Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: غیر معیاری آئسکریم اور قلفیوں کی فروخت عروج پر، بیماریاں پھیلنے لگیں

    اوچ شریف: غیر معیاری آئسکریم اور قلفیوں کی فروخت عروج پر، بیماریاں پھیلنے لگیں

    اوچ شریف ,باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) موسم سرما کے آخری ایام میں غیر معیاری قلفیاں اور آئسکریم بیچنے والوں نے دھڑلے سے کاروبار شروع کر دیا، معصوم بچے بیمار، ہسپتالوں میں رش بڑھ گیا، پنجاب فوڈ اتھارٹی خاموش تماشائی۔

    شہر اور گردونواح میں مضر صحت کیمیکل اور غیر معیاری رنگوں سے بنی آئسکریم اور قلفیاں فروخت کی جا رہی ہیں، جعلی جوس بھی کھلے عام دستیاب ہیں۔ چھوٹے بچے، خواتین اور بزرگ گیسٹرو، نزلہ زکام، ہیپاٹائٹس اور معدے کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

    عوام کا ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ، مضر صحت اشیاء بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل۔

  • اوچ شریف: پھیری والوں کا لاؤڈ اسپیکر کا بے دریغ استعمال، عوام کا سکون برباد

    اوچ شریف: پھیری والوں کا لاؤڈ اسپیکر کا بے دریغ استعمال، عوام کا سکون برباد

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) ریڑھی بانوں، گدھا گاڑیوں، چنگ چی رکشوں اور موٹرسائیکلوں پر نصب لاؤڈ اسپیکرز کی اونچی آوازوں نے شہریوں کا سکھ چین چھین لیا۔ علی الصبح سبزی، کپڑے اور منیاری کا سامان بیچنے کے لیے شور شرابے سے شہری شدید پریشان ہیں۔

    حکومت پنجاب کی جانب سے لاؤڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال پر پابندی کے باوجود انتظامیہ خاموش ہے۔ جبکہ مساجد میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر سخت پابندی ہے، مگر ریڑھی بانوں پر کوئی قدغن نہیں۔

    شہریوں کا ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ – ان کا کہنا ہے کہ بلاجواز شور پر پابندی عائد کر کے شہریوں کو ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے۔

  • اوچ شریف: گندگی اور ناقص سیوریج نے شہر کو جوہڑ بنا دیا، شہری پریشان

    اوچ شریف: گندگی اور ناقص سیوریج نے شہر کو جوہڑ بنا دیا، شہری پریشان

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) میونسپل کمیٹی اوچ شریف کا عملہ صفائی کے بجائے تنخواہوں تک محدود، شہر گندگی اور ناکارہ سیوریج کے باعث بدبو اور بیماریوں کی لپیٹ میں آ گیا۔

    محلہ اکبر ٹاؤن، سحر پبلک اسکول والی گلی سمیت کئی علاقے گٹروں کے گندے پانی میں ڈوب چکے ہیں، جس سے نمازیوں، طلبہ اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تعفن اور گندگی کے باعث شہری گھروں میں محصور ہو چکے ہیں، جبکہ میونسپل کمیٹی کے عملے کی عدم دلچسپی نے صورتحال مزید بگاڑ دی ہے۔

    شہریوں کا ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری کارروائی کا مطالبہ – ان کا کہنا ہے کہ سیوریج لائنوں کو فوری بحال کیا جائے تاکہ عوام کو اس عذاب سے نجات ملے۔ گندے پانی میں گرنے سے بچے جلدی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں اور ناقص نکاسی آب کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بڑھ چکا ہے۔

    شہریوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد صفائی کے انتظامات بہتر نہ کیے گئے تو احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

  • میرپورخاص: میئر کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، صفائی نہ ہونے پر احتجاج کی دھمکی

    میرپورخاص: میئر کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، صفائی نہ ہونے پر احتجاج کی دھمکی

    میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) میرپورخاص میں صفائی کی ناقص صورتحال پر شہریوں اور تاجروں کا شدید احتجاج، میئر اور یو سی چیئرمین ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے لگے۔

    بھانسنگھ آباد کے مکین اور دکاندار غلاظت کے ڈھیر اور گندے پانی کے جوہڑوں میں گھرے ہوئے ہیں، مگر میونسپل انتظامیہ اور منتخب نمائندے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔

    جامع فضل ربی مسجد کے خطیب مفتی ایوب سکندری نے انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جمعرات سے پہلے صفائی نہ ہوئی تو احتجاج کریں گے اور میونسپل حکام کو بتائیں گے کہ حق کیسے لیا جاتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شب برأت عبادت اور توبہ کا موقع ہے، لیکن گندگی اور تعفن نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ انہوں نے میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پھولوں کی نمائش کے اجلاس کر رہے ہیں جبکہ شہری بدبو اور گندگی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

    دکانداروں کا کہنا ہے کہ میئر اور یو سی چیئرمین ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال رہے ہیں، عوام جائے تو کہاں جائے؟۔ یو سی چیئرمین رزاق ہاشوانی نے عارضی طور پر مسئلہ حل کیا، مگر دو دن بعد ہی ڈرینج کا پانی دوبارہ سڑکوں پر آ گیا۔

    عوام نے الزام لگایا کہ فنڈز آ رہے ہیں، مگر شہریوں کو اس کا فائدہ نہیں پہنچ رہا، تمام پیسے انتظامیہ ہڑپ کر جاتی ہے۔ دوسری جانب میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری کا مؤقف ہے کہ اب صفائی کا کام یونین کونسل چیئرمینوں کی ذمہ داری ہے۔

    شہریوں نے حکام بالا سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

  • میرپورخاص: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحقین میں ونٹر پیکج کی تقسیم

    میرپورخاص: الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحقین میں ونٹر پیکج کی تقسیم

    میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی غریب اور بے سہارا افراد میں ونٹر پیکج کے تحت لحاف، رضائیاں، گدے اور تکیے تقسیم کیے۔

    اس سلسلے میں جامعۃ الہدی میرپورخاص میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں شہر بھر سے 80 مستحق مرد و خواتین کو سردی سے بچاؤ کے لیے ضروری سامان فراہم کیا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے صدر عرفان الحق قریشی، سماجی خدمات کے انچارج نادر خان اور نائب امیر جماعت اسلامی میرپورخاص مفتی تحسین احمد بھٹو نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف ملک بلکہ عالمی سطح پر بھی ناگہانی آفات میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے اور عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد معاشرتی خدمات کے ذریعے ضرورت مند افراد کی مدد کرنا اور انہیں شدید سردی سے محفوظ رکھنا ہے۔ تنظیم آئندہ بھی فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ معاشرتی بہبود میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

  • سیالکوٹ: پیسپ پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

    سیالکوٹ: پیسپ پراجیکٹ تکمیل کے آخری مراحل میں، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

    سیالکوٹ,باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو)اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور فیصل اکرام چودھری کو پراجیکٹ ڈائریکٹر پیسپ حمزہ سالک اور نیسپاک ٹیم کی جانب سے پیسپ پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال، خواجہ ٹیپو، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن اقبال سنگھیڑا، چیف انجینئر پیسپ شیخ طاہر، سیف اللہ، سی او ایم سی ایس ملک اعجاز اور سٹی مینیجر پیسپ علی خان بھی موجود تھے۔

    رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے پیسپ حکام کو ہدایت کی کہ پیسپ پراجیکٹ کے تحت واٹر سپلائی اور سیور لائن ڈالنے کے بعد روڈ اور گلیوں کی بحالی کا کام 30 روز میں مکمل کیا جائے۔

    پنجاب سٹیز امپروومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام (پیسپ) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ گئے ہیں۔ سیوریج اور واٹر سپلائی کی لائنیں اور کنڈوٹ ڈالنے کے بعد روڈ اور گلیوں کی بحالی کے کام کو جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

    محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ پیسپ پراجیکٹ کا مقصد سیالکوٹ کے باسیوں کا معیار زندگی بہتر بنانا ہے اور اس پراجیکٹ کو ایشین بینک کے اشتراک سے حکومت پنجاب نے شروع کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی کوالٹی کو یقینی بنانے کے لیے نیسپاک کے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ان کی بنیادی ذمہ داری ڈیزائن کے مطابق منصوبے کی تکمیل اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانا ہے۔ میونسپل کارپوریشن اور پیسپ ٹیم کے تعاون سے منصوبوں کی کوالٹی اور بحالی پر بھرپور توجہ دی جائے گی تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچیں اور ان کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔

  • اوکاڑہ: سرکاری سکولوں میں شجرکاری مہم کا آغاز

    اوکاڑہ: سرکاری سکولوں میں شجرکاری مہم کا آغاز

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمنٹری فرزانہ انور بلوچ نے کہا ہے کہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول برقرار رکھنے کے لیے کثیر تعداد میں شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سرکاری سکولوں میں شجرکاری مہم کو مؤثر بنایا جائے، اور پودوں کی مناسب آبیاری کے ذریعے ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    یہ بات انہوں نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول 35/2-RA میں شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، سکول پرنسپل، اساتذہ اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔

    ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے بتایا کہ 15 فروری کو شجرکاری کا دن منایا جا رہا ہے، جس کے تحت سرکاری سکولوں میں طلبہ کو شجرکاری کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اس مہم کے دوران نہ صرف پودے لگائے جائیں گے بلکہ طلبہ کو شجرکاری کا پیغام دوسروں تک پہنچانے کی بھی تلقین کی جائے گی۔

    مہم کے دوران شرکا نے سکول میں پودے لگا کر عملی شجرکاری کا آغاز کیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: کوٹ چھٹہ بازار میں دکانوں پر بورڈز کی تنصیب شروع

    ڈیرہ غازی خان: کوٹ چھٹہ بازار میں دکانوں پر بورڈز کی تنصیب شروع

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایات پر میونسپل کمیٹی کوٹ چھٹہ کے زیر اہتمام دکانوں پر بورڈز لگانے کا عمل شروع ہو گیا۔

    اس مہم کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر/ایڈمنسٹریٹر محمد جنید خان اور چیف آفیسر جواد الحسن گوندل کر رہے ہیں، جبکہ ایم او آر معطر کرن اور ایم او آئی اینڈ ایس غلام اکبر اس عمل کو مکمل کروا رہے ہیں۔

    بازار کے دکانداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ جلد از جلد بورڈز کی تنصیب مکمل کریں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں بہتری لائی جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، صفائی مہم پر تفصیلی بریفنگ

    اوکاڑہ: ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس، صفائی مہم پر تفصیلی بریفنگ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممبران صوبائی اسمبلی ملک علی عباس کھوکھر، نورالامین ناصر، غلام رضا بیرا، چوہدری افتخار حسین چچھر، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈی پی او راشد ہدایت سمیت ضلعی انتظامیہ اور وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی ستھرائی اور سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے آؤٹ سورسنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کے پروکیورمنٹ مینجر رضوان احمد نے بتایا کہ ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں میں صفائی، عارضی ڈمپنگ پوائنٹس، کچرا کلیکشن، رقوم کی ادائیگی اور ملازمین کی حاضری کے نظام پر کام تیزی سے جاری ہے اور جلد کمپنی باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کرے گی۔

    اراکین اسمبلی نے کمپنی کے ورکنگ پلان کی فیزیبلٹی کے حوالے سے اگلے اجلاس میں مکمل تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ ستھرا پنجاب مہم ایک بے مثال منصوبہ ہے، جس کے تحت ضلع بھر کو زیرو ویسٹ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اعلان کیا کہ تحصیل سطح پر عوامی نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کے افسران پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ صفائی ستھرائی کے مثالی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • پیرعادل:یارو موڑ تونسہ روڈ پر ڈکیتی،مقامی  صحافی لُٹ گیا

    پیرعادل:یارو موڑ تونسہ روڈ پر ڈکیتی،مقامی صحافی لُٹ گیا

    پیرعادل (نامہ نگار) یارو موڑ تونسہ روڈ پر ڈکیتی،مقامی صحافی لُٹ گیا

    یارو موڑ تونسہ روڈ پر ڈکیتی کی واردات میں باغی ٹی وی کے نمائندے باسط علی گاڈی کو مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔ ڈاکو موبائل، پرس، نقدی اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔

    9 فروری 2025 کو رات 8 بجے باسط علی ولد عابد حسین گاڈی سرور والی سے اپنی CD موٹر سائیکل پر پیر عادل گھر جا رہا تھا کہ یارو موڑ تونسہ روڈ پر تین نامعلوم ڈاکوؤں نے جو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے، گن پوائنٹ پر روک کر موبائل فون، پرس، نقدی اور موٹر سائیکل چھین لی اور فرار ہو گئے۔

    واردات کی اطلاع ملتے ہی تھانہ صدر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ پولیس نے تین نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ صدر نے متاثرہ صحافی کو یقین دلایا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل، نقدی، شناختی کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ برآمد کیے جائیں گے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔