Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گوجرانوالہ: تیسری سالانہ محفل پاک، عید میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں پروقار تقریب کا انعقاد

    گوجرانوالہ: تیسری سالانہ محفل پاک، عید میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں پروقار تقریب کا انعقاد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) محلہ جلال پورہ میں تیسری سالانہ محفل پاک اور سالانہ ختم پاک سائیں اعوان مرحوم کی محفل جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر منعقد کی گئی۔ اس پروقار محفل کا انعقاد بانی محفل خالد حسین اعوان، اعوان برادری کے سربراہ الطاف اعوان اور زیر انتظام مہتاب اقبال اعوان کی جانب سے کیا گیا۔

    محفل کے مہمانان خصوصی میں بریگیڈیر (ر) بابر علاؤ الدین، ایم پی اے وقار احمد چیمہ، چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ، اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدھڑ، خالد عتیق قریشی، محمد بلال قریشی، صہیب ساجد راٹھور، عمر مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ اور دیگر معززین شامل تھے۔ تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور محفل کی رونق میں اضافہ کیا۔

    محفل پاک میں پیر سید پرویز شاہ نے اسلام آباد سے تشریف لا کر محفل کی رونق دوبالا کی اور ذکر مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا ورد کر کے حاضرین کے دلوں کو معطر کیا۔ نعت خواں نے نبی اکرم ﷺ کی شان میں نعتیں پیش کر کے محفل کو جلا بخشی۔

    مقررین نے اپنے خطاب میں نبی ﷺ کی شان اقدس پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مسلمانوں کا آپسی اتفاق، بھائی چارہ اور محبت رسول ﷺ ہمارا شعار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محافل کا انعقاد اور ذکر مصطفی ﷺ سے ہمیں سکون، سکونت اور صراط مستقیم پر چلنے کا درس ملتا ہے۔

    آخر میں محفل کے تمام شرکاء نے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ہمیشہ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا رہیں گے۔

  • ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس کی کرم میں فرقہ وارانہ فسادات کی مذمت، صحافیوں کی حفاظت کا مطالبہ

    ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس کی کرم میں فرقہ وارانہ فسادات کی مذمت، صحافیوں کی حفاظت کا مطالبہ

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس نے ضلع کرم میں جاری فرقہ ورانہ فسادات اور بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے اور ارباب اختیار سے ضلع کرم کے صحافیوں اور عام شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ صحافی جنان حسین کی شہادت کے بعد آج ایک اور صحافی محمد ریحان کے گھر کو نذر آتش کرنا تشویشناک ہے، جس نے صحافی برادری کو مزید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے۔

    ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی قیادت نے قاضی فضل اللہ کی صدارت میں ایک اجلاس میں ضلع کرم میں جاری خونریزی پر حکومتی غفلت پر تشویش کا اظہار کیا۔ قاضی فضل اللہ نے کہا کہ بے گناہ معصوم شہریوں کا قتل عام سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے، اور اب صحافی برادری بھی ان فسادات کی زد میں آ گئی ہے۔ جنان حسین کا قتل اور محمد ریحان کے گھر کی آتشزنی ان مسائل کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کرم کی مخدوش صورتحال میں صحافیوں کی جان و مال غیر محفوظ ہو چکے ہیں، اور یہ ارباب اختیار کی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافیوں اور عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ٹرائیبل یونین آف جرنلسٹس نے کورکمانڈر پشاور سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کرم کے صحافیوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کریں تاکہ علاقے کی صحافی برادری کو تحفظ مل سکے۔

  • اوچ شریف: سردی اور مہنگائی کا طوفان، غریبوں کے لیے گرم کپڑے اور جوتے خریدنا خواب بن گیا

    اوچ شریف: سردی اور مہنگائی کا طوفان، غریبوں کے لیے گرم کپڑے اور جوتے خریدنا خواب بن گیا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی غریب اور متوسط طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے، کیونکہ لنڈے کے کپڑے، جوتے اور جرسیوں کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، اور غریبوں کے لیے ضروریات زندگی پوری کرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی جوتوں، سوئٹرز، جرسیوں اور بچوں کے یونیفارم کی قیمتوں میں دکانداروں نے خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے۔ غریب اور متوسط طبقہ جب سردی سے بچنے کے لیے بازار کا رخ کرتا ہے، تو انہیں منہ مانگے داموں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے دکانداروں اور خریداروں کے درمیان تکرار کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔

    کم آمدنی والے والدین کا کہنا ہے کہ سکول جانے والے بچوں کے سوئٹرز، یونیفارمز اور جوتے خریدنا اب انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔ مختلف دکاندار اپنے دکان کے کرایہ جات اور ملازمین کے اخراجات کے پیش نظر قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں پر اضافی بوجھ ڈال رہے ہیں۔

    مہنگائی کی وجہ سے غریب طبقہ سخت پریشانی کا سامنا کر رہا ہے۔ شہریوں محمد ایاز، عبدالرحمن، ایاز شدہد اور دیگر نے حکومتی اقدامات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکام عوام کے مسائل سے بے خبر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے سردیوں میں تن ڈھانپنا اب ایک سنگین چیلنج بن چکا ہے۔ لنڈا بازار، جو کبھی غریبوں کے لیے ایک ریلیف کا ذریعہ تھا، اب مہنگائی کی لپیٹ میں آ کر غریبوں کے لیے مزید مشکلات کا سبب بن چکا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو غریبوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، اور بے لگام مہنگائی کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے تاکہ عام آدمی کی زندگی آسان ہو سکے۔

  • گوجرہ:جانوروں کو گل گھوٹو سے بچاؤ کیلئے  ویکسینیشن مہم جاری ہے

    گوجرہ:جانوروں کو گل گھوٹو سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن مہم جاری ہے

    گوجرہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارعبدالرحمن جٹ سے) محکمہ لائیو اسٹاک کی جانوروں میں گل کھوٹو کی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم جاری

    ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے دیہی علاقوں میں جانوروں کو گل کھوٹو سمیت مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے حفاظتی ویکسینیشن مہم تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں چک نمبر 329 ج ب چھوٹا رسالہ میں ویکسینیشن کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اعجاز میانہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عاطف طفیل کی خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کیا گیا، جبکہ پورے عمل کی نگرانی سینئر صحافی اور نائب صدر پریس کلب ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد آصف حسین رانا نے کی۔

    ویکسینیشن کے دوران ندیم مشتاق اے وی ایس نے گھر گھر جا کر جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگائے، یہ خدمت بالکل مفت فراہم کی گئی جسے کسانوں نے بے حد سراہا اور محکمہ لائیو اسٹاک کا شکریہ ادا کیا۔ محمد آصف حسین رانا نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی صحت اور حفاظت کسانوں کی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے، اور محکمہ لائیو اسٹاک کا یہ اقدام قابل ستائش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف بیماریوں کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ زراعت اور مویشی پالنے کے شعبے کو بھی استحکام ملے گا۔ علاقائی کسانوں نے اس مہم کی کامیابی پر محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات جانوروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ مویشی پالنے کے شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

  • اوچ شریف: قومی شاہراہ پر حادثہ، خاتون اور مرد شدید زخمی

    اوچ شریف: قومی شاہراہ پر حادثہ، خاتون اور مرد شدید زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) قومی شاہراہ پر حادثہ، خاتون اور مرد شدید زخمی

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف میں قومی شاہراہ خیر پور ڈاہا کے قریب کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے باعث ایک خاتون اور ایک مرد شدید زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو منتقل کیا گیا۔

    زخمیوں کی شناخت 25 سالہ عمران اور 35 سالہ صفیہ کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ دھوڑ کوٹ کے رہائشی ہیں۔ زخمیوں کو فوری علاج کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

  • امن وامان صورتحال بہتر بنانے کیلئے خیبرپختونخوا وفد ضلع کرم روانہ ہو گیا ہے

    امن وامان صورتحال بہتر بنانے کیلئے خیبرپختونخوا وفد ضلع کرم روانہ ہو گیا ہے

    پشاور(باغی ٹی وی رپورٹ)امن وامان صورتحال بہتر بنانے کیلئے خیبرپختونخوا وفد ضلع کرم روانہ ہو گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا سردار علی آمین گنڈا پور کی ہدایت پر امن وامان صورتحال بہتر بنانے کیلئے خیبرپختونخوا وفد ضلع کرم روانہ ہو گیا ہے، وفد کی سربراہی صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ کر رہے ہیں، دیگر اراکین میں چیف سیکرٹری خیبر پختون خوا ندیم اسلم چوہدری، کمشنر کوہاٹ، ڈی آئی جی کوہاٹ اور ڈی پی او سمیت دیگر اعلی افسران شامل ہیں۔

    روانہ ہونے والا وفد ضلع کرم کے حالات کا مکمل طور پر جائزہ لے گا اور امن وامان صورتحال بحال کرنے کے لیے جرگے کو دوبارہ فعال کرے گا، اس کے علاوہ دورے کے بعد وفد ضلع کرم کے امن وامان کے حوالے سے اپنی رپورٹ وزیراعلٰی خیبر پختون خوا کو پیش کرے گا۔

    صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت، پولیس اور دیگر ادارے مل کر امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں گے اور اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

  • اوکاڑہ: گورنمنٹ گریجوایٹ کالج میں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

    اوکاڑہ: گورنمنٹ گریجوایٹ کالج میں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک ظفر) گورنمنٹ گریجوایٹ کالج میں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں معاشرے کی اہم شخصیات، اساتذہ، طلبہ، اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چوہدری ریاض الحق ایم این اے اور میاں محمد منیر ایم پی اے تھے، جبکہ چوہدری فیاض ظفر اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

    کانفرنس میں مختلف علماء اور ماہرین نے "اخلاقِ نبوی اور عصرِ حاضر”، "حقوقِ رسالت” اور "ہماری ذمہ داریاں” جیسے اہم موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی۔ مقررین میں ڈاکٹر عبدالماجد کشمیری اور پروفیسر ڈاکٹر مفتی عبدالباسط خان شامل تھے۔

    پرنسپل پروفیسر عبدالروف نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کا پیغام نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کے لیے ایک رہنما اصول ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس کانفرنس کا مقصد نوجوان نسل میں تعلیمات نبوی ﷺ کا شعور اجاگر کرنا اور ان تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنانا ہے۔

    میاں محمد منیر ایم پی اے نے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے، اور نوجوانوں کو اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ وہ معاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

    مقررین نے اتحاد بین المسلمین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی حیات طیبہ کے عملی پہلو ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں، جنہیں اپنانے سے ہم اپنی زندگیوں کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

    اختتام پر دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سیرت النبی ﷺ کے پیغام کو عام کرنے کے لیے مزید ایسے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

  • لنڈی کوتل: مشران کی پریس کانفرنس، خاندانی جائیداد پر کام شروع کرنے کا اعلان

    لنڈی کوتل: مشران کی پریس کانفرنس، خاندانی جائیداد پر کام شروع کرنے کا اعلان

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) مشران کی پریس کانفرنس، خاندانی جائیداد پر کام شروع کرنے کا اعلان

    لنڈی کوتل پریس کلب میں سمین خان سدوخیل، آشنا گل آفریدی، خان اکبر، زرپور اور طارق شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہوں نے اپنی پدری جائیداد پر کام شروع کر دیا ہے جو پرانا سدوخیل پاٹک کے قریب واقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالف فریق اسلام سدوخیل اور خیال مت آفریدی غیر قانونی طور پر ان کے کام میں رکاوٹ ڈالتے ہیں اور زمین پر ناجائز دعویٰ کرتے ہیں۔

    مشران نے مزید کہا کہ مخالف فریق نے پہلے دفعہ 107 اور پھر دفعہ 145 کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی تھی، جس پر انہوں نے قانونی طور پر ضمانت حاصل کی اور عدالت سے دفعہ 145 کو ختم کروا لیا۔ سول جج کے فیصلے کے مطابق اگر کوئی بھی فریق اس زمین پر دعویٰ کرے گا تو اسے سول کورٹ میں درخواست دینی ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ مخالف فریق نے عدالت سے رجوع کیے بغیر غیر قانونی طریقے سے رات کے اندھیرے میں ان کا تعمیراتی سامان اٹھا لیا، جسے انہوں نے ظلم قرار دیا۔ مشران نے لنڈی کوتل ایس ایچ او اور انتظامیہ کو نوٹس دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس معاملے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کی ذمہ داری مخالف فریق پر عائد ہوگی۔

    انہوں نے آئی جی پی، سی سی پی او اور ڈی پی او خیبر سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ہم نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے ہیں، لہذا مخالف فریق سے ہمارا تعمیراتی سامان واپس کیا جائے تاکہ ہم اپنے کام کو دوبارہ شروع کر سکیں۔

  • اوکاڑہ: نوکری اور شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے زیادتی، ملزم گرفتار

    اوکاڑہ: نوکری اور شادی کا جھانسہ دے کر خاتون سے زیادتی، ملزم گرفتار

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک) نجی اکیڈمی کے مالک نے مبینہ طور پر خاتون کو نوکری اور شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق، اوکاڑہ گرلز کالج ٹو کے قریب واقع نجی اکیڈمی کے مالک اسلام علی نے عدیلہ جاوید نامی خاتون کو ٹیچر کی ملازمت اور شادی کا جھانسہ دے کر اکیڈمی بلایا۔ ایف آئی آر کے مطابق، ملزم نے خاتون کو تین دن تک حبسِ بے جا میں رکھا اور زیادتی کی۔ بعد ازاں، نہ صرف شادی سے انکار کیا بلکہ نوکری کی پیشکش بھی واپس لے لی۔

    پولیس نے متاثرہ خاتون کو میڈیکل معائنے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق، میڈیکل رپورٹ اور شواہد کی بنیاد پر ملزم اسلام علی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • سیالکوٹ: ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت، 30 دسمبر تک ٹینری زون منتقلی کا حکم

    سیالکوٹ: ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت، 30 دسمبر تک ٹینری زون منتقلی کا حکم

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی زیر صدارت ڈی سی سیالکوٹ میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیالکوٹ ٹینری زون کے 16 سال سے التوا کا شکار منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ خواجہ محمد آصف نے واضح کیا کہ تمام ٹینریوں کو 30 دسمبر تک سیالکوٹ ٹینری زون میں منتقل کیا جائے، بصورت دیگر ذمہ داروں کے خلاف نیب کارروائی کی جائے گی۔

    اجلاس میں ضلع کچہری کے دفاتر کو شہر سے باہر منتقل کرنے اور خالی ہونے والی جگہ کو پارک میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جی سی ویمن یونیورسٹی کو ایمن آباد روڈ پر نئے کیمپس میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈسکہ روڈ پر جنرل بس اسٹینڈ کی منتقلی کے لیے 22 کروڑ روپے کی لاگت سے زمین خریدی جائے گی، اور اس کے سامنے انڈر پاس بھی تعمیر ہوگا۔

    شہر کے اہم چوکوں پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب، تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، اور ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے روڈ انجینئرنگ بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ خواجہ آصف نے رنگ روڈ کی تعمیر اور پسرور روڈ کو ڈسکہ روڈ سے ملانے کے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ کشمیر روڈ پر کینٹ اور شہر کو ملانے کے لیے فلائی اوور کی تعمیر کا منصوبہ بھی حتمی مراحل میں ہے۔

    انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے آئی ٹی پارک کی تعمیر اور سیف سٹیز پراجیکٹ کی اہمیت پر بھی بات کی گئی۔ خواجہ محمد آصف نے اعلان کیا کہ سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے 2025 تک مکمل ہوگی، جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو تھری لین میں اپ گریڈ کیا جائے گا۔

    انرجی کے بچاؤ کے لیے مارکیٹوں کو رات 8 بجے تک بند کرنے کی تجویز دی گئی، اور شہر میں ٹریفک کی روانی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے پر زور دیا گیا۔

    اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، توحید اختر چودھری، چوہدری بشیر، شاہد کہگ، اور رفیق مغل نے بھی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے سٹی ڈویلپمنٹ پیکج کے حوالے سے بریفنگ دی۔