Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • میرپورخاص: بورڈ امتحانات، نقل عروج پر، سہولیات کا فقدان

    میرپورخاص: بورڈ امتحانات، نقل عروج پر، سہولیات کا فقدان

    میرپورخاص (نامہ نگارسید شاہزیب شاہ) میرپورخاص تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام سالانہ امتحانات 2025 کے آغاز کے ساتھ ہی نقل کی روایت برقرار رہی۔ دسویں جماعت کے انگلش کے پرچے کے دوران نقل عروج پر رہی، اور طلبہ موبائل فون کے ذریعے کھلے عام پرچہ حل کرتے نظر آئے۔

    کمپری ہینسو ہائیر سیکنڈری اسکول کی پرنسپل نوشین اقبال نے بتایا کہ سینٹر میں 300 سے 450 طلبہ کی گنجائش ہے، لیکن 600 سے زائد طلبہ امتحان دے رہے ہیں۔ فرنیچر کی کمی کے باعث کچھ طلبہ زمین پر بیٹھے نظر آئے۔ پرنسپل کے مطابق یہ مدرسے کے طلبہ تھے اور انہوں نے خود زمین پر بیٹھنے کو ترجیح دی۔

    انچارج امتحانات نے بتایا کہ سینٹر میں 790 طلبہ امتحان دے رہے ہیں اور امتحانات پرامن ماحول میں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے اور جگہ کی کمی کے باوجود طلبہ کو خوشگوار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔

  • ہم کیوں ناکام ہیں؟

    ہم کیوں ناکام ہیں؟

    ہم کیوں ناکام ہیں؟
    تحریر:ملک ظفراقبال
    یہ ایک پیچیدہ اور گہرا سوال ہے جو کئی دہائیوں سے ہمارے ذہنوں میں مسلسل گردش کر رہا ہے اور کئی دہائیوں سے یہ سوال ہمارے ذہنوں میں مثبت تبدیلی اور مثبت سوچ پیدا کرنے میں کامیاب ہونے کی بجائے مسلسل ناکامی سے دوچار ہے۔ شاید ناکامی کی وجوہات بھی معلوم ہوں مگر ہم مسلسل اپنی ناکامی کا اعتراف کرنے کے باوجود کچھ نہیں کر پا رہے۔ شاید ہم کچھ کرنا ہی نہیں چاہتے۔ آج اس حوالے سے کچھ معلومات فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کا جواب کئی زاویوں سے دیا جا سکتا ہے۔ پاکستانی معاشرے اور اداروں کی ناکامی کی وجوہات کا مختصر جائزہ لیتے ہیں جس کا عموماً ذکر ہم اپنی روزمرہ زندگی میں ایک دوسرے سے مختلف انداز سے سنتے آ رہے ہیں۔

    ناقص حکمرانی، کرپشن اور میرٹ کی خلاف ورزی نے اداروں کو کمزور کیا ہے۔ جس کی وجہ سے آج ہمیں ڈاؤن سائزنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے ذمہ دار اداروں کے ساتھ ساتھ سیاست دان بھی ہیں جو اداروں پر دباؤ ڈال کر میرٹ سے ہٹ کر بھرتیوں پر زور دیتے رہے ہیں جس کی وجہ سے آج ہم ترقی کی بجائے تنزلی کے سفر پر رواں دواں ہیں۔ بطور مثال کئی ایک فرمائشی ادارے موجود ہیں جو ہر نئی حکومت اپنے عوامی وعدے پورے کرنے کے لیے پاکستان پر قرضوں کا بوجھ بڑھاتے رہتے ہیں جس میں ریلوے، پی آئی اے، سٹیل ملز اور دوسرے ادارے شامل ہیں۔ جس کی دوسری بڑی وجہ پالیسیوں میں عدم تسلسل اور وقتی مفادات کو قومی مفادات پر فوقیت دینا شامل ہے۔

    قوموں کی ترقی کی سب سے بڑی سیڑھی انصاف پر مبنی معاشرتی نظام ہوتا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں امن و سکون اور قومیت کو پروان چڑھانے میں مدد ملتی ہے۔ برائیاں ہر معاشرے میں موجود ہیں مگر سزا جزا کا عمل انصاف پسندی سے ہو تو معاشرے میں مثبت سوچ پیدا ہوتی ہے جس کا ہمارے معاشرے میں فقدان ہے۔ پاکستانی پولیس میں ایف آئی آر کا نظام وہ نظام اور قانون ہے جو ہمیشہ ظالم اور طاقتور کے لیے سود مند ثابت ہوا ہے جس کی روزمرہ زندگی میں کئی ایک مثالیں موجود ہیں۔

    قانون سب کے لیے برابر نہیں، طاقتور افراد بچ نکلتے ہیں جبکہ کمزور سزا بھگتتے ہیں۔ عدالتی نظام میں سست روی اور سیاسی دباؤ کی وجہ سے انصاف تاخیر کا شکار ہوتا ہے۔

    ہم گزشتہ کئی دہائیوں سے تعلیمی نظام کے ساتھ کھلواڑ کرنے میں مصروف ہیں اور آج تک ہم تعلیمی نظام کو بہتر بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے معیاری تعلیم کا فقدان اور نصاب میں جدید دور کے تقاضوں کی کمی ہے۔ تعلیم کو کاروبار بنا دیا گیا ہے اور ڈگری حاصل کرنے تک۔ جس کی وجہ سے غریب طبقہ معیاری تعلیم سے محروم ہے۔ اداروں میں کرپشن عام ہے، جو ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ میرٹ کی بجائے سفارش اور رشوت کو ترجیح دی جاتی ہے۔

    فرقہ واریت، لسانی اور صوبائی تعصبات نے قوم کو تقسیم کر کے رکھ دیا ہے جو ایک سوچی سمجھی سکیموں میں سے ایک ہے جس کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں انتہا پسندی اور عدم برداشت نے معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس برائی کو ختم کرنے کے لیے بھائی چارے اور قومی سوچ کو مثبت انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے جس میں سرکاری ادارے اور سماج کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

    صنعت اور زراعت کی ترقی پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے ہم زرعی اجناس ان ممالک سے منگواتے ہیں جہاں دور دور تک زراعت کا نام و نشان نہیں، وجہ ہماری غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ آج ہم بیرونی قرضوں کے بوجھ تلے دبے جا رہے ہیں بلکہ ہماری آنے والی نسلوں پر بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ یہ کیسا نظام ہے کہ ہمارا آنے والا بچہ بھی مقروض ہوگا جس نے ابھی اس دنیا میں آنکھ بھی نہیں کھولی مگر یہ ظالم اور کرپشن زدہ نظام اس کو آنے سے پہلے ہی قرضوں کے بوجھ تلے دبا رہا ہے۔ کیا یہی ہماری ترقی کی ترجیحات ہیں؟ ذرا سوچیں اور سوچ بدلنے کی کوشش کریں۔ مقروض نسل کیا خاک ترقی کر پائے گی جو بن دیکھے مقروض پیدا ہوگئی، اس کا حساب وہ کس سے مانگیں گے؟

    میڈیا اکثر سنسنی خیزی کو ترجیح دیتا ہے بجائے کہ مسائل کا حل پیش کرے۔ ہم بطور قوم اپنی ذمہ داریوں کو نظرانداز کر رہے ہیں، اور ذاتی مفادات کو قومی مفاد پر ترجیح دیتے ہیں جو کہ نہ تو ہمارا معیار ہے اور نہ ہی مقصد۔ ہر فرد کو دوسروں پر الزام ٹھہرانے کی عادت ہے، مگر خود اپنی ذمہ داری نہیں سمجھتا۔ ہمیں قومی مفادات پر اپنے ذاتی مفادات کو قربان کرنا ہوگا اور اپنے اندر قومی جذبہ پیدا کرنا ہوگا ورنہ ہم اگر اسی ڈگر پر چلتے رہے تو شاید واپسی کا راستہ ہمیں نہ مل سکے کیونکہ دنیا ترقی کے سفر میں بہت آگے نکل چکی ہوگی۔ اس سلسلہ میں ہمیں مل کر کچھ اقدامات کرنے ہوں گے جس میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کا عمل پہلی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

    قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے، کرپشن کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔ تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جائے اور قومی زبان میں زیادہ سے زیادہ مواد ہو تاکہ طالب علم پڑھنے کے بعد اس کو سمجھ بھی سکے ورنہ رٹا جس سے نمبر تو حاصل کیے جا سکتے ہیں مگر شعور اور بیداری نہیں۔ معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے صنعت اور زراعت پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے رواداری اور برداشت کا درس دیا جائے۔ سیاسی استحکام کو یقینی بنایا جائے اور قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دی جائے۔

    ناکامی کو کامیابی میں بدلنے کے لیے ہر پاکستانی کو اپنی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی۔ تبدیلی صرف حکومت سے نہیں بلکہ عوام سے بھی آتی ہے۔ دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمارے وطن عزیز کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرے۔

  • قصور:پکی حویلی ڈانس پارٹی کیس، ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکار فارغ، مقدمہ درج

    قصور:پکی حویلی ڈانس پارٹی کیس، ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکار فارغ، مقدمہ درج

    قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو) قصور کے علاقے مصطفیٰ آباد میں پکی حویلی میں ہونے والی ڈانس پارٹی کے دوران گرفتار کیے گئے مرد و خواتین کی حوالات میں ویڈیو بنانے اور اسے وائرل کرنے کے معاملے پر ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔

    ڈی پی او قصور کے احکامات پر تفتیشی سب انسپکٹر محمد صادق اور مثل رائٹر کانسٹیبل ندیم ناگی کے خلاف پیکا ایکٹ اور پولیس آرڈر 155(C) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دونوں اہلکاروں کو حوالات میں بند کر دیا گیا ہے جبکہ سب انسپکٹر محمد صادق کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے۔

    اسی کیس میں ایس ایچ او تھانہ مصطفیٰ آباد انسپکٹر ثقلین بخاری کو معطل کر کے کلوز ٹو لائن کر دیا گیا ہے۔ ڈی پی او قصور نے انسپکٹر ثقلین بخاری کے خلاف نوکری سے برخاستگی کی سفارش بھی کر دی ہے۔

    ڈی پی او کے حکم پر ڈانس پارٹی کی اطلاع افسران بالا کو نہ دینے پر سکیورٹی پر مامور ایک کانسٹیبل کو بھی نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح تھانے کے محرر محمد شبیر کو حوالات میں ویڈیو بننے سے نہ روکنے پر دو سٹیجز پر تنخواہ کی تنزلی کی سزا دی گئی ہے۔

    ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس ایک ڈسپلن فورس ہے، جہاں فرائض میں غفلت، غیر ذمہ داری یا قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کا کام قانون کی پاسداری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، نہ کہ قانون شکنی کرنا۔

    واضح رہے کہ پکی حویلی میں ہونے والی ڈانس پارٹی پر پولیس نے چھاپہ مار کر متعدد مرد و خواتین کو گرفتار کیا تھا، جن کی ویڈیوز حوالات میں بنائی گئیں اور بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد ڈی پی او قصور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت ایکشن لیا، جس کی عوامی سطح پر تعریف کی جا رہی ہے۔

  • سیالکوٹ: جی آر ڈی گھوئنیکی کا سی ای او ہیلتھ کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا گیا

    سیالکوٹ: جی آر ڈی گھوئنیکی کا سی ای او ہیلتھ کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا گیا

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب چوہدری ارشد جاوید وڑائچ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال کے حکم پر سی ای او ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے جی آر ڈی گھوئنیکی کا اچانک دورہ کیا۔

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد ارسلان خان اور ڈیوٹی پر موجود عملے نے انہیں ہسپتال کا دورہ کروایا۔ سی ای او ہیلتھ نے اپنی مدد آپ کے تحت جاری کاموں اور صفائی ستھرائی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے یقین دہانی کرائی کہ ہسپتال کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق مریضوں کے لیے مفت ڈلیوری، مفت ادویات کی سو فیصد فراہمی اور دیگر سہولیات کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    انہوں نے پارلیمانی سیکرٹری چوہدری ارشد جاوید وڑائچ اور محمد ارسلان خان کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اہلیان علاقہ کی معاونت سے جی آر ڈی گھوئنیکی کو اپ گریڈ کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

  • فاٹا انضمام کیس: سپریم کورٹ میں کل سماعت، قبائلی عمائدین اسلام آباد پہنچ گئے

    فاٹا انضمام کیس: سپریم کورٹ میں کل سماعت، قبائلی عمائدین اسلام آباد پہنچ گئے

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی) فاٹا انضمام مخالف کیس کی سماعت کل بروز سوموار سپریم کورٹ آف پاکستان میں ہوگی۔ مرکزی کابینہ فاٹا لویہ جرگہ کے صدر حاجی بسم اللہ خان قبائلی، جنرل سیکرٹری اعظم خان محسود، سیکرٹری فنانس حنیف آفریدی، آل فاٹا انضمام مخالف طلباء صدر ریحان قبائلی اور دیگر عمائدین اس سلسلے میں اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

    فاٹا لویہ جرگہ کے مرکزی جنرل سیکرٹری اعظم خان محسود نے بتایا کہ ایگزیکٹو کمیٹی کے مشران، سپریم کونسل کے مشران اور مرکزی کابینہ کے دیگر ممبران کل صبح نو بجے تک سپریم کورٹ پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے عوام سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی قبائلیت، رسم و رواج، روایات اور وسائل پر گرفت دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ قبائلی عوام کی رائے معلوم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی اکثریت کی جو بھی رائے ہوگی وہ اسے من و عن قبول کریں گے۔

  • سیالکوٹ: پولیس میں پروموشن تقریب، ڈی پی او نے افسران کو رینک لگائے

    سیالکوٹ: پولیس میں پروموشن تقریب، ڈی پی او نے افسران کو رینک لگائے

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ پولیس آفس سیالکوٹ میں نئے ترقی پانے والے پولیس افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر سے سب انسپکٹر، ہیڈ کانسٹیبل سے اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی پانے والے 37 افسران کو رینک لگائے گئے۔

    تقریب میں ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ کے ہمراہ انہیں نئے عہدے کے رینک لگائے اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے افسران کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا کہ پولیس سروس میں محکمانہ پروموشن درحقیقت ذمہ داریوں میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پروموٹ ہونے والے افسران کو ہدایت کی کہ وہ قانون کے یکساں نفاذ، میرٹ کی پاسداری اور بہترین سروس ڈلیوری سے شہریوں کی خدمت اور تحفظ کو شعار بنائیں۔

  • سیالکوٹ: ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز، شاہ آباد کوٹھے روڈ کی تعمیر مکمل

    سیالکوٹ: ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز، شاہ آباد کوٹھے روڈ کی تعمیر مکمل

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) رکن صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام نے کہا ہے کہ 6 کروڑ روپے کی لاگت سے شاہ آباد کوٹھے روڈ کی آر آر سی تعمیر کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ محکمہ ہائی وے ڈویژن کے زیر نگرانی اس منصوبے کا ٹینڈر میرٹ پر 30 فیصد کم لاگت پر الاٹ کیا گیا اور ٹائم لائن کے اندر روڈ کی تعمیر مکمل کر لی گئی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کشنے والی ریلوے پھاٹک کی توسیع کے لیے پاکستان ریلوے کو ایک کروڑ روپے کا ڈیمانڈ نوٹس جمع کروا دیا گیا ہے اور جلد ہی اس منصوبے کو بھی مکمل کر لیا جائے گا۔

    چودھری فیصل اکرام نے یہ بات اپنے حلقہ انتخاب یوسی جودھے والی کی روڈ شاہ آباد کوٹھے کے منصوبے پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے دوران کہی۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اپنے دور اقتدار میں صوبے اور عوام کی ترقی اور خوشحالی پر توجہ دینے کی بجائے انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں معیشت کا پہیہ رک گیا اور عوام کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوا۔

    مسلم لیگ ن نے اقتدار میں آکر مشکل ترین حالات میں معیشت کو سہارا دیا اور اب معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے۔ مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر صرف 1.5 فیصد رہ گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی و صوبائی حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر بیک وقت کام جاری ہیں اور اب وقت ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عوام کی امنگوں کے مطابق کام کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حلقے کے پسماندہ علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر کام کروائے جائیں گے اور منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر ایک ایک پیسہ سوچ سمجھ کر خرچ کیا جائے گا تاکہ عوام الناس ان منصوبوں سے طویل عرصے تک استفادہ حاصل کر سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ تمام منصوبے بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیے جائیں گے اور منصوبوں کی تکمیل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • سیالکوٹ:ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ انتقال کر گئے

    سیالکوٹ:ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ انتقال کر گئے

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض+سٹی رپورٹر مدثر رتو)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما، رکن پنجاب اسمبلی اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، ایم پی اے حلقہ PP-152 سیالکوٹ چوہدری ارشد جاوید وڑائچ انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا چھا گئی۔

    چوہدری ارشد جاوید وڑائچ تین بار (2013، 2018، 2024) مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر مسلسل ایم پی اے منتخب ہوئے اور ان کا شمار میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ مرحوم 13 دسمبر 1956 کو پیدا ہوئے۔

    چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کی نماز جنازہ بعد از نماز عصر سیالکوٹ کے علاقے کینال سٹی میں ادا کی گئی، جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ معروف عالم دین حافظ عمران بشیر نے پڑھائی۔ جنازے میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وزیر مملکت ارمغان سبحانی، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر خاور بٹ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال، اراکین اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چوہدری فیصل اکرام، چوہدری طارق سبحانی، انجینئر خرم دستگیر خان، رانا فیاض، رانا شمیم خان، خرم ورک، نوید اشرف، رانا عارف ہرناہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

    وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ایم پی اے ارشد جاوید وڑائچ کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی بیٹی محترمہ حنا ارشد وڑائچ سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بلندی درجات کی دعا کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے تعزیتی پیغام سیکرٹری کوارڈینیشن ٹو سی ایم، سید واجد علی شاہ نے مرحوم کے اہلخانہ تک پہنچایا اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

    سیالکوٹ کی فضاء مرحوم چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کے انتقال پر سوگوار رہی جبکہ سیاسی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے ان کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

  • اوچ شریف: انصاف کی پکار، بزرگ شخص کی زندگی بااثر افراد نے اجیرن کر دی

    اوچ شریف: انصاف کی پکار، بزرگ شخص کی زندگی بااثر افراد نے اجیرن کر دی

    اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان) پل فاروق آباد کے رہائشی بزرگ شخص ملک رشید سمیجہ نے بااثر افراد کی جانب سے زندگی اجیرن کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسد سرفراز خان اور ایس ایچ او نوشہرہ جدید صدیق احمد ڈھڈی سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

    ملک رشید سمیجہ کا کہنا تھا کہ پولیس تھانہ نوشہرہ انہیں تحفظ فراہم کرے کیونکہ ان کے اپنے ہی جان کے دشمن بن گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ عظیم خاتون بی بی کے حصے میں 40 سال قبل ان کے والد اللہ رکھا کی جانب سے ایک کنال رقبہ دیا گیا تھا، جسے اب ان کی اہلیہ کے بھائی خلیل، جلیل، کالا اور دیگر غنڈہ عناصر واپس لینا چاہتے ہیں۔

    ملک رشید سمیجہ نے الزام لگایا کہ ان کے بچوں کے گزرنے کا راستہ اور گھر کی چار دیواری توڑ دی گئی ہے اور انہیں آئے روز تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور متعلقہ انتظامیہ سے سخت نوٹس لے کر ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • علی پور: پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بے بس، گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    علی پور: پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بے بس، گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

    علی پور (نامہ نگارحبیب خان) علی پور شہر میں قصاب مافیا نے من مانی قیمتوں پر گوشت فروخت کرنا شروع کر دیا ہے، جس سے شہری شدید پریشان ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور مارکیٹ کمیٹی سرکاری طور پر مقرر کردہ قیمتوں پر گوشت کی فروخت کو یقینی بنانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

    شہریوں کے مطابق رمضان المبارک سے قبل بڑے گوشت کی فی کلو قیمت 700 روپے تھی، جو اب بغیر ہڈی 1400 روپے اور ہڈی والا گوشت 1000 سے 1200 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ یعنی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    شہریوں نے قصاب مافیا پر الزام لگایا ہے کہ وہ بھینسوں، کٹوں اور بیمار جانوروں کا گوشت نرم بچھڑے کے نام پر فروخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے ویٹرنری ڈاکٹروں پر بھی اپنی ڈیوٹی صحیح طور پر ادا نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔

    مقامی شہریوں ملک زوار علی گھلو، رانا محمد علی، عبدالغفار بھٹی، شاکر خان اور دیگر نے کمشنر ڈی جی خان اور ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور قصاب مافیا کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی انتظامیہ کو فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو قصاب مافیا کے ہاتھوں لٹنے سے بچایا جا سکے۔