Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • بنوں: دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، 2 اہلکار شہید

    بنوں: دہشت گردوں کا پولیس چوکی پر حملہ، 2 اہلکار شہید

    بنوں (باغی ٹی وی) دہشت گردوں نے پولیس چوکی فتح خیل پر رات گئے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت ضیاء اللہ اور رحیم اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے فتح خیل پولیس چوکی پر یہ تیسرا حملہ ہے۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کر دی ہے، جب کہ پولیس چوکی کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

    محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوت دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تاریخ رقم کی ہے، اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بنوں سمیت اردگرد کے علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حساس مقامات کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ مشتبہ عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

  • ڈسکہ: گھر میں گیس سلنڈر دھماکہ، گھر تباہ،دلہن سمیت 7 افراد زخمی

    ڈسکہ: گھر میں گیس سلنڈر دھماکہ، گھر تباہ،دلہن سمیت 7 افراد زخمی

    سیالکوٹ.باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسکہ میں گھر میں گیس سلنڈر دھماکہ، گھر تباہ،دلہن سمیت 7 افراد زخمی

    نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں گیس سلنڈر دھماکے سے 7 افراد زخمی ہوگئے، جن میں 2 خواتین، 4 مرد اور ایک دو سالہ بچی شامل ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں انعم، سائرہ، مقدس، مشتاق، عمیر، شعیب اور ذوالقرنین شامل ہیں، جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب نئی نویلی دلہن انعم کچن میں کھانا بنا رہی تھی، زور دار دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی۔

    دھماکے سے گھر کی چھت، بیرونی دروازہ، بیڈروم، ڈرائنگ روم اور کھڑکیاں منہدم ہوگئیں جبکہ گھر کا تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

  • سیالکوٹ: گھریلو ملازمہ کی چوری بے نقاب، لاکھوں کی رقم برآمد

    سیالکوٹ: گھریلو ملازمہ کی چوری بے نقاب، لاکھوں کی رقم برآمد

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) گھریلو ملازمہ کی بڑی چوری بے نقاب، لاکھوں کی نقدی و غیر ملکی کرنسی برآمد تھانہ صدر کے علاقے الہلال کالونی میں گھر سے 8 لاکھ 74 ہزار روپے نقدی و غیر ملکی کرنسی چوری کا ڈراپ سین، گھریلو ملازمہ گرفتار کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق غلہ منڈی کے رہائشی سعید علی کے گھر سے نامعلوم چوروں نے ان کی غیر موجودگی میں سیف الماری کے تالے توڑ کر 7 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی، 200 امریکی ڈالر اور 500 سعودی ریال چرا لیے۔

    ایس ایچ او تھانہ صدر میاں عبدالرزاق نے جدید ٹیکنالوجی، انٹیلیجنس اور ہیومین سورس کی مدد سے واردات کا سراغ لگا کر گھریلو ملازمہ شانیلہ زوجہ سیف اللہ سکنہ کوٹ ادو کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش ملزمہ کے قبضے سے مسروقہ رقم اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا۔

  • سیالکوٹ: لیبر ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ورکرز میں ڈیتھ اور میرج گرانٹ کے چیک تقسیم

    سیالکوٹ: لیبر ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ورکرز میں ڈیتھ اور میرج گرانٹ کے چیک تقسیم

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) لیبر ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سرجیکل ایسوسی ایشن دفتر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر سیالکوٹ طیب ورک نے مرد و خواتین میں 39 چیک تقسیم کیے۔

    اس موقع پر طیب ورک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدور ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے بچے ملک کا مستقبل ہیں۔ پنجاب حکومت اور تاجر برادری کے تعاون سے فیکٹری ورکروں اور ان کے بچوں کو مفت طبی سہولیات اور جدید تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب گروپ آف کالجز کے ساتھ معاہدہ (MOU) سائن کیا گیا ہے، جس کے تحت مزدوروں کے بچوں کو داخلہ فیس کے علاوہ فری تعلیم کی سہولت میسر ہوگی تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ ورکرز کی بیٹیوں کے لیے جہیز گرانٹ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

    تقریب میں سرجیکل انسٹرومنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین ذیشان طارق، سینئر وائس چیئرمین سلیمان علی مغل، وائس چیئرمین عبدالمومن، صدر لیبر یونین سی بی اے فارورڈ سپورٹس خالد پرویز، ممبر ضلعی کمیٹی جبری مشقت اشفاق نذر گھمن، مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے رہنما چوہدری نصیر احمد، میاں خالد محمود، بابر سعید اور فریاد سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

  • پنجاب میں قانونگوسطح پر اراضی ریکارڈ سینٹرز کے قیام پر غور

    پنجاب میں قانونگوسطح پر اراضی ریکارڈ سینٹرز کے قیام پر غور

    ڈیرہ غازی خان ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) حکومت پنجاب قانون گوئی سطح پر اراضی ریکارڈ سینٹر بنانے پر غور کر رہی ہے، جہاں نائب تحصیلدار اور پٹواری موجود ہوں گے۔ اسٹیٹ آف دی آرٹ ریکارڈ روم کے قیام کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

    یہ بات سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو (ایس ایم بی آر) نبیل جاوید نے کوٹ ادو میں ریونیو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر منور عباس بخاری اور دیگر افسران شریک تھے۔

    ایس ایم بی آر نبیل جاوید نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز ریونیو کیسز کے جلد حل کیلئے باقاعدہ عدالتیں لگائیں۔ عوام کیلئے فردِ ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل مزید آسان بنایا جائے۔ 15 فروری تک تمام مواضعات کو آن لائن کیا جائے۔ سرکاری اراضی کی نیلامی کے عمل کو تیز کیا جائے۔
    انسداد تجاوزات مہم میں تیزی لا کر ہر انچ سرکاری زمین واگزار کرائی جائے۔

    انہوں نے تقسیم کے انتقالات پر فیس کے خاتمے کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریونیو عملہ مشترکہ کھاتوں کی بروقت تقسیم یقینی بنائے۔

    کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران کو سرکاری واجبات کی 100 فیصد وصولی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری کا کہنا تھا کہ تحصیلوں میں ریکوری آپریشن تیز کر دیا گیا ہے اور ریونیو کورٹس کے ذریعے واجبات کے کیسز جلد نمٹائے جائیں گے۔

  • پنڈی بھٹیاں: تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن، بازار کلیئر

    پنڈی بھٹیاں: تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن، بازار کلیئر

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگار)پنڈی بھٹیاں میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن، بازار کلیئر

    تفصیل کے مطابق پنڈی بھٹیاں میں اسسٹنٹ کمشنر اشفاق احمد کی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے، جس کے دوران تمام غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کر کے بازاروں کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔

    آپریشن میں میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس نے حصہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ بازاروں میں تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور جو بھی تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، تین زخمی

    تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، تین زخمی

    تنگوانی،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصوربلوچ) ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید، تین زخمی

    تفصیل کے مطابق تنگوانی کے قریب جمال پکے کے علاقے گاؤں اللہ یار نندوانی میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار مظہر علی مشہوری شہید ہوگیا، جبکہ تین اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا تو ڈاکوؤں نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مظہرعلی مشہوری شہادت کے رتبے پر فائز ہو گیا، جبکہ دیگر تین اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر کے ڈاکوؤں کے خلاف مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔

  • سیالکوٹ: انفورسمنٹ انسپکٹرز اور انویسٹی گیشن آفیسرز کی بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، ڈی سی

    سیالکوٹ: انفورسمنٹ انسپکٹرز اور انویسٹی گیشن آفیسرز کی بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی، ڈی سی

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرمدثررتو) چیئرمین انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری بورڈ / ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اعلان کیا ہے کہ انفورسمنٹ انسپکٹرز (بی ایس-14) اور انویسٹی گیشن آفیسرز (بی پی ایس-11) کی بھرتیاں مکمل میرٹ پر کی جائیں گی۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    بھرتیوں کے عمل میں فزیکل ٹیسٹ پولیس لائن سیالکوٹ میں ہوگا جبکہ ڈور سٹی ہاؤسنگ میں امیدواروں کا تحریری امتحان منعقد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ضلعی پولیس کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی، اور ٹیسٹ کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی نہ ہو۔

    یہ بات ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقدہ ضلع انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری بورڈ کے پہلے اجلاس میں کہی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر جنرل ایوب بخاری، ڈی ایس پی ملک عطا، ڈسٹرکٹ اٹارنی، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، نمائندہ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل، ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی سمیت دیگر افسران شریک تھے۔

  • گھوٹکی پولیس کی کامیاب کارروائی، ساتویں جماعت کا مغوی بچہ بازیاب

    گھوٹکی پولیس کی کامیاب کارروائی، ساتویں جماعت کا مغوی بچہ بازیاب

    میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمشتاق لغاری) گھوٹکی پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ساتویں جماعت کے مغوی طالبعلم زاہد حسین چاچڑ کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ ورثاء نے بچے کی بحفاظت واپسی پر پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق زاہد حسین ولد ترس محمد چاچڑ کو 30 جنوری 2025 کو تھانہ اباوڑو کی حدود گوٹھ خمیسو چاچڑ سے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللّٰہ سومرو نے بچے کی بازیابی کے لیے ڈی ایس پی اباوڑو عبدالقادر سومرو کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

    آج صبح خفیہ اطلاع پر پولیس ٹیم نے رینی کینال کے قریب گوٹھ کیھر رند میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بازیاب کروا لیا۔ پولیس ٹیم میں ایس ایچ او کھمبڑا امام دین چانڈیو، ایس ایچ او اباوڑو محمد رمضان ملاح، ایس ایچ او ریتی امجد اقبال مغل، اور انچارج چوکی کموں شہید شاہد حسین کلہوڑو شامل تھے۔

    پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرکے بچے کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔ ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللّٰہ سومرو نے پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے کامیاب کارروائی پر تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

  • حافظ آباد: تعلیمی اداروں میں چوری کی وارداتیں، پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ

    حافظ آباد: تعلیمی اداروں میں چوری کی وارداتیں، پولیس سے فوری کارروائی کا مطالبہ

    حافظ آباد ،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ کی رپورٹ) تعلیمی اداروں میں چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے تعلیمی نظام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکن لائسیم انٹرنیشنل سکولز سسٹم کے ماتحت متعدد سرکاری آؤٹ سورس سکولوں میں چوری کی وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جس پر تعلیمی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق 47 آؤٹ سورس سکولوں میں معیارِ تعلیم بہتر ہونے اور طلبہ کی تعداد دوگنا ہونے کے باوجود، تعلیم دشمن عناصر ان اداروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اسکولوں میں قیمتی سامان چوری ہونے کے واقعات تسلسل سے پیش آ رہے ہیں، جن میں ٹرانسفارمر، بجلی کی کیبلز، پنکھے اور درختوں کی چوری شامل ہے۔

    متاثرہ سکولوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں
    🔹 گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول ملاح والا: ٹرانسفارمر سے قیمتی سامان چوری
    🔹 گورنمنٹ پرائمری اسکول دھری والا: بجلی کی کیبل اتار لی گئی
    🔹 گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کوٹ حسین: تین عدد پنکھے چوری
    🔹 گورنمنٹ پرائمری اسکول کھٹرانی: متعدد درخت کاٹے گئے

    متاثرہ اسکولوں کے انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) حافظ آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات کا فوری نوٹس لے کر چوری شدہ سامان واپس دلوایا جائے اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔