Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ:ٹریفک پولیس نے ڈی پی ایس سکول کے طلباء کو ٹریفک قوانین کی آگاہی دی

    اوکاڑہ:ٹریفک پولیس نے ڈی پی ایس سکول کے طلباء کو ٹریفک قوانین کی آگاہی دی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ ڈی ایس پی ٹریفک محمد دانش محمود کے حکم پر ٹریفک ایجوکیشن یونٹ انچارج رفعت اللہ خان جتوئی نے ڈی پی ایس سکول کے طلبہ کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے تھیم پارک میں مدعو کیا۔

    تفصیلات کے مطابق، طلبہ کو پارک میں لگائے گئے بورڈز کی اہمیت کے بارے میں بتایا گیا اور سڑک کے استعمال اور ٹریفک قوانین سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ انہیں ٹریفک کے اشاروں اور سگنلز کی اہمیت، ایڈمٹ اور لائسنس کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

    اس کے علاوہ، طلبہ کو بتایا گیا کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا کھیل ہے اور اس سے بچنا چاہیے، ساتھ ہی موٹر سائیکل چلانے کے دوران سیفٹی وائر کا استعمال ضروری ہے تاکہ دھاتی تاروں سے ہونے والے نقصانات سے بچا جا سکے۔ ہیلمٹ کی اہمیت اور ٹریفک قوانین کی پابندی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

  • تنگوانی:غوث پور کے قریب  ساتھیوں کی  فائرنگ سے ڈاکو ہلاک، پولیس کا مقابلے میں مارنے کا دعویٰ

    تنگوانی:غوث پور کے قریب ساتھیوں کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک، پولیس کا مقابلے میں مارنے کا دعویٰ

    تنگوانی ،باغی ٹی وی( نامہ نگار منصور بلوچ) غوث پور کے قریب سندھ ڈھورو کے علاقے میں ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت سرفراز بھیو کے نام سے ہوئی ہے۔

    کشمور پولیس نے اس واقعے کو ایک مبینہ پولیس مقابلے کے طور پر پیش کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سرفراز نامی ڈاکو مارا گیا۔ پولیس نے ابتدائی پریس ریلیز میں نامعلوم ڈاکو کے مارے جانے کا ذکر کیا تھا مگر بعد میں اس کا نام سرفراز بھیو بتایا گیا۔
    تاہم آزاد ذرائع نے پولیس کے دعویٰ کی نفی کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والا ڈاکواپنے ہی ساتھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مارا گیا.

  • ڈیرہ غازی خان: عبداللہ ٹاؤن میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان: عبداللہ ٹاؤن میں ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی( نیوز رپورٹر شاہد خان) ڈیرہ غازی خان شہر میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، تاہم شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس آپریشن کو ڈیرہ غازی خان کی کالونیوں میں بھی بڑھایا جائے۔ خاص طور پر یو سی 17 کی عبداللہ ٹاؤن میں تجاوزات کی بھرمار ہے۔

    ذرائع کے مطابق عبداللہ ٹاؤن کی گلیوں میں لوگوں نے اپنے گھروں کے باہر بڑی بڑی سیڑھیاں اور گٹر بنا کر گلیوں کو بلاک کر رکھا ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کوبائیک چلانا تو دور کی بات ہے پیدل چلنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ گلی نمبر ایک میں پانچ فٹ کا گٹر گلی کے اوپر بنایا گیا ہے جس کے ساتھ چار فٹ کی سیڑھی بھی بنا دی گئی ہے۔ اس طرح کی ناجائز تجاوزات کو روکنے کی کوششوں کے باوجود مالک مکان نے اسے اپنی نگرانی میں تعمیر کروایا اور ہمسایوں کی شکایات کو نظرانداز کرتے ہوئے یہ کارروائی جاری رکھی۔

    مقامی رہائشیوں نےCEO میونسپل کارپوریشن جواد الحسن گوندل سے درخواست کی ہے کہ وہ عبداللہ ٹاؤن کا بھی دورہ کریں اور یہاں کی تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ مقامی رہائشیوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

  • ٹھٹھہ: پی ایس او آئل ٹینکر میں گٹکا مٹیریل چھپاکر سپلائی کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    ٹھٹھہ: پی ایس او آئل ٹینکر میں گٹکا مٹیریل چھپاکر سپلائی کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    ٹھٹھہ ،باغی ٹی وی( ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں کی رپورٹ) پولیس نے گٹکا مٹیریل چھپاکر سپلائی کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی ٹھٹہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی ہدایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے PSO کمپنی کے آئل ٹینکر سے 600 کلو گٹکا مٹیریل اور 500 پیکٹ گٹکا ماوا برآمد کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر ٹھٹہ پولیس کا جرائم پیشہ عناصر، منشیات اور گٹکا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایس ایس پی ٹھٹہ کے احکامات پر انچارج سی آئی اے ٹھٹہ انسپیکٹر ممتاز علی بروہی نے خفیہ اطلاع پر بائی پاس روڈ ٹھٹہ سے سجاول سولنگی سروس اسٹیشن کے قریب PSO کمپنی کے آئل ٹینکر نمبر TLM-835 پر چھاپہ مارا۔

    پولیس نے آئل ٹینکر کو حراست میں لے کر ملزم عبد الکریم ولد غلام رسول بروہی کو گرفتار کیا، جو بلوچستان کے علاقے حب چوکی کا رہائشی ہے۔ ملزم کے قبضے سے 600 کلو گٹکا مٹیریل اور 500 پیکٹ گٹکا ماوا برآمد کیا گیا۔

    ملزم کے خلاف تھانہ ٹھٹہ میں گٹکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

  • گوجرانوالہ: کمشنر کی زیرصدارت کا اجلاس، گورننس کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی

    گوجرانوالہ: کمشنر کی زیرصدارت کا اجلاس، گورننس کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر روشنی

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کا فوکس گورننس کے معیار کو بہتر بنانا ہے، اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے 83 انشی ایٹوز کے تحت اضلاع کی ہفتہ وار رینکنگ کی جاتی ہے۔ وہ سول سروسز اکیڈمی کے 52 ویں کامن کے زیر تربیت افسران سے خطاب کر رہے تھے، جس میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن محمد شفیق اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

    کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ گوجرانوالہ ڈویژن تاریخی اہمیت کا حامل ہے، یہاں سکھ برادری کے مقدس مقامات جیسے کرتار پور، چیلیاں والا اور روہڑی صاحب واقع ہیں، جہاں رواں سال ہزاروں سکھوں نے زیارت کی۔ انہوں نے مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے کرتار پور میں شاپنگ سنٹر، ہوٹل اور دیگر سہولتوں کی منصوبہ بندی کا بھی ذکر کیا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں 993 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں 265 ارب روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے، جبکہ رواں مالی سال کے لیے 45 ارب 66 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں تعلیمی اداروں جیسے گوجرانوالہ یونیورسٹی، رسول یونیورسٹی، ویمن یونیورسٹی اور دیگر شامل ہیں۔

    کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری ہیں، اور سیف سٹی پراجیکٹ کی تکمیل سے امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ ساتھ ہی ساتھ، گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ کو سگنل فری کوریڈور بنانے اور جدید الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا منصوبہ بھی جاری ہے۔

    انہوں نے گوجرانوالہ میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو آؤٹ سورس کر دیا ہے، اور رورل علاقوں میں بھی صفائی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

    سیشن کے دوران زیر تربیت افسران نے مختلف شعبوں سے متعلق سوالات کیے، جن کا کمشنر نے تفصیل سے جواب دیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: کمشنر کا انسداد تجاوزات مہم رمضان سے قبل مکمل کرنے کا فیصلہ

    ڈیرہ غازی خان: کمشنر کا انسداد تجاوزات مہم رمضان سے قبل مکمل کرنے کا فیصلہ

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی( نیوز رپورٹر شاہد خان) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں انسداد تجاوزات مہم کو ماہ رمضان سے قبل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب رمضان پیکج اور دیگر اہم معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں عارضی و پختہ تجاوزات کو ختم کرنے کے بعد شہر کی بیوٹیفکیشن اور مارکیٹوں میں روزگار کے فروغ کے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات نے مارکیٹوں کا حسن ماند کر دیا تھا، لیکن اب ان کا خاتمہ کر کے ٹریفک کی روانی اور بازاروں میں بہتری لائی جائے گی۔

    کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ہر چھوٹے گاؤں تک صفائی کے اقدامات پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ماہ رمضان کے دوران ماڈل بازار، سہولت بازار اور اہم بازاروں میں چینی اور دیگر ضروری اشیاء کے سٹالز لگانے کا بھی اعلان کیا گیا۔

  • ڈی جی خان:خالدرسول کا 4 سالہ صحافتی دور مثالی، خانیوال تبادلے پرخوبصورت  پیغام

    ڈی جی خان:خالدرسول کا 4 سالہ صحافتی دور مثالی، خانیوال تبادلے پرخوبصورت پیغام

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی)خالدرسول کا صحافتی خدمات کا 4 سالہ دور مثالی رہا، خانیوال تبادلے پر خوبصورت پیغام

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں خالدرسول نے بطور انفارمیشن آفیسر اپنے چار سالہ دور میں صحافیوں کے ساتھ بہترین تعلقات قائم کیے اور ہمیشہ احترام و محبت کے رشتہ کو فروغ دیا۔ انہوں نے کسی بھی صحافتی گروپ بندی یا تقسیم کا حصہ بننے کی بجائے، تمام صحافیوں کی عزت کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اگر کسی مسئلے پر اختلافات ہوتے تو وہ پیار و محبت کے ساتھ دلیل سے قائل کرنے کی کوشش کرتے۔

    خالدرسول نے اپنی ڈیرہ غازیخان میں تعیناتی کے دوران تمام افسران، ملازمین اور صحافیوں کے ساتھ بہترین وقت گزارا اور سب کے ساتھ احترام و محبت کا رشتہ برقرار رکھا۔ اپنے تبادلے کے حوالے سے خالدرسول نے کہا کہ "خانیوال تبادلے کے بعد میں سب کی بہترین یادیں سمیٹ کر جا رہا ہوں۔ تمام احباب کے مثالی تعاون پر ان کا شکر گزار ہوں اور دعا گو ہوں کہ خدا ہمیں اپنی بے پایاں رحمتیں اور فضل دے۔”

    خالدرسول کا یہ پیغام ان کی کامیاب اور مثالی خدمات کی ایک جھلک پیش کرتا ہے جس سے نہ صرف صحافتی برادری کو فائدہ پہنچا بلکہ تمام افسران اور ملازمین کے ساتھ بھی ایک مضبوط رشتہ قائم ہوا۔

  • پتوکی: کھلے مین ہول میں گر کر 2 افراد جاں بحق، میونسپل افسران پر مقدمہ درج

    پتوکی: کھلے مین ہول میں گر کر 2 افراد جاں بحق، میونسپل افسران پر مقدمہ درج

    قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو)پتوکی میونسپل کمیٹی کی غفلت کے باعث کھلا مین ہول دو قیمتی جانیں نگل گیا، جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو کر لاہور ریفر کر دیا گیا۔ شہریوں کے احتجاج اور متاثرہ خاندان کی فریاد پر میونسپل کمیٹی کے اعلیٰ افسران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ چونیاں روڈ پر امام بارگاہ کے سامنے پیش آیا، جہاں ایک 50 سالہ خاتون عنایت بی بی کھلے گٹر میں جا گریں۔ وہاں موجود دو راہگیر نوجوان انہیں بچانے کے لیے آگے بڑھے، مگر وہ بھی گٹر میں پھنس گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 15 منٹ کی جدوجہد کے بعد تمام متاثرین کو باہر نکالا اور فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی منتقل کیا، مگر خاتون اور ایک نوجوان ملک محمد کاشف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ ایک نوجوان کو نازک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا۔

    حادثے کے بعد جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور شہریوں نے میونسپل کمیٹی کی نااہلی کے خلاف ملانوالہ بائی پاس پر احتجاج کیا اور انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کھلے گٹر کسی بھی وقت بڑے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں، مگر انتظامیہ بار بار کی گئی شکایات کے باوجود خاموش تماشائی بنی رہی۔

    جاں بحق نوجوان کے بھائی عبد الوحید کی مدعیت میں میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر عمر فاروق، ایم او آئی ذوالقرنین علی اور دیگر ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق اہل علاقہ نے کئی بار متعلقہ حکام کو کھلے گٹر کی خطرناک صورتحال سے آگاہ کیا، مگر کوئی اقدام نہ اٹھایا گیا، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔

    پولیس اور مقامی انتظامیہ نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    یہ واقعہ شہری انفراسٹرکچر کی بدحالی اور انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا واضح ثبوت ہے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ برقرار رہے گا۔

  • کوٹ ادو:خفیہ گودام پر چھاپہ، 8000 تھیلے چینی برآمد، گودام سیل

    کوٹ ادو:خفیہ گودام پر چھاپہ، 8000 تھیلے چینی برآمد، گودام سیل

    کوٹ ادو(باغی ٹی وی )خفیہ گودام پر چھاپہ، 8000 تھیلے چینی برآمد، گودام سیل

    کوٹ ادو میں اسسٹنٹ کمشنر اصغر لغاری اور خفیہ اداروں کی مشترکہ کارروائی میں چینی کی ذخیرہ اندوزی بے نقاب ہو گئی۔ سنانواں میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مار کر 8000 تھیلے چینی برآمد کر لی گئی اور گودام کو سیل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    حکومت کی واضح ہدایات کے باوجود مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کے لیے چینی کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی تھی۔ خفیہ اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو نے ٹیم کے ہمراہ سنانواں میں قائم ایک خفیہ گودام پر چھاپہ مارا، جہاں ہزاروں گٹو چینی غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے تھے۔ موقع پر موجود گودام عملے سے پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ ذخیرہ شدہ چینی کو ضبط کر کے سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اصغر لغاری کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی عوام کے حق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ کارروائی حکومت کی ہدایات کے مطابق عمل میں لائی گئی تاکہ چینی کی قیمتوں کو قابو میں رکھا جا سکے اور عوام کو ریلیف دیا جا سکے۔

    انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ برآمد شدہ چینی کو سرکاری نرخوں پر مارکیٹ میں فراہم کیا جائے گا تاکہ مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافے کو روکا جا سکے۔ دوسری جانب، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

  • سندھ دریا سے نہریں نکالنا نامنظور، 23 فروری کو سندھ،پنجاب بارڈر پر دھرنے کا اعلان

    سندھ دریا سے نہریں نکالنا نامنظور، 23 فروری کو سندھ،پنجاب بارڈر پر دھرنے کا اعلان

    تنگوانی،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) جسقم کے چیئرمین صنعان قریشی نے دریائے سندھ سے چھ نہریں نکالنے کے منصوبے کو سندھ کے وسائل پر حملہ قرار دیتے ہوئے 23 فروری کو سندھ-پنجاب بارڈر، انڈس ہائی وے گڈو پل پر احتجاجی دھرنے کا اعلان کر دیا۔

    پریس کلب تنگوانی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صنعان قریشی نے کہا کہ سندھ کے پانی پر کسی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ سندھ کو بنجر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے دھرنے میں بھرپور شرکت کریں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری سندھ کے وسائل کا سودا کر رہے ہیں اور عوامی حقوق پر سودے بازی ہو رہی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    صنعان قریشی نے چار سال قبل اغوا ہونے والی سندھ کی بیٹی پریا کماری کی عدم بازیابی پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اتنا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود معصوم بچی کا کوئی سراغ نہیں ملا، جو حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی ہے۔

    انہوں نے کشمور میں بدامنی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام جرائم کی لپیٹ میں ہیں، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مگر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    صنعان قریشی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پریا کماری کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے اور سندھ کے عوام کے وسائل پر ہونے والی سازشوں کو روکا جائے۔