Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • حافظ آباد: پولیس میں کانسٹیبلان اور لیڈی کانسٹیبلان کی بھرتی کا عمل جاری

    حافظ آباد: پولیس میں کانسٹیبلان اور لیڈی کانسٹیبلان کی بھرتی کا عمل جاری

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) حافظ آباد پولیس میں کانسٹیبلان اور لیڈی کانسٹیبلان کی آسامیوں پر بھرتی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ بھرتی کے اس مرحلے کی نگرانی چیئرمین بھرتی بورڈ ڈی آئی جی عثمان اکرم گوندل، ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر اور ڈاکٹر خدیجہ عمر کر رہے ہیں۔ بھرتی کے دوران امیدواروں کے ڈور، قد اور چھاتی کے امتحانات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    بھرتی کے عمل کی نگرانی ڈی آئی جی عثمان اکرم گوندل، ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر اور ڈاکٹر خدیجہ عمر کر رہے ہیں تاکہ تمام مراحل شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جا سکیں۔1782 امیدواروں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی بدنظمی سے بچا جا سکے۔

    امیدواروں کے لیے سایہ دار بیٹھنے کی جگہ اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔بھرتی مکمل طور پر میرٹ پر کی جا رہی ہے تاکہ قابل اور اہل امیدواروں کو موقع فراہم کیا جا سکے۔ بھرتی کے معیار کو برقرار رکھنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    ڈی پی او حافظ آباد نے ا پنے پیغام میں کہا کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیت، محنت اور قابلیت پر بھروسہ کرنا چاہیے۔بھرتی کے حوالے سے کسی بھی نوسر باز کے جھانسے میں نہ آئیں اور محنت سے اپنا مقام حاصل کریں۔

    ترجمان پولیس حافظ آباد کے مطابق بھرتی کا عمل مکمل طور پر شفاف طریقے سے جاری ہے اور کسی بھی قسم کی سفارش یا بدعنوانی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • گھوٹکی بائی پاس پر خوفناک حادثہ، ٹریلر کی کار کو ٹکر، چار افراد زخمی

    گھوٹکی بائی پاس پر خوفناک حادثہ، ٹریلر کی کار کو ٹکر، چار افراد زخمی

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری)گھوٹکی بائی پاس پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک تیز رفتار ٹریلر نے ایک کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق، کار سڑک پر جا رہی تھی کہ اچانک ایک ٹریلر بے قابو ہو کر اس سے ٹکرا گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار افراد زخمی ہو گئے۔

    زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹریلر ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گھوٹکی بائی پاس پر اکثر حادثات ہوتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ کو اس مسئلے کا نوٹس لینا چاہیے اور حفاظتی اقدامات کرنے چاہئیں۔

  • سیالکوٹ: 16 سال سے مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم انٹرپول کے ذریعے کروشیا سے گرفتار

    سیالکوٹ: 16 سال سے مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم انٹرپول کے ذریعے کروشیا سے گرفتار

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) 16 سال سے مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم انٹرپول کے ذریعے کروشیا سے گرفتار

    سیالکوٹ کے تھانہ اگوکی کو 16 سال سے مطلوب خطرناک اشتہاری ملزم کو انٹرپول کے ذریعے کروشیا سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کی شناخت افتخار احمد کے نام سے ہوئی ہے اور اسے ڈکیتی کے ایک مقدمے میں مطلوب تھا۔

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ ملزم کو کروشیا سے گرفتار کر کے اسلام آباد ائیرپورٹ منتقل کیا گیا ہے۔

    گرفتار ملزم 16 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ اگوکی، سیالکوٹ میں مقدمہ درج تھا۔ ملزم نے سال 2008 میں دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک شہری کے گھر ڈکیتی کی واردات کی تھی۔

    ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول کروشیا کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

    جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

  • تنگوانی: پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کر دیا، ہماری حکومت آتے ہی بدامنی ختم کریں گے.حلیم عادل شیخ

    تنگوانی: پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کر دیا، ہماری حکومت آتے ہی بدامنی ختم کریں گے.حلیم عادل شیخ

    تنگوانی،باغی ٹی وی (نامہ نگارمنصور بلوچ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ نے تنگوانی شہر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سندھ کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں بدامنی عروج پر ہے اور کوئی بھی شہری محفوظ نہیں۔ ڈاکوؤں کا راج ہے اور سندھ حکومت ان کی سرپرستی کر رہی ہے۔

    حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ یہاں کے وڈیرے، سردار، پولیس اور ڈاکو ایک پیج پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے سندھو دریا سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو سندھ کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک سازش کے تحت سندھو دریا سے نہریں نکال کر سندھ کی زمینوں کو بنجر بنانا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت آتے ہی سندھ کا وزیراعلی پی ٹی آئی کا ہوگا اور ہماری حکومت آتے ہی بدامنی ختم کریں گے اور سندھ سے نہریں نکالنے والا منصوبہ ختم کریں گے۔

    اس سے قبل ریلی سے پی ٹی آئی کے رہنما اقبال احمد بجارانی، شیر خان کھوسو اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

  • پاکستان میں طویل خشک سالی خاتمہ، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی

    پاکستان میں طویل خشک سالی خاتمہ، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی

    اسلام آباد (باغی ٹی وی) محکمہ موسمیات نے ملک میں طویل خشک سالی کے خاتمے کی نوید سنا دی، 19 اور 20 فروری کو ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی گئی۔

    محکمہ موسمیات کی طرف جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق 19 سے 21 فروری کے دوران دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گوانچے، شگر سمیت کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، باغ، حویلی، کوٹلی، بھمبر، میرپور میں وقفے وقفے سے بارش اور شدید برفباری کا امکان ہے۔

    خیبرپختونخوا:
    19 اور 20 فروری کو چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہاٹ، وزیرستان، باجوڑ، خیبر، کرم، بنوں سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری متوقع ہے۔

    پنجاب و اسلام آباد:
    19 سے 21 فروری کے دوران مری، گلیات میں برفباری جبکہ اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا، گجرات، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں ملتان، ڈی جی خان، لیہ، مظفرگڑھ، ساہیوال، بہاولنگر میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    بلوچستان:
    18 اور 19 فروری کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، ژوب، ہرنائی میں بارش اور برفباری ہوگی۔

    سندھ:
    زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شدید برفباری کے باعث مری، گلیات، ناران، کاغان، دیر، سوات، شانگلہ، استور، ہنزہ، وادی نیلم سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کے باعث ٹریفک میں خلل کا خدشہ ہے۔

    کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ موجود ہے۔اسی طرح 19 اور 20 فروری کی رات خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب اور کشمیر کے کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔

    بارش کھڑی فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر بارانی علاقوں میں،بارش کے بعد میدانی علاقوں میں دھند چھانے کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: لیڈی کانسٹیبل گھر میں پراسرار گولی لگنے سے جاں بحق

    سیالکوٹ: لیڈی کانسٹیبل گھر میں پراسرار گولی لگنے سے جاں بحق

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) لیڈی کانسٹیبل گھر میں پراسرار گولی لگنے سے جاں بحق

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں 45 سالہ لیڈی کانسٹیبل نجف اپنی رہائش گاہ میں پراسرار طور پر گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئیں۔ فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد اور ڈی ایس پی سٹی فوری موقع پر پہنچ گئے، جبکہ پولیس اور فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔

    ڈی پی او کے مطابق واقعے کی خودکشی، حادثہ یا قتل سمیت تمام پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

  • اوچ شریف: سید جلال الدین شاہ دربار کے قریب حجرے میں آگ، ایک شخص جاں بحق

    اوچ شریف: سید جلال الدین شاہ دربار کے قریب حجرے میں آگ، ایک شخص جاں بحق

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) سید جلال الدین شاہ دربار کے ساتھ واقع حجرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔

    ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، جہاں جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی۔ متوفی کی شناخت منور حسین ولد کملو، سکنہ خیرپور ڈاہا، اوچ شریف کے طور پر ہوئی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ایک نامعلوم شخص نے دی، تاہم اس نے واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

  • اوچ شریف: تیز رفتار ہائی ایس کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوچ شریف: تیز رفتار ہائی ایس کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) تیز رفتار ہائی ایس کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف روڈ پر جبار شہید پیٹرولنگ پولیس کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں ہائی ایس کی تیز رفتاری نے دو موٹر سائیکل سواروں کو نشانہ بنا لیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق ہائی ایس نے بے قابو ہو کر سامنے آتے ہوئے موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں 80 سالہ سردار احمد ہیڈ انجری کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہو گیاجبکہ 45 سالہ ریاض احمد شدید زخمی ہو ا، جنہیں فوری طور پر احمد پور شرقیہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں افراد اپنی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ اچانک ہائی ایس نے انہیں ٹکر مار دی۔ ریسکیو سٹاف نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو ورثاء کے حوالے کیا اور زخمی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔

    حادثہ میں جاں بحق شخص اور زخمی ہونے والے 45 سالہ ریاض احمد کا تعلق احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقہ مڈ رشید سے بتایا گیاہے۔

  • اوچ شریف: تعلیمی اداروں پر اضافی ٹیکسوں کے خلاف اساتذہ، طلباء اور تاجروں کا احتجاج

    اوچ شریف: تعلیمی اداروں پر اضافی ٹیکسوں کے خلاف اساتذہ، طلباء اور تاجروں کا احتجاج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے الشمس چوک پر نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ، سکول کے طلباء اور انجمن تاجران نے تعلیمی اداروں کو کمرشل بنانے اور اضافی ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔ احتجاجی ریلی کی قیادت مرکزی صدر انجمن تاجران اوچ شریف اور سول سوسائٹی کے رہنما عمر خورشید سہمن نے کی۔ ریلی ڈاکخانہ چوک سے الشمس چوک تک نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں اساتذہ، طلباء اور تاجروں نے شرکت کی۔

    ریلی کے شرکاء نے حکومت کے فیصلے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں کو کمرشل قرار دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ احتجاج کے دوران اساتذہ اور تاجروں نے کہا کہ تعلیمی اداروں پر بھاری ٹیکسوں کا نفاذ نہ صرف نجی تعلیمی اداروں کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے بلکہ طلباء کے تعلیمی مستقبل کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔

    مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی جانب سے آئے دن سکولوں کو مختلف وجوہات کی بنا پر سیل کر دیا جاتا ہے، جس کے باعث بچوں کی تعلیم میں مسلسل خلل پیدا ہو رہا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ انتظامیہ کے ان اقدامات سے طلباء اور والدین ذہنی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔

    خطاب کرتے ہوئے عمر خورشید سہمن نے کہا کہ "یہ اقدامات بچوں کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور قوم کے نونہالوں کا مستقبل تاریک ہوتا نظر آ رہا ہے۔ اگر حکومت نے اس فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔” انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا کہ فوراً تمام سکولوں کو ڈی سیل کیا جائے اور تعلیمی اداروں پر عائد بھاری ٹیکسوں کو ختم کیا جائے۔

    احتجاج کے دوران سکول سربراہان اور دیگر شرکاء نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پر کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا تو ہم ڈپٹی کمشنر بہاولپور آفس کے سامنے دھرنا دیں گے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تعلیم جیسے بنیادی شعبے کو کاروباری زمرے میں شامل نہ کیا جائے اور فوری طور پر تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کا حل نکالا جائے تاکہ طلباء کی تعلیم اور اساتذہ کی محنت متاثر نہ ہو۔

    مظاہرین نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں پر عائد غیر ضروری ٹیکسوں اور رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ بچوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

    احتجاج کے بعد شرکاء پرامن طور پر منتشر ہو گئے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو وہ مزید سخت احتجاجی اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

  • حافظ آباد: سکیورٹی گارڈ سے ڈاکوؤں نے دن دہاڑے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیا

    حافظ آباد: سکیورٹی گارڈ سے ڈاکوؤں نے دن دہاڑے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیا

    حافظ آباد (باغی ٹی وی، خبر نگار) حافظ آباد کے نواحی علاقے کالیکی منڈی کے رہائشی غلام سبحانی نے تھانہ صدر میں درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ چند دن قبل انہیں دن دہاڑے ڈاکوؤں نے روک کر ان سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔ غلام سبحانی دارالامان حافظ آباد میں سکیورٹی گارڈ کے طور پر ڈیوٹی دے رہے تھے اور کام ختم ہونے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں سپائر کالج کے قریب یہ واقعہ پیش آیا۔

    متاثرہ شخص کے مطابق نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسے روکا اور اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل، نقدی، موبائل فون اور دیگر ضروری دستاویزات بھی چھین لیں۔

    غلام سبحانی نے اپنی درخواست میں لکھا کہ ڈاکوؤں کے اس ظلم و ستم کی وجہ سے انہیں نہ صرف مالی نقصان ہوا بلکہ ان کی ذاتی زندگی بھی متاثر ہوئی۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واردات کی تحقیقات کی جائیں، ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور موٹر سائیکل سمیت تمام سامان واپس دلوایا جائے تاکہ وہ مزید پریشانی سے بچ سکیں۔