Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • تفریح موت بن گئی، اوچ شریف کا نوجوان تربیلا ڈیم میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا

    تفریح موت بن گئی، اوچ شریف کا نوجوان تربیلا ڈیم میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی گاؤں چک مانک سے تعلق رکھنے والا نوجوان محمد علی اکبر مانک، جو اسلام آباد میں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھا، تفریح کی غرض سے اپنے دوستوں کے ہمراہ غازی تربیلا ڈیم گیا، جہاں نہاتے ہوئے وہ گہرے پانی میں ڈوب گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور فوری طور پر تلاش کا آپریشن شروع کر دیا گیا، تاہم 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود نوجوان کی لاش تاحال برآمد نہ ہو سکی۔

    محمد علی کے اہل خانہ شدید ذہنی اذیت اور کرب میں مبتلا ہیں، جبکہ قریبی رشتہ داروں اور اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریسکیو آپریشن میں جدید آلات اور اضافی وسائل شامل کیے جائیں تاکہ نوجوان کی لاش جلد از جلد بازیاب کی جا سکے۔

    متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ محمد علی اکبر مانک ایک محنتی، بااخلاق اور ملنسار نوجوان تھا، جو بہتر مستقبل کے لیے گھر سے دور مزدوری کر رہا تھا۔ اس سانحے نے نہ صرف اس کے گھر والوں کو بلکہ پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔

  • سیالکوٹ: رافی کھوکھر گینگ کے سرغنہ سمیت 3 خطرناک ڈاکو گرفتار، لاکھوں کا مال برآمد

    سیالکوٹ: رافی کھوکھر گینگ کے سرغنہ سمیت 3 خطرناک ڈاکو گرفتار، لاکھوں کا مال برآمد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے خطرناک رافی کھوکھر گینگ کے سرغنہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جاری ڈکیتی و راہزنی کے خلاف آپریشن کے دوران ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی اور ایس ایچ او تھانہ کوٹلی سید امیر سب انسپکٹر طیب حسین کی قیادت میں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، گرفتار ملزمان اسلحے کے زور پر شہریوں سے موٹر سائیکلیں، نقدی، قیمتی موبائل فونز اور دیگر اشیاء چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، جن میں سے 12 مقدمات پولیس نے ٹریس کر کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لیے ہیں۔

    پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 11 لاکھ 55 ہزار روپے مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا، جس میں شامل ہے:

    * 4 عدد چوری شدہ موٹرسائیکلیں
    * 2 لاکھ روپے نقدی
    * 8 عدد قیمتی اسمارٹ موبائل فونز
    * متعدد الیکٹرک موٹریں
    * 2 عدد ناجائز پسٹل 30 بور بمعہ گولیاں

    گرفتار ملزمان کی شناخت درج ذیل ہے1. عبدالرفع قادری عرف رافی کھوکھر ولد فیاض، سکنہ ظہورہ،2. راخت علی ولد عبدالغنی قوم کھوکھر، سکنہ ظہورہ.3. حفیظ ولد غلام فرید، سکنہ لہدی پور

    ملزمان تھانہ کوٹلی سید امیر اور تھانہ کوٹلی لوہاراں کی حدود میں سرگرم تھے، جنہیں جوڈیشل ریمانڈ پر حوالات بھجوا دیا گیا ہے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے افسران اور جوانوں کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ڈاکو مبینہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    سیالکوٹ: ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 2 ڈاکو مبینہ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)تھانہ بمبانوالہ کی حدود میں سی سی ڈی سرکل ڈسکہ کے سب انسپکٹر جمشید اختر کی قیادت میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کے دوران دو خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو گئے۔

    ایف آئی آر کے مطابق سب انسپکٹر جمشید اختر اپنی ٹیم کے ہمراہ گوئندکے روڈ پر موجود تھے کہ اس دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار پانچ مشتبہ افراد کو روکا گیا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے قریبی کھیتوں کی طرف فرار کی کوشش کی اور مختلف اطراف سے فائرنگ کرتے رہے۔

    جوابی کارروائی کے بعد فائرنگ رکنے پر دو ملزمان — ذوہیب اور شفاقت عرف اسحاق گجر — مردہ حالت میں پائے گئے، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے۔ ہلاک ڈاکوؤں کے خلاف ڈکیتی، رہزنی اور دیگر جرائم کے سو سے زائد مقدمات درج تھے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ اور دیگر شواہد جمع کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • سیالکوٹ: ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا موقع پر جاں بحق

    سیالکوٹ: ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا موقع پر جاں بحق

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈمپر کی موٹرسائیکل کو ٹکر، ماں بیٹا موقع پر جاں بحق

    سیالکوٹ کے علاقے کوکالا ایجنسی، نواں پینڈ کے قریب ایک دلخراش ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ڈمپر نے موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ماں بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    جاں بحق افراد کی شناخت 20 سالہ ابو بکر اور ان کی 45 سالہ والدہ جمیلہ کے طور پر ہوئی ہے، جو اکبرآباد چوک سے پسرور روڈ کی طرف جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

    ریسکیو 1122 نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈمپر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • گوجرہ:  منشیات فروشی ،پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف ،آڈیو وائرل، تاجران کا آئی جی سے نوٹس کا مطالبہ

    گوجرہ: منشیات فروشی ،پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف ،آڈیو وائرل، تاجران کا آئی جی سے نوٹس کا مطالبہ

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبد الرحمن جٹ)گوجرہ میں منشیات فروشی کے سنگین معاملے پر پولیس کی مبینہ سرپرستی کا انکشاف سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل اور عوامی غصے کی لہر دوڑ گئی۔ معاملہ اس وقت مزید سنگین ہو گیا جب پولیس اور منشیات فروشوں کے گٹھ جوڑ کی ایک مبینہ آڈیو کلپ وائرل ہو گئی۔

    انجمن تاجران گوجرہ کے سیکرٹری جنرل شیخ امجد ضیاء نے اس حوالے سے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انجمن تاجران متعدد بار پولیس حکام سے اپیل کر چکی ہے کہ گوجرہ کو منشیات فروشی سے پاک کیا جائے، مگر بدقسمتی سے پولیس کی خاموشی اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ منشیات فروشی کے اس مکروہ دھندے میں متعلقہ اہلکاروں کی ملی بھگت بھی شامل ہے۔

    شیخ امجد ضیاء نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گوجرہ میں مبینہ طور پر پولیس کی سرپرستی میں جاری منشیات فروشی کی غیر جانبدار تحقیقات کروائیں، اور اس جرم میں ملوث تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر نشانِ عبرت بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات نے گوجرہ کی نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، اور کئی ماؤں کے لختِ جگر نشے کے باعث اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔


    انہوں نے حکومت اور اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ گوجرہ کو منشیات سے پاک شہر بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں اور نوجوان نسل محفوظ ہو۔

  • بہاولپور: ڈی ایچ اے کے قریب کار حادثہ، ایک جاں بحق، تین نوجوان شدید زخمی

    بہاولپور: ڈی ایچ اے کے قریب کار حادثہ، ایک جاں بحق، تین نوجوان شدید زخمی

    بہاولپور / اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)ڈی ایچ اے بہاولپور کے مین گیٹ کے قریب ششمہائی کینال روڈ پر تیز رفتاری کے باعث ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب رحمت کالونی کے رہائشی چار نوجوان بی کے اے 540 نمبر پلیٹ والی سوفٹ کار میں سوار تھے کہ گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کنارے درخت سے جا ٹکرائی۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق کار کا ڈرائیور 20 سالہ سمیر ولد محمد ناصر شدید زخمی حالت میں گاڑی کی فرنٹ سیٹ میں پھنس گیا تھا، جسے ریسکیو اہلکاروں نے خصوصی آپریشن کے ذریعے نکالا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ منتقلی دم توڑ گیا۔

    دیگر زخمیوں کی شناخت 22 سالہ فلک شیر ولد حمید، 21 سالہ ذیشان ناصر، اور 20 سالہ دانش اکرم کے طور پر ہوئی ہے، جو سب کے سب رحمت کالونی کے رہائشی ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فوری طور پر بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • اوچ شریف: آوارہ کتے کے باعث موٹرسائیکل حادثہ، دو افراد زخمی

    اوچ شریف: آوارہ کتے کے باعث موٹرسائیکل حادثہ، دو افراد زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)شمس آباد ٹول پلازہ بہاولپور لنک روڈ کے قریب ایک افسوسناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار موٹرسائیکل کے سامنے اچانک ایک آوارہ کتا آ گیا، جس کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے میں دو افراد زخمی ہو گئے جن کی شناخت محمد کامران ولد محمد اشفاق، عمر 18 سال، اور محمد اشفاق ولد غلام رسول، عمر 60 سال، دونوں رہائشی جلال پور کے طور پر ہوئی ہے۔

    ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمیوں کو RHC مبارک پور منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں مزید طبی سہولیات مہیا کی گئیں۔

    حادثے کی وجہ سڑک پر آوارہ کتوں کی موجودگی بتائی جا رہی ہے، جو مسافروں کی زندگیوں کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیں۔ شہریوں اور مسافروں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سڑکوں پر آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ آئندہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے۔

  • بہاولپور: تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، ایک زخمی

    بہاولپور: تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق، ایک زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور کے قریب اشرف شوگر مل کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک موٹرسائیکل سوار موقع پر جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ٹکر اس قدر شدید تھی کہ عبدالحمید ولد منظور احمد، عمر 36 سال، ساکن اڈا نور پور چوک، سر پر گہری چوٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ دوسرا موٹرسائیکل سوار مشتاق ولد علی احمد، عمر 45 سال، ساکن خانقاہ شریف، متعدد فریکچرز کا شکار ہوا۔ ریسکیو ٹیم نے زخمی کو فوری طبی امداد دے کر بہاول وکٹوریہ اسپتال منتقل کر دیا۔

    جاں بحق شخص کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • بہاولپور پولیس اور الرشید ڈائگناسٹک سنٹر میں معاہدہ: شہداء کی فیملیز مفت، ملازمین کو 50٪ رعایت

    بہاولپور پولیس اور الرشید ڈائگناسٹک سنٹر میں معاہدہ: شہداء کی فیملیز مفت، ملازمین کو 50٪ رعایت

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) ضلع بہاولپور پولیس اور الرشید ڈائگناسٹک سنٹر (RDC) کے درمیان ایک اہم فلاحی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت شہداء پولیس اہلکاروں کی فیملیز کو مکمل مفت اور حاضر سروس ملازمین کو 50 فیصد رعایت کے ساتھ ڈائگناسٹک سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    اس معاہدے پر دستخط کی تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولپور محمد حسن اقبال نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اس اقدام کو پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیس شہداء کی قربانیوں کا اعتراف اور زندہ اہلکاروں کی صحت کی نگہداشت ریاست اور نجی شعبے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور یہ معاہدہ اسی جذبے کی ایک عملی مثال ہے۔

    انہوں نے الرشید ڈائگناسٹک سنٹر کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو سہولت میسر آئے گی بلکہ فورس کے حوصلے میں بھی اضافہ ہوگا۔ یہ معاہدہ عوامی خدمت کے شعبے میں پولیس اور نجی اداروں کے درمیان فلاحی تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔

  • اوچ شریف: صفائی کا نظام مفلوج، محرم سے قبل شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف: صفائی کا نظام مفلوج، محرم سے قبل شہری سراپا احتجاج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) محرم الحرام کے مقدس ایام کی آمد سے قبل اوچ شریف کے مختلف علاقوں خصوصاً بستی سادات میں صفائی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے۔ گلی کوچے، امام بارگاہوں کے اطراف اور جلوسوں کے روٹس گندگی، کیچڑ اور بدبودار پانی سے بھرے پڑے ہیں، جس سے نہ صرف شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے بلکہ وبائی امراض کے پھیلنے کا بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔

    شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، بلدیاتی اداروں اور صفائی کے متعلقہ محکموں کی مجرمانہ غفلت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال محرم سے قبل نالوں کی صفائی اور جلوس کے روٹس کی تیاری کی جاتی تھی، لیکن اس بار مکمل خاموشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے متعلقہ افسران خوابِ غفلت میں ہیں اور شہریوں کو ان کے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

    عزاداروں کے لیے جلوسوں کے راستوں پر گندگی کے ڈھیر، بند نالے اور بدبو دار پانی کی موجودگی کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر صفائی کے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ محرم سے قبل یہ صورتحال انتظامیہ کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے اور اگر بروقت ایکشن نہ لیا گیا تو نہ صرف عزاداری متاثر ہوگی بلکہ امن و امان کی صورتحال بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔