Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: سٹی ٹریفک پولیس کی 2024 کی کارکردگی کی رپورٹ جاری

    سیالکوٹ: سٹی ٹریفک پولیس کی 2024 کی کارکردگی کی رپورٹ جاری

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) سٹی ٹریفک پولیس کی 2024 کی کارکردگی کی رپورٹ جاری

    تفصیل کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس سیالکوٹ نے سال 2024 کے دوران اپنی کارکردگی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، قانون نافذ کرنے اور عوامی سہولت کے اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔

    قانونی کارروائیاں اور جرمانے
    ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 251,378 (دو لاکھ اکیاون ہزار تین سو اٹھہتر) گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 کروڑ 99 لاکھ 41 ہزار 100 روپے جرمانے کیے گئے۔ حادثات کی شرح کم کرنے کے لیے غفلت اور لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے پر 53,003 گاڑیاں بند کی گئیں، جب کہ 500 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں، 91 ڈرائیوروں کے لائسنس اور 39 گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کیے گئے۔

    رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں
    ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے رانگ پارکنگ کے خلاف 18,093 (اٹھارہ ہزار ترانوے) گاڑیاں لفٹ کی گئیں۔ اسپیشل اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے دکانداروں کے خلاف 350 ایف آئی آرز درج کیں۔

    عوامی سہولت کے اقدامات
    سیالکوٹ کی عوام کی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے، جن میں تحصیل لیول پر ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت، بزنس کمیونٹی کے لیے بی ایف سی سینٹر میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کا قیام، اور موبائل وینز کے ذریعے ڈور سٹیپ پر خدمات شامل ہیں۔ قصبہ لیول پر بھی ڈرائیونگ لائسنس کے لیے کیمپ لگائے گئے۔ سال 2024 کے دوران کل 70,297 (ستر ہزار دو سو ستانوے) ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔

    ڈی ایس پی ٹریفک کا عزم
    ڈی ایس پی ٹریفک نے عوامی سہولت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی عوام کو ٹریفک کی بہتر سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔

    یہ اقدامات نہ صرف ٹریفک قوانین کی عملداری کو یقینی بناتے ہیں بلکہ عوام کے لیے آسان اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم پیشرفت کی نمائندگی کرتے ہیں۔

  • میرپور ماتھیلو: گھوٹکی پولیس کی کارروائی، چوری شدہ بھینس اصل مالک کے حوالے

    میرپور ماتھیلو: گھوٹکی پولیس کی کارروائی، چوری شدہ بھینس اصل مالک کے حوالے

    میرپور ماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس کی کارروائی، چوری شدہ بھینس اصل مالک کے حوالے

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں تھانہ اے سیکشن پولیس نے ایک بہترین کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ بھینس برآمد کر کے قانونی کارروائی کے بعد اصل مالک کے حوالے کر دی۔

    ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن گل محمد مہر اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے قادر پور کے علاقے سے چوری شدہ بھینس برآمد کی۔ یاد رہے کہ 24 نومبر 2024 کی رات نامعلوم چوروں نے تھانہ اے سیکشن کی حدود سے خان محمد ولد نور محمد کولاچی کی بھینس چوری کر لی تھی، جس کی رپورٹ متاثرہ شخص نے تھانے میں درج کروائی تھی۔

    پولیس ٹیم نے آرمی پبلک اسکول کے قریب سے چوری شدہ بھینس کی تلاش شروع کی اور کامیاب کارروائی کے بعد اسے بازیاب کر لیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد بھینس اصل مالک خان محمد کولاچی کے حوالے کر دی گئی۔

    مسروقہ بھینس کی واپسی پر مالک نے گھوٹکی پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ایس ایچ او گل محمد مہر کا شکریہ ادا کیا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی نے پولیس ٹیم کی محنت اور کامیاب کارروائی پر شاباشی کا پیغام دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔ یہ کارروائی گھوٹکی پولیس کی عوامی مسائل کے حل میں ذمہ داری اور مستعدی کی عکاسی کرتی ہے۔

  • بہاولپور: نادرا آفس کی ملازمہ نے شوہر سے جھگڑے کے بعد خودکشی کر لی

    بہاولپور: نادرا آفس کی ملازمہ نے شوہر سے جھگڑے کے بعد خودکشی کر لی

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)بہاولپورمیں نادرا آفس کی ملازمہ نے شوہر سے جھگڑے کے بعد خودکشی کر لی

    تفصیل کے مطابق بہاولپور کی اسلامیہ کالونی 100 فٹ روڈ پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو جھگڑے کے باعث نادرا آفس کی ایک خاتون ملازمہ نے خودکشی کر لی۔

    ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع صبح 11 بج کر 33 منٹ پر موصول ہوئی، جس پر تین منٹ کے اندر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

    ریسکیو عملے کے مطابق 30 سالہ سیماب اشرف زوجہ محمد اشرف کا اپنے شوہر کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق خاتون نے غصے میں آ کر پنکھے سے لٹک کر اپنی جان دے دی۔ ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی خاتون کو پھندے سے اتارا جا چکا تھ ا لیکن وہ موقع پر ہی دم توڑ چکی تھیں۔

    ریسکیو عملے نے فوری طور پر واقعے کی اطلاع پولیس کو دے دی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ شروع کر دیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

  • بیلجیم: ای سگریٹ پر پابندی، ویپس پر پابندی لگانے والا پہلا یورپی ملک

    بیلجیم: ای سگریٹ پر پابندی، ویپس پر پابندی لگانے والا پہلا یورپی ملک

    برسلز(باغی ٹی وی)بیلجیم نے ای سگریٹ پر پابندی لگادی، ویپس پر پابندی لگانے والا پہلا یورپی ملک

    بیلجیئم ڈسپوزایبل الیکٹرانک سگریٹس پر پابندی لگانے والا یورپ کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ یہ فیصلہ نوجوانوں میں تمباکو نوشی کے رجحان کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

    بیلجیئم کے وزیر صحت فرینک وینڈن بروک کے مطابق ڈسپوزایبل ای سگریٹس نوجوانوں کو تمباکو نوشی کی طرف راغب کرنے کا ایک آسان ذریعہ بن چکے ہیں کیونکہ ان میں نیکوٹین کی موجودگی ہوتی ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ہے اور اس کا استعمال عادت بن جاتا ہے۔

    وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ہم نے ڈسپوزایبل ای سگریٹس پر اس لیے بھی پابندی عائد کی ہے کہ یہ قدم تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

    بیلجیئم کی حکومت یورپی کمیشن سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ تمباکو نوشی کی روک تھام کے لیے نئے اور سخت قوانین وضع کرے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈسپوزایبل ای سگریٹس نوجوانوں کی صحت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہیں۔ ان میں موجود مختلف ذائقے اور کم قیمت انہیں نوجوانوں کے لیے مزید کشش بناتی ہے۔

    اس کے علاوہ، ڈسپوزایبل ای سگریٹس ماحولیات کے لیے بھی نقصان دہ ہیں کیونکہ ان کو پھینک دینے سے پلاسٹک آلودگی میں اضافہ ہوتا ہے۔

    بیلجیئم کا یہ فیصلہ دیگر یورپی ممالک کے علاوہ باقی دنیا کےلیے ایک مثال قائم کرے گا اور وہ بھی اپنے ملک میں ڈسپوزایبل ای سگریٹس پر پابندی عائد کریں گے۔

  • اوچ شریف:حکومت چولستان کے عوام کو بھول گئی،چولستانی پانی کی بجائے زہر پینے پر مجبور

    اوچ شریف:حکومت چولستان کے عوام کو بھول گئی،چولستانی پانی کی بجائے زہر پینے پر مجبور

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )حکومت چولستان کے عوام کو بھول گئی،چولستانی پانی کی بجائے زہر پینے پر مجبور،ہیڈ پنجند کی نہریں گندگی اور زہر کا ڈھیر بن گئیں، عوام ہیپاٹائٹس اور وبائی امراض کی لپیٹ میں، زرعی اور معاشی تباہی سر پر منڈلانے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق چولستان اور روہی کے لاکھوں باسی حکومتی آفیسران کی مجرمانہ غفلت کا شکار ہیں اور نہروں کا آلودہ اور پلید پانی پینے پر مجبور ہیں۔ ہیڈ پنجند سے نکلنے والی نہریں، جو اس علاقے کے عوام کے لیے پانی کا واحد ذریعہ ہیں، سیوریج کے گندے پانی اور جانوروں کے فضلے سے بھر چکی ہیں۔ آلودگی کی شدت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ یہ پانی وضو کے قابل بھی نہیں رہا، مگر چولستانیوں کی زندگی کا دارومدار اسی پانی پر ہے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نہروں میں گٹر کا پانی، جانوروں کا گوبر اور زہریلا مواد شامل ہونے کی وجہ سے یہ پانی پینے کے قابل نہیں رہا۔ اس آلودہ پانی کے استعمال سے علاقے میں ہیپاٹائٹس، پیٹ کی بیماریاں اور وبائی امراض میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، جس نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

    اس کے علاوہ زراعت اور مویشیوں پر بھی اس آلودگی کے مضر اثرات پڑ رہے ہیں، جس سے مقامی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ حکومتی ادارے اور بااختیار آفیسران نہ تو مسئلے کا کوئی حل نکال سکے ہیں اور نہ ہی کاغذی کارروائی سے آگے بڑھے ہیں۔

    عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لے کر اقدامات کریں تاکہ چولستانیوں کی صحت، معیشت اور زندگی کو لاحق خطرات کو کم کیا جا سکے۔

  • خدارا ! مساجد کو چرچ نہ بنائیں

    خدارا ! مساجد کو چرچ نہ بنائیں

    خدارا ! مساجد کو چرچ نہ بنائیں
    تحریر: ڈاکٹر غلام مصطفی بڈانی
    مساجد مسلمانوں کے لیے اللہ کی عبادت کا مرکز اور روحانی اجتماع کی جگہ ہیں۔ یہ وہ مقدس مقامات ہیں جہاں تمام مسلمان ایک صف میں کھڑے ہو کر، کندھے سے کندھا ملا کر اللہ کی بارگاہ میں جھکتے ہیں۔ یہاں نہ کوئی بڑا ہے، نہ چھوٹا، سب برابر ہیں۔ لیکن حالیہ دور میں مساجد میں ایک نیا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جسے "کرسی کلچر” کہا جاتا ہے۔ یہ رجحان نہ صرف اسلامی تعلیمات بلکہ مساجد کی اصل روح کے بھی خلاف ہے۔

    اسلام نے نماز کو عبادت کے ساتھ ساتھ اتحاد، مساوات اور اجتماعیت کی عملی تصویر بنایا ہے۔ صف بندی میں تمام مسلمانوں کو کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی تفریق باقی نہ رہے۔ لیکن کرسی کلچر کے بڑھتے ہوئے رجحان نے اس اجتماعیت کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔ بعض افراد معمولی تھکن یا ذاتی سہولت کے لیے کرسیوں پر نماز پڑھتے ہیں حالانکہ ان کے لیے کھڑے ہو کر نماز ادا کرنا ممکن ہوتا ہے۔

    یہ رجحان نماز کے اصولوں کے خلاف ہے کیونکہ کرسیوں کی موجودگی سے صفوں میں خلا پیدا ہوتا ہے اور اجتماعیت کی روح متاثر ہوتی ہے۔ مزید برآں یہ رویہ مساجد کو چرچ کی مشابہت دینے لگا ہے، جہاں عبادات زیادہ تر نشستوں پر بیٹھ کر کی جاتی ہیں۔ چرچ کا طرز عبادت اسلامی ثقافت اور مساجد کے روحانی ماحول سے مختلف ہے اور مساجد کو اس سے مماثل بنانا اسلامی اقدار کے لیے نقصان دہ ہے۔

    اسلام ایک ایسا دین ہے جو عبادت میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ معذور افراد کے لیے کرسی یا بیٹھ کر نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے، جیسا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالی نے فرمایا "اللہ کسی جان پر اس کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا (البقرہ 286 )اور رسول اللہ ۖ نے فرمایا "نماز کھڑے ہو کر پڑھو، اگر استطاعت نہ ہو تو بیٹھ کر اور اگر اس کی بھی طاقت نہ ہو تو پہلو کے بل لیٹ کر(صحیح بخاری)لیکن یہ رعایت صرف حقیقی ضرورت کے تحت دی گئی ہے نہ کہ ذاتی سہولت کے لیے۔

    مساجد میں کرسی کلچر کا بڑھتا ہوا رجحان ایک ایسے عمل کو فروغ دے رہا ہے جو مساجد کے روحانی ماحول کو چرچ کے طرز عبادت سے قریب کر رہا ہے۔ یہ تبدیلی نہ صرف مساجد کی ثقافت بلکہ اسلامی تعلیمات کے بنیادی اصولوں یعنی مساوات اور اتحادکو بھی متاثر کر رہی ہے۔ کرسیوں کے غیر ضروری استعمال سے مساجد کی صف بندی متاثر ہوتی ہے اور ایک ناپسندیدہ تفریق پیدا ہو جاتی ہے جو اسلامی روح کے خلاف ہے۔

    یہ وقت ہے کہ علما ء و آئمہ کرام اس مسئلے پر توجہ دیں اور عوام کو مساجد کے اصل مقصد اور عبادات کے اصولوں سے آگاہ کریں۔ کرسی کا استعمال صرف ان افراد تک محدود ہونا چاہیے جو واقعی معذور ہیں اور کھڑے ہو کر یا زمین پر بیٹھ کر نماز ادا نہیں کر سکتے۔ اس کے علاوہ معذور افراد کو زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھنے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے، جیسا کہ نبی کریم ۖ کے زمانے میں ہوتا تھا۔

    مساجد کو ان کے اصل مقصد کے لیے محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مساجد عبادت، مساوات اور اتحاد کی علامت ہیں اور ان کی اس حیثیت کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ خدارا ! مساجد کو چرچ نہ بنائیں۔ عبادات کو ان کی اصل روح کے مطابق ادا کریں اور اسلامی اقدار پر عمل کرتے ہوئے مساجد کے روحانی اور اجتماعی ماحول کو محفوظ رکھیں۔ اللہ تعالی ہمیں دین کی صحیح سمجھ اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

  • ننکانہ : پاکستان عالمی دباؤ کا شکار، معیشت تباہ  ہوچکی ہے، چوہدری محمد سرور

    ننکانہ : پاکستان عالمی دباؤ کا شکار، معیشت تباہ ہوچکی ہے، چوہدری محمد سرور

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی دفتر ننکانہ صاحب میں رکنیت سازی مہم کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت لاہور ڈویژن کے صدر چوہدری محمد سرور نے کی۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید اور دیگر عہدیداران سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    چوہدری محمد سرور نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اس وقت عالمی دباؤ کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ معیشت تباہ حالی کا شکار ہے، اور سودی قرضوں نے قومی سطح پر بے پناہ مسائل پیدا کر دیے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں یوتھ کا کردار کلیدی ہے اور انہیں آگے آ کر اپنا اہم رول ادا کرنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک کو مایوسیوں سے نکال کر روشن مستقبل کی طرف گامزن کرے گی اور سیاست کو انبیاء کے طرز پر کھڑا کرے گی، تاکہ ملک دن رات ترقی کی منازل طے کر سکے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوامی خدمت کے کئی منصوبے کامیابی سے چلا رہی ہے، جن سے سینکڑوں افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

    انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ رکنیت سازی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور اللہ سے تعلق کو مضبوط کر کے ملک کی خدمت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوام کے تعاون سے ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہو گی۔

  • اوچ شریف: یار شاہ قبرستان کی چار دیواری نہ ہونے سے رقبہ سکڑنے لگا، قبروں کی بے حرمتی جاری

    اوچ شریف: یار شاہ قبرستان کی چار دیواری نہ ہونے سے رقبہ سکڑنے لگا، قبروں کی بے حرمتی جاری

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان)یار شاہ قبرستان کی چار دیواری نہ ہونے سے رقبہ سکڑنے لگا، قبروں کی بے حرمتی جاری

    اوچ شریف اور نواحی علاقے بیٹ احمد میں واقع یار شاہ قبرستان سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ چار دیواری نہ ہونے کے باعث آوارہ جانوروں کی آمدورفت نے قبرستان کی حالت خراب کر دی ہے۔ قبروں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ قبرستان کا تقدس پامال ہو رہا ہے۔

    مقامی افراد کے مطابق قبرستان کا رقبہ تیزی سے کم ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے تدفین کے لیے جگہ کی کمی کا سامنا ہے۔ اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور مقامی سیاست دانوں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

    شہریوں نے قبرستان کے لیے چار دیواری کی تعمیر کے علاوہ وضو خانہ، جنازہ گاہ اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ تدفین کے عمل میں آسانی ہو سکے۔ مقامی افراد نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مقدس مقام اپنی شناخت کھو دے گا اور تدفین کے مسائل مزید سنگین ہو جائیں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی عہدیداران کے نوٹیفکیشن جاری

    ڈیرہ غازی خان: پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی عہدیداران کے نوٹیفکیشن جاری

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبر)پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی عہدیداران کے نوٹیفکیشن جاری

    تفصیل کے مطابق پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن (PJA) ضلع ڈیرہ غازی خان کے ضلعی عہدیداران کے نوٹیفکیشن برائے سال 2025 جاری کر دیے گئے ہیں۔ صدر جنوبی پنجاب شیخ رمضان ندیم کی مشاورت سے مرکزی چیئرمین میاں اشتیاق علی نے ان تقرریوں کی منظوری دی۔

    جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق کوآرڈینیٹر: ڈاکٹر ملک طارق جمعہ،ڈپٹی کوآرڈینیٹر: محمد سلیم چوہان،ضلعی صدر: آصف رزاق،سینئر نائب صدر: ڈاکٹر نواز بھٹہ،نائب صدر: شہزاد خان،نائب صدر: شیخ احتشام زاہد،جنرل سیکرٹری: اسرار احمد،ایڈیشنل سیکرٹری: ڈاکٹر عمران حیدر جعفری،فنانس سیکرٹری: محمد عمران انیس،سیکرٹری اطلاعات: زبیر خان لودھی شامل ہیں

    یہ نوٹیفکیشن ضلع ڈیرہ غازی خان میں صحافتی تنظیم کی سرگرمیوں اور تنظیمی معاملات کو مزید فعال بنانے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

  • اوچ شریف و احمد پور شرقیہ  :ڈپٹی کمشنر بہاول پور کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    اوچ شریف و احمد پور شرقیہ :ڈپٹی کمشنر بہاول پور کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان)ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے احمد پور شرقیہ اور اوچ شریف کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا معائنہ کیا۔

    احمد پور شرقیہ میں انہوں نے عباسیہ چوک اور عثمان چوک سمیت مختلف مقامات پر تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن اور صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ نکاسی آب اور صفائی کے کام معیاری اور بروقت مکمل کیے جائیں اور تجاوزات کا مستقل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے لیڈیز پارک چوک منیر شہید میں شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے پودا لگایا اور پارک میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ، چاچا بستی چوک سے منیر شہید چوک تک دو رویہ سڑک کی مرمت کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔

    ڈاکٹر فرحان فاروق نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ کا دورہ کرتے ہوئے ایمرجنسی، آؤٹ ڈور اور وارڈز میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کے سٹاک کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ مریضوں کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں اور صفائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔

    اوچ شریف میں انہوں نے دیہی مرکز صحت کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ، ایکسئین بلڈنگ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔