Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈسکہ: میترانوالی کی انوکھی بارات، نوٹوں کی برسات، لوٹنے والوں کی چاندی

    ڈسکہ: میترانوالی کی انوکھی بارات، نوٹوں کی برسات، لوٹنے والوں کی چاندی

    ڈسکہ، باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک عمران )میترانوالی کی انوکھی بارات، لاکھوں روپے کی برسات، لوٹنے والوں کی چاندی

    ڈسکہ کے نواحی گاؤں میترانوالی میں ایک منفرد اور شاہانہ شادی نے سب کی توجہ حاصل کر لی، جہاں دولہا کے بھائیوں اور بیرون ملک سے آئے دوستوں نے پاکستانی کرنسی کے ساتھ ساتھ ڈالر، پاؤنڈ، اور ریال کی بارش کر دی۔

    بارات گاؤں میترانوالی سے گوجرانوالہ پہنچی، جہاں براتیوں نے نوٹوں سے بھرے بیگوں کے منہ کھول دئیے اور کنٹینر پر کھڑے ہو کر لاکھوں روپے نچھاور کیے۔ براتیوں نے نہ صرف نوٹوں کی بارش کی بلکہ قیمتی کپڑے بھی تقسیم کیے، جس سے مقامی افراد اور لوٹنے والوں کی چاندی ہو گئی۔

    بارات لوٹنے کے مناظر انتہائی دلچسپ تھے، لوگ جال لگا کر نوٹ اور سوٹ جمع کرتے رہے، یہاں تک کہ بعض براتی بھی پیچھے نہ رہے۔ یہ انوکھی شادی علاقہ بھر میں موضوع بحث بن گئی ہے، جسے عوام شاہ خرچی کی منفرد مثال قرار دے رہے ہیں۔

  • کندھ کوٹ: انڈس ہائی وے پر کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ڈاکٹر زخمی

    کندھ کوٹ: انڈس ہائی وے پر کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ڈاکٹر زخمی

    کندھ کوٹ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمختیاراحمداعوان) انڈس ہائی وے پر کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ڈاکٹر زخمی، ملزمان فرار

    کندھ کوٹ میں انڈس ہائی وے پر پی پی ایل کے قریب تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹر محمد عمران عطاری شدید زخمی ہوگئے۔

    زخمی ڈاکٹر کو علاقہ مکینوں نے فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا، لیکن حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں کراچی ریفر کر دیا گیا۔

    حادثے کے بعد کار مالک جگدیش کمار اور ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تھانہ بخشاپور میں واقعے کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے، جبکہ پولیس ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔ عوام نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • میہڑ: تیز رفتار اوورلوڈ ڈاٹسن سے گر کر 5 سالہ بچہ جاں بحق

    میہڑ: تیز رفتار اوورلوڈ ڈاٹسن سے گر کر 5 سالہ بچہ جاں بحق

    میہڑ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنظورعلی جوئیہ) تیز رفتار اوورلوڈ ڈاٹسن سے گر کر 5 سالہ بچہ جاں بحق

    تفصیل کے مطابق میہڑ کے قریب فریدآباد لنک روڈ پر گاؤں سوجھرو میروانی کے قریب ایک اوورلوڈ اور مسافروں سے بھری تیز رفتار ڈاٹسن سے 5 سالہ بچہ گر کر جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والا بچہ گاؤں سومر تیونو کا رہائشی معصوم رضوان مغیری تھا۔

    حادثے میں زخمی ہونے والے بچے کو ورثا نے فوری طور پر تحصیل ہسپتال منتقل کیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے رضوان دم توڑ گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعش کو ورثا کے حوالے کر دیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کی اوورلوڈنگ اور غیر محفوظ طریقے سے مسافروں کو سوار کرنے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ علاقے میں ٹرانسپورٹ کی ناقص صورتحال پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

  • سیالکوٹ : ایشیا کا پہلا اسمارٹ ولیج، دیہی علاقوں میں انقلاب کا آغاز

    سیالکوٹ : ایشیا کا پہلا اسمارٹ ولیج، دیہی علاقوں میں انقلاب کا آغاز

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)ایشیا کے پہلے اسمارٹ ولیج منصوبے کا افتتاح، دیہی ترقی کا نیا دور شروع

    وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ نے سیالکوٹ کے نواحی گاؤں روڑس میں ایشیا کے پہلے اسمارٹ ولیج منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد دور دراز اور دیہی علاقوں کو انٹرنیٹ سے منسلک کرکے تعلیم، صحت اور روزمرہ مسائل کے ڈیجیٹل حل فراہم کرنا ہے۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے اور اسمارٹ ولیج منصوبہ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ منصوبے کے تحت 100 لڑکے اور لڑکیاں جدید کمپیوٹر اور بزنس اسکلز کے کورسز کریں گے، جس سے انہیں روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔

    یہ پائلٹ پروجیکٹ منسٹری آف انفارمیشن، انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین، ہواوے، بیداری اور ٹیلی تعلیم کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ روڑس میں جدید کمپیوٹر لیب اور ورچوئل ایجوکیشن کے ذریعے تعلیمی سہولیات کے ساتھ ڈیجیٹل میڈیکل کنسلٹنسی بھی فراہم کی جائے گی۔

    ریجنل ڈائریکٹر انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین اتسوکو اوکوڈا نے کہا کہ اسمارٹ ولیج منصوبہ صحت، تعلیم اور زراعت میں ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے دیہی علاقوں میں نمایاں ترقی کا سبب بنے گا۔

    افتتاحی تقریب میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول روڑس میں اسمارٹ کلاس روم اور ڈیجیٹل ولیج سینٹر کا بھی آغاز کیا گیا۔ شیزا فاطمہ نے اعلان کیا کہ اس منصوبے کو جلد ملک کے دیگر صوبوں تک وسعت دی جائے گی۔

  • ڈیرہ غازی خان: حمام اورہیئر سیلون ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلانے کا گڑھ بن گئے

    ڈیرہ غازی خان: حمام اورہیئر سیلون ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلانے کا گڑھ بن گئے

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر)غیرمحفوط حمام اور ہیئرسیلون ایڈز اور ہیپاٹائٹس پھیلانے کا گڑھ بن گئے

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بغیر لائسنس چلنے والے حمام اور ہیئر سیلون عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ہیں۔ ان غیر رجسٹرڈ کاروباروں میں صفائی کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور ان کے ناقص اوزار ایڈز اور ہیپاٹائٹس جیسی خطرناک بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔

    ان حماموں میں کام کرنے والے اکثر کاریگر صفائی اور اوزاروں کی سٹرلائزیشن کے بنیادی اصولوں سے ناواقف ہیں۔ ایک طرف تو یہ کارکن معصوم نظر آتے ہیں لیکن دوسری طرف ان کی لاعلمی اور غفلت عوام کی صحت کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے۔ ناقص بلیڈ، غیر صاف قینچیاں اور بار بار استعمال ہونے والے تولیوں کی وجہ سے کئی افراد خطرناک انفیکشنز کا شکار ہو چکے ہیں۔

    صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے بڑھتے ہوئے کیسز میں ان حماموں کا مرکزی کردار ہے۔ لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ کوئی بھی سرکاری ادارہ ان کے خلاف کارروائی کے لیے تیار نظر نہیں آتا۔ نہ ہی محکمہ صحت اور نہ ہی مقامی انتظامیہ ان غیر قانونی اور غیر محفوظ کاروباروں کے خلاف کوئی عملی قدم اٹھا رہی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ حکومت کی غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان حماموں اور سیلونز کو رجسٹر کیا جائے اور سخت چیک اینڈ بیلنس کا نظام نافذ کیا جائے تاکہ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

    سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ایڈز جیسی خطرناک بیماریوں کا پھیلاؤ مزید بڑھ سکتا ہے، جس سے نہ صرف عوامی صحت متاثر ہوگی بلکہ صحت کے نظام پر بھی ناقابل برداشت دباؤ پڑے گا۔

  • گوجرہ کے کھلاڑیوں کی کھیلتا پنجاب میں شاندار کامیابیاں

    گوجرہ کے کھلاڑیوں کی کھیلتا پنجاب میں شاندار کامیابیاں

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ رانا کامران اشرف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام "کھیلتا پنجاب” میں گوجرہ کے نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ نے ہاکی کے میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    یہ بات انہوں نے انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں "کھیلتا پنجاب” میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے گوجرہ کے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ہمیشہ کھیلوں کے میدان میں اپنا لوہا منواتا رہا ہے۔

    تقریب میں بتایا گیا کہ تحصیل گوجرہ سے ہاکی کھلاڑیوں نے "کھیلتا پنجاب” کے تحت ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور ڈسٹرکٹ فیصل آباد دونوں میں فرسٹ پرائز حاصل کیا جبکہ وومین ہاکی ٹیم فیصل آباد ڈویژن سے رنر اپ رہی۔

    تقریب میں انٹرنیشنل کھلاڑی خاور جاوید، محمود احمد اور محمد مالک ملک سمیت دیگر کھلاڑیوں اور شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی کامیابیوں کو گوجرہ کی روایت کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے پروگرامز سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے۔

  • تنگوانی: دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا احتجاجی مارچ

    تنگوانی: دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا احتجاجی مارچ

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگارمنصور بلوچ) تنگوانی میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کی جانب سے دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنے کے خلاف احتجاجی مارچ کیا گیا۔ یہ مارچ تنگوانی کے مانجھی اسٹاف سے شروع ہو کر کندھ کوٹ پریس کلب تک نکالا گیا۔

    احتجاج میں ایس یو پی ضلع کشمور کے صدر دلمراد ڈاہانی، ظریت بجارانی، چھوٹو جکراڑی، شانواز مرہٹو، رحمدل لاشاری، نور خان سبزوی، اور عبدالرزاق نندوانی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اس اقدام کو دریا ئے سندھ کو بنجر بنانے اور غیرآباد کرنے کی سازش قرار دیا۔

    مارچ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایس یو پی کے ضلع صدر دلمراد ڈاہانی اور ظریت بجارانی نے کہا کہ دریائے سندھ سے 6 نہریں نکال کر اس کے ماحولیاتی اور زرعی نظام کو تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ اور خاص طور پر پاکستان پیپلز پارٹی کو اس سازش کا شریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو اعلیٰ عدالتوں میں لے جایا جائے گا۔

    انہوں نے سپریم کورٹ سے از خود نوٹس لینے اور اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج کو مزید وسعت دیں گے۔

  • یو ای ٹی لاہور کے رجسٹرار نے بغیر ٹینڈرز کے دکانوں کی الاٹمنٹ کر دی

    یو ای ٹی لاہور کے رجسٹرار نے بغیر ٹینڈرز کے دکانوں کی الاٹمنٹ کر دی

    لاہور(باغی ٹی وی رپورٹ)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) لاہور کے رجسٹرار محمد آصف پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے بغیر کسی ٹینڈر کے دکانوں کی الاٹمنٹ کی ہے۔ عرفان برادرز کی جانب سے وائس چانسلر کو بھیجی گئی درخواست میں اس عمل کو غیر قانونی اور غیر شفاف قرار دیا گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ محمد آصف نے E-Stamp پیپر پر شاپس کی الاٹمنٹ کی، جو یونیورسٹی کے قوانین کے خلاف ہے۔ درخواست گزار نے وائس چانسلر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    اس کے علاوہ، درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2024-27 کے ٹینڈر کے دوران بعض کمپنیوں نے GST چیک لسٹ کے مطابق ضروری دستاویزات فراہم نہیں کیں، جس کی وجہ سے ان کمپنیوں کا انتخاب میرٹ کے خلاف ہو سکتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس ٹینڈر کو منسوخ کیا جائے اور صرف وہ کمپنیاں منتخب کی جائیں جو تمام مطلوبہ معیار پر پورا اُترتی ہوں۔

    عرفان برادرز نے اس درخواست کے ساتھ تمام ثبوت بھی فراہم کیے ہیں تاکہ وائس چانسلر کو معاملے کی حقیقت کا پتا چل سکے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی طرف سے اس پر ابھی تک کوئی ردعمل نہیں آیا، مگر یہ توقع کی جا رہی ہے کہ وائس چانسلر اس معاملے کی تحقیقات کریں گے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں گے۔

  • سیالکوٹ: کم از کم اجرت پر عمل درآمد کے لیے خصوصی مہم کا آغاز

    سیالکوٹ: کم از کم اجرت پر عمل درآمد کے لیے خصوصی مہم کا آغاز

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ محنت و انسانی وسائل پنجاب نے تمام صنعتی و تجارتی اداروں، دکانوں، کارخانوں، بھٹہ خشت، پرائیویٹ ہسپتالوں اور سکولوں میں کم از کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی ہے۔ مقرر کردہ یومیہ اجرت 1423 روپے اور ماہانہ 37000 روپے پر عمل کروانے کی اس مہم کی نگرانی سیکرٹری محنت نعیم غوث اور ڈائریکٹر جنرل لیبر ویلفیئر سیدہ کلثوم حئی کر رہی ہیں۔

    گوجرانوالہ ایسٹ ڈویژن میں ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر محمد نوید سرور قریشی مہم کی قیادت کر رہے ہیں اور تمام اضلاع کا دورہ کرکے عمل درآمد یقینی بنا رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں قانون کی خلاف ورزی پر مالکان کو نوٹس جاری کرنے کے ساتھ چالان عدالتوں میں بھجوائے جا رہے ہیں۔

    ڈائریکٹر لیبر نے ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر محمد طیب ورک کے ہمراہ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اکرام الحق سے ملاقات کی اور انہیں مہم میں تعاون کی درخواست کی۔ صدر چیمبر نے ممبران کو کم از کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد کی ترغیب دینے کی یقین دہانی کروائی، جس پر ڈائریکٹر لیبر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

  • ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس،دلائل مکمل، فیصلہ 20 دسمبر کو سنایا جائے گا

    ڈاکٹر خالد محمود سومرو قتل کیس،دلائل مکمل، فیصلہ 20 دسمبر کو سنایا جائے گا

    سکھر (باغی ٹی وی،مشتاق لغاری کی رپورٹ) انسداد دہشت گردی عدالت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور سابق سینیٹر ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کیس کی 11 سالہ طویل سماعت مکمل کر لی ہے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جو 20 دسمبر کو سنایا جائے گا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت میں جج عبدالرحمان قاضی نے کیس کی سماعت کی۔ فریادی فریق کے وکیل ایڈووکیٹ اطہر عباس سولنگی نے عدالت میں چار گھنٹوں کے دلائل پیش کیے جبکہ گزشتہ سماعت میں ملزمان کے وکیل مرتضیٰ شاہ اور پراسیکیوٹر عبدالحلیم قریشی کے دلائل مکمل ہو چکے تھے۔ کیس کی کارروائی کے دوران 11 سال میں 450 سے زائد سماعتیں ہوئیں، 17 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے اور 6 ججز تبدیل ہوئے۔

    ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو 2014 میں سکھر کے علاقے گلشن اقبال کی مسجد میں فجر کی نماز کے دوران فائرنگ کر کے شہید کیا گیا تھا۔ قتل کیس میں 6 ملزمان، جن میں حنیف بھٹو، مشتاق مہر، الطاف جمالی، لطف جمالی اور سارنگ توتانی شامل ہیں جوکہ گرفتار اور جیل میں قید ہیں۔

    فریادی مولانا راشد محمود سومرو اور ناصر محمود سومرو نے عدالت سے انصاف کی امید کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد کے قتل کیس کی 11 سال تک پیروی کرتے رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عدالت سے انصاف ملے گا۔

    فریادی وکلا نے گواہان کے بیانات اور شواہد کی روشنی میں دلائل پیش کیے اور عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ اس دوران مولانا محمد صالح انڈھڑ، مفتی سعود افضل ہالیجوی، حافظ عبدالحمید مہر اور دیگر اہم شخصیات بھی عدالت میں موجود تھیں۔ 20 دسمبر کو اس کیس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔