Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: مفت کتابیں خواب، تعلیمی نظام بحران کا شکار،طلباء اور والدین پریشان

    اوچ شریف: مفت کتابیں خواب، تعلیمی نظام بحران کا شکار،طلباء اور والدین پریشان

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان)ضلع بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ کی سب تحصیل اوچ شریف کے سرکاری سکولوں میں تعلیمی سال 2025 کا آغاز کتابوں کے بغیر ہو رہا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت نصابی کتب کی عدم دستیابی نے تدریسی عمل کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، جس کے باعث اساتذہ، طلباء اور ان کے والدین شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گورنمنٹ سکولوں میں نویں اور دسویں جماعتوں کے مکمل نصاب کی کتابیں دستیاب نہیں ہیں جبکہ دیگر جماعتوں میں بھی ریاضی، انگریزی اور سائنس جیسے اہم مضامین کی کتابیں ناپید ہیں۔ حیران کن طور پر نئے تعلیمی پالیسی کے تحت نصاب میں تبدیلی کے باوجود سکولوں کو پرانی کتابوں سے پڑھانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جو نہ صرف غیر مؤثر تدریس کا سبب بن رہا ہے بلکہ طلباء کے لیے ذہنی الجھن کا باعث بھی بن رہا ہے۔

    اساتذہ کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے قائم کردہ بک ڈپو ویران پڑے ہیں اور طلباء روزانہ کتابیں حاصل کرنے کی امید میں سکولوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ انہیں نامکمل اور غیر مطابقت پذیر کورسز کی بنیاد پر تعلیم دی جا رہی ہے، جس سے ان کے تعلیمی معیار پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس مایوس کن صورتحال میں والدین اپنی جیبوں سے بھاری رقم خرچ کر کے بازار سے مہنگی کتابیں خریدنے پر مجبور ہیں جو حکومت کی "مفت تعلیم” کی پالیسی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

    اساتذہ، والدین اور سماجی حلقے اس بات پر متفق ہیں کہ اگر اس مسئلے کا فوری حل نہ نکالا گیا تو طلباء کا قیمتی تعلیمی وقت ضائع ہو جائے گا اور آئندہ بورڈ امتحانات کے نتائج بھی بری طرح متاثر ہوں گے خاص طور پر جب گرمیوں کی چھٹیاں بھی قریب ہیں۔

    عوامی اور سماجی حلقوں نے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات، سیکرٹری ایجوکیشن لاہور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور ضلع بہاولپور سمیت پورے صوبے کے سرکاری سکولوں میں نصابی کتابوں کی مکمل اور بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ طلباء کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

  • اوچ شریف چمک اٹھا، بلدیہ ورکس کی جانب سے صفائی مہم زور و شور سے جاری

    اوچ شریف چمک اٹھا، بلدیہ ورکس کی جانب سے صفائی مہم زور و شور سے جاری

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے اوچ گیلانی میں بلدیہ ورکس (بی ڈبلیو بہاولپور) کی ہدایت پر صفائی ستھرائی کا کام انتہائی تیزی سے جاری ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد شہر کو صاف ستھرا بنانا، بیماریوں سے پاک ماحول فراہم کرنا اور شہریوں کو صحت مند زندگی کی سہولیات میسر کرنا ہے۔

    بی ڈبلیو کے احکامات پر اوچ گیلانی کے 59 سپروائزری یونٹ میں صفائی کا کام سپروائزر بنیامین اور نائب سپروائزر کامران خان گشکوری کی زیرِ نگرانی تیزی سے پیش رفت کر رہا ہے۔ صفائی کے دوران علاقے کی تمام گلیوں، نالیوں اور نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر صاف کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، مچھروں اور دیگر موذی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے مؤثر جراثیم کش ادویات کا بھی باقاعدگی سے چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے۔

    سپروائزر بنیامین نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ ورکس کی واضح ہدایات کی روشنی میں صفائی مہم کو ایک منظم انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے اور تمام ٹیمیں پورے جوش و خروش کے ساتھ عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ نائب سپروائزر کامران خان گشکوری نے مزید کہا کہ اوچ شریف شہر کی فلاح و بہبود بلدیہ ورکس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صفائی کا یہ سلسلہ روزانہ کی بنیاد پر بلاناغہ جاری رہے گا۔

    شہریوں نے بلدیہ ورکس (بی ڈبلیو بہاولپور) کی ان شاندار کوششوں کو دل کی گہرائیوں سے سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ صفائی کا یہ عمل مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہیے تاکہ اوچ شریف کو ایک صاف ستھرا، خوبصورت اور بیماریوں سے محفوظ شہر بنایا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی مسلسل کاوشوں سے ہی ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پایا جا سکتا ہے۔

  • اوچ شریف: دودھ کے نام پر بکتا زہر، فوڈ اتھارٹی بے خبر

    اوچ شریف: دودھ کے نام پر بکتا زہر، فوڈ اتھارٹی بے خبر

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اولیائے کرام کے شہر اوچ شریف میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی منافع خور عناصر نے دودھ میں کیمیکل اور پانی کی خطرناک ملاوٹ کا دھندا عروج پر پہنچا دیا ہے۔ یہ زہریلا ملاوٹی دودھ سرعام فروخت ہو رہا ہے جو نہ صرف شہریوں کی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے بلکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

    ذرائع کے مطابق اوچ شریف میں روزانہ ہزاروں لیٹر دودھ استعمال ہوتا ہے اور گرمیوں میں لسی، دہی اور دیگر مشروبات کی مانگ بڑھنے سے اس کی کھپت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ اس طلب کو پورا کرنے کے لیے بے ایمان دکاندار دودھ کو گاڑھا اور خالص دکھانے کے لیے خطرناک کیمیکلز کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔

    شہریوں محمد عامر، یونس ادریس، احمد رضا اور محمد عثمان کی جانب سے موصول ہونے والی دل دہلا دینے والی شکایات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دودھ میں صرف پانی ہی نہیں بلکہ ایسے زہریلے کیمیکلز شامل کیے جا رہے ہیں جو انسانی صحت خاص طور پر معصوم بچوں کے لیے انتہائی مہلک ہیں۔ ان کیمیکلز کے استعمال سے کئی خوفناک بیماریاں اور دیگر سنگین طبی مسائل تیزی سے جنم لے رہے ہیں۔

    شہری اس بنیادی ضرورت کی چیز میں اس قدر گھناؤنی ملاوٹ پر شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی کی مجرمانہ خاموشی اور عدم دلچسپی نے صورتحال کو مزید بدتر کر دیا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ملاوٹی دودھ بیچنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور شہریوں کو خالص دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

  • اوچ شریف: موٹروے پر FIA کے انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی، خواتین و بچوں سمیت 48 بازیاب

    اوچ شریف: موٹروے پر FIA کے انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی، خواتین و بچوں سمیت 48 بازیاب

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی سمگلنگ کے ایک وسیع نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ملتان-سکھر موٹروے پر جھانگڑہ انٹرچینج کے قریب ایک جرأت مندانہ کارروائی میں، ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل بہاولپور کے اہلکاروں نے دو اہم اسمگلروں کو دھر لیا اور ان کے چنگل سے 10 خواتین اور 4 بچوں سمیت 48 بے گناہ افراد کو بازیاب کروا لیا، جنہیں غیر قانونی طور پر بیرون ملک دھکیلا جا رہا تھا۔

    گرفتار کیے گئے انسانیت کے ان دشمنوں کی شناخت فضل محمد اور شعیب رضا کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ دونوں ایک منظم گروہ کے سرگرم رکن ہیں جو پاکستانی شہریوں کو دھوکے سے ایران اور عراق کے خطرناک اور غیر قانونی راستوں سے لے جا رہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات نے ایک لرزہ خیز انکشاف کیا ہے کہ ان سفاک اسمگلروں نے ہر فرد سے 2 سے 3 لاکھ روپے تک کی بھاری رقم اینٹھی تھی، جس کا مجموعی تخمینہ 83 لاکھ 93 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ ان کا مذموم منصوبہ ان بے خبر افراد کو پہلے کراچی منتقل کرنا تھا، اور پھر وہاں سے بلوچستان کے دشوار گزار راستوں سے گزار کر انہیں ایران اور بالآخر عراق پہنچانا تھا۔

    ایف آئی اے کی بروقت کارروائی نے ان 48 افراد کی زندگیوں کو ایک ممکنہ انسانی المیے سے بچا لیا، جن میں معصوم بچے اور بے بس خواتین بھی شامل تھیں۔ اس کامیاب چھاپے کے دوران، ایف آئی اے کے تیز طرار اہلکاروں نے 17 اصلی پاسپورٹس، متعدد موبائل فونز اور دیگر اہم دستاویزات بھی قبضے میں لیے ہیں، جو اس گھناؤنے کاروبار کی تہہ تک پہنچنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ گرفتار شدہ دونوں ملزمان کے خلاف انسانی سمگلنگ کے سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کو بھی قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے۔

    ایف آئی اے کے ترجمان نے اس شاندار کامیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک انتہائی قابل مذمت جرم ہے، جس کی بھینٹ اکثر غریب اور معصوم شہری چڑھتے ہیں۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے ایسے مجرمانہ گروہوں کے خلاف ملک بھر میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور کسی بھی ملزم کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔

    ایف آئی اے نے تمام باشعور شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ اگر وہ اپنے گرد و نواح میں انسانی سمگلنگ یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کا مشاہدہ کریں تو فوری طور پر ایف آئی اے کی ہیلپ لائن یا اپنے قریبی دفتر کو مطلع کریں، تاکہ مزید قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازیخان: خودکشیوں پر قابو کے لیے گندم کی گولیوں اور کالے پتھر پر پابندی عائد

    ڈیرہ غازیخان: خودکشیوں پر قابو کے لیے گندم کی گولیوں اور کالے پتھر پر پابندی عائد

    ڈیرہ غازی خان(سٹی رپورٹ جواداکبر) خودکشیوں کا سدِباب کیلئے کمشنر کا بڑا ایکشن، گندم کی گولیاں اور کالا پتھر کی خرید و فروخت پر فوری پابندی عائد

    تفصیل کے مطابق کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے ایک انتہائی اہم اور فوری اقدام اٹھاتے ہوئے ضلع بھر میں گندم کی خطرناک گولیوں اور جان لیوا کالا پتھر کے رکھنے اور خرید و فروخت پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ سخت فیصلہ علاقے میں خودکشی کے بڑھتے ہوئے افسوسناک واقعات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جہاں ان مہلک اشیاء کا استعمال نوجوانوں کی قیمتی زندگیوں کو نگل رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے اس سلسلے میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت یہ پابندی اگلے ایک ماہ تک سختی سے نافذ العمل رہے گی۔ انتظامیہ کا یہ بروقت اور جرات مندانہ قدم میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کی جانب سے موصول ہونے والی ایک تشویشناک تحریری درخواست کے بعد سامنے آیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق، ٹیچنگ ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) اور ایمرجنسی میں گندم کی گولیاں کھانے اور کالا پتھر پینے کے باعث خودکشی کرنے والے افراد کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ تشویشناک رجحان بالخصوص نوجوان نسل کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے اور ان کی زندگیوں کو بے رحمی سے ختم کر رہا ہے۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور کسی کو بھی انہیں خودکشی جیسے المناک راستے پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اس مسئلے کی جڑ تک پہنچنے اور اس کے سدباب کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

    اس پابندی کے نفاذ کے ساتھ ہی، ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ اس حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس اہم اقدام میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور اپنے ارد گرد ایسے کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔

    یہ امید کی جاتی ہے کہ کمشنر ڈیرہ غازی خان کا یہ جاندار اور بروقت فیصلہ علاقے میں خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور نوجوانوں کی قیمتی جانوں کو بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • سیالکوٹ: سینئر صحافی مہر مصطفیٰ کے والد کا انتقال،نمازجنازہ  میں مختلف شخصیات کی شرکت

    سیالکوٹ: سینئر صحافی مہر مصطفیٰ کے والد کا انتقال،نمازجنازہ میں مختلف شخصیات کی شرکت

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)سینئر صحافی مہر محمد مصطفیٰ کے والد انتقال کر گئے، نماز جنازہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی شرکت

    پروفیشنل پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے سرپرستِ اعلیٰ اور باغی ٹی وی کے نامہ نگار سینئرصحافی مہر محمد مصطفیٰ کے والد محترم طویل علالت کے بعد گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ میں شہر بھر کی ممتاز شخصیات، صحافی برادری، وکلاء، سیاسی، سماجی اور رفاحی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے موقع پر مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر اہلِ علاقہ اور رفقاء نے مہر محمد مصطفیٰ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے والد کی دینی، اخلاقی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

  • سیالکوٹ: شوہر سے جھگڑے پر 32 سالہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی

    سیالکوٹ: شوہر سے جھگڑے پر 32 سالہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) شوہر سے جھگڑے پر 32 سالہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے موضع منڈیر خورد میں گھریلو جھگڑے نے ایک اور جان لے لی۔ شوہر سے جھگڑے کے بعد 32 سالہ خاتون اقراء نے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں، جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک ہو گئی۔

    یہ خبر بھی پڑھیں
    ڈیرہ غازی خان:دری میرو کے قریب لڑکی کی پراسرار موت، قتل یاخودکشی ؟

    خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ راستے ہی میں دم توڑ گئی۔ افسوسناک واقعہ تھانہ ائیرپورٹ کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ اہلِ علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں فکرِ اقبال اور امتِ مسلمہ کے مسائل پر فکری سیمینار،

    سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں فکرِ اقبال اور امتِ مسلمہ کے مسائل پر فکری سیمینار،

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم وفات کے موقع پر "عصرِ حاضر میں اُمتِ مسلمہ کے مسائل اور فکرِ اقبال” کے عنوان سے ایک فکری و ادبی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام اقبال چئیر، ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز، اوورِک اور شعبہ اردو کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔

    تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ اقبال سے ہوا، جس کے بعد طالبات کے مابین بیت بازی کے مقابلے میں علامہ اقبال کے افکار کو اجاگر کیا گیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو نقد انعامات اور دیگر طالبات کو تعریفی اسناد دی گئیں۔

    مہمانِ خصوصی پروفیسر رانا اعجاز حسین نے خطاب میں کہا کہ فکرِ اقبال آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے اور نوجوانوں کو علم، کردار اور اتحاد کا پیغام دیتی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے سیمینار سے خطاب میں اقبال کے افکار کو نوجوان نسل کے لیے مکمل ضابطہ حیات قرار دیا اور اقبال سینٹر آف ایکسیلینس اور سیرت سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام کی منظوری کا اعلان کیا تاکہ طالبات علامہ اقبال اور سیرت النبی ﷺ پر تحقیق کر سکیں۔

    صدر شعبہ اردو ڈاکٹر افضال بٹ نے انتظامیہ، مہمانانِ گرامی اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ڈاکٹر رفعت چوہدری، پروفیسر عذرہ سبطین، ڈاکٹر فرح دیبا اور اسد اعجاز نے بھی سیمینار میں شرکت کی اور اقبال سنٹر آف ایکسیلینس کے قیام کے لیے عطیات دیے۔

    سیمینار کا اختتام مہمانانِ گرامی کو اعزازی شیلڈز اور کامیاب طالبات میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔ اس فکری نشست کو طالبات کی علمی، فکری اور قومی تربیت کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔

  • سمبڑیال: ڈپٹی کمشنر کا دورہ، تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالیرینس، صفائی و گرین بیلٹس کیلئے ہدایت

    سمبڑیال: ڈپٹی کمشنر کا دورہ، تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالیرینس، صفائی و گرین بیلٹس کیلئے ہدایت

    سیالکوٹ,باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید حسن رضا نے تحصیل سمبڑیال کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں صفائی، گرین بیلٹس، تجاوزات اور صحت کی سہولیات کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ بندیال اور چیف آفیسر ضلع کونسل فیصل شہزاد بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے گرین بیلٹس کو خوبصورت بنانے اور جہاں پودے خشک ہو چکے ہیں وہاں فوری نئے پودے لگانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تحصیل انتظامیہ کو سڑکوں کے اطراف سے تمام غیر ضروری بینرز اور سٹریمرز فوری طور پر ہٹانے کے احکامات دیے اور واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالیرینس کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

    انہوں نے صفائی کے حوالے سے سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو عملے کی مکمل متحرکیت، بروقت کوڑا کرکٹ اٹھانے اور گلیوں و سڑکوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے معیار میں مزید بہتری لانے پر زور دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ایکسین ہائی ویز کو بھی ہدایت کی کہ سڑکوں کے شولڈرز کو مضبوط اور پختہ کیا جائے تاکہ سڑکوں کی پائیداری بڑھے اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    بعد ازاں، سید حسن رضا نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمبڑیال کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق عملے کی حاضری چیک کی، ایمرجنسی اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا، اور مریضوں کی عیادت کی۔ انہوں نے زیر علاج افراد سے طبی سہولیات، عملے کے رویے اور مفت ادویات کی فراہمی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی سہولیات کی بہتری اور تجاوزات و آلودگی کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: ٹیل کے دیہات پانی کی قلت کا شکار،کسانوں کا معاشی قتل بند کیا جائے۔ ڈاکٹر الطاف

    اوکاڑہ: ٹیل کے دیہات پانی کی قلت کا شکار،کسانوں کا معاشی قتل بند کیا جائے۔ ڈاکٹر الطاف

    اوکاڑہ,باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)سابقہ نائب ناظم ڈاکٹر الطاف خاں بلوچ نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ریاستی اداروں کا کردار کلیدی ہے، تاہم بعض اداروں کی ناقص کارکردگی عوامی مسائل میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں انکشاف کیا کہ 22 فور-ایل اور 23 فور-ایل کے چکوک جو کہ آخری ٹیلوں پر واقع ہیں، پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر الطاف خاں بلوچ نے کہا کہ ان علاقوں میں زیر زمین پانی کھارا ہے، جو زراعت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ اس پانی کے استعمال سے زمینیں مزید سیم و تھور کا شکار ہو رہی ہیں، جس سے کسانوں کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ انہار نے ملی بھگت سے راجباہ 18 فور-ایل پر ناجائز موگہ جات لگوا کر پانی کی ترسیل میں مصنوعی رکاوٹ پیدا کی ہے، جس سے آخری ٹیلوں کے دیہات مسلسل معاشی قتل کا شکار ہو رہے ہیں۔

    سابقہ نائب ناظم نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور کمشنر ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان دیہاتوں کی حالت زار کا نوٹس لیں، پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں، ناجائز موگہ جات کو فوری بند کروائیں اور کسانوں کو ان کے حق کا پانی فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی زمینیں قابل کاشت رکھ سکیں اور زرعی معیشت کو سہارا دیا جا سکے۔