Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: تاریخی ورثے کی حفاظت کے لیے بڑا اقدام، تجاوزات کے خاتمے کا ماسٹر پلان تیار

    اوچ شریف: تاریخی ورثے کی حفاظت کے لیے بڑا اقدام، تجاوزات کے خاتمے کا ماسٹر پلان تیار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف میں تاریخی مقامات، مزارات اور آثار قدیمہ کی حفاظت اور بحالی کے لیے حکومت کا اہم اقدام، 2 سو میٹر کے اندر واقع مکانات، دکانات اور دیگر تجاوزات کو ہٹانے کے لیے ماسٹر پلان تیار، یونیسکو اور محکمہ آثار قدیمہ کے حکام کی اوچ شریف آمد

    تفصیلات کے مطابق تاریخی شہر اوچ شریف میں مزارات، آثار قدیمہ اور دیگر تاریخی مقامات کی حفاظت کے لیے حکومت نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے دو سو میٹر کے اندر موجود مکانات، دکانوں اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے ماسٹر پلان تیار کر لیاگیا ہے۔ یونیسکو اور محکمہ آثار قدیمہ کے حکام کی آمد کے بعد عملی اقدامات کا آغاز متوقع ہے۔

    اوچ شریف جو اپنے مذہبی و روحانی مرکز کی حیثیت سے جانا جاتا ہے، ماضی میں علمی، ادبی، سیاسی اور ثقافتی اہمیت کا حامل شہر تھا۔ اس کے تاریخی مقامات اور آثار قدیمہ تہذیب یافتہ انسانی تاریخ کے شواہد پیش کرتے ہیں، جس کی بنا پر یونیسکو نے اوچ شریف کے چار اہم مقامات کو عالمی ورثے کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے۔

    حکومت پنجاب اور محکمہ آثار قدیمہ نے یونیسکو کی مالی اور تکنیکی معاونت سے ان تاریخی مقامات کو محفوظ ورثہ قرار دیتے ہوئے ان کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابقہ فیصلے اور 1985ء کے قانون تحفظ کے تحت دو سو میٹر کے اندر موجود تمام تجاوزات کو ختم کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دور میں سپریم کورٹ نے تاریخی ورثے کے گرد دو سو فٹ کے اندر قائم تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ اس ماسٹر پلان کے نفاذ سے اوچ شریف کے تاریخی اور روحانی مقامات کی حفاظت ممکن ہوگی اور یہ عالمی سیاحتی مرکز کی حیثیت حاصل کر سکے گا۔

    حکام کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کا عمل جلد شروع ہوگا اور اس میں عوامی تعاون بھی شامل کیا جائے گا تاکہ اس ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جا سکے۔

  • ڈسکہ: وکلاء کی اے سی اور پرائس مجسٹریٹ کے خلاف ہڑتال

    ڈسکہ: وکلاء کی اے سی اور پرائس مجسٹریٹ کے خلاف ہڑتال

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض)ڈسکہ میں وکلاء کی اے سی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کے خلاف ہڑتال، پنجاب بار کونسل کی حمایت

    تفصیل کے مطابق ڈسکہ بار کے وکلاء نے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ماہم مشتاق اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمود جاوید کے خلاف ہڑتال کرتے ہوئے ان پر سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔ پنجاب بار کونسل نے بھی ڈسکہ بار کی حمایت کرتے ہوئے مذمتی قرارداد منظور کر لی۔

    ڈسکہ بار کے مطابق اے سی ماہم مشتاق اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ محمود جاوید کی کارروائیاں شہریوں کو بلیک میل کرنے اور رشوت وصول کرنے پر مبنی ہیں۔ بار کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ افسران بیکریوں، پیٹرول پمپس، اور میرج ہالز کو غیر قانونی طور پر سیل کرکے رشوت وصول کرتے ہیں۔

    پنجاب بار کونسل کی قرارداد میں اے سی ماہم مشتاق پر کرپشن، بداخلاقی اور شہریوں کو پریشان کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اے سی ڈسکہ نے کرپشن کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے اور ان کی تعیناتی ڈسکہ کی بدنامی کا باعث ہے۔

    پنجاب بار کونسل کے عہدیداران شمشاد احمد باجوہ، راحیل کامران چیمہ اور دیگر نے اس معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ماہم مشتاق کو فوری طور پر ڈسکہ سے تبدیل کیا جائے۔

    قرارداد میں آئی جی پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، اور چیف سیکرٹری پنجاب سے درخواست کی گئی ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    ڈسکہ بار کی اس ہڑتال سے عدالتی کارروائیاں معطل ہو چکی ہیں، اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔

  • اوکاڑہ: خاتون منشیات فروش گرفتار، 5 کلو 100 گرام چرس برآمد

    اوکاڑہ: خاتون منشیات فروش گرفتار، 5 کلو 100 گرام چرس برآمد

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک ظفر) پولیس تھانہ منڈی احمد آباد کی کامیاب کارروائی میں خاتون منشیات فروش سونیا بی بی کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمہ کے قبضے سے 5 کلو 100 گرام چرس برآمد ہوئی، جس کے خلاف امتناع منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر مخبر کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی۔ ملزمہ سونیا بی بی نہر کی پٹڑی پر مشتبہ حالت میں گلابی رنگ کے تھیلے کے ساتھ کھڑی تھی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو قابو کر لیا۔ خاتون کے تھیلے کی تلاشی پر پانچ پیکٹ چرس برآمد ہوئی، جن کا مجموعی وزن 5100 گرام نکلا۔

    ڈی پی او نے پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کا ساتھ دیں تاکہ معاشرے کو نشے کی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

    پولیس نے گرفتار ملزمہ کے خلاف مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور منشیات کی ترسیل میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔

  • سیالکوٹ: ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، عوامی مشکلات کا ازالہ ضروری ہے، چودھری فیصل اکرام

    سیالکوٹ: ترقیاتی منصوبوں کا آغاز، عوامی مشکلات کا ازالہ ضروری ہے، چودھری فیصل اکرام

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیورورپورٹ شاہدریاض) رکن صوبائی اسمبلی چودھری فیصل اکرام نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو نظرانداز کرتے ہوئے انتشار کی سیاست کو فروغ دیا، جس کے نتیجے میں معیشت کا پہیہ رک گیا اور عوام کو بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالتے ہی مشکل حالات میں معیشت کو سہارا دیا، جس کے باعث معیشت دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو چکی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب شاہ آباد کوٹھے ظفر وال روڈ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جوانی ٹیپو، سابق یوسی چیئرمین معراج دین، وائس چیئرمین مظفر چیچی اور ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے نائب صدر خالد بٹ سمیت یونین کونسل جودھے والی کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    چودھری فیصل اکرام نے کہا کہ حلقے کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جا رہی ہے اور منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام ان منصوبوں سے طویل مدت تک مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی امنگوں کے مطابق ترقیاتی کام جاری رہیں گے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تقریب میں شرکت کے دوران اہل علاقہ نے چودھری فیصل اکرام کا پرتپاک استقبال کیا، گل پاشی کی اور روایتی بینڈ باجے کے ساتھ انہیں بگھی میں بٹھا کر علاقہ کا دورہ کرایا۔ رکن صوبائی اسمبلی نے اس موقع پر کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا ایک ایک پیسہ عوامی فلاح کے لیے سوچ سمجھ کر خرچ کیا جائے گا تاکہ ان منصوبوں کے مثبت اثرات دیرپا رہیں۔

  • گوجرہ: چوری کی کوشش ناکام، چور روشن دان میں پھنس کر ہلاک

    گوجرہ: چوری کی کوشش ناکام، چور روشن دان میں پھنس کر ہلاک

    گوجرہ ، باغی ٹی وی(نامہ نگارعبدالرحمن جٹ ): گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 160 گ ب میں ایک شخص کو چوری کی کوشش مہنگی پڑ گئی، جب وہ روشن دان میں پھنس کر مبینہ طور پر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    تفصیلات کے مطابق قمر عباس ولد عنایت علی جو کہ محلہ عباس نگر نارووال کا رہائشی تھا اور عارضی طور پر چک نمبر 160 گ ب میں مقیم تھا، نشے کا عادی ہونے کے ساتھ مبینہ طور پر چوری کی نیت سے ساجد نامی دکاندار کے ٹی اسٹال کے روشن دان کے ذریعے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ تاہم روشن دان میں پھنس گیا اور مبینہ طور پر جان کی بازی ہار گیا۔

    صبح جب دکاندار نے دکان کھولنے کی کوشش کی تو اس واقعے کا انکشاف ہوا۔ دکاندار نے فوری طور پر 1122 کو اطلاع دی، جنہوں نے قمر عباس کی لاش کو روشن دان سے نکال کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے گورنمنٹ اے آئی کام جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کیا۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:انسدادِ پولیو مہم,8 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے

    ڈیرہ غازیخان:انسدادِ پولیو مہم,8 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے

    ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر)انسدادِ پولیو مہم,8 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں انسدادِ پولیو مہم 16تا20دسمبر تک جاری رہیگی جس میں ضلع بھر کے پانچ سال سے کم عمر
    8لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کےحفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے انتظامات بارے جائزہ اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کےاحکامات کےتحت پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا جائے،پچھلی مہمات کی کمی و کوتاہیوں کو دہرایا نہ جائے،قوم کے نونہالوں کو حفاظتی قطرے پلانا ہماری ذمہ داری ہے،مائیکرو پلان پر عمل کیاجائے،مہم میں پولیو ورکرز اور ویکسینیٹروں کو ہر شہریوں کے گھروں تک جانا ہوگا،کوئی بچہ مس نہیں ہونا چاہیے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا میں خود فیلڈ میں مہم کی مانیٹرنگ کرونگا،دلجمعی سے کام کیا جائے،روزانہ کا ٹارگٹ روزانہ ہی حاصل کیا جائے،کسی بھی ایشو کو فوری ہمارے نوٹس میں لایا جائے،ہر کوئی انسداد پولیو مہم کو سنجیدہ لے،تھریٹ بیسڈ یونین کونسلوں میں خصوصی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

    اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری نے پولیو مہم کے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قدسیہ ناز،ڈاکٹر اطہر سکھانی،ڈاکٹر
    علی ہاشم،ہما مہدی لغاری،محمد زبیر،قاری جمال عبدالناصر،ڈاکٹر علی شیر،عمر فاروقی،راشد اقبال،ڈاکٹر تحسین احمد سمیت ڈبلیو ایچ او،یونیسیف کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔

  • گھوٹکی:4 لاکھ 77 ہزار بچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے

    گھوٹکی:4 لاکھ 77 ہزار بچوں کو پولیوکے قطرے پلائے جائیں گے

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری)ضلع گھوٹکی میں 4 لاکھ 77 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سید محمد علی نے مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچ کر بچے کو پولیو کے قطرے پلائے اور فنگر مارکنگ کی۔ اس موقع پر انہوں نے پولیو واک میں بھی شرکت کی اور عوامی آگاہی فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

    ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر سید محمد علی نے کہا کہ پولیو واک کا مقصد لوگوں میں پولیو وائرس کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے، اور انہوں نے ضلع کے باشعور افراد سے اپیل کی کہ وہ اپنے علاقوں میں پولیو وائرس کے خلاف عوام کو آگاہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کا مشترکہ مقصد پولیو سے پاک پاکستان ہے، اور یہ قومی فریضہ ہے کہ تمام شہری اور متعلقہ ادارے اس مہم میں اپنے کردار کو اہمیت دیں۔

    پولیو واک میں اے ڈی ای لیاقت علی کلہوڑو، اے سی میرپور ماتھیلو بابر علی، ڈی ایچ او ڈاکٹر راؤ آفتاب، ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر نیاز، یونیسیف کے ڈاکٹر رحیم گڈانی اور پولیو ورکرز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ان تمام افراد نے پولیو کے خلاف جنگ میں عوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: گلف ممالک سے واپس آنے والوں کی وجہ سے ایڈز کے مریضوں میں خوفناک اضافہ

    ڈیرہ غازی خان: گلف ممالک سے واپس آنے والوں کی وجہ سے ایڈز کے مریضوں میں خوفناک اضافہ

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ) گلف ممالک سے آنے والوں کی وجہ سے ایڈز کا پھیلاؤ! کیسز میں خطرناک اضافہ

    ڈیرہ غازی خان میں گلف کنٹریز سے واپس آنے والوں کے سبب ایڈز کے کیسز میں تشویشناک اضافہ ہو گیا ہے۔ غیر محفوظ جنسی تعلقات اور آگاہی کی کمی کی وجہ سے ایچ آئی وی کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے، جس سے علاقے میں صحت کے بحران کا سامنا ہے۔

    ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں ایچ آئی وی (ایڈز) کے کیسز میں حیران کن اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 4760 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بہت سے مریض سماجی بدنامی کی وجہ سے ایچ آئی وی کے علاج کے مراکز سے دور رہتے ہیں، جس کی بنا پر متاثرہ افراد کی اصل تعداد 10,000سے بھی تجاوز کرسکتی ہے۔

    ڈیرہ غازی خان کے علاقے میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ غیر محفوظ جنسی تعلقات اور آگاہی کی کمی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 70 فیصد کیسز غیر محفوظ جنسی تعلقات اور غیر اہل طبی عملے اورحجاموں کی وجہ سے پھیل رہےہیں جو دیہی علاقوں میں زیادہ عام ہے۔ ان سرگرمیوں کے نتیجے میں ایچ آئی وی کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔

    ایک اور اہم وجہ گلف کنٹریز سے واپس آنے والے افراد ہیں جن کی اکثریت غیر محفوظ جنسی تعلقات کی شکار ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں ایڈز جیسی موذی بیماری پھیلتی ہے۔ جب یہ افراد اپنے علاقوں میں واپس آتے ہیں تو ایڈز ان خواتین میں منتقل ہو جاتا ہے جنہوں نے ان سے جنسی تعلقات قائم کیے ہوتے ہیں۔ اس صورتحال نے علاقے میں ایڈز کے پھیلاؤ کو مزید بڑھا دیا ہے جو ایک سنگین خطرے کی علامت ہے۔

    حکومت سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ ایڈز کی روک تھام کے لئے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔ ایڈز کی سکریننگ کے لئے ائرپورٹس پر کاؤنٹرز قائم کیے جائیں تاکہ گلف کنٹریز سے آنے والے افراد کا ایچ آئی وی کا فوری طور پر پتہ چل سکے اور انہیں علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ مزید یہ کہ ایڈز کی آگاہی مہموں کو فروغ دیا جائے تاکہ عوام کو اس مرض سے بچاؤ کے طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔

    ٹیچنگ ہسپتال میں ہر ماہ تقریباََ 30 نئے کیسز رجسٹر ہورہے ہیں۔ہسپتال میں رجسٹرڈ مریضوں میں 3500 سے زائد مرد، 600 خواتین، بچے اور ٹرانسجینڈر افراد شامل ہیں۔ کوٹ مبارک سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ہے جہاں 200 سے زائد ایڈز کے مریض رجسٹرڈ ہیں اوراسی علاقہ میں ایڈز کے باعث 20 اموات ہو چکی ہیں۔ دیگر متاثرہ علاقوں میں کوٹ چھٹہ، چوٹی، سخی سرور، جھوک اُترا اور تونسہ شامل ہیں۔

    سماجی و مذہبی شخصیات کا کہنا ہے کہ حالات کی سنگینی کے پیش نظر ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایچ آئی وی کے کیسز میں اضافے کو روکنے کے لئے حکومت کو مزید موثر اقدامات اٹھانے ہوں گے جن میں ایڈز سکریننگ، آگاہی مہموں کا آغاز اور دیہی علاقوں میں صحت کی سہولتوں کی فراہمی شامل ہیں۔

  • پاکستانی عوام سیاسی جادو گری کا شکار

    پاکستانی عوام سیاسی جادو گری کا شکار

    پاکستانی عوام سیاسی جادو گری کا شکار
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی

    پاکستان کی سیاسی فضاء ایک بار پھر ہلچل کا شکار ہے۔ تحریک انصاف اور حکومتی جماعتوں کے درمیان مذاکرات اور الزامات کی کشمکش جاری ہے، جس سے نہ صرف سیاسی منظرنامہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاست کے اصل کردار پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

    اڈیالہ جیل میں عمران خان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے رویے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ ڈی چوک کے معاملے کو پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھایا جائے گا لیکن ایسا نہ ہونے کی وجہ سے ان کی اپنی جماعت کی فعالیت پر سوالات اٹھتے ہیں۔ عمران خان کا یہ بیان ظاہر کرتا ہے کہ وہ پارٹی کے اندرونی مسائل اور قیادت کی حکمت عملی سے مطمئن نہیں ہیں۔

    دوسری طرف سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے تحریک انصاف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ عرفان صدیقی نے سوال اٹھایا کہ کیا پرامن احتجاج الجہاد اور مارو کے نعروں کے ساتھ ہو سکتا ہے؟ انہوں نے تحریک انصاف کی جانب سے سول نافرمانی کی دھمکیوں کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا۔ طلال چوہدری نے تحریک انصاف کے رویے پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان کے اقدامات نے مذاکرات کے دروازے بند کر دیے۔ شیری رحمان نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا وقت ختم ہو چکا ہے اور ملک کی موجودہ صورتحال میں ایسی سیاست کی کوئی جگہ نہیں۔

    تحریک انصاف کے ایک اہم رہنما شیر افضل مروت نے حالیہ سیاسی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ان کی جماعت کے درمیان رابطے موجود ہیں، لیکن عوامی مسائل کے حل کی بجائے یہ رابطے ذاتی مفادات کے گرد گھومتے نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے کردار کو بلاوجہ متنازعہ بنایا جا رہا ہے حالانکہ تحریک انصاف کو ان سے کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کو کسی ایک فرد کی ذمہ داری قرار دینا غیر منصفانہ ہوگا۔

    اسی دوران قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی۔ ایاز صادق نے تجویز پیش کی کہ جماعتیں اپنے اندرونی مسائل حل کریں تاکہ مذاکرات شفاف انداز میں آگے بڑھ سکیں۔ اسد قیصر نے اس تجویز کو اپنی جماعت میں زیر غور لانے کا وعدہ کیا۔

    تحریک انصاف کی طرف سے سول نافرمانی کی کال اور حکومتی رہنماؤں کی سخت تنقید یہ ظاہر کرتی ہے کہ مذاکرات کا عمل شفاف ہونے کے بجائے سیاسی بیان بازی کا شکار ہو رہا ہے۔ حالیہ بیانات میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کا نام باربار لیاجارہاہے جس پر حکومتی رہنماؤں کا الزام ہے کہ وہ تحریک انصاف کے سیاسی مفادات کو آگے بڑھاتے رہے۔ تحریک انصاف نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اپنی پوزیشن واضح کرنے کی کوشش کی ہے۔

    پاکستان میں سیاسی کشمکش نے عوام کو ایک عجیب و غریب سیاسی جادو گری کا شکار بنا دیا ہے۔ جہاں ایک طرف ملک کی معیشت بے حد نازک حالت میں ہے وہیں دوسری طرف سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے عوامی مسائل پر بات کرنے کو تیار نہیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کا مسئلہ پس منظر میں چلا گیا ہے اور سیاستدان اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔

    اگر سیاسی قیادت نے اپنی ترجیحات کا ازسرنو جائزہ نہ لیا تو یہ سیاسی سازشیں عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے مزید پیچیدہ اور سنگین ہو جائیں گی۔ اس وقت ملک کو صرف سیاسی افہام و تفہیم کی ضرورت ہے تاکہ عوامی مسائل کو ترجیح دی جا سکے۔ مذاکرات تب ہی کامیاب ہو سکتے ہیں جب دونوں فریق اپنے سخت موقف میں نرمی لائیں اور عوام کی تکالیف کو سامنے رکھیں۔ بصورت دیگر یہ سیاسی کھیل ملک کو مزید بحرانوں کی طرف دھکیل سکتا ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: پروڈیوسر محمد سجاد کھوکھر عمرہ کی سعادت کے لیے روانہ

    ڈیرہ غازی خان: پروڈیوسر محمد سجاد کھوکھر عمرہ کی سعادت کے لیے روانہ

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (نیوز رپورٹرشاہدخان) پروڈیوسر محمد سجاد کھوکھر عمرہ کی سعادت کے لیے روانہ

    معروف پروڈیوسر اور آرٹسٹ محمد سجاد کھوکھر گزشتہ روز عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ روانگی سے قبل اپنے پیغام میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کو حج اور عمرہ کی سعادت عطا فرمائے اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی سے نوازے۔

    محمد سجاد کھوکھر ڈیرہ غازی خان کی تاریخ اور شوبز سے وابستہ افراد کی زندگیوں کے بارے میں گہرے علم کے حامل ہیں۔ وہ ایک اسٹیج ڈرامہ اور فلم بطور مصنف لکھ چکے ہیں جو جلد منظر عام پر آئیں گے۔

    محمد سجاد کھوکھر نے مزید کہا کہ وہ اپنی فلم اور اسٹیج ڈرامے کی ہدایت کاری خود کریں گے اور کسی دوسرے ڈائریکٹر کو اس کا اختیار نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی دوست اسکرپٹ لینے آئے لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔