Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: 45 لاکھ کا فلٹریشن پلانٹ کرپشن کی بھینٹ چڑھ گیا، عوام کڑوا پانی پینے پر مجبور

    ڈیرہ غازی خان: 45 لاکھ کا فلٹریشن پلانٹ کرپشن کی بھینٹ چڑھ گیا، عوام کڑوا پانی پینے پر مجبور

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبر) محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت 2021-2022 کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبے بدعنوانی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ گدائی غربی کھوہ بیگے والا کی سینکڑوں گھروں پر مشتمل آبادی 45 لاکھ روپے مالیت کے فلٹریشن پلانٹ کے باوجود کڑوا پانی پینے پر مجبور ہے۔

    علاقہ مکینوں نے میڈیا ٹیم کو بتایا کہ فلٹریشن پلانٹ پر نصب سولر پلیٹیں محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران اپنے گھروں میں منتقل کر چکے ہیں۔ یہ منصوبہ صرف دو سے تین ماہ تک چل سکا، جسے تحریک انصاف کے دور میں ایم پی اے احمد علی دریشک کے خصوصی فنڈز سے مکمل کیا گیا تھا۔

    اہل علاقہ نے ایم پی اے سردار محمود قادر خان لغاری سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کی بڑی آبادی کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، چیف سیکرٹری پنجاب، اور دیگر اعلیٰ حکام سے فلٹریشن پلانٹ کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

    مقامی افراد نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ اور ڈیرہ غازی خان ریجنل ڈائریکٹر ضیاء الحق سے اپیل کی کہ فلٹریشن پلانٹ کی اسکیموں میں ہونے والی کرپشن کا حساب لیا جائے، ٹھیکیداروں اور افسران سے لوٹی گئی رقم واپس لے کر منصوبے بحال کیے جائیں اور سولر پلیٹیں دوبارہ نصب کروا کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

  • سیالکوٹ: تجاوزات کے خلاف آپریشن، ٹریفک کی روانی میں بہتری

    سیالکوٹ: تجاوزات کے خلاف آپریشن، ٹریفک کی روانی میں بہتری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) ڈی ایس پی سٹی ٹریفک مدثر خان کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کا ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ دو ٹیموں پر مشتمل اسکواڈ، ڈی پی او سیالکوٹ کی ہدایات کے تحت، شہر کے مختلف بازاروں اور چوکوں میں پختہ اور عارضی تجاوزات کو ہٹانے میں سرگرم ہے۔

    ڈی ایس پی مدثر خان اور انکروچمنٹ ٹیموں نے سردار بیگم چوک اور تحصیل بازار میں لفٹر اور ہیوی مشینری کے ذریعے سڑک پر موجود ٹھیلے اور دوکانوں کو ہٹایا۔ اس کارروائی کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی بہتر ہوئی، اور شہریوں نے سہولت محسوس کی۔

    چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اعجاز ملک کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر جاری یہ آپریشن تجاوزات کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا تاکہ ٹریفک اور شہریوں کو درپیش مسائل حل کیے جا سکیں۔

  • سیالکوٹ: 30 کروڑ کے ترقیاتی منصوبے شروع، معیار یقینی بنانے کا وعدہ

    سیالکوٹ: 30 کروڑ کے ترقیاتی منصوبے شروع، معیار یقینی بنانے کا وعدہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ حلقہ انتخاب میں 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی پیکج کے تحت یہ منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے اور ان کا معیار یقینی بنایا جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے یونین کونسل فتح گڑھ اور مظفر پورہ کی گلیوں اور سیوریج منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر سابق ڈپٹی میئر چودھری بشیر احمد، یونین کونسل چیئرمینز نواز بھٹی اور چودھری شکیل، اور دیگر معززین بشمول ایکسین سروسز بلال احمد، بشپ ندیم غوری، پاسٹرز اور مقامی رہنما موجود تھے۔

    محمد منشاء اللہ بٹ نے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب بھی اقتدار میں آئی، ملک نے ترقی کی منازل طے کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے قلیل عرصے میں موجودہ حکومت نے گرتی ہوئی معیشت کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کر دیا ہے، اور معاشی اشاریے مثبت ہو گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا بنیادی منشور عوامی خدمت ہے اور یہ سفر بلا تعطل جاری رہے گا۔ حلقے کے عوام نے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو سراہا۔

  • سیالکوٹ: انسداد پولیو مہم 16 دسمبر سے شروع ہوگی، 8 لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف

    سیالکوٹ: انسداد پولیو مہم 16 دسمبر سے شروع ہوگی، 8 لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ ملک میں پولیو کیسز میں اضافے پر تشویش ہے۔ اس مہلک مرض سے بچاؤ کے لیے 16 دسمبر سے سال 2024 کی چوتھی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ پانچ روزہ مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ میں 5 سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، چاہے ان کا تعلق کسی دوسرے ملک، صوبے یا ضلع سے ہو۔

    ڈپٹی کمشنر نے مہم کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ محکمہ صحت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ تمام متعلقہ ادارے، بشمول پولیس، اس قومی مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مہم کے دوران غفلت یا کوتاہی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کی میپنگ کے ساتھ جی پی ایس ٹریکنگ کا نظام نافذ کیا جائے گا تاکہ مہم کو مکمل اور شفاف بنایا جا سکے۔ مہم میں 6,500 سے زائد افسران و ملازمین حصہ لیں گے اور 8 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی، جبکہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر موجود بچوں کو ویکسین دینے کے لیے ٹریفک عملہ اور سیکیورٹی اہلکار ہمہ وقت تیار رہیں گے۔ مزید برآں، جنرل بس اسٹینڈ پر ایک مستقل پولیو پوسٹ قائم کرنے کے لیے حکومت کو درخواست دی جائے گی تاکہ پولیو وائرس کے ممکنہ داخلے کو بروقت روکا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسداد پولیو مہم میں تعاون کریں تاکہ آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔

  • ظفروال: طلاق کی رنجش پر چار قتل، ملزم نے خودکشی کرلی

    ظفروال: طلاق کی رنجش پر چار قتل، ملزم نے خودکشی کرلی

    ظفروال (باغی ٹی وی رپورٹ) طلاق کی رنجش اور رشتے کی بحالی میں ناکامی سے دل برداشتہ ملزم نے سابقہ بیوی، ساس، سالی اور اس کے 10 سالہ بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ بعد ازاں ملزم نے خودکشی کر لی۔

    واقعہ ظفروال کے نواحی علاقے خوشحال گڑھ میں پیش آیا، جہاں ملزم اکرم عرف گڈو کو مبینہ طور پر اپنی پسند کی شادی کے خاتمے اور رشتہ داروں پر مقدمات درج کرانے کا شدید رنج تھا۔ دل برداشتہ ہو کر ملزم نے سابق سسرالیوں کے گھر جا کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے اس کی سابقہ بیوی، ساس حاجره بی بی، سالی اور سالی کا بیٹا موقع پر جاں بحق ہوگئے، جبکہ سابق سسر اور ہم زلف زخمی ہوگئے۔

    ڈی پی او نارووال نوید ملک کے مطابق ملزم نے واقعے کے بعد خود کو ایک کمرے میں بند کر کے آگ لگا دی اور بلیڈ سے اپنی گردن کاٹ لی۔ ملزم سمیت تمام لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال نارووال منتقل کیا جا رہا تھا کہ ملزم اکرم راستے میں ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ شہریوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

  • چونیاں: سڑکوں پر تجاوزات، ٹریفک وارڈنز بے نیاز،طالبات اورشہری مشکلات کا شکار

    چونیاں: سڑکوں پر تجاوزات، ٹریفک وارڈنز بے نیاز،طالبات اورشہری مشکلات کا شکار

    چونیاں،باغی ٹی وی (نامہ نگار) قصور کے دوسرے بڑے شہر چونیاں میں ٹریفک کے مسائل شدت اختیار کر چکے ہیں۔ ٹریفک وارڈنز کی عدم موجودگی کے باعث شہر بھر میں ٹریفک جام معمول بن گیا ہے، جس سے شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔ شہر کی مختلف سڑکوں اور مقامات جیسے کارڈیک سینٹر، اڈے والی مسجد، کمیٹی باغ، اور سبزی منڈی پر رکشوں اور ٹیوٹا گاڑیوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہیں، جبکہ چھانگا مانگا گول چکر پر موجود اہلکار مبینہ طور پر کمرشل گاڑیوں سے "مال پانی” وصول کرنے میں مصروف ہیں۔ اس صورتحال کے باعث طالبات کے لیے سکول اور کالج جانا مشکل ہو گیا ہے، اور شہری سراپا احتجاج ہیں۔

    انتظامیہ کی بے حسی اور ٹریفک وارڈنز کی غفلت پر شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور، ڈی پی او قصور، اور ڈی ایس پی ٹریفک سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔ آیا افسران بالا اس سنگین مسئلے کا کوئی حل نکالیں گے، یہ دیکھنا باقی ہے۔

  • چونیاں:یتیم بچہ اغوا، زیادتی اورتاوان نہ ملنے پر قتل

    چونیاں:یتیم بچہ اغوا، زیادتی اورتاوان نہ ملنے پر قتل

    قصور،باغی ٹی وی (طارق نوید سندھو کی رپورٹ)چونیاں میں تھانہ الہ آباد کی حدود میں واقع نیو اقبال ٹاؤن سے چھ روز قبل اغوا کیا گیا 13 سالہ یتیم بچہ حسن علی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا ہے۔ ملزمان نے اغوا کے بعد تاوان کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق، ملزمان نے مقتول کو الہ آباد سے اغوا کر کے چھ روز تک قید رکھا، اس کے ساتھ زیادتی کی اور اس کی والدہ سے بھتہ وصول کرنے کی کوشش کی۔ جب بھتہ کی رقم نہ ملی تو ملزمان نے بچے کو قتل کر دیا اور اس کی لاش کو بدھوکی چھانگا مانگا نہر میں پھینک دیا۔

    مقتول کی والدہ نے بچے کے اغوا ہونے کی اطلاع تھانہ الہ آباد میں دی تھی اور مقدمہ نمبر 2925/24 درج کرایا تھا۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا لیکن بچہ بازیاب نہ ہو سکا۔

    تھانہ چھانگا مانگا کی پولیس نے مقتول کی لاش کو برآمد کر لیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔

  • ننکانہ: کرونا ریڈ کمپین تھری کی رقم غائب، محکمہ صحت میں کرپشن کی نئی داستان

    ننکانہ: کرونا ریڈ کمپین تھری کی رقم غائب، محکمہ صحت میں کرپشن کی نئی داستان

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) محکمہ صحت ننکانہ صاحب میں کرپشن کی ایک اور کہانی سامنے آگئی ہے جہاں سی ای او ہیلتھ کے اکاؤنٹ سے کروناریڈ کمپین تھری 2022 کی رقم غائب ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر سے فوری انکوائری اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ریڈ کمپین تھری کے دوران کرونا ویکسی نیشن کے لیے تعینات 1200 سے زائد پیرامیڈیکل اسٹاف، رضاکاروں، ایل ایچ ایس، ایل ایچ ڈبلیو اور دیگر عملے کو تاحال ادائیگی نہیں کی جا سکی۔ یہ رقم پہلے ڈی ایچ او کے اکاؤنٹ سے سی ای او ہیلتھ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی اور پھر پراسرار طور پر غائب ہو گئی۔

    محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ رقم کی ادائیگی کے لیے تمام فائل ورک مکمل تھا اور ملازمین نے نظرانہ بھی جمع کر لیا تھا لیکن بدعنوانی کے باعث رقم آج تک ملازمین تک نہیں پہنچی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی اس رقم کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ابھی تک کوئی کامیابی نہیں ملی۔

    یہ خبر بھی پڑھیں

    ننکانہ: محکمہ صحت کا شرمناک کردار، 1200 کروناوارئر 2 سال سے معاوضے سے محروم
    متاثرہ ملازمین نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی فوری انکوائری کی جائے اور غائب شدہ رقم کی بازیابی یقینی بنائی جائے تاکہ دو سال سے حق سے محروم ملازمین کو ان کی ادائیگی ممکن ہو سکے۔

    یہ واقعہ محکمہ صحت کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، جس پر شہریوں نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • تنگوانی: باجکانی قبیلے کے دو گروپوں میں تصادم، ایک شخص ہلاک

    تنگوانی: باجکانی قبیلے کے دو گروپوں میں تصادم، ایک شخص ہلاک

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب جمال تھانے کی حدود میں باجکانی برادری کے دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ مزید خونریزی کا خدشہ ہے۔

    دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑا گندم کی فصل کو جانوروں کے نقصان پہنچانے کے معاملے پر ہوا۔ جھگڑے کے دوران ایک شخص اسلم عرف دنگلو باجکانی ہلاک ہوگیا۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے لیکن دونوں گروپوں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور مزید تصادم کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس سے فوری اقدامات کرنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • تنگوانی: تھاغمان باجکانی میں چاول کی فصل کو آگ، 200 من جل کر خاک

    تنگوانی: تھاغمان باجکانی میں چاول کی فصل کو آگ، 200 من جل کر خاک

    تنگوانی (باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تھاغمان باجکانی میں چاول کی فصل کو آگ، 200 من جل کر خاک

    تنگوانی کے قریب تھانہ تنگوانی کی حدود میں واقع گاؤں تھاغمان باجکانی میں کامریڈ منظور احمد باجکانی کی چاول کی فصل کو آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 200 من چاول جل کر خاک ہو گئے۔

    آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ متاثرہ چاول کی فصل کامریڈ منظور احمد کی محنت کا نتیجہ تھی، جس کے جلنے سے انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔ عوام نے متعلقہ حکام سے واقعے کی تحقیقات اور متاثرہ کسان کی مدد کا مطالبہ کیا ہے۔