Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • حافظ آباد: استری بند نہ کرنے کے باعث گھر میں خوفناک آتشزدگی، لاکھوں کا نقصان

    حافظ آباد: استری بند نہ کرنے کے باعث گھر میں خوفناک آتشزدگی، لاکھوں کا نقصان

    حافظ آباد ،باغی ٹی وی (شمائلہ خبر نگار) حافظ آباد کے کلمہ چوک کے قریب گلی مسجد بلالؓ والی میں ایک گھر میں استری بند کرنا بھول جانے کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔

    آتشزدگی کے نتیجے میں گھر میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی سامان، فرنیچر اور دیگر اشیاء جل کر راکھ ہو گئیں۔ رہائشیوں کے مطابق جیسے ہی آگ بھڑکی، دھواں اور شعلے بلند ہونے لگے، جس سے اہلِ محلہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 15 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے نہایت مستعدی سے کام لیتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا، جس سے ممکنہ جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

    شہریوں نے ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے ان کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ اگر ریسکیو ٹیم تاخیر سے پہنچتی تو نقصان مزید سنگین ہو سکتا تھا۔

  • سیالکوٹ: علامہ اقبال یوتھ کانفرنس, "وطن سے پیار، منشیات سے انکار” کا کامیاب انعقاد

    سیالکوٹ: علامہ اقبال یوتھ کانفرنس, "وطن سے پیار، منشیات سے انکار” کا کامیاب انعقاد

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) پاکستان زندہ باد جرنلسٹ کونسل اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) کے اشتراک سے گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ میں علامہ اقبال یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان "وطن سے پیار، منشیات سے انکار” تھا۔ اس تقریب کا مقصد نوجوانوں میں حب الوطنی اور منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنا تھا۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی بریگیڈیئر جنرل سکندر حیات تھے، جبکہ صدارت پرنسپل مرے کالج محمد نواز اور چیف آرگنائزر ملک محمد اقبال (مرکزی چیئرمین پاکستان زندہ باد جرنلسٹ کونسل) نے کی۔ اس موقع پر میجر نزیر (ANF)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمود نقاش جٹ (فوکل پرسن ANF) نے بھی خصوصی شرکت کی۔

    اس کانفرنس میں نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے، تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے اہم پیغامات دیے گئے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف فرد بلکہ پورے معاشرے کے لیے نقصان دہ ہے اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکنا وقت کی ضرورت ہے۔

    کانفرنس میں طلبہ، اساتذہ، صحافیوں، سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اینٹی نارکوٹکس فورس اور پاکستان زندہ باد جرنلسٹ کونسل کی اس کاوش کو سراہا اور ایسے پروگراموں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے پر زور دیا۔

    یہ تقریب نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے، ان کے حوصلے بلند کرنے اور معاشرتی بہتری کی جانب عملی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔

  • ڈسکہ:خلق محمدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب

    ڈسکہ:خلق محمدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب

    ڈسکہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک عمران) خلق محمدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام مستحق اور نادار گھرانوں کی بیٹیوں کے لیے اجتماعی شادیوں کی ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس فلاحی اقدام کا مقصد معاشرے میں کم وسائل رکھنے والے خاندانوں کو سہولت فراہم کرنا اور نو بیاہتا جوڑوں کو ازدواجی زندگی کے آغاز میں درپیش مشکلات کو کم کرنا تھا۔

    خلق محمدی فاؤنڈیشن کی جانب سے دلہنوں کے لیے خصوصی جہیز پیکج تیار کیا گیا، جس میں گھریلو ضروری اشیاء شامل تھیں تاکہ نئے جوڑے اپنی زندگی کا آغاز آسانی کے ساتھ کر سکیں۔ اس موقع پر شرکاء کے لیے پر تکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔

    تقریب میں سول سوسائٹی، وکلاء، صحافی برادری، سماجی کارکنان اور معززین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور فاؤنڈیشن کے اس نیک عمل کو سراہا۔ شرکاء نے اجتماعی شادیوں جیسے فلاحی منصوبوں کو مزید فروغ دینے پر زور دیا اور خلق محمدی فاؤنڈیشن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

    یہ اجتماعی شادیاں نہ صرف نادار خاندانوں کے لیے امید کی کرن ہیں بلکہ معاشرتی یکجہتی اور فلاح و بہبود کے فروغ کا عملی نمونہ بھی ہیں۔

  • سیالکوٹ: صنعت و تجارت کا مرکز، ترقی کے نئے امکانات کی جانب گامزن،ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ: صنعت و تجارت کا مرکز، ترقی کے نئے امکانات کی جانب گامزن،ڈپٹی کمشنر

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی مردم خیز سرزمین نے علامہ اقبال، فیض احمد فیض، ظہیر عباس اور شہناز شیخ جیسے نامور شخصیات کو جنم دیا ہے۔ تاریخی، جغرافیائی، سیاسی اور معاشی لحاظ سے منفرد حیثیت رکھنے والا یہ شہر سالانہ اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ ملک کو فراہم کرکے معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

    سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی نے نجی شعبے میں بین الاقوامی ایئرپورٹ، انٹرنیشنل ایئرلائن اور ڈرائی پورٹ قائم کرکے اپنی تجارتی برتری ثابت کی ہے، جبکہ سٹی پیکج پراجیکٹ کے تحت حکومت کے اشتراک سے روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری میں بھی بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے سول سروس اکیڈمی کے 52 کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں 8 ہزار کے قریب سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کام کر رہی ہیں، جو آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات، ٹیکسٹائل گڈز، میوزیکل انسٹرومنٹس، کٹلری، اسٹیل اور زرعی آلات تیار کر رہی ہیں۔ یہاں تیار ہونے والی سرجیکل، لیدر، ہوزری اور کھیلوں کی مصنوعات 100 فیصد برآمد کی جاتی ہیں، جو عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی پہچان ہیں۔

    حکومت پنجاب اور ایوان صنعت و تجارت کے اشتراک سے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر (BFC) قائم کیا گیا ہے، جہاں اب تک 5 ہزار سے زائد کاروباری افراد نے لائسنس، این او سیز اور دیگر قانونی مشاورت کے لیے رجوع کیا ہے۔ اس کے علاوہ، سیالکوٹ کی لیدر انڈسٹری کو عالمی ماحولیاتی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سیالکوٹ ٹینری زون کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جہاں ٹینریوں کی منتقلی کا آغاز ہو چکا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر کلینک آن ویل، کسان کارڈ، ہمت کارڈ، منیارٹی کارڈ، دھی رانی پروگرام، آر ایچ سیز اور بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ سمیت مختلف فلاحی منصوبے جاری ہیں۔ مزید برآں، پنجاب سوشل اکنامک رجسٹری کے تحت محدود آمدنی والے خاندانوں کی رجسٹریشن کے لیے یونین کونسل کی سطح پر مراکز کام کر رہے ہیں، جبکہ پنجاب اربن لینڈ سسٹمز پلس کے تحت ونڈا جات کی تقسیم کا پروگرام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت 16 ارب روپے کی لاگت سے سیالکوٹ میں واٹر سپلائی، سیوریج سسٹم، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا کام آخری مراحل میں ہے۔ "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے، تاکہ مستقل بنیادوں پر ایک مربوط صفائی کا نظام نافذ کیا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ سیالکوٹ کا کامیاب معاشی ماڈل دیگر شہروں کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔ اگر پاکستان میں مزید چند شہروں میں کاٹیج انڈسٹریز کے فروغ پر کام کیا جائے تو ملکی برآمدات میں بے پناہ اضافہ ممکن ہے۔

    سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں سے یہ شہر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنی صنعتی برتری اور ترقی کی نئی راہیں متعین کر رہا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی سخت، انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس

    ڈیرہ غازی خان: وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر سیکیورٹی سخت، انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے دورہ ڈیرہ غازی خان کے تناظر میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کے لیے ڈویژنل انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس کمشنر اشفاق احمد چوہدری اور آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، ڈپٹی کمشنرز اور سیکیورٹی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی، جس میں لاء اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال، بارڈر سیکیورٹی اور ممکنہ تھریٹ الرٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ہدایات جاری کیں کہ وزیراعظم کے دورے کے پیش نظر جلسہ گاہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں مسلسل سرچنگ اور سوئپنگ جاری رکھی جائے۔ ہوٹل، سرائے اور نئے کرائے داروں کی سخت نگرانی کی جائے جبکہ جلسہ گاہ میں داخل ہونے والے افراد کی تین مراحل پر مشتمل سخت چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔

    پنجاب اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید الرٹ رکھنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے آر پی او نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کومبنگ اور سرچ آپریشن تیز کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے بارڈر چیک پوسٹوں کو مزید مؤثر بنانے، سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کو بڑھانے اور ہر مشکوک گاڑی اور فرد کی جامع تلاشی لینے پر زور دیا۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اجلاس سے خطاب میں واضح کیا کہ وزیراعظم کے دورے کے دوران سیکیورٹی اور انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

    بین الصوبائی چیک پوسٹوں کو مزید فعال بنایا جائے اور صوبائی، ڈویژنل و ضلعی داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے سخت نگرانی کی جائے۔
    سیکیورٹی پر مامور اہلکار اپنی حفاظت کو بھی یقینی بنائیں اور ڈیوٹی کو مکمل ذمہ داری کے ساتھ نبھائیں۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیرہ غازی خان میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ اور انٹیلیجنس شیئرنگ کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل گشت اور خفیہ اطلاعات پر فوری کارروائی یقینی بنائیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو قبل از وقت ناکام بنایا جا سکے۔

    ضلعی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ان اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ وزیراعظم کے دورے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور عوام کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: گورنر پنجاب کا تعلیمی ترقی پر زور، وڈالہ سندھواں میں فلاحی منصوبوں کا افتتاح

    سیالکوٹ: گورنر پنجاب کا تعلیمی ترقی پر زور، وڈالہ سندھواں میں فلاحی منصوبوں کا افتتاح

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جن کی درست رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وڈالہ سندھواں میں رحمن فری ڈائیلسز سنٹر اور بیسٹ نیشن فری آئی ٹی انسٹی ٹیوٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

    گورنر پنجاب نے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچیاں ملک کا اصل مستقبل ہیں اور انہیں اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی بھی انتہائی ضروری ہے، جس پر اساتذہ کو خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

    اس موقع پر گورنر پنجاب نے اسکول کو ڈگری کالج کا درجہ دینے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے اسے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے شاہد محمود بٹ کی جانب سے اسکول کے لیے کروڑوں روپے مالیت کی زمین عطیہ کرنے کے جذبے کو بھی سراہا۔ افتتاحی تقریب میں سابق اراکین اسمبلی شاہد محمود بٹ، شہلا شاہد ایڈووکیٹ اور ضلعی محکمہ صحت و تعلیم کے افسران بھی شریک تھے۔

  • ننکانہ صاحب: پولیو مہم میں شاندار کامیابی، پنجاب میں تیسری پوزیشن حاصل

    ننکانہ صاحب: پولیو مہم میں شاندار کامیابی، پنجاب میں تیسری پوزیشن حاصل

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلع ننکانہ صاحب نے پولیو مہم میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے پنجاب بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ محکمہ صحت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق اس کامیابی کا سہرا ضلعی قیادت اور ٹیم ورک کو جاتا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی متحرک قیادت، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی کی حکمت عملی، اور پولیو فوکل پرسن محمد نواز دیرتھ کی انتھک محنت نے اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے خود فیلڈ میں جا کر نگرانی کی، جبکہ ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے غیر سرکاری ورکرز کے بجائے محکمہ تعلیم کے اساتذہ کو شامل کر کے مہم کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا۔

    پولیو فوکل پرسن محمد نواز دیرتھ نے مہم کے دوران ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا اور تمام مسائل کا فوری حل نکالا۔ ضلعی قیادت نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ اس مہم میں اساتذہ اور پولیس کا بھی اہم کردار رہا، جبکہ پولیو ورکرز کی انتھک محنت نے کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق ننکانہ صاحب کی یہ کامیابی دیگر اضلاع کے لیے ایک مثال ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ اگر تمام ادارے مل کر کام کریں تو پولیو جیسے مرض کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔

  • ننکانہ:پانی کی بچت کے لیے ننھے طلبہ کی ریلی، "سیو واٹر سیو لائف” کا پیغام

    ننکانہ:پانی کی بچت کے لیے ننھے طلبہ کی ریلی، "سیو واٹر سیو لائف” کا پیغام

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)پانی کی بچت کے لیے ننھے طلبہ کی ریلی، "سیو واٹر سیو لائف” کا پیغام

    تفصیل کے مطابق ننکانہ صاحب میں نجی اسکول کے ننھے طلبہ نے پانی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے "سیو واٹر سیو لائف” کے عنوان سے ریلی نکالی، جس کی قیادت دی ارقم اسکول کے ڈائریکٹر چوہدری تجمل حسین گجر نے کی۔

    ریلی کے دوران بچوں نے پانی کی بچت سے متعلق مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پانی کے کم سے کم استعمال اور اس کے تحفظ کا پیغام درج تھا۔ اس موقع پر اسکول کی پرنسپل کا کہنا تھا کہ پانی کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، جبکہ ڈائریکٹر دی ارقم اسکول چوہدری تجمل حسین گجر نے کہا کہ پانی کی حفاظت ہی زندگی کی بقا کی ضمانت ہے،

    اس آگاہی مہم کا مقصد نئی نسل میں پانی کی بچت کا شعور اجاگر کرنا ہے۔

  • انڈونیشیا، بھارت کی بجائے پاکستان سے بھینس کا گوشت خریدے گا

    انڈونیشیا، بھارت کی بجائے پاکستان سے بھینس کا گوشت خریدے گا

    جکارتہ: انڈونیشیا نے 2025 میں بھارت کے بجائے پاکستان سے بھینس کے گوشت کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے اور ایک لاکھ میٹرک ٹن گوشت درآمد کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

    مقامی میڈیا "کونتان” کے مطابق، نیشنل فوڈ ایجنسی کے سربراہ عارف پرستییو آدی کا کہنا ہے کہ پاکستان سے گوشت درآمد کرنے کا فیصلہ کم قیمت اور بہتر معیار کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

    انڈونیشیا نے 2025 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن گائے کا گوشت اور ایک لاکھ میٹرک ٹن بھینس کا گوشت درآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    گزشتہ سال انڈونیشیا نے بھارت سے بھینس کا گوشت درآمد کیا تھا، تاہم اس سال پاکستان کو ترجیح دی گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، پاکستان کی مسابقتی قیمتیں اور معیاری گوشت کی سپلائی اس فیصلے کی اہم وجوہات ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے پاکستان کی گوشت برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

  • ایف آئی اے امیگریشن کی سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، تین مسافر گرفتار

    ایف آئی اے امیگریشن کی سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، تین مسافر گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)ایف آئی اے امیگریشن کی سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی، تین مسافر گرفتار

    تفصی کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک گداگری اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے تین مسافروں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت علی رضا، صہیب احسن اور محمد رضوان کے نام سے ہوئی۔

    محمد رضوان فلائٹ نمبر FZ 315 کے ذریعے بحرین سے سیالکوٹ پہنچا تھا، جو بیرون ملک گداگری میں ملوث پایا گیا۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم سعودی عرب، دبئی اور بحرین میں گداگری کرتا رہا اور عمرہ ویزا و وزٹ ویزے کی آڑ میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا۔ ملزم کو سعودی عرب اور بحرین میں سزا بھی دی گئی تھی اور ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔ پاکستان واپسی پر ایف آئی اے نے اسے گرفتار کر لیا۔

    علی رضا اور صہیب احسن فلائٹ نمبر PK 746 کے ذریعے سعودی عرب سے پاکستان پہنچے۔ امیگریشن کلیرنس کے دوران ان کے دستاویزات مشکوک پائے گئے۔ ابتدائی تفتیش میں علی رضا کے پاسپورٹ پر اٹلی کی ڈیپارچر اسٹیمپ جعلی نکلی۔ ملزم نے ایجنٹ کو 35 لاکھ روپے دے کر اٹلی جانے کی کوشش کی، تاہم کامیاب نہ ہو سکا۔ ایجنٹ نے پہلے اسے عمرہ ویزے پر سعودی عرب بھیجا اور بعد ازاں جعلی دستاویزات پر اٹلی بھیجنے کی کوشش کی جو ناکام رہی۔

    صہیب اسلم کے پاسپورٹ پر گوئٹے مالا کے سفارت خانے کی اسٹیمپ جعلی نکلی اور پاسپورٹ پر دو صفحات بھی غائب تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے بتایا کہ اس نے وسیم شاہ نامی ایجنٹ کو 70 لاکھ روپے دے کر امریکہ جانے کی کوشش کی تھی۔ ایجنٹ مختلف اوقات میں ملزم سے 30 لاکھ روپے وصول کر چکا تھا۔ ایجنٹ نے پہلے ملزم کو وزٹ ویزے پر آذربائیجان بھجوایا لیکن وہ ایک ماہ بعد واپس آ گیا۔ بعد میں اسے عمرہ ویزے پر سعودی عرب بھجوایا گیا، جہاں اس کے پاسپورٹ پر جعلی اسٹیمپ لگائی گئی اور امریکہ بھجوانے کی کوشش کی گئی، جو ناکام رہی۔

    ایف آئی اے نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔