Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: "پاکستان زندہ باد” ریلی 29 مئی کو، HWO چیئرمین شہزاد اکبر بٹ ایڈووکیٹ کی شرکت کی اپیل

    سیالکوٹ: "پاکستان زندہ باد” ریلی 29 مئی کو، HWO چیئرمین شہزاد اکبر بٹ ایڈووکیٹ کی شرکت کی اپیل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ہیومن ویلفیئر آرگنائزیشن (HWO) پاکستان کے زیر اہتمام 29 مئی کو منعقد ہونے والی "پاکستان زندہ باد” ریلی کی تیاریاں زوروں پر ہیں۔ اس ریلی کا مقصد "آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی اور بھارت کی عبرتناک شکست پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

    HWO کے چیئرمین شہزاد اکبر بٹ ایڈووکیٹ نے ریلی کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہ ایک میٹنگ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی کے بعد پاکستان دنیا میں ایک مضبوط اور طاقتور ریاست کے طور پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے دنیا کو یہ باور کروا دیا ہے کہ جو بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا، اس کا حشر بھارت جیسا ہوگا۔

    شہزاد اکبر بٹ ایڈووکیٹ نے تمام محب وطن پاکستانیوں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس ریلی میں بھرپور شرکت کریں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عہد کریں۔

  • اوچ شریف: محکمہ صحت کے ملازم سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھین لی گئی، مقدمہ درج

    اوچ شریف: محکمہ صحت کے ملازم سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھین لی گئی، مقدمہ درج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)علی پور میں ڈاکوؤں نے محکمہ صحت کے ایک ملازم سے گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھین لی۔ پولیس تھانہ سٹی علی پور نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، محمد عامر ولد غلام یاسین والوٹ، جو محکمہ صحت میں ملازم ہے، گزشتہ شب ڈاکٹر فرزانہ یاسمین کے ہسپتال سے اپنے گھر، چاہ پکے والہ، واپس جا رہا تھا۔ جیسے ہی وہ بہاول نالہ سے گزر کر اپنے گھر کی گلی میں مڑا، دو مسلح نقاب پوش ڈاکو اچانک اس کے سامنے آ گئے۔

    ڈاکوؤں نے آتشیں اسلحہ کے زور پر محمد عامر کو روکا اور اس کی ذاتی ملکیت موٹرسائیکل، جس کی مالیت تقریباً ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے بتائی جا رہی ہے، چھین لی اور فرار ہو گئے۔ واردات کے بعد ملزمان پنجاب بینک روڈ کی جانب فرار ہوئے۔

    متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ گلی میں روشنی ہونے کی وجہ سے وہ اور دیگر عینی شاہدین ڈاکوؤں کو شناخت کر سکتے ہیں۔ پولیس تھانہ سٹی علی پور نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ گشت کو مؤثر بنایا جائے اور جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • اوچ شریف: عید قربان کی رونقیں عروج پر، مہنگائی نے غریب طبقے کی قربانی کو خواب بنا دیا

    اوچ شریف: عید قربان کی رونقیں عروج پر، مہنگائی نے غریب طبقے کی قربانی کو خواب بنا دیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)عید قربان کی رونقیں عروج پر، مہنگائی نے غریب طبقے کی قربانی کو خواب بنا دیا

    عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی اوچ شریف اور گردونواح کی مویشی منڈیوں میں رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر کے باسی سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ مویشی منڈیوں میں بکرے، بچھڑے، گائیں، بیل اور بھینسیں خریدنے کے لیے ہر عمر اور طبقے کے افراد کا رش لگنا شروع ہو گیا ہے۔

    بچوں کا جوش دیدنی ہے، جو اپنے پسندیدہ جانوروں کے ساتھ تصویریں بنوانے اور ان کا خیال رکھنے میں پیش پیش ہیں۔ خریداروں کے چہروں پر سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کی خوشی عیاں ہے، وہیں بیوپاری بھی اپنی محنت کے ثمر سے مطمئن نظر آتے ہیں۔

    تاہم ایک طرف جہاں عید کی خوشیاں ہیں، وہیں دوسری طرف مہنگائی نے متوسط اور غریب طبقے کی کمر توڑ رکھی ہے۔ مویشیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس کے باعث کئی افراد اس سال قربانی کی سنت ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ ایک مقامی شہری محمد اشرف نے بتایا، "پچھلے سال میں نے دو بکرے لیے تھے، اس سال ایک بھی لینا مشکل ہو گیا ہے۔ مہنگائی نے سب کچھ بدل دیا ہے۔”

    اسی طرح ایک رکشہ ڈرائیور رمضان بلوچ کا کہنا تھا، "سنتِ ابراہیمی ہر مسلمان کا جذبہ ہے، مگر اس بار صرف دیکھنے آیا تھا، خریدنے کی سکت نہیں رہی۔”

    دوسری جانب اوچ شریف کے سماجی حلقوں اور فلاحی اداروں نے اجتماعی قربانی کی مہمات کا آغاز کر دیا ہے، تاکہ وہ افراد جو انفرادی قربانی کی استطاعت نہیں رکھتے، اجتماعی قربانی کے ذریعے اپنا حصہ ڈال سکیں۔ عید قربان کی تیاریوں کے ساتھ ساتھ امید ہے کہ صاحب استطاعت افراد اپنے کمزور بھائیوں کا بھی خیال رکھیں گے، تاکہ خوشیوں کا یہ تہوار سب کے لیے یکساں خوشی کا پیغام بن سکے۔

  • اوچ شریف: روٹھی بیوی کو منانے کی ناکامی پر داماد کا سسرال پر حملہ، برادر نسبتی جاں بحق، ساس سمیت دیگر زخمی

    اوچ شریف: روٹھی بیوی کو منانے کی ناکامی پر داماد کا سسرال پر حملہ، برادر نسبتی جاں بحق، ساس سمیت دیگر زخمی

    اوچ شریف، (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے اکبر ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے نے خونی رنگ اختیار کر لیا۔ اپنی روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر ایک مشتعل داماد نے ساتھیوں سمیت سسرالیوں کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ اس اندوہناک واقعے میں سریے اور لاٹھیوں کے وار سے 20 سالہ برادر نسبتی راشد حسین جاں بحق ہو گیا، جبکہ ساس اور دو دیگر برادر نسبتی شدید زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق، ملزم وحید حسین نے اپنے ساتھیوں ناظم حسین، خادم حسین، محمد عاشق، جمیل اور محمد حسن کے ہمراہ اپنے سسر قاسم حسین کے گھر پر حملہ کیا۔ گھر میں موجود قاسم حسین کے بیٹوں راشد، نادر اور خادم حسین نے مزاحمت کی کوشش کی، جس پر وحید حسین نے سریے کا وار کر کے راشد کو شدید زخمی کر دیا۔ دیگر ساتھیوں نے بھی لاٹھیوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں نادر اور خادم زخمی ہو گئے، جبکہ نسیم بی بی (ساس) کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    تمام زخمیوں کو فوری طور پر RHC اوچ شریف منتقل کیا گیا، جہاں راشد حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ اوچ شریف موقع پر پہنچی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوایا اور پھر ورثا کے حوالے کر دیا۔

    متاثرہ خاندان کے سربراہ قاسم حسین کی مدعیت میں تھانہ اوچ شریف میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے اس واقعے کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

  • بہاولپور: بہاول کینال سے بوری بند نامعلوم لڑکی کی لاش برآمد، پولیس تحقیقات میں مصروف

    بہاولپور: بہاول کینال سے بوری بند نامعلوم لڑکی کی لاش برآمد، پولیس تحقیقات میں مصروف

    بہاولپور، (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)لال سوہانرا کے قریب بہاول کینال نہر سے ایک 20 سالہ نامعلوم لڑکی کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے۔ اس اندوہناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ پولیس نے قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    عینی شاہدین کے مطابق، مقامی افراد نے نہر میں تیرتی ہوئی لاش دیکھ کر فوری طور پر پولیس چوکی لال سوہانرا اور ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی انچارج پولیس چوکی مقصود ورک، ڈی ایس پی صدر سرکل خالد محمود وٹو، اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ریسکیو ٹیم جس میں اینسیڈینٹ کمانڈر جاوید، سینیئر میڈیکل ٹیکنیشن محمد مشتاق، اور آصف رضا شامل تھے، نے کارروائی کرتے ہوئے لاش کو نہر سے نکال کر پولیس کے حوالے کیا۔

    پولیس کے مطابق، مقتولہ کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ لاش کی ٹانگ کے ساتھ رسی کے ذریعے بھاری وزن باندھ کر نہر میں پھینکا گیا تھا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے قتل کر کے شواہد چھپانے کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا ہے۔

    شناخت کے عمل کو ممکن بنانے کے لیے پولیس نے قریبی تھانوں — خیرپور ٹامیوالی، عنائتی، میلسی اور کہروڑپکا — سے رابطہ کر لیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے اور جلد ہی حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    علاقے کے مکینوں نے اس دلخراش واقعے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: وزیراعلیٰ پنجاب کا ‘زیادہ گندم اگاؤ’ پروگرام، کسانوں میں ٹریکٹرز اور سپر سیڈرز تقسیم

    سیالکوٹ: وزیراعلیٰ پنجاب کا ‘زیادہ گندم اگاؤ’ پروگرام، کسانوں میں ٹریکٹرز اور سپر سیڈرز تقسیم

    سیالکوٹ، (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)وزیراعلیٰ پنجاب کے "زیادہ گندم اگاؤ” پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 14 خوش نصیب کسانوں میں ٹریکٹرز اور 4 کسانوں میں سپر سیڈرز تقسیم کر دیے گئے۔ یہ تقسیم ایک پروقار تقریب میں کی گئی جس میں چیئرمین پنجاب لینڈ ریونیو اتھارٹی چودھری طارق سبحانی، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چودھری فیصل اکرام، رانا عارف ہرناہ، اور ایم این اے گلناز شجاعت پاشا نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانوں نے کسانوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جامع زرعی اصلاحات سے صوبہ میں زراعت کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو اربوں روپے کے بلا سود قرضے، سبسڈی پر ٹریکٹرز اور زرعی آلات کی فراہمی، نیز کسان کارڈ کے ذریعے ڈیزل، کھاد اور بیج کی مد میں ادائیگیوں سے کاشتکاروں کی مالی مشکلات میں کمی آئی ہے۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو نہ صرف کسان خوشحال ہوگا بلکہ "پنجاب خوشحال” کا نعرہ بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جدید زرعی آلات کے استعمال سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور اسموگ جیسے ماحولیاتی مسائل پر بھی قابو پانا ممکن ہوسکے گا۔ تقریب میں زینا ارشد وڑائچ، سابق اقلیتی ایم این اے ڈاکٹر نیلسن عظیم اور ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے حکام سمیت کثیر تعداد میں کاشتکاروں نے شرکت کی۔

  • حافظ آباد: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، فوڈ پوائنٹس پر بھاری جرمانے اور مقدمات درج

    حافظ آباد: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، فوڈ پوائنٹس پر بھاری جرمانے اور مقدمات درج

    حافظ آباد (باغی ٹی وی، خبرنگار شمائلہ)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت عامہ کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے حافظ آباد اور اس کے گردونواح میں فوڈ پوائنٹس پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حافظ آباد، سکھیکی سروس ایریا، پنڈی بھٹیاں اور مضافاتی علاقوں میں چھاپے مارے۔

    ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد عوام کو محفوظ، ملاوٹ سے پاک اور معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔ چھ فوڈ پوائنٹس کو صفائی کے ناقص انتظامات، زنگ آلود اور ٹوٹے فریزر، مکھیوں اور چھپکلیوں کی موجودگی، اور غیر محفوظ طریقے سے کھانا رکھنے پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 20 ہزار روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    ٹاہلی گورایہ میں واقع ایک ملک کولیکشن سنٹر سے دودھ کے نمونے فیل ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ موقع سے ممنوعہ اور ایکسپائر اشیاء کی بھاری مقدار تلف کر دی گئی۔ کئی فوڈ پوائنٹس پر ملازمین کے پاس تربیتی اسناد اور ضروری ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا، جس پر سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔

    فوڈ اتھارٹی کے مطابق، موٹرویز، بس اڈوں، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم مقامات پر واقع فوڈ پوائنٹس کی سرپرائز چیکنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جگہ غیر منظور شدہ یا ملاوٹی اشیائے خور و نوش کی فروخت پر سخت پابندی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ خوراک سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

  • سیالکوٹ: قحبہ خانہ پر چھاپہ، نائیکہ سمیت 11 گرفتار، اشتہاری فرار

    سیالکوٹ: قحبہ خانہ پر چھاپہ، نائیکہ سمیت 11 گرفتار، اشتہاری فرار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ کے علاقہ ایمن آباد روڈ پر پولیس نے ایک اشتہاری کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو وہاں ایک قحبہ خانہ چلایا جا رہا تھا، جہاں سے نائیکہ سمیت 11 مرد و خواتین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم، جس اشتہاری ملزم ندیم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تھا، وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    تھانہ صدر سیالکوٹ کے ایس ایچ او انسپکٹر غازی میاں عبدالرزاق کو بھڈال کے قریب ایمن آباد روڈ پر فرزانہ نامی خاتون کے قحبہ خانہ چلانے کی شکایات ملی تھیں۔ ان شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ ایک پارٹی تشکیل دی اور مکان پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران فحش حرکات کرتے ہوئے 11 افراد کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

    گرفتار ہونے والوں میں اقراء، ثوبیہ، تانیہ، کنزہ، صائمہ، شہروز، عبدالحاد، ابرار، ایریل، علی اور شعیب شامل ہیں۔ دورانِ تفتیش خواتین نے انکشاف کیا کہ نائیکہ فرزانہ انہیں مردوں سے ملنے کے عوض پانچ سو سے ایک ہزار روپے دیتی تھی۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف فحاشی کے الزام میں مقدمہ درج کرکے انہیں عدالت میں پیش کر دیا ہے۔

    ایک دوسرے واقعے میں، پولیس نے سلطان چوک کے قریب سے یاسین نامی شخص کے قبضے سے دو کلو سے زائد چرس برآمد کی ہے اور اس کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا ہے۔

  • گوجرہ: سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک، ایک فرار

    گوجرہ: سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں 2 ملزمان ہلاک، ایک فرار

    گوجرہ، (نامہ نگار باغی ٹی وی عبد الرحمن جٹ)گوجرہ میں پنجاب پولیس کے نئے قائم شدہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (CCD) کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت علی حیدر سکنہ کمالیہ اور یاسین سکنہ ساہیوال کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس ریکارڈ یافتہ بتائے جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، تھانہ صدر گوجرہ کے علاقہ 158 گ ب کے قریب سی سی ڈی پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے موٹر سائیکل پھینک کر فصلوں میں چھپنے کی کوشش کی اور مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی اپنی حفاظت میں جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا تو دو افراد شدید زخمی حالت میں پائے گئے، جو بظاہر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔ ان کا تیسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    شدید زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس نے موقع سے آتشیں اسلحہ اور ایک چوری شدہ موٹر سائیکل قبضے میں لے لی ہے۔ سی سی ڈی پولیس فرار ہونے والے تیسرے ملزم کی تلاش کر رہی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

  • سیالکوٹ : سب سے بڑا ہسپتال برن یونٹ سے محروم، جھلسے ہوئے مریض دوسرے شہروں کو جانے پر مجبور

    سیالکوٹ : سب سے بڑا ہسپتال برن یونٹ سے محروم، جھلسے ہوئے مریض دوسرے شہروں کو جانے پر مجبور

    سیالکوٹ، (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) سب سے بڑا ہسپتال برن یونٹ سے محروم، جھلسے ہوئے مریض دوسرے شہروں کو جانے پر مجبور

    سیالکوٹ کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال، علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں برن یونٹ کی عدم دستیابی کے باعث جھلس کر آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خواتین، مرد اور بچوں کو دوسرے شہروں میں منتقل کیا جاتا ہے، جس سے انہیں اور ان کے لواحقین کو شدید ذہنی اور مالی اذیت سے گزرنا پڑتا ہے۔

    مریضوں کے اہل خانہ کو نہ صرف اپنے پیاروں کی حالت کی وجہ سے پریشانی کا سامنا ہوتا ہے، بلکہ ایمبولینس کے حصول اور پھر ادھار پیسے لے کر مریض کو دوسرے شہر منتقل کرنے میں بھی انہیں کئی مصیبتیں جھیلنی پڑتی ہیں۔

    سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی جانب سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے دعووں اور ہسپتال انتظامیہ سمیت وزرا کے آئے روز کے دوروں میں "سب اچھا” کی رپورٹس کے باوجود، برن یونٹ کے قیام پر کسی کے ہونٹ نہیں کھلتے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں زیادہ تر غریب لوگ علاج کے لیے آتے ہیں جن کی آواز سننے والا کوئی نہیں۔

    عوامی حلقوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیالکوٹ جیسے بڑے صنعتی ضلع میں برن یونٹ کی فوری تکمیل پر توجہ دی جائے تاکہ جھلسنے والے مریضوں کو بروقت اور مناسب علاج کی سہولت میسر آ سکے۔