Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • دیپالپور: ڈی سی کا مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

    دیپالپور: ڈی سی کا مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر دیپالپور احمد عثمان جاوید نے رورل ہیلتھ سینٹر حجرہ شاہ مقیم میں قائم مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نعیم بشیر، سینٹر انچارج، ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔

    ڈپٹی کمشنر کو کلینک انتظامیہ نے مختلف شعبوں اور فراہم کردہ سہولیات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بچوں کی ویکسینیشن کے لیے قائم خصوصی کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور وہاں موجود عملے کو اپنی ذمہ داریاں محنت اور دیانتداری سے انجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔

    اس موقع پر انہوں نے کلینک میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا اور اطمینان کا اظہار کیا کہ عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایت دی کہ کلینک میں آنے والے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ مریضوں کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہوئے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ مریم نواز ہیلتھ کلینک علاقے کے عوام کے لیے صحت کا ایک مثالی مرکز بن سکے۔

  • دیپالپور: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ

    دیپالپور: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)دیپالپور میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کا اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ، عوامی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات

    دیپالپور میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اراضی ریکارڈ سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو فراہم کی جانے والی ریونیو سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سینٹر کے مختلف کاؤنٹرز پر دستیاب سہولیات کا معائنہ کیا اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود سائلین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے۔ عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے انہوں نے اراضی ریکارڈ سینٹر کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کاؤنٹرز پر عملہ مستعدی سے کام کرے تاکہ سائلین کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اراضی ریکارڈ سینٹر میں شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے بعد ازاں ریونیو کمپلیکس میں سائلین کی براہِ راست سنوائی کی اور ان کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کیں تاکہ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔

  • گوجرانوالہ:جامعہ ادریسیہ میں کلچر ڈے کی پروقار تقریب، ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے کا عزم

    گوجرانوالہ:جامعہ ادریسیہ میں کلچر ڈے کی پروقار تقریب، ثقافتی ورثے کو زندہ رکھنے کا عزم

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)جامعہ ادریسیہ بوائز و گرلز ہائی سکول میں پنجاب کلچر ڈے کے موقع پر ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر انجمن ادریسیہ ویلفیئر الحاج محمد جمیل بھٹی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت طلبہ و طالبات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    الحاج محمد جمیل بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومیں کبھی اپنی شناخت نہیں کھوتیں جو اپنی دھرتی اور ثقافت سے جڑی ہوتی ہیں۔ ثقافت کا دن منانے کا مقصد اپنے اسلاف کی عظیم میراث کو زندہ رکھنا اور نئی نسل کو اس سے روشناس کرانا ہے۔

    تقریب میں پنجاب کی مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے رنگا رنگ سٹالز لگائے گئے، جنہوں نے مقامی روایات، لباس، کھانوں اور ہنر کو اجاگر کیا۔ صدر انجمن نے ان سٹالز کا معائنہ کیا اور طلبہ کی محنت کو سراہا۔ کلچر ڈے کی مناسبت سے ایک خوبصورت کیک بھی کاٹا گیا، جس سے تقریب کا ماحول مزید خوشگوار ہو گیا۔

    اس موقع پر محمد فیاض چوہان سمیت دیگر معززین اور والدین بھی شریک تھے، جنہوں نے اس طرح کی تقریبات کو نسلِ نو کی تربیت میں معاون قرار دیا۔ شرکاء نے ثقافت کے فروغ کے لیے ادارے کی کاوشوں کو سراہا اور ان تقریبات کو تسلسل سے منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

  • ننکانہ :ہیڈ بلوکی پر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں کی گئیں

    ننکانہ :ہیڈ بلوکی پر سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی فرضی مشقیں کی گئیں

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی) نامہ نگار احسان اللہ ایازضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام دریائے راوی ہیڈ بلوکی کے مقام پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی قیادت میں بڑے پیمانے پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مشقوں میں ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیوسٹاک، ایریگیشن، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور دیگر ضلعی افسران کے ہمراہ بوٹس میں بیٹھ کر سیلاب سے متاثرہ ممکنہ علاقوں کا جائزہ لیا۔ مشقوں کے دوران سیلاب آپریشنز میں استعمال ہونے والے آلات، مشینری اور دیگر سہولیات کے اسٹالز کا تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اکرم پنوار و دیگر افسران نے ڈپٹی کمشنر کو موک ایکسرسائز کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ریسکیو اہلکاروں اور سول ڈیفنس کے غوطہ خوروں نے پیشہ ورانہ انداز میں ڈوبنے والوں کو بچانے کی عملی مشق کا مظاہرہ کیا۔ جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے ادویات کی فراہمی اور خشک چارے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام ضلعی اداروں کی تیاریوں پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ مشقوں کا مقصد پیشگی انتظامات اور اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو مضبوط بنانا ہے۔ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے الرٹ اور مکمل طور پر فعال ہیں۔ ہنگامی حالات میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

    انہوں نے ریسکیو 1122 کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی خدمت کے لیے دن رات سرگرم ہیں، اور ہمیں ایک قوم کی حیثیت سے قدرتی آفات اور چیلنجز کا متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

  • ڈیرہ غازی خان:دری میرو کے قریب لڑکی کی پراسرار موت، قتل یاخودکشی  ؟

    ڈیرہ غازی خان:دری میرو کے قریب لڑکی کی پراسرار موت، قتل یاخودکشی ؟

    ڈیرہ غازی خان,باغی ٹی وی(نیوز رپورٹرشاہدخان)دری میرو کے قریب لڑکی کی پراسرار موت، قتل یاخودکشی ؟

    ڈیرہ غازی خان کے تھانہ دراہمہ کے علاقہ دری میرو کے قریب سپر بند آر ون کے قریب ایک دلخراش اور پراسرار واقعہ رونما ہوا ہے ، جہاں بسمہ نامی 22/23 سالہ لڑکی دختر اللہ ڈتہ قوم سکھانی جاں بحق پائی گئی۔ ابتدائی طور پر اس واقعے کو خودکشی قرار دیا گیا تاہم مقامی ذرائع نے اسے قتل کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

    بسمہ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ دو مرتبہ اپنے آشنا کے ساتھ گھر سے فرار ہو چکی تھی۔ پہلی بار اسے پنچایت کے ذریعے واپس لایا گیا، جس کے بعد اس کے شوہر نے اسے طلاق دے دی۔ طلاق کے بعد اس کی دوسری شادی کروائی گئی لیکن وہ اس رشتے کو بھی قائم نہ رکھ سکی۔

    ذرائع کے مطابق ان حالات پر بسمہ کا بھائی جو سعودی عرب میں مقیم تھا شدید برہم تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ حال ہی میں وطن واپس آیا اور بسمہ کو گھر بلا کر مبینہ طور پر گندم میں استعمال ہونے والی زہریلی گولیاں کھلائیں، جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔ بعد ازاں وہ دوبارہ سعودی عرب فرار ہو گیا۔

    بسمہ کے والدین اور قریبی رشتہ داروں کا مؤقف ہے کہ بسمہ نے خود زہریلی گولیاں کھا کر اپنی جان لی۔ تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اسے زبردستی زہر دیا گیا جس سے وہ ہلاک ہوگئی ، جس نے اس واقعے کو مشکوک بنا دیا ہے۔

    دوسری طرف پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ بسمہ کی موت کو خودکشی قرار دے کر اس کی تدفین بغیر قانونی کارروائی کے کی جا رہی ہے۔ اطلاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے لاش کو قبرستان لے جاتے وقت تحویل میں لے لیا اور فوجداری ایکٹ 174 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا۔

    ایس ایچ او تھانہ دراہمہ عدنان خلیق نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن ریسورسز کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہےاور حتمی کارروائی فرانزک لیب سے موصول ہونے والی رپورٹ کی روشنی میں کی جائے گی۔

  • ڈیرہ غازی خان ائیرپورٹ آئندہ سال کے آخر تک ائیربس 320 کیلئے اپ گریڈ ہوگا

    ڈیرہ غازی خان ائیرپورٹ آئندہ سال کے آخر تک ائیربس 320 کیلئے اپ گریڈ ہوگا

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)ڈیرہ غازی خان ائیرپورٹ پر بڑی پیش رفت، آئندہ سال کے آخر تک ایئر بس 320 طیاروں کے لیے اپ گریڈ کا فیصلہ

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے چوتھی ای کچہری کا انعقاد کراچی میں کیا گیا، جس میں ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ ترجمان پی اے اے کے مطابق ای کچہری کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ڈیرہ غازی خان ائیرپورٹ کو آئندہ سال کے آخر تک اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ وہ ایئربس 320 طیاروں کی آمد و رفت کے قابل ہو سکے جو اس علاقے میں فضائی سفر کی سہولیات میں نمایاں بہتری کا باعث بنے گا۔

    اس کے علاوہ پشاور ائیرپورٹ پر ائیرسائیڈ اور پارکنگ کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیاتاکہ مسافروں کو سہولت میسر آ سکے۔ ترجمان کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے بزنس پلان کو بھی سراہا گیاجو گوادر کو ملکی و غیر ملکی ائیرلائنز کے لیے پرکشش بناتا ہے۔

    ای کچہری میں ائیرلائنز کے عملے کے رویے اور مسافروں کے سامان کی گمشدگی سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ ان معاملات کی مکمل رپورٹ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھجوائی جائے۔ اسی طرح لاہور ائیرپورٹ پر فرسٹ ایڈ کٹس میں ٹیٹنس کے ٹیکے شامل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی تاکہ ایمرجنسی صورت حال میں بہتر طبی سہولت میسر آ سکے۔

  • اوکاڑہ: ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز

    اوکاڑہ: ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کی موک ایکسرسائز

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر): سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر اوکاڑہ میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کی زیر نگرانی سنٹرل اسٹیشن ریسکیو 1122 اوکاڑہ میں پری فلڈ (ڈرائی) موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔

    موک ایکسرسائز کے دوران ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور لائف سٹاک نے فلڈ فائیٹنگ آلات اور ضروری ادویات کے حوالے سے اپنے سٹالز لگائے۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی/ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر احتشام نے سنٹرل اسٹیشن پہنچنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کو تمام میڈیکل، فائر فائٹنگ اور فلڈ فائٹنگ سٹالز کا معائنہ کروایا۔ ریسکیو اہلکاروں نے اپنے سٹالز پر پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سیلابی ایمرجنسی کے دوران استعمال ہونے والے جدید آلات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر احتشام نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا معائنہ کرواتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کو ایمرجنسی مینجمنٹ ڈیٹا سسٹم (EMDS) کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اوکاڑہ اور ڈائریکٹر (آپریشنز) پی ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں، فلڈ فائیٹنگ آلات کی مینٹیننس اور ان کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا۔ انہوں نے متعلقہ ضلعی اداروں کے درمیان باہمی رابطے کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ کسی بھی ناگہانی سیلابی صورتحال میں عوام الناس کی بروقت اور پیشہ ورانہ انداز میں مدد کی جا سکے۔

  • اوکاڑہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، جعلی مصالحہ فیکٹری پکڑی گئی

    اوکاڑہ میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بڑا ایکشن، جعلی مصالحہ فیکٹری پکڑی گئی

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے فیصل آباد روڈ پر واقع گلریز کالونی میں ایک جعلی مصالحے تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 200 کلوگرام غیر معیاری مصالحے، 66 کلوگرام جعلی پیکنگ کا مواد اور 46 کلوگرام مضر صحت سرکہ برآمد کیا گیا۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم کے مطابق اس یونٹ میں مختلف معروف برانڈز کے نام سے جعلی مصالحے پیک کیے جا رہے تھے۔ انسپکشن کے دوران سرخ مرچیں، ہلدی پاؤڈر اور نمک سمیت دیگر مصالحہ جات برآمد ہوئے جنہیں مختلف کمپنیوں کے لیبل لگا کر مارکیٹ میں فروخت کیا جانا تھا۔

    فوری کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیم نے تمام پیک شدہ اور کھلا غیر معیاری سامان ضبط کر لیا اور یونٹ میں مصالحے پیسنے والی مشینری کی پروڈکشن بھی بند کروا دی گئی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی مصالحے تیار کرنے والے یونٹ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

    اس موقع پر فوڈ سیفٹی ٹیم کے افسران نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور جعلی سازی کرنے والوں کے تمام حربے ناکام بنائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی عوام کی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • ڈسکہ: انجمن خدمت خلق کا ماہانہ اجلاس، ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی واک

    ڈسکہ: انجمن خدمت خلق کا ماہانہ اجلاس، ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی واک

    ڈسکہ,باغی ٹی وی(نامہ نگارعمران ملک) انجمن خدمت خلق رجسٹرڈ ڈسکہ کا 753واں ماہانہ اجلاس اور ڈینگی آگاہی سیمینار زیر صدارت صدر میاں سعید احمد صراف مدرسہ جامع عزیزیہ وڈالہ روڈ پر منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عبدالغفار نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول ﷺ انوار احمد سیال نے پیش کی۔

    جائنٹ سیکرٹری ضرار احمد خاں نے فروری 2025 کے اجلاس کی کارروائی پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ فنانس سیکرٹری انوار احمد سیال نے ماہ فروری کی آمدن و اخراجات کی تفصیلات پیش کیں، جنہیں بعد از بحث منظور کر لیا گیا۔ سیکرٹری نشرو اشاعت سہیل سلمان ٹھروہی نے گزشتہ اجلاس کی شائع شدہ خبریں پیش کیں۔

    اجلاس میں ڈینگی سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیا گیا اور انتظامیہ سے اپیل کی گئی کہ ڈسکہ شہر میں فوری سپرے کروایا جائے تاکہ بڑھتی ہوئی گرمی میں مچھروں خصوصاً ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ سیمینار کے بعد ڈینگی آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

    تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر گفتگو کرتے ہوئے ممبران نے مطالبہ کیا کہ اسے جلد مکمل کیا جائے تاکہ دکاندار دوبارہ اپنا کاروبار بحال کر سکیں۔ رمضان المبارک میں ادارے کے لیے کامیاب فنڈ ریزنگ پر صدر نے تمام ممبران کو مبارکباد دی۔

    اجلاس کے اختتام پر جنرل سیکرٹری محمد انور مغل کے بھتیجے اور نائب صدر حبیب الرحمان مغل کے چچازاد بھائی کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی۔ دعا اور تواضع کے بعد اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

  • پنجاب اور کے پی کے بارڈر پر خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بڑی کاروائی، دو ہلاک، متعدد زخمی

    پنجاب اور کے پی کے بارڈر پر خوارجی دہشتگردوں کے خلاف بڑی کاروائی، دو ہلاک، متعدد زخمی

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) پنجاب اور خیبرپختونخوا کی سرحد پر واقع تھانہ وہوا کے علاقے کوتانی تل میں پولیس، سی ٹی ڈی اور رینجرز کی مشترکہ کاروائی کے دوران خوارجی دہشتگردوں سے شدید مقابلہ ہوا، جس میں دو دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پٹرولنگ پر مامور پولیس، رینجرز اور سی ٹی ڈی ٹیموں نے فوری ایڈوانس کیا۔ تھانہ وہوا کے علاقے کوتانی تل میں دہشتگردوں سے آمنے سامنے ٹکراو ہوا، جن کے پاس راکٹ لانچر، ہینڈ گرنیڈ اور بھاری اسلحہ موجود تھا۔ دہشتگردوں نے شدید مزاحمت کی، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق جھڑپ کے دوران دہشتگرد جھاڑیوں اور ٹیلوں کی آڑ لے کر فرار ہو گئےجبکہ ایلیٹ فورس کے اہلکار عدنان حبیب اور سی ٹی ڈی اہلکار غضنفر معمولی زخمی ہوئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق دہشتگردوں کی نقل و حرکت کے باعث پہلے ہی علاقے میں ہائی الرٹ جاری تھا۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید علی کی قیادت میں بیک اپ ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشترکہ کاروائی کی قیادت کی۔

    آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں نے جرأت و بہادری کی نئی مثال قائم کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر پولیس، سی ٹی ڈی اور رینجرز ٹیموں کو شاباش دی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق علاقے میں سرچ اور سویپ آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ ممکنہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو بھی گرفتار یا انجام تک پہنچایا جا سکے۔