Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: بے قابو پھٹہ رکشہ کی ٹکر، 6 سالہ بچی شدید زخمی

    اوچ شریف: بے قابو پھٹہ رکشہ کی ٹکر، 6 سالہ بچی شدید زخمی

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) موضع بن والا میں افسوسناک ٹریفک حادثہ، بے قابو پھٹہ رکشہ کی ٹکر سے 6 سالہ معصوم بچی شدید زخمی ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق والناس بی بی دختر محمد تسلیم سڑک عبور کر رہی تھی کہ اچانک ایک تیز رفتار پھٹہ رکشہ نے اسے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں بچی کی دونوں ٹانگوں میں فیمَر فریکچر (Femur Fracture) ہو گیا۔

    حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے ریسکیو کو 1122 پر کال کی ،ریسکیورز نے بروقت رسپانس دیتے ہوئے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بچی کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

    علاقہ مکینوں نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رکشوں کی تیز رفتاری اور غیر محتاط ڈرائیونگ پر سخت کارروائی کی جائے۔

  • اوچ شریف: مکھن بیلہ میں ڈاکہ، مزاحمت پر نوجوان زخمی

    اوچ شریف: مکھن بیلہ میں ڈاکہ، مزاحمت پر نوجوان زخمی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے مکھن بیلہ میں مسلح ڈاکوؤں نے شہری سے 4 لاکھ 85 ہزار روپے چھین لیے، مزاحمت پر فائرنگ اور چھرے کے وار سے نوجوان کو شدید زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمیل ولد محمد ریاض جو مکھن بیلہ کا رہائشی ہے رات 8 بجے اپنی رقم لے کر موٹر سائیکل پر گھر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں نقاب پوش ڈاکوؤں نے اسے روک لیا۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر نقدی چھیننے کی کوشش کی، تاہم مزاحمت پر انہوں نے چھرے سے حملہ کیا اور ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کر دیا۔ ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو گئے۔

    پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو اوچ شریف رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور ریفر کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور پولیس حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ جلد مجرموں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • اوچ شریف:مادری زبانوں کے عالمی دن, تقریبات، سرائیکی زبان کے فروغ پر زور

    اوچ شریف:مادری زبانوں کے عالمی دن, تقریبات، سرائیکی زبان کے فروغ پر زور

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) گورنمنٹ صادق عباس گریجویٹ کالج، ڈیرہ نواب صاحب کینٹ احمد پور شرقیہ میں مادری زبانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے شعبہ سرائیکی کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت صدر شعبہ سرائیکی پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی نے کی، جبکہ طلبہ، اساتذہ اور ماہرینِ تعلیم کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب میں سرائیکی شعرا شاہد کلیار اور ناساز نے اپنی شاعری پیش کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ ڈاکٹر الطاف ڈاھر جلالوی نے خطاب میں کہا کہ مادری زبان نہ صرف ثقافت کی روح ہے بلکہ ترقی و خوشحالی کی کنجی بھی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرائیکی زبان کو فوری طور پر پی پی ایس سی اور سی ایس ایس امتحانات میں شامل کیا جائے اور ابتدائی تعلیم مادری زبان میں دی جائے۔

    دوسری جانب، اوچ شریف میں بھی عالمی یومِ مادری زبان کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی، شیخ ناصر سلیم ایڈووکیٹ، میاں محمد عامر صدیقی، خواجہ غلام شبیر، اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ کسی بھی قوم کی زبان اس کی شناخت اور ثقافتی ورثے کی بنیاد ہوتی ہے، اور اگر مادری زبان کو نظرانداز کیا گیا تو تاریخ اور تہذیب بھی مٹ سکتی ہے۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی نظام میں ایسی اصلاحات کی جائیں، جن کے تحت بچوں کو ابتدائی تعلیم ان کی مادری زبان میں دی جائے تاکہ وہ بہتر طریقے سے سیکھ سکیں۔ مقررین نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ گھروں میں بچوں سے مادری زبان میں گفتگو کریں تاکہ نئی نسل اپنی زبان اور ثقافت سے جڑی رہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: عبدالغنی کھوسہ کو ڈسٹرکٹ بار الیکشن جیتنے پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری

    ڈیرہ غازی خان: عبدالغنی کھوسہ کو ڈسٹرکٹ بار الیکشن جیتنے پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بار عبدالغنی خان کھوسہ کو بار الیکشن میں کامیابی پر مبارکبادوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی ضلعی صدر و سابق ممبر میونسپل کارپوریشن محترمہ طیبہ عزیز چوہان نے اپنے صاحبزادے شاہزیب چوہان اور سماجی رہنما صادق کھواوڑ کے ہمراہ ایک دعوت کا اہتمام کیا، جہاں انہوں نے عبدالغنی کھوسہ کو جیت پر مبارکباد پیش کی۔

    محترمہ طیبہ عزیز چوہان نے اس موقع پر کہا کہ عبدالغنی کھوسہ نے محنت، لگن اور ساتھیوں کی بھرپور کوششوں سے یہ کامیابی حاصل کی ہے، اور امید ہے کہ وہ وکلاء برادری سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔

    عبدالغنی کھوسہ نے مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی پوری ٹیم کے ہمراہ وکلاء برادری کی خدمت اور حصول انصاف کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔

    دعوت کے اختتام پر شرکاء نے یادگاری گروپ فوٹو بنوایا اور میزبانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

  • ننکانہ صاحب: گورنمنٹ گورونانک گریجویٹ کالج میں مادری زبان کے عالمی دن پر سیمینار

    ننکانہ صاحب: گورنمنٹ گورونانک گریجویٹ کالج میں مادری زبان کے عالمی دن پر سیمینار

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگار احسان اللہ ایاز) گورنمنٹ گورونانک گریجویٹ کالج ننکانہ صاحب میں شعبہ پنجابی کے زیر اہتمام مادری زبان کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت پرنسپل ڈاکٹر محمد جمیل شاہ نے کی، جبکہ پنجابی کے معروف شاعر رائے محمد خان ناصر سمیت مختلف پروفیسرز اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد حسن رائے نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی سب سے بڑی شناخت ان کی مادری زبان ہے، اور اس سے دوری ان کی ثقافتی پہچان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ معروف شاعر رائے محمد خان ناصر نے پنجابی زبان کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ والدین، خصوصاً مائیں، اگر گھروں میں پنجابی بولیں گی تو آنے والی نسلیں اس زبان سے جڑی رہیں گی۔

    سیمینار میں پنجابی شلوک، بولیاں، ماہیا اور ٹپے بھی پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ پرنسپل ڈاکٹر جمیل شاہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجابی زبان اور ثقافت کے فروغ کے لیے ایسے پروگرامز کا انعقاد جاری رہے گا۔

    سیمینار کے بعد پنجابی زبان کے عالمی دن کے موقع پر ایک ریلی بھی نکالی گئی، جس میں پنجاب میں پنجابی زبان کے نفاذ کے لیے حکومت سے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

  • سیالکوٹ: مراکش کے سفیر کا چیمبر آف کامرس کا دورہ، تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور

    سیالکوٹ: مراکش کے سفیر کا چیمبر آف کامرس کا دورہ، تجارتی تعلقات کے فروغ پر زور

    سیالکوٹ,باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد قارمون نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کا دورہ کیا، جہاں صدر چیمبر اکرام الحق نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    اس موقع پر اکرام الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان قریبی تعلقات ہیں، جنہیں مزید مستحکم کرنے کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے تجارتی وفود کے تبادلوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔

    مراکش کے سفیر محمد قارمون نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستانی خصوصاً سیالکوٹ کا باسمتی چاول دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ چیمبر کی دستاویزی فلم "سیالکوٹ دی سٹی آف پروگریسو پیپل” میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    اجلاس کے اختتام پر صدر چیمبر اکرام الحق نے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی، نائب صدر عمر خالد، اعجاز اے کھوکھر، میاں محمد خلیل، اعجاز غوری اور بزنس کمیونٹی کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

  • سیالکوٹ: پنجاب اربن لینڈ سسٹمز پراجیکٹ کے تحت زمین کی تقسیم کا آغاز

    سیالکوٹ: پنجاب اربن لینڈ سسٹمز پراجیکٹ کے تحت زمین کی تقسیم کا آغاز

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ پنجاب اربن لینڈ سسٹمز انہاسمنٹ پراجیکٹ کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 560 موضع جات میں زمین کی تقسیم کا عمل 30 اپریل تک جاری رہے گا۔ اس دوران حکومت پنجاب کی جانب سے مشترکہ کھیوٹ کی تقسیم مالکان کی باہمی رضامندی سے کی جا رہی ہے، جس سے ملکیتی تنازعات اور قانونی پیچیدگیوں کا خاتمہ ممکن ہوگا۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹل نقشے سے منسلک کر کے محفوظ بنایا جائے گا، جس سے خاص طور پر خواتین کے وراثتی حقوق کا تحفظ یقینی ہوگا۔ انہوں نے یہ بات ریونیو افسران کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفر مختار، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ وہ زمین کی تقسیم کے عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی مرحلے میں صرف آن لائن ونڈا جات کی تقسیم کی جا رہی ہے، جبکہ سٹی سروے کے لیے پرائیویٹ پارٹنرز ہائر کیے گئے ہیں جو لاجسٹک سپورٹ فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سول کورٹس میں زیر التوا مقدمات میں نمایاں کمی آئے گی اور زمین سے متعلق تنازعات حل ہوں گے۔

  • ننکانہ : لاہور گرامر سکول کی سالانہ تقریب، نمایاں کارکردگی پر طلبہ میں انعامات تقسیم

    ننکانہ : لاہور گرامر سکول کی سالانہ تقریب، نمایاں کارکردگی پر طلبہ میں انعامات تقسیم

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) لاہور گرامر سکول گورو نانک کیمپس کے زیر اہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات منعقد کی گئی، جس کی صدارت اسکول کے ڈائریکٹر کرنل (ر) ممتاز چیمہ نے کی۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور سماجی و سیاسی رہنما مہر سہیل منظور گل تھے، جبکہ اسکول کی ڈائریکٹر حاجرہ ولید، پرنسپل تانیہ عدیل، ولید چیمہ، اساتذہ، والدین اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    اس موقع پر ننھے طلبہ نے مختلف موضوعات پر خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا اور دل کھول کر داد دی۔ تقریب میں طلبہ کے درمیان انڈور گیمز کے مقابلے بھی منعقد ہوئے، جن میں بچوں نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

    مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور گرامر سکول کے ننکانہ صاحب میں قیام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ طلبہ کی شاندار کارکردگی اور خوداعتمادی اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ایک بہترین تعلیمی ماحول میں زیر تعلیم ہیں۔

    تقریب کے آخر میں مختلف کلاسز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ کھیلوں کے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو بھی نوازا گیا۔

  • تنگوانی: خسرہ کی وباء بے قابو، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی

    تنگوانی: خسرہ کی وباء بے قابو، ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی

    تنگوانی ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) گاؤں سلیم کھوسو میں خسرہ کی وبا ءسے ایک اور معصوم بچی سویرا لاشاری زندگی کی بازی ہار گئی، جس کے بعد علاقے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

    بچی کی موت پر گھر میں کہرام مچ گیا، والدین غم سے نڈھال ہیں جبکہ ماں پر غشی کے دورے پڑ رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے محکمہ صحت کی مجرمانہ خاموشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    ضلعی بجٹ میں کروڑوں روپے مختص ہونے کے باوجود خسرہ کی وباء پر قابو نہ پایا جا سکا، جس کے باعث کئی معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ مقامی افراد نے وزیراعلیٰ سندھ، ڈی سی کشمور اور محکمہ صحت سے فوری نوٹس لینے اور خسرہ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • سیالکوٹ: یوتھ پالیسی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، رانا مشہود

    سیالکوٹ: یوتھ پالیسی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، رانا مشہود

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جنہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

    گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں "ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ سمٹ اینڈ ایکسپو 2025” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی یوتھ پالیسی وزیراعظم شہباز شریف نے 2010 میں متعارف کروائی، جبکہ 10 لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کیے جا چکے ہیں، جس کی بدولت پاکستان انٹرپرینیورشپ کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔

    رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 1997 میں نواز شریف نے آپٹک فائبر متعارف کروایا، جس کے بعد پاکستان 1998 میں ایشین ٹائیگر بن چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے لیے ریسرچ پر توجہ دینی ہوگی، حکومت یوتھ ڈویلپمنٹ اور تعلیمی اصلاحات کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میرٹ پر وائس چانسلرز تعینات کیے تاکہ طلبہ کی رہنمائی قابل اور اہل ہاتھوں میں ہو۔ ہر یونیورسٹی میں یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز کو فعال بنایا جا رہا ہے جبکہ 28 فروری کو "ڈیجیٹل حب پورٹل” کا افتتاح ہوگا، جس سے دنیا ایک کلک پر دستیاب ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم تمام ادارے متحد ہو کر نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر، مختلف ماہرین تعلیم، ای بزنس لیڈرز اور موٹیویشنل اسپیکرز نے بھی شرکت کی۔