Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ: کنٹری گروپ آف کالجز کا اسکالرشپ ٹیسٹ، ہونہار طلباء کیلئے پروقار تقریب

    ننکانہ: کنٹری گروپ آف کالجز کا اسکالرشپ ٹیسٹ، ہونہار طلباء کیلئے پروقار تقریب

    ننکانہ صاحب(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) کنٹری گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام اسکالرشپ ٹیسٹ 2025 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں سیاسی اور سماجی شخصیات، والدین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب کا آغاز ننھے طلباء و طالبات کی جانب سے مہمانوں کے پرجوش استقبال سے ہوا۔ بعد ازاں، طلباء و طالبات نے مختلف موضوعات پر دلچسپ اور معلوماتی ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ خاص طور پر، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور عالمی طاقتوں کی خاموشی کے موضوع پر پیش کیے گئے ٹیبلو کو بہت پسند کیا گیا اور بچوں کو دل کھول کر داد دی گئی۔

    تقریب کے دوران، مہمانان گرامی نے اسکالرشپ ٹیسٹ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں شیلڈز، تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے عزیر سلیم کو پچاس ہزار روپے، دوسری پوزیشن پر طلحہ عبدالرؤف کو چالیس ہزار روپے، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر عروج فاطمہ اور سعد افتخار کو پچیس پچیس ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔

    کنٹری گروپ آف کالجز کی جانب سے اسکالرشپ ٹیسٹ میں پہلی دس پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو موڑکھنڈا میں واقع کنٹری کالج میں دو سالہ انٹرمیڈیٹ کی مفت تعلیم اور دیگر تعلیمی اخراجات میں معاونت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے زندگی میں آگے بڑھنے کے اپنے خوابوں کو پورا کر سکیں۔

  • ٹھٹھہ: محکمہ اوقاف میں درگاہوں کے ٹینڈرز میں مبینہ کرپشن

    ٹھٹھہ: محکمہ اوقاف میں درگاہوں کے ٹینڈرز میں مبینہ کرپشن

    ٹھٹھہ(ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں) محکمہ اوقاف سندھ میں درگاہوں کی مرمت اور تعمیرات کے ٹینڈرز میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ ٹھیکیداروں نے محکمہ اوقاف کے انجینئر اسلم شیخ پر من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے اور رشوت لینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

    ذرائع کے مطابقانجینئر اسلم شیخ نے پروکیورمنٹ کمیٹی کے دیگر ممبران کے ساتھ مل کر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور عام نیلامی میں حصہ لینے والے ٹھیکیداروں کے ساتھ ناانصافی کی۔ متاثرہ ٹھیکیداروں نے سپرا رولز کی خلاف ورزی اور غیر شفاف بولی کے خلاف اعلیٰ حکام کو تحریری شکایات جمع کرائی ہیں۔

    ٹھیکیداروں کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری ٹھیکوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ای پی اے ڈی (EPAD) پورٹل کے ذریعے تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کرائی تھیں، لیکن انجینئر اسلم شیخ نے 20 فیصد ایڈوانس کمیشن کا مطالبہ کیا اور انکار کرنے پر انہیں ٹینڈر دینے سے انکار کر دیا۔

    ٹھیکیداروں کے مطابق انجینئر اسلم شیخ نے اوپن بڈنگ کے مقررہ دن نیلامی نہیں کرائی اور پروکیورمنٹ کمیٹی کے دیگر ممبران کو بھی رشوت دے کر اپنے ساتھ ملا لیا۔ مزید انکشاف ہوا کہ انجینئر تمام ٹینڈر ریکارڈ غیر قانونی طور پر اپنے گھر لے گیا، جہاں وہ ایک ماہ تک ٹھیکیداروں سے ایڈوانس کمیشن طلب کرتا رہا۔ بعدازاں، اس نے سرکاری آئی ڈی کا غلط استعمال کرتے ہوئے من پسند ٹھیکیداروں کو نوازا اور میرٹ پر آنے والے ٹھیکیداروں کو جان بوجھ کر نااہل قرار دیا۔

    ٹھیکیداروں نے الزام لگایا کہ ان کے جمع کردہ دستاویزات کو غیر ضروری وجوہات کی بنا پر مسترد کیا گیا، جبکہ وہ ٹھیکیدار جن کے پاس مطلوبہ صلاحیت بھی نہیں تھی، انہیں 20 فیصد ایڈوانس کمیشن کے عوض ٹینڈر دیے گئے۔ اس عمل نے ٹینڈرز کی شفافیت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں اور سپرا رولز کی صریح خلاف ورزی ہے۔

    ٹھیکیداروں نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر اوقاف، سیکریٹری اوقاف، چیئرمین اینٹی کرپشن سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپٹ انجینئر اسلم شیخ کو برطرف کیا جائے اور موجودہ نیلامی (NIT) کو منسوخ کر کے سپرا رولز کے مطابق شفاف نیلامی کرائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر انصاف نہ ہوا تو وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔

  • حافظ آباد:عید پر من مانے کرایوں کی روک تھام، انتظامیہ متحرک

    حافظ آباد:عید پر من مانے کرایوں کی روک تھام، انتظامیہ متحرک

    حافظ آباد(خبرنگارشمائلہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے عید کے موقع پر مسافروں سے زائد کرایوں کی وصولی اور اوور لوڈنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز اور اڈہ انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصیٰ ریاض نے جنرل بس اسٹینڈ سمیت شہر کے تمام اڈوں کا دورہ کیا اور مسافروں سے کرایوں کی وصولی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

    ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے تمام بس اڈوں پر خصوصی شکایات کاؤنٹرز قائم کر دیے ہیں تاکہ مسافر کسی بھی قسم کی شکایت درج کروا سکیں۔ سیکرٹری آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے بس اڈوں اور گاڑیوں پر آویزاں کیے جانے والے کرایہ ناموں کا بھی جائزہ لیا اور بسوں اور ویگنوں میں سوار مسافروں سے ٹکٹ چیک کرتے ہوئے ان سے کرایہ وصولی کے حوالے سے فیڈ بیک لیا۔

    اقصیٰ ریاض نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد کی ہدایت پر ضلع کے تمام بس اڈوں پر کرایہ نامے آویزاں کر دیے گئے ہیں اور شکایات کاؤنٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی خصوصی ٹیمیں عید سے قبل اور عید کے ایام میں تمام بس اڈوں کے دورے کر رہی ہیں تاکہ کوئی بھی ٹرانسپورٹر مسافروں سے زائد کرایہ وصول نہ کر سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی ٹرانسپورٹر زائد کرایہ وصول کرے گا، اسے بھاری جرمانہ کیا جائے گا اور اس کی گاڑیاں بند کر دی جائیں گی۔

    سیکرٹری ڈی آر ٹی اے نے ٹرانسپورٹرز اور اڈہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اڈوں پر مسافروں کے بیٹھنے اور دیگر تمام سہولیات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

  • ٹھٹھہ:جنگلات کی تباہی، سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے

    ٹھٹھہ:جنگلات کی تباہی، سپریم کورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے

    ٹھٹھہ،باغی ٹی وی(ڈسٹرکٹ رپورٹربلاول سموں) محکمہ جنگلات ٹھٹھہ کے افسران کی جانب سے سپریم کورٹ کے واضح احکامات اور سندھ حکومت کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور زمینوں کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔ جنگلات خانانی اور ٻن میں مبینہ طور پر لاشاری وڈیرے کے ساتھ مل کر قیمتی درختوں کو کاٹ کر زمین فروخت کی گئی، جس پر اعلیٰ حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے لکڑی سے بھرے ایک ٹرک کو قبضے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ میں جنگلات کے تحفظ اور فروغ کے لیے واضح ہدایات جاری کی تھیں، جن پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سندھ حکومت نے بھی سخت احکامات جاری کیے تھے۔ تاہم محکمہ جنگلات ٹھٹھہ کے افسران جن میں ڈی ایف او فارسٹیشن ڈویژن محبوب علی بھٹی اور آر ایف او عبدالغفور سیال شامل ہیں نے ان احکامات کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنگلات کی تباہی کا سلسلہ شروع کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق افسران نے مبینہ طور پر ایک بااثر وڈیرے کے ساتھ مل کر ببول کے درختوں کی اسکیم کو نقصان پہنچایا اور قیمتی زمین کو فروخت کیا۔ اس غیر قانونی سرگرمی کا انکشاف ہونے پر اعلیٰ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کٹی ہوئی لکڑی سے بھرے ایک ٹرک کو ضبط کیا اور معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔

    سیاسی اور سماجی حلقوں نے ڈی ایف او محبوب علی بھٹی اور آر ایف او عبدالغفور سیال کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے ان پر جنگلات کی تباہی اور زمینوں کی غیر قانونی فروخت کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

    اس کے علاوہ آر ایف او رحمت اللہ خشک نے جنگلات بائو پورنداس میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لکڑی قبضے میں لے لی اور پولیس کو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے خط لکھا۔

    علاقہ مکینوں، سماجی رہنماؤں اور ماحولیاتی ماہرین نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محکمہ جنگلات ٹھٹھہ کی ان غیر قانونی سرگرمیوں کا فوری نوٹس لے اور جنگلات خانانی اور ٻن میں جنگلات کی تباہی میں ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

  • ڈیرہ غازیخان:بلوچ لیوی،دو روز میں 2 ترقیاں، تیسری کے لیے لابنگ،کیا یہ بھی میرٹ ہے؟

    ڈیرہ غازیخان:بلوچ لیوی،دو روز میں 2 ترقیاں، تیسری کے لیے لابنگ،کیا یہ بھی میرٹ ہے؟

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی) بلوچ لیوی میں میرٹ کی پامالی اور اقربا پروری کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ شاہنواز نامی ایک اہلکار جس نے کچھ عرصہ قبل دو روز کے اندر دو ترقیاں حاصل کیں، اب نائب صوبیدار کے عہدے پر ترقی کے لیے سرگرم ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ اعلیٰ افسران کی خوشامد اور سفارشوں کے ذریعے اپنی من مانی کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    بلوچ لیوی کے نئے قواعد کے مطابق نائب صوبیدار کے عہدے کے لیے گریجویشن کی شرط لازمی ہے۔ تاہم شاہنواز جو کہ ایڈیشنل کمشنر ریونیو کے گن مین کے طور پر تعینات ہے نے مبینہ طور پر کمانڈنٹ کے اختیارات میں مداخلت کرتے ہوئے کوارٹر ماسٹر کا اضافی چارج بھی حاصل کر لیا ہے۔ اس کی عدم موجودگی کی وجہ سے دیگر ملازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    یہ خبر بھی پڑھیں
    ڈیرہ غازیخان : بلوچ لیوی میں کیڈر تبدیل ایک ہی ملازم کی 2 روز میں2 ترقیاں

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ شاہنواز پر کوارٹر ماسٹر کے طور پر ملازمین کی وردیوں، لائٹنگ اور دیگر سامان کی خریداری میں کرپشن کے الزامات بھی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس نے اپنی مرضی کے بل بنا کر سرکاری خزانے سے رقوم نکلوائیں۔

    اس سے قبل شاہنواز نے مبینہ طور پر سابق کمانڈنٹ کے جعلی دستخطوں سے کیڈر تبدیل کروا کر دو روز میں 2 ترقیاں حاصل کیں۔ اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھانے والے ملازمین کو دور دراز پہاڑی علاقوں میں تبادلہ کر دیا گیا۔

    تاہم بلوچ لیوی میں 27 سال بعد نئی بھرتیوں کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا ہے۔ عوامی حلقوں نے کمانڈنٹ محمد اسد خان چانڈیہ کو اس میرٹ پر مبنی بھرتی کے لیے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ کمانڈنٹ کسی اہلکار کی ذاتی خواہش پر میرٹ کے خلاف کوئی ترقی نہیں کریں گے، جس سے نئے بھرتی ہونے والے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ نہ ہو سکے۔

  • پیر عادل : افسوسناک حادثہ، تیز رفتار کوچ نے دو نوجوانوں کی جان لے لی

    پیر عادل : افسوسناک حادثہ، تیز رفتار کوچ نے دو نوجوانوں کی جان لے لی

    پیر عادل،باغی ٹی وی (نامہ نگارباسط علی گاڈی) انڈس ہائی وے پر تونسہ روڈ کے قریب پی ٹی شاہ پمپ کے پاس ایک المناک حادثے میں تیز رفتار کوچ نے دو موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ تھانہ شاہ صدردین کی حدود میں پیش آیا، جس میں دونوں نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیچھے سے آنے والی تیز رفتار کوچ نے موٹر سائیکل سواروں کو اس وقت ٹکر ماری جب وہ انڈس ہائی وے پر سفر کر رہے تھے۔ حادثے کے نتیجے میں محمد ظفر ولد محمد عمر اور خورشید ولد پلیا نامی دو نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ دونوں نوجوانوں کا تعلق شاہ صدردین سے بتایا جاتا ہے۔

    حادثے کے بعد کوچ کا ڈرائیور موقع سے گاڑی بھگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ تاہم ریسکیو 1122 ایمبولینس اور پولیس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام فرار ڈرائیور کی تلاش میں مصروف ہیں اور حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اس افسوسناک واقعے سےمقامی لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔

  • عید کی آمد، ٹرانسپورٹ مافیا کا راج، مسافر پریشان

    عید کی آمد، ٹرانسپورٹ مافیا کا راج، مسافر پریشان

    لاہور(باغی ٹی وی)عید الفطر کی آمد کے ساتھ ہی پنجاب بھر کے بس اڈوں پر افراتفری کا عالم ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی ٹرانسپورٹ مافیا من مانے کرایوں کی وصولی میں مصروف ہے، جس سے اپنے آبائی علاقوں کو جانے والے مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ لاہور سمیت مختلف شہروں سے عید منانے کے لیے اپنے گھروں کو لوٹنے والے شہریوں کو بس اڈوں پر لوٹا جا رہا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے ایک ہی سیٹ کی متعدد ٹکٹیں جاری کی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی مسافروں نے بتایا کہ انہوں نے کل سے ٹکٹیں لے رکھی ہیں، لیکن انہیں گاڑی میں بیٹھنے کی جگہ نہیں مل رہی۔ اضافی کرایوں کے باوجود انہیں ذلیل کیا جا رہا ہے۔ مسافروں نے یہ بھی شکایت کی کہ بس اڈوں پر انتظامیہ یا پولیس کا کوئی اہلکار موجود نہیں ہے جو ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کر سکے۔ خواتین اور بچوں کو بھی گاڑیوں کی کمی اور زیادہ بکنگ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹرانسپورٹرز اوور لوڈنگ کے ساتھ مسافروں کے سامان پر بھی اضافی چارجز وصول کر رہے ہیں۔

    ٹرانسپورٹرز نے اضافی کرایوں کی وصولی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہی وقت میں بڑی تعداد میں لوگ اپنے علاقوں کو جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں اضافی گاڑیاں چلانی پڑ رہی ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد سے جانے والے مسافروں کی تعداد بہت زیادہ ہے، لیکن واپسی پر گاڑیاں خالی آتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں بسوں، ڈرائیوروں اور عملے کے اخراجات پورے کرنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ انہوں نے صرف 20 فیصد کرایوں میں اضافہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے اضافی اخراجات پورے کر سکیں۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید کے موقع پر مقررہ کرایوں سے زیادہ وصول کرنے پر سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے زیادہ کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے بس اڈوں پر کرایہ نامے نمایاں طور پر آویزاں کرنے اور اضافی کرایوں کی وصولی کو روکنے کے لیے سخت نگرانی کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

  • کراچی: کورنگی کریک میں زیر زمین گیس ذخیرے میں آتشزدگی، تحقیقات جاری

    کراچی: کورنگی کریک میں زیر زمین گیس ذخیرے میں آتشزدگی، تحقیقات جاری

    کراچی(باغی ٹی وی رپورٹ) کورنگی کریک میں گڑھے میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی کی وجہ سامنے آگئی ہے۔ تیل و گیس ماہرین کے مطابق، آگ گیس کے زیر زمین ذخیرے میں لگی ہو سکتی ہے، جو کم گہرائی میں موجود چھوٹا ذخیرہ ہو سکتا ہے۔

    کنسٹرکشن کمپنی کے سی ای او نے بتایا کہ انہوں نے 1200 فٹ تک گہرائی میں کھدائی کی تھی اور مٹی کی ٹیسٹنگ بھی کروائی تھی، لیکن گیس کی موجودگی کی کوئی رپورٹ نہیں تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھدائی بورنگ کے پانی کے لیے کی گئی تھی۔

    یہ خبر بھی پڑھیں
    کراچی: کورنگی آئل ریفائنری کے نزدیک گیس پائپ لائن میں شدید آگ

    چیف فائر افسر محمد ہمایوں نے بتایا کہ رات گئے آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچائی گئیں، لیکن پانی کا چھڑکاؤ، مٹی اور ریت کا استعمال روک دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق، آگ لگنے کی جگہ سے پانی اور ریت سمیت مختلف نمونے لیے جا رہے ہیں، جن کے ٹیسٹ رزلٹ دو سے تین گھنٹوں میں متوقع ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی حتمی طور پر یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ گیس لائن ہے یا گیس پاکٹ۔

    چیف فائر افسر نے مزید بتایا کہ مختلف اداروں کے ساتھ مل کر آگ بجھانے کی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، اور کھدائی کے دوران رات گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ تحقیقات جاری ہیں تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

  • تنگوانی: ایس ایچ او کی گاڑی پر ڈاکوؤں کا حملہ، دو گارڈ شدید زخمی

    تنگوانی: ایس ایچ او کی گاڑی پر ڈاکوؤں کا حملہ، دو گارڈ شدید زخمی

    تنگوانی (نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب ڈاکوؤں نے تھانہ تنگوانی کے ایس ایچ او کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو گارڈ شدید زخمی ہو گئے جبکہ ایس ایچ او معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ تنگوانی کے ایس ایچ او شاہد حسن خشک رات گئے اپنے گارڈز کے ہمراہ معمول کے گشت پر تھے۔ جب وہ تنگوانی کے قریب زین شادی ہال روڈ پر پہنچے تو ڈاکوؤں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او کے دو گارڈز، حکم علی سومرو اور عبدالخالق فل پوٹو، گولیاں لگنےسے شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر تنگوانی ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد میں مزید علاج کے لیے سکھر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ایس ایچ او شاہد حسین خشک اس حملے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پھیل گیا ہے۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • کوٹ چھٹہ: بستی تالپور ،سڑک اور سیوریج نالے کی تعمیر میں میگا کرپشن کا انکشاف

    کوٹ چھٹہ: بستی تالپور ،سڑک اور سیوریج نالے کی تعمیر میں میگا کرپشن کا انکشاف

    کوٹ چھٹہ ،باغی ٹی وی(تحصیل رپورٹرمرید حسین تالپور) تحصیل کوٹ چھٹہ ضلع ڈیرہ غازی خان کی بستی تالپور میں زیر تعمیر سڑک اور سیوریج نالے میں میگا کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ علاقہ مکینوں نے ناقص میٹریل کے استعمال اور کرپشن کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بستی تالپور سے چوٹی زیرین تک بننے والی سڑک اور سیوریج نالے کی تعمیر میں مبینہ طور پر انتہائی ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق سڑک اور نالے کی تعمیر میں دو نمبر اینٹیں اور بغیر سیمنٹ کے کام کیا جا رہا ہےجبکہ ترائی کا عمل بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس میگا کرپشن میں متعدد افراد ملوث ہیں، جن میں ایک ایسا شخص بھی شامل ہے جس نے مبینہ طور پر سرداری کالبادہ اوڑھ رکھا ہے اور چند سالوں میں ارب پتی بن گیا ہے۔

    احتجاج کرنے والے علاقہ مکینوں نے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر ڈیرہ غازی خان اور محکمہ ہائی وے کے اعلیٰ حکام سے فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لینے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر کوئی ایکشن نہ لیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔