Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • رمضان سے قبل مہنگائی کا طوفان، چینی اور مرغی کے گوشت کی قیمتیں آسمان پر، حکومتی دعوے ٹھس

    رمضان سے قبل مہنگائی کا طوفان، چینی اور مرغی کے گوشت کی قیمتیں آسمان پر، حکومتی دعوے ٹھس

    اسلام آباد/لاہور (باغی ٹی وی) رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، چینی اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا، جبکہ حکومتی دعوے حقیقت کے برعکس ثابت ہو رہے ہیں۔

    ملک بھر میں چینی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ دیکھا جا رہا ہے، عام مارکیٹ میں چینی 160 روپے فی کلو تک پہنچ گئی، جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق چینی کی اوسط قیمت 154 روپے 27 پیسے فی کلو ہو چکی ہے۔ صرف 2025 کے آغاز سے اب تک چینی کی قیمت میں 15 روپے 63 پیسے کا اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ ڈھائی ماہ میں چینی 22 روپے 42 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ہے۔

    چینی کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ برآمدات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومت نے جون سے اکتوبر 2024 کے دوران 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی، جس کے بعد مزید 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی اکتوبر میں بیرون ملک بھیج دی گئی۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے کم قیمت پر چینی بیچنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پیداواری لاگت کے مطابق چینی 170 روپے فی کلو پڑ رہی ہے، جس کی وجہ سے 140 روپے فی کلو پر فروخت ممکن نہیں۔

    دوسری جانب برائلر مرغی کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔ لاہور میں برائلر گوشت مزید 7 روپے فی کلو مہنگا ہو کر 595 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جبکہ صافی گوشت 690 سے 700 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ تھوک مارکیٹ میں برائلر 397 اور پرچون میں 411 روپے فی کلو میں دستیاب ہےجبکہ منڈی میں مرغی زائد نرخوں پر فروخت ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ایک طرف مہنگائی کم ہونے کے دعوے کر رہی ہے، جبکہ حقیقت میں روزمرہ اشیاء عوام کی پہنچ سے دور ہو رہی ہیں۔ رمضان سے قبل مہنگائی کا یہ نیا طوفان عوام کے لیے ایک اور آزمائش بن چکا ہے، شہریوں نے حکومت سے فوری ریلیف اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • لنڈی کوتل: پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک بحال، غیر قانونی لین دین ختم،پریس کانفرنس

    لنڈی کوتل: پاک افغان شاہراہ پر ٹریفک بحال، غیر قانونی لین دین ختم،پریس کانفرنس

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی مشران ملک تاج الدین شینواری اور ملک ذاکر اللہ نے کہا کہ پاک افغان شاہراہ پر عرصہ دراز سے موجود ٹریفک جام اور گاڑیوں کی لمبی قطاروں کا مسئلہ حل کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورت حال سے قبائلی روایات پامال ہو رہی تھیں اور خواتین و مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ تاہم، ایف سی کے پی (نارتھ) حکام کی کوششوں سے شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹرز کو درپیش اذیت ختم ہو گئی۔

    کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر مجیب شینواری نے بھی ایف سی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی لین دین کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے اور ایف بی آر کے ایس او پیز کے خلاف سرگرم عناصر کی روک تھام یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی بھی غیر قانونی کاروبار کی حمایت نہیں کریں گے اور اب طورخم بارڈر پر قانونی تجارت کو فروغ ملے گا۔

    پریس کانفرنس میں سابق صدر حضرت عمر نے کرپشن کے خاتمے کے فوائد کو سراہتے ہوئے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ مستقبل میں جب بھی موجودہ سسٹم تبدیل ہوگا، کہیں دوبارہ کرپشن کی تاریکی میں نہ دھکیل دیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی (نارتھ) طورخم میں غیر قانونی سرگرمیوں کی مستقل روک تھام کے لیے زیرو پوائنٹ پر بینک کا قیام عمل میں لائیں اور جب تک بینک موجود نہیں ہوتا، تاجروں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ ساتھ ہی ڈیجیٹل اسکینر کو جلد از جلد فعال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

    تاجروں اور ٹرانسپورٹرز نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت موجودہ پالیسیوں کو برقرار رکھے گی تاکہ دو طرفہ قانونی تجارت مزید ترقی کر سکے اور کرپشن کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔

  • حافظ آباد: نوجوان نے گھریلو جھگڑے پر تیزاب پی لیا، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

    حافظ آباد: نوجوان نے گھریلو جھگڑے پر تیزاب پی لیا، تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل

    حافظ آباد ،باغی ٹی وی(خبر نگارشمائلہ کی رپورٹ) خانپور کے رہائشی نوجوان نعمان حسن ولد نصر اللہ نے گھریلو جھگڑے کے باعث دلبرداشتہ ہو کر تیزاب پی لیا۔ نوجوان کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال حافظ آباد کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھریلو تنازع کے باعث نوجوان نے انتہائی قدم اٹھایا، تاہم ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ اہل خانہ ہسپتال میں پریشان حال موجود ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ گھریلو مسائل اور ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی کے رجحانات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے تدارک کے لیے سماجی سطح پر آگاہی مہم اور ذہنی صحت کی سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔

  • کوٹ چھٹہ: جامعہ سلطانیہ میں 13ویں سالانہ عظمتِ قرآن دستار فضیلت جلسہ

    کوٹ چھٹہ: جامعہ سلطانیہ میں 13ویں سالانہ عظمتِ قرآن دستار فضیلت جلسہ

    کوٹ چھٹہ،باغی ٹی وی(تحصیل رپورٹرمریدحسین ٹالپور) جامعہ سلطانیہ تعلیم القرآن تالپور روڈ خانپور میں 13واں سالانہ عظمتِ قرآن دستار فضیلت جلسہ منعقد ہوا، جس میں قرآن کریم مکمل کرنے والے طلبہ کی دستار بندی کی گئی۔ تقریب میں علماء، قراء، مشائخ عظام اور معزز مہمانوں سمیت بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطیبِ پاکستان حضرت مولانا محمد جعفر قریشی نے خطاب کیا اور قرآن کریم کی عظمت، حفاظ کرام کی فضیلت اور مدارس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کے ایمان افروز بیان نے محفل کو چار چاند لگا دیے اور سامعین پر گہرا اثر چھوڑا، یہاں تک کہ کئی آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔

    جلسے کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ حق نواز تالپور نے حاصل کی۔ معروف نعت خواں محمد اسماعیل نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کر کے روحانی سماں باندھ دیا۔

    منتظمین میں قاری محمد جمیل سلطانی، قاری محمد اشرف، ڈاکٹر عبدالرشید فوجی، رمضان شاکر، ڈاکٹر عبدالوحید قریشی، مولانا عبدالرحیم دایات، قاری وقار احمد لودھی، قاری فاروق احمد عطاری، قاری محمد ساجد فیضی تالپور، مولانا ساجد حسین فیضی بستی فوجہ شامل تھے۔

    مہمانانِ خصوصی میں پیر سید محمد عارف شاہ، محمد ابراہیم خان، حاجی اللّٰہ وسایا خان لنڈ، ڈاکٹر مرید حسین تالپور، ڈاکٹر محمد اقبال بھٹہ، غلام سرور خان تالپور، خادم حسین تالپور، ظفر حسین پروزانی، حسین بخش تالپور، محمد شفیع خان، محمد حسین خان یارے آنی، حاجی سیف اللّٰہ خان رمدانی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

    دستار بندی کے موقع پر محمد ذیشان، محمد شہزاد، محمد نعیم، محمد طاہر، محمد شاکر اور محمد احسان کو اعزاز بخشا گیا۔ مقررین نے حفاظِ کرام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو سراہا اور امت مسلمہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

    یہ روح پرور تقریب شرکاء کے لیے ایک ناقابل فراموش لمحہ بن گئی، جہاں قرآن کی روشنی سے دلوں کو منور کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

  • میرپور ماتھیلو: پولیس کی بروقت کارروائی، لاپتہ کمسن بچہ والدین سے ملادیا

    میرپور ماتھیلو: پولیس کی بروقت کارروائی، لاپتہ کمسن بچہ والدین سے ملادیا

    میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) گھوٹکی پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں لاپتہ ہونے والا کمسن بچہ بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی خصوصی ہدایت پر پولیس نے فوری تلاش شروع کی اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کو والدین سے ملایا۔

    تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو کے علاقے سومرو کالونی کے رہائشی حافظ اظہر سعید کھوکھر نے تھانہ میرپور ماتھیلو میں اطلاع دی کہ ان کا 5 سے 6 سالہ بیٹا محمد عمر گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہو گیا ہے اور کافی تلاش کے باوجود نہیں مل رہا۔ اس اطلاع پر میرپور ماتھیلو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جہانگیر بیس کنٹرول اور ضلع کے دیگر تھانوں کو اطلاع دی۔

    واقعے کی سنگینی کے پیش نظر ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے بچے کو جلد از جلد تلاش کرنے کا حکم دیا، جس پر ایس ایچ او میرپور ماتھیلو لیاقت علی لاشاری نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بھرپور کوششوں کے بعد بچے کو بحفاظت بازیاب کرلیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بچہ والدین کے سپرد کر دیا گیا، جس پر اہلخانہ نے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او میرپور ماتھیلو اور ان کی ٹیم کو شاباشی دی اور کہا کہ عوام کی خدمت اور حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

  • پتوکی: کھلے مین ہول میں گرنے سے خاتون اور نوجوان جاں بحق، شہریوں کا شدید احتجاج

    پتوکی: کھلے مین ہول میں گرنے سے خاتون اور نوجوان جاں بحق، شہریوں کا شدید احتجاج

    قصور،باغی ٹی وی(ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھوکی رپورٹ) پتوکی میں کھلے مین ہول نے دو قیمتی جانیں نگل لیں، جبکہ ایک نوجوان تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا۔ حادثے کے بعد شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ کی غفلت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    واقعہ چونیاں روڈ پر امام بارگاہ کے سامنے پیش آیا، جہاں ایک خاتون کھلے گٹر میں گر گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دو راہگیر نوجوان خاتون کو بچانے کے لیے گٹر میں کود پڑے، مگر تینوں افراد اندر پھنس گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 15 منٹ کی جدوجہد کے بعد انہیں باہر نکالا اور فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پتوکی منتقل کیا، جہاں خاتون اور ایک نوجوان دم توڑ گئے، جبکہ دوسرے نوجوان کو تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا۔

    حادثے کے بعد جاں بحق افراد کے اہل خانہ نے پتوکی ملانوالہ بائی پاس کو بلاک کر دیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد احتجاج میں شامل ہو گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پتوکی کی مرکزی شاہراہوں پر کھلے گٹر روزانہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، مگر انتظامیہ مسلسل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار حکام کے خلاف کارروائی کی جائے، کھلے گٹر فوری بند کیے جائیں، اور عوام کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ پولیس اور مقامی انتظامیہ نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    یہ افسوسناک واقعہ شہری انفراسٹرکچر کی بدحالی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس پر فوری توجہ نہ دی گئی تو مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

  • لنڈی کوتل: جامعہ فیض القرآن گاگرہ میں 128 طلباء کی دستار بندی کی روح پرور تقریب

    لنڈی کوتل: جامعہ فیض القرآن گاگرہ میں 128 طلباء کی دستار بندی کی روح پرور تقریب

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) جامعہ فیض القرآن گاگرہ میں سالانہ دستار بندی کی پُروقار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں 128 طلباء کی دستار بندی کی گئی۔ اس موقع پر علاقے کے جید علما، عمائدین، بلدیاتی نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    تقریب کے مہمان خصوصی مفتی رحیم داد، معروف نعت خواں بلبلِ پختونخوا بشیر ارمانی، شیخ الحدیث مولانا تحسین اللہ، مولانا محمد حسین عرف ڈپٹی مولانا، مولانا انواراللہ عثمانی عرف سرائے استاد اور مہتمم جامعہ مولانا عبدالرحمن سمیت دیگر علما نے خطاب کیا۔ مقررین نے قرآن و حدیث کی فضیلت، دینی مدارس کی اہمیت اور عصرِ حاضر میں اسلامی تعلیمات کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی، جسے شرکاء نے عقیدت و احترام کے ساتھ سنا۔

    تقریب میں 28 حفاظِ کرام، 7 طلبۂ ترجمہ و تفسیر اور ناظرہ قرآن کے 93 طلباء کو سند فضیلت سے نوازا گیا۔ شرکاء نے طلبہ کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا اور انہیں دین کی خدمت جاری رکھنے کی تلقین کی۔

    تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی بھلائی، دینی مدارس کی ترقی اور جامعہ فیض القرآن کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ آخر میں مہتمم جامعہ مولانا عبدالرحمن نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

  • پشاور: علی امین گنڈا پور زبانی دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کریں، امیر حیدر ہوتی

    پشاور: علی امین گنڈا پور زبانی دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات کریں، امیر حیدر ہوتی

    پشاور (باغی ٹی وی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے موجودہ صوبائی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر صرف بیانات دینا کافی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

    پشاور میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ صوبے کے عوام کو سیکیورٹی اور ترقی کے وعدوں سے بہلایا نہیں جا سکتا، حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو چاہیے کہ وہ سیاسی بیانات کے بجائے حقیقی معنوں میں صوبے کے حالات سدھارنے پر توجہ دیں کیونکہ صرف باتوں سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ علی امین گنڈا پور واحد وزیراعلیٰ ہیں جو اپنی ہی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے نظر آتے ہیں جو ایک مضحکہ خیز صورتحال ہے۔ ان کے بقول صوبائی حکومت کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنی چاہیے اور عوام کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

    امیر حیدر ہوتی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ انہیں اور ان کی جماعت کو جان بوجھ کر اسمبلی سے باہر نکالا گیا تاکہ خیبرپختونخوا کو مزید محرومی کا شکار رکھا جا سکے، لیکن میدان سے انہیں کوئی نہیں نکال سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور ہر سطح پر عوام کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی۔

    انہوں نے حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی میں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن حکومتی سطح پر اس کے تدارک کے لیے کوئی واضح حکمتِ عملی نظر نہیں آتی۔

    جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے حکومت مخالف نعرے لگائے اور اپنی قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

  • اوچ شریف: مسافر وین نہر میں جا گری،مسافروں کومعمولی چوٹیں، تمام محفوظ

    اوچ شریف: مسافر وین نہر میں جا گری،مسافروں کومعمولی چوٹیں، تمام محفوظ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) عباسیہ لنک کنال کے قریب ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں علی پور سے ملتان جانے والی مسافرہائی ایس وین نہر میں جا گری۔ وین کے ڈرائیور نے سڑک کراس کرتے ایک راہگیر کو بچانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر نہر میں جا پہنچی۔

    حادثے کے وقت وین میں 15 مسافر سوار تھے، جو خوش قسمتی سے پانی کی سطح کم ہونے کے باعث اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ تاہم ایک مسافرریاض خلیل (55 سال) سکنہ علی پور زخمی ہو گیا، جسے ریسکیو ٹیم نے فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے رورل ہیلتھ سینٹر اوچ شریف منتقل کر دیا۔

    ریسکیو عملے نے تصدیق کی کہ تمام مسافر محفوظ ہیں اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • ملتان: فیصل موورز ہائی روف وین، ٹرک اور کار میں تصادم، 6 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    ملتان: فیصل موورز ہائی روف وین، ٹرک اور کار میں تصادم، 6 افراد جاں بحق، 8 زخمی

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی )ملتان سے ڈی جی خان آنے والی فیصل موورز وین، ٹرک اور کار میں تصادم ہوگیا۔ حادثہ ملتان کے علاقے ناگ شاہ چوک کے قریب پیش آیا، جس میں پانچ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو کنٹرول روم کو حسن سوالی PSO پٹرول پمپ کے قریب حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی قریبی اسٹیشن سے امدادی ٹیمیں روانہ کی گئیں۔ موقع پر پہنچ کر ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو نشتر اسپتال منتقل کر دیا۔

    جاں بحق ہونے والے افراد میں: 1. احمد کمال ولد وجاہت حسین، عمر 30 سال ،2. زاہد صدیقی ولد عبدالغفور، عمر 58 سال ،3. نامعلوم مرد، عمر 50 سال ،4. حسیب اللہ ولد نامعلوم، عمر 40 سال (فیصل موورز کا ڈرائیور) ،5. نامعلوم شخص، عمر 45 سال ،6. عادل ولد محمد اسلم، عمر 21 سال شامل ہیں

    جبکہ زخمی ہونے والے افراد میں 1. اسامہ اشرف ولد اشرف، عمر 28 سال ،2. صویرہ اسامہ زوجہ اسامہ، عمر 25 سال ،3. جمال خان ولد قمر خان، عمر 40 سال ،4. سکندر جمال ولد جمال خان، عمر 12 سال شامل ہیں

    موقع پر طبی امداد حاصل کرنے والے زخمی افراد 1. ایمل خان ولد ہشام، عمر 28 سال ،2. ضیا ولد رحیم بخش، عمر 23 سال ،3. عرفان ولد زبیر، عمر 30 سال شامل ہیں

    حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے متاثرہ گاڑیوں کو ہٹا کر ٹریفک بحال کر دی گئی۔