Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈسکہ: انسداد پولیو مہم کا آغاز، 1.68 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

    ڈسکہ: انسداد پولیو مہم کا آغاز، 1.68 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)دیگر شہروں کی طرح ڈسکہ میں بھی پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سادات انور نے خانہ بدوش بستی میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

    21 سے 25 اپریل تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران تحصیل بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 68 ہزار 500 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 611 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 568 موبائل، 29 فکسڈ اور 14 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔

    یہ ٹیمیں گھر گھر جا کر، بھٹوں، بس اسٹینڈز، اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ ڈاکٹر سادات انور نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کیلئے پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں اور محکمہ صحت کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ کوئی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے اور پاکستان کو پولیو فری بنانے کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: حضور نبی کریم ﷺ کی زندگی مشعل راہ ہے۔میاں اعجاز انجم

    سیالکوٹ: حضور نبی کریم ﷺ کی زندگی مشعل راہ ہے۔میاں اعجاز انجم

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر مدثر رتو)مقامی سماجی و مذہبی راہنما میاں اعجاز انجم نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک خصوصی محفل بعنوان "حقوق العباد” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی زندگی تمام مسلمانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا اور آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

    اس موقع پر خلیفہ مجاز گھمکول شریف پیر صوفی مظہر حسین نقشبندی، قومی ایوارڈ یافتہ کلین گرین چیمپین محمد اشفاق نذر، اور شہر کے اہم سماجی، کاروباری، مذہبی اور سیاسی شخصیات جن میں ایم شریف شاہد ایڈووکیٹ، خواجہ عامر رشید، چوہدری منور حسین گجر، محمد وسیم عطاری، ملک زاہد حسین، مختار احمد، ملک ابرار، میاں فیصل شہزاد، مہر شہزاد، میاں سرفراز نواز، چوہدری آفاق، خالد محمود، دلاور حسین، رانا نوید، ساجد خان، چوہدری موسیٰ اشفاق، محمد عثمان و دیگر شامل تھے، نے بھی شرکت کی۔

    میاں اعجاز انجم نے اپنے خطاب میں زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا کہ رسول اکرم ﷺ نے ہمیں جس بلند مقام پر فائز کیا تھا، کہیں ہم اس سے دور تو نہیں ہو رہے؟ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ آج ہی یہ عہد کریں کہ وہ ایمان اور نیک اعمال والی زندگی بسر کریں گے۔ ہمیں ہر قسم کی بدعقیدگی اور برے اعمال سے اجتناب کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں گے، تو یقیناً اللہ تعالیٰ ہمیں آپ ﷺ کی سیرت کے صدقے معاف فرمائیں گے۔

    تقریب سے چیئرمین ڈسٹرکٹ رویت ہلال کمیٹی پیر غلام حسین سلطانی، علامہ محمد اقبال گھمن، علامہ پروفیسر شجاعت علی مجاہد اور علامہ محمد عصام چشتی سمیت دیگر جید علمائے کرام نے بھی خطاب کیا اور بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے ہدیہ نعت پیش کیا۔ مقررین نے حقوق العباد کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے پر زور دیا۔

  • سیالکوٹ: پنجاب کالج کے طلبہ کی رنگارنگ الوداعی تقریب

    سیالکوٹ: پنجاب کالج کے طلبہ کی رنگارنگ الوداعی تقریب

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض) پنجاب کالج سٹی ہاؤسنگ کیمپس سیالکوٹ کے پارٹ ٹو کے طلبہ کے اعزاز میں ایک شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کشمیر روڈ پر واقع جیونز ہوٹل میں کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں طلبہ کے لیے رنگا رنگ پروگرام، قوالی کی محفل اور پرتکلف عشائیے کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

    پرنسپل جناب راؤ محمد حسان کی زیر صدارت منعقد ہونے والی اس تقریب میں وائس پرنسپل بوائز کیمپس پروفیسر راحت لطیف اعوان اور وائس پرنسپل گرلز کیمپس محمد عمران اقبال نے اپنے خطاب میں اساتذہ کی انتھک تدریسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر محمد عمران، طالب علم حیدر علی اور عاشر جاوید نے بخوبی سرانجام دیے۔

    شہر اقبال کے نامور قوال وقار مشتاق نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین قوالیوں سے محفل کو گرما دیا۔ اس موقع پر پرنسپل جناب راؤ محمد حسان، وائس پرنسپل راحت لطیف اعوان اور وائس پرنسپل محمد عمران اقبال کے ہمراہ پروفیسر قاسم علی بٹ (ڈسپلن انچارج)، پروفیسر اشفاق نیاز (صدر شعبہ اردو)، پروفیسر باقر ڈار (ہیڈ آف بائیو ڈیپارٹمنٹ)، پروفیسر سرمد علی (ہیڈ آف فزکس ڈیپارٹمنٹ)، پروفیسر زوہیب عارف (کنٹرولر امتحانات)، پروفیسر مصدق علی (شعبہ انگلش)، پروفیسر فیصل منظور (شعبہ انگریزی)، پروفیسر عبداللہ (شعبہ انگریزی)، پروفیسر طاہر وسیم، پروفیسر مدثر جبار، پروفیسر حماد سلیم (شعبہ کمپیوٹر)، پروفیسر اسد شہباز (شعبہ)، پروفیسر علیم (شعبہ ریاضیات)، پروفیسر ابرار ملک (شعبہ کامرس)، پروفیسر نصیر احمد زاہدی (صدر شعبہ اسلامیات)، پروفیسر عمیر الازہری، پروفیسر نعیم رضا (شعبہ اسلامیات)، پروفیسر عتیق الرحمن (شعبہ اردو)، پروفیسر محمد یعقوب (شعبہ پولیٹیکل سائنس)، پروفیسر اظہر نذیر (شعبہ کیمسٹری) اور پروفیسر شان اعظم (شعبہ فزکس) سمیت دیگر اساتذہ کرام نے طلبہ میں یادگاری تحائف تقسیم کیے۔

    وائس پرنسپل گرلز کیمپس محمد عمران اقبال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کا کردار ایک ایسے ملاح کی مانند ہے جو سخت حالات میں بھی اپنی سواریوں کو بحفاظت منزل تک پہنچاتا ہے۔ وائس پرنسپل بوائز کیمپس پروفیسر راحت لطیف اعوان نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی اساتذہ کی محنت، لگن اور خلوص کا ثمر ہے۔ اساتذہ نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ کامیاب ہو کر اچھے شہری بن سکیں اور ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔

    صدر شعبہ اردو پروفیسر اشفاق نیاز، پروفیسر نصیر احمد زاہدی، پروفیسر اسد شہباز اور دیگر اساتذہ نے طلبہ کو محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھنے کی تلقین کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر طلبہ کو پرتکلف عشائیہ دیا گیا اور قوال وقار مشتاق اور ان کے ساتھیوں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے محفل کو یادگار بنا دیا۔

  • ننکانہ: ہسپتال سے یوپی ایس چوری کا معاملہ، 6 ماہ بعد بھی انکوائری جاری ،بااثرچورمحفوظ

    ننکانہ: ہسپتال سے یوپی ایس چوری کا معاملہ، 6 ماہ بعد بھی انکوائری جاری ،بااثرچورمحفوظ

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میں ایک ایسا تہلکہ خیز سکینڈل سامنے آیا ہے کہ جس نے انتظامیہ کی نااہلی اور مبینہ ملی بھگت کے تمام پردے چاک کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہسپتال کے کاؤنٹر پرچی پر نصب کمپیوٹرز سے لاکھوں روپے مالیت کے پانچ قیمتی الیکٹرک یو پی ایس پراسرار طور پر غائب ہو گئے ہیں!

    یہ معمولی گمشدگی نہیں بلکہ ایک سنگین سوال ہے کہ ہسپتال جیسی حساس جگہ سے اتنی قیمتی اشیاء کیسے غائب ہو گئیں اور انتظامیہ چھ ماہ تک اندھیرے میں کیوں رہی؟ ڈپٹی کمشنر کے واضح احکامات کے باوجود اس چوری کی انکوائری رپورٹ چھ ماہ گزرنے کے باوجود فائلوں کی گرد میں دبی پڑی ہے!

    یاد رہے کہ 28 اکتوبر 2024 کو ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کے اچانک دورے کے دوران اس گھناؤنے انکشاف نے سب کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ بجلی کی بندش کے باعث مریضوں کو پرچی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا تھا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر تین روز میں رپورٹ طلب کی اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم صادر فرمایا تھا۔

    مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ پہلے سینئر ڈاکٹر محمد افضل نے کام کے دباؤ کا بہانہ بنا کر انکوائری کی سربراہی سے معذرت کر لی اور پھر ڈی ایم ایس ڈاکٹر رابعہ درانی کو انکوائری آفیسر مقرر کیے جانے کے باوجود آج تک کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔ متعدد بار یاد دہانیوں کے باوجود انکوائری رپورٹ منظر عام پر نہ آسکی ہے، جس سے نہ صرف انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت عیاں ہوتی ہے بلکہ اس بات کا بھی خدشہ بڑھتا جا رہا ہے کہ کہیں اس معاملے کو دبانے کی کوشش تو نہیں کی جا رہی؟

    ایم ایس ڈاکٹر اطہر فرید کی جانب سے جلد انکوائری مکمل کرنے کا دعویٰ محض ایک تسلی بن کر رہ گیا ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں میں اس تاخیر پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ فوری طور پر اس معاملے کا سخت نوٹس لیں، ایک شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیں اور انکوائری میں تاخیر کے ذمہ دار تمام افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    کیا یہ محض یو پی ایس کی گمشدگی ہے یا کسی بڑے مالیاتی گھپلے کی ابتدائی کڑی؟ کیا ہسپتال انتظامیہ میں موجود کالی بھیڑیں اس چوری میں ملوث ہیں؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے جوابات کا ہر شہری منتظر ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پردہ اٹھایا جائے اور عوام کو بتایا جائے کہ ان کے ٹیکس کے پیسوں سے چلنے والے ہسپتال میں کیا گل کھلائے جا رہے ہیں؟.

  • ننکانہ :دھولر والاقبرستان ،بھنگ کےبیورپاریوں کا اڈا،100سے 200روپے پیالہ کھلے عام بکنے لگا

    ننکانہ :دھولر والاقبرستان ،بھنگ کےبیورپاریوں کا اڈا،100سے 200روپے پیالہ کھلے عام بکنے لگا

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگار احسان اللہ ایاز) مہنگائی کے اس دور میں جہاں دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے ایک سستا اور خطرناک نشہ دھولر والا قبرستان کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ یہ قبرستان اب بھنگ کے نشے کے عادی افراد کی آماجگاہ بن چکا ہے، جہاں کھلے عام اس زہر کا کاروبار جاری ہے۔

    یہاں سادہ بھنگ کا ایک پیالہ محض 100 روپے اور "انرجی والا” پیالہ 200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ ماہرینِ صحت خبردار کر رہے ہیں کہ بھنگ کا مسلسل استعمال نوجوانوں کے حافظے کو کمزور، ذہنی صحت کو تباہ اور انہیں سنگین جسمانی بیماریوں میں مبتلا کر سکتا ہے۔ اس نشے نے پہلے ہی کئی خاندانوں کو بربادی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے اور اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو یہ مزید نسلوں کو نگل لے گا۔

    تھانہ صدر ننکانہ صاحب کی حدود میں واقع دھولر والا قبرستان عرصہ دراز سے نشے کا مرکز بنا ہوا ہے لیکن انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت نے اس صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق قبرستان اور اس کے گردونواح میں بھنگ کا استعمال اس قدر عام ہو چکا ہے کہ نوجوان بڑی تعداد میں اس لعنت کا شکار ہو رہے ہیں۔

    یہ امر انتہائی تشویشناک ہے کہ ہمارے معاشرے میں بھنگ کو ایک معمولی نشہ سمجھا جاتا ہے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک نشہ آور منشیات ہے جو نوجوانوں کی تعلیمی کارکردگی کو تباہ، روزگار کے مواقع کو ختم اور گھریلو تنازعات کو جنم دیتی ہے۔

    شہری حلقے اب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لیں اور دھولر والا قبرستان کو نشہ فروشوں اور نشے کے عادی افراد سے پاک کرنے کے لیے موثر کارروائی کریں۔ اگر اب بھی خاموشی اختیار کی گئی تو یہ ناسور مزید پھیل جائے گا اور پورے علاقے کو بدنامی اور بربادی کی طرف دھکیل دے گا۔ وقت آگیا ہے کہ اس سماجی برائی کے خلاف آہنی ہاتھ اٹھایا جائے اور ہماری نوجوان نسل کو اس زہریلی لت سے بچایا جائے۔

  • تھر کی تپتی ریت اور پیاس نے 65 موروں کی جان لے لی

    تھر کی تپتی ریت اور پیاس نے 65 موروں کی جان لے لی

    تھرپارکر(باغی ٹی وی) صحرائے تھر، جہاں کبھی رنگ و نور بکھیرتے مور اپنی خوبصورتی سے نظاروں کو سحر انگیز بناتے تھے، آج سوگوار ہے۔ شدید گرمی کی لہر اور پانی کی شدید قلت نے اس خطے کے دلکش پرندوں پر قیامت ڈھا دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اب تک 65 مور پیاس کی تاب نہ لاتے ہوئے موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔

    تھرپارکر وائلڈ لائف کے ڈپٹی کنزرویٹر میر اعجاز تالپور نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موروں کو تھر میں خوراک کی دستیابی تو کسی حد تک ممکن ہے، لیکن پانی کی عدم فراہمی ان کی زندگیوں کو نگل رہی ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق حالیہ گرمی کی شدت نے ان بے زبانوں کے لیے موت کا پیغام لائی ہے اور 65 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

    یہ المیہ یہیں نہیں رکتا۔ مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ بیمار موروں کی تعداد سینکڑوں میں ہے، جنہیں اگر فوری طبی امداد فراہم نہ کی گئی تو روزانہ کی بنیاد پر مزید ان خوبصورت پرندوں کا صفایا ہوتا رہے گا۔ تھر کی ویرانیوں میں زندگی کی علامت سمجھے جانے والے یہ پرندے اب اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ان کی بے بسی دل خراش منظر پیش کر رہی ہے۔

  • جتوئی: شک کی بھینٹ چڑھتی آٹھ ماہ کی حاملہ ،ٹانگیں اور بازو توڑ کر گلی میں پھینک دی گئی

    جتوئی: شک کی بھینٹ چڑھتی آٹھ ماہ کی حاملہ ،ٹانگیں اور بازو توڑ کر گلی میں پھینک دی گئی

    جتوئی (باغی ٹی وی) مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی کے نواحی علاقے بستی عارف میں ایک وحشیانہ واقعے نے انسانیت کو شرمسار کر دیا ہے۔ آٹھ ماہ کی حاملہ خاتون کو اس کے اپنے شوہر،بیٹے اور سسرالیوں نے بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ کلہاڑی، لوہے کے راڈ اور ڈنڈوں کے پے در پے وار سے خاتون کی دونوں ٹانگیں اور بازو بری طرح ٹوٹ گئے، جس کے بعد سفاک ملزمان نے اسے تشویشناک حالت میں گھر سے باہر گلی میں پھینک دیا۔

    اہل علاقہ کی بروقت اطلاع پر ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر خاتون کو تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا۔ جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔

    متاثرہ خاتون نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ اسے کردار پر شک کی بنیاد پر اس وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے قانونی کارروائی سے انکار کے بعدپولیس کی مدعیت میں خاتون کے شوہر ،سسر ،دیور اور بیٹے سمیت 5 افراد کےخلاف تھانہ جتوئی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

    اس اندوہناک واقعے نے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے اور خواتین کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

  • شادی کا جھانسہ، گھوٹکی پولیس نے ضلع خیبر کے رہائشی کو اغوا ہونے سے بچالیا

    شادی کا جھانسہ، گھوٹکی پولیس نے ضلع خیبر کے رہائشی کو اغوا ہونے سے بچالیا

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر بہترین پولیس پکٹنگ اور گشت کے ذریعے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اغوا کی ایک کوشش کو بروقت ناکام بنا دیا۔

    تھانہ بی سیکشن کے ایس ایچ او محمد قابل بھیو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ناکہ بندی کے دوران محمد پور کے قریب سے تعلقہ جمرود ضلع خیبر ایجنسی خیبر پختونخوا کے رہائشی سید جمال ولد فقیر شاہ کو اغوا ہونے سے بچا لیا۔

    تحقیقات کے مطابق سید جمال ایک نسوانی آواز کے ذریعے ایک خاتون سے شادی کرنے کے لیے کچے کے علاقے میں جا رہے تھے جہاں انہیں اغوا کیا جانا تھا۔ سید جمال نے پولیس کو بتایا کہ انہیں کچھ دنوں سے نامعلوم موبائل فون نمبروں سے لڑکی کی کالیں آ رہی تھیں اور وہ ان سے شادی کرنے کا کہہ رہی تھی، جس کے نتیجے میں ان کی دوستی ہو گئی تھی۔ آج وہ اسی سلسلے میں شادی کے لیے جا رہے تھے۔

    سید جمال شاہ نے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ان کی ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اغوا ہونے سے بچا لیا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن محمد قابل بھیو اور ان کی ٹیم کو شاباشی کا پیغام بھیجا ہے۔

  • سیالکوٹ: علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال، بدعنوانی پراہلکار معطل

    سیالکوٹ: علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال، بدعنوانی پراہلکار معطل

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو) کمشنر گوجرانوالہ کا علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ، مریض سے رقم لینے پر اہلکار معطل

    کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سید حسن رضا کے ہمراہ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف وارڈز اور شعبہ جات کا معائنہ کیا اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

    دورے کے دوران ایک ہسپتال ملازم کی جانب سے مریض سے رقم لینے کی شکایت پر کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ اہلکار کو معطل کر دیا۔ کمشنر نے ایمرجنسی، سی او ٹی، لیبارٹری، میڈیکل وارڈز، ڈائیلسز یونٹ، فارمیسی اور بچوں کے نگہداشت یونٹ سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    کمشنر نے واش رومز اور فارمیسی میں صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق مریضوں کو معیاری طبی سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، تمام متعلقہ افسران اور ملازمین اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور پیشہ ورانہ لگن سے ادا کریں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو ہسپتالوں کی باقاعدہ انسپکشن کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

    کمشنر نوید حیدر شیرازی نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پر زور دیا کہ وہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن بنائیں۔

    ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے اس موقع پر کہا کہ صحت عامہ کی سہولیات کی بہتری اور تعلیمی معیار کا فروغ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا اور کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • تنگوانی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، 17 سالہ لڑکی جاں بحق، 10 سالہ کزن زخمی

    تنگوانی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، 17 سالہ لڑکی جاں بحق، 10 سالہ کزن زخمی

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ)تنگوانی کے نواحی گاؤں الف خان بجارانی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 17 سالہ لڑکی جاں بحق جبکہ اس کی 10 سالہ کزن شدید زخمی ہو گئی۔ واقعہ ڈیرہ سر کی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق، حملہ آوروں نے عبدالواحد چاچڑ کے گھر کو نشانہ بنایا اور جدید اسلحے سے فائرنگ کی، جس میں عبدالواحد کی بیٹی عزت خاتون موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کی کمسن کزن ثمینہ بنت محبوب چاچڑ شدید زخمی ہوئی۔ زخمی بچی اور مقتولہ کی لاش کو فوری طور پر کندکوٹ سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    واقعے کے بعد گاؤں میں خوف و ہراس اور سوگ کی فضا طاری ہے، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور نامعلوم حملہ آوروں کی تلاش کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔