Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • دفاع، عزم اور طاقت کا نشان، پاکستان

    دفاع، عزم اور طاقت کا نشان، پاکستان

    دفاع، عزم اور طاقت کا نشان، پاکستان
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    جب بات پاک وطن کی ہو تو سینوں میں جذبہ اور آنکھوں میں عزم جاگ اٹھتا ہے۔ پاکستان ایک ایسی سرزمین ہے جو نہ صرف اپنی جغرافیائی خوبصورتی کے باعث منفرد مقام رکھتی ہے بلکہ اپنی ناقابلِ تسخیر دفاعی صلاحیت اور قوم کے پختہ عزم کی بدولت بھی دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہے۔ اگر پاکستان کی افواج جدید اسلحے سے لیس نہ ہوتیں، ہمارا ایٹمی پروگرام عالمی دباؤ کے آگے جھک گیا ہوتا اور قیادت و عوام میں اتحاد کا فقدان ہوتا تو دشمن کب کا شب خون مار چکا ہوتا۔ لیکن پاکستان ایک زندہ، بیدار اور باشعور قوم کا ملک ہے جو اپنے دفاع کے لیے ہر لمحہ چوکنا اور ہمہ وقت تیار ہے۔

    پاکستان نے حالیہ برسوں میں اپنے فضائی دفاع کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کے لیے جو اقدامات کیے ہیں ان میں سب سے اہم پیش رفت چین سے حاصل کیے گئے جدید J-10C فائٹر جیٹس کی شمولیت ہے۔ یہ فورتھ جنریشن پلس طیارے نہ صرف رفتار، فضا میں چستی اور ریڈار سے بچاؤ کی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ یہ جدید ترین PL-15 اور PL-10 میزائلوں سے بھی لیس ہیں جو 220 کلومیٹر تک فضائی اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    J-10C طیارے پاکستان کی فضائیہ کے لیے گیم چینجر ثابت ہو رہے ہیں۔ ان کی موجودگی دشمن کی کسی بھی فضائی جارحیت کے خلاف ایک مضبوط دفاعی حصار ہے۔ بھارت کی فضائی برتری کے خواب اب چکنا چور ہو چکے ہیں کیونکہ پاکستان کے پاس نہ صرف JF-17 تھنڈر جیسے اپنے تیارکردہ طیارے ہیں بلکہ چین کی طرف سے جدید جے-10 سی جیسے لڑاکا طیارے بھی مل چکے ہیں جو ہر محاذ پر دشمن کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

    ابھی حالیہ دنوں میں پاکستان نے ’’ابدالی میزائل‘‘ کا کامیاب تجربہ کر کے دنیا کو ایک بار پھر خبردار کر دیا کہ ہم امن ضرور چاہتے ہیں لیکن کمزور ہرگز نہیں ہیں۔ یہ میزائل صرف ایک ہتھیار نہیں بلکہ اُس قوم کے عزم، استقلال اور خودی کا استعارہ ہے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کا ہنر جانتی ہے۔

    بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کا جھوٹا الزام ہو، سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی دھمکیاں ہوں یا ویزے منسوخ کرنے جیسی حرکات ، یہ سب دراصل اُس خوف اور بوکھلاہٹ کا اظہار ہے جو پاکستان کی دفاعی تیاریوں اور قومی اتحاد کو دیکھ کر دشمن کے دل میں بیٹھ چکا ہے۔

    ادھر سمندر میں ہماری بے خوف بحریہ ہے جو بحر ہند کی بے رحم موجوں میں سینہ تان کر کھڑی ہے، خلیج کی ہر نبض پر اس کی نظریں ہیں اور دشمن کے ہر ممکنہ اقدام پر اس کی گرفت ہے۔ یہ ہماری مستعد انٹیلی جنس ایجنسیاں ہیں جو دشمن کی سازشوں کو اس سے پہلے ہی دفن کر دیتی ہیں کہ وہ پروان چڑھ سکیں۔ اور یہ ہماری شاہین صفت فضائیہ ہے جو J-10C جیسے جدید ترین لڑاکا طیاروں، اسٹیلتھ ٹیکنالوجی اور ہدف شکن میزائلوں سے لیس ہو کر دشمن کی فضا میں پرواز کے خواب کو بھی خاک میں ملا دیتی ہے۔ یہ صرف دفاعی ادارے نہیں بلکہ پاکستان کے غیرت مند وجود کا ناقابلِ تسخیر حصار ہیں۔

    اگر پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو دشمن کب کا اپنے ناپاک عزائم پر عمل کر چکا ہوتا لیکن پاکستان کی طاقت صرف ایٹمی ہتھیاروں میں نہیں بلکہ ایک مضبوط نظریے، عزم اور خودداری میں چھپی ہوئی ہے جو دشمن کی ہر چال کو ناکام بنا دیتی ہے۔ ہمیں اپنی عسکری قیادت، سائنسدانوں اور ہر اُس شخص پر فخر ہے جس نے ہمارے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔آج جب دنیا پاکستان اور بھارت جیسے دو ایٹمی ممالک کے مابین بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، ایسے میں پاکستان نہ صرف اپنی خودمختاری پر قائم ہے بلکہ سفارتی محاذ پر دشمن کو مؤثر انداز میں بے نقاب بھی کر رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مؤقف، قومی سلامتی کمیٹی کے جرات مندانہ فیصلے اور اندرونی اتحاد نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان ایک باوقار، مضبوط اور زندہ قوم کا ملک ہے جو اپنی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہے۔

    سچ یہی ہے کہ پاکستان کا دفاع صرف افواجِ پاکستان کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ قومی فریضہ ہے۔ دشمن آج صرف ہماری سرحدوں پر نہیں بلکہ ہماری سوچ، ہمارے میڈیا، تعلیمی نظام اور معیشت کو نشانہ بنا کر ہمیں اندر سے کمزور کرنے اور ہمارے اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔ ایسے نازک وقت میں ہر محبِ وطن پاکستانی پر لازم ہے کہ وہ ہوشیاری، شعور، اتحاد اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرے، دشمن کی چالوں پر گہری نظر رکھے اور کسی منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہو۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے اداروں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ، کندھے سے کندھا ملا کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں۔

    آئیے! ہم سب متحد و یکجان ہو کر یہ عہد کریں کہ پاکستان نہ کبھی ماضی میں کسی کے سامنے جھکا، نہ آج جھکا ہے اور نہ آئندہ کبھی جھکے گا۔ یہی ہمارا عزم ہے، یہی ہماری پہچان ہے، یہی ہمارا فخر ہےاور یہی ہمارا پاکستان ہے۔

    پاکستان زندہ باد!
    افواجِ پاکستان پائندہ باد!

  • ابدالی میزائل: پاکستان کی خودداری، سائنسی برتری اور دفاعی عزم کا استعارہ

    ابدالی میزائل: پاکستان کی خودداری، سائنسی برتری اور دفاعی عزم کا استعارہ

    ابدالی میزائل: پاکستان کی خودداری، سائنسی برتری اور دفاعی عزم کا استعارہ
    تحریر: سیدریاض جاذب

    ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی زندہ و پائندہ قوم کا ایک واضح دفاعی پیغام ہے۔ جب دشمن جارحیت پر اتر آئے اور سازشوں کا جال بُننے لگے، تب پاکستان خاموش نہیں رہتا بلکہ اپنے عزم، اتحاد اور ہتھیاروں کی طاقت سے جواب دیتا ہے۔ حالیہ دنوں میں پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کر کے دنیا کو بتا دیا کہ ہم امن کے خواہاں ہیں لیکن کمزور ہرگز نہیں۔

    450 کلومیٹر کی رینج کے حامل اس جدید میزائل نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو ایک نئی بلندی عطا کی ہے۔ یہ نہ صرف ایک عسکری کامیابی ہے بلکہ دشمن عناصر کے لیے ایک ناقابلِ تسخیر پیغام بھی ہے جو پاکستان کی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ابدالی میزائل صرف ایک ہتھیار نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے عزم، خودداری اور نظریاتی قوت کا عکاس ہے۔

    بھارت کی جانب سے ایک بار پھر جھوٹے الزامات اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلگام حملے کا بے بنیاد الزام، سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکی اور پاکستانیوں کے ویزوں کی منسوخی اس بوکھلائے ہوئے دشمن کی ناکام چالیں ہیں۔ بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ پانی کی بندش کو پاکستان جنگ کے مترادف سمجھے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی، اس نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔

    پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے جرات مندانہ فیصلوں کے ذریعے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے۔ سفارتی محاذ پر جوابی حکمت عملی نے بھارت کو مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے پُرزور مؤقف نے ایک خوددار ریاست کے وقار کو اجاگر کیا۔ دنیا کو اس کشیدگی پر تشویش ہے کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تناؤ کسی بڑے المیے کا سبب نہ بن جائے، لیکن بھارت کی ہٹ دھرمی بدستور جاری ہے۔

    ہمیں اپنی افواج، سائنسدانوں اور قیادت پر فخر ہے۔ ابدالی میزائل صرف ایک ہتھیار نہیں، بلکہ ہماری خودی، غیرت اور آزادی کا محافظ ہے۔ یہ تجربہ قوم کے ہر فرد کی جیت ہے۔ یہ پیغام ان سب کے لیے ہے جو پاکستان کی نظریاتی سرحدوں پر حملہ آور ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

    پاکستان جاگ رہا ہے۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دشمن کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، کیونکہ اسے معلوم ہے کہ پاکستان متحد، مستحکم اور اپنے دفاع کے لیے ہر دم تیار ہے۔ آئیے، متحد ہو کر دنیا کو دکھائیں کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا کیونکہ پاکستان کا مطلب ہے… لا إله إلا الله!

    پاکستان زندہ باد!
    افواجِ پاکستان پائندہ باد!

  • اوچ شریف:پیکا ایکٹ ترمیم، پیپلز پارٹی رہنما صحافیوں کے تحفظات بلاول بھٹو تک پہنچائیں گے

    اوچ شریف:پیکا ایکٹ ترمیم، پیپلز پارٹی رہنما صحافیوں کے تحفظات بلاول بھٹو تک پہنچائیں گے

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) پاکستان پیپلز پارٹی بہاولپور کے سرگرم رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق ٹکٹ ہولڈر حافظ حسین احمد مدنی نے کہا ہے کہ وہ پیکا ایکٹ میں حالیہ ترمیم کے حوالے سے صحافتی برادری کے تحفظات سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے یہ یقین دہانی رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان اور مقامی معاصر روزنامہ کے اشتراک سے احمد پور شرقیہ کے ایک نجی کالج میں منعقدہ عالمی یومِ آزادی صحافت کی راؤنڈ ٹیبل سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ تقریب صدر آر ایم این پی احسان احمد سحر کی زیر صدارت منعقد ہوئی جبکہ پرنسپل گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج پروفیسر شاہد حسین مغل مہمانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئے۔

    حافظ حسین احمد مدنی نے کہا کہ عالمی یومِ آزادی صحافت کی تقریب میں انہوں نے دیکھا کہ تحصیل احمد پور شرقیہ کے تمام پریس کلبوں کے موجودہ اور سابق عہدیداران نے اتفاق رائے سے پیکا ایکٹ کی حالیہ ترمیم 26-اے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس ترمیم کو واپس لیا جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر قانون سازی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں شیری رحمان، شازیہ مری، ندیم افضل چن اور دیگر کو اس بارے میں خصوصی بریفنگ دیں گے۔

    قبل ازیں، صدر آر ایم این پی احسان احمد سحر نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس 2025ء میں پاکستان کی درجہ بندی 152 سے گر کر 158 ہو گئی ہے جو انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مادر پدر آزادی صحافت کے قائل نہیں لیکن پیکا ایکٹ کی آڑ میں عائد پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافی برادری کے اضطراب کو دور کیا جائے۔ تقریب میں پروفیسر سید زوار حسین اور آر ایم این پی کے مقامی کوآرڈینیٹر محمد سلیمان فاروقی نے بھی خطاب کیا۔

    سینئر مسلم لیگی رہنما میر عمر سعود نے راؤنڈ ٹیبل میں کہا کہ پیکا ایکٹ میں ترمیم صحافیوں کے خلاف نہیں بلکہ ان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف ہے جو ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہے ہیں۔ تاہم پریس کلب احمد پور شرقیہ کے سابق صدر محمد رفیق صفدر راجپوت، احمد پور یونین آف جرنلسٹس کے صدر ڈاکٹر عبدالحمید ثاقب، جنرل سیکرٹری حمید اللہ خان عزیز، وائس چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی عمران لاڑ، نائب صدر خلیل الرحمٰن کھوکھر، سینئر صحافی محمد ظفر خان، جمعیت علماء اسلام کے رہنما حکیم محمد حسنین چوہان، پریس کلب بہاولپور کے جنرل سیکرٹری امام بخش بھٹی، پریس کلب مبارک پور کے جنرل سیکرٹری فراز حیدر خان، پریس کلب چنی گوٹھ کے جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ انجم، پریس کلب خیرپور ڈاہا کے صدر شکیل وارن، پریس کلب نوشہرہ جدید کے صدر آصف اعوان، چیف آرگنائزر اے یو جے چوہدری محمد اکرم، سیکرٹری اطلاعات یوسف غنی قریشی، اوچ پریس کلب اوچ شریف کے صدر ارشاد احمد شاد، سینئر نائب صدر اطہر اقبال مغل، صدر پریس کلب چنی گوٹھ شاہد بشیر چوہدری اور پریس کلب سمہ سٹہ کے سرپرست اعلیٰ افتخار احمد علوی نے پیکا ایکٹ کی ترامیم کو کالا قانون قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: سینیٹر ساجد میر کی غائبانہ نماز جنازہ، علما و رہنماؤں کی بڑی تعداد میں شرکت

    ڈیرہ غازی خان: سینیٹر ساجد میر کی غائبانہ نماز جنازہ، علما و رہنماؤں کی بڑی تعداد میں شرکت

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ)ممتاز دینی و سیاسی شخصیت، پروفیسر سینیٹر علامہ ساجد میر رحمہ اللہ گزشتہ روز بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ ان کے انتقال پر ملک بھر میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی۔ ڈیرہ غازی خان میں ان کی یاد میں غائبانہ نمازِ جنازہ کا انعقاد اتوار کے روز دوپہر 2 بجے کلیتہ البنات ڈیرہ غازی خان میں کیا گیا۔

    نمازِ جنازہ کی امامت شیخ الحدیث، استاذ العلماء حضرت مولانا مفتی عطا اللہ اعوان حفظہ اللہ نے کی، جس میں ڈیرہ غازی خان اور مضافاتی علاقوں سے سینکڑوں علما کرام، سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں، کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔

    اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈیرہ غازی خان اور اہلِ حدیث یوتھ فورس کے ضلعی قائدین، جن میں مولانا قاری خالد محمود اظہر، مولانا قاری یاسین حیدر، حافظ عبد الکریم، قاری نذیر احمد مدنی، حاجی عبد المتین بھٹہ، حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ، حاجی محمد لطیف سپل، محمد زاہد قریشی، قاری محمد زاہد، حبیب راشدی، قاری محمد آصف میر، قاری محمد اسماعیل محمدی، عبد الستار بھٹی اور دیگر شامل تھے، نے نمازِ جنازہ میں شرکت کر کے مرحوم کی دینی و قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

    شرکاء نے امیر محترم پروفیسر ساجد میر رحمہ اللہ کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کے لواحقین، خصوصاً ڈاکٹر حافظ عبد الکریم حفظہ اللہ، مرکزی ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ایک مدبر، جری اور علمی قائد سے محروم ہو گئی ہے، اور ہم اس عظیم سانحہ پر پسماندگان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

  • بھارتی فوجی تنصیبات کی معلومات پاکستان کو دینے کے الزام میں  2 افراد گرفتار

    بھارتی فوجی تنصیبات کی معلومات پاکستان کو دینے کے الزام میں 2 افراد گرفتار

    امرتسر(باغی ٹی وی)بھارتی فوجی تنصیبات کی تصاویر اور خفیہ معلومات پاکستان کو فراہم کرنے کے الزام میں دو عیسائی گرفتار

    بھارتی پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (DGP Punjab Police) کی جانب سے 3 مئی 2025 کو ایکس (سابق ٹویٹر) پر جاری بیان میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امرتسر رورل پولیس نے ایک بڑی جوابی جاسوسی کارروائی کے دوران دو افراد پلک شیر مسیح اور سورج مسیح کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے امرتسر میں واقع فوجی چھاؤنیوں اور فضائی اڈوں کی حساس تصاویر اور معلومات افشاء کر کے قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔

    ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دونوں ملزمان کے تعلقات پاکستانی انٹیلیجنس نیٹ ورک سے تھے جو امرتسر سینٹرل جیل میں قید ہربھجیت سنگھ عرف پِٹو عرف ہیپی کے ذریعے استوار کیے گئے۔ ہربھجیت سنگھ کو پہلے ہی حساس نوعیت کے مقدمات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

    https://x.com/dgppunjabpolice/status/1918885878522351901?s=46

    پولیس نے اس کارروائی کے بعد Official Secrets Act کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید اہم اور حساس انکشافات سامنے آئیں گے۔

    بھارتی پنجاب پولیس کے مطابق وہ بھارتی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور قومی سلامتی سے کھیلنے کی کسی بھی کوشش کا فوری اور سختی سے نوٹس لیا جائے گا۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ ملک کی مسلح افواج کے تحفظ کو کمزور کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

  • لندن: بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پاک فوج زندہ باد،مودی مردہ باد کے فلک شگاف نعرے

    لندن: بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پاک فوج زندہ باد،مودی مردہ باد کے فلک شگاف نعرے

    لندن(باغی ٹی وی) بھارتی ہائی کمیشن کے باہر پاک فوج زندہ باد،مودی مردہ باد کے فلک شگاف نعرے

    لندن میں واقع بھارتی ہائی کمیشن کے اطراف کا علاقہ اس وقت "پاک فوج زندہ باد”، "آئی ایس آئی زندہ باد” اور "کشمیر بنے گا پاکستان” جیسے نعروں سے گونج اٹھا، جب پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ چیپٹر کے زیر اہتمام ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اور پلے کارڈز تھام رکھے تھے، جن پر بھارت کی ریاستی دہشتگردی، مودی حکومت اور ہندوتوا نظریے کے خلاف شدید مذمتی پیغامات درج تھے۔
    https://x.com/BaaghiTV/status/1919018986911449444
    یہ احتجاج مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو ہونے والے خونریز حملے کے بعد منعقد کیا گیا، جس میں 26 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔ مظاہرین نے اس واقعے کو ایک "فالس فلیگ آپریشن” قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت نے ایک بار پھر بغیر کسی ثبوت کے انگلی پاکستان کی طرف اٹھائی، تاکہ عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے ہٹائی جا سکے۔
    https://x.com/BaaghiTV/status/1919019244819222924
    مظاہرین نے مودی حکومت اور اس کے انتہاپسند نظریات کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ "مودی دہشتگرد ہے”، "ہندوتوا نظریہ مردہ باد”، "کشمیر پاکستان کا ہے” جیسے فلک شگاف نعرے نہ صرف بھارتی ہائی کمیشن کی دیواروں سے ٹکرا کر واپس آئے، بلکہ لندن کی فضاؤں میں پاکستانیوں کے قومی جذبے کا اظہار بھی بنے۔
    https://x.com/BaaghiTV/status/1919019469768098139
    پاکستان مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے صدر احسن ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "یہ صرف ایک احتجاج نہیں، بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کی اپنی مٹی سے وابستگی، پاک فوج اور قومی سلامتی کے اداروں سے محبت کا واضح اظہار ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ پہلگام کا واقعہ سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ ہے، جس کے ذریعے بھارت نے عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی، لیکن دنیا اب بھارت کے چہرے سے نقاب ہٹا چکی ہے۔
    https://x.com/BaaghiTV/status/1919019744293748873
    احتجاج میں شریک شرکا نے یہ پیغام دیا کہ دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوں، پاکستانی عوام کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارتی ریاستی ظلم و جبر کے خلاف ہر محاذ پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

  • گوجرانوالہ: ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 6 ایجنٹ گرفتار

    گوجرانوالہ: ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث 6 ایجنٹ گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور ویزہ فراڈ میں ملوث گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 6 ایجنٹس کو گرفتار کر لیا ہے، جو بیرون ملک ملازمت کے جھانسے دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث تھے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت شاہد محمود، محمد یوسف، محمد جاوید، حمزہ طارق، عاقف اور نعمان عنصر کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں منڈی بہاءالدین، گجرات، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ملزم شاہد محمود نے متعدد شہریوں کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے وصول کیے، جن میں ایک شہری سے 18 لاکھ روپے وصول کرنے کا کیس سامنے آیا۔ ملزم محمد یوسف نے بحرین بھجوانے کے لیے ایک شہری سے 8 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیائی، جب کہ محمد جاوید نے اٹلی کے ویزے کے بدلے 22 لاکھ 50 ہزار روپے لیے، مگر شہری کو اٹلی کے بجائے دبئی بھیج دیا اور بعد ازاں دبئی سے اٹلی منتقل کروانے میں ناکام رہا۔

    اسی طرح گرفتار ملزم حمزہ طارق نے برطانیہ کے سٹڈی ویزہ کے نام پر ایک شہری سے 18 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیائی جبکہ عاقف نے تین شہریوں کو سعودی عرب بھجوانے کے جھانسے میں 11 لاکھ 50 ہزار روپے بٹورے۔ ملزم نعمان عنصر نے ایک شہری سے عراق میں ملازمت کے نام پر 3 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے۔

    ایف آئی اے کے مطابق تمام ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے تاہم ایف آئی اے نے انہیں گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے اور متاثرہ شہریوں سے مزید بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔

  • آسمانی بجلی کا قہر، یزمان میں 2 افراد جاں بحق، اوچ شریف میں قیمتی مویشی ہلاک

    آسمانی بجلی کا قہر، یزمان میں 2 افراد جاں بحق، اوچ شریف میں قیمتی مویشی ہلاک

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب آسمانی بجلی نے تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں اور قیمتی مویشیوں کا نقصان ہوا۔ بہاولپور کی تحصیل یزمان اور اوچ شریف کے نواحی علاقوں میں پیش آنے والے ان المناک واقعات نے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور کی تحصیل یزمان کے نواحی علاقے 98 ڈی بی میں رات 11 بج کر 59 منٹ پر آسمانی بجلی گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو 1122 بہاولپور کے مطابق، چار افراد کھیتوں میں کام مکمل کرنے کے بعد ایک درخت کے نیچے بیٹھے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے سے دو افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، جبکہ دو دیگر معمولی زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشیں ورثا کے حوالے کیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یزمان منتقل کیا۔

    دوسری جانب اوچ شریف کے نواحی گاؤں دھوڑکوٹ کے ٹبی وارن میں کسان مولوی محمد قاسم کے صحن میں موجود کھجور کے درخت پر آسمانی بجلی گری۔ اس درخت کے نیچے بندھے دو قیمتی مویشی آسمانی بجلی کی خوفناک آواز اور لپیٹ سے موقع پر ہلاک ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق رات گئے طوفانی بارش اور گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی نے کھجور کے درخت کو نشانہ بنایا، جس سے کسان کا قیمتی سرمایہ لمحوں میں تباہ ہو گیا۔ مولوی محمد قاسم اس نقصان سے شدید صدمے میں ہیں۔

    اسی طرح اوچ شریف کے علاقے مخدوم پور میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے کھجور کے کئی درختوں میں آگ لگ گئی۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لیکن درختوں کو شدید نقصان پہنچا۔

    ان واقعات نے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور متاثرین کی مالی امداد کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

  • گوجرانوالہ: یوم آزادی صحافت پر سیمینار اور ریلی، پیکا ایکٹ کے خاتمے کا مطالبہ

    گوجرانوالہ: یوم آزادی صحافت پر سیمینار اور ریلی، پیکا ایکٹ کے خاتمے کا مطالبہ

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): پی ایف یو جے ورکرز کے زیر اہتمام آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر گوجرانوالہ پریس کلب میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد ایک ریلی نکالی گئی۔ اس سیمینار اور ریلی کی قیادت پریس کلب کے صدر حافظ شاہد منیر اور پی ایف یو جے ورکرز کے نائب صدر ملک توصیف احمد نے کی۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر پریس کلب حافظ شاہد منیر نے کہا کہ وہ ہر مشکل وقت میں صحافیوں کے ساتھ شانہ بشانہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے بہتر سے بہترین کی جانب جانے کی ان کی جدوجہد میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، لیکن ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافی برادری کے وسیع تر مفاد کے لیے بیوروکریسی سے ان کی ہمیشہ نہیں بن سکی۔

    پی ایف یو جے ورکرز کے نائب صدر ملک توصیف احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر حکومت صحافیوں پر پیکا کے تحت درج مقدمات اور پابند سلاسل صحافیوں کو رہا کرے، تاکہ آزادی اظہار رائے پر لگی قدغنیں ماضی کا قصہ بن جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیکا کا قانون صحافیوں پر نہیں، بلکہ ملکی دفاعی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں پر لگانا چاہیے۔

    حافظ سکندر اعظم نے ملک توصیف احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صحافیوں کے اتحاد پر زور دیا اور پریس کلب اور شعبہ صحافت سے منسلک افراد کو مضبوط کرنے کی اپیل کی۔ سیمینار میں نقابت کے فرائض صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس ورکرز افتخار علی بٹ نے ادا کیے، جبکہ صحافی علی مہدی جھنڈوی نے خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبولؐ اور مولا علی کی منقبت پیش کر کے خوب داد وصول کی۔

    سیمینار کے اختتام کے بعد پریس کلب سے جی ٹی روڈ تک ایک ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے "زندہ ہیں صحافی زندہ ہیں” اور "پیکا ایکٹ نامنظور” کے شدید نعرے لگائے۔ ریلی کی حفاظت کے لیے سکیورٹی ادارے اور پولیس کا عملہ بھی تعینات تھا۔ یہ ریلی واپس پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں صدر پریس کلب حافظ شاہد منیر، ملک توصیف احمد (نائب صدر پی ایف یو جے ورکرز)، صدر ریجنل یونین آف جرنلسٹس ورکرز افتخار علی بٹ، ممبر ایف ای سی عشرت الماس چوہدری، چیئرمین ایونٹ کمیٹی جاوید اقبال بھٹی، چیئرمین راہوالی پریس کلب رانا عبدالغفار، ایڈیشنل سیکریٹری حافظ شاہد ملک، سیکریٹری فنانس رانا اظہر، طیب مہر، نوید سہیل، علی مہدی جھنڈوی اور دیگر بھی شریک تھے۔

  • میرپورخاص: ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے لالا رانگڑ کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت

    میرپورخاص: ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے لالا رانگڑ کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت

    میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگار ،سید شاہزیب شاہ) ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے لالا رانگڑ کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت

    متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنماؤں نے میرپورخاص کے ہمدرد لالا رانگڑ کے جواں سال بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج سلیم رزاق، رکن شفیق احمد، جوائنٹ انچارج و ممبر صوبائی اسمبلی ایڈووکیٹ محمد راشد خان، میرپورخاص ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ انچارج آفاق احمد خان، اور ڈسٹرکٹ کمیٹی کے دیگر اراکین نے لالا رانگڑ کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ رہنماؤں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا کی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے اس دکھ کی گھڑی میں لالا رانگڑ اور ان کے خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔