Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: تین پل خستہ حالی کا شکار، ایم پی اے مخدوم عامر علی شاہ کا پنجاب اسمبلی میں فوری فنڈز کا مطالبہ

    اوچ شریف: تین پل خستہ حالی کا شکار، ایم پی اے مخدوم عامر علی شاہ کا پنجاب اسمبلی میں فوری فنڈز کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقوں میں واقع تین اہم پل — پل پنجند، پل رائیساں اور پل جھانگڑہ — خستہ حالی کے باعث عوام کے لیے خطرے کی علامت بن چکے ہیں۔ حلقہ پی پی 250 سے رکنِ صوبائی اسمبلی مخدوم سید عامر علی شاہ نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ان پلوں کی مخدوش حالت کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت سے فوری فنڈز جاری کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

    اسمبلی کے فلور پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مخدوم عامر علی شاہ نے کہا کہ یہ پل نہ صرف اوچ شریف کے دیہی علاقوں کو شہری مراکز سے جوڑنے کا ذریعہ ہیں بلکہ زرعی اجناس کی ترسیل اور مقامی معیشت کے لیے بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ "ان کی ٹوٹ پھوٹ اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ روزانہ سفر کرنے والے شہری اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر ان پر گزرنے پر مجبور ہیں۔ یہ صورتحال کسی بڑے سانحے کو دعوت دے رہی ہے۔”

    ایم پی اے نے کہا کہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ فوری اقدامات کرے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ "یہ صرف بنیادی ڈھانچے کا نہیں، انسانی جانوں کا مسئلہ ہے۔”

    مقامی سطح پر بھی ان پلوں کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کی توجہ دلائی گئی لیکن تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے ایم پی اے مخدوم سید عامر علی شاہ کے جرات مندانہ مؤقف کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ حکومت اب ان پلوں کی مرمت و بحالی کے لیے فنڈز فراہم کرے گی اور اس دیرینہ مسئلے کا فوری حل نکالے گی۔

  • اوچ شریف:سب تحصیل کمپلیکس مسائل کا گڑھ بن گیا، عمارت شکستہ، سہولیات ناپید، سائلین پریشان

    اوچ شریف:سب تحصیل کمپلیکس مسائل کا گڑھ بن گیا، عمارت شکستہ، سہولیات ناپید، سائلین پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں قائم سب تحصیل کمپلیکس بدترین بدانتظامی، ٹوٹ پھوٹ اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کا شکار ہو چکا ہے۔ خستہ حال عمارت میں ریونیو، لینڈ ریکارڈ، محکمہ تعلیم اور یونین کونسل کے دفاتر قائم ہیں، جہاں نہ واٹر سپلائی فعال ہے، نہ سیوریج سسٹم مؤثر، اور نہ ہی چار دیواری موجود ہے۔ قریبی مکینوں نے دفاتر کے عقب میں جانور باندھ رکھے ہیں جبکہ دفتری عملہ اور سائلین پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات کی عدم دستیابی سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سب تحصیل کمپلیکس کی عمارت عرصہ دراز سے شکستہ حالت میں ہے۔ ریونیو آفس کی چھتیں بوسیدہ ہو چکی ہیں اور یونین کونسل کا دفتر بھی اسی خطرناک عمارت میں موجود ہے۔ لینڈ ریکارڈ آفس کے لیے رہائشی کمروں کو ختم کر دیا گیا ہے، جبکہ اردگرد خود رو گھاس اور گندگی کے ڈھیر تعفن پھیلا رہے ہیں۔ نائب تحصیل دار کے رہائشی کوارٹر بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ واٹر سپلائی کی ٹینکی ناکارہ ہو چکی ہے اور پائپ لائنیں زنگ آلود ہیں، جب کہ ڈسپوزل یونٹ کی خرابی کے باعث سیوریج کا نظام تباہ ہو چکا ہے۔

    چار دیواری کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے۔ عقبی سمت میں مکینوں نے دیواریں توڑ کر راستے بنا لیے ہیں اور دفاتر کے عقب میں مویشی باندھ رکھے ہیں۔ صفائی نہ ہونے کے سبب گھاس پھونس اگ چکی ہے اور گندگی کا راج ہے۔ دو رویہ سڑک کی تعمیر کے بعد سب تحصیل کمپلیکس کی سطح پانچ فٹ نیچے چلی گئی ہے جس کی وجہ سے بارش کے بعد تمام پانی کمپلیکس میں جمع ہو جاتا ہے، اور یہ علاقہ تالاب کا منظر پیش کرتا ہے، جس سے دفاتر میں آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    شہریوں محمد ریاض، تصور حسین، ملک محمد اسلم، محمد یونس، عبدالجبار، نصیر احمد، عبدالمجید، امتیاز احمد اور مظہر علی سمیت دیگر نے کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے سب تحصیل کمپلیکس کی بحالی، صفائی، چار دیواری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔

  • بابا گورو نانک یونیورسٹی میں کرومیٹوگرافی پر سیمینار، ماہرین تعلیم اور محققین کی خصوصی شرکت

    بابا گورو نانک یونیورسٹی میں کرومیٹوگرافی پر سیمینار، ماہرین تعلیم اور محققین کی خصوصی شرکت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گرو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے شعبہ کیمسٹری کے زیرِ اہتمام "تجزیاتی درستی: کوالٹی ایشورنس کے لیے کرومیٹوگرافی طریقہ کار” کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا، جس میں ملک کے ممتاز ماہرین تعلیم اور محققین نے شرکت کی۔

    سیمینار میں انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، یونیورسٹی آف سرگودھا کے پروفیسر ڈاکٹر فاروق انور اور یونیورسٹی آف ایجوکیشن فیصل آباد کیمپس کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال نے خصوصی لیکچرز دیے۔ ڈاکٹر فاروق انور نے کرومیٹوگرافی کی اقسام، طریقۂ کار اور اس شعبے میں ہونے والی جدید پیش رفت پر تفصیلی روشنی ڈالی، جب کہ ڈاکٹر شاہد اقبال نے فنکشنل فوڈز اور نیوٹراسوٹیکلز میں کرومیٹوگرافی کی افادیت اور سائنسی اہمیت پر جامع گفتگو کی۔

    سیمینار کے اختتامی سیشن میں پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد، چیئرمین شعبہ بوٹنی و ڈائریکٹر اکیڈمکس نے مہمان مقررین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ سیمینار کی منتظم ڈاکٹر سمیرا نعیم، انچارج شعبہ کیمسٹری تھیں، جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی میں مس عمارہ ارشاد، ڈاکٹر منزہ مقبول، ڈاکٹر حمیرہ اقبال، مس انسا مقبول اور ڈاکٹر یاسر اقبال شامل تھے۔

    یہ علمی تقریب فیکلٹی اور طلبہ کو تجزیاتی کیمیا میں جدید سائنسی تکنیکوں سے روشناس کرانے اور سیکھنے کا نادر موقع فراہم کرنے میں کامیاب ثابت ہوئی۔

  • ننکانہ صاحب:پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر وسطی پنجاب حمید الحسن کا  کا دورہ

    ننکانہ صاحب:پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر وسطی پنجاب حمید الحسن کا کا دورہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ وسطی پنجاب کے صدر حمید الحسن نے ننکانہ صاحب میں ضلعی سیکرٹریٹ مرکز المدینہ کا دورہ کیا، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے تمام عہدیداران کا تعارف کروایا، جبکہ مختلف پی پی حلقہ جات کے جنرل سیکرٹریز اور تمام شعبہ جات کے صدور بھی موجود تھے۔

    حمید الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش سیاسی، سماجی اور اخلاقی چیلنجز کا واحد حل قومی اتحاد اور نظریۂ پاکستان کی اصل روح میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایک نظریاتی، عوامی اور ابھرتی ہوئی سیاسی جماعت ہے جو امن، اخوت اور اسلامی جمہوری اقدار کی بنیاد پر کام کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اتحاد کو قومی بقا کی ضمانت سمجھتے ہیں اور یہی پیغام ہے جو برصغیر کے مسلمانوں کو ایک پرچم تلے جمع کرنے کا باعث بنا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت کا منشور کسی مخصوص قوم، مسلک یا طبقے کے لیے نہیں، بلکہ تمام اہل وطن کے لیے ہے۔

    انہوں نے ضلعی و حلقہ جاتی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کو اجاگر کریں، خدمت کو شعار بنائیں اور عوام کے دلوں میں جماعت کے لیے جگہ پیدا کریں، کیونکہ یہی راستہ حقیقی کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔

  • سیالکوٹ :ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، قتل کے دو ملزمان بیرون ملک فرار کی کوشش میں گرفتار

    سیالکوٹ :ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، قتل کے دو ملزمان بیرون ملک فرار کی کوشش میں گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، قتل کے دو ملزمان بیرون ملک فرار کی کوشش میں گرفتار

    ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ ایئرپورٹ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان کی بیرون ملک فرار کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔

    گرفتار ملزمان کی شناخت جمشید اشرف اور فہد جمشید کے نام سے ہوئی ہے، جو فلائٹ نمبر G9-533 کے ذریعے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق دونوں افراد تھانہ ٹانڈا ضلع گجرات کو قتل کے مقدمے میں مطلوب تھے۔

    حکام نے گرفتار ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ ایف آئی اے کی بروقت کارروائی کو سیکیورٹی اداروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا گیا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: اتحاد بین المسلمین کانفرنس، مولانا عبدالخبیر آزاد کا دورہ، قیامِ امن، قومی وحدت اور استحکامِ پاکستان پر زور

    ڈیرہ غازی خان: اتحاد بین المسلمین کانفرنس، مولانا عبدالخبیر آزاد کا دورہ، قیامِ امن، قومی وحدت اور استحکامِ پاکستان پر زور

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی و خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں صوبائی اتحاد بین المسلمین وفد نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے تناظر میں ہونے والی "اتحاد بین المسلمین کانفرنس” میں شرکت کی۔

    کانفرنس کی صدارت مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کی جس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈی پی اوز، ڈپٹی کمشنرز، اور درجنوں مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما، مشائخ، ذاکرین، تاجر، ضلعی امن کمیٹیوں کے اراکین اور عوامی نمائندگان نے شرکت کی۔

    مولانا عبدالخبیر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ استحکام اور دفاعِ پاکستان کا پیغام لے کر ڈیرہ غازی خان پہنچے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران فرقہ واریت سے بچاؤ اور بین المسالک ہم آہنگی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ علما ممبر و محراب سے اخوت اور اتحاد کا پیغام دیں۔ انہوں نے آپریشن "بنیان مرصوص” میں پاک فوج کی فتح کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا جھوٹا "پہلگام ڈرامہ” بے نقاب ہو چکا ہے، اور دنیا آج افواج پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ مریم نواز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اتحاد بین المسلمین کے قافلے پورے پنجاب میں روانہ کیے تاکہ محرم کے دوران امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے علمائے کرام سے اشتعال انگیز تقاریر سے گریز، لاؤڈ اسپیکر کے محتاط استعمال، اور تمام مکاتب فکر کے احترام کی تلقین کی۔

    کانفرنس میں کمشنر اشفاق چوہدری نے کہا کہ محرم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، اور سوشل میڈیا کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن نے بتایا کہ حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں، اور بغیر اجازت جلوس و مجالس پر پابندی ہوگی۔

    علما کرام نے اس موقع پر ہاتھوں کی زنجیر بناکر قومی یکجہتی اور امن کا عملی مظاہرہ کیا اور اسلام، پاکستان، اور پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے۔ وفد اور ڈویژنل امن کمیٹی کے ارکان نے قیام امن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں استحکام پاکستان، قومی سلامتی اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

  • اوکاڑہ: اے سی رب نواز کی چیکنگ، ریٹ لسٹ نہ لگانے پر دکاندار جرمانے کا شکار

    اوکاڑہ: اے سی رب نواز کی چیکنگ، ریٹ لسٹ نہ لگانے پر دکاندار جرمانے کا شکار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے پٹرول پمپس، کریانہ سٹورز اور بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے انسداد تجاوزات اور قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے چیکنگ کی۔ راوی روڈ پر اشیائے خورونوش کی ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے پر کریانہ سٹور مالکان کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    انہوں نے گول چوک اور راوی روڈ پر دکانوں کی انسپیکشن کے دوران تجاوزات کے خلاف کارروائی بھی کی اور ایک دکاندار کو جرمانہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور مقررہ نرخوں کے مطابق اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • اوکاڑہ:ریسکیو 1122 کی سیلابی فرضی مشقیں، دریائے ستلج پر ریلیف تیاریوں کا عملی مظاہرہ

    اوکاڑہ:ریسکیو 1122 کی سیلابی فرضی مشقیں، دریائے ستلج پر ریلیف تیاریوں کا عملی مظاہرہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) حکومت پنجاب اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی جانب سے دریائے ستلج کے مقام ہیڈ سلیمانکی پر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرضی مشق کا انعقاد کیا گیا۔ مشق کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام نے کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد ابراہیم ارباب مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔

    مشق میں ایریگیشن، سول ڈیفنس، ہیلتھ اور لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے فلڈ ریلیف اسٹالز بھی لگائے گئے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو انتظامات پر بریفنگ دی، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے کشتی رانی، ڈوبتے شخص کو بچانے، انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ اور فرسٹ ایڈ سمیت مختلف عملی مشقوں کا مظاہرہ کیا۔

    اس موقع پر انجینئر احتشام نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے اور ان مشقوں کا مقصد کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری اور بین الاداراتی رابطہ بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری الرٹ، بروقت ریسپانس، اور شہریوں کی بحفاظت منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم ارباب نے ریسکیو 1122 کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 دیگر اداروں کے لیے مثالی ہے، اور ایسی مشقیں اداروں کی صلاحیتوں کو جانچنے اور بہتری کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ آخر میں انہوں نے کامیاب مشق پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا.

  • اوکاڑہ:ڈی پی او و ڈپٹی کمشنر کا امام بارگاہ دورہ، امن و امان پر مشاورت

    اوکاڑہ:ڈی پی او و ڈپٹی کمشنر کا امام بارگاہ دورہ، امن و امان پر مشاورت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے مرکزی امام بارگاہ ایوانِ حسین ایف بلاک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اہل تشیع وفد، منتظمین جلوس، ممبران امن کمیٹی اور تاجر برادری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم پی اے میاں منیر احمد بھی موجود تھے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ضابطہ اخلاق اور تمام ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی پی او نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز، علماء و مشائخ، منتظمین اور شہریوں کے تعاون سے شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے پولیس ٹیمیں شب و روز متحرک ہیں۔

  • ٹھٹھہ :چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن کا تھانے کا دورہ، انسانی حقوق پر بریفنگ

    ٹھٹھہ :چیئرمین ہیومن رائٹس کمیشن کا تھانے کا دورہ، انسانی حقوق پر بریفنگ

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) چیئرمین سندھ ہیومن رائٹس کمیشن اقبال احمد ڈیتھو نے ٹھٹھہ کا دورہ کیا اور ماڈل پولیس اسٹیشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے تھانے میں قائم مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور پولیس اسٹاف سے بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے کردار کے حوالے سے مفصل گفتگو بھی کی گئی۔

    دورے کے موقع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان، سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے سرفراز جمالی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ خدابخش بھرانی، انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ خواتین ونگ ضلع ٹھٹھہ کی صدر بیبی یاسمین شاہ، پاکستان فشر فوک کی رہنما، چائلڈ پروٹیکشن آفیسر مہرین اقبال سومرو، سول ورکر زہرہ جاکھرو، ایڈوکیٹ فرحان شمس میمن، کمپلینٹ سیل محکمہ انسانی حقوق ضلع ٹھٹھہ کے انچارج الطاف حسین تنیو، سینئر صحافی بلاول سموں، مرزا اکبر بیگ، ایس ایچ او ٹھٹھہ مظہر علی، پی آر ٹو ایس ایس پی ارشاد کڈائی، پی اے انور کتری اور کیمرامین سلمان ہالو سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔

    چیئرمین اقبال ڈیتھو نے پولیس تھانے میں موجود سہولیات اور انسانی حقوق سے متعلق پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کے لیے تجاویز بھی دیں۔