Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • کشمیری تنہا بھارت کی دس لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں.مشعال ملک

    کشمیری تنہا بھارت کی دس لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے ہیں.مشعال ملک

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) کشمیری رہنما مشعال ملک نے سیالکوٹ کی ایک نجی یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی دہشت گردی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور کشمیریوں کی لاشیں سڑکوں پر بکھری پڑی ہیں۔

    کشمیری تنہا بھارت کی دس لاکھ فوج کا مقابلہ کر رہے ہیںاپنے خطاب میں مشعال ملک نے کہا کہ ہماری قوم آپس کی لڑائیوں میں الجھی ہوئی ہے جبکہ کشمیری عوام بھارت کی دس لاکھ فوج کے ظلم و ستم کے خلاف تنہا برسرپیکار ہیں۔ انہوں نے کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر کشمیری شہیدوں کو نشانِ حیدر دیے جائیں، تب بھی وہ کم ہوں گے۔

    مشعال ملک نے بھارت سے آنے والے صحافیوں پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا کشمیریوں کی لاشیں اتنی سستی ہوگئی ہیں کہ کرکٹ کے لیے بھارت سے مذاکرات کیے جا رہے ہیں؟۔ انہوں نے کشمیری تحریک کو ایک روحانی رشتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اگر کوئی واقعی روحانی طور پر آزاد ہے، تو وہ صرف کشمیری ہیں۔

    عوام سے بیداری کی اپیلاپنے خطاب کے اختتام پر مشعال ملک نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ جاگیں اور کشمیریوں کی آزادی کے لیے آواز بلند کریں تاکہ ان پر ہونے والے ظلم و ستم کے خلاف عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

  • ملتان: بے قابو ٹرک گھر میں گھس گیا، 3 افراد جاں بحق

    ملتان: بے قابو ٹرک گھر میں گھس گیا، 3 افراد جاں بحق

    ملتان (باغی ٹی وی) ملتان کے نواحی علاقے ٹاٹے پور میں ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جہاں پتھروں سے بھرا ایک بے قابو ٹرک ایک گھر میں گھس گیا، حادثے کے نتیجے میں والد، بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے وقت تینوں افراد گھر کے ایک کمرے میں سو رہے تھے، جب اچانک بے قابو ٹرک گھر کی دیوار توڑتا ہوا اندر جا گھسا۔ دوسری جانب گھر میں موجود دو افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

    پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو کارروائیوں میں مدد فراہم کی۔

    پولیس اور متعلقہ ادارے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • گوجرانوالہ: سٹیل مل میں خوفناک حادثہ، پگھلا ہوا لوہا گرنے سے 4 مزدور جاں بحق

    گوجرانوالہ: سٹیل مل میں خوفناک حادثہ، پگھلا ہوا لوہا گرنے سے 4 مزدور جاں بحق

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار نحند رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد کے قریب دیوان روڈ پر واقع سٹیل مل میں خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں پگھلا ہوا لوہا مزدوروں پر گرنے سے 4 مزدورجاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ سٹیل مل کی بھٹی میں انتہائی درجہ حرارت پر لوہا پگھلایا جا رہا تھا کہ بوائلر کے عدم توازن کے باعث پگھلا ہوا لوہا مزدوروں پر گر گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ موقع پر ہی چار مزدور جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 حکام نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق مزدوروں کی شناخت وکیل، ندیم، عاطف اور صدام کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق بھٹی میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق سٹیل مل میں حفاظتی اقدامات کی شدید کمی پائی گئی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ حکام فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔

    پولیس اور متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ فیکٹری انتظامیہ سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مزدوروں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

  • قصور: مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور: مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

    قصور،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھوسے) قصور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق شہری بلال احمد نے پولیس ہیلپ لائن نمبر 15 پر کال کی اوربتایا کہ چار ڈاکوؤں نے اس سے موٹرسائیکل چھین لی ہے، پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو اس دوران قبرستان دائم الحضوری کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔

    ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ اس کے دیگر تین ساتھی فرار ہو گئے۔

    پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ زخمی ڈاکو رشید عرف بیٹری کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستہ میں ہی وہ دم توڑ گیا۔

  • گوجرہ: مبینہ پولیس مقابلے میں 2 خطرناک ڈاکو ہلاک

    گوجرہ: مبینہ پولیس مقابلے میں 2 خطرناک ڈاکو ہلاک

    گوجرہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) تھانہ سٹی گوجرہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق تھانہ سٹی گوجرہ کے علاقے چک نمبر 278-RB کے رہائشی عبدالشکور وغیرہ نے 15 پر اطلاع دی کہ تین مسلح ملزمان نے 99JB روڈ کے قریب ناکہ لگا کر شہریوں سے نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لی ہیں۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سٹی گوجرہ انسپکٹر سرفراز احمد معہ پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچے اور ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا۔

    پینسرہ روڈ پر ڈاکٹر عطا حمید ہسپتال کے قریب پولیس نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی، جس پر تینوں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں علی رضا نامی ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اور مزید نفری طلب کر لی۔

    مقابلے کے دوران ڈاکو اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئےایس ایچ او تھانہ صدر گوجرہ اور تھانہ نواں لاہور کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کے خلاف محاصرہ سخت کر دیا گیا۔ کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، تاہم اچانک ملزمان کی جانب سے فائرنگ بند ہوگئی۔ جب پولیس نے سرچ لائٹ کی مدد سے جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت کر لی، جن کے نام درج ذیل ہیں:
    سلمان ولد مختار، رہائشی چک نمبر 241-RB فیصل آباد،شاہد ولد اکبر، رہائشی چک نمبر 73-JB فیصل آباد

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو تھے اور مختلف سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ہلاک ہونے والے ملزمان کی لاشوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا گیا، جہاں ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    پولیس کی کامیاب کارروائی پر شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور پولیس کی بہادری کو سراہا۔ ڈی ایس پی گوجرہ اختر علی اور ایس ایچ او تھانہ سٹی گوجرہ موقع پر موجود رہے اور مزید تفتیش کے عمل کو یقینی بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

  • قومی سلامتی اور ترقی کیلئے نئے صوبے بنائے جائیں،گول میز کانفرنس

    قومی سلامتی اور ترقی کیلئے نئے صوبے بنائے جائیں،گول میز کانفرنس

    اسلام آباد(باغی ٹی وی )گول میز کانفرنس،قومی سلامتی اور گورننس کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر قرار

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (IPRI) میں ایک اہم گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک میں گورننس اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نشست میں سیاستدانوں، ماہرینِ پالیسی، اسکالرز اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    نشست سے خطاب کرنے والوں میں سابق گورنر خیبرپختونخوا اور بلوچستان اویس احمد غنی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر SOPREST شکیل درانی، سابق وفاقی سیکرٹری اشتیاق احمد خان، سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز، مینجنگ ڈائریکٹر دنیا ٹی وی نوید کاشف، سابق سفیر محمد حسن، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال، افغانستان کے لیے سابق خصوصی نمائندہ آصف درانی، معروف قانون دان ڈاکٹر شعیب سڈل اور سابق نگران وزیر مرتضیٰ سولنگی شامل تھے۔

    شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ انتظامی و گورننس مسائل کے حل کے لیے نئے صوبوں کا قیام ناگزیر ہے۔ نشست میں اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ پنجاب کا رقبہ 196 ممالک سے بڑا ہے، جس کی وجہ سے بہتر انتظامی تقسیم اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ضروری ہو چکی ہے۔

    نشست میں تجویز دی گئی کہ موجودہ انتظامی یونٹس کو نئے صوبوں میں تبدیل کیا جائے یا پھر متعدد اضلاع کو ملا کر نئے صوبے تشکیل دیے جائیں۔ شرکاء نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ علاقائی سیاسی اشرافیہ اس عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ وہ اپنے مفادات کو نقصان پہنچنے کے خدشے کے باعث نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتی ہے۔ مزید برآں علاقائی اور قومی سیاسی جماعتیں بھی اس معاملے پر یکساں موقف نہیں رکھتیں، جس کی وجہ سے مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔

    نئے صوبوں کے قیام کے لیے عملی تجاویزکانفرنس میں تجویز پیش کی گئی کہ پارلیمنٹ کو چاہیے کہ وہ اس معاملے میں قیادت کرے اور ایک پارلیمانی کمیٹی یا کمیشن تشکیل دے جس میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز، بشمول میڈیا اور دانشوروں کو شامل کیا جائے۔

    کانفرنس کی نگرانی آئی پی آر آئی کے صدر، سفیر ڈاکٹر رضا محمد نے مکالمے کا آغاز کیا جبکہ بحث کی نگرانی ڈاکٹر راشد ولی جنجوعہ نے کی۔ انہوں نے انتظامی، اقتصادی اور سیاسی عوامل پر روشنی ڈالی جو نئے صوبوں کی تشکیل کو ضروری بناتے ہیں۔

    شرکاء کا موقف تھا کہ اگر موجودہ انتظامی ڈویژنز کو صوبوں میں تبدیل کر دیا جائے تو قانون و انتظام، شہری سہولتوں اور انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے قیام سے اختیارات کی منتقلی اور عوام کو براہ راست بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔

    کانفرنس میں کہا گیا کہ اگر افغانستان، انڈونیشیا اور ترکی میں بالترتیب 34، 38 اور 81 صوبے ہو سکتے ہیں تو پاکستان میں بھی نئے صوبے بنا کر خدمات کی بہتر فراہمی ممکن ہے۔ شرکاء نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان میں گورننس کا بنیادی مسئلہ مؤثر مقامی حکومت کا نہ ہونا ہے، جس کی وجہ سے سیاسی مداخلت اور اختیارات کی غیر واضح تقسیم انتظامی مشکلات کو جنم دے رہی ہے۔

    گول میز کانفرنس میں اس نتیجے پر پہنچا گیا کہ نئے صوبوں کا قیام ملکی گورننس میں بہتری، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور قومی سلامتی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے پارلیمانی سطح پر عملی اقدامات کرنے اور ایک منظم حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں سیاسی و انتظامی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • کوئٹہ: شعبان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، 2 پولیس اہلکار شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: شعبان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، 2 پولیس اہلکار شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ(باغی ٹی وی) شعبان میں دہشت گردی کی کوشش ناکام، فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار شہید، 4 دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ دہشت گردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 بہادر پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

    پولیس کے مطابق جمعرات کی شب تفریحی مقام شعبان میں دہشت گردوں نے بھاری اسلحے سے لیس ہو کر حملے کی کوشش کی مگر سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے سپاہی محمد رمضان اور شمس الاسلام جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ سپاہی آصف رضا زخمی ہوگئے۔

    واقعے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تاکہ مزید دہشت گردوں کی موجودگی کو یقینی طور پر ختم کیا جا سکے۔

    دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ سکندر آباد میں ایک مبینہ خودکش بمبار اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی دھماکے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بمبار کسی مقام پر دہشت گردی کی نیت سے جا رہا تھا مگر راستے میں ہی دھماکا ہو گیا جس میں وہ خود ہی مارا گیا۔

    واقعے کے بعد پولیس ، سیکیورٹی ادارے، سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے۔ مبینہ خودکش بمبار کے اعضا ڈی این اے ٹیسٹ اور نادرا تصدیق کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ اس کی شناخت اور ممکنہ نیٹ ورک کا پتہ لگایا جا سکے۔

    کوئٹہ میں یکے بعد دیگرے دہشت گردی کے ان واقعات کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانی قوم کے دہشت گردی کے خلاف عزم کی علامت ہے۔

  • قصور: رائے ونڈ روڈ پر وین نالے میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    قصور: رائے ونڈ روڈ پر وین نالے میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    قصور،باغی ٹی وی (ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) رائے ونڈ روڈ پر خوفناک حادثہ، وین نالے میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق، 2 زخمی

    قصورمیں رائے ونڈ روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثے میں 8 قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک وین بے قابو ہوکر نالے میں جا گری۔

    ریسکیو حکام کے مطابق، وین کھارا موڑ کے قریب نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 8 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ 2 افراد شدید زخمی ہوئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ وین میں سوار تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    پولیس کے مطابق وین میں سوار افراد ایک شادی کی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں خواجہ سرا بھی شامل ہیں، جس سے یہ واقعہ مزید افسوسناک ہو گیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں مقصود، سنی، سلیم، عمران، لبا شامل ہیں، 3 افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔ تاہم پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

  • مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کے ناقابلِ فراموش سنگِ میل قائم کیے. رانا ثناء اللہ

    مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کے ناقابلِ فراموش سنگِ میل قائم کیے. رانا ثناء اللہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بڑے ترقیاتی منصوبے، بشمول موٹرویز، کالجز، یونیورسٹیز، ہسپتال اور دانش اسکول، ن لیگ کی قیادت کے ویژن کا نتیجہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ "قاتل روڈ” کے نام سے مشہور سڑک، جو ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کے لیے سہولت کا باعث بنے گی، ن لیگ کا ایک اور تحفہ ہے، جس پر 121 ارب روپے لاگت آئے گی۔ علاوہ ازیں، ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو فعال بنانے کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، یوں دونوں منصوبے مجموعی طور پر 123 ارب روپے میں مکمل ہوں گے۔ ان منصوبوں کا افتتاح وزیراعظم میاں شہباز شریف 22 فروری کو خود کریں گے۔

    رانا ثناء اللہ نے سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے عوام کی دیرینہ ضرورت تھے، مگر گزشتہ چار سالہ دورِ حکومت میں انہیں نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے بھی ترقیاتی کام کر چکی ہے اور اب ایک بار پھر خطے کی ترقی کے لیے سرگرم ہے۔

    پنجاب حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت ہیومن ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ عام آدمی کو آسان کاروبار، اپنی چھت، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ اور گرین ٹریکٹر جیسے منصوبے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان کو بھی ان ترقیاتی پروگراموں میں زیادہ حصہ دیا جائے گا۔

    بلوچستان کے بارکھان واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ دہشت گردی ہے، جس کے پیچھے پاکستان دشمن عناصر ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں اور ان کا جلد خاتمہ ہوگا۔

    مریم نواز کے ممکنہ وزیراعظم بننے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ فیصلہ عوام اور پارٹی کرے گی، لیکن مریم نواز کی محنت اور عوامی خدمت انہیں مزید عزت بخشے گی۔

    قبل ازیں، رانا ثناء اللہ نے سرکٹ ہاؤس میں مقامی پارلیمنٹرینز اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں وزیراعظم کے متوقع دورے اور ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کی گئی۔ مقامی قیادت نے عوامی مسائل اور ترقیاتی تجاویز بھی پیش کیں۔ رانا ثناء اللہ نے یقین دلایا کہ وزیراعظم کے دورے میں ڈیرہ غازی خان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا، جو علاقے کے بنیادی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔

  • کراچی:منظور کالونی، لیاری بن گئی، روزانہ وارداتیں، عوام کے رکھوالے غائب

    کراچی:منظور کالونی، لیاری بن گئی، روزانہ وارداتیں، عوام کے رکھوالے غائب

    کراچی،باغی ٹی وی(نمائندہ خصوصی) منظور کالونی، لیاری بن گئی، روزانہ وارداتیں، عوام کے رکھوالے غائب

    تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے منظور کالونی میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہو گیا، روزانہ کی بنیاد پر شہری لٹنے لگے جبکہ پولیس کی خاموشی مجرمانہ غفلت کی عکاسی کر رہی ہے۔

    ایک شہری محمد عثمان جو منظور کالونی عوامی چوک ہل ٹاؤن گلی نمبر 8 کا رہائشی ہے نے بتایا کہ 20 جنوری کی صبح 8:30 بجے جب وہ ملازمت کے لیے جا رہے تھے تو دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے گن پوائنٹ پر روک کر ان سے موبائل اور نقدی چھین لی۔

    اسی طرح 9 فروری بروز اتوار سہ پہر 3 بجے جب وہ اپنے دوست سے ملاقات کے بعد گھر واپس آ رہے تھے تو گلی نمبر 2 کے قریب گجر نالے کے پاس ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے ایڈریس پوچھنے کے بہانے انہیں روکا اور اسلحہ دکھا کر موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔

    محمد عثمان کے مطابق اب تک علاقے میں 12 سے 13 وارداتیں ہو چکی ہیں، لیکن نہ کوئی کارروائی ہو رہی ہے اور نہ ہی پولیس متاثرین کی داد رسی کر رہی ہے۔ شہریوں میں خوف و ہراس بڑھ رہا ہے مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر پولیس کی ملی بھگت یا غفلت کے باعث علاقے میں نصب اسٹریٹ لائٹس بھی جرائم پیشہ عناصر نے توڑ پھوڑ کر تاریں چرا لی ہیں، جس کے باعث پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب چکا ہے۔ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کو وارداتیں کرنے کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔

    اہلِ علاقہ اور سماجی حلقوں نے حکومت اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، علاقے میں اسٹریٹ لائٹس بحال کی جائیں اور پولیس گشت بڑھایا جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔