Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوکاڑہ: اڈا طبروق اور گردونواح میں ناجائز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

    اوکاڑہ: اڈا طبروق اور گردونواح میں ناجائز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈسٹرکٹ کونسل کے عملے نے بھاری مشینری کی مدد سے اڈا طبروق پر ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے سڑک کو عوام کے لیے کھول دیا۔ انٹی انکروچمنٹ انچارج ملک مدثر نزیر کے مطابق علاقے کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹی انکروچمنٹ ٹیم نے چک نمبر 11 فور ایل، 15 فور ایل اور گردونواح میں بھی آپریشن جاری رکھا، جس پر شہریوں نے سڑکوں کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عثمان احمد اور اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز کا شکریہ ادا کیا۔

    ملک مدثر نزیر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات کے مطابق ضلع کونسل کی ٹیم ہر صورت اپنے علاقے کو تجاوزات سے پاک رکھنے کی کوشش جاری رکھے گی۔

  • ڈیرہ غازیخان: ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائنز مقرر کر دی گئی

    ڈیرہ غازیخان: ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائنز مقرر کر دی گئی

    ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ٹائم لائنز مقرر کر دی گئی ہیں . معیاری مٹیریل کا استعمال یقینی بنانے کیلئے سخت نگرانی کے بھی احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں . یہ احکامات کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے . ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم اختر جتوئی اوردیگر نے منصوبوں کی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی .

    اجلاس میں رواں مالی سال کی اے ڈی پی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیاگیا. بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25کے تحت ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں 582منصوبوں پر کام کیا جارہاہے جس کیلئے حکومت پنجاب نے رواں مالی سال کیلئے 39ارب روپے مختص کیے ہیں . علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں صحت کی سہولیات میں بہتری اور اضافہ کیلئے زچہ بچہ ہسپتال ، نئی او پی ڈی اور گائنی وا رڈ تعمیر کیا جار ہا ہے . ڈویژنل ہیڈ کوارٹر پر ایک اور سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا .

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہاکہ تعمیراتی محکموں کے افسران فیلڈ میں زیادہ وقت گزاریں اور منصوبوں کو مانیٹر کیا جائے . مفاد عامہ کے منصوبوں میں ناقص مٹیریل ثابت ہونے پر تعمیراتی کمپنی کو آئندہ سرکاری منصوبوں کیلئے بلیک لسٹ کیا جائے گا تو وہاں متعلقہ تعمیراتی محکموں کے افسران کے خلاف بھی قانون کے تحت کارروائی ہو گی.

    کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے حائل رکاوٹوں اور خامیو ںکو دور کیا جائے . تمام محکمے مل کر کام کریں ، ذمہ داریاں ایک دوسرے پر عائد کرنے کی روش ترک کی جائے .

  • امجد اسلام امجد، لفظوں کےجادوگر، خیالوں کےمصور کو دنیا چھوڑے 2 برس بیت گئے

    امجد اسلام امجد، لفظوں کےجادوگر، خیالوں کےمصور کو دنیا چھوڑے 2 برس بیت گئے

    لاہور(باغی ٹی وی) اردو ادب کے درخشندہ ستارے، معروف شاعر اور ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد کو دنیا سے رخصت ہوئے دو برس بیت گئے۔ ان کی شاعری، نثر اور ڈراموں نے ایک ایسا تخلیقی جہان آباد کیا، جس کی بازگشت آج بھی سنائی دیتی ہے۔

    4 اگست 1944 کو لاہور میں پیدا ہونے والے امجد اسلام امجد نے اسلامیہ کالج لاہور سے بی اے اور پنجاب یونیورسٹی سے اردو میں ایم اے کیا۔ تدریس سے عملی زندگی کا آغاز کیا اور ایم اے او کالج لاہور میں اردو کے استاد رہے۔ 1975 سے 1979 تک پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر رہے، بعد ازاں 1989 میں اردو سائنس بورڈ کے ڈائریکٹر مقرر ہوئے اور چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں بطور پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی خدمات انجام دیں۔

    ان کی شاعری جذبات کی لطافت اور جدید حسیت کا حسین امتزاج تھی۔ ان کے تحریر کردہ ڈرامے "وارث”، "دہلیز”، "فشار”، "سمندر” اور "رات دن” کہانیوں سے زیادہ حقیقت کی تصویریں تھے، جن میں معاشرے کی دھڑکنیں محسوس کی جا سکتی ہیں۔

    پچاس سالہ ادبی کیریئر میں ستر سے زائد کتابیں تصنیف کیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی، ستارہ امتیاز اور ہلال امتیاز سمیت بے شمار ملکی و غیر ملکی اعزازات سے نوازا گیا۔ ان کی شخصیت پر دس سے زائد تنقیدی کتب بھی لکھی جا چکی ہیں۔

    10 فروری 2023 کو یہ درویش صفت شاعر ہمیشہ کے لیے دنیا سے رخصت ہو گیا، مگر اس کی تحریریں آج بھی دلوں میں زندہ ہیں، اور رہیں گی۔

  • سمبڑیال: اسمارٹ ویلیج سینٹر کی 23 کامیاب طالبات میں اسناد تقسیم

    سمبڑیال: اسمارٹ ویلیج سینٹر کی 23 کامیاب طالبات میں اسناد تقسیم

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض): سمبڑیال میں بیداری کے زیر اہتمام اسمارٹ ویلیج سینٹر روڑس کی 23 کامیاب طالبات کے اعزاز میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

    تقریب میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے چیئرمین حسن علی بھٹی مہمانِ خصوصی جبکہ سابق چیئرمین محمد افضل شاہین، بیداری کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشد محمود مرزا، نائب صدر حنا نورین سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

    حسن علی بھٹی نے تربیت یافتہ طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام خواتین کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرکے خود مختار بنانے کا انقلابی قدم ہے۔ محمد افضل شاہین نے کہا کہ خواتین کی ڈیجیٹل خواندگی میں اضافہ نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھائے گا بلکہ سماجی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

    تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی تین طالبات کو خصوصی طور پر موبائل فون دیے گئے تاکہ وہ اپنی ڈیجیٹل مہارتوں کو مزید بہتر بنا سکیں۔

  • ڈسکہ: تنظیم الاخوان کا ماہانہ  اجتماع، ملکی سلامتی کیلئے دعا

    ڈسکہ: تنظیم الاخوان کا ماہانہ اجتماع، ملکی سلامتی کیلئے دعا

    ڈسکہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک عمران)سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الاخوان ضلع سیالکوٹ کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع دارالعرفان ڈسکہ مرکز میں منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سالکین سمیت خواتین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    شیخ سلسلہ اور تنظیم الاخوان پاکستان کے سربراہ امیر عبدالقدیر اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے سالکین سے خطاب کیا۔ اس موقع پر صاحبِ مجاز عبدالحمید چھینہ ایڈووکیٹ نے نئے آنے والوں کو طریقہ ذکر سکھایا جبکہ جنرل سیکرٹری ضلع سیالکوٹ عارف رفیق نے ذمہ داران سے مختصر خطاب کیا۔

    آخر میں ملکی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں اور سالکین کی لنگر سے تواضع کی گئی۔

  • فیصل آباد: مسافر بس الٹنے سے 3 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    فیصل آباد: مسافر بس الٹنے سے 3 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    فیصل آباد: (باغی ٹی وی) فیصل آباد میں مسافر بس الٹنے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 9 زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ستیانہ بنگلہ کے قریب مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 9 زخمی ہوئے ہیں، مسافر بس میاں چنوں سے جڑانوالہ جا رہی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نعشوں اور زخمیوں کو آر ایچ سی ستیانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • آئین پر وار، عدلیہ بھی نشانے پر ہے: زرتاج گل

    آئین پر وار، عدلیہ بھی نشانے پر ہے: زرتاج گل

    اسلام آباد(باغی ٹی وی) تحریک انصاف کی رہنما و سابق وفاقی وزیر زرتاج گل نے حکومت پر آئین سے کھلواڑ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 17 سیٹوں والی حکومت کو طول دینے کے لیے ہر حد پار کی جارہی ہے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عدلیہ، صحافیوں اور سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنایا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے نہ آئین محفوظ ہے، نہ صوبے اور نہ کوئی سیاسی جماعت۔

    انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد سپریم کورٹ، ججز اور بینچز کو متنازع بنا دیا گیا، ملک کو سنگین بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، اب وکلا کو بھی مقدمات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ سیاسی نظریات مختلف ہوسکتے ہیں، اگر کوئی جماعت پی ٹی آئی کے ساتھ بیٹھتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ نظریہ بدل گیا، گرینڈ الائنس کی بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے عوام کو پی ٹی آئی کا ساتھ دینا ہوگا، عمران خان کے ساتھ سب کو کھڑا ہونا پڑے گا۔

    زرتاج گل نے مزید کہا کہ 8 فروری کو عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا، 17 نشستوں والی حکومت ہر کسی پر قدغن لگا رہی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف کو لکھے گئے خط میں ذاتی مفادات پر نہیں بلکہ آئین، قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کی۔

  • ڈی جی خان:قتل کے مقدمے کے مدعی اور گواہ پر جھوٹی ایف آئی آر، ورثاء کا تحفظ کا مطالبہ

    ڈی جی خان:قتل کے مقدمے کے مدعی اور گواہ پر جھوٹی ایف آئی آر، ورثاء کا تحفظ کا مطالبہ

    ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر)مقتول انیس الرحمٰن گل کے والد حاجی عبدالحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کو 20 نومبر 2023 کو دن دیہاڑے بھرے بازار میں یاسر بزدار اور اس کے ساتھی نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ جس کا تھانہ کالا میں مقدمہ درج ہوا اور ملزمان گرفتار ہوئے۔

    حاجی عبدالحق نے بتایا کہ قاتل کے بھائی خلیل نے پہلے تھانہ کالا میں نامعلوم افراد کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کروایا اور بعد میں مقتول کے ورثاء کو نامزد کرنے کی کوشش کی جو ناکام رہی۔ پھر ڈی جی خان کے تھانہ میں اسلامک لاء کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج تھا جس میں بھی خلیل نے مقتول کے ورثاء کو نامزد کرنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی ناکام رہی۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ 21 نومبر 2025 کو قاتل کے بھائی خلیل نے پیسے دے کر ایک عورت کو ملتان سے بلا کر مقدمہ قتل کے مدعی قمر اور گواہان شہزاد حمید وغیرہ پر جھوٹا مقدمہ درج کروایا۔ 7 فروری کو عدالت میں جرح کی پیشی تھی جب ملزم کو احاطہ عدالت لایا گیا تو قاتل اور اس کے رشتہ داروں نے مدعی پارٹی پر حملہ کر دیا جس کو پولیس نے ناکام بنا دیا۔

    حاجی عبدالحق نے کہا کہ خلیل اور اس کے ساتھی ہر وقت آتشیں اسلحہ سے لیس ہوتے ہیں اور انہیں ہراساں کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کرتے ہیں۔ وہ انہیں زبردستی صلح کرنے پر مجبور کر رہے ہیں اور صلح نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کو سکول بھی نہیں بھیج سکتے۔

    انہوں نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ انہیں تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے، قاتل گروپ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور تھانہ کالا میں درج جھوٹی ایف آئی آر 53/25 خارج کی جائے۔

  • ڈسکہ :پولیس کی بڑی کارروائی، شراب اور اسلحہ برآمد

    ڈسکہ :پولیس کی بڑی کارروائی، شراب اور اسلحہ برآمد

    ڈسکہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک عمران)ڈسکہ میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں شراب اور اسلحہ برآمد کیا ہے۔

    ریجنل انچارج ذوالفقار ورک اور ڈسٹرکٹ انچارج احسان ظفر سندھو کی زیر نگرانی انچارج پوسٹ سب انسپکٹر یاسر محبوب اور ٹیم پٹرولنگ پوسٹ گلوٹیاں موڑ نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشوں اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کو گرفتار کیا۔

    پولیس نے ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں ناکہ بندی کے دوران لاہور سے سیالکوٹ سپلائی کی جانے والی ولایتی شراب کی 242 بوتلیں برآمد کیں۔

    اس کے علاوہ شاہراہوں پر ناجائز اسلحہ لے کر گھومنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختار سکنہ سمڑیال کے قبضہ سے پسٹل 30 بور اور گولیاں جبکہ فرحان سکنہ سمبڑیال کے قبضہ سے پسٹل 9 ایم ایم اور گولیاں برآمد کی گئیں۔

    تینوں ملزمان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات تھانہ سٹی ڈسکہ اور بمبانوالہ میں درج کروائے گئے ہیں۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج احسان ظفر سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں اور ان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

  • سیالکوٹ:لاہور گرامر سکول میں کراٹے کی بلیو بیلٹ تقریب

    سیالکوٹ:لاہور گرامر سکول میں کراٹے کی بلیو بیلٹ تقریب

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) لاہور گرامر سکول میں کراٹے کی بلیو بیلٹ کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمان خصوصی ممبر پنجاب اسمبلی میڈم شکیلہ جواد اور مسٹر شاہنواز بٹ تھے۔ سکول کی پرنسپل ارم وسیم اور کوآرڈینیٹر انجم عطف بخاری کی زیر نگرانی طلبہ نے خصوصی پرفارمنس پیش کی۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبر پنجاب اسمبلی شکیلہ جواد نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد صرف تعلیم حاصل کرنے میں ہی پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہی معاشرے اور ملک ترقی کرتے ہیں جن کے طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے سکول انتظامیہ اور خاص کر پرنسپل ارم وسیم اور کوآرڈینیٹر انجم عطف بخاری کی خصوصی کاوشوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کی محنت کا نتیجہ ہے کہ آج سکول کے طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے کراٹے کی دنیا میں مقام حاصل کیا اور بلیو بیلٹ حاصل کی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ مزید محنت کریں اور کھیل کے میدان کے ساتھ ساتھ تعلیم کے میدان میں بھی اپنا نام پیدا کریں اور معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

    تقریب کے اختتام پر اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔