Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف:خیرپور اڈا پر ڈکیتی کے دوران فائرنگ، ایک ڈاکو ہلاک، پولیس اہلکار زخمی

    اوچ شریف:خیرپور اڈا پر ڈکیتی کے دوران فائرنگ، ایک ڈاکو ہلاک، پولیس اہلکار زخمی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)بہاولپور کی تحصیل خیرپور ٹامیوالی کے علاقے خیرپور اڈا پر ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک مشتبہ ڈاکو ہلاک اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار ڈکیتی کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر خیرپور اڈا پہنچے تو وہاں موجود ڈاکوؤں نے ان پر فائر کھول دیا۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی ڈکیتی میں ملوث شخص کو لگی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اس فائرنگ کے تبادلے میں ایک گولی ایک پولیس اہلکار کے پاؤں پر بھی لگی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم، پولیس پہلے ہی متوفی کی لاش کو منتقل کر رہی تھی۔ ریسکیو عملے نے فوری طور پر زخمی پولیس اہلکار محمد امین ولد محمد لقمان عمر 44 سال ساکن انیتی خیرپور ٹامیوالی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خیرپور ٹامیوالی منتقل کر دیا۔ زخمی پولیس اہلکار کے دائیں پاؤں پر گولی لگی ہے۔

    ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور پولیس اس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

  • احمد پور شرقیہ: پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا سبزی منڈی کا دورہ، نیلامی کی نگرانی

    احمد پور شرقیہ: پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا سبزی منڈی کا دورہ، نیلامی کی نگرانی

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کی خصوصی ہدایات پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے علی الصبح فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ احمد پور شرقیہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا اور نیلامی کے عمل کو شفاف بنانا تھا۔

    اپنے دورے کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے ٹماٹر، آلو، پیاز سمیت دیگر سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے طریقہ کار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے نیلامی میں شامل آڑھتیوں اور تاجروں سے بات چیت کی اور انہیں سرکاری نرخ ناموں کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت کی۔

    عمران حیدر سیال نے سبزی منڈی کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں موجود اشیاء کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ کسی بھی صورت میں ناجائز منافع خوری برداشت نہیں کی جائے گی اور مقرر کردہ قیمتوں سے زیادہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر دیگر قانونی اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔

    انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کے عملے کو بھی ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر نیلامی کے عمل کی شفافیت کو یقینی بنائیں اور عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری کے ساتھ نبھائیں۔

    شہریوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے اس اقدام کو خوب سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کے مسلسل اقدامات سے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور عام لوگوں کو سستی اور معیاری اشیاء دستیاب ہو سکیں گی۔

  • اوچ شریف : محنت کشوں کا وزیر اعلیٰ کے راشن کارڈ پروگرام کو زبردست خراج تحسین

    اوچ شریف : محنت کشوں کا وزیر اعلیٰ کے راشن کارڈ پروگرام کو زبردست خراج تحسین

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صوبے کے مزدور طبقے کے لیے اعلان کردہ تاریخ کے سب سے بڑے ماہانہ راشن کارڈ پروگرام کو اوچ شریف کے محنت کش طبقے کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ مقامی مزدوروں، ریڑھی بانوں، رکشہ ڈرائیوروں اور روزانہ اجرت پر کام کرنے والے افراد نے اس فیصلے کو اپنے لیے ایک "بڑا سہارا” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے ان مشکل حالات میں حکومت پنجاب کا یہ اقدام ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔

    اوچ شریف کے مزدور رہنما محمد اسلم، عبد العزیز اور صفدر حسین نے متفقہ طور پر کہا کہ "ہم روزانہ کماتے ہیں اور اسی سے ہمارا گزر بسر ہوتا ہے، مہینے کے آخر تک گھر کا چولہا جلانا بھی مشکل ہو جاتا ہے، لیکن اب راشن کارڈ کے ذریعے ہمیں کم از کم بنیادی غذائی اجناس میسر آئیں گی، جو ہمارے بچوں کی بھوک مٹانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔”

    ایک خاتون محنت کش (ش، م) بی بی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں نہ کوئی حکومتی امداد ملتی ہے اور نہ ہی کوئی وظیفہ، لیکن یہ راشن کارڈ ہمارے جیسے غریب لوگوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے۔ ہم وزیر اعلیٰ صاحبہ کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔”

    اوچ شریف کی سماجی تنظیموں اور مزدور یونینز نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس راشن کارڈ اسکیم کو شفاف طریقے سے نافذ کیا گیا تو یہ پنجاب کی سماجی بہبود کی پالیسی کے لیے ایک کامیاب مثال بن سکتی ہے۔ مقامی سطح پر اس پروگرام کے بارے میں آگاہی اور رجسٹریشن کے عمل کے آغاز کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

    یہ عوامی ردعمل واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ پنجاب حکومت کی یہ نئی اسکیم زمینی سطح پر عام لوگوں کی ضروریات کے عین مطابق ہے اور حقیقی فلاحی تبدیلی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

  • اوچ شریف:جمعیت علماء اسلام کی 27 اپریل کو مینار پاکستان میں یکجہتی فلسطین کانفرنس

    اوچ شریف:جمعیت علماء اسلام کی 27 اپریل کو مینار پاکستان میں یکجہتی فلسطین کانفرنس

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) جمعیت علماء اسلام پی پی 250 اوچ شریف نے 27 اپریل کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والی عظیم الشان "یکجہتی فلسطین کانفرنس” میں بھرپور انداز میں قافلے کی صورت میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان جمعیت علماء اسلام پی پی 250 کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد بابر علی صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

    مولانا محمد بابر علی صدیقی نے کہا کہ یہ کانفرنس جمعیت علماء اسلام پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقد کی جا رہی ہے، جس میں صوبہ بھر سے لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔ اس موقع پر قائد جمعیت، امیر مرکزیہ جمعیت علماء اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمٰن خصوصی خطاب کریں گے جبکہ دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی شریک ہوں گے۔

    مولانا بابر علی صدیقی نے فلسطینی عوام پر جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں کی خاموشی کو امت مسلمہ کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیا۔ انہوں نے ان سیاسی عناصر پر سخت تنقید کی جو ماضی میں اپنی قیادت کی حمایت میں ملک اور افواج کے خلاف نکلنے کو جہاد اکبر کہتے تھے لیکن آج فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے سے گریزاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ طرزِ عمل ان کے اسرائیل سے تعلقات کو ظاہر کرتا ہے۔

    مولانا صدیقی نے مزید کہا کہ علماء کرام نے اسرائیل کے خلاف فتویٰ جہاد جاری کر رکھا ہے، لیکن بعض لوگ اپنے وقتی مفادات کی خاطر اسے نظر انداز کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ فتح بالآخر مظلوم فلسطینیوں کی ہی ہوگی اور دنیا دیکھے گی کہ حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔

    مولانا بابر علی صدیقی نے تمام اہل ایمان سے اپیل کی کہ وہ 27 اپریل کو مینار پاکستان لاہور میں ہونے والی اس اہم کانفرنس میں بھرپور شرکت کر کے اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کریں اور دنیا کو یہ پیغام دیں کہ امت مسلمہ آج بھی ایک جسم کی مانند متحد ہے۔

  • احمد پور شرقیہ: آتشزدگی سے دو ایکڑ گندم خاکستر

    احمد پور شرقیہ: آتشزدگی سے دو ایکڑ گندم خاکستر

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے مہراب والا میں ہفتے کے روز ایک افسوسناک آتشزدگی کے واقعے میں دو ایکڑ پر محیط گندم کا ذخیرہ مکمل طور پر جل گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق آگ اچانک لگی اور تیزی سے پورے ذخیرے میں پھیل گئی۔

    اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اگرچہ اس آتشزدگی کے نتیجے میں کسان کی قیمتی فصل کا بڑا حصہ ضائع ہو گیا، تاہم یہ اطمینان بخش بات ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں اور اس سلسلے میں ابتدائی تحقیقات جاری ہیں۔ آگ کی شدت کے باوجود ریسکیو ٹیم کی بروقت اور موثر کارروائی کے باعث قریبی کھڑی دیگر فصلوں کو محفوظ بنا لیا گیا۔

    مقامی کسانوں اور زمینداروں نے ریسکیو ٹیموں کے فوری ردعمل اور شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

  • اسحاق ڈار کا دورہ افغانستان، اچھی پیش رفت ہے.کاظمی

    اسحاق ڈار کا دورہ افغانستان، اچھی پیش رفت ہے.کاظمی

    لنڈی کوتل(مہد شاہ شینواری) پاکستان بارڈر ٹریڈ کونسل کے چیئرمین اور مشیر برائے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سید جواد حسین کاظمی نے پاکستان کے ڈپٹی پرائم منسٹر اسحاق ڈار کے دورہ افغانستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں ممالک کے عوام اور خاص طور پر تاجر برادری کے لیے انتہائی سود مند ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پاک افغان تعلقات کی بحالی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

    جاری کیے گئے ایک اخباری بیان میں سید جواد حسین کاظمی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان خطے میں معاشی، تجارتی اور سیاسی استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان وفود کے حالیہ تبادلوں کو تعلقات کی بحالی کا اشارہ قرار دیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار دورہ کابل کے دوران افغانستان کے قائم مقام وزیراعظم ملا حسن اخوند سے ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک کے عوام نے اس دورے سے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ انہوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کو زندگی کے ہر شعبے میں سہولت فراہم کی جائے۔ خاص طور پر علاج کے لیے آنے والے افغان شہریوں کو ویزہ اور پاکستانی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔ تعلیم اور تدریس کے لیے آنے والے طلباء کو ویزہ میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔

    سید جواد حسین کاظمی نے کہا کہ درآمدات اور برآمدات میں پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے پر انحصار کرتے ہیں۔ اس لیے دونوں ممالک تجارتی گزرگاہوں پر سہولیات اور آسانیاں پیدا کریں اور ایسی پالیسیاں مرتب کریں جس سے باہمی تجارت کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک تجارت کے حوالے سے مفاہمتی پالیسی اپنائیں تو تاجر برادری پاکستان کو سالانہ 10 ارب ڈالرز ریونیو فراہم کرنے کی ضمانت دیتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی درآمدات وسطی ایشیا اور یورپ تک پہنچائیں گے اور تجارت کے ذریعے لاکھوں شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے جس سے امن و امان پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

  • سیالکوٹ: سیف سٹی پراجیکٹ کا پہلا ڈی ایس پی تعینات

    سیالکوٹ: سیف سٹی پراجیکٹ کا پہلا ڈی ایس پی تعینات

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی(مدثر رتو، سٹی رپورٹر ) سیالکوٹ کے سیف سٹی پراجیکٹ میں پہلے ڈی ایس پی کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ ڈی ایس پی ساجد حمید ورک کو سیف سٹی سیالکوٹ کا ڈی ایس پی مقرر کیا گیا ہے۔

    ڈی ایس پی ساجد حمید ورک اس سے قبل ڈسٹرکٹ آفیسر اسپیشل برانچ سیالکوٹ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اور سرکل آفیسر اینٹی کرپشن کے اہم عہدوں پر بھی اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

    گزشتہ روز سیالکوٹ کے ایک نجی اسکول کے طلبہ و طالبات کو سیف سٹی پراجیکٹ کا مطالعاتی دورہ کروایا گیا۔ اس موقع پر آپریشن کمانڈر سیالکوٹ، ڈی ایس پی ساجد حمید ورک نے طلباء کو سیف سٹی منصوبے میں استعمال ہونے والی جدید ترین ٹیکنالوجی، بالخصوص مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس – AI) پر مبنی نظام کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

    انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اہم منصوبہ شہر کو محفوظ بنانے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

  • موٹروے پولیس سکھر کی جانب سے ٹریفک الرٹ

    موٹروے پولیس سکھر کی جانب سے ٹریفک الرٹ

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری) موٹروے پولیس سکھر نے تمام مسافر گاڑیوں اور چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو مطلع کیا ہے کہ ٻٻرلوء بائی پاس پر جاری دھرنے کی وجہ سے متبادل راستے اختیار کریں۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے درج ذیل متبادل راستے تجویز کیے گئے ہیں:

    پنجاب سے خیرپور آنے والی ٹریفک: پٹنی، روہڑی، کاندھرا – جیل روڈ کے ذریعے خیرپور پہنچے۔
    سکھر سے خیرپور آنے والی ٹریفک: ببرلو شہر کی اندرونی سڑک استعمال کریں۔
    ببرلو سے خیرپور تک جانے والی ٹریفک: پیر جو گوٹھ، پریالو، تھیڑھی کے راستے خیرپور کی طرف جائے۔
    کراچی کی طرف سے آنے والی ٹریفک: ٹنڈو مستی سے لاڑکانہ کی طرف مڑ کر متبادل راستہ اختیار کرے۔
    رانی پور کی ٹریفک: نانگریجا، کمب پرانے N.H.Way کے ذریعے اپنا سفر جاری رکھے۔
    نواب شاہ کی ٹریفک: منگھیا ناکو سے پرانے N.H.Way خیرپور کی طرف مڑ جائے۔
    موٹروے پولیس نے ڈرائیورز سے درخواست کی ہے کہ وہ ان متبادل راستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سفری منصوبہ بندی کریں تاکہ کسی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: پلی تو خانہ میں گیس لیکج کے باعث زوردار دھماکہ

    سیالکوٹ: پلی تو خانہ میں گیس لیکج کے باعث زوردار دھماکہ

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض )تھانہ کینٹ کے علاقے پلی تو خانہ میں گیس لیکج کے باعث ایک زوردار دھماکہ پیش آیا ہے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ باغی ٹی وی نے اس دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔

    صبح کے وقت سیالکوٹ کے علاقے پلی توپ خانہ میں ایک زوردار دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ متعلقہ دکانداروں کا ابتدائی طور پر کہنا ہے کہ یہ دھماکہ گیس لیکج کے باعث رونما ہوا۔

    دوسری جانب، اسی علاقے میں ایک اور واقعے میں زوردار دھماکہ خیز مواد سے نالے پر لگائی گئی کئی ٹن وزنی سلیب ریزہ ریزہ ہو گئی۔ اس دھماکے کی آواز بھی دور دراز علاقوں تک سنائی دی۔ دھماکے کے نتیجے میں تقریباً 50 سے 60 فٹ لمبائی اور تقریباً 10 فٹ چوڑائی والی کئی ٹن وزنی سلیب مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اب یہ سوالات جنم لے رہے ہیں کہ آیا یہ واقعہ بھی گیس لیکج کا نتیجہ تھا یا پھر معاملہ کچھ اور ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں مشکوک افراد کی نقل و حرکت عام ہے اور متعلقہ تھانہ کی پولیس کی جانب سے علاقے میں گشت نہ ہونے کے باعث مشکوک افراد راتوں کو دندناتے پھرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، سیالکوٹ تھانہ کینٹ کے علاقے میں ایک گندے نالے میں زوردار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 10 فٹ چوڑے اور تقریباً 50 سے 60 فٹ لمبے نالے پر نصب کئی ٹن وزنی سلیب ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی۔ اگرچہ 5 سے 6 افراد نے اس دھماکے کو گیس لیکج کا نتیجہ قرار دیا ہے، تاہم درجنوں دیگر افراد اس رائے سے متفق نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گندے نالے کی لمبائی کئی سو میٹر ہے اور اگر گیس لیک ہوتی تو وہ نالے کے ساتھ ساتھ خارج ہو جاتی، کیونکہ نالہ خشک نہیں رہتا بلکہ ہر وقت گندے پانی سے بھرا رہتا ہے۔ اس لیے گیس لیکج سے اتنے بڑے دھماکے کا ہونا ممکن نہیں لگتا۔ ان کا قوی یقین ہے کہ یہ دھماکہ کسی دھماکہ خیز مواد کے پھٹنے سے ہوا ہے، جس کی وجہ سے کئی ٹن وزنی سلیب دور تک ریزہ ریزہ ہو گئی۔

    علاقہ مکینوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے اکثر رات کے وقت علاقے میں مشکوک افراد کو گھومتے پھرتے دیکھا ہے لیکن علاقے میں متعلقہ پولیس کا گشت نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو تقریباً 6 سے 7 ماہ قبل تھانہ کوٹلی لوہاراں کے گاؤں پڑوپی آرائیاں میں پیش آنے والے ایک ایسے ہی دھماکے سے جوڑا، جس میں ایک انجن کا کمرہ اینٹوں اور چھت سمیت تقریباً 70 فٹ تک بکھر گیا تھا، لیکن اس دھماکے کی وجہ بھی تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں دکان کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • سیالکوٹ میں مالیاتی خواندگی واک کا انعقاد

    سیالکوٹ میں مالیاتی خواندگی واک کا انعقاد

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(مدثر رتو، سٹی رپورٹر ) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان فنانشل لٹریسی ویک 2025 (پی ایف ایل ڈبلیو) کے سلسلے میں سیالکوٹ میں ایک فنانشل لٹریسی واک کا انعقاد کیا گیا۔ گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی میں منعقدہ اس واک کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور چیف مینیجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان فوزیہ اسلم نے کی۔

    اس واک میں مختلف سرکاری و نجی مالیاتی اداروں، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس واک کا بنیادی مقصد مالی آگاہی، مالی شمولیت اور معاشی خود مختاری کو فروغ دینا ہے۔

    چیف مینیجر اسٹیٹ بینک فوزیہ اسلم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال فنانشل لٹریسی ویک کا عنوان ’’مالیاتی شمولیت بذریعہ تعاون اور اختراع‘‘ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد عام افراد کو بہتر مالی فیصلے کرنے کے قابل بنانا، ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کو اپنانے کی ترغیب دینا اور پاکستان کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک بھر میں مالی خواندگی اور شمولیت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

    فوزیہ اسلم نے طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مالیاتی خواندگی زندگی کی اہم مہارتوں میں سے ایک ہے جس کے ذریعے وہ باخبر مالی فیصلے کر سکیں گی اور اپنی زندگی بھر اپنے پیسوں کا مؤثر طریقے سے انتظام کر سکیں گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مالیاتی خواندگی ہفتہ کی یہ سرگرمیاں افراد کو صحیح مالی فیصلے کرنے، ملکی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے اور مالی خواندگی کی مطلوبہ سطح تک پہنچنے کے لیے ضروری علم اور وسائل فراہم کریں گی۔

    افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر سمیت خواتین یونیورسٹی کی طالبات بھی موجود تھیں۔