Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • میرپور ماتھیلو: ساتویں زرعی شماری کا آغاز، ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ آپریشن کا افتتاح کیا

    میرپور ماتھیلو: ساتویں زرعی شماری کا آغاز، ڈپٹی کمشنر نے فیلڈ آپریشن کا افتتاح کیا

    میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی( نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی میں ساتویں قومی زرعی شماری کا آغاز ہو گیا۔ یکم جنوری سے 10 فروری 2025 تک جاری رہنے والی اس مہم کا افتتاح ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی نے کیا۔ مہم کے دوران ضلع میں 73 دیہی اور 25 شہری بلاکوں پر مشتمل 98 بلاکس میں 60 ورکرز فیلڈ آپریشنز انجام دیں گے۔

    افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ زرعی شماری کا بنیادی مقصد زرعی شعبے کے لیے مؤثر پالیسی سازی اور خوراک کی قلت جیسے مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم نہ صرف زرعی پیداوار بڑھانے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ مستقبل میں غذائی قلت کے خاتمے کا ذریعہ بھی بنے گی۔ فیلڈ اسٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے اسے قومی فریضہ قرار دیا اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

    ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر سینسز درشن لعل نے بتایا کہ یہ مہم پاکستان کی ساتویں زرعی شماری کے تحت ہو رہی ہے، جس کے دوران پہلی بار زرعی مشینری اور مال مویشی کو بھی شمار کیا جائے گا۔ یہ ایک Integrated Digital Count ہوگا، جو اپنی نوعیت کی پہلی شماری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل آخری زرعی شماری 2010 میں ہوئی تھی۔

    محکمہ شماریات حکومت پاکستان کے مرتب کردہ بلاکوں کے مطابق، ضلع گھوٹکی میں یہ مہم پورے نظم و ضبط کے ساتھ جاری رہے گی۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ اقدام زرعی شعبے میں ترقی اور خوراک کی قلت کے خاتمے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

  • تنگوانی: چوروں کا دھاوا، صرافہ مارکیٹ سے لاکھوں کی چوری، پولیس کی غفلت پر ہڑتال

    تنگوانی: چوروں کا دھاوا، صرافہ مارکیٹ سے لاکھوں کی چوری، پولیس کی غفلت پر ہڑتال

    تنگوانی،باغی ٹی وی( نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی پولیس تھانے کے قریب واقع صرافہ بازار میں نامعلوم چوروں کے گروہ نے چھ دکانوں کے تالے توڑ کر زیورات اور پندرہ لاکھ روپے سے زائد کی نقد رقم چوری کر لی۔ چوری کی واردات برکت بنگوار، علی حسن دایو، اعظم مغل، فیصل اور منیر مگسی سمیت صرافہ مارکیٹ کے چھ تاجروں کی دکانوں پر ہوئی۔

    چوری کی واردات کے بعد، صرافہ ایسوسی ایشن نے پولیس کے خلاف احتجاجاً ہڑتال کی اور شٹر بند کر کے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ چوری کی ہوئی چیزیں جلد واپس کی جائیں اور ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پولیس کی غفلت اور سستی کے خلاف تاجروں نے اپنے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

  • اٹک: حکومت لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی پال حضرات کو سہولت فراہم کر رہی ہے، ڈاکٹر اویس اکرم

    اٹک: حکومت لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی پال حضرات کو سہولت فراہم کر رہی ہے، ڈاکٹر اویس اکرم

    اٹک،باغی ٹی وی( ملک امان شجاع) ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر اویس اکرم نے دو مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے مویشی پال حضرات کو سہولت فراہم کر رہی ہے، تاکہ وہ اس سکیم سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک وزیر لائیو سٹاک و ایگریکلچر پنجاب اور سیکرٹری لائیو سٹاک کی زیر نگرانی حکومت کے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کوشاں ہے۔

    ڈاکٹر اویس اکرم نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے حکومت پنجاب اور بنک آف پنجاب کے مشترکہ منصوبے کے تحت مویشی پال حضرات کو بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، جس سے جانوروں کی خوراک کو بہتر بنا کر گوشت اور دودھ کی پیداوار بڑھائی جا سکے گی۔ اس کارڈ کے ذریعے نہ صرف مویشی پال حضرات کی معیشت میں بہتری آئے گی بلکہ صوبائی و قومی سطح پر گوشت کی ضروریات بھی پوری ہوں گی۔

    اس موقع پر، ایڈیشنل ڈائریکٹر نے تحصیل اٹک کے موضع دکھنیر غنی چوک کے رہائشی خالد محمود کو لائیو سٹاک کارڈ جاری کیا اور انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے اٹک کے مختلف علاقوں میں مویشی پال حضرات سے خصوصی میٹنگز بھی کیں، جن میں لائیو سٹاک کارڈ کی اہمیت اور فوائد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر لائیو سٹاک اسسٹنٹس کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

  • ننکانہ : پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی علمی و فکری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میاں عابد

    ننکانہ : پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی علمی و فکری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میاں عابد

    ننکانہ صاحب، باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی علمی و فکری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میاں عابد

    تفصیل کے مطابق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ضلعی سیکرٹریٹ میں ممتاز مذہبی اسکالر پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالرحمن مکی کے انتقال پر تعزیتی نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلعی صدر میاں عابد علی نے کی۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید سمیت ضلع بھر کے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے عہدیداران نے شرکت کی۔

    میاں عابد علی نے تعزیتی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کی امت مسلمہ بالخصوص پاکستان کے لیے علمی و فکری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی مذہبی فرقہ واریت کے خلاف جدوجہد اور فتنہ خوارج کے رد میں کی جانے والی کاوشیں امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

    ضلع جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے کہا کہ حافظ عبدالرحمن مکی کشمیری اور فلسطینی مظلوم مسلمانوں کی آواز تھے اور ان کا وصال ایک ایسے علمی و فکری خلا کا باعث بنا ہے جس کو کبھی پر نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی جدوجہد نے پاکستان میں اتحادِ امت کے تصور کو مضبوط کیا اور ان کی رہنمائی سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

    تعزیتی نشست میں شریک دیگر احباب نے بھی پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو ایک بہترین متقی اور پرہیزگار انسان قرار دیا اور ان کی علمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

    تعزیتی نشست کے اختتام پر ضلعی جنرل سیکرٹری ثاقب مجید نے اعلان کیا کہ ضلع بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں حافظ عبدالرحمن مکی کی دینی، سیاسی، سماجی اور جماعتی خدمات پر ان کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔

  • اوچ شریف: نیا سال، نئی مہنگائی،پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، عوام پریشان

    اوچ شریف: نیا سال، نئی مہنگائی،پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، عوام پریشان

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان) نیا سال 2025 عوام کے لیے نئی مہنگائی لے کر آیا ہے کیونکہ حکومت نے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جس سے عوام کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کی توقعات کو ٹوٹتے ہوئے دیکھنے پر مجبور کر دیا ہے۔

    نئے سال کے آغاز پر عوام نے امید کی تھی کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی جائے گی، تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی ہو سکے، مگر حکومت کے حالیہ فیصلے نے ان تمام امیدوں کو چکناچور کر دیا۔ اوچ شریف کے شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ان کے لیے نیا سال خوشی کا نہیں بلکہ مشکلات کا آغاز ثابت ہوا ہے۔

    "مہنگائی پہلے ہی بہت زیادہ ہے، اور اب پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ہمارا روزگار اور زندگی کے دوسرے اخراجات مزید مشکل ہو گئے ہیں۔” شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے یہ اضافہ ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کرے گا اور اس فیصلے سے ان کی روزمرہ کی زندگی مزید متاثر ہو گی۔

    شہریوں نے حکومت سے فوری طور پر اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور مہنگائی کا بوجھ کم ہو۔

  • میرپورماتھیلو: واپڈا کی ظالمانہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ، 18 گھنٹے کی بندش سے عوام پریشان

    میرپورماتھیلو: واپڈا کی ظالمانہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ، 18 گھنٹے کی بندش سے عوام پریشان

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) واپڈا کی ظالمانہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ، 18 گھنٹے کی بندش سے عوام پریشان

    ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو کے شہر جروار میں واپڈا کی جانب سے 15 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے عوام کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے اس ظلم کا شکار شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے، کاروبار اور دیگر ضروریات زندگی میں مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ واپڈا کی جانب سے کی جانے والی اس طویل لوڈ شیڈنگ سے کاروبار کا بھی نقصان ہو رہا ہے جبکہ عوام کو روزمرہ کی زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واپڈا کی غیر ذمہ داری اور عدم توجہی کی وجہ سے علاقے کے لوگ انتہائی پریشانی کا شکار ہیں۔

    عوام نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں اور واپڈا کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ لوڈ شیڈنگ کے اس عذاب سے نجات مل سکے۔

    یہ صورت حال شہر کے شہریوں کے لیے انتہائی نازک اور پریشان کن ہے اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ حکام جلد اس پر توجہ دیں گے اور عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔

  • ڈیرہ غازی خان: PJA کی سال نو کی تقریب، قلم کو ہتھیار بنا کر شعوری انقلاب کی ضرورت پر زور

    ڈیرہ غازی خان: PJA کی سال نو کی تقریب، قلم کو ہتھیار بنا کر شعوری انقلاب کی ضرورت پر زور

    ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبر) پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن (PJA) ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام سال نو کی آمد کا خیرمقدم کرنے کے لیے ایک کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کی صدارت ڈویژنل کوآرڈینیٹر عرفان المانی بلوچ نے کی، جبکہ مہمان خصوصی سینٹرل کور کمیٹی کے رکن اور صدر جنوبی پنجاب PJA شیخ رمضان ندیم تھے۔

    تقریب کے آغاز میں تلاوت قرآن مجید سلیم چوہان نے کی، اور اسٹیج سیکرٹری کے فرائض معروف صحافی و کالم نگار ڈاکٹر محمود شیخ نے انجام دیے۔ شیخ رمضان ندیم نے خطاب کرتے ہوئے تمام عہدیداروں اور ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے عدم برداشت کے ماحول میں بہتری لانے کے لیے ہمیں اپنی قلم کو ہتھیار بنا کر 2025ء میں شعوری انقلاب برپا کرنا ہوگا تاکہ انسانی قتل عام، دہشت گردی، اور شدت پسندی کے رجحانات میں کمی لائی جا سکے۔

    تقریب میں PJA کے ڈویژن، ضلع، تحصیل اور شہری عہدیداروں و ممبران نے شرکت کی۔ شرکاء نے سال نو کی آمد کا بھرپور استقبال کرتے ہوئے ایک دوسرے کو دلی مبارکباد دی، نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اور ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کی دعا کی۔ "پاکستان زندہ باد”، "افواج پاکستان زندہ باد” اور "پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے گئے۔

  • سیالکوٹ: 40 روزہ زراعت شماری مہم کا آغاز، 10 فروری تک جاری رہے گا

    سیالکوٹ: 40 روزہ زراعت شماری مہم کا آغاز، 10 فروری تک جاری رہے گا

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ میں 40 روزہ زراعت شماری مہم کا افتتاح کر دیا۔ یہ عمل 10 فروری تک جاری رہے گا۔ قومی اہمیت کے حامل اس عمل کے ذریعے ملک کی زرعی پیداوار، فصلوں کی اقسام، کاشتکاروں کی تعداد اور دیگر اہم زراعت سے متعلق معلومات ڈیجیٹل کاؤنٹ کی جائیں گی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے یوسی پریم نگر میں زراعت شماری کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ زراعت شماری کے ذریعے حکومت کو ملک کی زراعت کے حوالے سے درست اور جامع معلومات حاصل ہوں گی، جس سے مستقبل میں زرعی پالیسیوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔

    زراعت شماری ملک کی معیشت میں زراعت کے کردار کو سمجھنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اس کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات سے زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے حکمت عملی بنائی جا سکتی ہے، کسانوں کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں، زرعی قرضوں کی تقسیم میں مدد مل سکتی ہے، اور مارکیٹنگ کی حکمت عملیوں کو بہتر بنایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

    تمام کسانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ زراعت شماری میں بھرپور تعاون کریں اور شماری کارکنوں کو درست معلومات فراہم کریں۔ آپ کی فراہم کردہ معلومات ملک کی زراعت کی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

    حکومت نے زراعت شماری کو کامیاب بنانے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس سلسلے میں شماری کارکنوں کو تربیت دی گئی اور انہیں جدید آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ زراعت شماری کو شفاف اور بروقت طریقے سے مکمل کیا جائے۔ زراعت شماری کے اس مرحلے میں ضلع سیالکوٹ کے 159 بلاک میں زراعت شماری کے لیے کل 12 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

  • اوچ شریف: ٹریکٹر اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم میں 60 سالہ شخص جاں بحق

    اوچ شریف: ٹریکٹر اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم میں 60 سالہ شخص جاں بحق

    اوچ شریف، باغی ٹی وی( نامہ نگارحبیب خان) ٹریکٹر اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم میں 60 سالہ شخص جانبحق

    اوچ شریف کے ایل پی روڈ سوئی گیس پائپ لائن کے مقام پر ٹریکٹر اور آئل ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 60 سالہ شخص امیر بخش جانبحق ہو گئے۔ قومی شاہراہ سوئی گیس پائپ لائن کے مقام پر ایک آئل ٹینکر نے ٹریکٹر کو پیچھے سے ٹکر مار دی، جس سے ٹریکٹر پر سوار 60 سالہ شخص امیر بخش حادثے کے دوران ٹریکٹر سے گر کر آئل ٹینکر کے نیچے آ گئے اور سر میں شدید چوٹیں آئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق، ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر زخمی شخص کو فرسٹ ایڈ فراہم کی اور اسے مزید علاج کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف منتقل کر دیا۔ تاہم، امیر بخش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے رورل ہیلتھ سنٹر اوچ شریف میں جانبحق ہو گئے۔

  • سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

    سیالکوٹ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی زیر صدارت ریسٹ ہاؤس پٹواریاں کے ہال میں ریونیو عوامی خدمت سروسز کورٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، اے سی یو ٹی، تحصیلدار مشتاق راں، نائب تحصیلدار ان سمیت ریونیو افسران نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے محکمہ مال کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ہر ماہ کے پہلے دو ورکنگ ڈیز میں صبح 11 سے دوپہر 2 بجے تک چاروں تحصیل ہیڈکوارٹرز میں ریونیو عوامی خدمت کورٹ کا انعقاد کریں گے، جہاں اسسٹنٹ کمشنر سمیت تمام ریونیو افسران اور عملہ شریک ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ریونیو کورٹ کا مقصد شہریوں کی محکمہ مال کے متعلقہ شکایات کی سماعت اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو کورٹ میں عوامی شکایات کو رجسٹرڈ کیا جائے گا اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں اسی روز سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو بھجوائے جائیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ریونیو عوامی خدمت سروسز کورٹ میں سائلین کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے احکامات صادر کیے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اسپیشل پرائس مجسٹریٹس اور محکمہ ہیلتھ کے مقامی حکام کے اجلاس سے خطاب کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے کارکردگی ماپنے کے لیے جاری کیے گئے ‘پرفارمنس انڈیکیٹرز’ کا جائزہ لیا۔