Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ:گورنمنٹ ویمن کالج بچیکی میں اقلیتی لیکچرار کو ہراسانی کا سامنا، کارروائی التوا کا شکار

    ننکانہ:گورنمنٹ ویمن کالج بچیکی میں اقلیتی لیکچرار کو ہراسانی کا سامنا، کارروائی التوا کا شکار

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین بچیکی میں ہراسانی اور جانبداری کا معاملہ، اقلیتی لیکچرر کی درخواست پر کارروائی میں تاخیر

    تفصیلات کے مطابق ہراسانی اور جانبداری کے الزامات پرنسپل کو اضافی چارج ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز دینے پر تشویش معاملے کو فوری حل نہ کرنے سے حساس نوعیت کا مسئلہ بننے کا خدشہ ڈائریکٹر کالجز ملک احسن مختار سے شفاف تحقیقات اور فوری اقدام کی اپیلگورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین بچیکی ننکانہ صاحب کی لیکچرر کی جانب سے ڈائریکٹر کالجز لاہور ڈویژن، ملک احسن مختار کو جمع کرائی گئی درخواست پر 20 روز سے زائد گزر چکے ہیں، لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین بچیکی میں ایک لیکچرر کی جانب سے پرنسپل اور سی ٹی آئی لیکچرر کے خلاف پیشہ ورانہ بدسلوکی اور ہراسانی کی شکایت کے باوجود انتظامیہ کی خاموشی نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ لیکچرر سمرن جیت کور نے ڈائریکٹر کالجز لاہور کو تحریری درخواست میں تفصیل سے اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں سی ٹی آئی لیکچرر نمرہ اکبر کا رویہ غیر پیشہ ورانہ ہے اور وہ جانبداری کا مظاہرہ کر رہی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔

    لیکچرر نے الزام عائد کیا کہ نمرہ اکبر کالج میں دیر سے آتی ہیں، غلط حاضری لگاتی ہیں اور اس کے باوجود پرنسپل ڈاکٹر طاہرہ بتول انہیں حاضر تصور کرتی ہیں۔ درخواست کے مطابق جب بھی مستقل اساتذہ کلاسز لینے میں تاخیر کا شکار ہوتے ہیں تو ان پر سختی کی جاتی ہے، لیکن سی ٹی آئی اسٹاف کے لیے کوئی اصول لاگو نہیں ہوتے۔ لیکچرر کا مزید کہنا تھا کہ نمرہ اکبر نے کئی مرتبہ کلاسز کے دوران مداخلت کی اور طلبہ کے سامنے انہیں ہراساں کیا۔

    درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پرنسپل ڈاکٹر طاہرہ بتول کھلے عام نمرہ اکبر کی حمایت کرتی ہیں اور ان کی شکایات کو نظر انداز کر رہی ہیں۔ یہاں تک کہ جب لیکچرر سمرن جیت کور نے غیر منصفانہ رویے کی شکایت کی تو انہیں کہا گیا کہ وہ اس معاملے پر خاموش رہیں۔ درخواست کے مطابق نمرہ اکبر کو پرنسپل نے خصوصی اختیارات دے رکھے ہیں، جس کے تحت وہ مستقل اساتذہ پر نظر رکھتی ہیں اور ان کی ویڈیوز بھی بناتی ہیں۔

    لیکچرر نے اپنی درخواست میں مزید انکشاف کیا کہ ایک دن نمرہ اکبر نے مستقل اساتذہ کی حاضری رجسٹر زبردستی چھین لیا اور واپس کرنے سے انکار کر دیا۔ بعد ازاں پرنسپل نے بغیر تحقیق کے لیکچرر کے خلاف شکایات درج کرائیں اور دیگر اساتذہ کو ان کے خلاف بیان دینے کے لیے کہا۔ درخواست کے مطابق نمرہ اکبر کو کالج میں غیر معمولی اثر و رسوخ حاصل ہے، اور وہ پرنسپل کی سرپرستی میں مستقل اساتذہ کو دبانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

    لیکچرر نے اپنی درخواست میں ڈائریکٹر کالجز لاہور سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کروائیں تاکہ تدریسی ماحول کو پیشہ ورانہ اور منصفانہ بنایا جا سکے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر اس معاملے پر فوری ایکشن نہ لیا گیا تو یہ تعلیمی ادارے کے ماحول کو مزید خراب کر سکتا ہے اور اساتذہ میں بداعتمادی پیدا کر سکتا ہے۔

    سماجی و تدریسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس مسئلے کو نظرانداز کیا گیا تو یہ اقلیتوں کے حقوق اور انتظامی ناانصافی جیسے حساس مسائل کو جنم دے سکتا ہے۔ اساتذہ اور سول سوسائٹی نے ڈائریکٹر کالجز سے فوری اور غیر جانبدارانہ اقدام اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ تعلیمی ادارے میں منصفانہ اور پیشہ ورانہ ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔


  • لنڈی کوتل میں فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام

    لنڈی کوتل میں فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) خیبر سپورٹس کلب کے زیرِ اہتمام ہائی سکول گراؤنڈ پر جاری ایٹ سائیڈ فٹبال ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہو گیا۔ فائنل میچ میں اسٹار ایف سی نے زوان شینواری فٹبال کلب کو پینلٹی ککس کے ذریعے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔

    اس ٹورنامنٹ میں لنڈی کوتل بھر سے 30 ٹیموں نے حصہ لیا تھا، جس نے مقامی سطح پر فٹبال کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔

    فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی لنڈی کوتل تھانہ کے ایس ایچ او عدنان آفریدی، خیبر سپورٹس کلب کے صدر معراج الدین شینواری، لنڈی کوتل تھانہ محرر تراب شینواری تھے۔ اس کے علاوہ معروف سماجی و سیاسی شخصیات، بشمول نوید بابو، بازار صدر یاد وزیر شینواری، ابودردا شینواری اور کونسلر حاجی شیر شینواری بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

    مہمانِ خصوصی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو انعامات سے نوازا اور ٹورنامنٹ کمیٹی کے لیے 50 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔

    اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر خیبر سپورٹس کلب کو مبارکباد پیش کی جاتی ہے، جس نے لنڈی کوتل میں فٹبال کے کھیل کو فروغ دینے کے لیے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔

  • اوکاڑہ:لائیو سٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد

    اوکاڑہ:لائیو سٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) لائیو سٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو پنجاب کے سلسلہ میں گائے و بھینس دودھ اور خوبصورتی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ، سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی اور مہمان اعزاز شرکت کی۔

    اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین، ڈی جی لائیو سٹاک ایکسٹینشن ڈاکٹر محمد اشرف، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اوکاڑہ ڈاکٹر حق نواز علی سمیت بفلو بریڈرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت کسانوں، مویشی پال اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    پروگرام کے شرکا نے جانوروں کی بہترین افزائش کے لیے خوراک، ونڈا اور علاج معالجہ کے لیے ادویات کے مختلف سٹالز کا تفصیلی وزٹ کیا۔ جانوروں کی خوبصورتی کے مقابلوں میں نیلی راوی، بہن چولستانی بیل، گائے، کجلی بھیڑ، راجن پوری، گجراتی، فیصل آبادی، مکھی چینی، ٹیڈی اور ناچی بیتل بکریوں کی پریڈ کا مظاہرہ پیش کیا گیا۔ پنجاب کے مختلف علاقوں کی گائے اور بھینسوں کے دودھ دینے کے بھی مقابلوں کا بھی شاندار انعقاد کیا گیا۔

    ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ مقابلہ جات میں شریک بریڈرز کا جوش و خروش واقعی دیدنی ہے۔ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے لائیو سٹاک ریسرچ انسٹیٹیوٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ لائیو سٹاک کی ترقی اور فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ وزیراعلیٰ کی قیادت میں محکمہ لائیو سٹاک میں انقلابی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام اور شائقین کے لیے خوبصورت جانور دیکھنے کا بہترین موقع فراہم کیا گیا ہے۔

    سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر ہارس اینڈ کیٹل شو عرصہ بعد دوبارہ انعقاد کیا گیا ہے۔ لائیو سٹاک ملکی معیشت کا بڑا ستون ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک مویشی پال کو دودھ گوشت کی اضافی پیداوار کے ذریعے روزگار کے بہتر مواقع فراہم کر رہا ہے۔ جانوروں کے دودھ اور خوبصورتی مقابلہ جات کا پروگرام بھی اس سلسلہ کی اہم کڑی ہے۔

    کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محکمہ لائیو سٹاک کی بہتری کی جانب خصوصی فوکس کیے ہوئے ہیں۔ شاندار پروگرام کے انعقاد پر سیکرٹری لائف سٹاک اور انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ ہمیں کسانوں اور مویشی پال کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    پروگرام کے اختتام پر سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی عطیل نے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید، ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کو یادگاری شیلڈز دیں۔ مہمانوں نے شجرکاری مہم کے تحت انسٹیٹیوٹ کے لان میں پودے بھی لگائے۔

  • گھوٹکی کچہ میں پولیس اور رینجرز کا شر گینگز کے خلاف بڑا آپریشن، متعدد ٹھکانے مسمار

    گھوٹکی کچہ میں پولیس اور رینجرز کا شر گینگز کے خلاف بڑا آپریشن، متعدد ٹھکانے مسمار

    میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کے احکامات پر گھوٹکی کے کچہ علاقے میں شر گینگز کے اغواء کاروں اور ڈاکوؤں کے خلاف پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور رینجرز کے ونگ کمانڈر کی قیادت میں آپریشن گزشتہ 3 سے 4 ہفتوں سے جاری ہے، جس میں شر گینگز کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔

    تازہ کارروائی میں پولیس اور رینجرز کا سب ڈویژن رونتی کے تھانہ شہید دین محمد لغاری کی حدود میں موریو سونانی شر اور چاندی سونانی شر گینگز کے خلاف بڑا آپریشن جاری ہے۔ دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہو رہا ہے، جبکہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے چاندی شر، موریو شر، حفیظ شر، گلی شر، سائینداد شر، شبو شر، قائم شر اور احمدو شر کے 15 سے زائد ٹھکانوں کو مسمار کر دیا ہے۔

    تقریباً دو ہفتے قبل ان ہی گینگز کے اغواء کاروں نے موٹر وے پر حملہ کر کے ٹرک ڈرائیوروں کو اغواء کرنے کی کوشش کی تھی، جسے پولیس اور رینجرز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا۔ اس کے بعد سے مسلسل ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، جس میں متعدد اغواء کار زخمی ہو چکے ہیں اور کئی ڈاکو پولیس کے خوف سے خود کو حکام کے حوالے کر رہے ہیں۔

    پولیس اور رینجرز نے کچہ کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کر کے سخت چیکنگ شروع کر دی ہے۔ آج کے آپریشن میں ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو، رینجرز کے ونگ کمانڈر، اے ایس پی میرپور ماتھیلو، ڈی ایس پی اباوڑو، ڈی ایس پی رونتی، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، بھاری پولیس نفری اور رینجرز کے ساتھ بکتر بند گاڑیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

    امن و امان کی بحالی تک آپریشن جاری رہے گا۔

  • ننکانہ : انفورسمنٹ انسپکٹرزکو پٹرولنگ کیلئے موٹرسائیکلز دے دی گئیں

    ننکانہ : انفورسمنٹ انسپکٹرزکو پٹرولنگ کیلئے موٹرسائیکلز دے دی گئیں

    ننکانہ صاحب (نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے ڈی سی آفس میں انفورسمنٹ انسپکٹرز کو بائیکس حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی نے انفورسمنٹ انسپکٹرز میں بائیکس کی چابیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں تینوں تحصیلوں کے 06 انفورسمنٹ انسپکٹرز کو پٹرولنگ بائیکس دی گئی ہیں، انفورسمنٹ انسپکٹرز تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے ضلع کے تمام شہروں میں پٹرولنگ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ سکواڈز کا مقصد تجاوزات کا خاتمہ مستقل بنیادوں پر یقینی بنانا ہے۔ ڈی سی نے انفورسمنٹ انسپکٹرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شہر یا قصبہ میں تجاوزات نظر نہ آئیں، روزانہ کی بنیاد پر پٹرولنگ کا عمل جاری رکھا جائے، تجاوزات کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کی جائیں، کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: گرلز کالج وڈور چونگی پر ٹریکٹر ٹرالیوں کاقبضہ، حادثات معمول بن گئے

    ڈیرہ غازی خان: گرلز کالج وڈور چونگی پر ٹریکٹر ٹرالیوں کاقبضہ، حادثات معمول بن گئے

    ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(نیوز رپورٹر شاہد خان) گرلز کالج وڈور چونگی کے قریب ٹریکٹر ٹرالیوں کی بے ہنگم آمدورفت کے باعث حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں۔گذشتہ کئی سالوں میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جبکہ کئی معصوم بچے ان حادثات کی نذر ہو کر اپنا روشن مستقبل کھو چکے ہیں۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی کے باعث ٹریکٹر ٹرالیوں کا راج ہے۔ اگر کبھی کبھار کوئی ٹریفک وارڈن تعینات بھی کیا جاتا ہے تو اس کی ڈیوٹی محض دو دن کے لیے ہوتی ہے اور اس دوران بھی چالان کرنے پر ہی توجہ دی جاتی ہے۔ شہریوں نے کئی بار متعلقہ حکام کو صورتحال سے آگاہ کیا لیکن تاحال کوئی مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔

    یہ ٹرالیاں نہ صرف رہائشی آبادی کے لیے مشکلات کا سبب بنا ہوا ہے بلکہ یہاں واقع مقامی مہاجر قبرستان کے جنازوں کے گزرنے میں بھی شدید مشکلات درپیش ہیں۔ جنازوں کے ساتھ آنے والے افراد کو راستہ تک نہیں ملتا مگر ٹریکٹر ٹرالی مالکان بے خوف اپنی جگہ پر قابض ہیں۔

    انتظامیہ کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جانے کے باوجود کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا اور یوں لگتا ہے کہ قانون نام کی کوئی چیز یہاں موجود نہیں۔ شہریوں نے حکام بالا سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے اور عوام کو اس سنگین مسئلے سے نجات دلائی جا سکے۔

  • حافظ آباد:بیرونی ریلوے پھاٹک پر فلائی اوور کی تعمیر، سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

    حافظ آباد:بیرونی ریلوے پھاٹک پر فلائی اوور کی تعمیر، سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) بیرونی ریلوے پھاٹک پر فلائی اوور کی تعمیر کے باعث سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے مطابق بڑی گاڑیوں کے لیے متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ چھوٹی گاڑیاں اندرونِ شہر کے راستوں سے گزر سکیں گی۔

    متبادل راستے:
    سرگودھا سے گوجرانوالہ جانے والی ہیوی ٹریفک موٹر وے کے ذریعے خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج استعمال کرے گی۔
    سرگودھا سے سیالکوٹ و وزیر آباد جانے والی ہیوی ٹریفک جلال پور بھٹیاں سے بند روڈ کا استعمال کرے گی۔
    گوجرانوالہ سے سرگودھا، جھنگ، چنیوٹ جانے والی ہیوی ٹریفک گرڈ اسٹیشن چوک، حاجی کرم اللہ چوک سے خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے ذریعے موٹر وے کا استعمال کرے گی۔
    چھوٹی گاڑیوں کے لیے اندرونِ شہر کے راستے کھلے رہیں گے۔

    ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے، دورانِ سفر احتیاط برتنے اور ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید ہدایات بھی عوام کی سہولت کے پیش نظر جاری کی جائیں گی۔

  • علی پور چٹھہ قتل کیس کا فیصلہ، مجرم کو 3 بار سزائے موت کا حکم

    علی پور چٹھہ قتل کیس کا فیصلہ، مجرم کو 3 بار سزائے موت کا حکم

    حافظ آباد (خبر نگار شمائلہ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ندیم انصاری نے علی پور چٹھہ کے علاقہ برج تاشہ میں ہونے والے دو سگے بھائیوں اور بیٹے کے مشہور قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے مجرم نعمان حیدر کو 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔

    عدالت نے مجرم کو لواحقین کو 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ ہرجانے کی عدم ادائیگی پر مجرم کو مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔ واضح رہے کہ مجرم کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت 29 جون 2023 کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    وزیرآباد کے تھانہ علی پور چٹھہ میں اوباش نوجوان نعمان حیدر نے فائرنگ کرکے افتخار احمد چٹھہ، ان کے بیٹے سعد بن افتخار چٹھہ اور بھائی منور چٹھہ کو قتل کر دیا تھا۔ یہ واقعہ نواحی گاؤں برج تاشہ میں پیش آیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم نعمان حیدر اپنی موٹر سائیکل پر منور چٹھہ کو ڈیرے پر لایا، جبکہ اس کے بھائی افتخار چٹھہ کو پہلے ہی ڈیرے پر بلایا ہوا تھا۔ ملزم نے دونوں بھائیوں کو یکے بعد دیگرے فائرنگ کر کے قتل کیا۔ فائرنگ کی آواز سن کر افتخار چٹھہ کا بیٹا سعد چٹھہ ڈیرے پر پہنچا تو ملزم نے اس پر بھی گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔

    یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مقتول سعد چٹھہ نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کر رکھا تھا اور کچھ ہی عرصہ میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر چارج لینے والا تھا۔ دوسری جانب ملزم نعمان 6 سال قبل اپنے والد سرفراز چٹھہ کو بھی رات کی تاریکی میں فائرنگ کر کے قتل کر چکا ہے۔

  • اوکاڑہ کے دو نامور افراد کو لاہور ہائی کورٹ میں اعزازات سے نوازا گیا

    اوکاڑہ کے دو نامور افراد کو لاہور ہائی کورٹ میں اعزازات سے نوازا گیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور بزم غالب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام لاہور ہائی کورٹ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اوکاڑہ کی دو نامور شخصیات سمیت پاکستان کی مختلف معروف علمی و ادبی شخصیات کو سرٹیفیکیٹس، ایوارڈ اور میڈلز سے نوازا گیا۔

    یہ تقریب اوکاڑہ میں علم و ادب سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے ایک بڑا اعزاز تھا۔ تقریب کے صدر، سابق ہیڈ آف اردو ڈیپارٹمنٹ، گورنمنٹ کالج لاہور پروفیسر ڈاکٹر سعادت سعید اور بانی چیئرمین بزم غالب، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان خالد نقاش نے اپنے دست مبارک سے اوکاڑہ کے معروف سینئر شاعر اور استاد، جنرل سیکرٹری انجمن ترقی پسند مصنفین پنجاب ڈاکٹر فضل احمد خسرو کو غالب ایوارڈ سے نوازا۔ جبکہ شاعر، صحافی اور کالم نگار، مرکزی صدر پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ احتشام جمیل شامی کو تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

  • اوکاڑہ :عوامی میڈیا کونسل کے بانی سرپرست اعلیٰ محمد آصف کھوکھر کی سالگرہ

    اوکاڑہ :عوامی میڈیا کونسل کے بانی سرپرست اعلیٰ محمد آصف کھوکھر کی سالگرہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) عوامی میڈیا کونسل اوکاڑہ کے بانی سرپرست اعلیٰ محمد آصف کھوکھر کی سالگرہ کا کیک عوامی میڈیا کونسل آفس میں کاٹا گیا۔ سالگرہ کی اس تقریب میں صحافیوں نے بھرپور شرکت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    بانی عوامی میڈیا کونسل سینئر صحافی محمد آصف کھوکھر کی سالگرہ کی تقریب عوامی میڈیا کونسل اوکاڑہ کے آفس میں منعقد ہوئی۔ جنم دن کی مناسبت سے سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور دوستوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور مبارک باد دی گئی۔ پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے۔ محمد آصف کھوکھر نے عوامی میڈیا کونسل کے ممبران کو صحافتی خدمات سرانجام دینے پر زور دیا اور کہا کہ علاقائی مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ اس پلیٹ فارم سے لوگوں کی آواز کو ارباب اعلی اختیار تک پہنچایا جا سکے۔

    سالگرہ کی تقریب میں عوامی میڈیا کونسل کے ممبران عمران علی بھٹی، چوہدری عمر فاروق، ڈاکٹر عبدالغنی ثاقب، رانا غلام فرید، منور حسین باجوہ، ڈاکٹر عثمان غنی، تنویر اختر، محمد یسین، فیض الرحمن چوہدری، ملک ظفر اقبال اور دیگر صحافیوں نے شرکت کی۔