Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف : بھیک مانگنے کی حدود پر گداگر خواتین میں تصادم، شہری خوفزدہ، انتظامیہ غائب

    اوچ شریف : بھیک مانگنے کی حدود پر گداگر خواتین میں تصادم، شہری خوفزدہ، انتظامیہ غائب

    اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے مصروف ترین الشمس چوک پر اس وقت افراتفری پھیل گئی جب دو گداگر خواتین، شیلا اور نیلم کے درمیان اپنی ‘حدود’ کے تعین پر شدید لڑائی چھڑ گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں خواتین نے ایک دوسرے پر نہ صرف گالم گلوچ کی بلکہ جسمانی طور پر بھی حملہ آور ہوئیں، بال نوچے گئے اور دھکے دیے گئے۔

    یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب شیلا نے نیلم پر الزام لگایا کہ وہ اس کے ‘علاقے’ میں داخل ہو کر بھیک مانگ رہی ہے۔ دیکھتے ہی دیکھتے بحث تکرار میں بدلی اور پھر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ چوک پر موجود دیگر گداگر اس تماشے کو خاموشی سے دیکھتے رہے جبکہ راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    حیرت انگیز طور پر مقامی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس سارے واقعے سے بے خبر رہے یا پھر خاموش تماشائی بنے رہے۔ شہریوں نے اس غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گداگروں کی آپس کی لڑائی نہ صرف امن عامہ کے لیے خطرہ ہے بلکہ شہر کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گداگروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مصروف ترین چوکوں پر اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ گداگری کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے تاکہ شہر کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

  • غزہ میں اسرائیلی بربریت ناقابل برداشت، عالمی برادری فوری کردار ادا کرے.محمد مدثر

    غزہ میں اسرائیلی بربریت ناقابل برداشت، عالمی برادری فوری کردار ادا کرے.محمد مدثر

    اوچ شریف ( نامہ نگارحبیب خان)صدر ہانیہ ویلفیئر ٹرسٹ اوچ شریف محمد مدثر نے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیلی ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور عالمی برادری کو سخت الفاظ میں پیغام دیا کہ وہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے فوری اور عملی اقدامات اٹھائے تاکہ نہتے فلسطینی عوام کو انصاف اور امن مل سکے۔

    محمد مدثر نے کہا کہ غزہ میں جاری ظلم انسانیت کے چہرے پر سیاہ دھبہ ہے۔ معصوم بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کا بے رحمانہ قتل ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے۔ دنیا کا ہر باشعور انسان اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائے، یہی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

    محمد مدثر نے کہا کہ ہانیہ ویلفیئر ٹرسٹ ہر سطح پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ غزہ کے مظلوم عوام کے لیے ہر ممکن مدد، آواز بلند کرنے اور آگاہی پھیلانے کے لیے تمام فورمز استعمال کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نہ صرف مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے بلکہ دنیا بھر کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے تاکہ عالمی طاقتیں اس انسانیت سوز عمل کے خلاف کھل کر میدان میں آئیں۔

    محمد مدثر کا کہنا تھاکہ اقوام متحدہ، او آئی سی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور دنیا بھر کے تمام اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری قتل و غارت بند کرانے کے لیے فوری کردار ادا کریں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا کی خاموشی مظلوموں پر ظلم کو مزید بڑھا رہی ہے، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ فلسطینی عوام کو انصاف مل سکےانہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہانیہ ویلفیئر ٹرسٹ غزہ کے متاثرین کے لیے ممکنہ امداد فراہم کرنے کو تیار ہے اور بہت جلد اس حوالے سے عملی اقدامات بھی اٹھائے جائیں گے۔ہم نہ صرف مالی امداد بلکہ دعاؤں اور آواز کے ذریعے بھی فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • گوجرہ: گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو گلا دبا کر قتل کر دیا، ملزم فرار

    گوجرہ: گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو گلا دبا کر قتل کر دیا، ملزم فرار

    گوجرہ (نامہ نگار عبد الرحمن جٹ)تھانہ صدر گوجرہ کی حدود میں افسوسناک واقعہ، نواحی گاؤں چک نمبر 351 ج ب میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حق نواز نامی شخص نے گھریلو تنازع پر طیش میں آ کر اپنی 3 بچوں کی ماں نسرین بی بی کو گلا گھونٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی گوجرہ محمد اشرف تبسم پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔

    پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزم حق نواز موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس نے مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کر دی جبکہ ابتدائی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

  • عثمان بزدار دور میں اربوں روپے کا بڑا مالی سکینڈل!

    عثمان بزدار دور میں اربوں روپے کا بڑا مالی سکینڈل!

    عثمان بزدار دور حکومت میں اربوں روپے کی مالی بے ضابطگی بے نقاب،مظفر گڑھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں 3907 ملین روپے کا غیر قانونی بجٹ منظور
    مظفر گڑھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں 3907 ملین روپے کا غیر قانونی بجٹ منظور ، سی ای او کی مدت 2018 میں ختم ہو چکی تھی مگر 2021-22 کا بجٹ پھر بھی خود منظور کرایا! آڈٹ رپورٹ میں سی ای او اور ڈپٹی کمشنر کے خلاف کارروائی کی سفارش۔

    لاہور (باغی ٹی وی رپورٹ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے دور حکومت میں مالی بے ضابطگی کا ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مظفر گڑھ کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میں 3907 ملین روپے (تقریباً 3 ارب 90 کروڑ روپے) کا بجٹ غیر قانونی طور پر منظور کیا گیا۔

    آڈٹ دستاویزات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی مظفر گڑھ کے اس وقت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نے اپنی مدت ملازمت ختم ہونے کے باوجود مالی سال 2021-22 کے بجٹ کی منظوری دی۔ حیران کن طور پر مذکورہ سی ای او کی مدت 2018 میں ختم ہو چکی تھی، اس کے باوجود وہ مالی معاملات میں مداخلت کرتے رہے۔

    آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ مظفر گڑھ کے اس وقت کے ڈپٹی کمشنر نے بھی بجٹ کی منظوری میں سی ای او کا ساتھ دیا۔ رپورٹ کے مطابق دونوں افسران نے مالی اصولوں اور قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی۔

    آڈٹ حکام نے صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کے خلاف کارروائی کی سفارش کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مالی سال 2021-22 کے بجٹ کو بھی غیر قانونی اور کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 3907 ملین روپے کا یہ بجٹ کس مد میں خرچ کیا گیا، کن منصوبوں پر لگایا گیا، اور اس کی شفافیت کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں۔ معاملے کی مکمل چھان بین کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • حاصل پور:واپڈا گرڈ اسٹیشن میں آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو 1122 نے قابو پا لیا

    حاصل پور:واپڈا گرڈ اسٹیشن میں آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو 1122 نے قابو پا لیا

    اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان)ضلع بہاولپور کے شہر حاصل پور کے چوہان والا روڈ پر واقع واپڈا گرڈ اسٹیشن میں 7 اپریل 2025 کو صبح 4 بج کر 44 منٹ پر آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ ریسکیو 1122 کو اطلاع ملنے پر فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں روانہ کی گئیں، جنہوں نے صرف 6 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق واپڈا گرڈ اسٹیشن کے اندر وولٹیج کنٹرول پینل میں آگ لگی۔ وہاں موجود واپڈا ڈیوٹی سٹاف نے بتایا کہ اندرونی خرابی کے باعث دھماکہ ہوا اور پینل میں آگ بھڑک اٹھی۔

    ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ڈی سی پی (ڈرائی کیمیکل پاؤڈر) کا استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر آگ پر قابو پالیا اور کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک جاری رہا۔

    ریسکیو آپریشن کی کمانڈ آفتاب ایف ڈی آر نے کی۔ ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122 کی گاڑیاں بی پی اے-14 اور ایچ آر ایف-01 استعمال کی گئیں۔

  • سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، خواجہ آصف

    سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، خواجہ آصف

    سیالکوٹ (بیوروچیف شاہد ریاض) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی قائد اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنی رہائش گاہ پر سیالکوٹ کے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے مقامی حکام کو فوری ہدایات جاری کیں۔

    اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، خواجہ سلطان ٹیپو سمیت مسلم لیگ ن کے عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔

    رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی اور مہنگائی کی شرح میں خاطر خواہ کمی مسلم لیگ ن کی قیادت اور اتحادی جماعتوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے لڑکھڑاتی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا ہے اور آج اس کے ثمرات عوام کے ساتھ شیئر کیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اللہ رب العزت نے مسلم لیگ ن کو ایک بڑے امتحان میں سرخرو کیا ہے اور وفاقی اور صوبے میں حکومت میاں محمد نواز شریف کے وژن کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ملک بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی میگا ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جارہا ہے۔

  • حکومتی غفلت سےتعلیمی تباہی، پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد سکولوں کی رجسٹریشن رُک گئی

    حکومتی غفلت سےتعلیمی تباہی، پنجاب میں ایک لاکھ سے زائد سکولوں کی رجسٹریشن رُک گئی

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ) پنجاب میں نجی تعلیمی اداروں کے لیے ایک بڑا بحران پیدا ہو گیا ہے، جہاں ایک لاکھ آٹھ ہزار سے زائد پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن معطل ہو گئی ہے۔ یہ تعلیمی بحران رجسٹریشن کی تجدید کے عمل میں تعطل اور لاہور ہائی کورٹ کے ایک حالیہ فیصلے کے باعث پیدا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب بھر میں 31 مارچ سے پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن ختم ہو چکی ہے۔ رجسٹریشن کی تجدید کے لیے محکمہ صحت اور بلڈنگ کی طرف سے این او سی لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن ان دونوں محکموں نے این او سی جاری کرنے کے لیے انتہائی سخت شرائط عائد کر دی ہیں۔

    اس کے علاوہ لاہور ہائی کورٹ نے سموگ کے ایک مقدمے میں حکومت کو حکم دیا تھا کہ وہ ایسے کسی سکول کی رجسٹریشن نہ کرے جس کے پاس بچوں کی ٹرانسپورٹ کے لیے اپنی بسیں نہ ہوں۔ اس عدالتی حکم کے بعد حکومت نے نئی پالیسی بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن چھ ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک کوئی پالیسی سامنے نہیں آئی۔

    آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین ضیاء السلام زاہد نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں ایک لاکھ آٹھ ہزار پرائیویٹ سکول ہیں اور ڈیرہ غازی خان میں پرائیویٹ سکولوں کی تعداد 15سو کے قریب ہے جن کی رجسٹریشن ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا حل نکالے، ورنہ بچوں کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔

    اس صورتحال کے نتیجے میں نہ صرف نئے سکولوں کی رجسٹریشن معطل ہے بلکہ پہلے سے موجود سکولوں کی تجدید بھی رکی ہوئی ہے۔ اگر رجسٹریشن کی تجدید نہیں ہوتی تو تعلیمی بورڈز سکولوں کا الحاق ختم کر دیں گے اور نئے داخلے بھی نہیں ہو سکیں گے۔

    دوسری طرف حکام کا کہنا ہے کہ وہ سکولوں کی رجسٹریشن اور تجدید کے لیے نئے قواعد و ضوابط بنا ر ہے ہیں اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جا رہی ہے۔ لیکن ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، جس کی وجہ سے نجی تعلیمی ادارے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

  • اوچ شریف: تاریخ رقم،50 جوڑوں کی اجتماعی شادی، دلہنوں کو جہیز بھی دیاگیا

    اوچ شریف: تاریخ رقم،50 جوڑوں کی اجتماعی شادی، دلہنوں کو جہیز بھی دیاگیا

    اوچ شریف (نامہ نگارحبیب خان) اوچ سول سوسائٹی کا قابل تحسین اقدام،50 جوڑوں کی اجتماعی شادی، دلہنوں کو جہیز بھی فراہم کیا گیا

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف میں اوچ سول سوسائٹی کے زیر اہتمام پانچویں اجتماعی شادی کی عظیم تقریب نجی شادی ہال العباس میرج ہال میں منعقد ہوئی، جس میں 50 جوڑے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ اس منفرد موقع پر ہر دلہن کو ضروریات زندگی کی اشیاء پر مشتمل جہیز بھی فراہم کیا گیا، تاکہ نئی زندگی کے آغاز میں کوئی کمی نہ ہو۔

    تقریب میں متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر سید حامد سعید کاظمی، ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، ولی عہد مخدومزادہ سید عمر رضا گیلانی، ایم پی اے سید عامر علی شاہ، سابق وائس چیئرمین عبدالغفور خان بڈانی، سماجی شخصیت شیخ ناصر سلیم ایڈووکیٹ، ڈی ایس پی خانپور سٹی چوہدری اظہر اقبال ،مخدوم یاور عباس بخاری ،پیر محمد شاہ ،جرار ملک، محمد اسماعیل، صدیق خان، میاں محمد عامر صدیقی ،ڈاکٹر ضیاء الحق بڈانی، سجاد حسین ،رجب حسین ،مہر عمران حیدر سیال، قاضی محمد نعیم ،راؤ ضیاء الرحمن ،حبیب اللہ خان ،مہر خادم حسین اور سول سوسائٹی ٹیم کے رہنماؤں ڈاکٹر ذوالفقار علی مکول، سید کامران رضاء بخاری ، ملک سیف الرحمان گھلو ، شیخ جہانگیر اعجاز ، سید شہنشاہ بخاری،محمد اعجاز خان ،عبد اللہ مستوئی ،شفیق شہزاد اور دیگر شامل تھے۔

    اس اہم موقع پر شریک ہونے والے افراد نے اس اقدام کو سراہا اور اجتماعی شادیوں کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں شریک دلہنوں کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات کی وجہ سے بہت سی لڑکیوں کی شادی میں تاخیر ہو جاتی ہے اور اس طرح کے پروگرام معاشرتی بہتری کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اوچ سول سوسائٹی کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات غریب اور مستحق لڑکیوں کے لئے خوشی کا سبب بن رہی ہیں۔

    ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی اور ایم پی اے سید عامر علی شاہ نے اس اقدام کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی شادیوں کا یہ عمل نہ صرف ایک نیک عمل ہے بلکہ اس سے معاشرتی ہم آہنگی بھی فروغ پاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام قابلِ تعریف ہے اور اس طرح کے پروگراموں کو مزید بڑھاوا دینے کی ضرورت ہے۔

    اوچ سول سوسائٹی کے صدر عمر خورشید سہمن نے تقریب میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہم نے اللہ کی رضا کے لئے یہ قدم اٹھایا ہے اور ہر سال اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد ضرورت مند لڑکیوں کی مدد کرنا ہے تاکہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز کر سکیں۔

    اس اجتماعی شادی کی تقریب کے بعد، نکاح کی رسم کے دوران دلہے اپنے عروسی ملبوسات میں سجی سنوری دلہنوں کو اپنے ساتھ لے کر روانہ ہوئے۔ شادی شدہ جوڑوں کے اہلخانہ نے بھی اوچ سول سوسائٹی اور مخیر حضرات کے اس اقدام کی تعریف کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان جوڑوں کو خوشی و سکون سے نوازے اور اوچ سول سوسائٹی کو مزید کامیابیاں دے۔

    اس نیک عمل کے ذریعے سینکڑوں یتیم اور مستحق لڑکیاں زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر رہی ہیں۔ اس طرح کی تقریبات نہ صرف معاشرتی بہتری کا باعث بنتی ہیں بلکہ وہ غربت اور مہنگائی کے درمیان امید کی کرن بن کر ابھرتی ہیں۔

  • حضرت خواجہ محمد معصومؒ کا سالانہ عرس موہری شریف میں 11 اپریل سے شروع ہوگا

    حضرت خواجہ محمد معصومؒ کا سالانہ عرس موہری شریف میں 11 اپریل سے شروع ہوگا

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) موہری شریف تحصیل کھاریاں ضلع گجرات میں تاجدارِ تصوف خواجہ خواجگان عظیم عالمی مبلغِ اسلام قیومِ پنجم الحاج خواجہ محمد معصوم رحمة اللہ علیہ کا تین روزہ سالانہ عرس 11 اپریل سے شروع ہوگا۔

    عرس کی تین روزہ تقریبات میں ملک بھر سے ان کے مریدین، علمائے کرام، مفتیان اور ثنا خواں کثیر تعداد میں شریک ہوں گے۔ ان تین روزہ تقریبات میں مزار کو غسل دیا جائے گا، چادر پوشی ہوگی، محفل سماع اور صلوۃ و سلام بھی ہوگا۔ مریدین اور عام و خاص کے لیے لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ حضرت خواجہ محمد معصوم رحمة اللہ علیہ سلسلہ نقشبندیہ مجددیہ کے عظیم بزرگ تھے۔ آپؒ 04 اپریل 1935ء بمطابق 1355ھ بروز بدھ صبحِ صادق کھاریاں (ضلع گجرات) سے 05 کلومیٹر کے فاصلہ پر موہری شریف میں پیدا ہوئے۔ آپؒ کے والدِ گرامی حضرت زریں زربخت قبلہ عالم الحاج صوفی نواب الدین رحمة اللہ علیہ ہیں۔ بچپن میں جب آپ کو آفتاب ولایت قطب زماں خواجہ حافظ محمد عبدالکریم کے پاس لے جایا گیا جنھوں نے عزت افزائی فرمائی اور بچپن میں آپ کو اپنے ہمراہ سرہند شریف (بھارت) حاضری کے لیے لے گئے۔ وہاں کی حاضری قافلہ کی صورت میں آپ کا سالانہ معمول تھا۔

  • اوچ شریف: گھریلو ناچاقی، شوہر نے بیوی پر چھری سے حملہ کر دیا

    اوچ شریف: گھریلو ناچاقی، شوہر نے بیوی پر چھری سے حملہ کر دیا

    اوچ شریف(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے موچیاں والی سولنگ، خرم پور روڈ پر گھریلو ناچاقی کے نتیجے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ محمد صفدر نامی شخص نے اپنی بیوی سعدیہ پر تیز دھار چھری سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔

    اطلاعات کے مطابق میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو مسئلے پر تلخ کلامی ہوئی جو جلد ہی پرتشدد شکل اختیار کر گئی۔ غصے میں آکر محمد صفدر نے سعدیہ پر چھری سے وار کر دیے، جس سے ان کے گلے اور ہاتھوں پر گہرے زخم آئے۔

    واقعے کے فوراً بعد ریسکیو عملے نے سعدیہ کو تشویشناک حالت میں رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) اوچ شریف منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت نازک ہے اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد صفدر کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔