Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • تنگوانی: غیرت کے نام پر دوہرا قتل، ملزم فرار

    تنگوانی: غیرت کے نام پر دوہرا قتل، ملزم فرار

    تنگوانی،باغی ٹی وی (نامہ نگارمنصوربلوچ)غیرت کے نام پر دوہرا قتل، ملزم فرار

    تفصیل کے مطابق تنگوانی کے قریب باہو کھوسہ تھانے کی حدود میں نواحی گاؤں محراب خان کھوسہ میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کا واقعہ رونما ہوا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق ملزم محبوب جکھرانی نے مبینہ طور پر سیاہ کاری کے الزام میں اپنی بیوی پیرانی خاتون اور خان مرہیٹو کو بندوق کے فائر نگ کرے قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان: ریسکیو1122نے 24گھنٹوں میں 279 زندگیاں بچائیں

    ڈیرہ غازیخان: ریسکیو1122نے 24گھنٹوں میں 279 زندگیاں بچائیں

    ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹرجواد اکبر) ریسکیو1122نے 24گھنٹوں میں 279 زندگیاں بچائیں

    تفصیلات کے ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 279 ایمرجنسیز میں فوری کارروائی کرتے ہوئے قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا۔ مجموعی طور پر 830 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 26 روڈ ٹریفک حادثات، 228 طبی ایمرجنسیز، 2 آتشزدگی کے واقعات، 5 جرائم سے متعلق کیسز، 16 دیگر نوعیت کی ایمرجنسیز اور 2 گرنے کے واقعات شامل تھے۔ ہر موقع پر ریسکیو ٹیم نے فوری رسپانس دیتے ہوئے متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی۔

    ضلعی ایمرجنسی آفیسر احمد کمال نے اس موقع پر کہا کہ ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان ایک پیشہ ور ایمرجنسی سروس ہے جو ہر قسم کی ایمرجنسیز میں مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ بلا ضرورت 1122 پر کالز نہ کریں، فیک کالز سے گریز کریں اور ایمبولینس کو راستہ دیں تاکہ حقیقی ضرورت مندوں کی فوری مدد ممکن ہو سکے۔

    ریسکیو 1122 کے بانی ڈاکٹر رضوان نصیر کے وژن کے مطابق ادارہ نہ صرف ایمرجنسی خدمات فراہم کر رہا ہے بلکہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے اور ایک محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔ معمولی یا غیر اہم مسائل کے لیے ایمبولینس سروس کا استعمال نہ کریں تاکہ حقیقی ایمرجنسیز میں تاخیر سے بچا جا سکے۔ ضلعی ایمرجنسی آفیسر نے عوام سے ادارے کے عملے کے ساتھ تعاون کی اپیل کی اور کہا کہ یہ عمل کسی کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

    ریسکیو 1122 ڈیرہ غازی خان کا عملہ دن رات عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے اور مزید بہتر کارکردگی کے لیے عوام کے تعاون کا طلب گار ہے۔

  • ٹھٹھہ:کیٹی بندرمیں لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری

    ٹھٹھہ:کیٹی بندرمیں لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کے لیے آپریشن جاری

    ٹھٹھہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار، بلاول سموں) کیٹی بندر کے سمندر میں دو روز قبل ڈوبنے والے دو ماہی گیروں کی تلاش کے لیے آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں پاکستان نیوی اور مقامی غوطہ خور مشینری کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے گھوڑا باری کے رہائشی ماہی گیروں کی لانچ مچھلی کے شکار کے دوران سمندر میں ڈوب گئی تھی۔ اس حادثے میں پانچ ماہی گیر ڈوب گئے تھے۔ مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے ایک ماہی گیر، مشتاق پارھیڑی، کو بے ہوشی کی حالت میں بچا لیا گیا جبکہ ان کے بھائی انیس پارھیڑی کی لاش برآمد کر لی گئی تھی۔

    دو دیگر ماہی گیروں کو بھی بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا، تاہم دو ماہی گیر، مجید خاصخیلی اور منظور خاصخیلی اب تک لاپتہ ہیں۔ ان کی تلاش کے لیے صبح سے شام تک مسلسل آپریشن جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق نیوی کے غوطہ خور جدید مشینری کی مدد سے گمشدہ ماہی گیروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔

    حادثے کے بعد علاقے میں گہرے دکھ اور پریشانی کی فضا قائم ہے اور متاثرہ خاندان حکام سے جلد از جلد لاپتہ ماہی گیروں کی بازیابی کی امید کر رہے ہیں۔

  • کیڈٹ کالج گھوٹکی میں چھٹا یوم والدین، پریڈ، جمناسٹک اور انعامات کی تقریب

    کیڈٹ کالج گھوٹکی میں چھٹا یوم والدین، پریڈ، جمناسٹک اور انعامات کی تقریب

    میرپور ماتھیلو ،باغی ٹی وی( نامہ نگار مشتاق علی لغاری)کیڈٹ کالج گھوٹکی میں چھٹا یوم والدین شاندار انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کیڈٹس نے شاندار پریڈ، جمناسٹک اور کلچرل شو پیش کر کے حاضرین کو متاثر کیا۔

    تقریب میں پرنسپل کیڈٹ کالج برگیڈیئر ایمل خان، اسسٹنٹ کمشنر امر شاکر ججہ، ڈی ایس پی میرپور ماتھیلو عبدالقادر سومرو سمیت بڑی تعداد میں والدین اور شہریوں نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل برگیڈیئر ایمل خان نے کیڈٹ کالج گھوٹکی کی تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے فارغ التحصیل کیڈٹس پاک فوج، نیوی، ایئرفورس، میڈیکل اور انجینئرنگ سمیت مختلف شعبوں میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق تمام کلاس رومز میں انٹرنیٹ اور پروجیکٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ کالج کی ترقی کے لئے محدود وسائل کے باوجود اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں حالیہ آڈیٹوریم کی تعمیر قابلِ ذکر ہے۔

    تقریب میں جناح ہاؤس، اقبال ہاؤس، بھٹائی ہاؤس، اور ماتھیلو ہاؤس کے کیڈٹس نے پریڈ کرتے ہوئے سلامی دی اور جمناسٹک و ثقافتی مظاہرہ پیش کیا۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس عبدالہادی، گل زمان، مدثر علی، عبدالرزاق، ابوبکر مہر، مشاہد علی، اور عابد سیال کو انعامات اور شیلڈز سے نوازا گیا۔


  • ڈیرہ غازی خان: وکیل صدام قریشی منشی کے ہاتھوں قتل، ملزم گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: وکیل صدام قریشی منشی کے ہاتھوں قتل، ملزم گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: وکیل صدام قریشی منشی کے ہاتھوں قتل، ملزم گرفتار

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک وکیل کے منشی نے معمولی تنازع پر اپنے وکیل کے بھائی وکیل کو قتل کر دیا۔ واقعہ کچہری کے علاقے میں پیش آیا، جب وکیل صدام حسین قریشی اپنے چیمبر میں موجود تھے۔ صبح تقریباً دس بجے وکیل صدام حسین قریشی اور منشی رحمت اللہ پتافی کے درمیان لین دین کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جو اچانک شدت اختیار کر گئی۔

    منشی نے تکرار کے دوران چھری سے وکیل پر متعدد وار کیے، جس سے صدام حسین قریشی شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی حالت میں انہوں نے مدد کے لیے آواز دی اور خون میں لت پت اپنے چیمبر سے باہر نکلے، جہاں ساتھی وکلاء اور دیگر موجود افراد نے قاتل کو پکڑنے کی کوشش کی، مگر وہ چھری لہراتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔

    زخمی وکیل کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، مگر خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔

    پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر بروقت کارروائی کی اور قاتل کو پیر عادل کے قریب سے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم رحمت اللہ پتافی وکیل کے ساتھ عرصے سے کام کر رہا تھا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں کے درمیان مالی معاملات پر تنازع چل رہا تھا جو اس افسوسناک واقعے کا باعث بنا۔

    صدام حسین قریشی ایڈووکیٹ، سینئر وکیل میاں غلام شبیر قریشی کے بیٹے اور ڈسٹرکٹ بار کے سینئر وکیل تجمل حسین قریشی کے چھوٹے بھائی تھے۔
    یہ واقعہ وکلا برادری کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے اور ساتھی وکلا نے اس واقعے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

  • بلاول بھٹو ، سیاست کے اسٹیج پر نیا انداز، رنبیر کپور سے موازنہ، آئندہ کے ’ہینڈسم وزیرِاعظم‘ قرار

    بلاول بھٹو ، سیاست کے اسٹیج پر نیا انداز، رنبیر کپور سے موازنہ، آئندہ کے ’ہینڈسم وزیرِاعظم‘ قرار

    بلاول بھٹو زرداری: سیاست کے اسٹیج پر نیا انداز، رنبیر کپور سے موازنہ، آئندہ کے ’ہینڈسم وزیرِاعظم‘ قرار

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی حالیہ تصاویر اور انداز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔ بلاول بھٹو کی نئی لک کو نہ صرف جیالوں بلکہ نیٹیزنز نے بھی خوب سراہا، اور کئی صارفین نے انہیں بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور سے تشبیہ دی ہے۔

    بے نظیر بھٹو کی برسی پر منفرد اسٹائل
    27 دسمبر کو سابق وزیرِاعظم بے نظیر بھٹو کی 17ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں ایک مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے تقریب میں اپنی جماعت کے کارکنان سے خطاب کیا اور بے نظیر بھٹو کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کے جذباتی اور پرجوش خطاب نے شرکاء کو متاثر کیا۔

    بلاول کی اسٹائلش لک نے انٹرنیٹ جیت لیا
    تقریب کے دوران بلاول بھٹو نے سیاہ لباس، ایک طویل کوٹ اور سرمئی رنگ کا صافہ پہنا ہوا تھا۔ ان کے بالوں کا منفرد انداز، سیاہ چشمے اور پُراعتماد شخصیت نے سوشل میڈیا صارفین کو حیرت میں ڈال دیا۔ یہ منفرد انداز دیکھ کر کچھ صارفین نے انہیں رنبیر کپور سے تشبیہ دی جبکہ دیگر نے انہیں مستقبل کا ’ہینڈسم وزیرِاعظم‘ قرار دے دیا۔

    سوشل میڈیا پر تعریفوں کے پل
    بلاول بھٹو کی تصاویر جیسے ہی سوشل میڈیا پر آئیں، ویسے ہی تعریفوں کا طوفان آ گیا۔ ایک صارف نے لکھا، "بلاول بھٹو زرداری صرف سیاست نہیں، اسٹائل میں بھی سب سے آگے ہیں۔” جبکہ ایک اور صارف نے کہا، "یہ تو پاکستان کے رنبیر کپور ہیں!”۔

    پیپلز پارٹی کا عوام سے جُڑنے کا منفرد انداز
    بلاول بھٹو کا نیا انداز عوام کے ساتھ ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا عکاس ہے۔ ان کی شخصیت اور سیاست دونوں کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع ملا ہے، جس سے ان کے مداحوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ بلاول بھٹو زرداری اپنے انداز، شخصیت اور سیاسی بصیرت کے باعث نہ صرف اپنی جماعت بلکہ ملک کے نوجوانوں میں بھی ایک منفرد مقام بنا رہے ہیں۔

  • گوجرہ: موٹر سائیکل حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق، دو زخمی

    گوجرہ: موٹر سائیکل حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق، دو زخمی

    گوجرہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار،عبدالرحمن جٹ) موٹر سائیکل حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق، دو زخمی

    تفصیل کے مطابق صدر گوجرہ کے علاقے مونگی روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    حادثہ اس وقت پیش آیا جب چک نمبر 154 گ ب کے رہائشی طلحہ عمران، شرجیل اور عاطف علی موٹر سائیکل پر شہر سے گاؤں جا رہے تھے کہ مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل سے ٹکر ہوگئی۔ حادثے کے نتیجے میں تینوں شدید زخمی ہو گئے۔

    ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا، جہاں طلحہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    تھانہ صدر پولیس نے متوفی کی نعش تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی اور حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • سیالکوٹ: میاں بیوی اور دکاندار لٹ گئے،پولیس کی کارروائیاں،منشیات و شراب برآمد

    سیالکوٹ: میاں بیوی اور دکاندار لٹ گئے،پولیس کی کارروائیاں،منشیات و شراب برآمد

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) میاں بیوی اور دکاندار لٹ گئے،پولیس کی کارروائیاں،منشیات و شراب برآمد

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں مختلف علاقوں میں مسلح ڈاکوؤں کی وارداتوں اور پولیس کی منشیات کے خلاف کارروائیوں میں مقدمات درج کر لیے گئے۔

    تھانہ موترہ کے علاقے کوٹ گھمن میں عتیق اپنی بیوی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ دو مسلح ڈاکوؤں نے انہیں روک کر 10 ہزار روپے نقدی چھین لی۔ اسی تھانے کے علاقے کوٹ ماناں میں دو مسلح ڈاکو دوکان میں گھس کر رضوان کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر 9 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے دونوں وارداتوں کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔

    دوسری جانب، تھانہ کوتوالی، حاجی پورہ، نیکاپورہ، اور صدر سیالکوٹ پولیس نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات اور شراب برآمد کی۔ فوزیہ عباس سے 540 گرام چرس، 60 گرام افیون، اور 80 گرام آئس برآمد ہوئی۔ شفیق مسیح سے 500 بوتل شراب، جبکہ دیگر ملزمان سے مجموعی طور پر ہزاروں گرام چرس اور درجنوں بوتل شراب ضبط کی گئی۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    پولیس نے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور جرائم کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

  • پاکستان کے ایٹمی اثاثے، سازشیں اور بلاول کا انتباہ

    پاکستان کے ایٹمی اثاثے، سازشیں اور بلاول کا انتباہ

    پاکستان کےایٹمی اثاثے، سازشیں اور بلاول کا انتباہ
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    پاکستان کی سیاست ایک بار پھر بین الاقوامی سازشوں اور اندرونی کشمکش کے گرد گھوم رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے جو نکات اٹھائے، وہ نہ صرف موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کا عکاس ہیں بلکہ عالمی قوتوں کی پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام پر نظریں جمانے کی کوششوں کا پردہ بھی چاک کرتے ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کا اہم نکتہ یہ تھا کہ حالیہ امریکی پابندیاں محض ایک بہانہ ہیں، اصل نشانہ پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام ہے۔ ان کا یہ بیان پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے لیے ایک واضح تنبیہ ہے کہ عالمی قوتیں کسی مسلمان ملک کو ایٹمی طاقت کے طور پر قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ بلاول نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ محض ایک بہانہ ہیں جبکہ اصل مقصد پاکستان کے اسٹریٹجک اثاثے ہیں۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک کے خلاف تیار ہونے والی بین الاقوامی سازش کا مقابلہ کرنے کے لیے سیاست کو ایک طرف رکھ کر پاکستان اور اس کا دفاع کا سوچنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کل پاکستان کے مخالفین شہید ذوالفقارعلی بھٹو اورشہید بینظیر بھٹو کے دیئے ہوئے میزائل ٹیکنالوجی کے تحفے کو میلی آنکھ سے دیکھ رہے ہیں، ان کی خواہش ہے کسی مسلمان ملک کے پاس ایسی قوت نہ ہو اور وہ کسی بہانے سے آپ کی یہ طاقت چھننا چاہتے ہیں۔

    بلاول بھٹو نے امریکا کی جانب سے پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی پر پابندیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہوتے ہوئے ہم اپنے ایٹمی اثاثوں اور نہ ہی میزائل پروگرام پر کسی قسم کی سودے بازی نہیں ہونے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک ہماری اندرونی سیاست کے اوپر بیان دے رہے ہیں لیکن یہ سب کچھ بہانہ ہے اور کسی کو پاکستان کی جمہوریت کے بارے میں کوئی فکر نہیں ہے، عمران خان صرف بہانہ ہے اصل میں نشانہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کو واضح کرنا چاہیے کہ آئے روز ان کی حمایت میں بیان دینے والے وہی لوگ نہیں ہیں جو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف ہیں؟ انہیں جواب دینا چاہیے کہ یہ بانی پی ٹی آئی کے حق میں کیوں بول رہے ہیں؟انہوں نے عمران خان اور ان کی جماعت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان بیانات کی مذمت کریں جو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف ہیں۔ بلاول نے پی ٹی آئی کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل کے حق میں آواز اٹھانے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور یہ صورتحال عوام کے لیے سوالیہ نشان ہے۔

    یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے بین الاقوامی سازشوں کا ذکر کیا ہو۔ ان کے والد آصف علی زرداری اور نانا ذوالفقار علی بھٹو بھی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے محافظ رہے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کو اسلامی بم کا نام دیا اور اس کی بنیاد رکھی جبکہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی متعارف کرائی۔ بلاول نے اپنی تقریر میں یہ واضح کر دیا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

    بلاول کا یہ کہنا کہ سیاسی کٹھ پتلیاں ایٹمی اثاثوں پر سودے بازی کے لیے تیار رہتی ہیں، ایک سنگین الزام ہے جو موجودہ اور ماضی کی حکومتوں کی سمت پر سوالیہ نشان لگاتا ہے۔ ان کا یہ بیان کہ “ہم نہ سلیکٹڈ ہیں اور نہ ہی فارم 47 والے”، ایک خودمختار اور غیرجانبدار سیاسی جماعت کے دعوے کی تائید کرتا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی حکومت سازی میں مصالحت کی پالیسی اور اجتماعی فیصلوں کی اہمیت پر زور بلاول کی سیاسی بصیرت کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر یکطرفہ فیصلوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اتفاق رائے سے کیے گئے فیصلے ہی مضبوط اور دیرپا ہوتے ہیں۔ یہ ایک ایسا اصول ہے جس پر عمل کرنے سے پاکستان کے سیاسی نظام میں استحکام آ سکتا ہے۔

    بین الاقوامی سازشوں کے حوالے سے بلاول نے کہا کہ ہمیں ایک ہونا پڑے گا اور سیاست کو ایک طرف رکھ کر پاکستان کے مفادات کو ترجیح دیناہوگی۔ یہ ایک ایسا پیغام ہے جو موجودہ سیاسی حالات میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

    پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت کے لیے یہ وقت اتحاد اور یکجہتی کا ہے۔ اگر ہم نے اپنی اندرونی کشمکش اور سیاسی اختلافات کو ختم نہ کیا، تو بین الاقوامی سازشیں ہمیں نقصان پہنچانے میں کامیاب ہو سکتی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا خطاب اس بات کی یاد دہانی ہے کہ پاکستان کو مضبوط اور خودمختار رکھنے کے لیے ہمیں اپنی ترجیحات کو قومی مفادات کے مطابق ترتیب دینا ہوگا۔

  • تنگوانی: ڈیڑھ ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق، محکمہ صحت کی غفلت بے نقاب

    تنگوانی: ڈیڑھ ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق، محکمہ صحت کی غفلت بے نقاب

    تنگوانی،باغی ٹی وی (نامہ نگارمنصوربلوچ) ڈیڑھ ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق، محکمہ صحت کی غفلت بے نقاب

    تنگوانی کے نواحی گاؤں لال محمد بکھرانی کی ڈیڑھ ماہ کی بچی ریشم بنت محمد بکھرانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بچی کے بائیں پاؤں میں معذوری کے آثار کے بعد خون کے نمونے اسلام آباد لیبارٹری بھیجے گئے، جہاں ٹیسٹ کے نتائج نے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی۔

    اس سنگین صورتحال کے باوجود محکمہ صحت کا کوئی نمائندہ تاحال گاؤں نہیں پہنچا اور نہ ہی بچی یا گاؤں کے دیگر بچوں کے معائنے کے لیے کوئی قدم اٹھایا گیا ہے۔ مقامی افراد نے محکمہ صحت کی انتظامیہ کی غفلت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اقدامات کیے جائیں تاکہ دیگر بچوں کو اس مہلک بیماری سے بچایا جا سکے۔

    یہ واقعہ محکمہ صحت کی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے اور انسداد پولیو مہم میں موجود خامیوں کو بے نقاب کرتا ہے۔ عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔