Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کارروائی، 15 بھٹے مسمار، 65 سربمہر

    سیالکوٹ: ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کارروائی، 15 بھٹے مسمار، 65 سربمہر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 15 بھٹے مسمار کر دیے گئے ہیں، جبکہ 65 بھٹوں کو سربمہر کیا گیا اور 36 بھٹہ مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رواں سیزن میں بھٹہ مالکان کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 24 لاکھ روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے اور 174 بھٹوں کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی پھیلانے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔

    مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسموگ کی بڑی وجوہات میں دھواں چھوڑتی گاڑیاں شامل ہیں۔ حکومت پنجاب کی ہدایات پر نجی اور کمرشل گاڑیوں کی انسپکشن جاری ہے، اور رواں ماہ 144 گاڑیوں کو 2 لاکھ 94 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، جبکہ 71 گاڑیاں بند کی گئیں۔

    پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ممنوعہ شاپر بیگز کے استعمال پر پابندی کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر انسپکشن کی جا رہی ہے۔ اب تک 850 من ممنوعہ شاپر بیگز ضبط، 10 دکانوں کے خلاف ایف آئی آر درج اور 3 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کا عزم ظاہر کیا اور تمام متعلقہ اداروں کو سختی سے قوانین پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔

  • بہاولپور کا تاریخی ورثہ تباہ،بابائے بہاولپور نواب سر صادق عباسی کے مجسمے سے سر غائب

    بہاولپور کا تاریخی ورثہ تباہ،بابائے بہاولپور نواب سر صادق عباسی کے مجسمے سے سر غائب

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان )بہاولپور کا تاریخی ورثہ تباہ،بابائے بہاولپور نواب سر صادق عباسی کے مجسمے سے سر غائبَ،ذرائع کے مطابق مجسمے سے غائب کیا گیا سر برآمد کر لیا گیا ہے لیکن یہ حرکت کس نے کی اور کیا ملزمان گرفتار ہوئے؟ عوامی اور سماجی حلقے ان سوالات کے جوابات کے منتظر ہیں۔

    بہاولپور کے گلزارِ صادق پارک میں نصب بابائے بہاولپور نواب سر صادق محمد خان عباسی کے مجسمے سے سر غائب ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ یہ واقعہ شہر کے تاریخی ورثے کی بے حرمتی اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

    ذرائع کے مطابق مجسمے سے غائب کیا گیا سر برآمد کر لیا گیا ہے لیکن یہ حرکت کس نے کی اور کیا ملزمان گرفتار ہوئے؟ عوامی اور سماجی حلقے ان سوالات کے جوابات کے منتظر ہیں۔

    یہ مجسمہ کنٹونمنٹ بورڈ نے 26 مئی 2022 کو ریاست بہاولپور کے بانی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نصب کیا تھا۔ نواب سر صادق عباسی کی 56 ویں برسی کے موقع پر اس مجسمے کا افتتاح امیر بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے ہاتھوں ہونا تھا، لیکن ان کی عدم موجودگی میں پرنس بہاول عباس خان عباسی اور صاحبزادہ محمد عمر عباسی نے تختی کی نقاب کشائی کی تھی۔

    مجسمے کی بے حرمتی عوام کے لیے ایک گہرا صدمہ ہے۔ شہریوں نے اس واقعے کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ مجسمے کی حفاظت کی ذمہ داری کنٹونمنٹ بورڈ یا کسی اور محکمے کو دی گئی تھی؟

    عباسی خاندان اور عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عوام نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملزمان کو جلد گرفتار نہ کیا گیا تو احتجاج کیا جائے گا۔

    یہ واقعہ نہ صرف ایک تاریخی شخصیت کی توہین ہے بلکہ انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی گہرے سوالات چھوڑ گیا ہے۔ بہاولپور کے عوام نے اس مسئلے کو اپنے تاریخی ورثے اور ثقافتی شناخت کی حفاظت کے لیے ایک اہم آزمائش قرار دیا ہے۔

  • ایم 5 موٹروے،بڑھتے جرائم، مسافر غیر محفوظ

    ایم 5 موٹروے،بڑھتے جرائم، مسافر غیر محفوظ

    ایم 5 موٹروے،بڑھتے جرائم، مسافر غیر محفوظ
    تحریر:حبیب اللہ خان ، اوچ شریف
    ملتان،سکھر ایم 5 موٹروےپاکستان کے اہم تجارتی راستوں میں سے ایک ہے، جو مسافروں کے لیے سب سے محفوظ شاہراہ سمجھی جاتی رہی ہے۔ لیکن حالیہ دنوں میں اس پر پیش آنے والے پرتشدد واقعات نے اس کے تحفظ کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ یہ واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ یہاں سفر کرنے والے افراد کی جان و مال کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

    حالیہ رونما ہونے والے ایک واقعہ میں اوچ شریف کے قریب جھانگڑا ریسٹ ایریا میں ایک ٹرک ڈرائیور کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کر دیا، جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی ہوا۔ یہ حملہ ایک ایسے ٹرک پر ہوا جو ملتان سے کراچی جا رہا تھا۔ یہ واقعہ موٹروے پر مسلسل ہونے والی ان وارداتوں کی کڑی ہے جو پچھلے چند مہینوں میں عام ہو چکی ہیں۔

    گھوٹکی کے علاقے میں امن و امان کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ درجنوں شہری اغوا ہوچکے ہیں، اور اغوا کاروں نے مبینہ طور پر کروڑوں روپے تاوان کی مد میں بٹور لیے ہیں، اس کے علاوہ مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کے متعدد واقعات میں کئی افراد کو زخمی کیا، جبکہ ایک قبائلی سردار کے بیٹے کی موت بھی انہی حملوں میں بتائی جاتی ہے،

    موٹروے پر ڈاکوؤں کے گروہ مسافر گاڑیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کرتے ہیں۔ اگر گاڑیاں رک جائیں تو ان میں موجود افراد کو لوٹ لیا جاتا ہے یا اغوا کر لیا جاتا ہے۔ اگر گاڑیاں نہ رکیں تو فائرنگ کے نتیجے میں مسافروں کی جان کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔

    2021 سے اب تک ایم 5 موٹروے پر درجنوں بڑے حملے ہو چکے ہیں، جن میں کئی گاڑیاں نشانہ بنیں، متعدد افراد زخمی ہوئے اور کئی جانیں ضائع ہوئیں۔ ان واقعات نے موٹروے پر موجود موٹروے پولیس ،سیکیورٹی چوکیوں کی ناکامی اور حفاظتی اقدامات کی کمی کو عیاں کر دیا ہے۔
    ان جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات نے سندھ اور پنجاب کی پولیس، موٹروے پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ان متاثرہ علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔اگرچہ کئی آپریشنز کیے گئے ہیں لیکن ڈاکوؤں کے نیٹ ورک کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جا سکا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایم 5 موٹروے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ ان میں ہر چند کلومیٹر کے فاصلے پر اضافی پولیس چوکیوں کا قیام، جدید کیمروں اور ڈرونز کے ذریعے مکمل نگرانی کا نظام، ایک خصوصی سیکیورٹی فورس کی تعیناتی اور سخت قانونی کارروائی شامل ہیں تاکہ ڈاکوؤں اور مجرموں کا قلع قمع کیا جا سکے۔

    ملتان سکھر موٹروے جو سی پیک کے اہم منصوبوں میں شامل ہے، پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ تاہم اس شاہراہ پر جرائم میں اضافے نے نہ صرف عوام کے اعتماد کو متزلزل کیا ہے بلکہ تجارتی سرگرمیوں پر بھی منفی اثر ڈالا ہے۔ حکومت کو فوری طور پر مؤثر اقدامات اٹھاتے ہوئے اس اہم شاہراہ کو محفوظ بنانا ہوگا تاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے اور ملک کی معیشت کو ممکنہ نقصانات سے بچایا جا سکے

  • خیبر: کمشنر پشاور کی زیرنگرانی قبائلی مشران کا جرگہ، امن و ترقی پر مشاورت

    خیبر: کمشنر پشاور کی زیرنگرانی قبائلی مشران کا جرگہ، امن و ترقی پر مشاورت

    خیبر(باغی ٹی وی رپورٹ)کمشنر پشاور کی زیرنگرانی قبائلی مشران کا جرگہ، امن و ترقی پر مشاورت

    تفصیل کے مطابق خیبر میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی قبائلی مشران کا اہم جرگہ منعقد ہوا۔ یہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس خیبر میں منعقد کیا گیا، جس میں کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور قاسم خان، ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) بلال شاہد راو، ضلعی پولیس سربراہ رائے مظہر اقبال، اور دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات سمیت قبائلی مشران نے شرکت کی۔

    جرگہ میں ضلع خیبر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال، خاص طور پر تیراہ اور باغ میدان میں حالیہ واقعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمشنر ریاض خان محسود نے مشران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن قائم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جو صرف قبائلی اقوام، نوجوانوں، اور بلدیاتی نمائندوں کے تعاون سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز علاقے میں امن کے قیام کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہیں۔

    اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ بھوٹان شریف اور پیر میلہ کے متاثرین کے لیے صوبائی حکومت نے 1 کروڑ 30 لاکھ روپے کی مالی امداد منظور کی ہے، جو جلد متاثرہ خاندانوں کو فراہم کی جائے گی۔ مشران نے جرگہ کے دوران قومی سطح پر خصوصی کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق کیا، جو اعلیٰ سول اور عسکری حکام کے ساتھ جرگہ میں شرکت کر کے اپنی سفارشات پیش کریں گی۔

    قبائلی مشران نے جرگہ کے انعقاد اور ان کی رائے سننے پر کمشنر پشاور، سی سی پی او پشاور، اور ضلعی انتظامیہ خیبر کا شکریہ ادا کیا۔ جرگہ نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدامات خطے کو امن کا گہوارہ بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔

  • میرپورخاص: منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کریک ڈاؤن، 6 گرفتار

    میرپورخاص: منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کریک ڈاؤن، 6 گرفتار

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، سید شاہزیب شاہ) ایس ایس پی میرپورخاص شبیر احمد سیٹھار کے سخت احکامات پر میرپورخاص پولیس کی منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف تھانوں کی حدود میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔

    تھانہ ٹاؤن کی حدود میں ایس ایچ او سب انسپکٹر کامران ہالیپوٹو نے دوران گشت ٹنڈو آدم روڈ پر 4 مشکوک افراد کو روکا۔ ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی، جس کے بعد ایک ملزم امانت اللہ ولد اکبر نوہڑی کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گرفتار ملزم سے چوری شدہ موٹر سائیکل، 30 بور پستول اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں۔ ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

    سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایچ او غازی خان راجڑ نے چونا فیکٹری کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مستانو بھیل ولد چنیسر بھیل کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 100 تیار مین پڑیاں اور 95 کلو گٹکے کا خام مال برآمد کیا گیا۔ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

    جھڈو تھانے کی حدود میں انسپکٹر شاہنواز خاصخیلی نے دو مختلف کارروائیوں میں شکیل احمد ولد لیاقت قائم خانی اور فدا محمد ولد یعقوب ٹنگری کو گرفتار کیا۔ کارروائی کے دوران ملزمان سے 230 گٹکا اور ایک 30 بور پستول برآمد کیا گیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    ڈیگان پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او عابد زرداری نے سیم نالہ موری کے قریب کارروائی کرتے ہوئے نور محمد ولد غلام رسول کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے 60 ماوہ گٹکا برآمد ہوا۔ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

    تعلقہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او آفتاب رند نے سیم نالہ موری کے قریب ایک اور کامیاب کارروائی میں رضا محمد ولد عبد الستار مہر کو گرفتار کیا۔ ملزم کے قبضے سے 10 پیکٹ سفینہ (550 ساشے) برآمد کیے گئے۔ مقدمہ درج کرکے تحقیقات جاری ہیں۔

    پولیس کی ان کارروائیوں کو عوامی و سماجی حلقوں نے سراہا ہے اور جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے آپریشنز کی تسلسل سے جاری رہنے کی امید ظاہر کی ہے۔

  • سیالکوٹ: مشہور منشیات فروش اشرت عرف گونا کو 34 سال قید کی سزا

    سیالکوٹ: مشہور منشیات فروش اشرت عرف گونا کو 34 سال قید کی سزا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) تھانہ صدر کی حدود میں واقع بھڈال گاؤں کے مشہور منشیات فروش اشرت عرف گونا کو عدالت نے 34 سال اور 6 ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سب انسپکٹر مرزا ادریس کی قیادت میں کارروائی کے دوران اشرت عرف گونا کے قبضے سے چرس، افیون، پاؤڈر اور دیگر منشیات برآمد کی گئی تھیں۔ سب انسپکٹر نے کیس میں تمام ثبوت اور گواہان عدالت کے سامنے پیش کرتے ہوئے ملزم کو سزا دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    عدالتی فیصلے کے بعد علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سول سوسائٹی اور عوام نے سب انسپکٹر مرزا ادریس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈی پی او سیالکوٹ سے درخواست کی کہ ایسے فرض شناس افسران کو انعامات سے نوازا جائے اور ان کی تعیناتی ہر علاقے میں یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کی جان و مال محفوظ رہ سکے۔

  • اوچ شریف: تجاوزات کے خاتمے اور ستھرا پنجاب مہم کی مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت

    اوچ شریف: تجاوزات کے خاتمے اور ستھرا پنجاب مہم کی مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ محمد نوید حیدر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی گورننس بہتری انیشی ایٹوز (KPI) کے تحت تجاوزات کے خاتمے اور ستھرا پنجاب مہم کی مانیٹرنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    یہ بات انہوں نے میونسپل کمیٹی اوچ شریف میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف آفیسر قاضی محمد نعیم، سینئر سب انجینئر عمران حسین گشکوری، انفورسمنٹ انسپکٹر جام سجاد، سینٹری انسپکٹر محمد شاہد ریاض، اور دیگر اہلکار شریک ہوئے۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی، سیوریج لائنوں کی صفائی، آوارہ کتوں کی تلفی، عملے کی حاضری، اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے عوامی اعتماد بحال کریں اور دفتر میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

    اس موقع پر چیف آفیسر قاضی محمد نعیم نے میونسپل کمیٹی کی کارکردگی پر بریفنگ دی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے خیر پور ڈاہا روڈ پر قائم ماڈل ریڑھی بازار کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا جذبہ نہ صرف عوامی پذیرائی لاتا ہے بلکہ اللہ کی خوشنودی کا ذریعہ بھی ہے۔

  • اوچ شریف: حضرت شیر شاہ سید جلال الدین سرخپوش بخاری کا 755 واں عرس مبارک عقیدت و احترام سے جاری

    اوچ شریف: حضرت شیر شاہ سید جلال الدین سرخپوش بخاری کا 755 واں عرس مبارک عقیدت و احترام سے جاری

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت شیر شاہ سید جلال الدین سرخپوش بخاری کا 755 واں تین روزہ عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔ عرس کی تقریب میں سجادہ نشین مخدوم سید زمرد حسین بخاری اور ولی عہدمخدومزادہ سید حسن زمرد بخاری نے مزارِ اقدس کو عرق گلاب سے غسل دے کر چادر چڑھائی۔ اس موقع پر سینکڑوں مریدین کی موجودگی میں دعائیہ تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں شرکاء نے حضرت شیر شاہ سید جلال الدین سرخپوش بخاری کے روحانی فیوض و برکات کے لئے دعا کی۔

    تفصیلات کے مطابق حضرت شیر شاہ سید جلال الدین سرخپوش بخاری کا عرس ہر سال کی طرح اس بار بھی بڑی عقیدت سے منایا جا رہا ہے۔ عرس کے تین دنوں کے دوران ملک بھر سے مریدین، زائرین اور معتقدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عرس کی مناسبت سے ولی عہد مخدومزادہ سید حسن زمرد بخاری نے زائرین کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں، جن میں قیام و طعام کے ساتھ ساتھ دیگر سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

    اس موقع پر مقامی پولیس انتظامیہ نے عرس کی سیکیورٹی کے لیے اضافی نفری تعینات کی ہے تاکہ شرکاء کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس کی جانب سے کیے گئے انتظامات میں دربار کے اطراف میں چیک پوسٹ قائم کرنا اور عرس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے نظر رکھنے کی کوششیں کی گئیں۔

    حضرت شیر شاہ سید جلال الدین سرخپوش بخاری برصغیر کے ایک عظیم صوفی بزرگ تھے جنہوں نے اپنی زندگی کو اللہ کی رضا میں گزارا اور لوگوں کی روحانیت کی ترقی کے لئے کام کیا۔ ان کی تعلیمات آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں اور ان کے آستانہ پر آنے والے لوگ روحانیت کی سکونت کا احساس کرتے ہیں۔ ان کی سادگی، اخلاص اور محبت بھری تعلیمات کی بدولت ان کے مریدین اور پیروکار ان کے مشن کو آگے بڑھانے میں مشغول ہیں۔

  • اوچ شریف: آر ایچ سی ہسپتال میں مفت صحت کیمپ، شہریوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی

    اوچ شریف: آر ایچ سی ہسپتال میں مفت صحت کیمپ، شہریوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) آر ایچ سی اوچ شریف میں 20 تا 22 نومبر 2024 تک مفت صحت کیمپ کا انعقاد، ڈاکٹر رانا ارشد ایم ایس کا شہریوں کو صحت کی سہولتوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت

    تفصیلات کے مطابق آر ایچ سی ہسپتال اوچ شریف میں تین روزہ مفت صحت کیمپ کا آغاز کیا گیا ہے جس میں مریضوں کو مفت طبی معائنہ، ہیپاٹائٹس اور شوگر کی تشخیص سمیت دیگر ضروری ٹیسٹ فراہم کئے جا رہے ہیں۔

    اس کے علاوہ حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے ویکسینیشن کی سہولت بھی موجود ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر رانا ارشد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کیمپ کے پہلے روز 259 اور دوسرے روز 325 مریضوں کا چیک اپ کیا گیا، جن میں 2 مریضوں میں ہیپاٹائٹس بی، 43 مریضوں میں ہیپاٹائٹس سی اور 12 مریضوں میں ملیریا کی علامات پائی گئیں۔

    انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی صحت کا مفت معائنہ کروائیں۔

  • میرپورخاص: انکروچمنٹ ڈائریکٹر کی دکانداروں کو سامان حدود میں رکھنے کی وارننگ

    میرپورخاص: انکروچمنٹ ڈائریکٹر کی دکانداروں کو سامان حدود میں رکھنے کی وارننگ

    میرپورخاص (باغی ٹی وی نامہ نگار سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) انکروچمنٹ ڈائریکٹر اورنگزیب مغل کی چاندنی چوک کے دکانداروں کو وارننگ ایک دو روز میں سامان اپنی حدود میں نہ کیا تو قانونی کارروائی ہوگی.

    میرپورخاص کے علاقے چاندنی چوک میں انکروچمنٹ ڈائریکٹر اورنگزیب مغل نے دکانداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے ایک دو روز میں اپنے سامان کو اپنی حدود میں نہیں کیا تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اورنگزیب مغل، عبدالسلام میمن انکروچمنٹ انسپکٹر اور دیگر حکام کے ہمراہ موجود تھے نے دکانداروں کو یہ انتباہ کیا کہ عدالت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی جا رہی ہے اور ان کی جانب سے کی جانے والی انکروچمنٹ کے سبب وہ روزانہ عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 22 دن گزر چکے ہیں اور دکانداروں کو تمام نشانات دے دیے گئے ہیں مگر ابھی تک کسی نے اپنی حدود میں سامان نہیں کیا۔ "اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو ایسکیویٹر (ہیوی مشینری) آ کر ان مقامات پر توڑ پھوڑ شروع کر دے گا جہاں دکانداروں نے قبضہ کیا ہے۔ ہم آج اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے اور اس کے بعد معزز عدالت کا فیصلہ ہے کہ وہ کب ان ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔”

    اورنگزیب مغل نے کہا کہ سڑک کے سینٹر سے 55 فٹ جگہ مختص کی گئی ہے، مگر یہاں اس کا بہت بڑا فرق پایا جا رہا ہے۔ "دکاندار حضرات سے درخواست ہے کہ وہ مسئلے کو سمجھیں اور اپنے سامان کو اپنی حدود میں رکھیں ورنہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔