Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • تنگوانی: پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، 15 مشتبہ افراد گرفتار

    تنگوانی: پولیس کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن، 15 مشتبہ افراد گرفتار

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب پولیس نے مغویوں کی بازیابی اور ڈاکوؤں کے خلاف ایک بڑا سرچ آپریشن کیا ہے۔ ایس ایس پی زبیر نظیر شیخ کی سربراہی میں یہ آپریشن پکے کے علاقے جمال ڈوھورے اور جمال تھانے کی حدود میں کیا گیا، جہاں پولیس نے ڈاکوؤں کے درجنوں ٹھکانوں کو مسمار کرکے ان پر آگ لگا دی۔

    اس آپریشن کا مقصد نہ صرف مغویوں کی بازیابی تھا بلکہ شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے گروہوں اور بھتہ خوری کی دھمکیاں دینے والے ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی کرنا بھی تھا۔ پولیس نے اس دوران ڈاکوؤں کے کئی چھپے ہوئے ٹھکانوں کو تباہ کرکے ان پر آگ لگا دی تاکہ ان کا خاتمہ کیا جا سکے۔

    پولیس آپریشن کے دوران مبینہ طور پر 15 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی زبیر نظیر شیخ نے اس آپریشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک علاقے میں مکمل امن و امان قائم نہیں ہو جاتا۔

    پولیس کے اس آپریشن سے علاقے کے عوام میں اطمینان پایا جا رہا ہے اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا تحصیل پسرور کا دورہ، صفائی ستھرائی اور صحت کے منصوبوں کا جائزہ

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کا تحصیل پسرور کا دورہ، صفائی ستھرائی اور صحت کے منصوبوں کا جائزہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے تحصیل پسرور کا دورہ کیا اور کلاسوالہ میں ستھرا پنجاب کے تحت صفائی ستھرائی کے آپریشن کے ساتھ ساتھ دیہی مرکز صحت کلاسوالہ کی ری ویمپنگ کے منصوبے پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور قمر منج بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیالکوٹ سالڈ مینجمنٹ کمپنی کی زیر نگرانی ضلع سیالکوٹ کے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کا یکساں نظام مکمل طور پر آؤٹ سورس کردیا گیا ہے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کنٹریکٹر کو معاہدہ کے مطابق ہیومن ریسورس اور مشینری فراہم کرے تاکہ میدان میں موجودگی کو یقینی بنایا جا سکے اور صفائی کے آپریشن کا دائرہ وسیع ہو۔

    ڈپٹی کمشنر نے بلک ویسٹ (روڑیوں) کو ختم کرنے کی ہدایت کی اور اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ دوبارہ بلک ویسٹ جمع نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں ویسٹ کلیکشن کے لئے ٹمپریری کلیکشن پوائنٹس (ٹی سی پی) قائم کیے جائیں تاکہ وہاں جمع کیا جانے والا ویسٹ لینڈ فل سائیٹ پر منتقل کیا جا سکے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ڈمپ کیا جائے۔ اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کو صفائی کے نظام کی سپر ویژن کی ہدایت دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنر صفائی کے نظام کی نگرانی کریں اور اس کی بہتری کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے رورل ہیلتھ سنٹر کلاسوالہ کی ری ویمپنگ منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ، ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا بھی معائنہ کیا اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔

    قبل ازیں، ڈپٹی کمشنر نے تحصیل کوارٹر ہسپتال پسرور اور گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر پسرور کا بھی معائنہ کیا۔ ان دوروں کے دوران، انہوں نے سہولتوں اور خدمات کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

  • خیبر بار ایسوسی ایشن نے ڈسٹرکٹ پریس کلب انتخابات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

    خیبر بار ایسوسی ایشن نے ڈسٹرکٹ پریس کلب انتخابات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) خیبر بار ایسوسی ایشن نے ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) کے سالانہ انتخابات 2025 کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔

    انتخابات کی نگرانی پشاور ہائی کورٹ کے ایگزیکٹیو کونسل ممبر اور ضلع خیبر بار ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹیو ممبر، سینئر قانون دان قبیس شینواری ایڈوکیٹ نے کی۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا کے ہر ضلع میں صرف ایک ڈسٹرکٹ پریس کلب تسلیم کیا جائے گا، اور انتخابات بار کونسل کے نمائندے کی نگرانی میں ہونے ضروری ہیں۔

    پریس کلب کے تمام ممبران نے قبیس شینواری ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انتخابات کے عمل کو شفاف اور کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی دن نتائج کا اعلان اور کابینہ کی باضابطہ تصدیق بھی کی گئی۔

    پریس کلب کے اراکین نے بار ایسوسی ایشن اور سینئر وکلاء کی خدمات کو بھی سراہا، جنہوں نے انتخابات کے بعد کابینہ کی تصدیق کی۔

  • کراچی: سندھ کابینہ کی 8 ہزار الیکٹرک بسوں کی منظوری

    کراچی: سندھ کابینہ کی 8 ہزار الیکٹرک بسوں کی منظوری

    کراچی،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی بشیربلوچ) سندھ کابینہ کی 8 ہزار الیکٹرک بسوں کی منظوری

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ نے شہر کے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں انقلاب لانے کے لیے 8 ہزار الیکٹرک بسوں کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل ہوگا، جس کا مقصد شہری ٹرانسپورٹ کو ماحول دوست اور جدید بنانا ہے۔

    پہلے مرحلے میں ایک سال کے اندر 500 بسیں شامل کی جائیں گی جبکہ 50 بسیں پہلے ہی فعال ہیں۔ دوسرے مرحلے میں 1500 مزید بسیں شامل کی جائیں گی اور آخری مرحلے میں 4,000 سے 6,000 بسیں اگلے چار سال میں متعارف کرائی جائیں گی۔

    بسوں کے چارجنگ اسٹیشن، ڈپو اور دیگر ضروری انفراسٹرکچر کے ساتھ 1 گیگا واٹ صلاحیت کا سولر پلانٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ خواتین کے لیے گلابی بسوں میں خواتین ڈرائیورز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

    سندھ حکومت نے اس منصوبے کے لیے مالی سال 2025 کی آخری سہ ماہی میں 412.50 ملین روپے مختص کیے ہیں اور سالانہ 1.65 بلین روپے کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہے۔

    منصوبے کا مقصد کاربن کے اخراج میں کمی اور شہریوں کو ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ہے۔

  • سیالکوٹ: 3 فروری سے انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سیالکوٹ: 3 فروری سے انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرمدثررتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اعلان کیا ہے کہ 3 فروری سے ضلع میں 2025 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ 5 روزہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 7 لاکھ 95 ہزار 877 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے یہ بات ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مہم میں 6 ہزار 288 پولیو ورکرز حصہ لیں گے، جن میں 2 ہزار 276 موبائل ٹیمیں گھروں، تعلیمی اداروں، جھونپڑ بستیوں، بھٹوں اور کچی آبادیوں میں جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ 133 فکسڈ ٹیمیں بنیادی مراکز صحت، دیہاتی مراکز اور ہسپتالوں میں تعینات ہوں گی، جبکہ 69 ٹرانزٹ ٹیمیں بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر اہم مقامات پر موجود رہیں گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹیموں کی مکمل تربیت کا انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔ انہوں نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ پولیو سے ضلع سیالکوٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں قومی فرض سمجھ کر ادا کریں۔

  • سیالکوٹ: ریٹائرمنٹ کے موقع پر استاد کی خدمات کو خراجِ تحسین، شیلڈ اور تعریفی سند پیش

    سیالکوٹ: ریٹائرمنٹ کے موقع پر استاد کی خدمات کو خراجِ تحسین، شیلڈ اور تعریفی سند پیش

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) ریٹائرمنٹ کے موقع پر استاد کی خدمات کو خراجِ تحسین، شیلڈ اور تعریفی سند پیش

    ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد حسین علوی نے کہا ہے کہ باعزت ریٹائرمنٹ ہر سرکاری ملازم کا خواب ہوتا ہے، خصوصاً اساتذہ جو اپنی زندگی درس و تدریس کے لیے وقف کرتے ہیں، کبھی حقیقی معنوں میں ریٹائر نہیں ہوتے۔ استاد ایک روحانی باپ کی حیثیت رکھتا ہے، اس کی ذمہ داریاں ملازمت کے اختتام پر بھی ختم نہیں ہوتیں۔

    یہ خیالات انہوں نے گورنمنٹ جامع ہائی اسکول سیالکوٹ میں منعقدہ ظہرانے کے دوران عاشق حسین صدیقی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر پیش کیے۔ عاشق حسین، ایک معروف استاد، اسٹیج سیکرٹری، مقرر، اور مصنف کے طور پر 34 سالہ خدمات انجام دے چکے ہیں۔

    اس تقریب میں ڈی ای او ملک اللہ داد، محمد آصف مغل، محمد حسین، علامہ حافظ نیاز احمد الازہری، ارشد بٹ، اور دیگر اہم شخصیات سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ مقررین نے عاشق حسین صدیقی کی تعلیم و تربیت کے لیے خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    عاشق حسین صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ تعلیم اور طلبہ کی محبتیں میری زندگی کا اصل سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استاد کی کامیابی اس کے طالب علموں کی کامیابی میں پوشیدہ ہوتی ہے، اور وہی معاشرے ترقی کرتے ہیں جو استاد کو عزت و مقام دیتے ہیں۔

    سی ای او مجاہد حسین علوی نے عاشق حسین صدیقی کو شیلڈ اور تعریفی سند پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ ایسے اساتذہ قوم کی ترقی میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

  • ڈیرہ غازیخان: دری میرو میں شوہر کے ہاتھوں 4 بچوں کی ماں بے دردی سے قتل

    ڈیرہ غازیخان: دری میرو میں شوہر کے ہاتھوں 4 بچوں کی ماں بے دردی سے قتل

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ) دری میرو کے علاقے میں شوہر کے ہاتھوں چار بچوں کی ماں کو بے دردی سے قتل کرنے کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان کےتھانہ دراہمہ کی حدود میں واقع دری میرو کے رہائشی شاہد حسین چوہان نے اپنی بیوی شازیہ بی بی دختر مرید حسین قوم ویہا کو رات تقریباً ڈیڑھ بجے چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی کے اس کے والد (یعنی مقتولہ کے سسر) کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، جس پر ملزم نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے شازیہ بی بی کی جان لے لی۔

    ذرائع کے مطابق رواں ہفتے مقتولہ اور ملزم کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد شازیہ بی بی روٹھ کر اپنے میکے چلی گئی تھی۔ دو دن والد کے گھر گزارنے کے بعد گزشتہ روز ہی شوہر کے اصرار پر واپس اپنے گھر آئی تھی۔

    یاد رہے کہ مقتولہ شازیہ کی 12سال قبل شاہد حسین سے شادی ہوئی تھی اور مقتولہ شازیہ 4 بچوں کی ماں تھی جن میں ایک بیٹا اور 3 بیٹیاں شامل ہیں ۔

    پولیس نے لاش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے اورتھانہ دراہمہ پولیس نے مقدمہ نمبر85/25 زیر دفعہ 302 درج کرکے قانونی کارروائی کاآغاز کردیا ہے۔

  • کرم: قافلے پر دہشتگرد حملہ، شہداء کی تعداد 9 ہوگئی، 4 لاپتہ ڈرائیورز کی لاشیں برآمد

    کرم: قافلے پر دہشتگرد حملہ، شہداء کی تعداد 9 ہوگئی، 4 لاپتہ ڈرائیورز کی لاشیں برآمد

    کرم (باغی ٹی وی) کرم میں قافلے پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 2 ہو گئی ہے، جبکہ لاپتہ 4 ڈرائیورز کی لاشیں ملنے کے بعد شہید ڈرائیورز کی تعداد 7 تک پہنچ گئی۔

    پولیس کے مطابق حملے کے دوران دہشتگردوں نے قافلے کو نشانہ بنایا، جس میں پہلے ایک اہلکار شہید اور تین ڈرائیور جاں بحق ہوئے۔ بعد ازاں لاپتہ ہونے والے پانچ ڈرائیورز میں سے چار کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

    تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے حملے کے بعد ٹرکوں کو لوٹ کر جلا دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوکت علی کے مطابق حملے سے قافلے کی تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    یہ امدادی قافلہ 35 مال بردار گاڑیوں پر مشتمل تھا، جس میں دوائیں، سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے خوردونوش شامل تھیں۔ قافلے کی حفاظت کے لیے پولیس، ایف سی اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی، تاہم دہشتگردوں نے راکٹ اور فائرنگ سے قافلے کو نشانہ بنایا۔

    سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 دہشتگرد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ اس واقعے کے بعد کرم جانے والے قافلے کو روک کر واپس روانہ کر دیا گیا۔

  • میرپور ماتھیلو: پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    میرپور ماتھیلو: پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    میرپور ماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق علی لغاری) پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

    تفصیل کے مطابق ضلع گھوٹکی پولیس نے ڈاکوؤں سے مقابلہ کرتے ہوئے ایک ایکٹو کرمنل کو زخمی حالت میں اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
    پولیس کا یہ مقابلہ لنک روڈ او جی ڈی سی نزد زونگ ٹاور پر ہوا، جس میں ایس ایچ او تھانہ سرحد، شاہد علی خشک اور ان کی ٹیم شامل تھی۔
    پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ پانچ مشتبہ ملزمان واردات کی نیت سے کھڑے ہیں، جس پر فوراً پولیس نے نشاندہی کی جگہ پہنچ کر کارروائی شروع کی۔

    ملزمان نے پولیس کو گھیرے میں آتے دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو فیص محمد ولد سائینداد سنگھڑ زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کے چار ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

    ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے اس کارروائی پر پولیس ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔

  • ڈیرہ غازی خان: ایم او آئی کا اختیارات کا ناجائز استعمال، ٹیوب ویل آپریٹر کو ملازمین پر نگران مقرر کر دیا

    ڈیرہ غازی خان: ایم او آئی کا اختیارات کا ناجائز استعمال، ٹیوب ویل آپریٹر کو ملازمین پر نگران مقرر کر دیا

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواداکبر) میونسپل کارپوریشن کے ایم او آئی محمد شفیق کی جانب سے ملازمین کو تنگ کرنے اور گالیاں دینے کی شکایات، افسران بالا سے فوری کارروائی کا مطالبہ

    تفصیل کے مطابق میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازیخان کے ایم او آئی محمد شفیق کا ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک اور گالیاں دینے کا سلسلہ شدت اختیار کرگیا ہے جس سے ملازمین میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ محمد شفیق جو ضلع کونسل سے ٹرانسفر ہوکر میونسپل کارپوریشن آئے ہیں، روزانہ ملازمین کے ساتھ توہین آمیز رویہ اپناتے ہیں اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ اس کرپٹ آفیسر نے لاہورہائیکورٹ ملتان بنچ کے احکامات کے باوجود ملازمین کے کلوز ڈے الاؤنس دبا رکھے ہیں ،جب ملازمین اپنا حق مانگنے جاتے ہیں تو انہیں گالیاں دینا اور ان کی تذلیل کرنا معمول بنا لیا ہے۔

    ملازمین نے شکایت کی ہے کہ محمد شفیق کا رویہ غیر مناسب ہے، جس کے باعث ان کا دفتر جانا مشکل ہوگیا ہے۔ علاوہ ازیں اس نےمحمد عامر نامی ٹیوب ویل آپریٹر کواپنافرنٹ مین بنارکھاہے جو تمام معاملات کو سنبھالتا ہے اور دونوں دیر رات گئے تک دفتر میں سرگرم رہتے ہیں جبکہ سائل کام نہ ہونے کی شکایات کس کے پاس لیکر جائیں، ملازمین کے ساتھ رویہ کی وجہ سے ملازمین بھی کام کے سلسلے میں اسکے دفتر جانے سے کتراتے ہیں

    شہریوں اور ملازمین نے افسران بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ اس افسر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور اسے کسی دوسری جگہ پر تبدیل کیا جائے۔ جب متعلقہ افسر کے دفتر سے اس سلسلے میں موقف لینے کی کوشش کی گئی تو وہ دفتر سے غائب ہوگئے۔