Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • میرپورخاص:ایس ایس پی  کا منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

    میرپورخاص:ایس ایس پی کا منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم

    میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگارشاہزیب شاہ) ایس ایس پی شبیر احمد سیٹھار کا منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے ہنگامی اجلاس، سخت اقدامات کی ہدایت

    تفصیل کے مطابق ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار نے ایس ایس پی آفس میرپورخاص میں منشیات کے خلاف ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں ضلع بھر کے تمام SDPO’s/SHO’s، انچارج CIA، انچارج DIB اور ہیڈ آف برانچز نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایس ایس پی میرپورخاص نے سخت احکامات دیتے ہوئے کہا کہ تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز اپنے علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف فوری کارروائی کریں اور ایک ہفتے کے اندر ضلع کو منشیات سے پاک کریں۔ ایس ایس پی نے کہا کہ اس کارروائی کی نگرانی خود کریں گے اور کسی بھی منشیات فروش کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی پولیس افسر یا اہلکار منشیات فروشوں کی سرپرستی کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور اسے B کمپنی بھیج دیا جائے گا۔ ایس ایس پی نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر کسی کو منشیات کھانے سے کوئی نقصان یا بیماری ہو تو وہ اپنے متعلقہ تھانے پر مقدمہ درج کروا سکتے ہیں۔

    سول سوسائٹی سے درخواست کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس کے ساتھ مل کر منشیات کے خلاف کارروائیاں کی جائیں، تاکہ میرپورخاص میں منشیات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

    مزید برآں، ایس ایس پی نے ضلع بھر میں ٹریفک مسائل پر بھی نوٹس لیا اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ انچارج کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کو CCTV کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کرنے اور فوری کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

  • کندھ کوٹ:تنخواہیں نہ دینے اور پکا نہ کرنے پر ڈبلیو ایچ او کےاسد سومرو کی ناانصافیوں کے خلاف نعرے

    کندھ کوٹ:تنخواہیں نہ دینے اور پکا نہ کرنے پر ڈبلیو ایچ او کےاسد سومرو کی ناانصافیوں کے خلاف نعرے

    کشمور،باغی ٹی وی (نامہ نگارمختیار احمد اعوان) کندھ کوٹ کورڈ ملازمین کا احتجاج، پکا نہ کرنے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ڈبلیو ایچ او اسد سومرو کی ناانصافیوں کے خلاف مظاہرہ

    تفصیل کے مطابق کندھ کوٹ میں کورڈ ملازمین اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے ملازمین نے ڈبلیو ایچ او اسد سومرو کی ناانصافیوں کے خلاف او پی ڈی کا بائیکاٹ کر کے احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر تنخواہیں نہ دینے اور کورڈ ملازمین کو پکا نہ کرنے کے خلاف زوردار نعرے بازی کی۔ پیرا میڈیکل اسٹاف کے ضلع جنرل سیکریٹری قاضی اعجاز احمد نے کہا کہ کورڈ ملازمین کو کئی برسوں سے کام کر رہے ہیں، لیکن نہ انہیں پکا کیا جا رہا ہے اور نہ ہی تنخواہیں دی جا رہی ہیں۔

    ضلع صدر پیرا میڈیکل اسٹاف علی حسن قمبرانی نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کو کروڑوں روپے مل رہے ہیں لیکن یہ کہاں خرچ ہو رہے ہیں؟ اس کے باوجود نااہل ڈی ایچ او نے 600 روپے روزانہ تنخواہ والے ملازمین کو کچے کے علاقوں میں ورک پر بھیج دیا ہے، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔

    مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ، ہیلتھ منسٹر اور دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ کورڈ ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو ختم کیا جائے اور انہیں پکا کر بے چینی دور کی جائے۔

  • خیرپور: غیرقانونی سیمینٹ فیکٹری پر چھاپہ، جعلی سیمینٹ اور سامان برآمد، فیکٹری سیل

    خیرپور: غیرقانونی سیمینٹ فیکٹری پر چھاپہ، جعلی سیمینٹ اور سامان برآمد، فیکٹری سیل

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق علی لغاری)خیرپور میں غیرقانونی سیمینٹ فیکٹری پر چھاپہ، جعلی سیمینٹ اور سامان برآمد، فیکٹری سیل

    تفصیل کے مطابق خیرپور میں ببرلو کے قریب مختیارکار خیرپور وقار سومرو کی سربراہی میں حساس اداروں اور محکمہ روینیو کی مشترکہ کارروائی میں نجی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا۔

    چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں جعلی سیمینٹ کی بوریاں اور سیمینٹ بنانے والا سامان برآمد کر لیا گیا۔ مختیارکار خیرپور نے بتایا کہ یہ جعلی اور غیرمعیاری سیمینٹ سندھ اور ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جارہی تھی۔

    خفیہ اطلاع پر کی جانے والی اس کارروائی کے نتیجے میں غیرقانونی فیکٹری کو سیل کر دیا گیا، جبکہ فیکٹری مالک چھاپے کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کی جانب سے اس کی تلاش جاری ہے۔

  • اوکاڑہ:جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ چوہدری رضوان احمد

    اوکاڑہ:جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ چوہدری رضوان احمد

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر)جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ چوہدری رضوان احمد

    جماعت اسلامی اوکاڑہ کے امیر چوہدری رضوان احمد نے مرکز الفردوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 17 جنوری 2025ء کو ملک بھر میں ہونے والے احتجاج میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر شدید تنقید کی اور وزیراعظم کی جانب سے اسٹاک ایکسچینج انڈیکس میں بہتری کی خوشخبریوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی مشکلات میں کوئی کمی نہیں آئی۔

    چوہدری رضوان احمد نے مزید کہا کہ پیٹرول اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے عوام کی زندگی مزید مشکل ہو گئی ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی جانب سے آئی پی پیز کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کا ذکر کیا، جس کے نتیجے میں پانچ آئی پی پیز بند ہو چکے ہیں اور مزید اٹھارہ آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت جاری ہے، مگر اس کے باوجود بجلی کے بلوں میں کمی کیوں نہیں کی جا رہی؟

    چوہدری رضوان احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ حکومت عوام کو فوری ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر پالیسیاں اپنائے۔

  • ننکانہ:قرآن و سنہ موومنٹ کا ورکر کنونشن، علامہ ابتسام الہی ظہیر کی خصوصی شرکت

    ننکانہ:قرآن و سنہ موومنٹ کا ورکر کنونشن، علامہ ابتسام الہی ظہیر کی خصوصی شرکت

    ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی (نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب میں قرآن و سنہ موومنٹ کی طرف سے مرکز نور الہدی میں ورکر کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان کے چیئرمین علامہ ابتسام الہی ظہیر نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔

    کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ابتسام الہی ظہیر نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے قرآن اور اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت پر عمل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1947 میں اس مقصد کے لیے آزاد ہوا کہ یہاں اسلام کا جھنڈا بلند ہو اور اللہ کے نبی کا قانون نافذ ہو۔ آج ہم مسلمان کافر کے ظلم کا شکار ہیں کیونکہ ہم اپنے مقصد کو بھول چکے ہیں۔

    علامہ ابتسام الہی ظہیر نے مزید کہا کہ جب ہم قرآن اور سنت کے مطابق زندگی گزاریں گے، تو ملک کی خوشحالی اور ترقی ہمارا مقدر بنے گی۔

    کنونشن کے دوران ضلع ننکانہ صاحب کی ممبر سازی بھی کی گئی۔ مولانا عمران ناصر کو ضلع ننکانہ صاحب کا سرپرست اعلی، حافظ حسان جبار کو چیف آرگنائزر، اور پیر عارف نواز شاہ کو قرآن و سنہ موومنٹ کا صدر مقرر کیا گیا۔ چیئرمین حافظ ملک زکریا اور جنرل سیکرٹری پیر مدثر شاہ نے نوٹیفکیشن جاری کیے۔

    پروگرام کے اختتام پر مہمانوں کے لیے مرکز نور الہدی کی جانب سے بہترین کھانے کا انتظام کیا گیا۔

  • واپڈا سیپکو ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف میہڑ میں احتجاجی ریلی

    واپڈا سیپکو ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف میہڑ میں احتجاجی ریلی

    میہڑ،باغی ٹی وی (نامہ نگار منظورعلی جوئیہ)واپڈا سیپکو ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف میہڑ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت واپڈا ہائیڈرو یونین کے سعید کلہوڑو، حسین بخش جتوئی، محمد علی شیخ اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ سیکڑوں ملازمین نے واپڈا آفس سے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر میہڑ پریس کلب تک ریلی نکالی اور زوردار نعرے لگائے۔

    مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو کے ملازمین اور افسران دن رات صارفین کی خدمت میں مصروف رہتے ہیں اور اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرتے ہیں، لہٰذا ان کی جبری برطرفیاں سراسر ناانصافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی صورت میں اس ناانصافی کو برداشت نہیں کریں گے۔

    مظاہرین نے مزید کہا کہ ہم ہائیڈرو لیبر ورکر یونین کے قائد عبدالطیف نظامانی اور ریجنل چیئرمین نثار احمد شیخ کے ہر حکم پر عمل کرتے ہوئے احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیپکو ملازمین کی جبری برطرفیاں فوری طور پر ختم کی جائیں اور ان کی بے چینی دور کی جائے۔

  • سیاسی معاملات پر بات سیاستدانوں سے کریں، بیرسٹر گوہر کی ملاقات کا احوال

    سیاسی معاملات پر بات سیاستدانوں سے کریں، بیرسٹر گوہر کی ملاقات کا احوال

    لاہور(باغی ٹی وی )سیاسی معاملات پر بات سیاستدانوں سے کریں، بیرسٹر گوہر کی ملاقات کا احوال

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کی ملاقات کے دوران سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے معاملات پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ ملاقات کا مقصد خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کے انتظامات اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر تبادلہ خیال تھا، تاہم ملاقات کے دوران سیاسی معاملات پر گفتگو کرنے کی کوشش کی گئی جس پر جواباً کہا گیا کہ سیاسی امور پر بات چیت سیاستدانوں کے ساتھ کی جائے۔

    ذرائع کے مطابق، بیرسٹر گوہر نے ملاقات کے دوران آرمی چیف سے سیاسی معاملات پر بات کرنے کی کوشش کی، جس پر انہیں یہ جواب دیا گیا کہ فوجی قیادت کا دائرہ سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے معاملات تک محدود ہے، اور سیاسی معاملات پر گفتگو سیاستدانوں سے کی جائے۔ اس کے بعد بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور کے درمیان بات چیت کو صرف سیکیورٹی مسائل تک محدود رکھا گیا۔

    یاد رہے کہ بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور نے آرمی چیف سے ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے سیاسی امور کو زیر بحث لانے کی کوشش کی تھی، تاہم اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ آرمی کی ترجیح سیکیورٹی معاملات ہیں، نہ کہ سیاسی گفتگو۔

    ملاقات کے بعد کچھ ذرائع نے اس بات چیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے کی کوشش کی، اور اسے سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔ سیکورٹی ذرائع کی جانب سے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ سیکیورٹی کے اہم معاملات پر ہونے والی بات چیت کو غیر ضروری طور پر سیاست کا رنگ دیا گیا، جو کہ غیر مناسب ہے۔

    اس ملاقات کا مقصد صرف خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورت حال کو بہتر بنانا تھا، اور یہی بات چیت کے اصل مواد کا حصہ تھی۔

  • لنڈی کوتل:اساتذہ کی حقوق کے لیے لڑیں گے، پشاور کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے، شریف اللہ آفریدی

    لنڈی کوتل:اساتذہ کی حقوق کے لیے لڑیں گے، پشاور کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے، شریف اللہ آفریدی

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)اساتذہ کی حقوق کے لیے لڑیں گے، پشاور کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے، شریف اللہ آفریدی

    تنظیم اساتذہ ضلع خیبر نے 22 جنوری کو پشاور میں ہونے والے سرکاری ملازمین کے احتجاج میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا اظہار تنظیم کے صدر شریف اللہ آفریدی، لنڈی کوتل کے صدر ملک نادرشاہ اور جمیل آفریدی نے ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل (رجسٹرڈ) میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

    شریف اللہ آفریدی نے کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور پنشن کے پرانے طریقہ کار کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 22 جنوری کو پشاور میں ہونے والے احتجاج میں اساتذہ اور دیگر سرکاری ملازمین بھرپور شرکت کریں گے تاکہ پنشن میں کمی کے خلاف اور پرانے نظام کی بحالی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔

    انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی اشرافیہ اپنی مراعات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے جبکہ غریب سرکاری ملازمین کی پنشن میں کمی کی جا رہی ہے جو کہ ان کے بڑھاپے کا سہارا ہے۔ آفریدی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سرکاری ملازمین کے حقوق کا تحفظ کرے اور پنشن کے پرانے نظام کو بحال کرے۔

    آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے، تو 22 جنوری کو لاکھوں ملازمین پشاور کا رخ کریں گے اور اپنے حقوق کے حصول تک دھرنا جاری رکھیں گے۔

  • میرپورخاص: عمرکوٹ روڈ پر جبری ٹول پلازہ کے خلاف جے یو آئی اور عوام کا دھرنا

    میرپورخاص: عمرکوٹ روڈ پر جبری ٹول پلازہ کے خلاف جے یو آئی اور عوام کا دھرنا

    میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) عمرکوٹ روڈ پر جبری ٹول پلازہ کے خلاف جے یو آئی اور عوام کا دھرنا

    عمرکوٹ روڈ پر انتظامیہ کی جانب سے جبری ٹول پلازہ قائم کرنے کے خلاف جمیعت علماء اسلام میرپورخاص اور علاقے کے عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔

    دھرنے میں جے یو آئی میرپورخاص کے نائب امیر مولانا محمد ابراہیم مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ روڈ کی حالت خستہ ہے اور روڈ پر ہونے والے حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو اس سڑک کی تعمیر نو کرنی چاہیے تھی، لیکن عوام پر اضافی بوجھ ڈال کر ٹول پلازہ قائم کر دیا گیا۔ مولانا ابراہیم نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹول پلازہ عوام کے لیے جینے مرنے کا سوال ہے، اور اسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

    دیگر مقررین، جن میں وڈیرہ علی مہر، عبدالحمید بلوچ، مولانا عبدالہادی، جمیل شر، میر محمد منگریو، اور فقیر محمد علی مہر شامل تھے، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس ناجائز اقدام کے خلاف متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے سڑک تعمیر کرنی چاہیے اور اس کے بعد ٹول پلازہ پر غور کرنا چاہیے۔ مقررین نے واضح کیا کہ ایف آئی آرز یا دیگر کارروائیاں انہیں ڈرا نہیں سکتیں۔

    دھرنے کے شرکاء نے "نامنظور، ٹول پلازہ نامنظور” اور "نعرہ تکبیر، اللہ اکبر” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ دھرنے کے دوران عمرکوٹ روڈ دونوں اطراف سے بلاک ہو گیا، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی نفری بھی موقع پر موجود رہی۔

    احتجاج کرنے والوں نے انتظامیہ اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مفاد میں ٹول پلازہ قائم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے کر علاقے کے مسائل حل کریں۔

  • میرپور خاص: منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

    میرپور خاص: منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

    میرپور خاص ،باغی ٹی وی(نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

    ایس ایس پی میرپور خاص شبیر احمد سیٹھار کے سخت احکامات پر پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مختلف تھانوں کی کارروائیوں میں بڑی مقدار میں گٹکا، ماوہ اور دیسی شراب برآمد کی گئی۔

    تھانہ ٹاؤن میں ڈی ایس پی سٹی عبدالغفور خاصخیلی کی قیادت میں ایس ایچ او کامران ہالیپوٹو نے گٹکا ماوہ مینوفیکچرنگ فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ اس کارروائی میں 100 گٹکا ماوہ، 3 ٹپ تیار ماوہ، 3 ٹپ غیر تیار ماوہ، اور 1 بالٹی چھالیہ برآمد ہوئی، جبکہ ملزم شبیر قریشی کو گرفتار کیا گیا۔ ہیرآباد میں ایک اور کارروائی میں منشیات فروش شبیر شیخ کو گرفتار کر کے 6 پیکٹ سفینہ گٹکا برآمد کیا گیا۔ دونوں ملزمان پر الگ الگ مقدمات درج کیے گئے۔

    تھانہ مہران کے ایس ایچ او سعید چنہ کی قیادت میں کارروائی میں راشد ملک کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے 770 سفینہ ساشے، 100 رائل کنگ ساشے، اور 320 گٹکے برآمد ہوئے۔ کارروائی کے دوران دوسرا ملزم بابر ملک فرار ہو گیا۔

    ٹنڈو جان محمد پولیس نے ایس ایچ او اسلم جمالی کی قیادت میں کارروائی کرتے ہوئے 1,100 سفینہ ساشے اور 250 گٹکے برآمد کیے۔ اس کارروائی میں دو ملزمان گرفتار ہوئے۔

    پھلاڈیوں تھانے کے ایس ایچ او مجید گرگیج کی قیادت میں دیسی شراب فروش عناصر کے خلاف کارروائی میں سریش کمار کو گرفتار کیا گیا اور 20 لیٹر دیسی شراب برآمد ہوئی۔

    تعلقہ پولیس اسٹیشن میں ایس ایچ او آفتاب رند نے کارروائی کرتے ہوئے 10 لیٹر تیار اور 230 لیٹر غیر تیار شدہ شراب برآمد کی۔ اس کارروائی میں لچھمن کولہی کو گرفتار کیا گیا۔

    میرواہ تھانے کے ایس ایچ او جنید قمر میمن نے جھڑی جوگی میں کارروائی کرتے ہوئے 10 لیٹر دیسی شراب برآمد کی اور ملزم والجہی کولہی کو گرفتار کیا۔

    تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کی ان کامیاب کارروائیوں کو سراہا ہے۔ ایس ایس پی میرپور خاص نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ منشیات فروش عناصر کے خلاف کارروائیاں بغیر کسی دباؤ کے جاری رہیں گی۔