Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: ایمان کا دعویٰ اور عمل کا تضاد، امیر عبدالقدیر اعوان کا اہم پیغام

    سیالکوٹ: ایمان کا دعویٰ اور عمل کا تضاد، امیر عبدالقدیر اعوان کا اہم پیغام

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی ( بیورو چیف شاہد ریاض ) ایمان کا دعویٰ اور عمل کا تضاد، امیر عبدالقدیر اعوان کا اہم پیغام

    تفصیل کے مطابق معروف روحانی رہنما امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ احکامات الٰہی اور رسالت نبوی ﷺ پر ایمان ہونے کے باوجود ہمارے اعمال دین اسلام کے مطابق نہیں ہیں، اور یہی عمل انکار کی ایک شکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل نافرمانی انسان کو کفر کی دلدل میں دھکیل دیتی ہے اور انسان اپنی غلطیوں کو جواز دینے لگتا ہے۔

    امیر عبدالقدیر اعوان نے مزید کہا کہ ہم ایمان کا دعویٰ تو کرتے ہیں، مگر معاشرے میں انصاف، سکون اور لحاظ کی کمی واضح ہے۔ یہ سب اس لیے ہے کہ ہمارا معاشرہ فسق سے بھرا ہوا ہے، اور ہم صرف دعویٰ کرتے ہیں، عمل نہیں کرتے۔ یہ بھی انکار کی ایک قسم ہے، جسے کفر نہیں، بلکہ فسق کہا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے ایمان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایمان انسان کو اللہ کی رحمت سے جوڑتا ہے اور اس کے اعمال کو بہتر بناتا ہے۔ ایمان جتنا مضبوط ہوگا، عبادات میں اتنی ہی قبولیت ہوگی اور عبادات جتنی قبول ہوں گی، اتنے ہی ہمارے معاملات درست ہوں گے۔

  • کراچی کے تین نوجوانوں کا گھوٹکی سے اغوا، سندھ حکومت کی فوری کارروائی کی یقین دہانی

    کراچی کے تین نوجوانوں کا گھوٹکی سے اغوا، سندھ حکومت کی فوری کارروائی کی یقین دہانی

    میرپورماتھیلو (نامہ نگار)کراچی کے تین نوجوانوں کا گھوٹکی سے اغوا: سندھ حکومت کی فوری کارروائی کی یقین دہانی

    گھوٹکی سے کراچی کے تین نوجوانوں کے اغوا کے دلخراش واقعے پر سندھ حکومت نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔ سندھ حکومت کے ترجمان سکھدیو آسرداس ہیمنانی نے اہلِ خانہ کو یقین دلایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مغویوں کی بازیابی کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق، گھوٹکی اور کشمور پولیس مشترکہ طور پر اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے دن رات کوششیں کر رہی ہے۔ سندھ حکومت نے عوام کی جان و مال کی حفاظت کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ مغوی نوجوانوں کی جلد بازیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    اس افسوسناک واقعے نے عوام میں شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے، جبکہ حکومت نے اس معاملے میں کوئی کسر نہ چھوڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

  • میرپورماتھیلو:صحافی فیاض سولنگی لاپتہ، پولیس کی غفلت، تشدد کی ویڈیو جاری

    میرپورماتھیلو:صحافی فیاض سولنگی لاپتہ، پولیس کی غفلت، تشدد کی ویڈیو جاری

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری)ہنگورجا کے مقامی صحافی فیاض سولنگی کی گمشدگی پر پولیس غفلت، تشدد کی ویڈیو منظر عام پر

    تفصیل کے مطابق ہنگورجا کے نجی ٹی وی رپورٹر فیاض سولنگی چھ دن سے لاپتہ ہیں، لیکن خیرپور پولیس کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ ایس ایس پی خیرپور بار بار توجہ دلانے کے باوجود کارروائی سے گریزاں ہیں اور مجرموں کی گرفتاری میں ناکام ہیں۔

    گذشتہ روز فیاض سولنگی کی ایک تشدد شدہ ویڈیو منظر عام پر آئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اغوا کاروں نے انہیں شدید اذیت کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ صورتحال خیرپور پولیس کی نااہلی اور مجرموں کے بڑھتے ہوئے حوصلے کو بے نقاب کرتی ہے۔

    صحافی برادری اور عوام نے ایس ایس پی خیرپور کے خلاف شدید احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ فیاض سولنگی کو فوری بازیاب کرایا جائے، ورنہ ایس ایس پی آفس خیرپور کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

  • میرپور خاص: فلسطین کی فتح پر جماعت اسلامی کا یوم تشکر اور ریلی

    میرپور خاص: فلسطین کی فتح پر جماعت اسلامی کا یوم تشکر اور ریلی

    میرپور خاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)جماعت اسلامی میرپور خاص کے زیر اہتمام اہل فلسطین کی مزاحمت اور غزہ کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر کا بڑا اجتماع اور ریلی منعقد کی گئی۔

    اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی میرپور خاص شکیل احمد فہیم نے کہا کہ فلسطینی عوام اور غزہ کے مجاہدین نے یہ ثابت کر دیا کہ جذبہ جہاد اور شوق شہادت کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ جنگ بندی معاہدہ فلسطینی عوام کی عظمت اور غزہ کی مزاحمت کی تاریخی کامیابی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے پندرہ ماہ تک فلسطینی عوام پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے، لیکن وہ ہزیمت اور ناکامی سے دوچار ہوئے۔

    اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر نور الٰہی مغل، عاصم شیخ، اور ڈاکٹر مسعود عباس نے کہا کہ فلسطینی عوام کی کامیابی امت مسلمہ اور دنیا کے تمام آزادی پسندوں کی فتح ہے۔ انہوں نے مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور عالمی انسانی حقوق کے علمبرداروں کے شرمناک کردار کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

    اجتماع میں شریک شہریوں اور کارکنان نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر نعرے درج تھے:

    "اسرائیل کا ایک علاج الجہاد الجہاد”
    "اسرائیل کی بربادی تک جنگ رہے گی”
    "اہل فلسطین کا مقدر آزادی آزادی”
    "اسرائیل فلسطین خالی کرے ورنہ عبرت ناک انجام دیکھے گا”

    مقررین نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام اہل فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے طور پر اپنی مدد جاری رکھیں گے۔ دوران جنگ پاکستانی عوام نے اربوں روپے کا امدادی سامان فلسطین بھیجا اور غزہ کی تعمیر نو میں بھی بھرپور حصہ لیں گے۔ اجتماع میں شہریوں اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے فلسطین سے محبت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔

  • گوجرہ: معمولی تلخ کلامی پر نوجوان قتل، ملزم فرار

    گوجرہ: معمولی تلخ کلامی پر نوجوان قتل، ملزم فرار

    گوجرہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ، عبد الرحمن جٹ): تھانہ صدر گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 303 ج ب میں معمولی تلخ کلامی کے نتیجے میں نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔

    واقعے کی تفصیلات ابتدائی معلومات کے مطابق چند روز قبل عبد الرحمن سکنہ 303 ج ب اور سعد علی سکنہ 303 ج ب کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔ اسی رنجش کی بنا پر عبد الرحمن چمیہ نے سعد علی پر گولی چلا دی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سعد علی اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا۔

    گولی لگنے سے سعد علی شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر گورنمنٹ آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا، لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

    قتل کے بعد ملزم عبد الرحمن موقع سے فرار ہو گیا۔ مقامی پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • بہاولپور:سرائیکی چوک فرنیچر مارکیٹ میں آگ بھڑک اُٹھی

    بہاولپور:سرائیکی چوک فرنیچر مارکیٹ میں آگ بھڑک اُٹھی

    اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) بہاولپور میں فرنیچر مارکیٹ میں آگ لگنے کا واقعہ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

    تفصیل کے مطابق سرائیکی چوک کے قریب فرنیچر مارکیٹ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع 18:26 پر موصول ہوئی۔

    ریسکیو ٹیمیں صرف دو منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں آگ لکڑی اور فرنیچر کے سامان تک محدود تھی۔ متعدد ریسکیو گاڑیاں، جن میں BPA-10، BA-09، BB-37، اور BF-3 شامل تھیں، نے آپریشن میں حصہ لیا۔

    آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔ ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اور مالی نقصان بھی محدود رہا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین نے آپریشن کی نگرانی کی اور ٹیم کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ عوام کو آگاہ کیا گیا کہ وہ شارٹ سرکٹ سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کریں۔

  • ننکانہ صاحب: دانش سکول میں سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا شاندار انعقاد

    ننکانہ صاحب: دانش سکول میں سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا شاندار انعقاد

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)سینٹر آف ایکسیلنس (دانش سکول) ننکانہ صاحب میں سالانہ آرٹ اینڈ سائنس میلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔

    سکول انتظامیہ نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ بچوں نے ڈپٹی کمشنر کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کے تیار کردہ سائنسی ماڈلز کا معائنہ کیا اور ان کی محنت کو سراہتے ہوئے خاص طور پر ورکنگ ماڈلز کی تعریف کی۔

    لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد محی الدین اطہر نے سائنس میلے کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو تفصیلات فراہم کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول کے مختلف شعبہ جات اور کلاس رومز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکول حکومت کا ایک جدید تعلیمی منصوبہ ہے جو معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دانش سکول ننکانہ صاحب ایک سٹیٹ آف دی آرٹ تعلیمی ادارہ ہے جہاں ہر طبقے کے بچے یکساں مواقع کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ بچے مستقبل میں معاشرے کے مفید شہری بنیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دانش سکول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔

    میلے کے دوران بچوں کی محنت اور سائنسی مہارت کی جھلک نے شرکاء کو متاثر کیا، اور اساتذہ نے بچوں کی کارکردگی کو مزید نکھارنے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • ننکانہ صاحب: سموگ اور دھند سے بچاؤ کیلئے آگاہی واک، حفاظتی اقدامات پر زور

    ننکانہ صاحب: سموگ اور دھند سے بچاؤ کیلئے آگاہی واک، حفاظتی اقدامات پر زور

    ننکانہ صاحب: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار اور اسسٹنٹ کمشنر وجیہہ ثمرین کے باہمی تعاون سے سموگ اور دھند کے خطرات کے پیش نظر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں ریسکیو افسران، ٹریفک پولیس اہلکار، اور کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کے ریسکیو محافظوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    شرکاء نے آگاہی بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ واک کے بعد ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے ٹریکٹر ٹرالیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، اور دیگر گاڑیوں پر چمکدار تکونی پٹیاں لگائی گئیں۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کہا کہ دھند کے دوران حادثات کی بڑی وجہ گاڑیوں پر سیفٹی لائٹس اور چمکدار پٹیوں کی عدم موجودگی ہے۔ انہوں نے فوگ لائٹس اور چمکدار پٹیوں کی تنصیب کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ پیچھے سے آنے والی گاڑیاں موجودہ گاڑیوں کو دیکھ سکیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر وجیہہ ثمرین نے کہا کہ فوگ سیزن کے دوران انڈیکیٹرز، فوگ لائٹس، اور حفاظتی پٹیاں لگانے سے حادثات میں نمایاں کمی کی جا سکتی ہے اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں سے حفاظتی اقدامات اپنانے کی اپیل کی۔

    ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران اور دیگر حکام نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ سڑک پر حفاظتی لائٹس اور پٹیوں کا استعمال زندگیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ واک کا مقصد عوام میں شعور پیدا کرنا اور سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنا تھا۔

  • خیبر: ٹیچنگ کیڈرز کی 17 ہزار آسامیوں میں کمی کے فیصلے پر ملگری استاذان کی شدید مذمت

    خیبر: ٹیچنگ کیڈرز کی 17 ہزار آسامیوں میں کمی کے فیصلے پر ملگری استاذان کی شدید مذمت

    خیبر(باغی ٹی وی رپورٹ) صوبائی وزیر تعلیم کی جانب سے صوبہ بھر میں مختلف ٹیچنگ کیڈرز کی خالی 17 ہزار آسامیوں میں سے 5 ہزار آسامیاں ختم کرنے کے فیصلے پر ملگری استاذان خیبر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ملگری استاذان کے صدر گلاب دین آفریدی نے اس فیصلے کو تعلیم دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظامِ تعلیم کی تباہی کی سازش ہے۔

    احتجاج میں شرکت کی اپیل
    گلاب دین آفریدی نے اعلان کیا کہ 22 جنوری کو ایپگا خیبر پختونخوا کے تحت ہونے والے احتجاج میں ملگری استاذان کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے تمام ملازمین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں سمیت احتجاج میں شرکت کریں تاکہ حکومت کو یوٹرن لینے پر مجبور کیا جا سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملازمین کے مطالبات پورے کرنے کے بجائے غیر ضروری فنڈز میں اضافہ کر رہی ہے۔ انہوں نے ANP دور حکومت میں ملازمین کے لیے کی گئی اصلاحات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم دوست حکومت ہی حقیقی مسائل حل کر سکتی ہے۔

    اساتذہ کی تنظیمی شمولیت
    اجلاس کے دوران تحصیل جمرود میں ملگری استاذان کے نئے اراکین، فضل اکبر SST، صادق اللہ PST، محمد نواز PST، نجیب اللہ PST، اور صحت نواز نے تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔ اجلاس میں صوبائی نائب صدر رحمت شاہ آفریدی، ضلع خیبر کے صدر گلاب دین آفریدی، اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

    دعا برائے مرحومین
    اجلاس کے اختتام پر تنظیم کے سینئر رہنما عمر علی شینواری کی والدہ، کامیاب گل کی والدہ، سابقہ ADO وحید اللہ کی بھابھی، اور اصغر خان کے چچا کی وفات پر اجتماعی دعا بھی کی گئی۔

    29 جنوری: باچا خان اور ولی خان کی برسی میں شرکت کی دعوت
    مزید برآں، 29 جنوری کو ڈی ٹور روڈ بیسے بابا پہاڑ چوک میں باچا خان اور خان عبد الولی خان کی برسی کے موقع پر ہونے والے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی۔ ANP کے صدر عبد الرزاق آفریدی کی صدارت میں ہونے والے اس جلسے میں علاقے کے امن اور اکابرین کو خراج تحسین پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

  • پشاور: سرکاری سکولوں میں کھیلوں کی سہولیات بڑھانے کیلئے GIZ اور Adidas کا تعاون

    پشاور: سرکاری سکولوں میں کھیلوں کی سہولیات بڑھانے کیلئے GIZ اور Adidas کا تعاون

    پشاور(باغی ٹی وی رپورٹ) صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی سے GIZ اور Adidas کے وفد کی ملاقات میں خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں میں کھیلوں کی سہولیات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، ایڈیشنل ڈائریکٹر سپورٹس افتخار احمد شموزئی، GIZ کی جانب سے لوئس ہانٹ، محمد الیاس، فرزانہ خان، اور Adidas کے نمائندے فلف لیزر نے شرکت کی۔

    وزیر تعلیم نے اجلاس میں کہا کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو نیشنل اور انٹرنیشنل لیول پر کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ہر سکول میں کھیل کے میدان اور فزیکل ایجوکیشن اساتذہ موجود ہیں جو طلبہ کی تربیت میں معاون ہیں۔ سالانہ ضلعی اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے ٹورنامنٹس منعقد کیے جاتے ہیں، جن کے انتظامات آئندہ سال مزید بہتر بنائے جائیں گے۔

    GIZ اور Adidas کے نمائندوں نے سکولوں کے لیے اپنے منصوبے پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ان سہولیات کو صوبے کے دیگر اضلاع تک توسیع دیں گے اور کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل لیول پر مواقع فراہم کرنے میں مدد کریں گے۔

    فیصل خان ترکئی نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے طلبہ کو آگے بڑھنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مرد و خواتین کے لیے یکساں منصوبہ بندی کی جائے اور فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز کی جدید تربیت کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کھیل طلبہ کی ذہنی اور جسمانی نشوونما کے لیے نہایت اہم ہیں اور ضم شدہ اور پسماندہ اضلاع میں کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ امتحانی بورڈز کے مینڈیٹ میں بھی کھیلوں کا فروغ شامل کیا گیا ہے تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق سہولیات میں مزید بہتری لائی جا سکے۔