Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • جمرود میں 25 فروری کو جمعیت علماء اسلام کی فضلاء کانفرنس

    جمرود میں 25 فروری کو جمعیت علماء اسلام کی فضلاء کانفرنس

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)جمرود میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) جمرود کے زیر اہتمام 25 فروری کو ایک فضلاء کانفرنس اور دستار بندی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ پروگرام حاجی محمد کریم کے حجرے میں منعقد ہوگا اور اس میں کثیر تعداد میں علماء کرام، مشائخ عظام اور طلباء شرکت کریں گے۔

    جے یو آئی جمرود کے امیر مولانا سعید خان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کانفرنس کے مہمان خصوصی سابق ایم این اے و شیخ الحدیث مولانا محمد قاسم آف شیر گڑھ ہوں گے۔ کانفرنس میں مختلف مدارس سے فارغ التحصیل طلباء کی دستار بندی کی جائے گی اور جمرود کی سطح پر سکولوں میں میٹرک میں پوزیشن ہولڈرز طلباء کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔

    مولانا سعید خان نے مزید کہا کہ دینی مدارس نے ہمیشہ ملک و قوم کو فضلاء و علماء دیے ہیں اور ان علماء و فضلاء نے معاشرے میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے اور ہمارے علماء و فضلاء دین کے ساتھ ساتھ معاشرے میں مختلف برائیوں کو روکنے کے لیے بھی موثر آواز اٹھاتے ہیں۔

    جے یو آئی جمرود کے امیر نے جمرود کے عوام کو 25 فروری کو فضلاء کانفرنس و دستار بندی پروگرام میں کثیر تعداد میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں جے یو آئی کے صوبائی و ضلعی قائدین بھی شریک ہوں گے۔

  • گوجرہ :واردات کی نیت سے چھپے ساتھیوں کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو شدید زخمی

    گوجرہ :واردات کی نیت سے چھپے ساتھیوں کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو شدید زخمی

    گوجرہ(نامہ نگار باغی ٹی وی عبد الرحمن جٹ) واردات کی نیت سے چھپے ساتھیوں کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو شدید زخمی، زخمی کو ٹی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ ٹینکی گراؤنڈ واٹر ورکس بازار گوجرہ میں تین نامعلوم آتشیں اسلحہ سے مسلح افراد واردات کی نیت سے چھپے بیٹھے ہوئے تھے۔ اس دوران دستگیر کالونی کا رہائشی شیر ولی خان بطور چوکیدار معمول کے مطابق دکانوں کے تالوں اور چھتوں کی چیکنگ کر رہا تھا جسے دیکھتے ہی ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی جس میں وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کی آواز سن کر دیگر چوکیدار بھی موقع پر آ گئے اور ٹارچوں کی روشنی میں سرچنگ کی گئی تو موقع پر ایک نامعلوم مبینہ ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پایا گیا جس کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سٹی پولیس گوجرہ موقع پر پہنچ گئی اور زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے چوکیدار شیر ولی خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    زخمی حالت میں ملنے والے کا نام اعجاز سکنہ چوک منڈا بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • پی ٹی آئی کے متنازعہ اقدامات، عوامی مفاد یا پاکستان دشمنی؟

    پی ٹی آئی کے متنازعہ اقدامات، عوامی مفاد یا پاکستان دشمنی؟

    پی ٹی آئی کے متنازعہ اقدامات، عوامی مفاد یا پاکستان دشمنی؟
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت پر مسلسل الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ وہ ملکی مفادات کے خلاف سرگرمیاں کر رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایک اہم دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں آئی ایم ایف مشن کو ایک ڈوزیئر اور خط ارسال کیا ہے، جس میں عام انتخابات میں دھاندلی کے ٹھوس شواہد فراہم کیے گئے ہیں۔ اس ڈوزیئر کو چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی بھیجا گیا ہے اور اس میں انتخابی نتائج کی انجینئرنگ اور ریاستی اداروں کی جانب سے پی ٹی آئی کے عوامی مینڈیٹ کو چھینے جانے کی تفصیلات درج ہیں۔ عمر ایوب کا کہنا ہے کہ شفافیت اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کی پاسداری کے بغیر پاکستان میں اقتصادی ترقی اور سیاسی استحکام ممکن نہیں اور ان سنگین خدشات کو بین الاقوامی اداروں کی توجہ دلانا ضروری ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مختلف اقدامات نے ملکی ساکھ اور مفادات پر کئی سوالات اٹھائے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے کیے گئے احتجاجات اور سیاسی سرگرمیاں ان الزامات کا سبب بنی ہیں کہ پارٹی نے ایسے اقدامات کیے ہیں جو پاکستان کے مفادات کے خلاف ہیں۔ ان میں غیر ملکی وفود کی آمد کے دوران احتجاج، اہم بین الاقوامی اجلاسوں میں شرکت سے انکار اور ملکی سلامتی کے خلاف سرگرمیاں شامل ہیں۔

    اکتوبر 2024 میں اسلام آباد میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کی کال دی۔ حکومتی وزراء نے اس اقدام کو پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ یہ سب کچھ دشمن کے ایجنڈے کے مطابق ہو رہا تھا۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس احتجاج کو ریاست کو کمزور کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا۔ اسی طرح پی ٹی آئی نے کرکٹ میچز کے دوران بھی احتجاج کی کال دی، جس سے ملکی ساکھ پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ 8 فروری 2025 کو لاہور میں ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران احتجاج کی اجازت طلب کی گئی جو عالمی سطح پر پاکستان کی کرکٹ امیج کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتی تھی۔

    پی ٹی آئی پر دشمن طاقتوں سے روابط کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے عمران خان پر دوغلی پالیسی اپنانے اور جھوٹ پھیلانے کا الزام لگایا، جس سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا پی ٹی آئی کے یہ اقدامات واقعی ملکی مفادات کے خلاف ہیں؟ ان الزامات میں یہ کہا گیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے سیاسی مفادات کے لیے ملکی ساکھ کو داؤ پر لگایا ہے اور بعض رہنماؤں پر ملکی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی لگائے گئے۔

    پی ٹی آئی کی احتجاجی تاریخ بھی غیر معمولی ہے، جس میں 2014 کا آزادی مارچ، 2016 میں پاناما پیپرز کے انکشافات کے بعد ہونے والا احتجاج اور 2024 میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اسلام آباد میں ہونے والا احتجاج شامل ہیں۔ ان احتجاجات کا مقصد عموماً حکومت پر دباؤ ڈالنا اور سیاسی مطالبات کی منظوری حاصل کرنا ہوتا تھا، جو بعض اوقات غیر ملکی وفود کی آمد یا اہم بین الاقوامی اجلاسوں کے دوران بھی منعقد کیے گئے۔

    اس سارے تناظر میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا پی ٹی آئی کے اقدامات واقعی پاکستان دشمنی کے زمرے میں آتے ہیں؟ پی ٹی آئی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ان کے اقدامات کا مقصد ملک کو کرپشن سے پاک کرنا اور عوام کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ پاکستان دشمنی کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ تاہم مخالفین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے پاکستان کی ساکھ اور سلامتی کو نقصان پہنچا ہے اور یہ پارٹی اپنے سیاسی مفادات کے لیے ملکی مفادات کو نظر انداز کر رہی ہے۔

    کیا واقعی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) غیر ملکی ایجنڈے کی تکمیل میں پاکستان میں عدم استحکام، انتشار اور ملک دشمنی میں ملوث رہی ہے؟ یہ سوال ایک سنگین پہلو اختیار کرتا ہے جس پر آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات ضروری ہیں۔ اگر پی ٹی آئی کے اقدامات حقیقت میں پاکستان دشمنی پر مبنی ثابت ہوں تو ان الزامات کو ثبوتوں کے ساتھ عوام کے سامنے پیش کیا جائے اور پی ٹی آئی کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

    تاہم اگر یہ تمام الزامات صرف سیاسی سکورنگ یا سیاسی بیانئے کا حصہ ہیں تو پھر ملک کو مزید انتشار اور خلفشار میں نہ دھکیلیں۔ پاکستان کی ساکھ اور سلامتی کے لیے ہر اقدام انتہائی احتیاط کے ساتھ اٹھایا جانا چاہیے کیونکہ آخرکار ہم سب کا مفاد اسی میں ہے کہ پاکستان کو داخلی طور پر پرامن، مضبوط اور عالمی سطح پر مستحکم رکھا جائے اور پاکستان دشمن قوتوں سے قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا سکے۔

  • میرپورخاص: گھریلو ملازمہ پر مبینہ ظلم و زیادتی، خاتون کی دہائیاں، دو ملزمان گرفتار

    میرپورخاص: گھریلو ملازمہ پر مبینہ ظلم و زیادتی، خاتون کی دہائیاں، دو ملزمان گرفتار

    میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) حاجی فقیر محمد میمن کے گھر میں کام کرنے والی گھریلو ملازمہ پر مبینہ ظلم و زیادتی کا واقعہ سامنے آیا، متاثرہ خاتون کی فریاد پر پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کہناہے کہ حاجی فقیر محمد میمن کے بیٹوں ڈاکٹر طارق، رضوان، جنید اور عزیر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے گھر میں کام کرنے والی غریب خاتون پر تشدد کیا، کپڑے پھاڑ دیے اور برہنہ کر دیا۔ متاثرہ خاتون نے انصاف کی دہائی دیتے ہوئے آئی جی سندھ سے مدد کی اپیل کی اور واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ کچھ عرصہ قبل حاجی فقیر محمد میمن کے گھر کام کرتی تھی، لیکن ضرورت کے تحت دوبارہ ملازمت کے لیے جانے پر ڈاکٹر طارق نے مبینہ طور پر اسے زیادتی اور زبردستی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    خاتون نے مزید بتایا کہ جب اس نے مزاحمت کی اور شور مچایا تو ڈاکٹر طارق کے بھائی رضوان، جنید اور عزیر کمروں سے باہر نکل آئے اور اس پر وحشیانہ تشدد کیا، کپڑے پھاڑ دیے اور چہرے پر شدید مار پیٹ کی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طارق نے سنگین دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو اسے جھوٹے چوری کے مقدمے میں پھنسا دیا جائے گا۔

    مبینہ متاثرہ خاتون نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی میرپورخاص سے اپیل کی کہ اسے تحفظ فراہم کیا جائے اور حاجی فقیر محمد میمن کے بیٹوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

    خاتون کی فریاد پر ایس ایچ او وومین پولیس اسٹیشن نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    یہ واقعہ علاقے میں گھریلو ملازمین کے ساتھ ہونے والے مظالم کی ایک سنگین مثال بن گیا ہے، شہریوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاتون کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے اور ملزمان کو سخت سزا دی جائے۔

  • لنڈی کوتل: تین نوجوان کرکٹرز کے اعزاز میں پروقار تقریب، سپورٹس کمپلیکس کے قیام کا مطالبہ

    لنڈی کوتل: تین نوجوان کرکٹرز کے اعزاز میں پروقار تقریب، سپورٹس کمپلیکس کے قیام کا مطالبہ

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)تین نوجوان کرکٹرز کے اعزاز میں پروقار تقریب، سپورٹس کمپلیکس کے قیام کا مطالبہ

    لنڈی کوتل کے ڈے نائٹ ریسٹورنٹ میں ضلع خیبر انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ٹرائلز میں کامیاب ہونے والے حامد آفریدی، شبیر شینواری اور شاہ فہد شینواری کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی تھا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر سپورٹس کلب کے صدر معراج الدین شینواری، کلیم اللہ اور منظور علی شینواری نے کہا کہ لنڈی کوتل کے نوجوان کھلاڑی سخت جان اور باصلاحیت ہیں، لیکن وسائل کی کمی کے باوجود انہوں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو باصلاحیت کھلاڑی فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لنڈی کوتل میں ایک جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع مل سکیں۔

    رہنماؤں کا کہنا تھا کہ علاقے میں کرکٹ اکیڈمیز اپنی مدد آپ کے تحت چلائی جا رہی ہیں، جنہیں حکومتی سطح پر سرپرستی کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ٹرائلز میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں پی ٹی آئی رہنما امیر نواز کے بیٹے شاہ فہد شینواری بھی شامل ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر ڈے نائٹ ریسٹورنٹ کے مالک جان زادہ کا شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

  • اوچ شریف: موٹر وے ایم5 پر تیز رفتار کار الٹنے سے2 خواتین سمیت تین جاں بحق، ایک خاتون شدید زخمی

    اوچ شریف: موٹر وے ایم5 پر تیز رفتار کار الٹنے سے2 خواتین سمیت تین جاں بحق، ایک خاتون شدید زخمی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )موٹر وے ایم5 پر تیز رفتار کار الٹنے سے2 خواتین سمیت تین جاں بحق،ایک خاتون شدید زخمی

    اوچ شریف کے نواحی علاقے خیر پور ڈاھا کے قریب موٹر وے ایم-5 پر تیز رفتار کار الٹنے سےدوعورتوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔

    جاں بحق ہونے والوں میں محمد نواز، نسیم بی بی اور خالدہ بی بی شامل ہیں، جبکہ رضیہ بی بی شدید زخمی ہیں، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے افراد صادق آباد سے اوکاڑہ جا رہے تھے۔ لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ زخمی خاتون کا علاج جاری ہے۔

  • اوچ شریف: تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، سڑکیں اور بازار کشادہ کرنے کا عمل تیز

    اوچ شریف: تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، سڑکیں اور بازار کشادہ کرنے کا عمل تیز

    اوچ شریف،باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان ) تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری، سڑکیں اور بازار کشادہ کرنے کا عمل تیز

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن "تجاوزات سے پاک پنجاب” کے تحت اوچ شریف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کی ہدایت پر میونسپل انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    آپریشن کا دائرہ مخدوم سید علی حسن گیلانی شہید چوک، عباسیہ نہر کنارے، الشمس چوک روڈ اور دیگر اہم تجارتی و رہائشی علاقوں تک پھیلا دیا گیا ہے، جہاں عارضی تجاوزات ہٹائے جا رہے ہیں اور غیر قانونی سامان ضبط کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم پختہ تھڑے بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کیے جا رہے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو اور شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی ہو۔

    آپریشن کی نگرانی قاضی محمد نعیم کر رہے ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی اور پنجاب پولیس کا مشترکہ اسکواڈ کارروائی کو کامیابی سے مکمل کر رہا ہے۔ دکانوں کے سامنے نصب غیر قانونی رکاوٹیں ہٹانے کے بعد سڑکوں کی حدود واضح ہو گئی ہیں، جس سے ٹریفک میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے اضافی افرادی قوت اور بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ شہر کی تعمیراتی اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

    شہریوں نے اس آپریشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی میں بھی بہتری لائے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق، اس مہم کا مقصد اوچ شریف کو تجاوزات سے پاک کر کے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔

  • اوچشریف: یونین کونسل سیکریٹری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    اوچشریف: یونین کونسل سیکریٹری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان ) یونین کونسل سیکریٹری رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    اوچشریف کے علاقے یونین کونسل کوٹ خلیفہ میں تعینات سیکریٹری محمد عمران کو انٹی کرپشن ٹیم نے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم نے بستی ماہی آرائیں کے رہائشی جہانگیر سے اس کی بہن کے برتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے 20 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔

    جہانگیر کی شکایت پر انٹی کرپشن ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور ملزم سے رشوت کی رقم برآمد کرلی۔ چھاپے کے دوران رقم لینے کے تمام شواہد بھی حاصل کر لیے گئے، جس کے بعد محمد عمران کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    عوامی حلقوں نے انٹی کرپشن ٹیم کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے کرپشن کا خاتمہ اور حکومتی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔

  • سیالکوٹ: جنگلات میں آگ سے بچاؤ، ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ مشق

    سیالکوٹ: جنگلات میں آگ سے بچاؤ، ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات کی مشترکہ مشق

    سیالکوٹ، باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو ) جنگلات میں لگنے والی آگ پر بروقت قابو پانے اور نقصان کم سے کم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 اور محکمہ جنگلات نے تحصیل پسرور کے علاقے شہزادہ میں مشترکہ فرضی مشق کا انعقاد کیا۔ مشق کی نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کی، جبکہ ایمرجنسی آفیسر عرفان یعقوب اور تحصیل انچارج عاصم بھی موجود تھے۔

    مشق میں یونین کونسل شہزادہ کی رضاکار ٹیم اور محکمہ جنگلات کے عملے نے آگ بجھانے کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جس کے بعد ریسکیو 1122 ٹیم نے بھی امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے یقین دہانی کرائی کہ ریسکیو 1122 ہر ہنگامی صورتحال میں عوام کی مدد کے لیے تیار ہے، اور کسی بھی آگ لگنے کے واقعے کی فوری اطلاع دینے پر زور دیا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ میں 64 چھوٹے بڑے جنگلات موجود ہیں، جن کا مجموعی رقبہ 1 لاکھ 4 ہزار ایکڑ ہے۔ محکمہ جنگلات کے عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ ریسکیو 1122 کی تمام تحصیلوں کو بھی جنگلات میں آگ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا احسن اقدام، قبرستانوں میں صفائی مہم جاری

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا احسن اقدام، قبرستانوں میں صفائی مہم جاری

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک ظفر) ڈپٹی کمشنر کا احسن اقدام، قبرستانوں میں صفائی مہم جاری

    اوکاڑہ میں ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلع بھر کے قبرستانوں میں صفائی مہم جاری ہے۔ تینوں تحصیلوں میں عملہ قبرستانوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے اور ماحول کو بہتر بنانے میں مصروف ہے۔

    ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق صاف ستھرا ماحول صحت مند زندگی کی ضمانت ہے، اور اس مہم کے تحت شہریوں کو گلی، محلوں، پارکوں کے ساتھ ساتھ قبرستانوں میں بھی بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ تدفین اور فاتحہ خوانی کے لیے آنے والوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔