Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • مظفرگڑھ: غیرت کے نام پر بہن پر قاتلانہ حملہ، پولیس نے بچا لیا

    مظفرگڑھ: غیرت کے نام پر بہن پر قاتلانہ حملہ، پولیس نے بچا لیا

    مظفرگڑھ (باغی ٹی وی رپورٹ) تھانہ روہیلانوالی کی حدود ماہڑہ میں غیرت کے نام پر لرزہ خیز واقعہ، سگے بھائی نے ناجائز تعلقات کے شبہ میں بہن پر درانتی اور کلہاڑیوں سے حملہ کر دیا، شدید زخمی لڑکی کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا اور زندگی بچالی۔ ورثا کی خاموشی پر پولیس نے از خود مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماہڑہ کے رہائشی سجاد نامی شخص نے اپنی سگی بہن اقرا بی بی پر غیرت کے نام پر حملہ کرتے ہوئے اسے قتل کرنے کی کوشش کی۔ ملزم نے درانتی اور کلہاڑیوں کے وار سے لڑکی کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر تھانہ روہیلانوالی پولیس موقع پر پہنچی، جہاں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا اقرا بی بی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر کے اس کی جان بچا لی گئی۔

    پولیس کے مطابق ورثا نے بیٹی کو بچانے اور ملزم کے خلاف کارروائی سے انکار کر دیا، جس پر پولیس نے اپنی مدعیت میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا اور فرار ہونے والے ملزم سجاد کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی ایس پی صدر سرکل مرزا محمد صدیق کے مطابق لڑکی کی حالت اب بہتر ہے، اور ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، تاکہ عدالت سے اسے سخت سے سخت سزا دلوائی جا سکے۔

    یہ واقعہ ایک بار پھر معاشرتی بے حسی اور غیرت کے نام پر تشدد کے بھیانک چہرے کو بے نقاب کرتا ہے، جہاں پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ایک معصوم جان کو بچا لیا۔

  • احمد پور شرقیہ: معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ، چچا بھتیجا قتل، دو زخمی

    احمد پور شرقیہ: معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ، چچا بھتیجا قتل، دو زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) احمد پور شرقیہ میں معمولی تلخ کلامی پر جان لیوا جھگڑا خونریزی میں بدل گیا، تھانہ ڈیرہ نواب صاحب کی حدود میں مخالفین کی فائرنگ سے چچا اور بھتیجا موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب معمولی بات پر دونوں فریقین میں تلخ کلامی شروع ہوئی جو شدت اختیار کر گئی۔ اسی دوران مخالفین نے اسلحہ نکال کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چچا اور بھتیجا موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دو راہگیر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
    اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ مقتولین کے لواحقین نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: ٹینری زون ڈائریکٹرز کا اجلاس، پلاٹس پر تعمیر نہ کرنے والے مالکان کیلئے وارننگ جاری

    سیالکوٹ: ٹینری زون ڈائریکٹرز کا اجلاس، پلاٹس پر تعمیر نہ کرنے والے مالکان کیلئے وارننگ جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ٹینری زون ڈائریکٹرز کا اجلاس، پلاٹس پر تعمیر نہ کرنے والے مالکان کیلئے وارننگ جاری،تعمیراتی منصوبوں کی منظوری، زون سے باہر قائم ٹینریوں کو بند کرنے کا عندیہ

    سیالکوٹ ٹینری زون کے ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین سرفراز احمد بھٹی نے کی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو چوہدری احمد ذوالفقار حیات، ڈاکٹر اسلم ڈار اور پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد عاطف نے شرکت کی اور مختلف امور پر خطاب کیا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سرفراز احمد بھٹی نے کہا کہ حکومت پنجاب، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، صدر چیمبر آف کامرس اکرام الحق اور عوامی نمائندے ٹینری زون کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹینری مالکان زون میں عمارتوں کی تعمیر میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، جو خوش آئند امر ہے۔

    انہوں نے سختی سے متنبہ کیا کہ جو مالکان اپنے الاٹ شدہ پلاٹس پر تعمیراتی کام میں تاخیر کر رہے ہیں، وہ فوری طور پر کام شروع کریں، بصورت دیگر حکومت پنجاب زون سے باہر قائم تمام غیر منتقل شدہ ٹینریوں کو بند کر دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹینری زون کی جلد تکمیل اور فعال حیثیت حاصل کرنے کے لیے وقت پر تعمیرات ناگزیر ہیں۔

    اجلاس میں ٹینری زون میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ منظوری بھی دی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹرز شیخ سعید ناصر، کرنل (ر) احتشام گیلانی، شہزادہ سید ابن اقبال سمیت دیگر ڈائریکٹرز اور سٹاف ممبران بھی شریک تھے۔

    اجلاس میں زون کی مجموعی ترقی، ماحولیاتی ضوابط کی پاسداری اور صنعتوں کی بروقت منتقلی سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، تاکہ سیالکوٹ کی چمڑا صنعت عالمی معیار پر لائی جا سکے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

  • ننکانہ: اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن، پانچ کلینک سیل، 112 غیر قانونی مراکز کی نشاندہی

    ننکانہ: اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن، پانچ کلینک سیل، 112 غیر قانونی مراکز کی نشاندہی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن، پانچ کلینک سیل، 112 غیر قانونی مراکز کی نشاندہی،تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں سست روی، شہریوں کا اظہارِ تشویش

    ضلع ننکانہ صاحب میں محکمہ صحت نے غیر قانونی اور خطرناک اتائی ڈاکٹروں کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تحصیل ننکانہ ڈاکٹر ذیشان اختر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے پانچ اتائی کلینکس سیل کر دیے، جب کہ ان کے چالان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

    سیل کیے گئے کلینکس میں شامل مقامات گاؤں کوٹلی لال، یونین کونسل مانگٹانوالہ، گاؤں پیپل والا (یونین کونسل کوٹ نامدار)، بندے کی جاگیر، بائی پاس لاہور روڈ اور موڑ کھنڈا شامل ہیں۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق تحصیل ننکانہ صاحب میں اس وقت 112 غیر قانونی اتائی کلینکس کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جن کے خلاف مرحلہ وار کارروائیاں جاری ہیں۔

    یہ آپریشن سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پنجاب محترمہ نادیہ ثاقب کی ہدایات، ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی نگرانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر کامران واجد کی سرپرستی میں عمل میں لایا جا رہا ہے۔

    محکمہ صحت کی جانب سے "مریم نواز ہیلتھ کلینکس (MNHC)” منصوبے کے تحت ضلع میں 19 جدید مراکز فعال کیے جا چکے ہیں، جن میں تحصیل ننکانہ میں 10، شاہکوٹ میں 6 اور سانگلہ ہل میں 3 کلینک شامل ہیں۔ ان مراکز کے قیام کے بعد اتائی کلینکس کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی آئی ہے۔

    تاہم، دوسری جانب تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی سست روی کا شکار ہے، جس پر مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں میں بھی فوری اور بھرپور آپریشن کیا جائے تاکہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے جعلی ڈاکٹروں کا قلع قمع کیا جا سکے۔

    محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں اتائیوں کے خلاف مزید آپریشن جلد متوقع ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں فائنل ڈگری شو، تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

    سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں فائنل ڈگری شو، تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) جی سی ویمن یونیورسٹی میں فائنل ڈگری شو، تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ،ڈپٹی کمشنر صبا اصغر کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت، طالبات کے کام کو سراہا گیا

    گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں شعبہ فائن آرٹس اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائن کا سالانہ فائنل ڈگری شو بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں طالبات نے اپنی فنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔

    تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محترمہ صبا اصغر علی تھیں، جنہوں نے طالبات کے فن پاروں کا معائنہ کیا اور اُن کی تخلیقی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی طالبات میں بین الاقوامی معیار کی مہارت اور وژن موجود ہے، جو خوش آئند ہے۔

    ٹیکسٹائل ڈیزائن کی طالبات نے کپڑوں پر قدیم و جدید طرز کے امتزاج سے متاثرکن ڈیزائن پیش کیے، جبکہ فائن آرٹس کی طالبات نے کینوس پر رنگوں سے ایسی تخلیقات تخلیق کیں جنہوں نے شرکاء کو متاثر کیے بغیر نہ چھوڑا۔ شو میں جدت، ثقافت اور تخیل کی حسین جھلک نمایاں تھی۔

    وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے اس موقع پر چئیرپرسن رضا رحمان، فیکلٹی ممبران اور طالبات کی محنت کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی فنی شعبوں میں طالبات کو مستقبل میں بھی تمام تر سہولیات مہیا کرے گی تاکہ وہ اپنے فن کو مزید نکھار سکیں۔

    یہ ڈگری شو طالبات کی لگن، تخلیقی ذوق اور فنی استعداد کا عکاس تھا جو شرکاء کے لیے ایک یادگار تجربہ بن کر ابھرا۔

  • ڈیرہ غازی خان: ڈاکٹر محمد زاہد ملک ساؤتھ پنجاب کے لیے وفاقی محتسب کے کوآرڈینیٹر مقرر

    ڈیرہ غازی خان: ڈاکٹر محمد زاہد ملک ساؤتھ پنجاب کے لیے وفاقی محتسب کے کوآرڈینیٹر مقرر

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) ڈاکٹر محمد زاہد ملک ساؤتھ پنجاب کے لیے وفاقی محتسب کے کوآرڈینیٹر مقررجنوبی پنجاب کے وفاقی اداروں کی کارکردگی پر ہر ماہ خصوصی رپورٹ پیش کی جائے گی

    تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی نے مشیر و ریجنل ہیڈ ملتان/ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر محمد زاہد ملک کو جنوبی پنجاب کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔ اس تقرری کے بعد وہ ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے تمام علاقائی دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور ہر ماہ ایک جامع رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کریں گے۔

    اس حوالے سے اپنے بیان میں ڈاکٹر محمد زاہد ملک نے کہا ہے کہ وہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور عوامی شکایات کو قواعد و ضوابط کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مزید محنت سے کام کریں گے۔ انہوں نے وفاقی محتسب پاکستان کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں عوامی شکایات کے مؤثر حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

    ڈاکٹر محمد زاہد نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ وفاقی اداروں کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں وفاقی محتسب پاکستان کے علاقائی دفاتر سے رجوع کریں تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ: کیا "عزم کی دیوار” ماحولیات کے تحفظ میں سنگ میل ثابت ہوگی؟

    ننکانہ: کیا "عزم کی دیوار” ماحولیات کے تحفظ میں سنگ میل ثابت ہوگی؟

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عالمی یوم ماحولیات 2025 کی تقریبات کا ننکانہ صاحب میں باقاعدہ آغاز ہو گیا، جہاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اظہار "عزم کی دیوار” پر ہاتھ کا نشان لگا کر کیا۔ یہ اقدام صرف رسمی تقریب نہیں بلکہ ماحول دوست طرزِ زندگی کی جانب ایک علامتی اور عملی قدم بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

    تقریب میں شہریوں، سرکاری افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر شرکت کی اور پلاسٹک کے تھیلوں کے استعمال سے اجتناب کا حلف اٹھایا۔ سب نے "عزم کی دیوار” پر ہاتھ کے نشانات لگا کر ماحول دوست طرزِ عمل اپنانے کا عہد کیا۔

    اس موقع پر محکمہ ماحولیات ننکانہ صاحب کے عملے نے عوام میں پمفلٹس تقسیم کیے جن میں پلاسٹک کے انسانی صحت اور ماحول پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی وضاحت کی گئی تھی۔ مہم کا مقصد ماحول سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور عملی اقدامات کے لیے شہریوں کو ترغیب دینا ہے۔

    ماحولیاتی ماہرین کے مطابق ایسے اقدامات اگر تسلسل سے جاری رکھے جائیں تو یہ نہ صرف مقامی سطح پر ماحول کے تحفظ میں مؤثر ثابت ہوں گے بلکہ ملک گیر سطح پر بھی ایک مثبت پیغام پہنچائیں گے۔

  • سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کا عیدالاضحیٰ ایمرجنسی کوریج پلان جاری

    سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کا عیدالاضحیٰ ایمرجنسی کوریج پلان جاری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، مدثر رتو) ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایمرجنسی کوریج پلان جاری کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کے مطابق چاند رات، عید کے اجتماعات اور مویشی منڈیوں میں میڈیکل کوریج فراہم کی جائے گی، جبکہ تمام ریسکیورز کی چھٹیاں منسوخ کر کے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

    عید کے دنوں میں ایمبولینسز، فائر وہیکلز اور موٹربائیک ایمبولینسز کے ساتھ اہم مقامات پر میڈیکل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ مون سون کے پیش نظر بھی ریسکیو ٹیمیں مکمل الرٹ پر ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ نہروں یا دریاؤں میں نہانے سے گریز کریں، خلاف ورزی پر دفعہ 144 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ کسی بھی ہنگامی صورت میں ریسکیو ہیلپ لائن 1122 پر فوری رابطہ کریں۔

  • سیالکوٹ: سی ٹی ڈی کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک ملزم ہلاک

    سیالکوٹ: سی ٹی ڈی کی کارروائی، فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک ملزم ہلاک

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سنگین وارداتوں میں مطلوب ملزم کو ہلاک کر دیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران چار مسلح ملزمان کی جانب سے ٹیم پر فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک مطلوب ملزم نوید اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ملزم نوید قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی سمیت کم از کم پچیس سنگین مقدمات میں ملوث تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سمبڑیال میں درج کر لیا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی نے لاش کو تحویل میں لے کر مردہ خانے منتقل کر دیا ہے، جبکہ دیگر مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • ننکانہ : ریسکیو 1122 کا عیدالاضحیٰ کے لیے ایمرجنسی کور پلان تیار، چھٹیاں محدود،

    ننکانہ : ریسکیو 1122 کا عیدالاضحیٰ کے لیے ایمرجنسی کور پلان تیار، چھٹیاں محدود،

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عیدالاضحیٰ کے موقع پر ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب نے ایمرجنسی کور پلان کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی ہیڈکوارٹرز میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوآرڈینیٹر سعید احمد، میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے دوران ریسکیو سروسز کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا اور تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار کے مطابق عید کے دنوں میں ریسکیو 1122 کا عملہ معمول کی ایمبولینس سروس اور پیشنٹ ٹرانسفر کے علاوہ جامع مساجد میں نماز عید کے دوران ریسکیو کور فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے اہم مقامات پر موٹر بائیک سروس، ایمبولینس، فائر وہیکلز اور موبائل ریسکیو پوسٹس بھی قائم کی جائیں گی۔

    علاوہ ازیں، نہروں کے حساس مقامات پر واٹر ریسکیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی اور نہروں میں نہانے پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ قربانی کے جانور ذبح کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بچوں کو محفوظ فاصلے پر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

    ریسکیو 1122 کی جانب سے تمام اسٹاف کی چھٹیاں محدود کر دی گئی ہیں تاکہ عید کے دوران ہر قسم کی ایمرجنسی سے بروقت نمٹا جا سکے۔