Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا حاجی عاشق حسین مرزا میموریل ہسپتال کو جدید ایکسرے مشین کا عطیہ

    سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا حاجی عاشق حسین مرزا میموریل ہسپتال کو جدید ایکسرے مشین کا عطیہ

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (SIAL) نے اپنی سماجی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے حاجی عاشق حسین مرزا میموریل ہسپتال اینڈ میٹرنٹی ہوم روڑس کے لیے جدید ایکسرے مشین کا عطیہ دیا۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معزز شخصیات اور علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔

    تقریب میں SIAL کے چیئرمین حسن علی بھٹی، سابق چیئرمین محمد افضل شاہین، بیداری کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشد محمود مرزا، بیداری کی نائب صدر محترمہ حنا نورین، اقبال گھمن سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے SIAL کے چیئرمین حسن علی بھٹی نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نہ صرف معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے بلکہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں بھی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عطیہ مقامی آبادی کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا حصہ ہے۔

    سابق چیئرمین محمد افضل شاہین نے کہا کہ سیالکوٹ کی کاروباری برادری ہمیشہ سے سماجی ترقی کے لیے کوشاں رہی ہے اور یہ عطیہ اسی جذبے کی ایک مثال ہے۔

    بیداری کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارشد محمود مرزا نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس جدید ایکسرے مشین کی تنصیب سے علاقے کے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی، جو صحت عامہ کے معیار کو بلند کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

    تقریب میں موجود معززینِ علاقہ نے SIAL کے اس تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی منصوبے جاری رکھے جائیں گے۔ اس عطیے سے علاقے کے مستحق افراد کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان: پاکستان صحافی اتحاد کے زیر اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریب

    ڈیرہ غازیخان: پاکستان صحافی اتحاد کے زیر اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کی تقریب

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبر) پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان صحافی اتحاد کے مرکزی دفتر بلاک 16، رحیم ہنڈا شوروم میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب کی صدارت پاکستان صحافی اتحاد کے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے کی، جبکہ اس موقع پر مرکزی چیئرمین محمد رحیم خان غلزئی پٹھان کی زیر سرپرستی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض جواد اکبر بھٹی نے سرانجام دیے۔ ڈاکٹر محمد الطاف سدوزئی اور چیئرمین لیگل فورم، محمد اسلم خان چانڈیہ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی اور کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے حل تک اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔

    تقریب کے آخر میں مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر جلد یا بدیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد آزادی کی منزل حاصل ہوگی۔

    تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ پورا ہال "پاکستان زندہ باد” اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعروں سے گونج اٹھا، جس سے شرکاء کے جوش و خروش کا واضح اظہار ہوا۔

  • اوچ شریف: خیرپور ڈاہا پٹرولنگ پولیس نے اشتہاری ملزم کوگرفتار کرلیا

    اوچ شریف: خیرپور ڈاہا پٹرولنگ پولیس نے اشتہاری ملزم کوگرفتار کرلیا

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) خیرپور ڈاہا پٹرولنگ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم رضا حسین ولد اللہ داد بلوچ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم تھانہ سٹی لودھراں میں درج مقدمہ نمبر 1944/23 میں مطلوب تھا۔

    اے ایس آئی محمد ساجد گھلیجہ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے محض چند گھنٹوں میں ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

    پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تھانہ دھوڑکوٹ کے حوالے کر دیا، جہاں اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

    اے ایس آئی محمد ساجد گھلیجہ نے اس کامیابی کا کریڈٹ پولیس کی محنت اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جرائم کے خاتمے کے لیے مزید کامیابیاں حاصل کی جا سکیں۔

  • اوچ شریف: ناقص صفائی ،دارارقم اسکول کو وارننگ، سیل کرنے کا عندیہ

    اوچ شریف: ناقص صفائی ،دارارقم اسکول کو وارننگ، سیل کرنے کا عندیہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور ضلعی فوکل پرسن برائے ڈینگی، ہیلتھ انسپکٹر عمران حیدر سیال نے انسداد ڈینگی مہم کے تحت دارارقم اسکول، عمر ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا، جہاں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا اور اسکول کے سربراہ باسط کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔

    انسپکٹر عمران حیدر سیال نے اسکول میں پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا، جہاں ناقص صفائی اور غفلت پر انتظامیہ کو سخت ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ”بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں، ان کی صحت و زندگی سے کسی کو کھیلنے نہیں دیا جائے گا۔”

    سکول انتظامیہ کو فوری طور پر صفائی کے نظام کی بہتری اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا، بصورت دیگر اسکول کو سیل کرنے کا عندیہ دیا گیا۔ ہیلتھ انسپکٹر نے واضح کیا کہ”بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اسکول انتظامیہ کو اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا جائے گا۔”

    دورے کے دوران وارننگ لیٹر اور لیگل نوٹس جاری کرتے ہوئے عمران حیدر سیال نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا تاکہ تعلیمی اداروں میں صحت و صفائی کے معیارات کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • چنیوٹ: ڈپٹی کمشنر کا پیدل دورہ، تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کے احکامات

    چنیوٹ: ڈپٹی کمشنر کا پیدل دورہ، تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کے احکامات

    چنیوٹ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر کا پیدل دورہ، تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کرنے کے احکامات

    ڈپٹی کمشنر چنیوٹ صفی اللہ گوندل نے لالیاں اور چناب نگر کے مختلف علاقوں، بازاروں اور گلیوں کا پیدل دورہ کیا، صفائی کی صورتحال اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر سخت تجاوزات آپریشن کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام علاقوں میں سو فیصد صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ موقع پر خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف مقدمات درج اور دکانیں سیل کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ کارروائی سے بچنے کے لیے تجاوزات کو رضاکارانہ طور پر ختم کر دیں، کیونکہ حکومتی احکامات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

  • چنیوٹ: پیس ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

    چنیوٹ: پیس ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

    چنیوٹ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار)پیس ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

    تفصیل کے مطابق چنیوٹ میں پسماندہ اور محروم طبقات کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے مشن کے تحت پیس ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔

    کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے مستحق مریضوں کا تفصیلی معائنہ کیا، طبی مشورے دیے اور مفت ادویات فراہم کیں۔ اس دوران عوام کو صحت مند طرزِ زندگی اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بھی آگاہی دی گئی۔

    پیس ویلفیئر آرگنائزیشن عوامی صحت کی بہتری، بیماریوں سے بچاؤ اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ تنظیم کا مقصد محروم طبقے کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنا اور صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔

  • اوچ شریف: تجاوزات کے خلاف کارروائی، مزاحمت پر مقدمہ درج

    اوچ شریف: تجاوزات کے خلاف کارروائی، مزاحمت پر مقدمہ درج

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگارحبیب خان) میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران شدید مزاحمت پر مقامی افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    گزشتہ روز میونسپل کمیٹی اور ایڈمنسٹریٹر کی زیر نگرانی الشمس چوک سے للو والی پل تک تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا، تاہم مقامی افراد نے سخت مزاحمت کی۔ بلڈنگ میٹریل ہٹانے پر ملک جاوید، ملک پرویز، ملک جمیل، ملک نواز، جام بھورل، سجاد عرف سجی سمیت 10 نامعلوم افراد نے ہاتھا پائی شروع کر دی اور احتجاجاً ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر تجاوزات کے حق میں دباؤ ڈالنے اور دھمکیاں دینے میں ملوث رہے ہیں۔ انفورسمنٹ انسپکٹر (بلڈنگ) سجاد ابراہیم کی رپورٹ پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    نامزد افراد کے خلاف تھانہ اوچ شریف میں دفعہ 341 (راستہ بلاک کرنا)، 435 (آگ لگانا)، 506 (دھمکیاں دینا)، 186 (کارِ سرکار میں مداخلت) اور 148/149 (غنڈہ گردی) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوچ شریف: حافظ محمد زکریا کی "منزل مسابقہ” میں شاندار کامیابی،والدین اور شہر کانام روشن

    اوچ شریف: حافظ محمد زکریا کی "منزل مسابقہ” میں شاندار کامیابی،والدین اور شہر کانام روشن

    اوچ شریف (باغی ٹی وی) پسماندہ علاقے اوچ شریف کے ہونہار طالبعلم حافظ محمد زکریا نے کراچی میں منعقدہ عظیم الشان "منزل مسابقہ” میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ اس کامیابی نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے شہر اوچ شریف کے لیے فخر کا موقع فراہم کیا۔

    یہ مقابلہ مدرسہ صدیقیہ، جامع مسجد صدیق اکبر، اسکاؤٹ کالونی، گلشنِ اقبال میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر سے حفظِ قرآن کے متعدد طلبہ نے شرکت کی۔ حافظ محمد زکریا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی، جو ان کی محنت، لگن اور قرآن سے گہری وابستگی کا مظہر ہے۔

    حافظ محمد زکریا ایک علمی اور دینی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ اوچ شریف میں واقع مدرسہ عربیہ امیر المدارس کے مدیرِ اعلیٰ قاری محمد صادق کے پوتے ہیں۔ ان کی اس کامیابی پر نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے شہر اوچ شریف میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    اس موقع پر حافظ محمد زکریا کے خاندان کے بزرگ حاجی جندوڈہ خان، رسول بخش خان، قاری محمد رمضان عثمانی، محمد ظفر خان، قاری مجیب الرحمٰن، محمد بابر علی صدیقی، قاری سیف اللہ اور مولانا سمیع اللہ عثمانی نے ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، عزم اور ایمان کے ساتھ کوئی بھی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔

    حافظ محمد زکریا کی اس شاندار کامیابی پر ان کے والدین، اساتذہ اور اوچ شریف کے شہریوں نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد دی۔ ان کی جیت نے نہ صرف قرآن کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا بلکہ نوجوانوں کے لیے یہ پیغام بھی دیا کہ لگن اور محنت کے ساتھ ہر مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔

  • کراچی: قاتل ڈمپر کی تباہ کاریاں جاری، کورنگی کراسنگ پر 3 افراد جاں بحق

    کراچی: قاتل ڈمپر کی تباہ کاریاں جاری، کورنگی کراسنگ پر 3 افراد جاں بحق

    کراچی،باغی ٹی وی (ڈاکٹربشیربلوچ نمائندہ خصوصی) قاتل ڈمپر کی تباہ کاریاں جاری، کورنگی کراسنگ پر 3 افراد جاں بحق

    کراچی کی سڑکوں پر بے قابو ڈمپر کا راج برقرار، ایک اور حادثے میں 3 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کورنگی کراسنگ پر ایک تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار تین افراد کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر کو آگ لگا دی جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ دو روز قبل ملیر ہالٹ میں ڈمپر کی ٹکر سے باپ اور بیٹا جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ اسی روز گلستانِ جوہر میں ملینیئم شاپنگ مال کے قریب ایک اور حادثے میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

    ریسکیو اداروں کے مطابق کراچی میں رواں سال اب تک مختلف ٹریفک حادثات میں 71 افراد جاں بحق اور 1044 زخمی ہو چکے ہیں۔ بے قابو ڈمپر شہریوں کے لیے موت کا پیغام بن چکے ہیں، لیکن انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اقدامات اب تک نہ کیے جا سکے۔

  • میرپورخاص: نیشنل پریس کلب کا اہم اجلاس، صحافت کی بہتری کے لیے لائحہ عمل طے

    میرپورخاص: نیشنل پریس کلب کا اہم اجلاس، صحافت کی بہتری کے لیے لائحہ عمل طے

    میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگارشاہزیب شاہ کی رپورٹ) نیشنل پریس کلب کا اہم اجلاس، صحافت کی بہتری کے لیے لائحہ عمل طے

    تفصیل کے مطابق نیشنل پریس کلب میرپورخاص میں تمام ممبران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا گیا۔ اجلاس میں ممبران نے صحافت کی بہتری اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں سینئر ممبران نے اس بات پر زور دیا کہ نئے صحافیوں کو آگے آکر صحافت کی خدمت کرنی چاہیے، تاکہ شعبہ مزید ترقی کرے۔ جونیئر ممبران نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سینئر صحافیوں کی عزت کرنا اور ان سے سیکھنا ہی کامیاب صحافت کی بنیاد ہے۔

    اجلاس کے دوران تمام ممبران نے محبت، یگانگت اور نظم و ضبط کے ساتھ کام کرنے کا عزم کیا اور ایک دوسرے سے مستقل رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا۔

    اجلاس میں نیشنل پریس کلب کے سرپرست آفاق احمد خان کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، جنہوں نے صحافت کے نشیب و فراز اور اس کے اصولوں پر روشنی ڈالی۔

    اجلاس میں آفاق احمد خان، قمرالدین شیخ، سہیل احمد خان، حیات قریشی، اقبال سولنگی، لیاقت علی شاہ، محمد خالد، اسد بلوچ، وسیم خانزادہ، مبین چانہیو، رضی انصار، محمد علی بھرگڑی، سید شاہزیب شاہ، اشفاق قریشی، شہریار بلند، احتشام قریشی، محمد رضوان ملک، سید آصف علی شاہ، امام الدین شاہ اور وقاص سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔

    اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا گیا کہ نیشنل پریس کلب میرپورخاص کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے صحافت کی ترقی اور سچائی کی ترجمانی جاری رکھی جائے گی۔