Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • حافظ آباد: اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے اتحاد ناگزیر، عملی تحریک کا آغاز

    حافظ آباد: اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے اتحاد ناگزیر، عملی تحریک کا آغاز

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگار) ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع حافظ آباد کی قیادت کا اجلاس صدر ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن پنجاب ڈاکٹر ضمیر الحسن کی صدارت میں منعقد ہوا، جس کی میزبانی چیئرمین متحدہ محاذ اساتذہ چوہدری اقبال ہنجرا نے کی۔ اجلاس میں سابق رہنما پنجاب ٹیچرز یونین مہر حبیب اللہ، محمد مالک طاہر ہنجرا اور فخر پنجاب منیر خان شنو نے خصوصی شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ضمیر الحسن نے اساتذہ کے مسائل کا ذمہ دار نااہل اور غیر مخلص قیادت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے مفادات کو ہمیشہ ذاتی مفادات پر قربان کیا گیا ہے۔ مہر حبیب اللہ نے اساتذہ کے اتحاد کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقوق کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد کا آغاز کردیا گیا ہے اور ضلع حافظ آباد کی تمام تنظیمات کو متحد کیا جائے گا۔

    دیگر مقررین، جن میں طاہر مالک، منیر خان شنو اور محسن اعجاز شامل تھے، نے بھی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی تقسیم محکمہ تعلیم کے زوال کا سبب بن رہی ہے، لہٰذا تمام تنظیمات کو فوری طور پر ایک پلیٹ فارم پر آنا ہوگا۔ اس مقصد کے تحت جلد مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: ریڈیو ایف ایم 101 کی منتقلی پر تشویش، انٹرنیشنل کانفرنس میں مطالبہ

    سیالکوٹ: ریڈیو ایف ایم 101 کی منتقلی پر تشویش، انٹرنیشنل کانفرنس میں مطالبہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ممتاز مذہبی و سماجی رہنما صوفی رانا بیدار حسین منج نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر یہاں قائم ریڈیو پاکستان کے ایف ایم 101 اسٹیشن پر طاقتور ٹرانسمیٹر نصب کرنے اور میڈیم ویو نشریات شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

    وہ سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کے زیر اہتمام ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تیسری سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔

    کانفرنس کے دوران صوفی رانا بیدار حسین منج نے سیالکوٹ ریڈیو اسٹیشن کو ڈسکہ انڈسٹریل اسٹیٹ منتقل کرنے کے فیصلے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کی واپسی کا مطالبہ کیا۔

    صدر کانفرنس شہزاد حسین نقوی نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سے ملاقات کرکے یہ فیصلہ واپس لینے کی درخواست کریں گے۔

    تقریب کی صدارت کوآرڈی نیٹر سیالکوٹ ٹورزم اینڈ کلچرل فورم شہزاد حسین نقوی نے کی، جبکہ دیگر نمایاں شرکاء میں اسٹیشن ڈائریکٹر فرخ وحید آسی، پروگرام پروڈیوسر انجم چودھری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کمیونٹی ڈویلپمنٹ کنسرن عبدالشکور مرزا، صدر سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب زاہد حسین، ملک خورشید اعوان، چودھری محمد یونس، زاہد شریف، آر جے محمد ریحان امجد، خواجہ امتیاز راٹھور، تابندہ انور، فوزیہ طاہرہ، فاقیہہ قمر، عائشہ نوید سمیت ریڈیو کے سامعین کی بڑی تعداد شامل تھی۔

    پروگرام پروڈیوسر انجم چودھری نے کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے نہ صرف ایف ایم 101 ریڈیو اسٹیشن کو سیالکوٹ میں برقرار رکھنے بلکہ اس کے لیے مناسب عمارت فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا ہے۔کانفرنس کے دوران خالد لطیف، طاہر منیر طاہر اور عبدالشکور مرزا کی کوششوں کو سراہا گیا، جنہوں نے سیالکوٹ میں ریڈیو پاکستان اسٹیشن کے قیام میں کردار ادا کیا۔

    تقریب کے اختتام پر سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کی تیسری سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، اور تمام شرکاء نے ریڈیو کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • سیالکوٹ : آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی ادبی کانفرنس 15 فروری کو ہوگی

    سیالکوٹ : آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی ادبی کانفرنس 15 فروری کو ہوگی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) بین الاقوامی شہرت یافتہ ادبی تنظیم آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (اپووا) کے زیر اہتمام ادبی کانفرنس 15 فروری بروز ہفتہ اللہ مالک ہوٹل، سیالکوٹ میں منعقد ہوگی۔

    یہ کانفرنس زبیر احمد انصاری کی زیر سرپرستی اور بانی اپووا ایم ایم علی کی زیر نگرانی منعقد کی جا رہی ہے، جس میں ملک بھر کے نامور لکھاری، موٹیویشنل اسپیکرز، اسکالرز، ڈرامہ نگار اور شوبز سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔

    نمایاں شخصیات میں ایوارڈز اور میڈلز کی تقسیم
    تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز اور میڈلز سے نوازا جائے گا۔ کانفرنس میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی تعاون اور فروغِ ادب کا مشن
    اس تقریب کے انعقاد میں گھوئنکی لائن کلب، یو ایس اے سے فرظینہ مقصود بٹ اور کاروان قلم رائٹر فورم کا تعاون بھی حاصل ہے۔

    چیئرمین اپووا زبیر احمد انصاری اور بانی اپووا ایم ایم علی کا کہنا ہے کہ اپووا فروغِ ادب کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور یہ ادبی کانفرنس بھی اسی مشن کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہرِ اقبال میں یہ ایک یادگار ادبی کانفرنس ثابت ہوگی۔

  • سیالکوٹ: ریڈیو کے عالمی دن پر انٹرنیشنل کانفرنس، سالگرہ کا کیک کاٹا گیا

    سیالکوٹ: ریڈیو کے عالمی دن پر انٹرنیشنل کانفرنس، سالگرہ کا کیک کاٹا گیا

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر سٹی میگ، سیالکوٹ آرٹ اینڈ کلچر سینٹر، مدینہ ٹرسٹ، اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کنسرن کے تعاون سے سیالکوٹ ریڈیو لسنرز کلب کے زیر اہتمام تیسری سالانہ انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی، جبکہ مہمانِ خصوصی صوفی رانا بیدار حسین منج، شہزاد حسین نقوی، اسٹیشن ڈائریکٹر فرخ وحید آسی، عبدالشکور مرزا، زاہد حسین، ملک خورشید اعوان اور چودھری محمد یونس نے کانفرنس کے موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹا۔

    اس موقع پر مقررین نے ریڈیو کی تاریخی و ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے معلومات اور تفریح کا مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ تقریب میں ریڈیو کے فروغ اور اس کی مستقبل میں ترقی کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔

  • گوجرہ: نو منتخب صدور کے اعزاز میں پروقار تقریب، وکلا، ڈاکٹرز اور تاجروں کی شرکت

    گوجرہ: نو منتخب صدور کے اعزاز میں پروقار تقریب، وکلا، ڈاکٹرز اور تاجروں کی شرکت

    گوجرہ ، باغی ٹی وی(نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) گوجرہ کے عوام کی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے، ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اسد زمان چیمہ، سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبد القدیر اعوان اور دیگر مقررین نے اثاثہ مارکی گوجرہ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تقریب کا انعقاد معروف سماجی و سیاسی شخصیت عاطف رؤف ملک عرف جوجی کی جانب سے نو منتخب صدر بار ایسوسی ایشن گوجرہ طارق حسین مرزا ایڈووکیٹ اور نو منتخب صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن گوجرہ ڈاکٹر محمد سلطان کے اعزاز میں کیا گیا۔

    تقریب میں وکلا، ڈاکٹرز، صحافیوں، انجمن تاجران، صرافہ ایسوسی ایشن اور دیگر سماجی و سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے دونوں نو منتخب صدور کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سابق صدر بار ایسوسی ایشن گوجرہ شیخ محمد جاوید نے انجام دیے۔

    تقریب کے میزبان عاطف رؤف ملک نے کہا کہ گوجرہ کے معزز اداروں کی قیادت ایسے باصلاحیت اور دیانتدار افراد کے ہاتھ میں آنا خوش آئند ہے جو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔

    نو منتخب صدر بار ایسوسی ایشن گوجرہ طارق حسین مرزا اور صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر سلطان نے اپنے خطاب میں شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری اور محنت سے نبھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

    عشائیے کے دوران گوجرہ کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی مسائل کے حل کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ شہر کی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

  • عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا، بنیادی رکنیت ختم کرنے کی تیاری

    عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا، بنیادی رکنیت ختم کرنے کی تیاری

    اسلام آباد (باغی ٹی وی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا۔ ذرائع کے مطابق انہیں بار بار پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر یہ فیصلہ کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات دینے پر پہلے ہی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود انہوں نے پارٹی کے فیصلوں کے خلاف بولنا جاری رکھا۔ صوابی جلسے میں غیرضروری تقریر کرنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ان پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا، اور اس کے بعد ان سے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ بھی طلب کیا جائے گا۔ پارٹی قیادت کی جانب سے یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب متعدد رہنماؤں نے شیر افضل مروت کے رویے پر عمران خان سے شکایت کی۔

    واضح رہے کہ 8 فروری کو صوابی میں ہونے والے جلسے میں شیر افضل مروت کو اسٹیج پر جگہ نہیں دی گئی تھی اور نہ ہی انہیں تقریر کرنے کا موقع ملا تھا۔ اس صورتحال پر انہوں نے شدید ناراضی کا اظہار کیا اور کہا تھا کہ اگر قیادت میرے آنے سے ناخوش تھی تو پہلے ہی آگاہ کر دیا جاتا۔

    صوابی جلسے میں شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جبکہ سلمان اکرم راجہ کی تقریر کے دوران شیر افضل مروت نے اسٹیج پر مخالف نعرے لگوا دیے، جس سے صورتحال کشیدہ ہو گئی۔

    شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ صرف بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے جلسے میں شریک ہوئے تھے، اگر ان کی موجودگی قیادت کے لیے مسئلہ تھی تو انہیں پہلے ہی آگاہ کر دیا جاتا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندرونی معاملات اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر مزید سخت اقدامات بھی متوقع ہیں۔

  • جنوبی پنجاب میں اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈی جی خان میں سخت نگرانی

    جنوبی پنجاب میں اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈی جی خان میں سخت نگرانی

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی )جنوبی پنجاب میں اسمگلنگ روکنے کے لیے ڈی جی خان کے قبائلی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نئی چیک پوسٹوں کی تعمیر جاری ہے، جن پر جوائنٹ فورسز تعینات کی جائیں گی جبکہ بارڈر ملٹری پولیس (بی ایم پی) میں نئی بھرتیاں بھی کی جا رہی ہیں۔

    یہ بات کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی سے ملاقات کے دوران بتائی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے اسمگلنگ کے خلاف سخت ترین اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی آئل کی اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ کھاد کی اسمگلنگ جنوبی پنجاب میں زرعی پیداوار پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جدید اسلحے کی اسمگلنگ کے حوالے سے بھی خفیہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں، لہٰذا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کوہ سلیمان میں انفرا اسٹرکچر میں اضافے اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کا بھی حکم دیا۔

    کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے بریفنگ میں بتایا کہ بین الصوبائی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بارڈر فورس کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ بارڈر ملٹری پولیس میں بھی نئی بھرتیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

    16 نئی چیک پوسٹیں تعمیر ہو چکی ہیں، جبکہ جوائنٹ فورسز کی تعیناتی کے لیے 3 بڑی چیک پوسٹوں کی تعمیر کے ٹینڈر جاری کر دیے گئے ہیں۔
    کوہ سلیمان امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت 15 سڑکوں کی تعمیر مکمل، جبکہ 8 مزید پر کام جاری ہے۔گزشتہ ایک سال میں 268 اسمگلرز گرفتار، 216 مقدمات درج اور 278 گاڑیاں ضبط کی جا چکی ہیں۔

    انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی، اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • لاہور: شادی کی تقریب میں ناقص کھانا، 200 سے زائد افراد بیمار، متعدد کی حالت تشویشناک

    لاہور: شادی کی تقریب میں ناقص کھانا، 200 سے زائد افراد بیمار، متعدد کی حالت تشویشناک

    لاہور(باغی ٹی وی) شادی کی تقریب میں ناقص کھانے کے باعث 200 سے زائد مہمان فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ متاثرہ افراد کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جبکہ انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے خیابانِ امین کے رہائشی سرفراز کی شادی ایک نجی شادی ہال میں منعقد کی گئی، جہاں مہمانوں کے لیے پیش کیا گیا کھانا غیر معیاری ثابت ہوا۔ تقریب میں شرکت کرنے والے 360 میں سے 200 سے زائد افراد کھانے کے بعد شدید طبیعت خراب ہونے کی شکایت کرنے لگے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

    ہسپتال ذرائع کے مطابق جنرل اسپتال میں داخل 9 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ رائیونڈ انڈس ہسپتال میں 27 متاثرین کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دیگر مریضوں کو بھی مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    شادی کے میزبان سرفراز نے الزام عائد کیا ہے کہ ستوکتلہ مارکی انتظامیہ نے انتہائی ناقص اور غیر معیاری کھانا فراہم کیا، جس کی وجہ سے مہمانوں کی طبیعت بگڑ گئی۔ متاثرین کے اہلِ خانہ نے بھی ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ نے شادی ہال کو سیل کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کھانے کے نمونے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    متاثرین اور اہلِ خانہ کی جانب سے ناقص کھانے کے خلاف شدید احتجاج بھی کیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہوٹلوں اور شادی ہالز میں کھانے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

  • گرفتار ایجنٹس رہا نہ کیے گئے تو پاک افغان شاہراہ بند کریں گے، کسٹم کلیئرنس ایسوسی ایشن

    گرفتار ایجنٹس رہا نہ کیے گئے تو پاک افغان شاہراہ بند کریں گے، کسٹم کلیئرنس ایسوسی ایشن

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) آل طورخم کسٹم کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے گرفتار ایجنٹس کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور انتباہ دیا کہ اگر 24 گھنٹوں میں رہا نہ کیا گیا تو پاک افغان شاہراہ بند کر کے غیر معینہ مدت تک احتجاج کیا جائے گا۔

    چیئرمین معراج الدین شینواری، صدر مجیب شینواری اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے 40 روز قبل ایجنٹس کو ڈالر ڈیکلریشن کے معاملے پر حراست میں لیا، جو غیر قانونی اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم ایجنٹس کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ایف آئی اے یا کسٹم حکام کے حوالے کیا جانا چاہیے تھا، مگر انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔

    رہنماؤں نے طورخم بارڈر پر کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کے مواقع کم ہونے کی وجہ سے مقامی افراد دیگر علاقوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی حکام سے مذاکرات اور جرگے بے سود رہے، اب اگر ایجنٹس کو فوری رہا نہ کیا گیا تو سخت احتجاج کیا جائے گا، جس میں شاہراہ کی بندش اور قلم چھوڑ ہڑتال بھی شامل ہوگی۔

  • چولستان، بین الاقوامی ثقافتی میلہ اور 20ویں جیپ ریلی

    چولستان، بین الاقوامی ثقافتی میلہ اور 20ویں جیپ ریلی

    چولستان، بین الاقوامی ثقافتی میلہ اور 20ویں جیپ ریلی
    تحریر: ڈاکٹر محمد الطاف ڈاھر جلالوی
    چولستان جیپ ریلی کا آغاز 2005 ء میں ہوا جو کہ اب ایک بین الاقوامی سطح کی سرگرمی بن چکی ہے، جس میں نامور ملکی و غیرملکی مرد ڈرائیورز کے ساتھ ساتھ اب خواتین ڈرائیورز بھی حصہ لیتی ہیں۔

    سرائیکی خطہ ہزاروں سال سے قدیم تہذیب وتمدن اور ثقافت کا مرکز بنتا آرہا ہے۔روہی چولستان اور سرائیکی وسیب جسم و روح کی مانند ہیں۔سابق سرائیکی ریاست موجودہ ڈویژن بہاولپور دنیا میں لینگؤیج ،لٹریچر،آرٹ،کلچر اور ایگری کلچر میں ایک منفرد اعزاز رکھتا ہے۔چولستان کا دل روایتی فنون لطیفہ کی علامت قلعہ ڈیراور کے مقام پر 20ویں انٹرنیشنل جیپ ریلی کا آغاز 12فروری تا 16 فروری 2025ء درحقیقت خوشحالی اور تعمیر نو کے نئے سفر کی نوید ہے۔قرآن مجید میں اللہ رب العزت نے فرمایا "سِیْرُوا فِی الْأَرْضِ” (سَیْرُوا فِی الْأَرْضِ)جس کا مطلب ہے "زمین میں چل پھر کر دیکھو” یا "زمین میں سیر کرو” ۔ یہ آیت قرآنِ کریم میں کئی مقامات پر آئی ہے، جیسے کہ سورۂ نمل (27:69)،سورۂ عنکبوت (29:20)، سورۂ محمد (47:10) اس کا مفہوم یہ ہے کہ لوگ زمین میں سیر و سیاحت کریں، تاریخ سے سبق سیکھیں،پچھلی قوموں کے انجام پر غور کریں اور اللہ کی نشانیوں کو دیکھیں تاکہ ان کے ایمان میں اضافہ ہو۔

    زمین کی سیر سے رزق ملتا ہے۔صدیوں سے انسان روٹی روزی اور قتل وغارت کے خوف سے ایک خطے سے دوسرے خطے تک ہجرت کرتا رہا ہے۔کل کی ہجرت آج موجودہ عہد میں سیرو سیاحت نے تجارت کو فروغ دیا۔اس دوران انسان نے مختلف علاقوں کی تہذیب و تمدن،لباس ،ثقافت،زبانیں، رسوم و رواج، ادب، فنون کو سیکھا اور آپنی نئی نسل تک منتقل کیا۔اب دنیا میں سیر و ساحت باقاعدہ ایک ثقافتی ،سماجی، معاشی خوشحالی کا ذریعہ بن چکی ہے۔خوبصورت پہاڑ، دریا،جنگل،سمندر،میدان اور صحراء قدرتی مناظر مالی وسائل کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔سات سےآٹھ ہزار سال قدیم تاریخی شہر گنویری والا چولستان سرائیکی وسیب کی تمدنی عظمت کی گواہی دراصل پوری دنیا کے لیے انسانی امن ومحبت پیغام اور مشترکہ تہذیبی ورثے کا گہوارہ ہے۔قدیم آثارقدیمہ ریسرچ ورک کے مطابق وادی ہاکڑہ سرسوتی تہذیب وتمدن،جس کو میں وادی سرائیکی تہذیب وتمدن مانتا ہوں۔کیونکہ حرف س سے سرسوتی،سرسوتی سے سرائیکی،سرائیکی زبان میں حرف س سے لفظ سنا، سنا کا مطلب پانی ہے۔پانی انسان، حیوان، نباتات و جمادات کی زندگی کی رونق ہے۔

    سرائیکی لفظ سنا سے سندھ بنا ہے۔پھر اس دریا کی نسبت سے وادی سندھ تہذیب وتمدن کی بنیاد بنی۔جس کی ماں وادی ہاکڑہ سرسوتی تہذیب وتمدن روہی چولستان ہے۔آج بھی دریائے سندھ کو پاکستان میں ابا سین کہا جاتا ہے۔دراصل یہ لفظ اباسئیں ہے۔سب کا باپ۔اس پر ہزاروں صدیوں پرانا سرائیکی آکھان جیئں نہ ڈٹھا ملتان نہ او ھندو نہ او مسلمان۔اردو ضرب المثل”آگرہ اگر دلی مگر ملتان سب کا پدر، سرائیکی دھرتی کی عظمت کا اعتراف ہے۔آج بھی سندھ میں سرائیکی زبان کو فوقیت حاصل ہے۔یونانی حملہ آوروں کی زبان میں حرف "س” کی جگہ "ا” الف یا "ہ” بولا جاتا ہے، جیسے سندھ سے "ہند” یا "اند” ہے۔لفظ سندھستان سے ہندوستان ہوگیا۔جس طرح سندھی زبان کے حروف تہجی میں ں نون غنہ کو لکھنے میں ن لکھا جاتا ہے۔پھر اباسئیں سے اباسین ہوگیا۔آج ہمارے پیارے ملک پاکستان میں سب سے میٹھی اور مرکزی زبان سرائیکی ہی ہے۔جو پاکستان کے ہر صوبے میں بولی اور سمجھی جاتی ہے۔دریائے سرسوتی ندی کی بندرگاہ پتن منارہ صحراء چولستان میں موجود ہے۔قرآن مجید میں اصحاب الرس سے مراد بھی چولستان گنویری والا قدیم ترین شہر کی طرف گواہی ہے۔

    کل سے صحراء چولستان میں ثقافتی میلہ اور سپورٹس ایونٹ اہم مرحلہ جیپ ریلی کا آغاز ہوگا۔چولستان جیپ ریلی پاکستان کی ایک مشہور آٹو ریس ہے۔اس کی شروعات جکارتہ ڈاکار جیپ ریلی کی طرز 2005ء میں ہوا۔ اب ہر سال یہ انٹرنیشنل ایونٹ سرائیکی قلب محلوں کے شہر بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ کے سابق شاہی دارالحکومت ڈیرہ نواب صاحب سے تقریبا 50 کلو میٹر دور روہی چولستان میں منعقد ہوتا ہے۔ یہ ایونٹ نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں ایک مشہور اور دلچسپ ریلی کے طور پر جانا جاتا ہے۔ بین الاقوامی چولستان جیپ ریلی 2005ء سے اب تک مقامی سرائیکی وسیب کے ساتھ پاکستان سمیت عالمی شہرت یافتہ ایک اہم کلچرل ایونٹ بن چکا ہے۔خواب سے حقیقت کا یہ خوبصورت سماں جاری ہے۔جس میں دنیا بھر کے ڈرائیورز اور آٹوموبائل شوقین افراد شرکت کرتے ہیں۔اس کا پاکستان کے خوبصورت تصوف علاقے سرائیکی وسیب کے ورلڈ چولستانی صحرائی ماحول میں منعقد ہونا مقامی سطح پر روزگار فراہمی کا بہترین ذریعہ ہے۔اس ایونٹ کا مقصد نہ صرف آٹو ریسنگ کو فروغ دینا ہے بلکہ چولستان کی قدیم تہذیب وتمدن،ثقافت،تاریخ اور قدرتی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے لانا بھی ہے۔چولستان کے علاقے کی دلکش صحرا، روایتی دیہاتی زندگی اور تاریخی مقامات اس ایونٹ کو منفرد بناتے ہیں۔

    چولستان جیپ ریلی کا روٹ سخت اور چیلنجنگ ہوتا ہے۔جس میں ریت کے ٹیلے، پتھریلی زمین اور تیز ہوا کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ ایونٹ ڈرائیورز کے لیے اپنی مہارت، تجربے اور قوت ارادی کا امتحان ہوتا ہے۔ ریلی کے دوران ڈرائیورز کو مختلف مشکل راستوں سے گزرنا پڑتا ہے۔ جن میں ریت کی چٹانیں،ٹیلے،دریائےسرسوتی کے خشک گمشدہ صحرائی راستے شامل ہیں۔ ریلی کے دوران مقامی ثقافت کی نمائش بھی کی جاتی ہے۔سرائیکی لوک موسیقی،مشاعرہ، جھومر،روایتی لباس اور کھانوں کے سٹال بھی سجائے جاتے ہیں۔ یہ ایونٹ ایک موقع ہوتا ہے جہاں لوگ نہ صرف سپورٹس کا لطف اٹھاتے ہیں بلکہ مقامی ثقافت سے بھی روشناس ہوتے ہیں۔مختلف مقابلوں میں 4×4 جیپ ریسنگ، موٹر سائیکل ریسنگ اور کلاسک کار ریسنگ شامل ہیں۔ یہ مقابلے مختلف سطحوں پر ہوتے ہیں تاکہ ہر قسم کے شرکاء کی شرکت ممکن ہو۔اس موقع پر دنیا بھر سے سیر و سیاحت کے شوقین اور کلچرل ایکسپرٹ بھی ورلڈ ہیرٹیج قلعوں سمیت دیگر تاریخی مقامات کی سیر کرتے ہیں۔ورلڈ میگا ثقافتی و سپورٹس ایونٹ چولستان جیپ ریلی سے سیاحت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور ملکی وقار و زر مبادلہ میں خاطر اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ریسرچرز مقامی چولستانی اقدار اور قدرتی خوبصورتی کا تجربہ بھی کرتے ہیں۔

    چولستان جیپ ریلی نہ صرف ایک سپورٹس ایونٹ ہے بلکہ یہ پاکستان کی ثقافت،تاریخی ورثہ اور قدرتی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ہرسال اس ایونٹ کی مقبولیت بڑھ رہی ہے اور یہ دنیا بھر کے آٹو موبائل شوقین افراد کے لیے ایک بڑا موقع بن چکا ہے۔چولستان جیپ ریلی مقامی اور قومی سطح پر معاشی فوائد کا باعث بنتی جارہی ہے۔آرکیالوجی،ثقافتی،سماجی، تاریخی و معاشی فوائد میں آپس میں اتحاد ویکجہتی،رواداری، خلوص،فطرت شناسی جیسے عظیم جذبوں اور روزگار جیسے اقتصادی مواقعوں کو فروغ ملتا ہے۔اس سے مقامی ہوٹلوں،ریستورانوں اور دیگر سیاحتی سہولتوں کا کاروبار بڑھتا ہے۔مقامی کاروبار میں ترقی دیکھنےکو ملتی ہے۔ کھانے پینے کی اشیاء، سامان، اور یادگاروں کی فروخت میں اضافہ ہوتا ہے۔ملازمت کے مواقع ملتے ہیں جیسے کہ گاڑیوں اور خیمہ بستیوں کی سیکیورٹی کے مقامی لوگوں کی بھرتی ہوتی ہے۔اسی طرح زرعی ترقی میں کلیدی اضافہ ہوتا ہے۔

    سیاحوں کی آمد سے چولستان کے اطراف کے کسانوں کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔کیونکہ ان کا مال مویشی اور زرعی مصنوعات کی فروخت میں بھی خاطر خواہ اضافہ دیکھنے کو ملتا ہے۔نیشنل و انٹرنیشنل مارکیٹنگ کا ماحول پیدا ہوتا ہے۔حکومت اور پرائیویٹ سیکٹر پارٹنرشپ میں لین دین بڑھ جاتا ہے۔مقامی سطح کی ثقافت اور قدرتی حسن کو عالمی پذیرائی حاصل ہوتی ہے۔ملک کی نیک نامی اور برآمدات میں اضافے سے ترقی کا پہیہ چلتا ہے۔ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھتے ہیں۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ سرائیکی خطے میں معاشی خوشحالی اور ترقی کے لیے چولستان جیپ ریلی کے مرکزی مقام قلعہ ڈیراور پر ہاکڑہ میوزیم قائم کیا جائے، سرسوتی یونیورسٹی کے قیام کو عملی شکل دی جائے اور چولستانی دستکاریوں کے فروغ کے لیے چولستان ترقیاتی ادارہ گنویری والا میں بنایا جائے۔ مستقبل میں ان مستقل اداروں کے قیام سے نہ صرف مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ پورا سال جاری سیاحتی سرگرمیوں سے ملکی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔ اس سے سرائیکی خطے کی ہزار سالہ ثقافت، تہذیب اور تمدن کو فروغ ملے گا اور ملک کو بے شمار معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔سرائیکی قومی شاعر حضرت خواجہ غلام فرید رحمتہ اللہ علیہ کا کلام روہی چولستان کی شادابی کی عملی دستاویزات ہیں۔

    ہنڑ تھی فریدا شاد ول
    ڈکھڑیں کوں نہ کر یاد ول
    اجھو جھوک تھیسی آباد ول
    ایہ نیں نہ واہسی ہک منڑیں ۔