Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ: ڈپٹی کمشنر کےبنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے عملے کی معطلی احکامات ہوامیں اُڑگئے

    ننکانہ: ڈپٹی کمشنر کےبنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے عملے کی معطلی احکامات ہوامیں اُڑگئے

    ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی(نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر کےبنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے عملے کی معطلی احکامات ہوامیں اُڑگئے

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کے احکامات کے باوجود چار روز گزرنے کے بعد بھی بنیادی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کے غیر حاضر عملے کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا۔

    29 دسمبر کی رات ڈپٹی کمشنر نے اچانک بنیادی مرکز صحت کا دورہ کیا، جہاں عملہ، بشمول ایل ایچ وی، آیا، اور چوکیدار، غیر حاضر پایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر عملے کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، لیکن سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    ضلعی محکمہ صحت کے معتبر ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر کے احکامات کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جا رہا ہے، جو کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف ضلعی انتظامیہ کے لیے باعث تشویش ہے بلکہ عوام میں بھی بے چینی پیدا کر رہی ہے۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کی غفلت نہ ہو۔

  • ڈسکہ: ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا جائزہ

    ڈسکہ: ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات کا جائزہ

    ڈسکہ ،باغی ٹی وی(ملک عمران) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ڈسکہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سرکلر روڈ پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، جاری ترقیاتی منصوبوں، اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ تحصیل کمپلیکس ڈسکہ میں ریونیو عوامی خدمت سروسز کورٹ میں شہریوں کے محکمہ مال سے متعلق مسائل اور شکایات کی سماعت بھی کی۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ماہم مشتاق بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مراکز صحت گلوٹیاں اور تلہاڑا کا دورہ کرتے ہوئے طبی عملے کی حاضری، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، اور ادویات کے اسٹاک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے حفاظتی ٹیکہ جات کے ای پی آئی پروگرام کے تحت ویکسی نیٹرز کے فیلڈ شیڈول کا بھی جائزہ لیا۔

    قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے قائداعظم ڈویژنل پبلک اسکول جیسروالہ میں زیر تعمیر اکیڈمک بلاک کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔ ان کے اس دورے کو عوام نے سہولیات کے معیار کی بہتری کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔

  • ڈسکہ: نادرا رجسٹریشن سنٹر ستراہ میں نئی سہولیات کا آغاز

    ڈسکہ: نادرا رجسٹریشن سنٹر ستراہ میں نئی سہولیات کا آغاز

    ڈسکہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک عمران) ایم این اے سیدہ نوشین افتخار کی کوششوں سے ستراہ میں نادرا رجسٹریشن سنٹر نے نیشنل بینک کے قریب نئی اور کشادہ جگہ پر خدمات کی فراہمی شروع کر دی۔

    سنٹر میں 4 ون ونڈو کاؤنٹرز، ایئر کنڈیشنڈ ویٹنگ ہال اور خصوصی افراد کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اب نادرا کی تمام خدمات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہیں، جس سے شہریوں کو بہتر سہولت اور آسانی میسر آئے گی۔

    علاقے کی سماجی اور سیاسی شخصیات نے ایم این اے سیدہ نوشین افتخار کی اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے عوام کے لیے سہولتوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

  • ڈسکہ: یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق نوجوان عبداللہ کی میت گاؤں کوریکی پہنچ گئی

    ڈسکہ: یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق نوجوان عبداللہ کی میت گاؤں کوریکی پہنچ گئی

    ڈسکہ، باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک عمران)یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق نوجوان عبداللہ کی میت گاؤں کوریکی پہنچ گئی

    تفصیل کے مطابق یونان کشتی حادثہ میں جاں بحق ہونے والے نوجوان عبداللہ کی میت حادثے کے 19 روز بعد ڈسکہ کے گاؤں کوریکی پہنچا دی گئی، جہاں غم کا سماں چھا گیا۔ اہل خانہ اور علاقے کے لوگ صدمے سے نڈھال ہیں۔

    عبداللہ کی نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ خواتین اور بچوں کی آہ و بکا سے ماحول سوگوار ہو گیا۔ نماز جنازہ کے بعد عبداللہ کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    علاقے کی سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے عبداللہ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم ظاہر کیا۔

    یاد رہے کہ یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں مل گئیں۔ایف آئی اے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملنے والی پاکستانیوں کی لاشوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔

    3 لاشوں کی شناخت نارووال کے شبیر، زین علی اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ 1 لاش کی شناخت سیالکوٹ کے اویس علی کے نام سے ہوئی ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق یہ لاشیں یونان کے جزیرے گیواڈوس سے ایتھنز کے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جس کے بعد پاکستانی سفارت خانہ لاشوں کو پاکستان بھجوانے کے انتظامات کر رہا ہے۔یہ لاشیں پاکستان لانے میں مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق کشتی حادثے میں اب بھی 40 پاکستانیوں کی لاشیں لاپتہ ہیں۔یہ حادثہ 13 اور 14 دسمبر کی درمیانی شب پیش آیا تھا جس میں 44 پاکستانیوں کو ریسکیو کیا گیا تھا۔

    کشتی لیبیا کے علاقے تبروک سے یونان جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔

  • لنڈی کوتل:یتیم بچوں کو میراث سے محروم کرنے کی سازش، جعلی جرگہ فیصلے کے خلاف احتجاج

    لنڈی کوتل:یتیم بچوں کو میراث سے محروم کرنے کی سازش، جعلی جرگہ فیصلے کے خلاف احتجاج

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) یتیم بچوں کے حقِ میراث کے معاملے میں جرگہ کا متنازعہ فیصلہ سامنے آنے پر احمد ذبیح اللہ شینواری نے اپنے بھانجوں کے ساتھ خیبر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جعلی فیصلے کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بھانجوں کے والد مرحوم علاؤالدین 2009 میں انتقال کر گئے تھے مگر 2017 کے جرگہ فیصلے میں ان کے جعلی دستخط کرائے گئے جو کھلی دھاندلی اور ظلم ہے۔

    ذبیح اللہ نے کہا کہ حارث، اشتیاق، سدیس اور عمریس نے اپنے چچاؤں کے خلاف حقِ میراث کے لیے ڈی آر سی لنڈی کوتل میں کیس جمع کرایا تھا لیکن جرگہ ممبران کو مخالف فریق کی مرضی سے چنا گیا اور یتیم بچوں کے ساتھ مشاورت نہیں کی گئی۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ حارث کو دباؤ ڈال کر زبردستی جعلی بیان اور دستخط کروائے گئے جبکہ جرگہ ممبران نے انصاف کی بجائے یکطرفہ فیصلہ دیا۔ احمد ذبیح اللہ نے ڈی پی او خیبر اور ایس ایچ او لنڈی کوتل عدنان آفریدی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کی خود نگرانی کریں تاکہ یتیم بچوں کو ان کا حق دلایا جا سکے اور انہیں انصاف فراہم ہو۔

    احمد ذبیح اللہ نے دعویٰ کیا کہ ان بچوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے جعلی دستاویزات اور جرگہ کے یکطرفہ فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

  • ڈی آئی جی سکھر کا فیری ہوم کا دورہ،ننھی پریوں کے ساتھ وقت گزارا، تحائف تقسیم کیے

    ڈی آئی جی سکھر کا فیری ہوم کا دورہ،ننھی پریوں کے ساتھ وقت گزارا، تحائف تقسیم کیے

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق علی لغاری)ڈی آئی جی سکھر کا فیری ہوم کا دورہ: ننھی پریوں کے ساتھ وقت گزارا، تحائف تقسیم کیے

    نئے سال کے آغاز پر ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے فیری ہوم سکھر کا دورہ کیا۔ بے سہارا یتیم بچیوں کے لیے قائم آشیانہ فرزانہ ویلفیئر ارگنائزیشن میں چائلڈ پروٹیکشن سیل کے عملے کے ہمراہ پہنچ کر بچیوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔

    ڈی آئی جی سکھر نے ننھی بچیوں کے ساتھ نئے سال کا کیک کاٹا اور تحائف تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے فیری ہوم میں دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور انچارج فرزانہ کھوسو کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بچیاں ہماری فیملی کا حصہ ہیں اور ان کی بہترین پرورش و تربیت کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے معاشرے میں عدم برداشت کے خاتمے اور مثبت تبدیلی کے لیے ایسی تقریبات کی اہمیت پر زور دیا۔

    فیری ہوم انچارج فرزانہ کھوسو نے ڈی آئی جی کی آمد کو بچیوں کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تعاون اور حوصلہ افزائی سے بچیوں کو بہتر تعلیم و تربیت کے مواقع ملیں گے تاکہ یہ معصوم بچیاں مستقبل میں ملک کا نام روشن کر سکیں۔

  • بھارتی دہشت گردی، عالمی سطح پر بے نقاب

    بھارتی دہشت گردی، عالمی سطح پر بے نقاب

    بھارتی دہشت گردی، عالمی سطح پر بے نقاب
    تحریر: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
    بھارتی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور خفیہ کارروائیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جا رہا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی حالیہ رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را” نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے مختلف ممالک میں ماورائے عدالت قتل اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی حمایت اور خفیہ ایجنٹوں کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنے کی بھارتی کوششوں نے خطے میں امن و امان کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، بھارتی خفیہ ایجنسی "را” نے پاکستان میں اجرتی قاتلوں کے ذریعے چھ افراد کو نشانہ بنایا۔ ان میں لاہور میں اپریل 2024 میں پیش آنے والا واقعہ شامل ہے، جہاں عامر سرفراز عرف تانبا کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

    واشنگٹن پوسٹ کے علاوہ اپریل 2024 میں برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را نے 2020 سے اب تک پاکستان میں 20 افراد کے قتل کی سازشیں کیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی انٹیلی جنس کے سلیپر سیلز پاکستان میں ان کارروائیوں میں ملوث ہیں، جنہیں بھارتی وزیراعظم مودی کے دفتر سے کنٹرول کیا جاتا ہے،ان الزامات کے باوجود بھارتی حکومت مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے، نہ تو الزامات کو تسلیم کیا گیا ہے اور نہ ہی ان کی تردید کی گئی ہے۔

    پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کی دہشت گرد سرگرمیاں کوئی نئی بات نہیں ہیں۔ بلوچستان میں دہشت گرد تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے)اور خیبرپختونخوا میں خوارج(ٹی ٹی پی) ودیگر دہشت گرد تنظیموںکے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں میں "را” کا کردار متعدد بار بے نقاب ہوا ہے۔ پاکستان نے دنیا کو ان دہشت گرد سرگرمیوں کے ثبوت فراہم کیے ہیں، جن میں سب سے اہم ثبوت بلوچستان سے کلبھوشن یادیو کی گرفتاری ہے جو بھارتی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے جو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوا تھا۔

    پاکستان مسلسل عالمی برادری کو خبردار کرتا رہا ہے کہ ملک میں بدامنی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ تاہم مغربی ممالک خاص طور پر امریکہ اور اقوام متحدہ نے پاکستان کے فراہم کردہ ٹھوس شواہد کے باوجود بھارت کے خلاف کوئی مئوثر کارروائی نہیں کی۔ اس بے عملی نے بھارت کو مزید شہہ دی کہ وہ اپنی خفیہ کارروائیاں جاری رکھے اور دہشت گرد تنظیموں کی مدد کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرے۔

    واشنگٹن پوسٹ کی 31 دسمبر 2024 کو شائع ہونے والی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت نے نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ اور کینیڈا میں بھی اپنے خفیہ ایجنڈے کے تحت ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیاں کی ہیں۔ کینیڈا میں بھارتی خفیہ ایجنسی "را” پر الزام ہے کہ اس نے سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ اسی طرح امریکی سرزمین پر بھی بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کی طرف سے قاتلانہ حملے کی کوشش کی گئی جسے ایف بی آئی نے ناکام بنایا۔

    ان کارروائیوں کو انسانی حقوق اور جمہوری اقدار کے خلاف قرار دیا جاسکتا ہے۔ بین الاقوامی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان خفیہ اقدامات سے نہ صرف قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچاہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہوئی ہے،تمام شواہد اور الزامات کے پیش نظر یہ واضح ہو چکا ہے کہ بھارت اپنی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے دنیا بھر میں دہشت گردی اور ماورائے عدالت قتل کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔

    اگر عالمی برادری دنیا میں واقعی امن قائم کرنے کی خواہاں ہے اور بھارت کی دہشت گردانہ سرگرمیوں سے انسانیت کو محفوظ رکھنا چاہتی ہے تو بھارت کے خلاف سخت ترین اقدامات کرنا ناگزیر ہوچکے ہیں۔ اقتصادی پابندیاں، سفارتی دباؤ اور بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمات جیسے اقدامات کے ذریعے بھارت کو اس کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی حرکتوں کی سزا دی جانی چاہیے۔ اس کے علاوہ عالمی اداروں کو بھارت سےسخت بازپرس کرنی چاہئے اور اسے قرار واقعی ایسی سزا دی جائے کہ مستقبل میں کوئی بھی ملک بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جرات نہ کرے۔

  • ٹھٹھہ: پولیس افسران اور جوانوں کے لیے ہیلتھ کیئر پروگرام کی آگاہی

    ٹھٹھہ: پولیس افسران اور جوانوں کے لیے ہیلتھ کیئر پروگرام کی آگاہی

    ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (نامہ نگاربلاول سموں)ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان کی قیادت میں پولیس ہیڈکوارٹر ٹھٹھہ میں پولیس افسران اور جوانوں کے لیے سندھ پولیس ہیلتھ کیئر پروگرام کی آگاہی کے حوالے سے ایک خصوصی پولیس دربار کا انعقاد کیا گیا۔

    یہ دربار حکومت سندھ اور آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن کی خصوصی ہدایات پر منعقد کیا گیا، جس کا مقصد سندھ پولیس ویلفیئر کے لیے اسٹیٹ لائف کے اشتراک سے جاری ہیلتھ کارڈ اسکیم کے بارے میں معلومات فراہم کرنا تھا۔

    ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے شرکاء کو ہیلتھ کارڈ کے استعمال، اس کی ایپلیکیشن کے طریقہ کار، اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے حاضر سروس پولیس افسران کو یقین دلایا کہ ان کی صحت اور بہبود محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو عملی مظاہروں کے ذریعے ایپلیکیشن کے استعمال کا طریقہ سمجھایا گیا تاکہ وہ اس سہولت کا مکمل فائدہ اٹھا سکیں۔

    ایس ایس پی ٹھٹھہ نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ اسکیم سندھ حکومت اور آئی جی پی سندھ غلام نبی میمن کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جو پولیس افسران اور ان کے خاندانوں کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

    اجلاس میں شریک پولیس اہلکاروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اپنی بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور اس اسکیم کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا، جو ان کے اور ان کے خاندانوں کے لیے صحت کے میدان میں ایک نئی امید لائے گی۔

  • سندھ پبلک سروس کمیشن کے معاملات کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں. ایم کیو ایم

    سندھ پبلک سروس کمیشن کے معاملات کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں. ایم کیو ایم

    ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار بلاول سموں)ایم کیو ایم کے حق پرست اراکین سندھ اسمبلی راشد خان ایڈووکیٹ‘ انجینئر صابر حسین قائم خانی اور ناصر حسین قریشی نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے معاملات کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں سندھ پبلک سروس کمیشن کی شہری سندھ کے ساتھ زیادتیوں کی انتہا کر دی ہے

    سندھ پبلک سروسکمیشن کی نااہلی اور جانبداری کے باعث سی سی ای کے امتحانات میں شہری سندھ سے امیدوران کو فیل کیا گیا اور سی سی ای کی شہری سندھ کی 28نشستیں خالی رہ گئیں جبکہ دیہی سندھ سے تمام سیٹیں پر کر لی گئیں اسی طرح دیگر امتحانات میں بھی اہل امیدواروں کو جان بوجھ کر فیل کیا جاتا ہے اور من پسند امیدوران کو سفارش یا دیگر وجوہات کی بناءپر پاس کیا جاتا ہے

    حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن نے طے کر لیا ہے کہ شہری سندھ کے امیدواروں کو ملازمتیں نہیں دینی ہیں اس لئے اہل اور ہونہار طلبہ و طالبات کو مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے روکا جا رہا ہے۔

  • میرپور ماتھیلو: ریٹائرڈ پولیس کانسٹیبلز کے اعزاز میں الوداعی تقریب

    میرپور ماتھیلو: ریٹائرڈ پولیس کانسٹیبلز کے اعزاز میں الوداعی تقریب

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ کی زیر نگرانی رینج آفس میں ریٹائر ہونے والے پولیس کانسٹیبلز کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔

    ریٹائرڈ ہونے والے پولیس کانسٹیبل محمد ایوب مہر اور غلام سرور سومرو کے لیے منعقدہ تقریب میں پولیس افسران، اہلکاروں، اور ریٹائرڈ کانسٹیبلز کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی سکھر نے ریٹائرڈ کانسٹیبلز کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں کو ڈی آئی جی کی جانب سے روایتی چادر، شیلڈ، پھولوں کے تحائف، اور ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ ان کانسٹیبلز کی خدمات محکمہ پولیس کے لیے قابل فخر ہیں اور ان کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    ریٹائرڈ کانسٹیبلز نے اس عزت افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس میں ان کا سفر یادگار رہا۔ تقریب کے اختتام پر ڈی آئی جی سکھر نے ریٹائرڈ کانسٹیبلز، ان کے اہل خانہ، اور دیگر اسٹاف کے ساتھ مل کر کیک کاٹا۔

    اس موقع پر ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی ریٹائرمنٹ ان کی زندگی کا ایک نیا باب ہے، اور محکمہ پولیس ان کے تعاون اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔