Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: تھانہ دھوڑکوٹ پولیس کی بڑی کارروائی، شراب فروش گرفتار

    اوچ شریف: تھانہ دھوڑکوٹ پولیس کی بڑی کارروائی، شراب فروش گرفتار

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان): تھانہ دھوڑکوٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 30 لیٹر شراب برآمد کر کے ایک شراب فروش کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایچ او محمد توقیر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شراب فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ دھوڑکوٹ پولیس کو مخبر نے اطلاع دی کہ نیبہے والی پلی پر ایک شخص شراب فروخت کے لیے موجود ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جس نے اپنا نام محمد زبیر بلوچ بتایا، جو موضع چک مانک، اوچ شریف کا رہائشی ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 30 لیٹر شراب برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

    ایس ایچ او محمد توقیر کا کہنا ہے کہ علاقے سے غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے، اور شراب فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو ان برائیوں سے پاک کیا جا سکے۔ عوام نے پولیس کی اس کارروائی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مزید کارروائیاں معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں معاون ثابت ہوں گی۔

  • اوچ شریف: مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کا اپنا گھر بنانے کا خواب چھین لیا

    اوچ شریف: مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کا اپنا گھر بنانے کا خواب چھین لیا

    اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان) تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب عوام کے لیے اپنا ذاتی گھر بنانے کا خواب ادھورا کر دیا۔ سیمنٹ، سریا، بجری اور اینٹوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جس کے باعث تعمیراتی کام ٹھپ ہو گئے ہیں، اور عوام کی قوت خرید ختم ہوتی جا رہی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے زندگی مشکل بنا دی تھی، اور اب تعمیراتی مواد کی قیمتوں میں اضافے نے امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ سیمنٹ اور سریا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھر بنانا متوسط طبقے کے لیے ناقابلِ برداشت بنا دیا ہے، جبکہ اشیائے خورد و نوش کی مہنگائی نے مسائل کو دوگنا کر دیا ہے۔

    ایک شہری نے شکایت کرتے ہوئے کہا، "حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے غریب عوام اپنا گھر بنانے کے خواب کو ترک کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ وقت ہے کہ حکومت فوری طور پر تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ غریب اور متوسط طبقہ اپنی چھت کے خواب کو حقیقت میں بدل سکے۔”

    شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور غریب عوام کے لیے سستی چھت مہیا کرنے کے لیے تعمیراتی مواد کی قیمتوں میں کمی لائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنا گھر بنانا اب ایک سہانا خواب بن کر رہ گیا ہے، اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ خواب ہمیشہ کے لیے معدوم ہو سکتا ہے۔

  • اوچ شریف: گیس پریشر میں کمی، کمپریسرز کے استعمال سے عوام پریشان

    اوچ شریف: گیس پریشر میں کمی، کمپریسرز کے استعمال سے عوام پریشان

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان): سردیوں میں گیس کی قلت شہریوں کے لیے اذیت ناک بن گئی۔ سوئی گیس کا پریشر کم ہونے اور کمپریسر مشینوں کے دھڑلے سے استعمال نے گھریلو صارفین کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ کئی علاقوں میں گیس غائب ہے، جس کی وجہ سے شہری لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کے بل تو بڑھا دیے گئے ہیں، لیکن گیس مہیا نہیں۔ محلہ بخاری، جگ پورہ، شمیم آباد، نواز آباد کالونی اور دیگر علاقوں میں صبح و شام گیس نہ ہونے کے باعث خواتین کھانا پکانے کے لیے پریشان ہیں۔ اسکول جانے والے بچے ناشتے کے بغیر روانہ ہو رہے ہیں، جبکہ گھریلو کاموں میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔

    بااثر افراد کے گھروں میں کمپریسرز کے باعث گیس کا پریشر مزید کم ہو جاتا ہے، اور عام شہری مہنگی لکڑیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔ عوام نے حکام سے فوری نوٹس لینے، گیس پریشر میں بہتری، اور کمپریسرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سب کو برابر سہولت مل سکے۔

  • سیالکوٹ: قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ، ریسکیو کی استعداد بڑھانے کی ہدایات

    سیالکوٹ: قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ، ریسکیو کی استعداد بڑھانے کی ہدایات

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شایدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب، طوفانی بارشوں اور دیگر قدرتی آفات کی شدت اور امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اداروں کو اپنی تیاریوں کو بہتر بنانا ہوگا۔

    ڈپٹی کمشنر نے یہ بات ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ڈی او ایمرجنسی نوید اقبال کو ہدایت کی کہ مون سون سے قبل تحصیل اور ضلع کی سطح پر فل اسکیل آزمائشی مشقوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ ریسکیو کی صلاحیت اور مشینری کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔

    مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے سی او ضلع کونسل فدا میر کو خواجہ صفدر روڈ پر خطرناک موڑ پر کیٹ آئیز نصب کرنے اور سمبڑیال ڈرائی پورٹ چوک پر مرر لگانے کی ہدایات جاری کیں۔

    سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹریفک پولیس کو ٹریفک جام کے مسائل حل کرنے کے لیے بولنگ پوائنٹس کی ری ڈیزائننگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف موثر کارروائی کو یقینی بنانے کا کہا گیا۔

    اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی حالات کے لیے تیار رہنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔

  • کراچی: نادرا کی بائیکرز سروس، شہریوں کے لیے بڑی سہولت

    کراچی: نادرا کی بائیکرز سروس، شہریوں کے لیے بڑی سہولت

    کراچی،باغی ٹی وی (ڈاکٹربشیربلوچ نمائندہ خصوصی) نادرا کی بائیکرز سروس، شہریوں کے لیے بڑی سہولت

    تفصیل کے مطابق نادرا نے شہر قائد میں شہریوں کی سہولت کے لیے ایک نئی اور جدید سروس متعارف کروا دی ہے، جس سے شہریوں کو طویل انتظار اور قطاروں سے نجات ملے گی۔

    نادرا حکام کے مطابق کراچی ریجن میں بائیکرز سروس کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو پیر کے روز سے فعال ہوگی۔ اس سروس کے ذریعے شہری قومی شناختی کارڈ کے اجرا، تجدید اور دیگر متعلقہ خدمات سے اپنے گھر کی دہلیز پر مستفید ہو سکیں گے۔

    ابتدائی مرحلے میں کراچی میں تین بائیکرز، جبکہ حیدرآباد اور میرپورخاص میں ایک، ایک بائیک کے ذریعے یہ سروس فراہم کی جائے گی۔ حکام نے اسے شہریوں کی زندگی آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

    یہ اقدام نادرا کی جانب سے شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور سہولت کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کا تسلسل ہے۔

  • جمرود: انجمن تاجران سخی پل بازار کی نو منتخب کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    جمرود: انجمن تاجران سخی پل بازار کی نو منتخب کابینہ نے حلف اٹھا لیا

    جمرود (باغی ٹی وی رپورٹ) انجمن تاجران سخی پل بازار کی نو منتخب کابینہ نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ تقریب میں صدر حکمت آفریدی، جنرل سیکرٹری سبیل آفریدی، ارباب آفریدی، سید میر، شکور، محمد ندیم سمیت دیگر عہدیداران نے عہدوں کا حلف لیا۔

    حلف برداری کی تقریب سخی پل بازار میں منعقد ہوئی، جہاں مہمان خصوصی سابق رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی لیڈر الحاج بلاول آفریدی نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جمرود ڈاکٹر عامر زیب، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نصیر عباس خلیل، تحصیل چیئرمین حاجی عظمت خان، قومی مشران ملک فیض اللہ جان، اور انجمن تاجران جمرود کے صدر کاشف اقبال آفریدی سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران مقررین نے سخی پل بازار کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی، جن میں نکاسی آب کا ناقص نظام، مارکیٹ مالکان کی جانب سے تاجروں کو پیش آنے والی مشکلات، سخی پل کے نزدیک ناصر باغ روڈ کی خستہ حالی، اور بازار میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل شامل تھے۔

    مہمان خصوصی الحاج بلاول آفریدی اور انتظامی افسران نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بازار کے مسائل حل کرنے کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ موجودہ کابینہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی تاکہ تاجروں کے مسائل جلد از جلد حل کیے جا سکیں۔

    تقریب میں عوام کی بھرپور شرکت نے اسے کامیاب اور پرجوش بنایا، جبکہ نو منتخب کابینہ نے بازار کی ترقی اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔

  • میرپورخاص: تحریک انصاف کے وفدکی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

    میرپورخاص: تحریک انصاف کے وفدکی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

    میرپورخاص،باغی ٹی وی( نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے ڈویژنل صدر آفتاب قریشی کی قیادت میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی۔

    وفد میں سندھ نائب صدر راجہ عبدالحق، ڈویژنل ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ اعجاز احمد رندھاوا، ڈویژنل نائب صدر محمد علی راجپوت، ڈسٹرکٹ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اسلم قائمخانی، ڈسٹرکٹ سینئر نائب صدر ملک لیاقت، اور ڈویژنل انفارمیشن سیکرٹری عنایت مری شامل تھے۔

    وفد نے ڈسٹرکٹ بار کے صدر ایڈووکیٹ افضل کریم، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ میر علی بخش ٹالپر، ٹریژرار ایڈووکیٹ محمد علی جانی مری، لائبریری سیکرٹری ایڈووکیٹ کاشف پھوڑ، اور منیجمنٹ کمیٹی کے ممبران ایڈووکیٹ محسن میمن، فرحان قریشی، اور وقار ملک کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا کہ وکلاء برادری قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ پارٹی ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور ان کے ساتھ قریبی تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش جاری رکھے گی۔

    وکلاء برادری نے تحریک انصاف کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔ اس ملاقات نے تحریک انصاف اور وکلاء برادری کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کیا۔ اس موقع پر وکلاء اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جس نے اس تقریب کو مزید پرجوش بنا دیا۔

  • قیدی نمبر 804 کو 14 سال سزا، عدلیہ کا بڑا فیصلہ

    قیدی نمبر 804 کو 14 سال سزا، عدلیہ کا بڑا فیصلہ

    قیدی نمبر 804 کو 14 سال سزا، عدلیہ کا بڑا فیصلہ
    تحریر: شاہد نسیم چوہدری
    کہا جاتا ہے کہ انسان جو کچھ بوتا ہے، بالآخر وہی کاٹتا ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ کے ایک غیرمعمولی موڑ پر، سابق وزیرِاعظم عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ چوری کیس میں 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ فیصلہ نہ صرف پاکستان کی سیاست میں ہلچل کا باعث بنا بلکہ اس نے اخلاقیات اور سیاست کے گرد ایک بار پھر سوالیہ نشان لگا دیا۔ 190 ملین پاؤنڈ کی رقم، جو برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات کے دوران برآمد ہوئی، کو پاکستانی حکومت کو واپس کر دیا گیا تھا۔ عمران خان پر الزام تھا کہ انہوں نے اس رقم کو قومی خزانے کے بجائے اپنے ذاتی اور سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا اور یہ رقم دوبارہ ملک ریاض کو دے دی۔ اسی رقم کو ایک فلاحی ادارے کے طور پر رجسٹرڈ القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے حصول میں استعمال کیا گیا۔

    عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر الزام ہے کہ انہوں نے اس رقم کے بدلے بحریہ ٹاؤن کے مالک سے قیمتی زمین حاصل کی، جو القادر یونیورسٹی کے نام پر منتقل کی گئی۔ احتساب عدالت کی جانب سے عمران خان کو 14 سال قید اور ان کی اہلیہ کو 7 سال قید کی سزا نے ملک کے سیاسی اور سماجی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ یہ فیصلہ جہاں ان کے سیاسی کیریئر پر سنگین اثر ڈالے گا، وہیں ان کے چاہنے والوں کے لیے ایک دھچکے سے کم نہیں۔ عمران خان، جو خود کو ہمیشہ کرپشن کے خلاف ایک مضبوط آواز کے طور پر پیش کرتے رہے، آج اسی کرپشن کے الزامات میں سزا یافتہ ہیں۔

    عمران خان کی سیاست کا محور ہمیشہ انصاف، شفافیت، اور بدعنوانی کے خلاف جنگ رہا ہے۔ وہ دوسروں پر سخت تنقید کرتے ہوئے یہ دعویٰ کرتے رہے کہ ان کا دامن صاف ہے اور وہ "نئے پاکستان” کے معمار ہیں۔ لیکن آج ان پر لگنے والے الزامات اور ان کی سزا نے ان دعووں کو متنازع بنا دیا ہے۔ یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا عمران خان واقعی وہ رہنما ہیں جن کا دامن صاف تھا، یا وہ بھی اس نظام کا حصہ بن چکے تھے جسے وہ بدلنے کا وعدہ کرتے رہے؟

    عمران خان کے حامیوں کے لیے یہ فیصلہ ایک بڑا صدمہ ہے۔ وہ اسے سیاسی انتقام قرار دیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ عمران خان کو سیاست سے باہر کرنے کے لیے یہ سب کچھ کیا گیا۔ دوسری طرف، ان کے مخالفین اس فیصلے کو انصاف کی فتح قرار دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا ہے، جہاں دونوں فریقین اپنی اپنی دلیلیں پیش کر رہے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد عمران خان کی جماعت تحریک انصاف ایک نئی آزمائش سے گزر رہی ہے۔ قیادت کا خلا، حامیوں میں مایوسی، اور احتجاجی حکمت عملی کے سوالات نے پارٹی کو ایک مشکل صورتحال میں ڈال دیا ہے۔ حکومت نے اس فیصلے کو عدلیہ کی آزادی اور قانون کی بالادستی کا مظہر قرار دیا، لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ اس میں سیاسی عنصر غالب ہے۔

    یہ کیس پاکستان کے سیاسی کلچر کے لیے ایک اہم سبق ہے۔ اقتدار کے نشے میں اکثر سیاستدان یہ بھول جاتے ہیں کہ وہ اپنے اعمال کے جواب دہ ہیں۔ یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے، لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ یہ عمل غیر جانبدار اور شفاف ہو۔ اگر عمران خان پر لگے الزامات درست ہیں، تو یہ ان کی ناکامی کا نتیجہ ہے، اور اگر یہ انتقامی سیاست ہے، تو یہ ہمارے نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔

    عمران خان کی 14 سال قید کی سزا نہ صرف ان کی ذاتی زندگی اور سیاسی کیریئر پر اثر ڈالے گی، بلکہ یہ پاکستان کی سیاست کے لیے بھی ایک فیصلہ کن لمحہ ہے۔ عوام، سیاستدان، اور عدلیہ کو اس موقع سے سبق لینا ہوگا۔ آج جو کچھ عمران خان کے ساتھ ہوا، وہ کل کسی اور کے ساتھ ہو سکتا ہے۔ یہ وقت ہے کہ ہم خود احتسابی کریں اور ایک ایسا نظام تشکیل دیں جو واقعی انصاف اور شفافیت پر مبنی ہو۔

    آج کا عمل کل کا نتیجہ طے کرتا ہے۔ انسان جو کچھ کرتا ہے، وہی اس کی تقدیر میں شامل ہو جاتا ہے۔ اچھے اعمال انسان کے لیے خوشیوں اور سکون کا سبب بنتے ہیں، جبکہ برے کام دکھ اور پشیمانی کا۔ قدرت کا قانون یہی ہے کہ انسان کو وہی لوٹایا جاتا ہے جو وہ دوسروں کو دیتا ہے۔ اگر ہم دوسروں کے لیے اچھائی کریں گے، تو کل ہمیں اچھائی ہی ملے گی۔ برائی کا انجام ہمیشہ برا ہوتا ہے۔ اس لیے ہمیں سوچ سمجھ کر اپنے اعمال کو چننا چاہیے، کیونکہ آج کا فیصلہ کل کی زندگی کا عکس بنے گا۔ "جس” نے جو کچھ بویا تھا، آج اس کی فصل تیار ہو چکی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ہم سب، بحیثیت قوم، اپنے اعمال کی فصل کاٹنے کے لیے کب تیار ہوں گے؟

  • بلوچستان اور شمالی علاقہ جات میں آندھی، شدید بارش و برفباری، سفر میں رکاوٹ کا خدشہ

    بلوچستان اور شمالی علاقہ جات میں آندھی، شدید بارش و برفباری، سفر میں رکاوٹ کا خدشہ

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)محکمہ موسمیات نے 18 جنوری سے مغربی ہواؤں کے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے کی پیش گوئی کی ہے، جس کے نتیجے میں شمال مغربی بلوچستان اور شمالی پاکستان کے مختلف حصوں میں تیز ہوائیں، بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ سلسلہ 18 جنوری سے شروع ہو کر 21 جنوری تک جاری رہنے کی توقع ہے، جس سے موسم مزید سرد اور حالات چیلنجنگ ہو سکتے ہیں۔

    بلوچستان کے مختلف اضلاع جیسے کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، خضدار اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور درمیانی بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ ان علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ممکنہ طور پر ٹریفک میں رکاوٹیں اور پھسلن جیسے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

    شمالی پاکستان کے اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری، گلیات، اور کشمیر و گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہ موسم سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے مشکل حالات پیدا کر سکتا ہے، جبکہ برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے، جو ان علاقوں کی آمدورفت کو متاثر کر سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ 18 اور 19 جنوری کے دوران چاغی، کوئٹہ، نوشکی اور دیگر علاقوں میں شدید بارش کے باعث فلیش فلڈنگ کا اندیشہ ہے۔ اس دوران برفباری کے باعث ناران، کاغان، استور اور سکردو سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کے باعث سفر متاثر ہو سکتا ہے۔

    عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر برفباری والے علاقوں میں جانے سے بچیں۔ کسان حضرات کو اپنے روزمرہ کے کاموں میں موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔ موسمی صورتحال کی یہ پیش گوئی ان علاقوں میں رہنے والے افراد اور سیاحوں کے لیے ایک واضح انتباہ ہے تاکہ وہ ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کر سکیں۔

  • میرپور ماتھیلو:صحافت کی آڑ میں منشیات کا کاروبار کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

    میرپور ماتھیلو:صحافت کی آڑ میں منشیات کا کاروبار کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

    میرپور ماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگار مشتاق لغاری)صحافت کی آڑ میں منشیات کا کاروبار کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

    تفصیل کے مطابق میرپور ماتھیلو میں صحافت کی آڑ میں منشیات کا کاروبار کرنے والا ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ تھانہ میرپور ماتھیلو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سندھو گرین سٹی کے قریب جلال ولد آچر بوزدار کو 06 آدھیہ شراب سمیت پکڑ لیا۔ ملزم کو برآمد شدہ شراب کے ساتھ تھانہ منتقل کیا گیا، جہاں اس کے خلاف مقدمہ نمبر 17/2025 تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر منشیات فروشوں کے حمایتی پولیس کو مجرم ثابت کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، لیکن پولیس نے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں مسلسل گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    پولیس کی کارروائی عوام میں خوشی کی لہر دوڑا رہی ہے، اور شہریوں نے اس اقدام کی بھرپور حمایت کی ہے، جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔