Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ناجائز ڈیٹیکشن بلز، ایمانداری کا قتل عام

    ناجائز ڈیٹیکشن بلز، ایمانداری کا قتل عام

    ناجائز ڈیٹیکشن بلز، ایمانداری کا قتل عام
    تحریر: ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی
    یہ پاکستان ہے، یہاں اگر آپ بجلی چوری کریں تو آپ کو کوئی کچھ نہیں کہے گاکیونکہ آپ چوروں کے بڑے بھائی ہیں لیکن اگر آپ ایمانداری سے بل ادا کریں، بجلی کا جائز استعمال کریں اور چوری کی نشاندہی کریں تو آپ کو "ڈیٹیکشن بل” کی صورت میں ایسا سزا نامہ تھما دیا جاتا ہے کہ آپ توبہ کرکے خاموش ہو جائیں۔ ایسے ہی ایک واقعے نے پھر اس نظام کے کھوکھلے پن کو بے نقاب کیا ہے، جہاں دیانت داری جرم اور چوری کرنا تحفظ کی علامت بن چکا ہے۔یہ کوئی داستان نہیںبلکہ اس ملک کے ایماندار صارفین کی چیخ ہےجو تمہارے ظالمانہ ڈیٹیکشن بلز کے نیچے دب کر سسک رہی ہے۔ یہ اس معاشرے کی پکار ہے جہاں بجلی چور تمہارے تحفظ میں عیاشی کرتے ہیں اور ایماندار کو تم سزا کے سولی پر چڑھاتے ہو۔ یہ میری اپنی کہانی ہے ہر اس شہری کی کہانی ہے جو تمہارے نظام کے ہاتھوں ذلیل ہو رہا ہے۔

    میں ایک ایماندار میپکو کاصارف ہوں، برسوں سے اپنے خون پسینے کی کمائی سے بجلی کے بل ادا کر رہا ہوں۔ نہ کبھی میٹر سے چھیڑ چھاڑ کی اورنہ بجلی چوری کا گناہ کیا۔ لیکن جب میں نے اپنے علاقے میں کھلم کھلا بجلی چوری دیکھی، ٹرانسفارمرز سے لٹکتے کنڈے، لائنوں پر چلتی منظم چوری تو میرا ضمیر جاگ اٹھا۔ میں نے سوچا یہ ناانصافی ہے اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے۔ لیکن افسوس! میری یہ جرات مجھ پر ہی بھاری پڑ گئی۔

    میں نے ایکسئین، ایس ڈی او اور لائن سپرنٹنڈنٹ کے دروازوں پر دستک دی۔ تحریری شکایات دیں، ثبوتوں کی فہرست پیش کی ہر اس جگہ کی نشاندہی کی جہاں بجلی چور تمہارے نظام کو لوٹ رہے تھے۔ میں نے التجا کی کہ میری ایمانداری کو سزا نہ دو، چوروں کو پکڑو۔ لیکن تمہارا جواب کیا تھا؟ ایک 14 ہزار روپے سے زائد کا ڈیٹیکشن بل جو میرے گھر کے دروازے پر نہیں بلکہ میری ایمانداری کے سینے پر چھرا بن کر آیا!

    میراپورا ریکارڈ تمہارے سسٹم میں موجود ہے اگر میں نے کوئی چوری کی ہوتی یا کسی غیرقانونی سرگرمی ملوث ہوتا تم میرے گھر کا لوڈ چیک کرتے اور میرے کنیکشن سے متعلق کوئی ثبوت دیتے ،چوروں کی بستی کے ٹرانسفارمر سے کنیکشن لینا میرا جرم بنا دیااور تم مجھے چور ٹھہراتے ہو؟کیا ثبوت ہے تمہارے پاس میرے گھر ناجائز ڈیٹیکشن بل بھیجنے کا،تمہارے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے، بس دھونس دھاندلی اور بے ایمانی اور “سچ بولنے کی سزا ” کیا تمہارا نظام اتنا اندھا، بہرہ اور بے حس ہو چکا ہے کہ وہ ایمانداری کو جرم سمجھتا ہے؟

    یہ کالم میری ذاتی شکایت نہیں ہے بلکہ یہ اس پورے نظام کے خلاف ایک چیلنج ہے جو ایمانداری کا گلا گھونٹ رہا ہے۔ ڈیٹیکشن بل کوئی عدل نہیں بلکہ ایک ہتھیار ہے جس سے ایماندار صارفین کو ہراساں کیا جاتا ہے ، ان کی جیب پر ڈاکہ ڈالاجاتا ہےاور ان کے اعتماد کو رونداجاتا ہے۔ یہ بجلی چوری روکنے کا ذریعہ نہیں بلکہ تمہاری چوری ،کرپشن اور ناکامی چھپانے کا بہانہ ہے۔

    اے واپڈا کے ناخداؤں! اگر تمہارے اداروں میں ذرا سی بھی غیرت باقی ہے، تو جواب دو:
    میری تحریری شکایات کا کیا بنا؟
    میرے پیش کردہ ثبوتوں کو کیوں نظر انداز کیا گیا؟
    ایک ایماندار صارف کو اس کے سچ کی پاداش میں سزا کیوں دی گئی؟

    کیا تمہارا مقصد صرف بل جمع کرنا اور ایمانداروں کو کچلنا ہے؟ کیا تمہارے اداروں میں کوئی اخلاقی، قانونی یا سماجی ذمہ داری باقی نہیں؟ یا تم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اس ملک میں سچائی ایک جرم ہے اور ایمانداری ایک کمزوری؟

    میری یہ تحریر ہر اس صارف کی آواز ہے جو برسوں سے بل ادا کر رہا ہے، تمہارے اداروں سے تعاون کر رہا ہے لیکن تمہارے ہاتھوں مجرموں سے بدتر سلوک پا رہا ہے۔ اگر یہ ظلم نہ رکا تو یاد رکھو کوئی بھی صارف آئندہ بجلی چوری کی نشاندہی نہیں کرے گا۔ پھر یہ اندھیر نگری تمہاری اپنی بنائی ہوئی ہوگی اور اس کے ذمہ دار تم خود ہو گے۔

    اب بھی وقت ہے کہ تم جاگو! ایماندار صارفین کی عزت بحال کرو۔ ڈیٹیکشن بلز کا یہ ظالمانہ کھیل بند کرو۔ اصل چوروں کو پکڑو اور ایمانداری کو سزا دینا بند کرو۔ ورنہ یہ سوال ہر گلی، ہر محلے، ہر دل سے اٹھے گا
    ناجائز ڈیٹیکشن بلز ، کیا یہ ایمانداری کا قتل عام نہیں؟

  • ڈیرہ غازیخان: ڈاکوؤں سے مقابلے میں شہید 2 اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

    ڈیرہ غازیخان: ڈاکوؤں سے مقابلے میں شہید 2 اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ) ڈاکوؤں سے مقابلے میں شہید اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا، اعلیٰ حکام کی شرکت

    تفصیل کے مطابق تھانہ صدر تونسہ کی حدود میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید کی نماز جنازہ پولیس لائنز ڈیرہ غازیخان میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ قومی پرچم میں لپٹے جسدِ خاکی پر اعلیٰ افسران نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، کمشنر اشفاق احمد چوہدری، ڈی پی او سید علی، ڈپٹی کمشنر عثمان خالد، رینجرز، پولیس، انتظامیہ، بار ایسوسی ایشن، پریس کلب کے نمائندگان، سیاسی و سماجی رہنماؤں، شہریوں اور شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی اداروں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

    ایڈیشنل آئی جی محمد کامران خان نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی، ان سے اظہار تعزیت کیا اور شہداء کی قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ آر پی او سجاد حسن خان نے شہداء کو پولیس فورس کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس قیامِ امن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، اور شہداء کے بچوں کی مکمل کفالت کی جائے گی۔

    نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں روانہ کیا گیا، جہاں تدفین عمل میں لائی جائے گی۔ شہید اے ایس آئی غلام شبیر نے سوگواران میں بیوی اور پانچ بچے، جبکہ شہید کانسٹیبل غلام فرید نے بیوی اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

  • اوکاڑہ: وزیر علی شاہد کے بیٹے کی ولیمہ میں اہم شخصیات کی شرکت

    اوکاڑہ: وزیر علی شاہد کے بیٹے کی ولیمہ میں اہم شخصیات کی شرکت

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارملک ظفر)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما وزیر علی شاہد کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں سیاسی، سماجی، اور صحافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چوہدری ریاض الحق جج، ایم این اے، ایم پی اے میاں یاور زمان اور دیگر معززینِ علاقہ نے تقریب کو رونق بخشی۔

    دعوت ولیمہ کا یہ اہتمام اوکاڑہ کے علاقے 31 فور ایل کوڑی میں کیا گیا، جہاں وزیر علی شاہد کے بیٹے کی خوشی میں مختلف شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سابقہ ناظم خان نور نبی، آصف شاہد علی جتوئی، سابقہ نائب ناظم الطاف حسین بلوچ، زاہد علی، حاجی محمد حسین، ملک نثار احمد بوکھیا، مظہر علی، محمد اعجاز، بسارا خان، سماجی کارکن محمد فیاض چنڑ، اور سینئر صحافی ملک ظفر اقبال بھوہڑ سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

    یہ تقریب نہ صرف ایک سماجی محفل تھی بلکہ سیاسی رہنماؤں اور مقامی افراد کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنے کا ایک موقع ثابت ہوئی۔ وزیر علی شاہد نے اس موقع پر تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی موجودگی کو اپنے خاندان کے لیے خوشی کا باعث قرار دیا۔

    اس تقریب کے دوران مختلف سیاسی اور سماجی امور پر بات چیت کی گئی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مستقبل کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ اس دعوت ولیمہ کی تقریب میں لوگوں نے ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار انداز میں وقت گزارا اور اس تقریب نے مقامی سطح پر ایک بہترین اجتماع کی حیثیت اختیار کر لی۔

  • خیرپور: رانا ثناء اللہ کا ببرلو دھرنا قائدین سے رابطہ، مذاکرات کی پیشکش

    خیرپور: رانا ثناء اللہ کا ببرلو دھرنا قائدین سے رابطہ، مذاکرات کی پیشکش

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق لغاری)خیرپور کے علاقے ببرلو میں جاری دھرنے کے حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر برائے امور داخلہ رانا ثناء اللہ نے دھرنے کے قائدین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ یہ رابطہ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کے ذریعے قائم کیا گیا، جس میں رانا ثناء اللہ نے ہائی کورٹ کراچی بار کے صدر بریسٹر سرفراز میتلو سے گفتگو کی۔

    رانا ثناء اللہ نے دھرنے کے خاتمے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "معاملات بیٹھ کر حل کیے جا سکتے ہیں، دھرنے کے باعث نہ صرف مسافر پریشان ہیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور بات چیت کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتی ہے۔

    دوسری جانب بریسٹر سرفراز میتلو نے مؤقف اختیار کیا کہ "ہم اپنے موقف پر قائم ہیں لیکن ڈائیلاگ کے دروازے بند نہیں کیے۔ جب تک کینال منصوبے کی منسوخی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا، دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔”

    بریسٹر سرفراز کے مطابق وفاقی حکومت نے بشیر میمن کے ذریعے دھرنا قائدین سے باضابطہ رابطہ کیا ہے اور آج اس حوالے سے اہم اجلاس بلایا گیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: پولیو مہم میں ریسکیو اہلکاروں اور رضاکاروں کی بھرپور شرکت

    سیالکوٹ: پولیو مہم میں ریسکیو اہلکاروں اور رضاکاروں کی بھرپور شرکت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر: مدثر رتو)ملک بھر میں جاری پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران سیالکوٹ میں ریسکیو 1122 کے اہلکار اور ریسکیو اسکاؤٹس بھی پیش پیش ہیں۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا کی زیر نگرانی، ریسکیورز ضلع انتظامیہ کے ہمراہ مہم میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

    ریسکیو 1122 کے اہلکاروں اور 20 ریسکیو اسکاؤٹس نے ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی سربراہی میں لاری اڈہ کے سات مختلف مقامات بشمول بلال ٹریولز، مسجد چوک، ویگن اسٹینڈ، لاہور کوچ اسٹینڈ، وزیرآباد روڈ سبلائم چوک اور ڈسکہ روڈ دبرجی چوک پر پولیو کیمپ قائم کیے، جہاں سفر کرنے والے افراد کے ہمراہ موجود پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کیمپس کا دورہ کیا، بچوں کو خود بھی پولیو کے قطرے پلائے اور ریسکیورز و اسکاؤٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو فری پاکستان کا خواب تبھی ممکن ہے جب ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔

    ریسکیو اسکاؤٹس نے مہم کے ابتدائی دو روز میں مجموعی طور پر 782 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے، جو کہ ایک قابلِ تحسین اقدام ہے۔

  • سکھر :ڈی آئی جی کی زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقات، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

    سکھر :ڈی آئی جی کی زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقات، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے گزشتہ رات کشمور کے گاؤں نائیچ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایس ایچ او کشمور انسپکٹر زیاد نوناری اور دیگر اہلکاروں کی ضیاء الدین ہاسپٹل سکھر میں عیادت کی۔ ان کے ہمراہ ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل اور ڈپٹی کمشنر سکھر ایم بی دھاریجو بھی موجود تھے۔

    ڈی آئی جی سکھر نے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی اور ویلفیئر انچارج کو ان کی فیملیز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہنے کا حکم دیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں ڈاکوؤں سے بہادری سے لڑنے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان کے ساتھ کھڑی ہے اور واقعے میں ملوث ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

  • لنڈی کوتل:حسین آفریدی کی گرفتاری پر قبائلیوں نے پشاور،تورخم شاہراہ بلاک کردی

    لنڈی کوتل:حسین آفریدی کی گرفتاری پر قبائلیوں نے پشاور،تورخم شاہراہ بلاک کردی

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی) تحصیل جمرود کے علاقہ شاہ گئی کے رہائشی اور زوان کوکی خیل اتحاد کے رہنما حسین آفریدی کی گرفتاری کے خلاف مقامی قبائل نے احتجاجاً پشاور-تورخم شاہراہ کو بلاک کر دیا۔

    اطلاعات کے مطابق ریگی للمہ پولیس نے حسین آفریدی کو عدالت کے باہر حراست میں لے کر گرفتار کیا جس کے بعد جمرود شاہ گئی کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور شاہ گئی لالا چینہ کے مقام پر پاک-افغان شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ مظاہرین نے حسین آفریدی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر کا رات گئے ہسپتال کا دورہ، مریضوں سے ملاقات

    گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر صدف اکبر کا رات گئے ہسپتال کا دورہ، مریضوں سے ملاقات

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار: عبد الرحمن جٹ)اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ صدف اکبر نے چارج سنبھالتے ہی رات گئے گورنمنٹ ائی کام جنرل ہسپتال گوجرہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    دورے کے دوران انہوں نے مریضوں سے براہ راست ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ مریضوں کو صاف ستھرا اور صحت افزا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    اس موقع پر انہوں نے ہسپتال عملے کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کو پوری ذمہ داری اور خلوص سے انجام دیں۔ صدف اکبر کا کہنا تھا کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

  • گوجرانوالہ: گرلز کالج سوہدرہ میں ایڈمیشن کمپین، مفت کورسز کے اجراء کا اعلان

    گوجرانوالہ: گرلز کالج سوہدرہ میں ایڈمیشن کمپین، مفت کورسز کے اجراء کا اعلان

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگارمحمد رمضان نوشاہی)گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار گرلز سوہدرہ میں ایڈمیشن کمپین کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور طالبات کے لیے جدید کورسز کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلیوایشن، فیڈبیک، انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں تعلیم کے فروغ اور لڑکیوں کی تعلیم کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کا دارومدار تعلیم پر ہے اور حکومت اس سلسلے میں اہم اقدامات کر رہی ہے۔

    تقریب سے ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ امان اللّٰه راٹھور، ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری نوید احمد، کنٹری ڈائریکٹر مسلم ہینڈز انٹرنیشنل سید ضیاء النور شاہ، سابق چیئرمین یوسی حاجی سلیم دولہ، پرنسپل ایمن سلیم، وائس پرنسپل نمرہ رفیق، مسلم لیگ ن کے رہنما افتخار آرائیں، نعیم قیصر نجمی، طارق ملک، چوہدری فضل الہی، چوہدری افضل چیمہ، ایس ایچ او تھانہ سوہدرہ مختار باجوہ سمیت متعدد معزز شخصیات نے خطاب کیا۔

    پرنسپل ایمن سلیم نے اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ کالج میں طالبات کے لیے ای کامرس، فری لانسنگ، کوکنگ اور کمپیوٹر سمیت کئی جدید کورسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخل شدہ طالبات کو یہ کورسز بالکل مفت کروائے جائیں گے جبکہ دیگر طالبات کو یہ کورسز نہایت مناسب فیس میں فراہم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچیاں ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: ڈاکوؤں سے مقابلے میں پولیس کے دو اہلکار شہید

    ڈیرہ غازی خان: ڈاکوؤں سے مقابلے میں پولیس کے دو اہلکار شہید

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر: جواد اکبر)ڈیرہ غازی خان پولیس نے ایک بار پھر جانفشانی، فرض شناسی اور قربانی کی روشن مثال قائم کر دی۔ تھانہ صدر تونسہ میں تعینات اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید دری شاہ پل کے قریب ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ دری شاہ پل کے علاقے میں مسلح ڈاکو موجود ہیں۔ اطلاع ملتے ہی اے ایس آئی غلام شبیر اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ پولیس پارٹی کے پہنچتے ہی ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی غلام شبیر اور کانسٹیبل غلام فرید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت کا بلند مقام حاصل کیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی، ایس ڈی پی او تونسہ، ایس ایچ او اور دیگر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔

    ڈیرہ غازی خان پولیس کی جانب سے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس فورس ہر لمحہ تیار ہے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔