننس اور نارکوٹکس ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ کا کہنا ہے کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

  • اوکاڑہ: خاتون قتل کیس کا فیصلہ، مجرم محمد آصف کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ

    اوکاڑہ: خاتون قتل کیس کا فیصلہ، مجرم محمد آصف کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سیشن جج اوکاڑہ راجہ قمر الزمان کی عدالت نے خاتون قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے مجرم محمد آصف کو عمر قید اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ قید کاٹنا ہوگی۔

    استغاثہ کے مطابق نومبر 2022 میں چک نمبر 2 فور ایل، عامر کالونی اوکاڑہ میں گھریلو تنازعے پر محمد آصف نے فائرنگ کر کے رانیہ بی بی نامی خاتون کو قتل کر دیا تھا۔ واقعہ کا مقدمہ نمبر 1796/25 تھانہ صدر اوکاڑہ میں درج کیا گیا تھا۔ سیشن عدالت میں مکمل ٹرائل کے بعد جرم ثابت ہونے پر عدالت نے سزا کا فیصلہ سنایا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اوکاڑہ نے کیس کی مؤثر تفتیش پر تفتیشی افسر اور لیگل ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ کسی بے گناہ کو قتل کرنے والا کسی رعایت کا مستحق نہیں۔

  • اوکاڑہ: بارش کے باعث چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جاں بحق، دو زخمی

    اوکاڑہ: بارش کے باعث چھت گرنے سے 5 سالہ بچی جاں بحق، دو زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے نواحی علاقے بنگلہ گوگیرہ کی بستی ریاض احمد میں بارش کے باعث بانسوں سے بنی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچی دعا فاطمہ جاں بحق جبکہ 6 سالہ ارم اور 7 سالہ مہوش شدید زخمی ہو گئیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تینوں بچیاں کمرے میں بیٹھ کر سپارہ پڑھ رہی تھیں۔ اچانک موسلا دھار بارش کے دوران کمزور چھت زمین بوس ہو گئی جس کے نیچے آ کر بچیاں ملبے میں دب گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے بچیوں کو ملبے سے نکالا۔ زخمی بچیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ جاں بحق بچی کی نعش بھی ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ہسپتال بھجوا دی گئی۔ واقعے پر علاقے میں گہرے دکھ اور افسوس کی فضا ہے۔

  • اوچ شریف: سفیرانِ امن قافلہ کا دورہ، محرم الحرام میں امن و بھائی چارے کے عزم کا اظہار

    اوچ شریف: سفیرانِ امن قافلہ کا دورہ، محرم الحرام میں امن و بھائی چارے کے عزم کا اظہار

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)سفیرانِ امن قافلہ امن و بھائی چارے کا پیغام لیے اوچ شریف پہنچ گیا، جہاں سجادہ نشین بنگلہ بخاری مخدوم سید زمرد حسین بخاری اور ولی عہد مخدوم زادہ سید غلام حسن زمرد نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ اجلاس کی صدارت مخدوم سید زمرد حسین بخاری نے کی۔

    قافلہ کی قیادت مرکزی انجمن تاجران بہاولپور کے صدر خرم سلیم نے کی، جبکہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام، انجمن تاجران، لائسنس داران اور مختلف منتظمین قافلے میں شامل تھے۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور بھائی چارے کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تمام شرکاء نے محرم الحرام میں درپیش ممکنہ مسائل پر بھی گفتگو کی اور ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون حاصل کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس کے اختتام پر مخدوم سید زمرد حسین بخاری نے ملکی سلامتی، قومی یکجہتی اور عشرہ محرم میں امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی۔

  • گھوٹکی: بھٹہ برادری کی بھینسیں اور موٹر سائیکلیں برآمد ،جلد ملزمان کی گرفتاری متوقع

    گھوٹکی: بھٹہ برادری کی بھینسیں اور موٹر سائیکلیں برآمد ،جلد ملزمان کی گرفتاری متوقع

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی قیادت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کر لی۔ تھانہ ریتی کی حدود میں بھٹہ برادری اور چارن برادری کے درمیان ذاتی جھگڑے کے نتیجے میں بھٹہ برادری نے چارن برادری کی دو خواتین، بھینسیں اور موٹر سائیکلیں لے لی تھیں۔ واقعے کے بعد چارن برادری نے تھانہ ریتی میں کرائم نمبر 14/2025 کے تحت دفعات 365B، 452، 395، 436، 114، 337h2، 147، 148، اور 149 کے تحت 32 نامزد اور 15 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔

    آج پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھٹہ برادری سے بھینسیں اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں، جنہیں قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کر دیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • 26 جون: منشیات کے خلاف عالمی دن

    26 جون: منشیات کے خلاف عالمی دن

    26 جون: منشیات کے خلاف عالمی دن
    تحریر: ضیاء الحق سرحدی، پشاور
    📧 ziaulhaqsarhadi@gmail.com
    26 جون کا دن منشیات کے استعمال اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ منشیات کے استعمال کی تاریخ بھی انسانی تاریخ کی طرح قدیم ہے۔ انسان اس کا استعمال شاید ازل سے ہی کرتا آ رہا ہے۔ دنیا کے تمام خطوں میں ایسی قدرتی اور خودرو جڑی بوٹیاں موجود ہیں جن کے استعمال سے نشہ ہوتا ہے۔

    منشیات کا استعمال صدیوں سے جاری ہے۔ قدیم مذاہب اور تہذیبوں میں اس کی کوئی ممانعت نہیں تھی، البتہ اسلام نے ہر نشہ آور چیز کو حرام قرار دے کر مسلمانوں کو اس سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ لیکن آج دنیا کے دیگر ممالک کی مانند اسلامی ممالک میں بھی اس کا استعمال عام ہے۔

    افغانستان کا شمار ان ممالک میں کیا جاتا ہے جہاں دنیا کی سب سے زیادہ مقدار میں منشیات کی پیداوار ہوتی ہے اور پاکستان کے قبائلی علاقے منشیات کی اسمگلنگ کے لیے مشہور ہیں۔ اس کا استعمال خیبر سے کراچی تک ہے۔ اس لیے یہ کہنا درست ہوگا کہ نشے کے عادی افراد کے بوجھ نے پاکستان میں صحت عامہ کے نظام کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے ادارے کا کہنا ہے کہ چھ لاکھ سے زائد پاکستانی نشہ کرنے والوں کو منشیات نہ ملے تو اس وجہ سے ان کی موت بھی ہوسکتی ہے۔ اے این ایف نے صرف پاکستان کو ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کا عزم مصمم کر رکھا ہے، جس میں اب تک اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) نے حوصلہ افزا کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

    اے این ایف نے ریکارڈ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اس دوران لاکھوں کلو گرام منشیات پکڑی گئی ہیں، جو اے این ایف کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کا کریڈٹ اے این ایف کے میجر جنرل عبدالمعید اور کمانڈنٹ پشاور اے این ایف بریگیڈیئر مظہر حسین کو جاتا ہے۔

    دیگر سرکاری ایجنسیوں کے علاوہ ایف بی آر کے محکمے اور ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پشاور آپریزمنٹ اور کسٹم انفورسمنٹ کا بھی اہم کردار رہا ہے۔ ان محکموں نے بھی منشیات پکڑنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، جس کا سہرا چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، ممبر کسٹم آپریشن محمد جنید جلیل خان، چیف کلکٹر کسٹم آپریزمنٹ نارتھ پشاور خواجہ خرم نعیم، کلکٹر کسٹم آپریزمنٹ پشاور اظہر المہدی، چیف کلکٹر کسٹم انفورسمنٹ باسط عباس اور کلکٹر کسٹم انفورسمنٹ ضیاء اللہ شمس کو جاتا ہے۔

    محکمہ کسٹمز پشاور نے بڑی تعداد میں منشیات، شراب، جعلی سگریٹ، زائدالمیعاد ادویات (جو کہ استعمال کے لیے نہایت ہی مضر صحت ہیں) پکڑی ہیں جن میں ہیروئن پاوڈر، چرس، افیون، میتھیمفیٹامین (آئس ڈرگ)، کوکین وغیرہ شامل ہیں، جن کی مالیت 30 ملین روپے بنتی ہے۔ کسٹم جنرل آرڈرز کے تحت ان تمام اشیاء کو ضائع کر دیا جاتا ہے۔

    اس دن کو منانے کا مقصد عوام الناس کو آگاہی دینا ہوتا ہے کہ منشیات کا استعمال معاشرے کے لیے ناسور ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان میں یہ دن بھرپور طریقے سے مناتی ہے اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔ اے این ایف اپنی ذمہ داریاں مکمل دلجوئی اور پختہ عزم کے ساتھ بخوبی سر انجام دے رہا ہے۔

    اے این ایف منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر برسرپیکار ہے۔ عوامی شعور بیدار کرنے کی غرض سے سال 2024-2025 کے دوران اب تک صوبے بھر میں 100 سے زائد آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ہے، جبکہ تعلیمی اداروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

    اس ضمن میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی (KMU) کی اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹی ہر سال یہ دن بڑے اہتمام سے مناتی ہے، جس کے روح رواں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق ہیں۔ راقم (ضیاء الحق سرحدی) بھی اس کمیٹی کے رکن ہیں۔

    آگاہی سرگرمیوں میں سیمینار، واک، کھیلوں کی سرگرمیاں، میڈیا اشتہارات، اور عوامی حلقوں میں آگاہی مواد کی تقسیم شامل ہیں۔ عالمی دن کی مناسبت سے 26 جون 2025 کو پشاور میں خصوصی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں نوجوانوں اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

    اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کے عادی افراد کے علاج کے لیے کراچی، کوئٹہ، اور اسلام آباد میں تین مراکز قائم کیے ہیں، جہاں اب تک 15000 سے زائد افراد کا مفت علاج کیا جا چکا ہے۔

    اس وقت 90 فیصد منشیات افغانستان میں پیدا ہو رہی ہے، جس میں سے 40 فیصد پاکستان اسمگل کی جاتی ہے اور پھر آگے مختلف ممالک کو منتقل ہوتی ہے۔ باقی 50 فیصد منشیات افغانستان سے وسطی ایشیائی ممالک کو ایران کے راستے سے سمگل کی جاتی ہے۔

    چار دہائیوں پر محیط افغان بدامنی نے جہاں پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات مرتب کیے، وہیں نوجوان نسل میں بگاڑ پیدا کیا۔ بدامنی اور دہشت گردی نے کاروبار زندگی کو متاثر کر کے نوجوانوں کو بے روزگار کیا، جنہیں بعد ازاں نشہ کی طرف راغب کیا گیا۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا میں 20 کروڑ سے زائد افراد منشیات کے عادی ہیں۔ سب سے زیادہ استعمال براعظم امریکا میں ہوتا ہے، جب کہ ہیروئن کے استعمال میں ایشیا سرفہرست ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ مانگ یورپ میں ہے، جہاں 75 فیصد لوگ ذہنی دباؤ اور دیگر مسائل کے حل کے لیے منشیات کا سہارا لیتے ہیں۔

    پاکستان میں تقریباً 2 ملین لوگ صرف ہیروئن کے عادی ہیں۔ افغانستان کے 34 میں سے 17 صوبوں میں 24,700 سے 59,300 ایکڑ رقبے پر بھنگ (Marijuana) کاشت کی جاتی ہے، جس سے سالانہ 1500 سے 3500 ٹن چرس حاصل ہوتی ہے، اور اس کی آمدنی 115 ملین ڈالر بنتی ہے، جو افیون کی آمدنی کا صرف 10 سے 15 فیصد ہے۔

    پاکستان میں منشیات کے خاتمے کے لیے صرف سخت اقدامات ہی کافی نہیں، بلکہ اس کے اسباب کا خاتمہ بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے انسداد منشیات پالیسی کے تحت تمام نوجوانوں کو اس کے مضر اثرات سے آگاہ کیا جائے، اسکولوں، کالجوں میں سوشل ٹریننگ اور علاج کے پروگرامز متعارف کرائے جائیں، ڈرگ ٹریفکنگ کو مؤثر طریقے سے روکا جائے۔

    نشے کے عادی افراد کو مجرم سمجھنے کے بجائے ان کی بحالی میں مدد دی جائے، جب کہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ تمام سیاسی جماعتوں، لیبر یونینز، میڈیا، مذہبی اداروں، اور این جی اوز کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا۔

    وزارت نارکوٹکس کنٹرول، وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر آگاہی پروگرام تشکیل دے، جب کہ وفاقی و صوبائی سطح پر مزید بحالی مراکز قائم کیے جائیں۔ جیلوں میں موجود قیدیوں میں 40 فیصد منشیات کے عادی ہوتے ہیں، ان کے علاج کا آغاز جیلوں سے ہونا چاہئے۔

    خواتین کے لیے بھی بڑے شہروں میں بحالی کے علیحدہ مراکز قائم کیے جائیں تاکہ ہم منشیات سے پاک اور صحت مند قوم بن سکیں۔

  • میرپورخاص: نیشنل پریس کلب کے وفد کی ایس ایس پی سے ملاقات، محرم الحرام کے سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

    میرپورخاص: نیشنل پریس کلب کے وفد کی ایس ایس پی سے ملاقات، محرم الحرام کے سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)نیشنل پریس کلب میرپورخاص کے وفد نے صدر حیات قریشی کی قیادت میں ایس ایس پی میرپورخاص ڈاکٹر سمیر نور چنہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات پر اہم گفتگو کی گئی۔

    ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں ایس ایس پی ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے نیشنل پریس کلب کی بے باک اور حق گو صحافت کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کا یہ کردار معاشرتی بہتری میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر وفد کی جانب سے محرم کے دوران سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

    صدر نیشنل پریس کلب حیات قریشی نے ایس ایس پی کو کلب کے باضابطہ دورے کی دعوت دی، جسے ڈاکٹر سمیر نور چنہ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ عاشورہ کے بعد پریس کلب کا دورہ کریں گے اور صحافیوں سے ملاقات میں ان کے مسائل اور تجاویز سنیں گے۔

    ملاقات میں جنرل سیکریٹری اقبال سولنگی، جوائنٹ سیکریٹری مبین چانہیو، انفارمیشن سیکریٹری اشفاق احمد قریشی، رضی انصار، گورننگ باڈی ممبر محمد علی بھرگڑی، سید شاہزیب شاہ اور بہادر علی مری شریک تھے۔

    جنرل سیکریٹری اقبال سولنگی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب ہمیشہ غیر جانبدار، سچ پر مبنی اور عوامی مفاد میں صحافت کے اصولوں پر کاربند رہا ہے۔ ملاقات کو صحافت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون کی مثبت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

  • سرگودھا :پریس کلب کا اہم اجلاس، صحافی کالونی کا اعلان متوقع، 25 لاکھ کی گرانٹ پر انکوائری، سوشل میڈیا تضحیک پر پابندی

    سرگودھا :پریس کلب کا اہم اجلاس، صحافی کالونی کا اعلان متوقع، 25 لاکھ کی گرانٹ پر انکوائری، سوشل میڈیا تضحیک پر پابندی

    سرگودھا (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ سے)سرگودھا پریس کلب کی مجلسِ عاملہ کا ایک اہم اجلاس صدر کلب عبدالحنان چوہدری کی زیر صدارت کامن روم میں منعقد ہوا جس میں جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان سمیت دیگر عہدیداران و ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد صدر نے کلب کی مجموعی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔

    اجلاس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے، جن میں سب سے نمایاں اعلان صحافی کالونی کے قیام سے متعلق تھا۔ صدر اور جنرل سیکرٹری نے بتایا کہ حکومتی منظوری کا عمل آخری مراحل میں ہے اور جلد باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا، جس سے مستحق صحافیوں کو اپنی رہائش کی سہولت میسر آئے گی۔ ندیم خان، شہزاد شیرازی، سیف خان اور شیخ رضوان کی خدمات کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    اجلاس میں گزشتہ برس کی روکی گئی 25 لاکھ روپے کی گرانٹ پر بھی توجہ دی گئی اور اس حوالے سے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں رانا عارف، رانا افضل، اور تصور ملیانہ شامل ہیں۔ کمیٹی کو 30 دن کے اندر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    رکنیت کے معاملے پر بھی اہم فیصلہ کیا گیا، جس کے تحت چوہدری عبدالوہاب کی ممبرشپ بحالی کی توثیق روک دی گئی۔ وضاحت کی گئی کہ مثبت صحافتی رویہ اور ادارہ جاتی وابستگی نہ ہونے کے باعث ان کی بحالی ممکن نہیں، جبکہ عدالتی فیصلہ بھی اس راہ میں رکاوٹ ہے۔

    نئی رکنیت سازی جلد آئینی تقاضوں کے مطابق شروع کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بھی مستحق کارکن صحافی محروم نہ رہے۔ اجلاس میں کلب کی تزئین و آرائش، سالانہ ڈنر، سپورٹس و میوزیکل ایونٹس، اور یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    سوشل میڈیا پر کلب عہدیداران کی تضحیک و توہین پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت تادیبی کارروائی کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ اس عمل پر مکمل پابندی ہو گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    اراکین نے صدر عبدالحنان چوہدری اور جنرل سیکرٹری شیخ محمد رضوان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پریس کلب ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ بھی دیا گیا۔

  • تلہ گنگ: تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، درجنوں دکانیں اور ہوٹل سیل

    تلہ گنگ: تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، درجنوں دکانیں اور ہوٹل سیل

    تلہ گنگ (باغی ٹی وی، ملک محمد مزمل اقبال)ڈپٹی کمشنر چکوال/تلہ گنگ کی خصوصی ہدایات پر تلہ گنگ شہر میں تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ کی نگرانی میں میونسپل کمیٹی کی ٹیم متحرک کردار ادا کر رہی ہے اور اب تک درجنوں غیر قانونی دکانیں، ہوٹل اور تعمیرات کو سیل کیا جا چکا ہے۔

    اس آپریشن میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، انکروچمنٹ آفیسر ملک مدثر، ایم او ار ملک سلیم اقبال اور ان کی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود رہتی ہے۔ کارروائیاں شہر کے مرکزی بازار، بس اڈہ، لاری اڈہ اور دیگر اہم مقامات پر کی جا رہی ہیں تاکہ عوامی راستے کشادہ ہوں، شہریوں کی آمدورفت میں آسانی ہو، اور شہر کی خوبصورتی بحال کی جا سکے۔

    ضلعی انتظامیہ نے واضح پیغام دیا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا عوامی جگہوں پر ناجائز قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عوامی حلقوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے شہر کی بہتری کی جانب مثبت قدم قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ آپریشن مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا تاکہ تلہ گنگ کو تجاوزات سے مکمل نجات دلائی جا سکے۔

  • سیالکوٹ: محمد فلک قادری کی ولیمہ تقریب، مذہبی اجتماع میں بدل گئی

    سیالکوٹ: محمد فلک قادری کی ولیمہ تقریب، مذہبی اجتماع میں بدل گئی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ کی معروف سماجی و مذہبی شخصیت حاجی حافظ محمد منیر قادری کے صاحبزادے محمد فلک قادری کی دعوتِ ولیمہ ایک عظیم روحانی اجتماع میں بدل گئی۔ یہ روحانی بزم اس وقت اور بھی منور ہو گئی جب ملک بھر سے مشائخ عظام، علماء کرام اور روحانی شخصیات نے شرکت فرمائی۔

    دعوتِ ولیمہ کی تقریب میں خلیفہ مجاز آستانہ عالیہ حضرت خواجہ زندہ پیر رحمتہ اللہ علیہ گھمکول شریف کوہاٹ پیر مظہر حسین خلیفہ گھمکول شریف، زیب سجادہ آستانہ عالیہ نقشبندیہ گھمکولویہ معصوم آباد شریف پنڈی پنجوڑاں سیالکوٹ، پیر سید فرخ شاہ کوہاٹی سجادہ نشین توحید آباد شریف نواں پنڈ آرائیاں سیالکوٹ، عالمی مبلغ اسلام پیر محمد تبسم بشیر اویسی سجادہ نشین مرکز اویسیاں نارووال، پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی (مرکزی وائس چیئرمین پاکستان مشائخ وعلماء کونسل)، علامہ قاری محمد انور رضا قادری (بانی و مہتمم دارالعلوم جامعہ رحمت اللعالمین سمبڑیال)، حضرت علامہ قاری پیر مشتاق احمد سیفی آف کھوجے چک شریف بجوات، حضرت علامہ نیاز احمد الازہری (مہتمم دارالعلوم تاجدار مدینہ شہاب پورہ سیالکوٹ)، قاری محمد اقبال گھمن (ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی سیالکوٹ)، پیر مشتاق احمد قادری، خلیفہ پیر حافظ محمد لقمان اویسی (زیب سجادہ مرکز فیضان اویسیہ بھڑتھ سیالکوٹ)، پیرزادہ محمد زریاب اشرف نقشبندی (ڈسٹرکٹ چیئرمین مشائخ و علماء کونسل یوتھ ونگ سیالکوٹ)، صاحبزادہ محمد امیر معاویہ آف کھوجے چک شریف بجوات، حاجی محمد اختر نقشبندی (خادم خاص توحید آباد شریف)، صاحبزادہ علی احمد اویسی، صاحبزادہ محمد عاصم بشیر اویسی، محمد محسن اویسی اور دیگر قابل ذکر ہستیوں نے شرکت کی۔

    اس روحانی اجتماع کے میزبان حاجی محمد منیر قادری، حاجی پیر محمد بوٹا قادری، حاجی محمد شریف قادری، حاجی شبیر حسین قادری، روح الحسنین معین، حاجی جنید احمد، نعمان مبین، محمد عمر، زیشان احمد، محمد آزان، حاجی محمد عثمان، حاجی آزھان احمد، علی شبیر اور محمد مومن نے تمام مہمانانِ گرامی، علماء و مشائخ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ سب کی تشریف آوری ہماری بزم کے لیے باعثِ رحمت و برکت ہے، اور آپ کی آمد نے اس محفل کو معنویت بخشی ہے۔